Class 10 Civics · Chapter 3 · Test 4
تفصیلی سوالات
8 questions · 60 min · 58 marks
Want to try first? Take the free Civics test: حقوق کا مفہوم، تعریف، 1973ء کا آئین اور بنیادی حقوق
Sample questions with answers
The first 5 of 8, each with a model answer. Try writing yours first.
Question 1 · 8 marks
قرارداد مقاصد کے اہم نکات کی وضاحت کریں۔
Show model answerHide model answer
قرارداد مقاصد کو پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان نے 12 مارچ 1949ء کو دستور ساز اسمبلی سے منظور کروایا۔ نکات: 1۔ اقتدار اعلیٰ: اللہ تعالیٰ کل کائنات کا حاکم مطلق ہے اور اقتدار اعلیٰ اسی کی پاک ذات کو حاصل ہے۔ پاکستان کے عوام اقتدار اعلیٰ کو اللہ تعالیٰ کی مقدس امانت سمجھتے ہوئے اس کی مقرر کردہ حدود میں رہتے ہوئے استعمال کریں گے۔ 2۔ اسلامی اصول: پاکستان میں اسلامی اصولوں کو فروغ دیا جائے گا۔ جمہوریت، آزادی، مساوات، رواداری اور معاشرتی انصاف کا احترام کیا جائے گا۔ 3۔ بنیادی حقوق: تمام شہریوں کو بلا امتیاز معاشرتی، معاشی، مذہبی اور سیاسی حقوق دیے جائیں گے۔ انہیں آزادی رائے اور آزادی اجتماع کا حق بھی حاصل ہوگا تاکہ وہ اپنی شخصیتوں کی بہتر نشو و نما کر سکیں۔ 4۔ اسلامی طرز زندگی: مسلمانوں کے لیے اسلامی ماحول پیدا کیا جائے گا تاکہ وہ اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کو قرآن پاک اور سنت نبوی ﷺ کی روشنی میں ڈھال سکیں۔ 5۔ اقلیتوں کا تحفظ: غیر مسلم شہریوں کو مکمل آزادی اور تحفظ حاصل ہوگا۔ انہیں اپنے مذہبی فرائض ادا کرنے اور عبادت گاہیں تعمیر کرنے کی بھی آزادی ہوگی۔ 6۔ پسماندہ علاقوں کی ترقی: ان کی ترقی کا خصوصی خیال رکھا جائے گا۔ انہیں سیاسی، معاشرتی، معاشی اور دوسرے شعبوں میں شرکت اور ترقی کا موقع ملے گا۔ 7۔ آزاد عدلیہ: عدلیہ آزاد ہوگی، اس پر کسی قسم کا دباؤ نہیں ہوگا اور وہ انصاف کے تقاضے اپنے اختیارات کے مطابق پورے کرنے کی حامل ہوگی۔ 8۔ وفاقی نوعیت: پاکستان ایک وفاق ہوگا جس میں صوبوں کو حدود کے اندر رہتے ہوئے خود مختاری حاصل ہوگی۔ 9۔ قرآن و سنت: پاکستان کا دستور قرآن و سنت کی روشنی میں ترتیب دیا جائے گا اور یہاں اسلامی اصولوں سے متصادم کوئی قانون نہیں بنایا جائے گا۔ 10۔ دفاع پاکستان: وفاق میں شامل تمام علاقوں کی سالمیت اور آزادی کا مکمل تحفظ کیا جائے گا۔ پاکستان کی بری، بحری اور فضائی حدود کے دفاع اور تحفظ کا مناسب بندوبست کیا جائے گا تاکہ پاکستان کے عوام بین الاقوامی برادری میں باعزت مقام حاصل کر سکیں۔
Question 2 · 8 marks
1956ء کا آئین کن خصوصیات کا حامل تھا؟
Show model answerHide model answer
تعارف: دوسری دستور ساز اسمبلی میں نئے آئین کا مسودہ 8 جنوری 1956ء کو پیش کیا گیا جسے اسمبلی نے اکثریت سے 29 فروری 1956ء کو منظور کر لیا۔ گورنر جنرل کی حتمی منظوری کے بعد اسے پاکستان کے پہلے آئین کے طور پر 23 مارچ 1956ء کو نافذ کر دیا گیا۔ خصوصیات: 1۔ تحریری آئین: مختصر اور تحریری تھا، 234 دفعات، 13 ابواب اور 6 گوشواروں پر مشتمل۔ 2۔ وفاقی آئین: وفاق دو صوبوں مشرقی اور مغربی پاکستان پر مشتمل تھا، دونوں کی حیثیت مساوی تھی، صوبائی اور مرکزی اختیارات کی حد بندی دو فہرستوں میں کی گئی اور صوبے خود مختار تھے۔ 3۔ پارلیمانی نظام: صدر پاکستان آئینی سربراہ اور انتظامی اختیارات وزیراعظم کے پاس تھے۔ 4۔ ایک ایوانی مقننہ: پارلیمنٹ صرف ایک ایوان پر مشتمل تھی۔ 5۔ واحد شہریت: پاکستان کے باشندے صرف پاکستانی کہلائیں گے، صوبوں کی شہریت حاصل نہیں ہوگی۔ 6۔ راہنما اصول: جمہوریت، مساوات، معاشرتی انصاف اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ۔ 7۔ آئینی ادارے: سپریم کورٹ، پبلک سروس کمیشن، آڈیٹر جنرل اور ادارہ تحقیقات اسلامی وغیرہ۔ 8۔ آزاد عدلیہ: عدالتیں آزاد تھیں اور ججوں کو ملازمتوں کا تحفظ دیا گیا۔ 9۔ بنیادی حقوق: تمام شہری قانون کی نظر میں برابر تھے اور انہیں معاشرتی، معاشی اور سیاسی حقوق عطا کیے جائیں گے۔ 10۔ قومی زبانیں: اردو اور بنگالی سرکاری زبانیں، انگریزی اس وقت تک دفتری زبان جب تک اردو اور بنگالی اس کی جگہ نہ لے لیں۔ 11۔ اسلامی دفعات: ملک کا نام اسلامی جمہوریہ پاکستان، صدر کا مسلمان ہونا ضروری، قرارداد مقاصد ابتدائیہ کے طور پر شامل، قرآن و سنت کے منافی کوئی قانون نہیں بنے گا اور عوام کو اسلام کے مطابق زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
Question 3 · 8 marks
1962ء کے آئین کی خصوصیات کا جائزہ لیں۔
Show model answerHide model answer
تعارف: جنرل ایوب خان نے نیا آئین بنا کر 8 جون 1962ء کو ملک میں نافذ کر دیا جسے فرد واحد کا بنایا ہوا آئین بھی کہا جاتا ہے۔ خصوصیات: 1۔ تحریری آئین: 1956ء کی طرح تحریری، 250 دفعات، 5 گوشواروں اور 12 حصوں میں منقسم۔ 2۔ وفاقی آئین: ایک مرکزی حکومت اور دو صوبائی حکومتیں، اختیارات دو فہرستوں کے ذریعے واضح اور باقی ماندہ اختیارات صوبوں کے حوالے۔ 3۔ ایک ایوانی مقننہ: پارلیمنٹ صرف ایک ایوان یعنی قومی اسمبلی پر مشتمل تھی جو بالواسطہ انتخاب کے ذریعے پانچ سال کے لیے منتخب ہوتی تھی۔ 4۔ صوبوں کی مساوی حیثیت: بنیادی جمہوریتوں کے ارکان چالیس چالیس ہزار، قومی اسمبلی کی نشستوں میں برابری، صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کی تعداد اور اختیارات برابر۔ 5۔ قومی زبان: اردو اور بنگالی سرکاری طور پر رائج، انگریزی کا استعمال بھی جاری رہا۔ 6۔ صدارتی طرز حکومت: صدر سربراہ ریاست اور سربراہ حکومت، کسی کے سامنے جوابدہ نہیں، کابینہ کا انتخاب خود کرتا، کابینہ کے ارکان پارلیمنٹ کے رکن نہیں تھے اور ووٹ نہیں دے سکتے تھے۔ 7۔ آزاد عدلیہ: عدلیہ کی آزادی برقرار، سپریم کورٹ کو صوبوں اور مرکز کے اختلافات حل کرنے کا اختیار۔ 8۔ طریقہ ترمیم: قومی اسمبلی دو تہائی اکثریت سے ترمیم منظور کر سکتی تھی مگر صدر مملکت کی منظوری لازمی تھی۔ 9۔ اسلامی دفعات: قرارداد مقاصد ابتدائیہ کے طور پر شامل، حاکمیت اللہ تعالیٰ کی، ملک کے سربراہ کا مسلمان ہونا لازم، اسلامی تعلیمات کے خلاف قانون سازی نہیں ہوگی۔ 10۔ بنیادی جمہوریتیں: دیہاتی علاقوں میں یونین کونسلیں، قصبوں میں ٹاؤن کمیٹیاں، شہروں میں میونسپل کمیٹیاں، نیز ڈسٹرکٹ اور ڈویژنل کونسلیں، جن کا مقصد اپنے علاقوں کے لیے ترقیاتی پروگرام بنانا اور ان پر عمل کروانا تھا۔ 11۔ طریق انتخاب: بنیادی جمہوریتوں کے اسی ہزار ارکان (دونوں صوبوں سے برابر) بلا واسطہ پانچ سال کے لیے منتخب ہوتے تھے اور یہ انتخابی ادارہ صدر، مرکزی اور صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کو منتخب کرتا تھا۔ یہ آئین 1962ء سے 1969ء تک نافذ العمل رہا۔
Question 4 · 8 marks
1973ء کے آئین کی خصوصیات پر روشنی ڈالیں۔
Show model answerHide model answer
