Class 10 Urdu · Chapter 1
حمد: questions and answers
Every short question, long question and MCQ on this chapter's free papers, each with its answer. Try one yourself first, then check.
Short questions with answers
Q1 · 2 marks
شاعر نے کس شعر میں استفہامیہ انداز اپنایا ہے؟ شعر کی نشاندہی کریں۔
Answer
شاعر نے پہلے شعر یعنی مطلع میں استفہامیہ انداز اپنایا ہے۔ وہ سوالیہ انداز میں پوچھتے ہیں کہ جہاں اللہ تعالیٰ کی ذات ہے کیا وہاں کوئی اور ہو سکتا ہے؟ یقیناً یہ ممکن نہیں۔ شعر یہ ہے: دوسرا کون ہے، جہاں تو ہے / کون جانے تجھے، کہاں تو ہے
Q2 · 2 marks
“لاکھ پردوں میں تو ہے بے پردہ” کا مطلب واضح کریں۔
Answer
“لاکھ پردوں میں تو ہے بے پردہ” سے مراد اللہ تعالیٰ کی ذات کے اظہار کا انداز ہے۔ اس کی قدرت اتنی واضح ہے کہ کوئی پردہ بھی اس کے ظہور کو روک نہیں سکتا۔ بظاہر انسانی آنکھ کے آگے لاکھ پردے ہیں لیکن جب انسان کو معرفت نصیب ہو جائے تو اسے ہر چیز دیکھ کر اللہ تعالیٰ کے وجود کا احساس اور یقین ہوتا ہے۔
Q3 · 2 marks
“حمد” کے مطلع کے خیال کی کوئی اور مثال پیش کریں۔
Answer
حمد کے پہلے شعر میں اللہ تعالیٰ کے وجود کا اقرار کیا گیا ہے۔ اردو میں اس خیال کے بے شمار اشعار موجود ہیں۔ اس کی ایک مثال یہ ہے: جگ میں آ کر ادھر ادھر دیکھا / تو ہی آیا نظر جدھر دیکھا (خواجہ میر درد)۔
Q4 · 2 marks
شاعر نے چھٹے شعر میں کس طرح اللہ تعالیٰ کی ذات و صفات کو باغ، چمن اور رنگ و بو سے جوڑا ہے؟
Answer
شاعر نے حمد کے چھٹے شعر میں اللہ تعالیٰ کی ذات و صفات کو بڑی مہارت سے باغ، چمن اور رنگ و بو سے جوڑا ہے۔ اس کائنات کو چمن اور رنگ و بو کہا گیا ہے اور اللہ تعالیٰ کو باغباں یعنی اس کائنات کا نظام چلانے والا کہا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے حکم سے ہی اس کائنات کا سارا نظام چلتا ہے۔ یہ جہانِ رنگ و بو اللہ تعالیٰ کی قدرت و حکمت سے چلتا ہے۔
Q5 · 2 marks
شاعر کا حمد کہنے کا انداز کتنا مؤثر ہے؟
Answer
شاعر کا حمد کہنے کا انداز بے حد مؤثر ہے۔ ان کا انداز بہت سادہ اور دل کش ہے۔ شاعر نے بہت سلیس انداز میں اللہ تعالیٰ کی ذات و صفات کی خوبیاں بیان کی ہیں۔ مختلف تشبیہات و استعارات کے استعمال سے کلام میں وسعت اور گہرائی پیدا کی ہے۔ حمد میں صنعتِ تضاد اور استفہام کا بہت خوبصورت استعمال کیا گیا ہے۔
Q6 · 2 marks
“حمد” میں شاعر نے اللہ تعالیٰ کی کن کن صفات کا ذکر کیا ہے؟
Answer
