Parho

Class 10 Urdu · Chapter 14 · Test 3

طویل سوالات

Long questions

9 questions · 15 min · 50 marks

Want to try first? Take the free Urdu test: MCQs

Sample questions with answers

The first 5 of 9, each with a model answer. Try writing yours first.

  1. Question 1 · 5 marks

    نظم ”نمودِ صبح“ کے متن کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے الفاظ میں خلاصہ تحریر کریں۔

    Show model answer

    جب رات کا سفر ختم ہوا تو افق سے صبح کا کارواں نمودار ہونے لگا، ستاروں کی روشنی مدھم پڑ گئی اور فضا اذان کی مقدس صداؤں سے گونج اُٹھی۔ جیسے ہی سورج نے اپنا رخِ روشن دکھایا، رات کی سیاہی کا پردہ اُٹھ گیا اور پوری دنیا مطلعِ انوار بن گئی، یہاں تک کہ آسمان پر چاند کا رنگ سورج کی ہیبت سے پیلا پڑ گیا گویا مشرق و مغرب میں کسی عظیم سلطان کا نظم و نسق قائم ہو گیا ہو۔ آسمان سے ستاروں کا رخصت ہونا ایسا معلوم ہوتا تھا جیسے کوئی باغبان چمن سے پھول چن کر لے گیا ہو اور صبح کی ہوا کے سامنے ستاروں کے غنچے مرجھا کر چھپ گئے ہوں۔ اس سحر انگیز فضا میں پرندے اللہ کی یاد میں زمزمہ پردازی کرنے لگے اور ہر طرف ایک ایسی خنکی اور تازگی پھیل گئی جس نے آنکھوں اور دل کو سرور بخش دیا، جب کہ زمین پر انسان اور آسمان پر فرشتے، غرض کہ تمام مخلوق کی زبان پر اللہ کی قدرت کا ذکر جاری تھا۔ آسمان پر شفق کی سرخی اور زمین پر پھل دار درخت، صحرا اور سبزہ زار دل فریب منظر پیش کرتے تھے۔ پھولوں پر شبنم کے قطرے چمکدار موتیوں کی طرح جڑے ہوئے تھے اور پہاڑوں کے دامن پھولوں سے لدے ہوئے تھے، جب کہ نسیمِ سحر کے سرد جھونکے پھولوں کی خوش بو سے مشامِ جاں کو معطر کر رہے تھے۔

  2. Question 2 · 5 marks

    نظم ”نمودِ صبح“ کا مرکزی خیال تحریر کریں۔

    Show model answer

    صبح کا ظہور اللہ تعالیٰ کی قدرتِ کاملہ کا عظیم مظہر ہے، جس کے آتے ہی کائنات سے ظلمت کا خاتمہ ہو جاتا ہے اور پرندوں سے لے کر فرشتے اور انسان تک، تمام مخلوقات اللہ کی حمد و ثنا اور اس کے ذکر میں محو ہو جاتی ہیں۔ شاعر نے قدرت کے اس حسین تغیر کو انسانی جذبات اور روحانی تازگی کے حوالے سے نہایت خوب صورتی سے بیان کیا ہے۔

