Parho

Class 10 Civics · Chapter 3

پاکستان میں آئینی ارتقاء: questions and answers

Every short question, long question and MCQ on this chapter's free papers, each with its answer. Try one yourself first, then check.

40short questions
8long questions
0MCQs

Short questions with answers

  1. Q1 · 2 marks

    آئین یا دستور سے کیا مراد ہے؟

    Answer

    آئین یا دستور کسی ملک کے سیاسی ڈھانچے کی وضاحت کرتا ہے۔

  2. Q2 · 2 marks

    پاکستان کے پہلے آئین کی تیاری تک کون سا عبوری آئین رہا؟

    Answer

    پاکستان کے پہلے آئین کی تیاری تک 1935ء کے انڈیا ایکٹ کو مناسب تبدیلیوں کے ساتھ ملک کا عبوری آئین بنایا گیا۔

  3. Q3 · 2 marks

    پہلی دستور ساز اسمبلی کے صدر کون چنے گئے؟

    Answer

    پاکستان کی پہلی دستور ساز اسمبلی نے 10 اگست 1947ء کو قائداعظم کو اسمبلی کا صدر چنا۔

  4. Q4 · 3 marks

    پہلی دستور ساز اسمبلی کی ابتدائی کارکردگی پر نوٹ لکھیں۔

    Answer

    اس اسمبلی نے ابتدائی دو سالوں میں آئین سازی کے سلسلے میں کوئی قابل ذکر کام نہ کیا تاہم مارچ 1949ء میں اس نے کام شروع کیا۔

  5. Q5 · 3 marks

    بنیادی اصولوں کی کمیٹی کی عبوری رپورٹ کے بارے میں لکھیں۔

    Answer

    قرارداد مقاصد کے بعد بنیادی اصولوں کی کمیٹی بنائی گئی جس نے وزیراعظم لیاقت علی خان کی زیر قیادت عبوری رپورٹ 28 ستمبر 1950ء کو دستور ساز اسمبلی میں پیش کی جو چند وجوہات کی بنیاد پر پاس نہ ہو سکی۔

  6. Q6 · 2 marks

    22 دسمبر 1952ء کی رپورٹ کا کیا انجام ہوا؟

    Answer

    اسی کمیٹی کو دوبارہ رپورٹ پیش کرنے کو کہا گیا جس نے 22 دسمبر 1952ء کو خواجہ ناظم الدین کی سربراہی میں رپورٹ پیش کی جو شدید نقطہ چینی کی بنا پر رد ہو گئی۔

  7. Q7 · 2 marks

    خواجہ ناظم الدین کی برطرفی کے بعد کیا ہوا؟

    Answer

    خواجہ ناظم الدین اور ان کی کابینہ کو 16 اپریل 1953ء کو برطرف کر دیا گیا اور ان کی جگہ محمد علی بوگرا وزیراعظم بنے۔

  8. Q8 · 3 marks

    بوگرا فارمولا کیا تھا؟

    Answer

    محمد علی بوگرا نے اپنا فارمولا نومبر 1953ء میں دستور ساز اسمبلی کے سامنے پیش کیا جس کو پہلی دونوں رپورٹوں کے مقابلے میں زیادہ پسند کیا گیا اور رائے عامہ کے تمام حلقوں نے اس کا خیر مقدم کیا۔

  9. Q9 · 3 marks

    1956ء کا آئین کس طرح نافذ ہوا؟

    Answer

    وزیراعظم چوہدری محمد علی کی نگرانی میں آئین کا مسودہ تیار کیا گیا جس پر تمام گروہ راضی ہو گئے اور وہ دستور ساز اسمبلی سے بھاری اکثریت سے پاس ہونے کے بعد 23 مارچ 1956ء کو نافذ العمل ہوا۔

  10. Q10 · 3 marks

    1962ء اور 1973ء کے آئین کے نفاذ کے بارے میں لکھیں۔

    Answer

    فیلڈ مارشل محمد ایوب خان نے 1958ء میں اقتدار سنبھالنے کے بعد جسٹس شہاب الدین کی سربراہی میں آئینی کمیشن تشکیل دیا۔ 8 جون 1962ء کو دوسرا آئین لاگو کیا گیا جو 1969ء تک نافذ رہا۔ 1970ء میں عام انتخابات ہوئے جس کے نتیجے میں قومی اسمبلی معرض وجود میں آئی جس نے متفقہ آئین 1973ء میں پاس کیا جو 14 اگست 1973ء کو لاگو ہوا۔

  11. Q11 · 2 marks

    قرارداد مقاصد کب اور کس نے منظور کروائی؟

    Answer

    قرارداد مقاصد کو پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان نے 12 مارچ 1949ء کو دستور ساز اسمبلی سے منظور کروایا۔