حمد میں اللہ تعالیٰ کی درج ذیل صفات کا ذکر کیا گیا ہے: ۱۔ وہ ہر جگہ موجود ہے۔ ۲۔ ہر طرف اس کے نشان ظاہر ہیں۔ ۳۔ اللہ تعالیٰ ہی اس دنیا کا مہمان اور میزبان ہے۔ ۴۔ اس کائنات کا سارا نظام اللہ تعالیٰ کے حکم سے چلتا ہے۔ ۵۔ اللہ تعالیٰ سب سے بڑا رازداں ہے۔
Q7 · 2 marks
“حمد” کے تقاضے مدنظر رکھتے ہوئے بتائیں کہ ہم ذاتِ باری تعالیٰ کی مہربانیوں کا شکر کیسے ادا کر سکتے ہیں؟
Answer
بندگی کا تقاضا ہے کہ اپنے خالق کی حمد و ثنا بیان کی جائے۔ مالک کی خوش نودی حاصل کرنے کے لیے اس کی تعریف و توصیف بیان کی جائے۔ ہم اللہ تعالیٰ کی مہربانیوں کا شکر عمل سے بھی کر سکتے ہیں اور لفظوں سے بھی۔ لفظوں کے ذریعے اس طرح کہ ہم الحمدللہ کہیں۔ زبان سے اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا ذکر کریں۔ عمل سے اس طرح کہ ہم عبادت کریں۔ جو نعمت ہمیں دی گئی ہے وہ محروم لوگوں میں بانٹیں۔
Q8 · 2 marks
درج ذیل الفاظ پر اعراب لگا کر تلفظ واضح کریں۔ خلوت جلوت پنہاں چمن خوب
Answer
خَلْوَت، جَلْوَت، پِنْہاں، چَمَن، خُوب۔ ان الفاظ پر اعراب لگانے سے ان کا درست تلفظ واضح ہوتا ہے۔ خلوت اور جلوت کے پہلے حرف پر زبر ہے۔ پنہاں کے پہلے حرف پر زیر اور چمن کے دونوں حروف پر زبر ہے۔ خوب کے پہلے حرف پر پیش ہے۔
Q9 · 2 marks
کالم “الف” میں دیے گئے الفاظ کو کالم “ب” کے متعلقہ الفاظ سے ملائیں۔ کالم الف: خلوت، میزباں، مکاں، پنہاں، نشاں۔ کالم ب: مہماں، لامکاں، بےنشاں، جلوت، عیاں۔
Answer
خلوت کا متضاد جلوت ہے۔ میزباں کا متضاد مہماں ہے۔ مکاں کا متضاد لامکاں ہے۔ پنہاں کا متضاد عیاں ہے۔ نشاں کا متضاد بےنشاں ہے۔ یہ جوڑے حمد کے اشعار میں استعمال ہونے والے الفاظ کے الٹ معنی ظاہر کرتے ہیں۔
Q10 · 2 marks
حمد کسے کہتے ہیں؟
Answer
جس نظم میں اللہ تعالیٰ کی تعریف و توصیف بیان کی جائے اسے حمد کہتے ہیں۔ حمد عربی زبان کا لفظ ہے جس کا معنی تعریف اور ثنا ہے۔ حمد شاعری کی نہایت معتبر صنف ہے۔
Q11 · 2 marks
حمد کے شاعر کون ہیں؟
Answer
حمد کے شاعر کا نام امیر مینائی ہے۔ وہ نصیر الدین حیدر (شاہ اودھ) کے عہد میں لکھنؤ میں پیدا ہوئے۔ ان کی پیدائش 1829ء اور وفات 1900ء میں ہوئی۔ ان کے والد کا نام مولوی کرم محمد تھا۔
Q12 · 2 marks
“دوسرا کون ہے جہاں تو ہے” کا کیا مطلب ہے؟
Answer
اس کا مطلب ہے کہ اللہ واحد ہے۔ کائنات میں اس کا کوئی شریک نہیں۔ جس مقام پر اللہ تعالیٰ کی ذات موجود ہے وہاں کوئی دوسرا ہو ہی نہیں سکتا۔ یہ مصرع توحید کا اعلان ہے۔
Q13 · 2 marks
کیا کوئی انسان اللہ کو مکمل طور پر جان سکتا ہے؟
Answer