  3. Question 3 · 5 marks

    میر ببر علی انیس کا تعارف تحریر کریں۔

    Show model answer

    میر ببر علی انیس (۱۸۰۲ء - ۱۸۷۴ء) فیض آباد میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم اپنی والدہ محترمہ سے حاصل کی اور فنِ شعر میں اپنے والدِ گرامی میر خلیق سے اکتسابِ فیض کیا۔ جب اودھ کا دارالحکومت فیض آباد سے لکھنؤ منتقل ہوا تو ان کا پورا خاندان لکھنؤ چلا آیا۔ شاعری، میر انیس کے گھر کی میراث تھی اور اس گھرانے کی زبان کو سند کا درجہ حاصل تھا، جیسا کہ شیخ امام بخش ناسخ نے کہا ہے: ”زبان سیکھنا ہو تو میر خلیق کے خانوادے میں جاؤ۔“ میر انیس کے پردادا، میر ضاحک ہجو گوئی میں، ان کے دادا میر حسن مثنوی کے میدان میں اور والد، میر خلیق مرثیہ گوئی میں باوقار مقام کے حامل ہیں۔ میر انیس مرثیے کے حوالے سے فخر کا اظہار کرتے ہوئے ایک جگہ لکھتے ہیں: عمر گزری ہے اسی دشت کی سیاحی میں پانچویں پشت ہے شبیر کی مداحی میں انھیں کا خاندان، زبان کی صحت و سلامت کی طرف خاص طور پر توجہ دیتا تھا۔ انھوں نے مرثیہ گوئی میں کمال حاصل کیا اور اُردو مرثیے کو بیانیہ شاعری کا ایسا اعلیٰ نمونہ بنا دیا کہ ان کی شاعری کو دنیا کی کسی بھی بیانیہ شاعری کے مقابلے میں اعتماد سے رکھا جا سکتا ہے۔ مصور رنگوں سے تصویریں بناتا ہے مگر میر انیس نے لفظوں سے جو مرقع نگاری کی ہے وہ چشمِ تصور کی عمدہ ترین تصویریں ہیں۔ میر انیس نے غزلیں بھی کہی ہیں، سلام بھی اور ان کی رباعیوں کی تعداد بھی خاصی ہے مگر وہ مرثیے کہنے کے لیے پیدا ہوئے تھے۔ ان کے ہر مرثیے کا آغاز دل کش لفظی منظر کشی سے ہوتا ہے۔ مولانا محمد حسین آزاد نے میر انیس کو صفائیِ کلام، لطفِ زبان، چاشنیِ محاورہ، خوبیِ بندش، حسنِ اسلوب اور طرزِ ادا میں لاجواب لکھا ہے۔ ان کے مرثیے ”مراثیِ انیس“ کے نام سے دو ضخیم جلدوں میں شائع ہو چکے ہیں۔

  4. Question 4 · 5 marks

    مرثیہ کی تعریف کریں اور اس کے اجزائے ترکیبی بیان کریں۔

    Show model answer

    مرثیہ کا لفظ ”رثا“ سے نکلا ہے، اس کا معنی ہے: میت پر بین کرنا۔ اصطلاح میں وہ نظم مرثیہ کہلاتی ہے جو کسی کی موت پر غم کے اظہار کے طور پر لکھی جائے اور اس میں مرنے والے کے اوصاف بھی بیان کیے جائیں۔ تاہم اب مرثیہ سے ایسی نظم مراد لی جاتی ہے جس میں میدانِ کربلا کے واقعات، شہیدانِ کربلا کی بہادری اور ان کی شہادت پر غم کا اظہار کیا گیا ہو۔ مرثیہ کے اجزائے ترکیبی: چہرہ: یہ حصہ حمدیہ کلام پر مشتمل ہوتا ہے۔ اس میں قدرتی مناظر اور موسم کا ذکر بھی ہوتا ہے۔ سراپا: مظلومِ کربلا حضرت امام حسین اور ان کے جاں نثار ساتھیوں کا حلیہ اور پیکر بیان کیا جاتا ہے۔ رخصت: حضرت امام حسین کے گھر سے رخصت ہونے کا منظر جذباتی انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔ آمد: حضرت امام حسین اور ان کے ساتھیوں کو میدانِ جنگ میں آتے ہوئے دکھایا جاتا ہے۔ رجز: اس حصے میں یزیدی لشکر کو للکارا جاتا ہے اور فخریہ انداز میں اپنا حسب نسب بیان کیا جاتا ہے۔ رزم: لڑائی کے واقعات، تلواروں کی کاٹ اور گھوڑوں کی دوڑ کا بیان ہوتا ہے۔ شہادت: اس حصے میں حضرت امام حسین اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کو پُر درد انداز میں بیان کیا جاتا ہے۔ بین اور دعا: آخری حصے میں شہیدانِ کربلا کی شہادت پر ماتم کیا جاتا ہے اور دعا مانگی جاتی ہے۔

