Parho

Class 10 Pakistan Studies · Chapter 1

پاکستان کی نظریاتی اساس: questions and answers

Every short question, long question and MCQ on this chapter's free papers, each with its answer. Try one yourself first, then check.

50short questions
12long questions
0MCQs

Short questions with answers

  1. Q1 · 2 marks

    نظریہ کے چار ماخذ لکھیے۔

    Answer

    ماخذ یہ ہیں: 1- مشترکہ مذہب 2- مشترکہ سیاسی مقاصد 3- مشترکہ تعلیمی مقاصد 4- مشترکہ معاشی مقاصد 5- مشترکہ ثقافتی مقاصد۔ ان میں سے کوئی چار لکھے جا سکتے ہیں۔

  2. Q2 · 2 marks

    لفظ «نظریہ» کے معنی کیا ہیں؟

    Answer

    معنی کے لحاظ سے نظریہ سے مراد سوچ یا مقصد ہے۔ انگریزی میں اس کے لیے «آئیڈیالوجی» کا لفظ استعمال ہوتا ہے۔

  3. Q3 · 2 marks

    اصطلاحی معنوں میں نظریہ کی تعریف کریں۔

    Answer

    کسی شے کو وجود میں لانے کے لیے ذہن میں جو سوچ، فکر اور نقشہ ابھرتا اور قائم ہوتا ہے، نظریہ کہلاتا ہے۔ کسی مقصد کے حصول کے لیے بنایا گیا فکری خاکہ بھی نظریہ کہلاتا ہے۔

  4. Q4 · 2 marks

    نظریہ سے کیا مراد ہے؟ ضابطہ یا پروگرام کے حوالے سے بیان کریں۔

    Answer

    نظریہ سے مراد ایسا ضابطہ یا پروگرام ہے جس کی بنیاد فلسفہ و فکر پر رکھی گئی ہو اور انسانی زندگی کے مختلف پہلوؤں، مثلاً سیاسی، معاشرتی اور تہذیبی مسائل کے حل کے لیے کوئی لائحہ عمل بنایا گیا ہو۔

  5. Q5 · 2 marks

    نظریہ کی اہمیت کے کوئی چار نکات لکھیے۔

    Answer

    نظریہ لوگوں کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے، قوم کو متحد رکھتا ہے، مقاصد کے حصول کے لیے جدوجہد کا جذبہ پیدا کرتا ہے، اور انقلاب کو جنم دے کر نئی راہیں کھولتا ہے۔

  6. Q6 · 2 marks

    اقوام نظریے کی وجہ سے کیوں زندہ نظر آتی ہیں؟

    Answer

    کیونکہ نظریہ لوگوں کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے، انسانوں کو قومی حقوق و فرائض کی وضاحت کے ساتھ متحد رکھتا ہے اور مشکلات کا مقابلہ کرنے کی طاقت بخشتا ہے۔

  7. Q7 · 2 marks

    نظریے کے پس پردہ کون سے عناصر شامل ہوتے ہیں؟

    Answer

    نظریے کے پس پردہ تاریخ، روایات، رسم و رواج، مزاج، نفسیات اور مذہب جیسے عناصر شامل ہوتے ہیں۔

  8. Q8 · 2 marks

    مساوی حقوق کے نظریے کی مثال دیں۔

    Answer

    امریکا اور جنوبی افریقہ میں سیاہ رنگ کے لوگوں نے مساوی حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد شروع کی۔ اسی طرح برصغیر کے مسلمانوں نے سماجی و سیاسی حقوق کے لیے جدوجہد کی۔

  9. Q9 · 2 marks

    نظریہ پاکستان کی تعریف کریں۔

    Answer

    نظریہ پاکستان سے مراد ایک الگ خطہ زمین کا حصول ہے جس میں مسلمانان برصغیر قرآن و سنت کی روشنی میں اسلامی قدروں اور نظریات کی حفاظت کر سکیں۔ تحریک پاکستان اور تعمیر پاکستان کے مجموعی تصور کو نظریہ پاکستان کہتے ہیں۔

  10. Q10 · 2 marks

    نظریہ پاکستان کی بنیاد کیا ہے؟

    Answer

    اسلامی نظریہ حیات نظریہ پاکستان کی بنیاد ہے۔ اس سے مراد برصغیر کے مسلمانوں کا یہ شعور ہے کہ وہ تاریخی طور پر دوسری اقوام سے مختلف ہیں۔

  11. Q11 · 2 marks

    قائداعظم نے نظریہ پاکستان کے بارے میں کیا فرمایا؟

    Answer

    قائداعظم نے فرمایا کہ پاکستان تو اسی روز وجود میں آ گیا تھا جب برصغیر کا پہلا ہندو مسلمان ہوا تھا۔ نظریہ پاکستان کی بنیاد اسلام پر رکھی گئی تھی۔

  12. Q12 · 2 marks

    انیسویں صدی کی ہندو تحریکوں کا مقصد کیا تھا؟

    Answer

    آریا سماج اور برہمو سماج جیسی تحریکوں کا مقصد ہندوازم کی اشاعت اور مسلمانوں کو نیچا دکھانا تھا۔