نہیں۔ شاعر کہتا ہے کہ اللہ کی ذات کو پوری طرح سمجھنا انسان کے بس میں نہیں۔ انسان کی سمجھنے اور سننے کی صلاحیت محدود ہے جبکہ اللہ تعالیٰ کی ذات و صفات لامحدود ہیں۔ اسی لیے کوئی نہیں جانتا کہ وہ کہاں اور کیسا ہے۔
Q14 · 2 marks
“بے پردہ” سے شاعر کی کیا مراد ہے؟
Answer
اس سے مراد ہے کہ اللہ کی قدرت کی نشانیاں اتنی واضح ہیں کہ وہ ہر جگہ نظر آتا ہے۔ کائنات کی ہر چیز اس کے وجود کی گواہی دیتی ہے۔ لاکھ پردے بھی اس کے ظہور کو نہیں چھپا سکتے۔
Q15 · 2 marks
“لاکھ پردوں” سے کیا مراد ہے؟
Answer
اس سے مراد حجاب یا انسانی عقل کی حد ہے۔ اسی وجہ سے ہم اللہ کو براہِ راست نہیں دیکھ سکتے۔ یہ پردے انسان اور اللہ کی ذات کے درمیان رکاوٹ سمجھے گئے ہیں۔
Q16 · 2 marks
اللہ کی ذات کو “بے نشاں” کیوں کہا گیا؟
Answer
کیوں کہ اللہ کی کوئی مادی شکل یا جسم نہیں ہے۔ وہ ایک غیبی حقیقت ہے۔ اس لیے اسے آنکھوں سے نہیں دیکھا جا سکتا۔ اس کے باوجود اس کی نشانیاں سینکڑوں ہیں۔
Q17 · 2 marks
“خلوت” کا مطلب کیا ہے؟
Answer
خلوت کا مطلب ہے تنہائی یا کیلا پن۔ جب انسان لوگوں سے الگ تھلگ اکیلا ہو تو اسے خلوت کہتے ہیں۔ شاعر کے مطابق اللہ تعالیٰ تنہائی میں بھی موجود ہے۔
Q18 · 2 marks
“جلوت” کا مطلب کیا ہے؟
Answer
جلوت کا مطلب ہے محفل، ہجوم یا لوگوں کے سامنے ہونا۔ یہ خلوت کا متضاد ہے۔ شاعر کہتا ہے کہ اللہ جلوت یعنی لوگوں کی محفل میں بھی موجود ہے۔
Q19 · 2 marks
اللہ خلوت اور جلوت میں کیسے موجود ہے؟
Answer
اللہ تنہائی میں بھی ہمارے ساتھ ہوتا ہے اور لوگوں کے درمیان بھی۔ شاعر کے مطابق کوئی جگہ اس کی موجودگی سے خالی نہیں۔ کہیں اس کی ذات چھپی ہوئی ہے اور کہیں واضح طور پر دکھائی دیتی ہے۔
Q20 · 2 marks
“پنہاں” کا کیا معنی ہے؟
Answer
پنہاں کا معنی ہے چھپا ہوا یا پوشیدہ۔ جو چیز نظروں سے اوجھل ہو اسے پنہاں کہتے ہیں۔ شاعر کے نزدیک اللہ کی ذات کہیں پنہاں ہے اور کہیں عیاں۔
Q21 · 2 marks
“عیاں” کا کیا معنی ہے؟
Answer
عیاں کا معنی ہے ظاہر یا کھلا ہوا۔ یہ پنہاں کا متضاد ہے۔ شاعر کے مطابق اللہ کی ذات کہیں واضح طور پر دکھائی دیتی ہے۔
Q22 · 2 marks
مکان اور لامکاں سے کیا مراد ہے؟
Answer
مکان سے مراد یہ دنیا اور لامکاں سے مراد وہ جگہیں ہیں جہاں تک انسان کی پہنچ نہیں۔ لامکاں عالمِ بالا کو بھی کہتے ہیں۔ شاعر کہتا ہے کہ اللہ کی ذات دونوں میں جلوہ گر ہے۔
Q23 · 2 marks
اللہ کہاں جلوہ فرما ہے؟
Answer
اللہ کائنات کی ہر جگہ اور ہر سمت میں جلوہ فرما ہے۔ وہ مکاں اور لامکاں دونوں میں موجود ہے۔ کوئی جگہ اس کے جلوے سے خالی نہیں۔