  12. Q12 · 2 marks

    قرارداد مقاصد کا اقتدار اعلیٰ کا نکتہ لکھیں۔

    Answer

    اللہ تعالیٰ کل کائنات کا حاکم مطلق ہے اور اقتدار اعلیٰ اسی کی پاک ذات کو حاصل ہے۔ پاکستان کے عوام اقتدار اعلیٰ کو اللہ تعالیٰ کی مقدس امانت سمجھتے ہوئے اس کی مقرر کردہ حدود میں رہتے ہوئے استعمال کریں گے۔

  13. Q13 · 2 marks

    قرارداد مقاصد کے مطابق اسلامی اصولوں کے بارے میں کیا کہا گیا؟

    Answer

    پاکستان میں اسلامی اصولوں کو فروغ دیا جائے گا۔ جمہوریت، آزادی، مساوات، رواداری اور معاشرتی انصاف کا احترام کیا جائے گا۔

  14. Q14 · 3 marks

    قرارداد مقاصد میں بنیادی حقوق کے بارے میں کیا ہے؟

    Answer

    تمام شہریوں کو بلا امتیاز معاشرتی، معاشی، مذہبی اور سیاسی حقوق دیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ انہیں آزادی رائے اور آزادی اجتماع کا حق بھی حاصل ہوگا تاکہ وہ اپنی شخصیتوں کی بہتر نشو و نما کر سکیں۔

  15. Q15 · 2 marks

    اسلامی طرز زندگی سے کیا مراد ہے؟

    Answer

    پاکستان میں مسلمانوں کے لیے اسلامی ماحول پیدا کیا جائے گا تاکہ وہ اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کو قرآن پاک اور سنت نبوی ﷺ کی روشنی میں ڈھال سکیں۔

  16. Q16 · 2 marks

    پسماندہ علاقوں کی ترقی کے بارے میں لکھیں۔

    Answer

    پسماندہ علاقوں کی ترقی کا خصوصی خیال رکھا جائے گا۔ انہیں سیاسی، معاشرتی، معاشی اور دوسرے شعبوں میں شرکت اور ترقی کا موقع ملے گا۔

  17. Q17 · 2 marks

    قرارداد مقاصد میں آزاد عدلیہ کے بارے میں کیا ہے؟

    Answer

    عدلیہ آزاد ہوگی، اس پر کسی قسم کا دباؤ نہیں ہوگا اور وہ انصاف کے تقاضے اپنے اختیارات کے مطابق پورے کرنے کی حامل ہوگی۔

  18. Q18 · 3 marks

    قرارداد مقاصد کی وفاقی نوعیت اور قرآن و سنت کے نکات لکھیں۔

    Answer

    پاکستان ایک وفاق ہوگا جس میں صوبوں کو حدود کے اندر رہتے ہوئے خود مختاری حاصل ہوگی۔ پاکستان کا دستور قرآن و سنت کی روشنی میں ترتیب دیا جائے گا اور یہاں اسلامی اصولوں سے متصادم کوئی قانون نہیں بنایا جائے گا۔

  19. Q19 · 2 marks

    1956ء کے آئین کے تحت کون سے آئینی ادارے قائم ہوئے؟

    Answer

    اس آئین کے تحت مختلف آئینی ادارے قائم کیے گئے جن میں سپریم کورٹ، پبلک سروس کمیشن، آڈیٹر جنرل اور ادارہ تحقیقات اسلامی وغیرہ شامل تھے۔

  20. Q20 · 3 marks

    1956ء کے آئین میں آزاد عدلیہ اور بنیادی حقوق کے بارے میں لکھیں۔

    Answer

    اس آئین کے تحت عدالتیں آزاد تھیں اور ججوں کو ملازمتوں کا تحفظ دیا گیا۔ طے پایا کہ تمام شہریوں کو بہتر زندگی گزارنے کے لیے بنیادی حقوق دیے جائیں گے۔ تمام شہری قانون کی نظر میں برابر تھے اور ان کو معاشرتی، معاشی اور سیاسی حقوق عطا کیے جائیں گے۔

  21. Q21 · 3 marks

    1962ء کے آئین کی تحریری اور وفاقی حیثیت لکھیں۔

    Answer

    1962ء کا آئین 1956ء کے آئین کی طرح تحریری تھا، یہ 250 دفعات، 5 گوشواروں اور 12 حصوں میں منقسم تھا۔ یہ وفاقی آئین تھا جس میں ایک مرکزی حکومت اور دو صوبائی حکومتیں تھیں۔ مرکز اور صوبوں کے اختیارات دو فہرستوں کے ذریعے واضح کر دیے گئے اور باقی ماندہ اختیارات صوبوں کے حوالے کر دیے گئے۔

  22. Q22 · 2 marks

    1962ء کے آئین میں ایک ایوانی مقننہ سے کیا مراد ہے؟

    Answer

    پارلیمنٹ صرف ایک ایوان پر مشتمل تھی جسے قومی اسمبلی کا نام دیا گیا جس کو بالواسطہ انتخاب کے ذریعے پانچ سال کے لیے منتخب ہونا تھا۔