  13. Q13 · 2 marks

    شدھی تحریک سے کیا مراد ہے؟

    Answer

    آریا سماج کے بانی پنڈت دیانند سرسوتی نے شدھی کے نام سے پروگرام شروع کیا جس کا مقصد غیر ہندوؤں کو زبردستی ہندو (ہندو دھرم کے مطابق پاک صاف) بنانا تھا۔

  14. Q14 · 2 marks

    کانگریسی وزارتوں کے دور کا مسلمانوں پر کیا اثر ہوا؟

    Answer

    کانگریسی دور حکومت (1937-39ء) نے اس خیال کو مزید پختہ کر دیا کہ متحدہ ہندوستان میں مسلمانوں کے لیے اپنی مذہبی شناخت اور پہچان کو برقرار رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

  15. Q15 · 2 marks

    مشترکہ سیاسی مقاصد سے کیا مراد ہے؟

    Answer

    انگریزوں کی آمد سے جمہوریت کا تصور ابھرا۔ مسلمان آبادی میں قریباً ایک چوتھائی (25 فیصد) تھے اور حکومت میں ان کا حصہ تھوڑا تھا، اس لیے ان کا تشخص ابھرنے لگا۔

  16. Q16 · 2 marks

    مشترکہ تعلیمی مقاصد کیا تھے؟

    Answer

    انگریزوں نے ایسا نظام تعلیم متعارف کرایا جس میں انگریزی کو مرکزی حیثیت حاصل تھی۔ علما اسے مسلم تشخص کے لیے خطرہ سمجھتے تھے، اس لیے مسلمانوں نے اپنا علیحدہ تعلیمی نظام رائج کرنے کی کوشش کی۔

  17. Q17 · 2 marks

    1857ء کی جنگ آزادی کے بعد مسلمانوں کے معاشی حالات کیسے ہوئے؟

    Answer

    ہندو انگریزوں کو یہ سمجھانے میں کامیاب ہو گئے کہ جنگ آزادی میں مسلمانوں کا کردار زیادہ تھا۔ نتیجتاً مسلمانوں پر ظلم و ستم ہوا، انہیں سرکاری سطح پر نظر انداز کیا گیا اور ان کے کاروبار و تجارت کے مواقع ختم ہو گئے۔

  18. Q18 · 2 marks

    اردو ہندی تنازع کیا تھا؟

    Answer

    اردو عربی رسم الخط میں اور ہندی دیوناگری رسم الخط میں لکھی جاتی تھی۔ ہندوؤں نے اردو کی جگہ ہندی کو سرکاری زبان کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا جس سے مسلمانوں کو احساس ہوا کہ وہ متحدہ ہندوستان میں اپنا تشخص برقرار نہیں رکھ سکیں گے۔

  19. Q19 · 2 marks

    اسلامی اقدار میں کون سی خصوصیات شامل ہیں؟

    Answer

    اسلامی اقدار میں انصاف، مساوات، آزادی اور رواداری شامل ہیں۔ برصغیر کے مسلمانوں نے پاکستان کا مطالبہ اس لیے کیا کہ اسلام کے سنہری اصولوں پر مبنی معاشرہ بنایا جائے۔

  20. Q20 · 2 marks

    چار مسلمان مصلحین کے نام اور ان کے کام لکھیں۔

    Answer

    سرسید احمد خان نے 1867ء میں واضح کہا کہ ہندو اور مسلمان دو الگ قومیں ہیں۔ جمال الدین افغانی (1879ء)، عبدالحلیم شرر (1890ء) اور مولانا مرتضیٰ احمد میکش (1928ء) نے بھی الگ ریاست کی بات کی۔ علامہ اقبال نے 1930ء میں خطبہ الٰہ آباد پیش کیا۔

  21. Q21 · 2 marks

    قائداعظم کے مطابق اسلامی ریاست کا تصور کیا تھا؟

    Answer

    قائداعظم کے مطابق پاکستان مذہبی نہیں بلکہ اسلامی فلاحی ریاست ہوگی جہاں غیر مسلموں کو مسلمانوں کے برابر درجہ اور حقوق حاصل ہوں گے اور رواداری اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

  22. Q22 · 2 marks

    نوجوان نسل کو نظریہ پاکستان سے آگاہ ہونا کیوں ضروری ہے؟

    Answer

    تاکہ وہ قیام پاکستان کے مقاصد سے آگاہ ہوں، جذباتی رشتے اور محبت برقرار رکھ سکیں، عظیم تحریک اور قربانیوں کی اہمیت جان سکیں اور زبان، علاقہ اور صوبوں کی سطح پر نفرتوں کا خاتمہ ہو۔

  23. Q23 · 2 marks

    نظریہ پاکستان کے عناصر کون سے ہیں؟

    Answer

    نظریہ پاکستان کے عناصر یہ ہیں: عقائد، عبادات، قانون کی حکمرانی، اخوت و مساوات اور عدل و انصاف۔

  24. Q24 · 2 marks

    نظریہ پاکستان کے عناصر میں عقائد سے کیا مراد ہے؟

    Answer

    عقائد میں توحید، رسالت، آخرت، ملائکہ اور الہامی کتابوں پر ایمان لانا شامل ہے۔ عقائد کے مجموعے کو ایمان کہتے ہیں۔