Q24 · 2 marks
“میزباں” اور “مہمان” والے شعر کا کیا مقصد ہے؟
Answer
اس کا مقصد یہ بتانا ہے کہ ہر طرف صرف اللہ ہی کی ذات کا نور ہے۔ کائنات میں اس کے سوا کچھ نہیں۔ وہی میزبان بھی ہے اور مہمان بھی۔
Q25 · 2 marks
شاعر نے کائنات کو ایک باغ کا ذکر کیوں کیا؟
Answer
شاعر نے کائنات کو ایک باغ سے تشبیہ دی ہے جس کا خالق اور مالک اللہ ہے۔ جس طرح باغ کا ایک مالی ہوتا ہے اسی طرح اس کائنات کا نگہبان اللہ ہے۔ اس سے اللہ کی قدرت اور نظم کا اظہار ہوتا ہے۔
Q26 · 2 marks
پھولوں کے رنگوں میں کیا چھپا ہے؟
Answer
پھولوں کے خوب صورت رنگ اللہ کی کاریگری اور حسن کو ظاہر کرتے ہیں۔ ہر رنگ میں اس کی قدرت جھلکتی ہے۔ اسی لیے رنگ اس کے خالق ہونے کا ثبوت ہیں۔
Q27 · 2 marks
پھولوں کی خوشبو ہمیں کیا بتاتی ہے؟
Answer
خوشبو اس بات کی گواہی دیتی ہے کہ اس کا بنانے والا (اللہ) قریب ہی ہے۔ جس طرح خوشبو سے پھول کی موجودگی کا پتا چلتا ہے اسی طرح اللہ کی موجودگی کا احساس ہوتا ہے۔ یہ اس کی موجودگی کی علامت ہے۔
Q28 · 2 marks
“محرم راز” کسے کہتے ہیں؟
Answer
محرم راز اس شخص کو کہتے ہیں جو کسی کے چھپے ہوئے بھید یا راز کو جانتا ہو۔ ایسا شخص دوسرے کے دل کی باتوں سے واقف ہوتا ہے۔ ساتویں شعر میں شاعر کہتا ہے کہ میرے محرم راز بہت ہیں لیکن اصل رازداں اللہ ہے۔
Q29 · 2 marks
دنیا میں اللہ کے راز جاننے والے کون ہیں؟
Answer
انبیاء، اولیاء اور وہ لوگ جو اللہ کی پہچان حاصل کر لیتے ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جنھیں اللہ کی معرفت نصیب ہوتی ہے۔
Q30 · 2 marks
اصل رازداں اللہ کو کیوں کہا گیا؟
Answer
کیوں کہ اللہ انسان کے دل کے حال اور کائنات کے ہر مخفی راز سے واقف ہے۔ کوئی بات اس سے چھپی ہوئی نہیں۔ اس لیے حقیقی رازداں صرف وہی ہے۔
Q31 · 2 marks
اس حمد کا بنیادی پیغام کیا ہے؟
Answer
اس کا پیغام یہ ہے کہ اللہ ہر جگہ موجود ہے اور وہی کائنات کی اصل سچائی ہے۔ ہر شے اس کے وجود کی گواہی دیتی ہے۔ انسان کو اسی کی تعریف اور اسی کا شکر کرنا چاہیے۔
Q32 · 2 marks
کیا یہ حمد پڑھ کر اللہ کی قدرت کا احساس ہوتا ہے؟
Answer
جی ہاں۔ یہ حمد ہمیں اللہ کی عظمت اور اس کی ہر جگہ موجودگی کا احساس دلاتی ہے۔ اس کے اشعار پڑھ کر انسان کے دل میں اللہ کی قدرت کا یقین پختہ ہوتا ہے۔
Q33 · 2 marks
شاعر نے اپنا تخلص کہاں استعمال کیا؟
Answer
شاعر نے اپنا تخلص “امیر” نظم کے آخری شعر (مقطع) میں استعمال کیا ہے۔ مقطع وہ شعر ہوتا ہے جس میں شاعر اپنا تخلص لاتا ہے۔ یہاں شاعر خود کو “اے امیر” کہہ کر مخاطب کرتا ہے۔