  23. Q23 · 3 marks

    1962ء کے آئین میں صوبوں کی مساوی حیثیت کیسے برقرار رکھی گئی؟

    Answer

    ملک کے دونوں صوبوں کے درمیان مساوی حیثیت کو ہر لحاظ سے برقرار رکھا گیا۔ بنیادی جمہوریتوں کے ارکان کی تعداد دونوں میں برابر یعنی چالیس چالیس ہزار تھی۔ قومی اسمبلی کی نشستوں میں بھی برابری کا اصول قائم رکھا گیا۔ دونوں صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کی تعداد اور اختیارات برابر تھے۔

  24. Q24 · 2 marks

    1962ء کے آئین میں قومی زبان کے بارے میں لکھیں۔

    Answer

    اردو اور بنگالی دونوں زبانوں کو سرکاری طور پر رائج کیا گیا لیکن انگریزی کا استعمال بھی بدستور جاری رہا۔

  25. Q25 · 3 marks

    1962ء کے صدارتی طرز حکومت کی وضاحت کریں۔

    Answer

    نئے آئین میں صدارتی طرز حکومت قائم کیا گیا۔ سربراہ ریاست اور سربراہ حکومت صدر تھا۔ صدر کسی کے سامنے جوابدہ نہیں تھا۔ صدر اپنی کابینہ کا انتخاب خود ہی کرتا تھا اور کابینہ صرف اسی کے سامنے جوابدہ تھی۔ کابینہ کے ارکان پارلیمنٹ کے رکن نہیں تھے اور نہ ہی ووٹ دے سکتے تھے، صرف اس کے اجلاس میں شرکت کر سکتے تھے۔

  26. Q26 · 3 marks

    1962ء کے آئین میں آزاد عدلیہ اور طریقہ ترمیم لکھیں۔

    Answer

    عدلیہ کی آزادی کو برقرار رکھا گیا۔ سپریم کورٹ کو یہ اختیار دیا گیا کہ وہ صوبوں اور مرکز کے درمیان ہونے والے اختلافات کو انصاف کے تقاضوں کے پیش نظر حل کرے۔ قومی اسمبلی دو تہائی اکثریت سے کوئی بھی ترمیم منظور کر سکتی تھی لیکن اس ترمیم کے مؤثر ہونے کے لیے صدر مملکت کی منظوری لازمی قرار دی گئی۔

  27. Q27 · 2 marks

    1973ء کے آئین کی تحریری حیثیت لکھیں۔

    Answer

    1973ء کا آئین جامع دستاویز کی صورت میں تحریر کیا گیا ہے۔ یہ آئین 280 دفعات، 12 حصوں اور 6 گوشواروں پر مشتمل ہے۔

  28. Q28 · 3 marks

    استوار آئین سے کیا مراد ہے؟

    Answer

    یہ آئین استوار تھا جس میں تبدیلی ہر ایوان کی دو تہائی اکثریت سے کی جا سکتی ہے۔ مشترکہ اجلاس کی صورت میں بھی دو تہائی اکثریت لازمی ہے۔ پاکستان کی سیاست ہمیشہ عدم استحکام اور اضطراب کا شکار رہی ہے اس لیے یہ کوشش کی گئی کہ نیا دستور استوار ہو تاکہ آئے دن طریق حکومت نہ بدلتا رہے مگر ساتھ ہی اس بات کا بھی اہتمام کیا گیا کہ دستوری اصول بالکل جامد نہ ہو کہ مستقبل کی ضرورتوں کے مطابق ان میں ترمیم نہ کی جا سکے۔

  29. Q29 · 2 marks

    1973ء کے آئین کے وفاقی نظام حکومت کی وضاحت کریں۔

    Answer

    آئین کی رو سے پاکستان ایک وفاق ہے جو چار صوبوں پنجاب، سندھ، شمال مغربی سرحدی صوبہ، بلوچستان، وفاقی دارالحکومت اور وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں پر مشتمل ہے۔

  30. Q30 · 2 marks

    1973ء کے آئین میں دو ایوانی مقننہ اور پارلیمانی طرز حکومت لکھیں۔

    Answer

    پارلیمنٹ دو ایوانوں پر مشتمل ہے۔ ایوان بالا سینٹ اور ایوان زیریں قومی اسمبلی کہلاتا ہے۔ آئین کے تحت طرز حکومت پارلیمانی ہے۔

  31. Q31 · 3 marks

    1973ء کے آئین میں صوبائی خود مختاری اور آزاد عدلیہ کے بارے میں لکھیں۔

    Answer

    آئین کے تحت صوبائی خود مختاری دی گئی ہے اور صوبے اپنے اپنے دائرہ کار میں خود مختار ہیں۔ آئین میں عدلیہ کی آزادی کی ضمانت دی گئی ہے۔ ججوں کا تقرر صدر مملکت کرتا ہے جبکہ ان کی برطرفی سپریم جوڈیشل کونسل کی سفارش پر صدر کر سکتا ہے۔ عدلیہ کو انصاف کی فراہمی کے علاوہ دستور کے تحفظ کا فریضہ بھی سونپا گیا ہے۔