تعارف: 1970ء کے عام انتخابات کے نتیجے میں معرض وجود میں آنے والی قومی اسمبلی نے متفقہ آئین 1973ء میں پاس کیا جو 14 اگست 1973ء کو لاگو ہوا۔ خصوصیات: 1۔ اسلامی دستور: مملکت کا سرکاری مذہب اسلام، ہر قانون قرآن و سنت کے مطابق، اسلامی نظریاتی کونسل کی تشکیل، صدر اور وزیراعظم کا مسلمان ہونا لازمی اور قرارداد مقاصد بطور ابتدائیہ شامل۔ 2۔ تحریری آئین: جامع دستاویز، 280 دفعات، 12 حصوں اور 6 گوشواروں پر مشتمل۔ 3۔ استوار آئین: ہر ایوان کی دو تہائی اکثریت سے تبدیلی، مشترکہ اجلاس میں بھی دو تہائی اکثریت لازمی، تاکہ آئے دن طریق حکومت نہ بدلے مگر دستوری اصول جامد بھی نہ ہوں۔ 4۔ وفاقی نظام حکومت: چار صوبے پنجاب، سندھ، شمال مغربی سرحدی صوبہ، بلوچستان، وفاقی دارالحکومت اور قبائلی علاقے۔ 5۔ دو ایوانی مقننہ: ایوان بالا سینٹ اور ایوان زیریں قومی اسمبلی۔ 6۔ پارلیمانی طرز حکومت۔ 7۔ صوبائی خود مختاری: صوبے اپنے دائرہ کار میں خود مختار۔ 8۔ آزاد عدلیہ: ججوں کا تقرر صدر کرتا ہے، برطرفی سپریم جوڈیشل کونسل کی سفارش پر، عدلیہ کو انصاف کی فراہمی کے علاوہ دستور کے تحفظ کا فریضہ سونپا گیا۔ 9۔ بنیادی حقوق: جان و مال، عزت و آبرو کا تحفظ، حصول معاش، آزادی تحریر و تقریر اور آزادی اجتماع۔ 10۔ سرکاری زبان: اردو، انگریزی دفاتر میں اس وقت تک جب تک اردو رائج نہ ہو۔ 11۔ براہ راست طریق انتخاب: قومی و صوبائی اسمبلیوں میں براہ راست جبکہ صدر کا انتخاب بالواسطہ۔ 12۔ مخلوط طریق حکومت: سترہویں ترمیم کے تحت انتخاب کا مخلوط طریق کار۔
Question 5 · 8 marks
1973ء کے آئین کی اسلامی دفعات بیان کریں۔
Show model answerHide model answer
1۔ حاکمیت: اللہ تعالیٰ ساری کائنات کا مالک ہے، ہر طاقت اس کے ہاتھ میں ہے۔ جو اقتدار اعلیٰ امانتاً انسان کو دیا ہے وہ اس کا استعمال دیانتداری سے کرے گا۔ 2۔ ملک کا نام: پاکستان ایک اسلامی ریاست ہے لہذا ملک کا نام اسلامی جمہوریہ پاکستان رکھا گیا۔ 3۔ صدر اور وزیراعظم کا مسلمان ہونا: ملک کے سربراہ صدر اور وزیراعظم کا مسلمان ہونا ضروری ہے۔ 4۔ سرکاری مذہب: اسلام کو سرکاری مذہب کا درجہ دیا گیا تاکہ لوگ اپنی زندگیاں اسلام کے مطابق گزار سکیں۔ 5۔ قرآن پاک کی اغلاط سے پاک طباعت: قرآن پاک اللہ تعالیٰ کی آخری کتاب اور مسلمانوں کے لیے مشعل راہ ہے، حکومت اپنی نگرانی میں اغلاط سے پاک طباعت کرائے۔ 6۔ لازمی دینی تعلیم: ملک میں دینی تعلیم لازمی ہوگی اور عربی چھٹی سے آٹھویں جماعت تک لازمی۔ 7۔ سود کا خاتمہ: سود حرام ہے لہذا بینکاری کے کاروبار کو سودی طریقوں سے نجات دلائی جائے گی۔ 8۔ زکوٰۃ اور عشر: زکوٰۃ ہر صاحب نصاب پر لازم ہے اس لیے زکوٰۃ اور عشر کا باقاعدہ نظام ترتیب دیا گیا۔ 9۔ اسلامی اصول: آئین کو جمہوریت، عدل و انصاف، رواداری اور مساوات وغیرہ کے مطابق بنایا گیا۔ 10۔ اقلیتوں کے مذہبی حقوق: اقلیتوں کو مذہبی آزادی اور تمام معاشی، معاشرتی اور سیاسی حقوق دیے گئے۔ 11۔ اسلامی نظریاتی کونسل: چیئرمین اور ارکان کا چناؤ صدر مملکت وزیراعظم کے مشورے سے کرتا ہے۔ 12۔ اسلامی اقدار: اسلامی معاشرے کا قیام، جوا، عصمت فروشی، منشیات کے استعمال اور فحش لٹریچر کی اشاعت پر پابندی کیونکہ یہ برائیاں اسلامی معاشرے کے لیے ناسور ہیں۔ 13۔ پاکستان اور اسلامی ممالک: تمام مسلم ممالک سے اچھے تعلقات قائم کیے جائیں گے۔
More tests in پاکستان میں آئینی ارتقاء
Practise with a free account
Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.