Q34 · 2 marks
“جلوہ فرما” کا کیا مطلب ہے؟
Answer
اس کا مطلب ہے اپنی پوری شان و شوکت کے ساتھ ظاہر ہونا۔ جب کوئی ہستی کسی جگہ پوری شان سے موجود ہو تو کہا جاتا ہے کہ وہ جلوہ فرما ہے۔ حمد میں یہ لفظ اللہ کی ہر جگہ موجودگی کے لیے آیا ہے۔
Q35 · 2 marks
شاعر نے باغ کا ذکر کیوں کیا؟
Answer
شاعر نے کائنات کو ایک باغ سے تشبیہ دی ہے جس کا خالق اور مالک اللہ ہے۔ جس طرح باغ کا ایک مالی ہوتا ہے اسی طرح اس کائنات کا نگہبان اللہ ہے۔ اس سے اللہ کی قدرت اور نظم کا اظہار ہوتا ہے۔
Long questions with answers
Q1 · 5 marks
“حمد” کا خلاصہ اپنے الفاظ میں تحریر کریں۔
Answer
اس حمد میں شاعر اللہ تعالیٰ کی عظمت اور وحدانیت بیان کرتا ہے۔ وہ کہتا ہے کہ اے اللہ! کائنات میں جو مقام و مرتبہ تیرا ہے وہ کسی اور کو حاصل نہیں۔ تیری ذات لاکھوں پردوں میں پوشیدہ ہے لیکن دیکھنے والی آنکھ تجھے پہچان لیتی ہے۔ تو جلوت ہو یا خلوت ہر جگہ موجود ہے۔ تو کسی خاص جگہ میں پابند نہیں بلکہ ہر جگہ جلوہ گر ہے۔ رنگ برنگے پھولوں اور ان کی خوشبوؤں سے تیری ذات عیاں ہوتی ہے۔ اے اللہ! تیری لامحدود صفات میں سے ایک صفت یہ بھی ہے کہ تو بندوں کا سب سے بڑا ہمدرد اور سچا رازدار ہے۔
Q2 · 5 marks
نظم “حمد” کا بغور مطالعہ کریں اور اس کا مرکزی خیال لکھیں۔
Answer
کائنات کی ہر شے اللہ تعالیٰ کی موجودگی کی گواہی دیتی ہے۔ اللہ تعالیٰ کی ذات واحد ہے اور وہ ہر جگہ موجود و ناظر ہے چاہے وہ انسان کی تنہائی ہو یا کائنات کی وسعتیں۔ کائنات کا سارا نظام، رنگ و بو اور رونق صرف اللہ تعالیٰ ہی کے دم سے ہے اور وہی حقیقی معبود ہے۔ شاعر کا پیغام یہ ہے کہ انسان کائنات کے حسن اور قدرت کے نظام پر غور کر کے اللہ کی وحدانیت کا یقین رکھے۔ جب انسان جان لیتا ہے کہ اللہ ہر جگہ موجود ہے تو وہ اسی کی عبادت کرتا اور اسی کا شکر ادا کرتا ہے۔
Q3 · 2 marks
درج ذیل شعر کی تشریح کریں۔ (نظم: حمد، شاعر: امیر مینائی) دوسرا کون ہے، جہاں تو ہے کون جانے تجھے، کہاں تو ہے
Answer
یہ شعر امیر مینائی کی حمد کا مطلع ہے۔ شاعر اللہ تعالیٰ سے عرض کرتا ہے کہ اے اللہ! جس مقام پر تو فائز ہے وہاں کوئی دوسرا ہو ہی نہیں سکتا۔ لفظ “جہاں” کا مطلب ہے جس جگہ اور “کہاں” کا مطلب ہے کس جگہ۔ کائنات میں جو مقام و مرتبہ اللہ کو حاصل ہے وہ کسی اور کو حاصل نہیں۔ وہ اپنی ذات، صفات اور اختیارات میں یکتا ہے۔ قرآن مجید میں ہے: کوئی چیز اس کی مثل نہیں۔ دوسرے مصرعے میں شاعر کہتا ہے کہ تو کہاں ہے، یہ کوئی نہیں جانتا۔ انسان کی عقل محدود ہے اور اللہ کی ذات لامحدود ہے۔ اس لیے کوئی اس کی ذات کو پوری طرح نہیں سمجھ سکتا۔ شعر میں استفہامیہ انداز اختیار کیا گیا ہے۔