  32. Q32 · 2 marks

    1973ء کے آئین میں بنیادی حقوق کون سے ہیں؟

    Answer

    آئین میں پاکستان کے شہریوں کو بنیادی حقوق کی ضمانت دی گئی ہے۔ ان حقوق کا تعلق جان و مال، عزت و آبرو کے تحفظ، حصول معاش، آزادی تحریر و تقریر اور آزادی اجتماع وغیرہ کے ساتھ ہے۔

  33. Q33 · 3 marks

    1973ء کے آئین میں سرکاری زبان اور طریق انتخاب لکھیں۔

    Answer

    آئین کے مطابق اردو کو سرکاری زبان کا درجہ دیا گیا ہے تاہم اس وقت تک انگریزی زبان دفاتر میں استعمال کی جا سکتی ہے جب تک اس کی جگہ اردو زبان رائج کرنے کے انتظامات نہیں ہو جاتے۔ قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں براہ راست انتخابات کا طریقہ اختیار کیا گیا ہے جبکہ صدر کا انتخاب بالواسطہ ہوگا۔ سترہویں ترمیم کے تحت ملک میں انتخاب کا مخلوط طریق کار اپنایا گیا۔

  34. Q34 · 2 marks

    1973ء کے آئین میں حاکمیت اور ملک کے نام کے بارے میں کیا ہے؟

    Answer

    اللہ تعالیٰ ساری کائنات کا مالک ہے، ہر طاقت اس کے ہاتھ میں ہے۔ اللہ تعالیٰ نے جو اقتدار اعلیٰ امانتاً انسان کو دیا ہے وہ اس کا استعمال دیانتداری سے کرے گا۔ پاکستان چونکہ ایک اسلامی ریاست ہے لہذا آئین کے مطابق ملک کا نام اسلامی جمہوریہ پاکستان رکھا گیا۔

  35. Q35 · 2 marks

    1973ء کے آئین میں صدر، وزیراعظم اور سرکاری مذہب کے بارے میں لکھیں۔

    Answer

    1973ء کے آئین کے مطابق ملک کے سربراہ صدر اور وزیراعظم کا مسلمان ہونا ضروری ہے۔ اسلام کو سرکاری مذہب کا درجہ دیا گیا تاکہ لوگ اپنی زندگیاں اسلام کے مطابق گزار سکیں۔

  36. Q36 · 3 marks

    قرآن پاک کی طباعت اور لازمی دینی تعلیم کے بارے میں لکھیں۔

    Answer

    قرآن پاک اللہ تعالیٰ کی آخری کتاب ہے جو مسلمانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی نگرانی میں قرآن پاک کی اغلاط سے پاک طباعت کرائے۔ ملک میں دینی تعلیم لازمی ہوگی اور عربی کو چھٹی سے آٹھویں جماعت تک لازمی قرار دیا گیا ہے۔

  37. Q37 · 3 marks

    سود کا خاتمہ اور زکوٰۃ و عشر کی دفعات لکھیں۔

    Answer

    سود اسلام میں حرام قرار پایا ہے لہذا بینکاری کے کاروبار کو سودی طریقوں سے نجات دلائی جائے گی۔ زکوٰۃ ہر صاحب نصاب پر لازم ہے اس لیے آئین میں زکوٰۃ اور عشر کا باقاعدہ نظام ترتیب دیا گیا۔

  38. Q38 · 2 marks

    اسلامی اصول اور اقلیتوں کے مذہبی حقوق کے بارے میں 1973ء کا آئین کیا کہتا ہے؟

    Answer

    اس آئین کو اسلامی اصولوں یعنی جمہوریت، عدل و انصاف، رواداری اور مساوات وغیرہ کے مطابق بنایا گیا۔ اقلیتوں کو مذہبی آزادی دی گئی ہے اور انہیں تمام معاشی، معاشرتی اور سیاسی حقوق دیے گئے ہیں۔

  39. Q39 · 2 marks

    اسلامی نظریاتی کونسل کیا ہے؟

    Answer

    1973ء کے آئین میں ایک ادارہ قائم کیا گیا جسے اسلامی نظریاتی کونسل کا نام دیا گیا۔ اس کونسل کے چیئرمین اور دیگر ارکان کا چناؤ صدر مملکت وزیراعظم کے مشورے سے کرتا ہے۔

  40. Q40 · 3 marks

    اسلامی اقدار اور پاکستان و اسلامی ممالک کی دفعات لکھیں۔

    Answer

    آئین کے مطابق اسلامی معاشرے کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ معاشرتی برائیاں مثلاً جوا، عصمت فروشی، منشیات کا استعمال اور فحش لٹریچر کی اشاعت پر پابندی لگائی جائے گی کیونکہ یہ برائیاں ایک اسلامی معاشرے کے لیے ناسور ہیں۔ 1973ء کے آئین میں یہ واضح کیا گیا کہ تمام مسلم ممالک سے اچھے تعلقات قائم کیے جائیں گے۔