  25. Q25 · 2 marks

    عقیدہ رسالت کی تعریف کریں۔

    Answer

    عقیدہ رسالت کا مطلب تمام رسولوں پر ایمان لانا ہے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ تعالیٰ کا آخری رسول اور آخری نبی ماننا اس عقیدے کا لازمی جز ہے۔ آپ کے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا اور جو اس کا انکار کرے وہ مسلمان نہیں ہو سکتا۔

  26. Q26 · 2 marks

    قائداعظم نے یکم جولائی 1948ء کو سٹیٹ بینک کا افتتاح کرتے ہوئے کیا فرمایا؟

    Answer

    آپ نے فرمایا کہ مغرب کا معاشی نظام انسانیت کے لیے ناقابل حل مسائل پیدا کر رہا ہے اور لوگوں کے درمیان انصاف قائم کرنے میں ناکام رہا ہے۔ ہمیں دنیا کے سامنے ایسا معاشی نظام پیش کرنا چاہیے جو اسلام کے مساوات اور سماجی انصاف کے اصولوں پر مبنی ہو۔

  27. Q27 · 2 marks

    دو قومی نظریہ سے کیا مراد ہے؟

    Answer

    دو قومی نظریہ سے مراد ہے کہ برصغیر پاک و ہند میں دو بڑی قومیں ہندو اور مسلمان ہیں۔ یہ دونوں صدیوں ساتھ رہنے کے باوجود آپس میں گھل مل نہ سکیں اور مسلمانوں کا علیحدہ تشخص قائم رہا۔

  28. Q28 · 2 marks

    برصغیر میں دو قومی نظریے کی ابتدا کب ہوئی؟

    Answer

    برصغیر میں دو قومی نظریے کی ابتدا مسلمانوں کی آمد کے ساتھ ہی ہو گئی تھی۔ 712ء میں محمد بن قاسم کی فتح سندھ سے اس کا آغاز ہوا۔

  29. Q29 · 2 marks

    ہندوستان میں ایسٹ انڈیا کمپنی قائم کرنے کا مقصد کیا تھا؟

    Answer

    انگریزوں نے ایسٹ انڈیا کمپنی 1600ء میں قائم کی۔ کمپنی ہندوستان میں ایسی معاشی پالیسیاں بناتی تھی جن کا زیادہ مالی فائدہ خود انگریزوں کو ہوتا تھا۔

  30. Q30 · 2 marks

    «اب یا پھر کبھی نہیں» (Now OR Never) کے عنوان سے شہرہ آفاق کتابچہ کب اور کس نے جاری کیا؟

    Answer

    یہ کتابچہ چوہدری رحمت علی نے 28 جنوری 1933ء کو جاری کیا۔ یہ تحریک پاکستان کے لیے مضبوط دیوار ثابت ہوا اور اس سے لفظ «پاکستان» مسلمانوں اور دیگر اقوام میں معروف ہوا۔

  31. Q31 · 2 marks

    ارکان اسلام کون سے ہیں؟

    Answer

    ارکان اسلام پانچ ہیں: توحید و رسالت، نماز، زکوٰۃ، روزہ اور حج۔

  32. Q32 · 2 marks

    زکوٰۃ کے نظام کے کیا فوائد ہیں؟

    Answer

    زکوٰۃ کی وجہ سے دولت چند ہاتھوں میں اکٹھی ہونے کے بجائے گردش میں رہتی ہے۔ یہ اسلام کے معاشی نظام کی مضبوطی کا ذریعہ ہے اور معاشرے کے غریب طبقے تک بھی پہنچتی ہے۔

  33. Q33 · 2 marks

    اسلام میں قانون کی حکمرانی سے کیا مراد ہے؟

    Answer

    قانون کا سرچشمہ اللہ تعالیٰ کی ذات ہے۔ قرآن مجید اور اسوۂ رسول قانون کی بنیاد ہیں۔ بادشاہ اور غلام سب قانون کے سامنے برابر ہیں اور حکمران باہمی مشورے سے قرآن و سنت کی روشنی میں فیصلے کرنے کے پابند ہیں۔

  34. Q34 · 2 marks

    مواخات مدینہ سے کیا مراد ہے؟

    Answer

    مدینہ منورہ میں جب اسلامی حکومت قائم ہوئی تو اخوت اور مساوات کی مثالی فضا قائم ہوئی جسے «مواخات مدینہ» کہا جاتا ہے۔

  35. Q35 · 2 marks

    خطبہ حجۃ الوداع میں مساوات کے بارے میں کیا فرمایا گیا؟

    Answer

    نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ کسی عربی کو عجمی پر، کسی عجمی کو عربی پر، کسی سفید فام کو سیاہ فام پر اور کسی سیاہ فام کو سفید فام پر کوئی فضیلت نہیں۔ فضیلت کا معیار صرف تقویٰ ہے۔