Q4 · 2 marks
درج ذیل شعر کی تشریح متعلقہ حوالوں کی مدد سے کریں تاکہ شعر کی فکری اور فنی معنویت کھل جائے: لاکھ پردوں میں تو ہے بے پردہ سو نشانوں پہ بے نشاں تو ہے
Answer
یہ شعر امیر مینائی کی حمد کا دوسرا شعر ہے۔ “لاکھ پردوں میں” کا مطلب ہے بے شمار پردوں میں اور “سو نشانوں پہ” کا مطلب ہے سینکڑوں نشانیوں کے باوجود۔ شاعر کہتا ہے کہ اے اللہ! تیری ذات لاکھ پردوں میں چھپی ہونے کے باوجود نظر آتی ہے۔ تیرے وجود کے اقرار کے لیے سینکڑوں نشانیاں موجود ہیں۔ بے نشاں اسے کہتے ہیں جس کا نشان نہ ملے، یعنی اللہ کی کوئی مادی شکل نہیں۔ قرآن مجید میں ہے کہ آسمانوں اور زمین کی پیدائش اور رات دن کے ہیر پھیر میں عقل مندوں کے لیے نشانیاں ہیں۔ جیسے تصویر دیکھ کر مصور اور عمارت دیکھ کر معمار کا خیال آتا ہے، ویسے ہی کائنات دیکھ کر خالق کا یقین ہوتا ہے۔ فنی لحاظ سے شعر میں پردہ اور بے پردہ، نشاں اور بے نشاں میں صنعتِ تضاد ہے۔
Q5 · 2 marks
درج ذیل شعر کی تشریح کریں۔ (نظم: حمد، شاعر: امیر مینائی) تو ہے خلوت میں، تو ہے جلوت میں کہیں پنہاں، کہیں عیاں تو ہے
Answer
یہ شعر امیر مینائی کی حمد کا تیسرا شعر ہے۔ “خلوت” کا مطلب تنہائی، “جلوت” کا مطلب محفل یا ہجوم، “پنہاں” کا مطلب چھپا ہوا اور “عیاں” کا مطلب ظاہر ہے۔ شاعر کہتا ہے کہ اے اللہ! تو تنہائی میں بھی موجود ہے اور محفل میں بھی۔ کہیں تیری ذات چھپی ہوئی ہے اور کہیں واضح طور پر دکھائی دیتی ہے۔ کوئی جگہ تیری موجودگی سے خالی نہیں۔ قرآن مجید میں ہے: اور ہم اس کی شہ رگ سے بھی زیادہ قریب ہیں۔ جیسے انسان اکیلا ہو تو بھی اللہ کا خوف اسے برائی سے روکتا ہے۔ شعر میں خلوت و جلوت اور پنہاں و عیاں میں صنعتِ تضاد ہے۔
Q6 · 2 marks
درج ذیل شعر کی تشریح کریں۔ (نظم: حمد، شاعر: امیر مینائی) نہیں تیرے سوا یہاں کوئی میزباں تو ہے، میہماں تو ہے
Answer
یہ شعر امیر مینائی کی حمد کا چوتھا شعر ہے۔ “میزباں” کا مطلب صاحبِ خانہ اور “میہماں” کا مطلب گھر آنے والا مدعو شخص ہے۔ میہماں شعری ضرورت کے لیے استعمال ہوا ہے۔ شاعر کہتا ہے کہ اے اللہ! اس کائنات میں تیرے سوا کوئی نہیں۔ تو ہی اس کائنات کا مالک اور سب کو کھلانے والا ہے، اس لیے تو میزباں ہے۔ انسان بھی تیری ہی قدرت کا جلوہ ہے، اس لیے تو ہی مہمان بھی ہے۔ مطلب یہ ہے کہ ہر طرف صرف اللہ کی ذات کا نور ہے۔ یہ شعر وحدت الوجود کے خیال کی عکاسی کرتا ہے۔ دنیا کی ہر نعمت اسی کی عطا ہے۔