Long questions with answers

  1. Q1 · 8 marks

    قرارداد مقاصد کے اہم نکات کی وضاحت کریں۔

    Answer

    قرارداد مقاصد کو پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان نے 12 مارچ 1949ء کو دستور ساز اسمبلی سے منظور کروایا۔ نکات: 1۔ اقتدار اعلیٰ: اللہ تعالیٰ کل کائنات کا حاکم مطلق ہے اور اقتدار اعلیٰ اسی کی پاک ذات کو حاصل ہے۔ پاکستان کے عوام اقتدار اعلیٰ کو اللہ تعالیٰ کی مقدس امانت سمجھتے ہوئے اس کی مقرر کردہ حدود میں رہتے ہوئے استعمال کریں گے۔ 2۔ اسلامی اصول: پاکستان میں اسلامی اصولوں کو فروغ دیا جائے گا۔ جمہوریت، آزادی، مساوات، رواداری اور معاشرتی انصاف کا احترام کیا جائے گا۔ 3۔ بنیادی حقوق: تمام شہریوں کو بلا امتیاز معاشرتی، معاشی، مذہبی اور سیاسی حقوق دیے جائیں گے۔ انہیں آزادی رائے اور آزادی اجتماع کا حق بھی حاصل ہوگا تاکہ وہ اپنی شخصیتوں کی بہتر نشو و نما کر سکیں۔ 4۔ اسلامی طرز زندگی: مسلمانوں کے لیے اسلامی ماحول پیدا کیا جائے گا تاکہ وہ اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کو قرآن پاک اور سنت نبوی ﷺ کی روشنی میں ڈھال سکیں۔ 5۔ اقلیتوں کا تحفظ: غیر مسلم شہریوں کو مکمل آزادی اور تحفظ حاصل ہوگا۔ انہیں اپنے مذہبی فرائض ادا کرنے اور عبادت گاہیں تعمیر کرنے کی بھی آزادی ہوگی۔ 6۔ پسماندہ علاقوں کی ترقی: ان کی ترقی کا خصوصی خیال رکھا جائے گا۔ انہیں سیاسی، معاشرتی، معاشی اور دوسرے شعبوں میں شرکت اور ترقی کا موقع ملے گا۔ 7۔ آزاد عدلیہ: عدلیہ آزاد ہوگی، اس پر کسی قسم کا دباؤ نہیں ہوگا اور وہ انصاف کے تقاضے اپنے اختیارات کے مطابق پورے کرنے کی حامل ہوگی۔ 8۔ وفاقی نوعیت: پاکستان ایک وفاق ہوگا جس میں صوبوں کو حدود کے اندر رہتے ہوئے خود مختاری حاصل ہوگی۔ 9۔ قرآن و سنت: پاکستان کا دستور قرآن و سنت کی روشنی میں ترتیب دیا جائے گا اور یہاں اسلامی اصولوں سے متصادم کوئی قانون نہیں بنایا جائے گا۔ 10۔ دفاع پاکستان: وفاق میں شامل تمام علاقوں کی سالمیت اور آزادی کا مکمل تحفظ کیا جائے گا۔ پاکستان کی بری، بحری اور فضائی حدود کے دفاع اور تحفظ کا مناسب بندوبست کیا جائے گا تاکہ پاکستان کے عوام بین الاقوامی برادری میں باعزت مقام حاصل کر سکیں۔

  2. Q2 · 8 marks

    1956ء کا آئین کن خصوصیات کا حامل تھا؟

    Answer

    تعارف: دوسری دستور ساز اسمبلی میں نئے آئین کا مسودہ 8 جنوری 1956ء کو پیش کیا گیا جسے اسمبلی نے اکثریت سے 29 فروری 1956ء کو منظور کر لیا۔ گورنر جنرل کی حتمی منظوری کے بعد اسے پاکستان کے پہلے آئین کے طور پر 23 مارچ 1956ء کو نافذ کر دیا گیا۔ خصوصیات: 1۔ تحریری آئین: مختصر اور تحریری تھا، 234 دفعات، 13 ابواب اور 6 گوشواروں پر مشتمل۔ 2۔ وفاقی آئین: وفاق دو صوبوں مشرقی اور مغربی پاکستان پر مشتمل تھا، دونوں کی حیثیت مساوی تھی، صوبائی اور مرکزی اختیارات کی حد بندی دو فہرستوں میں کی گئی اور صوبے خود مختار تھے۔ 3۔ پارلیمانی نظام: صدر پاکستان آئینی سربراہ اور انتظامی اختیارات وزیراعظم کے پاس تھے۔ 4۔ ایک ایوانی مقننہ: پارلیمنٹ صرف ایک ایوان پر مشتمل تھی۔ 5۔ واحد شہریت: پاکستان کے باشندے صرف پاکستانی کہلائیں گے، صوبوں کی شہریت حاصل نہیں ہوگی۔ 6۔ راہنما اصول: جمہوریت، مساوات، معاشرتی انصاف اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ۔ 7۔ آئینی ادارے: سپریم کورٹ، پبلک سروس کمیشن، آڈیٹر جنرل اور ادارہ تحقیقات اسلامی وغیرہ۔ 8۔ آزاد عدلیہ: عدالتیں آزاد تھیں اور ججوں کو ملازمتوں کا تحفظ دیا گیا۔ 9۔ بنیادی حقوق: تمام شہری قانون کی نظر میں برابر تھے اور انہیں معاشرتی، معاشی اور سیاسی حقوق عطا کیے جائیں گے۔ 10۔ قومی زبانیں: اردو اور بنگالی سرکاری زبانیں، انگریزی اس وقت تک دفتری زبان جب تک اردو اور بنگالی اس کی جگہ نہ لے لیں۔ 11۔ اسلامی دفعات: ملک کا نام اسلامی جمہوریہ پاکستان، صدر کا مسلمان ہونا ضروری، قرارداد مقاصد ابتدائیہ کے طور پر شامل، قرآن و سنت کے منافی کوئی قانون نہیں بنے گا اور عوام کو اسلام کے مطابق زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