  36. Q36 · 2 marks

    عدل و انصاف کی اہمیت بیان کریں۔

    Answer

    عدل و انصاف کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ جہاں انصاف پر مبنی معاشرہ ہو وہاں دوسری خرابیاں خود بخود ٹھیک ہو جاتی ہیں۔ عدل و انصاف زندگی کے ہر شعبے میں ضروری ہے۔

  37. Q37 · 2 marks

    بنو مخزوم کی عورت کے واقعے سے ہمیں کیا سبق ملتا ہے؟

    Answer

    اس واقعے میں سفارش پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ پہلی قومیں اس لیے تباہ ہوئیں کہ بڑے آدمی کو سزا نہیں دیتی تھیں۔ سبق یہ ہے کہ قانون سب پر برابر لاگو ہونا چاہیے۔

  38. Q38 · 2 marks

    محمد بن قاسم کی فتح سندھ کا ذکر کریں۔

    Answer

    712ء میں عرب نوجوان سپہ سالار محمد بن قاسم نے سندھ کے راجہ داہر کو شکست دی۔ ان کے حسن سلوک، رواداری اور انصاف سے متاثر ہو کر لوگ بخوشی دائرہ اسلام میں داخل ہوئے۔

  39. Q39 · 2 marks

    قطب الدین ایبک کا کیا کارنامہ تھا؟

    Answer

    1206ء میں قطب الدین ایبک نے سلطنت دہلی کی بنیاد رکھی۔ اس کے بعد مختلف مسلم حکمرانوں نے 1857ء تک قریباً ایک ہزار سال حکومت کی۔

  40. Q40 · 2 marks

    البیرونی نے اپنی کتاب میں کیا لکھا؟

    Answer

    البیرونی نے اپنی کتاب «کتاب الہند» میں اس بات کا اظہار کیا کہ ہندوؤں نے مسلمانوں کو کبھی دل سے تسلیم نہیں کیا۔

  41. Q41 · 2 marks

    سرسید احمد خان کا دو قومی نظریے میں کیا کردار ہے؟

    Answer

    سرسید احمد خان نے 1867ء میں اردو ہندی تنازع کے موقع پر واضح اعلان کیا کہ مسلمان اور ہندو الگ قومیں ہیں۔ انہوں نے ایم-اے-او ہائی سکول اور کالج قائم کر کے مسلمانوں کی تعلیمی ترقی کا آغاز کیا۔

  42. Q42 · 2 marks

    چوہدری رحمت علی کا تعارف اور ان کی خدمات لکھیں۔

    Answer

    چوہدری رحمت علی اسلامیہ کالج لاہور کے نامور طالب علم تھے۔ 1933ء میں انہوں نے لندن میں پاکستان نیشنل موومنٹ کی بنیاد رکھی اور «اب یا پھر کبھی نہیں» کتابچہ جاری کیا۔

  43. Q43 · 2 marks

    انگریزوں کی پالیسیوں سے مسلمان معاشی طور پر کیسے متاثر ہوئے؟ (کوئی تین نکات)

    Answer

    انگریزوں نے مسلمانوں سے تمام عہدے چھین لیے اور انہیں نئے عہدوں سے محروم رکھا، مسلمانوں کی زمینیں چھین کر دوسری اقوام کو دے دیں، اور انہیں سرکاری ملازمتوں سے نکال دیا۔

  44. Q44 · 2 marks

    بنگال میں تجارت اور زراعت کو کس طرح نقصان پہنچا؟

    Answer

    بنگال میں امن و امان کی خرابی اور مناسب زراعت نہ ہونے سے اجناس کی قلت ہو گئی۔ ریشم اور سوت کے کاریگر دوسرے شہروں کی طرف چلے گئے اور ایسٹ انڈیا کمپنی کے نئے ٹیکسوں سے مقامی زراعت کو سخت نقصان پہنچا۔

  45. Q45 · 2 marks

    علامہ اقبال نے خطبہ الٰہ آباد میں کیا مطالبہ کیا؟

    Answer

    1930ء میں خطبہ الٰہ آباد میں آپ نے مسلمانوں کے لیے ایک الگ ریاست کا مطالبہ کیا تاکہ وہ اپنے مذہب اور ثقافت کے مطابق زندگی گزار سکیں۔ آپ نے فرمایا کہ میں ایک منظم اسلامی ریاست کے قیام کا مطالبہ کر رہا ہوں۔

  46. Q46 · 2 marks

    قائداعظم نے قومیت کی تعریف کے بارے میں کیا فرمایا؟

    Answer

    آپ نے فرمایا کہ قومیت کی جو بھی تعریف کی جائے، مسلمان اس تعریف کی رو سے الگ قوم ہیں اور انہیں اپنی الگ مملکت قائم کرنے کا حق ہے۔

  47. Q47 · 2 marks

    23 مارچ 1940ء کے خطبہ صدارت میں قائداعظم نے ہندو اور مسلمان کے بارے میں کیا فرمایا؟

    Answer

    آپ نے فرمایا کہ ہندو اور مسلمان دو علیحدہ مذہب سے تعلق رکھتے ہیں، ان کے عقائد، ہیرو اور واقعات مختلف ہیں۔ دونوں کو ایک لڑی میں پرونے کا مقصد برصغیر کی تباہی ہے۔