  5. Question 5 · 6 marks

    درج ذیل اشعار کی تشریح کریں۔ طے کر چکا جو منزلِ شب، کاروانِ صبح ہونے لگا افق سے ہویدا، نشانِ صبح گردوں سے کوچ کرنے لگے اخترانِ صبح ہر سو ہوئی بلند صدائے اذانِ صبح پنہاں نظر سے روئے شبِ تار ہو گیا عالم تمام مطلعِ انوار ہو گیا

    Show model answer

    نظم: نمودِ صبح (آمدِ صبح) شاعر: میر ببر علی انیس حلِ لغت: منزلِ شب: رات کی منزل۔ کاروانِ صبح: صبح کا قافلہ۔ افق: آسمان کا کنارا، آسمان۔ ہویدا: ظاہر۔ نشانِ صبح: صبح کی نشانی۔ گردوں: آسمان۔ کوچ کرنا: رخصت ہونا، روانہ ہونا۔ اختران: اختر کی جمع، ستارے۔ صدائے اذانِ صبح: صبح کی اذان کی آواز۔ پنہاں: چھپا ہوا۔ روئے شبِ تار: گہری سیاہ رات کا چہرہ۔ عالم: دنیا۔ مطلعِ انوار: روشنی کا منبع، روشنی کا مرکز۔ مفہوم: شعر 1: صبح کا قافلہ جب رات کی منزل طے کر چکا تو آسمان پر صبح کے طلوع ہونے کی نشانی ظاہر ہونے لگی۔ شعر 2: آسمان سے صبح کے ستارے رخصت ہونے لگے اور ہر طرف صبح کی اذان کی صدا بلند ہونے لگی۔ شعر 3: سیاہ تاریک رات کا چہرہ نظروں سے اوجھل ہو گیا اور تمام دنیا میں صبح کا اجالا پھیل گیا۔ تشریح: میر انیس قادر الکلام شاعر تھے۔ شاعری انھیں ورثے میں ملی تھی اگرچہ انھوں نے دیگر اصنافِ سخن میں بھی طبع آزمائی کی لیکن مرثیہ ان کا خاص میدان تھا۔ یہ نظم میر انیس کے ایک طویل مرثیہ کا حصہ ہے۔ مرثیہ ایسی نظم کو کہتے ہیں جس میں کسی فوت شدہ شخص کی خوبیاں بیان کی جائیں اور اس کی تعریف و توصیف دردمندی سے کی جائے۔ اُردو اور فارسی میں مرثیہ زیادہ تر شہدائے کربلا اور واقعہ کربلا کے بیان کے لیے مخصوص ہے۔ اس نظم میں میر انیس نے حضرت امام حسین کی کربلا میں آمد کا منظر بیان کیا ہے۔ وہ مناظرِ فطرت کی مصوری اس خوبی سے کرتے ہیں کہ وہ اصل مناظر سے کہیں زیادہ مؤثر اور دل کش محسوس ہوتی ہے۔ یہ نظم میر انیس کے ایک طویل مرثیے کا ابتدائی حصہ ہے جسے اصطلاح میں ”چہرہ“ کہا جاتا ہے۔ چہرہ مرثیے کا تمہیدی حصہ ہوتا ہے اس میں عموماً مناظرِ فطرت کو بیان کیا جاتا ہے۔ میر انیس نے یہاں آمدِ صبح کے منظر کی نہایت دل فریب عکاسی کی ہے۔ تشریح طلب بند میں شاعر میدانِ کربلا میں طلوعِ صبح کا منظر نہایت بلیغ انداز میں بیان کرتا ہے۔ طلوعِ صبح کے وقت آسمان پر جو تبدیلیاں ظاہر ہوتی ہیں شاعر انھیں نہایت دل کش انداز میں بیان کرتا ہے۔ پہلے مصرعے میں شاعر کہتا ہے کہ صبح کا قافلہ جو رات کی منزل پر کی جانب رواں دواں تھا، وہ قافلہ اپنا سفر مکمل کر چکا اور اپنی منزل پر پہنچ چکا ہے یعنی سورج روشنی، صبح کی ٹھنڈی ہوا وغیرہ اپنی منزل پر پہنچ چکے ہیں۔ اب صبح ہونے لگی ہے۔ دوسرے مصرعے میں شاعر طلوعِ صبح کی نشانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہتا ہے کہ آسمان کے کنارے پر صبح کے آثار ظاہر ہونے لگے۔ صبح کے وقت طلوعِ آفتاب سے پہلے آسمان پر ایک سرخی سی چھا جاتی ہے جو آمدِ صبح کا اعلان ہوتا ہے۔ افق کی یہ سرخی نمایاں ہونے لگی ہے اور رات کا گلزار اُجڑ گیا ہے۔ تیسرے مصرعے میں شاعر آسمان سے ستاروں کے رخصت ہونے کا ذکر کرتا ہے۔ ستارے جو تمام رات آسمان پر موتیوں کی مانند چمکتے ہیں اور رات کا حسن بڑھاتے ہیں، صبح ہوتے ہی یہ ستارے آہستہ آہستہ غائب ہونے لگتے ہیں۔ گویا طلوعِ صبح کی روشنی کے سامنے ان کی روشنی ماند پڑ جاتی ہے اور یہ ستارے صبح کی روشنی کے سامنے ٹھہر نہیں سکتے۔ صبح کا ستارہ مشرقی افق پر نمودار ہوتا ہے اور دیگر تمام ستاروں سے قدرے زیادہ روشن ہوتا ہے۔ زمانہ قدیم سے اس کا غروب ہونا صبح کی آمد کی نشانی سمجھا جاتا ہے۔ جیسے ہی صبح کا ستارہ غائب ہوتا ہے، پو پھٹنے لگتی ہے اور رفتہ رفتہ زمین پر ہر طرف روشنی پھیلنے لگتی ہے جس سے نہ صرف زمین بلکہ آسمان بھی روشن ہو جاتا ہے۔ گویا طلوعِ صبح سے زمین و آسمان دونوں منور ہو جاتے ہیں۔ اس شان سے طلوعِ سحر کی سنی نوید تاروں کی روشنی کا سماں ختم ہو گیا چوتھے مصرعے میں شاعر صبح کے وقت کی روحانیت کو بیان کرتے ہوئے کہتا ہے کہ صبح کے وقت ایک نشانی اذانِ فجر ہے۔ جب افق کی سرخی ظاہر ہوئی ستارے رخصت ہوئے تو ہر طرف صبح کی اذان کی صدا بلند ہونے لگی۔ جسے سن کر اطاعت گزار اور خدا کے نیک بندے عبادت کے لیے مسجدوں کا رخ کرنے لگتے ہیں۔ چرند پرند، پہاڑ، دریا، سمندر، وادی و کہسار ہر چیز خدا کی حمد اور تسبیح بیان کرنے لگتی ہے۔ بند کے آخری شعر میں شاعر طلوعِ آفتاب کا منظر نہایت خوب صورت تشبیہ سے بیان کرتا ہے۔ شاعر کہتا ہے کہ رات کا گہرا سیاہ چہرہ ہے اور جیسے ہی آفتاب طلوع ہونے لگا رات کا وہ سیاہ چہرہ نظروں سے اوجھل ہو گیا اور پوری دنیا میں روشنی ہی روشنی ہو گئی۔ صبح کے وقت آفتاب افق سے ابھرتا ہے اور ہر چیز کو منور کر دیتا ہے۔ یہ منظر ایسا ہوتا ہے کہ جیسے صبح کے چمن میں آفتاب کا پھول کھل اُٹھا ہے اور تمام چمن پُر بہار اور پُر رونق ہو گیا ہے۔ ہر طرف ہے نور سا پھیلا ہوا صبح کا منظر ہے کتنا دل نشیں

More tests in نمودِ صبح

Practise with a free account

Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.

Create free account