  3. Q3 · 8 marks

    1962ء کے آئین کی خصوصیات کا جائزہ لیں۔

    Answer

    تعارف: جنرل ایوب خان نے نیا آئین بنا کر 8 جون 1962ء کو ملک میں نافذ کر دیا جسے فرد واحد کا بنایا ہوا آئین بھی کہا جاتا ہے۔ خصوصیات: 1۔ تحریری آئین: 1956ء کی طرح تحریری، 250 دفعات، 5 گوشواروں اور 12 حصوں میں منقسم۔ 2۔ وفاقی آئین: ایک مرکزی حکومت اور دو صوبائی حکومتیں، اختیارات دو فہرستوں کے ذریعے واضح اور باقی ماندہ اختیارات صوبوں کے حوالے۔ 3۔ ایک ایوانی مقننہ: پارلیمنٹ صرف ایک ایوان یعنی قومی اسمبلی پر مشتمل تھی جو بالواسطہ انتخاب کے ذریعے پانچ سال کے لیے منتخب ہوتی تھی۔ 4۔ صوبوں کی مساوی حیثیت: بنیادی جمہوریتوں کے ارکان چالیس چالیس ہزار، قومی اسمبلی کی نشستوں میں برابری، صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کی تعداد اور اختیارات برابر۔ 5۔ قومی زبان: اردو اور بنگالی سرکاری طور پر رائج، انگریزی کا استعمال بھی جاری رہا۔ 6۔ صدارتی طرز حکومت: صدر سربراہ ریاست اور سربراہ حکومت، کسی کے سامنے جوابدہ نہیں، کابینہ کا انتخاب خود کرتا، کابینہ کے ارکان پارلیمنٹ کے رکن نہیں تھے اور ووٹ نہیں دے سکتے تھے۔ 7۔ آزاد عدلیہ: عدلیہ کی آزادی برقرار، سپریم کورٹ کو صوبوں اور مرکز کے اختلافات حل کرنے کا اختیار۔ 8۔ طریقہ ترمیم: قومی اسمبلی دو تہائی اکثریت سے ترمیم منظور کر سکتی تھی مگر صدر مملکت کی منظوری لازمی تھی۔ 9۔ اسلامی دفعات: قرارداد مقاصد ابتدائیہ کے طور پر شامل، حاکمیت اللہ تعالیٰ کی، ملک کے سربراہ کا مسلمان ہونا لازم، اسلامی تعلیمات کے خلاف قانون سازی نہیں ہوگی۔ 10۔ بنیادی جمہوریتیں: دیہاتی علاقوں میں یونین کونسلیں، قصبوں میں ٹاؤن کمیٹیاں، شہروں میں میونسپل کمیٹیاں، نیز ڈسٹرکٹ اور ڈویژنل کونسلیں، جن کا مقصد اپنے علاقوں کے لیے ترقیاتی پروگرام بنانا اور ان پر عمل کروانا تھا۔ 11۔ طریق انتخاب: بنیادی جمہوریتوں کے اسی ہزار ارکان (دونوں صوبوں سے برابر) بلا واسطہ پانچ سال کے لیے منتخب ہوتے تھے اور یہ انتخابی ادارہ صدر، مرکزی اور صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کو منتخب کرتا تھا۔ یہ آئین 1962ء سے 1969ء تک نافذ العمل رہا۔