  48. Q48 · 2 marks

    29 دسمبر 1940ء کو قائداعظم نے کیا فرمایا؟

    Answer

    آپ نے فرمایا کہ پاکستان صدیوں سے موجود رہا ہے، شمال مغرب مسلمانوں کا وطن رہا ہے اور ان علاقوں میں مسلمانوں کی آزاد ریاستیں قائم ہونی چاہییں تاکہ وہ اسلامی شریعت کے مطابق زندگی بسر کریں۔

  49. Q49 · 2 marks

    پاکستان بننے کے بعد قائداعظم نے پاکستانی قوم کو کیا نصیحت کی؟

    Answer

    آپ نے فرمایا کہ ہمیں پنجابی، سندھی، بلوچی اور پٹھان کے جھگڑوں سے بالاتر ہو کر سوچنا چاہیے۔ ہم صرف اور صرف پاکستانی ہیں اور یہی اسلام کی بنیادی تعلیم ہے۔

  50. Q50 · 2 marks

    11 اکتوبر 1947ء کو قائداعظم نے حکومت پاکستان کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا فرمایا؟

    Answer

    آپ نے فرمایا کہ ہمارا نصب العین یہ ہے کہ ہم ایک ایسی مملکت تخلیق کریں جہاں ہم آزاد انسانوں کی طرح رہ سکیں، جو ہماری تہذیب و تمدن کی روشنی میں پھولے پھلے اور جہاں اسلام کے معاشرتی اصولوں کو ابھرنے کا موقع ملے۔

Long questions with answers

  1. Q1 · 8 marks

    نظریہ کے ماخذ اور اہمیت واضح کریں۔

    Answer

    ماخذ: 1- مشترکہ مذہب: انیسویں صدی میں آریا سماج، برہمو سماج جیسی ہندو تحریکوں نے ہندوازم کی اشاعت اور مسلمانوں کو نیچا دکھانے کی کوشش کی۔ شدھی پروگرام شروع ہوا اور کانگریس کی وزارتوں (1937-39ء) نے مسلمانوں کو مذہبی تشخص کی فکر دلائی۔ 2- مشترکہ سیاسی مقاصد: انگریزوں کی آمد سے جمہوریت کا تصور ابھرا، مسلمان قریباً 25 فیصد تھے اور حکومت میں ان کا حصہ کم تھا۔ 3- مشترکہ تعلیمی مقاصد: انگریزی نظام تعلیم کے مقابلے میں مسلمانوں نے علیحدہ نظام کی کوشش کی۔ 4- مشترکہ معاشی مقاصد: 1857ء کے بعد مسلمانوں کو معاشی طور پر نظر انداز کیا گیا۔ 5- مشترکہ ثقافتی مقاصد: اردو ہندی تنازع۔ اہمیت: نظریہ لوگوں کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے، قوم کو متحد رکھتا ہے، حقوق و فرائض کی وضاحت کرتا ہے، مشکلات کا مقابلہ کرنے کی طاقت دیتا ہے، جدوجہد کا جذبہ پیدا کرتا ہے، انقلاب کو جنم دیتا ہے اور نئی راہیں کھولتا ہے۔

    نتیجہ: نظریہ ہی اقوام کو زندہ رکھتا ہے۔

  2. Q2 · 8 marks

    نظریہ پاکستان کے عناصر کی تفصیل سے وضاحت کریں۔

    Answer

    نظریہ پاکستان کی بنیاد اسلامی نظریہ حیات پر ہے۔ 1- عقائد: توحید، رسالت، آخرت، ملائکہ اور الہامی کتابوں پر ایمان۔ توحید یعنی اللہ ایک ہے اور انسان اس کا نائب ہے۔ عقیدہ رسالت یعنی تمام رسولوں اور آخری نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان۔ 2- عبادات (ارکان اسلام): توحید و رسالت، نماز، زکوٰۃ، روزہ اور حج۔ زکوٰۃ سے دولت گردش میں رہتی ہے۔ حج مسلمانوں کے اتحاد کی مثال ہے۔ 3- قانون کی حکمرانی: قانون کا سرچشمہ اللہ کی ذات ہے، بادشاہ اور غلام برابر ہیں، فیصلے قرآن و سنت کی روشنی میں مشورے سے ہوں۔ 4- اخوت و مساوات: مواخات مدینہ، خطبہ حجۃ الوداع میں فضیلت کا معیار تقویٰ، سود کی حرمت، زکوٰۃ و خیرات کا نظام۔ 5- عدل و انصاف: عدل کے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا، عدالتوں کا آزاد ہونا ضروری ہے، قانون سب پر برابر لاگو ہو، بنو مخزوم کی عورت کا واقعہ۔