Q7 · 2 marks
درج ذیل شعر کی تشریح کریں۔ (نظم: حمد، شاعر: امیر مینائی) نہ مکاں میں، نہ لامکاں میں کچھ جلوہ فرما، یہاں وہاں تو ہے
Answer
یہ شعر امیر مینائی کی حمد کا پانچواں شعر ہے۔ “مکاں” کا مطلب جگہ یا زمین، “لامکاں” کا مطلب عالمِ بالا اور “جلوہ فرما” کا مطلب ظاہر ہونے والا ہے۔ شاعر کہتا ہے کہ اے اللہ! تیری ذات مکان اور لامکاں میں قید نہیں۔ تو وقت اور جگہ کی قید سے آزاد ہے۔ تیرا جلوہ ہر جگہ نظر آتا ہے، یہاں بھی اور وہاں بھی۔ جس طرح روشن چراغ کی روشنی کمرے میں ہر طرف پھیل جاتی ہے، اسی طرح اللہ کا نور ہر طرف ہے۔ قرآن مجید میں ہے: اللہ ہی زمین و آسمان کا نور ہے۔ اللہ کو کسی خاص سمت یا جگہ میں پابند سمجھنا غلط ہے۔
Q8 · 2 marks
درج ذیل شعر کی تشریح کریں۔ (نظم: حمد، شاعر: امیر مینائی) رنگ تیرا، چمن میں بو تیری خوب دیکھا تو باغباں تو ہے
Answer
یہ شعر امیر مینائی کی حمد کا چھٹا شعر ہے۔ “باغباں” کا مطلب مالی اور “خوب دیکھا” کا مطلب غور سے دیکھا ہے۔ شاعر کہتا ہے کہ اے اللہ! چمن میں پھولوں کا رنگ بھی تیرا ہے اور خوشبو بھی تیری ہے۔ جب ہم نے غور سے دیکھا تو معلوم ہوا کہ اس کائنات کا مالی بھی تو ہی ہے۔ جس طرح مالی باغ کی دیکھ بھال کرتا ہے، اسی طرح اللہ اس کائنات کا نظام چلاتا ہے۔ پھولوں کے رنگ اور خوشبو دیکھ کر ان کا خالق یاد آتا ہے۔ یوں چمن، رنگ اور بو اللہ کی قدرت کا ثبوت ہیں۔ شعر میں صنعتِ مراعاتِ النظیر ہے۔
Q9 · 2 marks
درج ذیل شعر کی تشریح کریں۔ (نظم: حمد، شاعر: امیر مینائی) محرم راز تو بہت ہیں امیر جس کو کہتے ہیں رازداں، تو ہے
Answer
یہ شعر امیر مینائی کی حمد کا آخری شعر یعنی مقطع ہے۔ اس میں شاعر نے اپنا تخلص “امیر” استعمال کیا ہے۔ “محرم” کا مطلب واقف یا بھیدی اور “رازداں” کا مطلب ہمراز ہے۔ شاعر خود سے مخاطب ہو کر کہتا ہے کہ اے امیر! میرے ہمراز تو بہت سے لوگ ہیں۔ وہ میری چھپی ہوئی باتوں کو بھی جانتے ہیں۔ لیکن حقیقی رازداں صرف اللہ کی ذات ہے۔ وہ تمام ظاہر و پوشیدہ باتوں سے واقف ہے۔ قرآن مجید میں ہے: اور اللہ سینوں کی باتوں سے خوب آگاہ ہے۔ انسان تو دوسروں کا راز دل میں نہیں رکھ پاتا، صرف اللہ ہی کامل پردہ پوشی پر قادر ہے۔
Test yourself on this chapter
Timed chapter tests, marked the moment you finish.
Practise with a free account
Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.