  4. Q4 · 8 marks

    1973ء کے آئین کی خصوصیات پر روشنی ڈالیں۔

    Answer

    تعارف: 1970ء کے عام انتخابات کے نتیجے میں معرض وجود میں آنے والی قومی اسمبلی نے متفقہ آئین 1973ء میں پاس کیا جو 14 اگست 1973ء کو لاگو ہوا۔ خصوصیات: 1۔ اسلامی دستور: مملکت کا سرکاری مذہب اسلام، ہر قانون قرآن و سنت کے مطابق، اسلامی نظریاتی کونسل کی تشکیل، صدر اور وزیراعظم کا مسلمان ہونا لازمی اور قرارداد مقاصد بطور ابتدائیہ شامل۔ 2۔ تحریری آئین: جامع دستاویز، 280 دفعات، 12 حصوں اور 6 گوشواروں پر مشتمل۔ 3۔ استوار آئین: ہر ایوان کی دو تہائی اکثریت سے تبدیلی، مشترکہ اجلاس میں بھی دو تہائی اکثریت لازمی، تاکہ آئے دن طریق حکومت نہ بدلے مگر دستوری اصول جامد بھی نہ ہوں۔ 4۔ وفاقی نظام حکومت: چار صوبے پنجاب، سندھ، شمال مغربی سرحدی صوبہ، بلوچستان، وفاقی دارالحکومت اور قبائلی علاقے۔ 5۔ دو ایوانی مقننہ: ایوان بالا سینٹ اور ایوان زیریں قومی اسمبلی۔ 6۔ پارلیمانی طرز حکومت۔ 7۔ صوبائی خود مختاری: صوبے اپنے دائرہ کار میں خود مختار۔ 8۔ آزاد عدلیہ: ججوں کا تقرر صدر کرتا ہے، برطرفی سپریم جوڈیشل کونسل کی سفارش پر، عدلیہ کو انصاف کی فراہمی کے علاوہ دستور کے تحفظ کا فریضہ سونپا گیا۔ 9۔ بنیادی حقوق: جان و مال، عزت و آبرو کا تحفظ، حصول معاش، آزادی تحریر و تقریر اور آزادی اجتماع۔ 10۔ سرکاری زبان: اردو، انگریزی دفاتر میں اس وقت تک جب تک اردو رائج نہ ہو۔ 11۔ براہ راست طریق انتخاب: قومی و صوبائی اسمبلیوں میں براہ راست جبکہ صدر کا انتخاب بالواسطہ۔ 12۔ مخلوط طریق حکومت: سترہویں ترمیم کے تحت انتخاب کا مخلوط طریق کار۔

  5. Q5 · 8 marks

    1973ء کے آئین کی اسلامی دفعات بیان کریں۔

    Answer

    1۔ حاکمیت: اللہ تعالیٰ ساری کائنات کا مالک ہے، ہر طاقت اس کے ہاتھ میں ہے۔ جو اقتدار اعلیٰ امانتاً انسان کو دیا ہے وہ اس کا استعمال دیانتداری سے کرے گا۔ 2۔ ملک کا نام: پاکستان ایک اسلامی ریاست ہے لہذا ملک کا نام اسلامی جمہوریہ پاکستان رکھا گیا۔ 3۔ صدر اور وزیراعظم کا مسلمان ہونا: ملک کے سربراہ صدر اور وزیراعظم کا مسلمان ہونا ضروری ہے۔ 4۔ سرکاری مذہب: اسلام کو سرکاری مذہب کا درجہ دیا گیا تاکہ لوگ اپنی زندگیاں اسلام کے مطابق گزار سکیں۔ 5۔ قرآن پاک کی اغلاط سے پاک طباعت: قرآن پاک اللہ تعالیٰ کی آخری کتاب اور مسلمانوں کے لیے مشعل راہ ہے، حکومت اپنی نگرانی میں اغلاط سے پاک طباعت کرائے۔ 6۔ لازمی دینی تعلیم: ملک میں دینی تعلیم لازمی ہوگی اور عربی چھٹی سے آٹھویں جماعت تک لازمی۔ 7۔ سود کا خاتمہ: سود حرام ہے لہذا بینکاری کے کاروبار کو سودی طریقوں سے نجات دلائی جائے گی۔ 8۔ زکوٰۃ اور عشر: زکوٰۃ ہر صاحب نصاب پر لازم ہے اس لیے زکوٰۃ اور عشر کا باقاعدہ نظام ترتیب دیا گیا۔ 9۔ اسلامی اصول: آئین کو جمہوریت، عدل و انصاف، رواداری اور مساوات وغیرہ کے مطابق بنایا گیا۔ 10۔ اقلیتوں کے مذہبی حقوق: اقلیتوں کو مذہبی آزادی اور تمام معاشی، معاشرتی اور سیاسی حقوق دیے گئے۔ 11۔ اسلامی نظریاتی کونسل: چیئرمین اور ارکان کا چناؤ صدر مملکت وزیراعظم کے مشورے سے کرتا ہے۔ 12۔ اسلامی اقدار: اسلامی معاشرے کا قیام، جوا، عصمت فروشی، منشیات کے استعمال اور فحش لٹریچر کی اشاعت پر پابندی کیونکہ یہ برائیاں اسلامی معاشرے کے لیے ناسور ہیں۔ 13۔ پاکستان اور اسلامی ممالک: تمام مسلم ممالک سے اچھے تعلقات قائم کیے جائیں گے۔