    نتیجہ: یہ عناصر پاکستان کی نظریاتی بنیاد ہیں۔

  3. Q3 · 8 marks

    قائداعظم رحمۃ اللہ علیہ نے اقلیتوں کے بارے میں کیا فرمایا؟

    Answer

    قائداعظم نے دو ٹوک الفاظ میں فرمایا کہ پاکستان ایک مذہبی نہیں بلکہ اسلامی فلاحی ریاست ہوگی۔ یہاں غیر مسلموں کو مسلمانوں کے برابر درجہ ملے گا، وہ آزاد اور خوشگوار فضا میں سانس لے سکیں گے اور انہیں برابر حقوق حاصل ہوں گے۔ رواداری اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ 11 اگست 1947ء کو دستور ساز اسمبلی میں آپ نے فرمایا کہ آپ عبادت کے لیے اپنی مخصوص عبادت گاہوں میں جانے کے لیے آزاد ہیں، آپ کا تعلق چاہے کسی عقیدے سے ہو، ریاست کا اس سے کوئی تعلق نہیں، پاکستان کے تمام شہری مساوی ہیں اور انہیں مساوی حقوق حاصل ہوں گے۔

    نتیجہ: اسلام اقلیتوں کو مکمل حقوق اور تحفظ دیتا ہے۔

  4. Q4 · 8 marks

    علامہ محمد اقبال کے ارشادات کی روشنی میں نظریہ پاکستان کی وضاحت کریں۔

    Answer

    علامہ اقبال برصغیر کے ان مسلم رہنماؤں میں سے ہیں جنہوں نے مسلمانوں کو الگ ریاست کا تصور دیا اور اپنی شاعری کے ذریعے انہیں بیدار کیا۔ پہلے آپ ہندو مسلم اتحاد کے حامیوں میں سے تھے، لیکن ہندوؤں کی تنگ نظری نے آپ کو الگ ملک کا مطالبہ کرنے پر مجبور کر دیا۔ 1930ء میں خطبہ الٰہ آباد میں آپ نے فرمایا کہ مجھے ایسا نظر آتا ہے کہ شمال مغربی ہندوستان کے مسلمانوں کو بالآخر ایک اسلامی ریاست قائم کرنا پڑے گی۔ اگر اسلام کو بحیثیت تمدنی قوت زندہ رکھنا ہے تو ایک مخصوص علاقے میں اس کی مرکزیت قائم کرنا ضروری ہے۔ آپ سمجھتے تھے کہ سیاسی، سماجی اور معاشی تحفظ کے لیے مسلمانوں کی الگ ریاست ضروری ہے۔

    نتیجہ: علامہ اقبال کا تصور نظریہ پاکستان کی بنیاد بنا۔

  5. Q5 · 8 marks

    قائداعظم محمد علی جناح کے ارشادات کی روشنی میں نظریہ پاکستان کا احاطہ کریں۔

    Answer

    قائداعظم دو قومی نظریے کے زبردست حامی تھے اور ہر لحاظ سے مسلمانوں کو الگ قوم کا درجہ دیتے تھے۔ ان کے اہم ارشادات: 1- قومیت کی جو بھی تعریف کی جائے، مسلمان اس کی رو سے الگ قوم ہیں اور انہیں اپنی الگ مملکت قائم کرنے کا حق ہے۔ 2- 23 مارچ 1940ء کو قرارداد لاہور کے موقع پر فرمایا کہ ہندو اور مسلمان دو علیحدہ مذہب سے تعلق رکھتے ہیں، ان کے عقائد اور واقعات مختلف ہیں۔ 3- 29 دسمبر 1940ء کو فرمایا کہ پاکستان صدیوں سے موجود رہا ہے اور شمال مغرب میں مسلمانوں کی آزاد ریاستیں قائم ہونی چاہییں تاکہ وہ اسلامی شریعت کے مطابق زندگی گزاریں۔ 4- پاکستان بننے کے بعد فرمایا کہ ہم صرف اور صرف پاکستانی ہیں۔ 5- 11 اکتوبر 1947ء اور یکم جولائی 1948ء کو ایسی مملکت اور ایسا معاشی نظام پیش کرنے پر زور دیا جو اسلام کے مساوات اور سماجی انصاف کے اصولوں پر مبنی ہو۔

    نتیجہ: پاکستان کی بنیاد اسلامی نظریہ پر ہے۔

  6. Q6 · 8 marks

    برصغیر میں اسلام کی بنیادی اقدار، مسلمان مصلحین اور سماجی و ثقافتی حوالے سے نظریہ پاکستان کی وضاحت کریں۔

    Answer

    اسلامی اقدار: برصغیر کے مسلمانوں نے پاکستان کا مطالبہ اس لیے کیا کہ اسلام کے سنہری اصولوں پر مبنی معاشرہ بنایا جائے جہاں انصاف، مساوات، آزادی اور رواداری کو فروغ ملے۔ قائداعظم نے فرمایا کہ بھائی چارہ، مساوات اور انسان دوستی ہمارے مذہب، ثقافت اور تہذیب کی بنیادی باتیں ہیں۔ مسلمان مصلحین: دو قومی نظریے کی ابتدا کے ساتھ وضاحت کے مواقع ملے۔ 1867ء میں سرسید احمد خان نے کہا کہ ہندو اور مسلمان دو الگ قومیں ہیں، 1879ء میں جمال الدین افغانی، 1890ء میں عبدالحلیم شرر اور 1928ء میں مولانا مرتضیٰ احمد میکش نے الگ ریاست کی بات کی اور 1930ء میں علامہ اقبال نے خطبہ الٰہ آباد میں الگ ریاست کا تصور پیش کیا۔ سماجی و ثقافتی حالات: برصغیر کے مسلمانوں کی ثقافت اسلام کے گہرے اثرات رکھتی تھی، دین اسلام وہ واحد طاقت تھی جو تمام مسلمانوں کو ایک قوم کے سانچے میں ڈھالتی تھی۔ ہندوؤں کی عددی برتری کے باوجود وہ مسلمانوں کو پاکستان بنانے سے نہ روک سکے۔

    نتیجہ: یہ تصور نظریہ پاکستان کہلایا۔

  7. Q7 · 8 marks

    دو قومی نظریہ کی وضاحت کریں۔

    Answer

    مفہوم: دو قومی نظریہ سے مراد ہے کہ برصغیر میں ہندو اور مسلمان دو بڑی قومیں ہیں جو صدیوں ساتھ رہنے کے باوجود آپس میں گھل مل نہ سکیں۔ نصب العین: مسلمانوں کی ایسی آزاد ریاست جہاں وہ اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی اسلامی اصولوں کے مطابق گزار سکیں۔ ابتدا: مسلمانوں کی آمد سے، 712ء میں محمد بن قاسم کی فتح سندھ، 1206ء میں قطب الدین ایبک کی سلطنت دہلی، اور قریباً ایک ہزار سال کی مسلم حکومت۔ ہندوؤں نے مسلمانوں کو دل سے تسلیم نہیں کیا۔ ارتقا: سرسید احمد خان نے 1867ء میں الگ قوم کا اعلان کیا اور تعلیمی جدوجہد کی؛ چوہدری رحمت علی نے 1933ء میں «اب یا پھر کبھی نہیں» جاری کیا؛ علامہ اقبال نے 1930ء میں الگ ریاست کا تصور دیا؛ قائداعظم نے 23 مارچ 1940ء کو قرارداد لاہور کی صدارت کی۔ معاشی محرومی نے بھی مسلمانوں کو الگ ریاست کی طرف مائل کیا۔

    نتیجہ: پاکستان دو قومی نظریے کی بنیاد پر قائم ہوا۔

  8. Q8 · 8 marks

    نظریہ کی تعریف بیان کرتے ہوئے نظریہ پاکستان کا مفہوم واضح کریں۔

    Answer

    نظریہ کی تعریف: کسی شے کو وجود میں لانے کے لیے ذہن میں ابھرنے والی سوچ، فکر اور نقشے کو نظریہ کہتے ہیں۔ کسی مقصد کے حصول کے لیے فکری خاکہ، قوم کی اجتماعی سوچ کا ایک بات پر متفق ہو جانا اور ایسی بات جو لوگوں کو متحد کر کے حصول کی کوشش پر آمادہ کرے، یہ سب نظریہ ہیں۔ نظریہ پاکستان کا مفہوم: اسلامی نظریہ حیات نظریہ پاکستان کی بنیاد ہے۔ قائداعظم نے فرمایا کہ پاکستان تو اسی روز وجود میں آ گیا تھا جب برصغیر کا پہلا ہندو مسلمان ہوا۔ پاکستان ایک نظریے کے تحت قائم ہوا، جس کی حیثیت پاکستان کے وجود میں روح کی طرح ہے۔ تعریفیں: ایک الگ خطہ زمین کا حصول جہاں مسلمان قرآن و سنت کی روشنی میں اسلامی قدروں کی حفاظت کر سکیں؛ تحریک پاکستان اور تعمیر پاکستان کے مجموعی تصور کو نظریہ پاکستان کہتے ہیں۔

    نتیجہ: یہی نظریہ پاکستان کی بقا کا ضامن ہے۔

  9. Q9 · 8 marks

    دو قومی نظریے کی ابتدا اور ارتقا میں سرسید احمد خان اور چوہدری رحمت علی کے کردار پر روشنی ڈالیں۔

    Answer

    سرسید احمد خان: 1817ء میں دہلی میں پیدا ہوئے۔ انگریزوں کے قبضے کے بعد پہلی شخصیت جس نے مسلمانوں کو علیحدہ قوم قرار دیا۔ ابتدا میں متحدہ قومیت کے حامی تھے مگر 1857ء کے بعد ہندوؤں کے رویے سے یہ احساس ہوا کہ ہندو مسلمانوں کے دوست نہیں ہو سکتے۔ 1867ء میں اردو ہندی تنازع پر واضح اعلان کیا کہ مسلمان اور ہندو الگ قومیں ہیں۔ تعلیمی ترقی کے لیے ایم-اے-او ہائی سکول اور کالج قائم کیا۔ 1898ء میں وفات پائی۔ چوہدری رحمت علی: اسلامیہ کالج لاہور کے نامور طالب علم تھے۔ 1933ء میں لندن میں پاکستان نیشنل موومنٹ کی بنیاد رکھی اور 28 جنوری 1933ء کو «اب یا پھر کبھی نہیں» کتابچہ جاری کیا، جو تحریک پاکستان کے لیے مضبوط دیوار ثابت ہوا اور لفظ «پاکستان» مسلمانوں اور دیگر اقوام میں معروف ہوا۔