  6. Q6 · 6 marks

    پاکستان میں آئین سازی کی ابتدائی کوششوں (1947ء تا 1956ء) پر نوٹ لکھیں۔

    Answer

    آئین یا دستور کسی ملک کے سیاسی ڈھانچے کی وضاحت کرتا ہے۔ پاکستان کے پہلے آئین کی تیاری تک 1935ء کے انڈیا ایکٹ کو مناسب تبدیلیوں کے ساتھ عبوری آئین بنایا گیا۔ پہلی دستور ساز اسمبلی نے 10 اگست 1947ء کو قائداعظم کو صدر چنا، ابتدائی دو سالوں میں کوئی قابل ذکر کام نہ کیا اور مارچ 1949ء میں کام شروع کیا۔ قرارداد مقاصد کے بعد بنیادی اصولوں کی کمیٹی بنی جس کی عبوری رپورٹ (28 ستمبر 1950ء، لیاقت علی خان کی زیر قیادت) پاس نہ ہو سکی۔ 22 دسمبر 1952ء کی رپورٹ (خواجہ ناظم الدین کی سربراہی) شدید نقطہ چینی پر رد ہوئی۔ 16 اپریل 1953ء کو خواجہ ناظم الدین کی کابینہ برطرف ہوئی اور محمد علی بوگرا وزیراعظم بنے جنہوں نے نومبر 1953ء میں اپنا فارمولا پیش کیا جو پسند کیا گیا، لیکن 24 اکتوبر 1954ء کو گورنر جنرل ملک غلام محمد نے اسمبلی برخاست کر دی۔ 23 جون 1955ء کو دوسری دستور ساز اسمبلی قائم ہوئی، 14 اکتوبر 1955ء کو ون یونٹ بنا، چوہدری محمد علی کی نگرانی میں مسودہ تیار ہوا جو بھاری اکثریت سے پاس ہو کر 23 مارچ 1956ء کو نافذ ہوا۔

  7. Q7 · 6 marks

    1962ء کے آئین میں بنیادی جمہوریتوں کے نظام اور طریق انتخاب کی وضاحت کریں۔

    Answer

    بنیادی جمہوریتوں کا نظام ایک نیا تجربہ تھا۔ اس کے مطابق دیہاتی علاقوں میں یونین کونسلیں، قصبوں کے لیے ٹاؤن کمیٹیاں اور شہروں میں میونسپل کمیٹیاں قائم کی گئیں، اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ کونسلیں اور ڈویژنل کونسلیں بھی بنائی گئیں۔ ان سب کا مقصد یہ تھا کہ یہ کونسلیں اپنے اپنے علاقوں کے لیے ترقیاتی پروگرام تشکیل دیں اور ان پر عمل کروائیں۔ ان کے ممبران کا چناؤ عوام نے بلا واسطہ طریقہ انتخاب سے کیا، ارکان پانچ سال کے لیے منتخب ہوتے تھے، ان کی تعداد اسی ہزار تھی جو دونوں صوبوں سے برابر (چالیس چالیس ہزار) لی گئی۔ بنیادی جمہوریتوں کو انتخابی ادارہ بنا دیا گیا جو صدر، مرکزی اور صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کو پانچ سال کے لیے منتخب کرتا تھا۔

  8. Q8 · 6 marks

    1956ء اور 1962ء کے آئین کی اسلامی دفعات بیان کریں۔

    Answer

    1956ء کا آئین: آئین کی رو سے پاکستان کا نام اسلامی جمہوریہ پاکستان رکھا گیا۔ صدر پاکستان کے لیے مسلمان ہونا ضروری تھا۔ آئین کے آغاز میں قرارداد مقاصد کو ابتدائیہ کے طور پر شامل کیا گیا۔ آئین میں کہا گیا کہ ملک میں کوئی ایسا قانون نہیں بنایا جائے گا جو قرآن و سنت کے منافی ہو۔ پاکستانی عوام کو ایسے مواقع فراہم کیے جائیں گے کہ وہ اپنی زندگیاں اسلام کے مطابق گزار سکیں۔ 1962ء کا آئین: قرارداد مقاصد کو ابتدائیہ کے طور پر شامل کیا گیا۔ یہ واضح کیا گیا کہ ملک میں حاکمیت اللہ تعالیٰ کی ہوگی اور عوامی نمائندے اقتدار کو اللہ تعالیٰ کی امانت کے طور پر شرعی حدود کے اندر رہتے ہوئے استعمال کریں گے۔ ملک کے سربراہ کے لیے لازم تھا کہ وہ مسلمان ہو۔ آئین میں یہ بھی کہا گیا کہ ملک میں اسلامی تعلیمات کے خلاف قانون سازی نہیں ہوگی۔

Test yourself on this chapter

Timed chapter tests, marked the moment you finish.

See the chapter tests

Practise with a free account

Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.

Create free account