    نتیجہ: دونوں شخصیات نے دو قومی نظریے کو آگے بڑھایا۔

  10. Q10 · 8 marks

    ہندوستان میں مسلمانوں کی معاشی محرومی کے اسباب تفصیل سے بیان کریں۔

    Answer

    انگریزوں نے ایسٹ انڈیا کمپنی 1600ء میں قائم کی اور ایسی معاشی پالیسیاں بنائیں جن کا زیادہ فائدہ خود انگریزوں کو ہوتا تھا۔ انگریزوں نے اپنی صنعت و تجارت کے تحفظ کے لیے ہندوستان کے عوام پر بھاری ٹیکس لگائے جس سے مسلمان بھی متاثر ہوئے۔ مسلمانوں کو ان تمام عہدوں سے محروم کر دیا گیا جو آبا و اجداد کے دور سے ان کے پاس چلے آ رہے تھے اور نئے عہدوں سے بھی محروم رکھا گیا۔ ہندوؤں کو معمولی عہدوں سے ترقی دے کر اعلیٰ عہدوں تک پہنچایا گیا۔ مسلمانوں کی زمینیں چھین کر دوسری اقوام کو دے دی گئیں اور انہیں سرکاری ملازمتوں سے نکال دیا گیا۔ بنگال میں امن و امان کی خرابی اور مناسب زراعت نہ ہونے سے اجناس کی قلت ہو گئی۔ ریشم اور سوت کے کاریگر دوسرے شہروں کی طرف چلے گئے اور ٹیکسوں کے باعث مال کی قیمت بہت بڑھ گئی۔ ایسٹ انڈیا کمپنی کے نئے ٹیکسوں سے مقامی زراعت کو سخت نقصان پہنچا۔

    نتیجہ: مسلمان معاشی طور پر بدحالی کا شکار ہوئے اور ان میں الگ وطن کا احساس بڑھا۔

  11. Q11 · 8 marks

    نظریہ اقوام کی زندگی میں کیوں ضروری ہے؟ نظریہ پاکستان کے حوالے سے مثالوں کے ساتھ وضاحت کریں۔

    Answer

    اہمیت: اقوام نظریے کی وجہ سے زندہ نظر آتی ہیں۔ نظریہ لوگوں کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے، قوم کو متحد رکھتا ہے، قومی حقوق و فرائض کی وضاحت کرتا ہے اور مقاصد کے حصول کے لیے ہر قسم کی مشکلات کا مقابلہ کرنے کی طاقت بخشتا ہے۔ یہ جدوجہد کا جذبہ پیدا کرتا ہے، انقلاب کو جنم دیتا ہے اور نئی راہیں کھولتا ہے۔ مثالیں: امریکا اور جنوبی افریقہ میں سیاہ رنگ کے لوگوں نے مساوی حقوق کے نظریے کے تحت جدوجہد کی۔ برصغیر کے مسلمانوں نے انگریزوں اور ہندوؤں کے ظالمانہ رویے کی وجہ سے سماجی و سیاسی حقوق کے لیے جدوجہد کی، جس سے علیحدہ وطن کا نظریہ وجود میں آیا۔ نظریہ پاکستان سے آگاہی: آج کی نوجوان نسل کو قیام پاکستان کے مقاصد، تحریک پاکستان کی قربانیوں اور رہنماؤں کی اہمیت سے آگاہ ہونا چاہیے تاکہ ملک بھر میں زبان، علاقہ اور صوبوں کی سطح پر نفرتیں ختم ہوں۔

    نتیجہ: نظریہ پاکستان کی بقا قوم کے اتحاد کی ضامن ہے۔

  12. Q12 · 8 marks

    اسلامی معاشرے میں اخوت و مساوات اور عدل و انصاف کی اہمیت پر مفصل نوٹ لکھیں۔

    Answer

    اخوت و مساوات: اسلامی معاشرے میں اخوت و مساوات کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ مدینہ منورہ میں اسلامی حکومت کے قیام پر مواخات مدینہ کی مثال نظر آئی۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے سود کو حرام قرار دیا اور زکوٰۃ و خیرات کا نظام وضع کیا۔ اسلام میں اونچ نیچ کا تصور نہیں، خطبہ حجۃ الوداع میں فضیلت کا معیار صرف تقویٰ قرار دیا گیا۔ سورۃ الحجرات کے مطابق اللہ کے نزدیک زیادہ عزت والا وہ ہے جو زیادہ پرہیزگار ہو۔ عدل و انصاف: عدل و انصاف کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ عدل و انصاف کے نفاذ کو ممکن بنانا عدالتی نظام کی ذمہ داری ہے اور عدالتوں کا آزاد ہونا نہایت ضروری ہے۔ قانون کا اطلاق سب پر یکساں ہو۔ بنو مخزوم کی عورت کے واقعے میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ پہلی قومیں اس لیے تباہ ہوئیں کہ بڑے آدمی کو سزا نہیں دیتی تھیں۔

    نتیجہ: یہی اصول اسلامی ریاست کی بنیاد ہیں۔

Test yourself on this chapter

Timed chapter tests, marked the moment you finish.

See the chapter tests

Practise with a free account

Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.

Create free account