Class 10 Urdu · Chapter 14
نمودِ صبح: questions and answers
Every short question, long question and MCQ on this chapter's free papers, each with its answer. Try one yourself first, then check.
Short questions with answers
Q1 · 2 marks
”مسدس“ نظم میں کل کتنے مصرعے اور اشعار ہوتے ہیں؟
Answer
”مسدس“ نظم کے ہر بند میں کل چھے مصرعے ہوتے ہیں۔ اس کا ہر بند تین اشعار پر مشتمل ہوتا ہے۔
Q2 · 2 marks
میر انیس کی وجہ شہرت کس صنفِ ادب میں ہے؟
Answer
میر انیس کی شہرت مرثیہ کی وجہ سے ہے۔ آپ بلا شبہ اُردو ادب کے سب سے بڑے مرثیہ نگار ہیں۔ مرثیہ نگاری آپ کا خاندانی اور وراثتی کام تھا۔
Q3 · 2 marks
”مرثیہ“ کے اجزائے ترکیبی لکھیں۔
Answer
”مرثیہ“ کے اجزائے ترکیبی میں چہرہ، سراپا، رخصت، آمد، رجز، رزم، شہادت، بین اور دعا شامل ہیں۔
Q4 · 2 marks
”زمزمہ پردازیِ طیور“ کی وضاحت کریں۔
Answer
”زمزمہ پردازیِ طیور“ سے مراد پرندوں کا خوب صورت اور دل کش آواز میں چہچہانا ہے۔
Q5 · 2 marks
شبنم کے قطروں کو کس سے تشبیہ دی گئی ہے؟
Answer
شبنم کے قطروں کو گہر یعنی قیمتی موتی سے تشبیہ دی گئی ہے۔
Q6 · 2 marks
دامانِ کوہ سار کس سے بھرا ہوا تھا؟
Answer
”دامانِ کوہ سار“ پھولوں سے بھرا ہوا تھا۔
Q7 · 2 marks
ہر زبان پر کس کا ذکر تھا؟
Answer
ہر زبان پر قدرتِ حق کا ذکر جاری تھا۔
Q8 · 2 marks
نظم میں استعمال ہونے والے درج ذیل مرکبات کے معانی لکھیں:منزلِ شب، کاروانِ صبح، گلشنِ فلک، اخترانِ صبح، روئے شبِ تار، مطلعِ انوار، گلِ مہتاب، ثمر و شاخِ کہکشاں، گہر ہائے آب دار، بادِ سحر۔
Answer
منزلِ شب: رات کا آخری حصہ۔ کاروانِ صبح: صبح کا قافلہ / امید۔ گلشنِ فلک: ستاروں سے بھرا آسمان۔ اخترانِ صبح: صبح کے ستارے۔ روئے شبِ تار: تاریک رات کا چہرہ / مایوسی۔ مطلعِ انوار: نور کا سر چشمہ۔ گلِ مہتاب: چاندنی رات میں کھلنے والا پھول۔ ثمر و شاخِ کہکشاں: نظامِ شمسی۔ گہر ہائے آب دار: چمک دار موتی۔ بادِ سحر: صبح چلنے والی ٹھنڈی ہوا۔
Q9 · 2 marks
درست لفظ کی مدد سے مصرعہ مکمل کریں: عالم تمام مطلعِ ........... ہو گیا (تجلیات، انوار)
Answer
انوار
Q10 · 2 marks
درست لفظ کی مدد سے مصرعہ مکمل کریں: یوں گلشنِ فلک سے ........... ہوئے رواں (طیور، ستارے)
Answer
ستارے
Q11 · 2 marks
نظم نمودِ صبح میں تشبیہات و استعارات کی نشان دہی کریں۔
Answer
تشبیہات: گلشنِ فلک۔ استعارات: سلطانِ شرق و غرب، ثمر و شاخِ کہکشاں، گہر ہائے آب دار، نافے۔
Q12 · 2 marks
میر انیس کے خاندان کے افراد اور ان کے میدان کون سے تھے؟
Answer
میر انیس کے پردادا میر ضاحک ہجو گوئی میں، ان کے دادا میر حسن مثنوی کے میدان میں اور والد میر خلیق مرثیہ گوئی میں باوقار مقام کے حامل ہیں۔
Q13 · 2 marks
مولانا محمد حسین آزاد نے میر انیس کے بارے میں کیا لکھا ہے؟
Answer
مولانا محمد حسین آزاد نے میر انیس کو صفائیِ کلام، لطفِ زبان، چاشنیِ محاورہ، خوبیِ بندش، حسنِ اسلوب اور طرزِ ادا میں لاجواب لکھا ہے۔
Q14 · 2 marks
مرثیہ کسے کہتے ہیں؟
Answer
مرثیہ کا لفظ ”رثا“ سے نکلا ہے، اس کا معنی ہے: میت پر بین کرنا۔ اصطلاح میں وہ نظم مرثیہ کہلاتی ہے جو کسی کی موت پر غم کے اظہار کے طور پر لکھی جائے اور اس میں مرنے والے کے اوصاف بھی بیان کیے جائیں۔ اب مرثیہ سے ایسی نظم مراد لی جاتی ہے جس میں میدانِ کربلا کے واقعات، شہیدانِ کربلا کی بہادری اور ان کی شہادت پر غم کا اظہار کیا گیا ہو۔
Q15 · 2 marks
مرثیے کے جز ”چہرہ“ سے کیا مراد ہے؟
Answer
چہرہ مرثیے کا تمہیدی حصہ ہوتا ہے۔ یہ حصہ حمدیہ کلام پر مشتمل ہوتا ہے۔ اس میں قدرتی مناظر اور موسم کا ذکر بھی ہوتا ہے۔
Q16 · 2 marks
مرثیے کے جز ”رجز“ اور ”رزم“ میں کیا بیان ہوتا ہے؟
Answer
رجز: اس حصے میں یزیدی لشکر کو للکارا جاتا ہے اور فخریہ انداز میں اپنا حسب نسب بیان کیا جاتا ہے۔ رزم: لڑائی کے واقعات، تلواروں کی کاٹ اور گھوڑوں کی دوڑ کا بیان ہوتا ہے۔
Q17 · 2 marks
میر انیس کی اس نظم کے عنوان ”نمودِ صبح“ سے کیا مراد ہے؟
Answer
اس سے مراد صبح کا ظاہر ہونا یا طلوعِ سحر کا وہ منظر ہے جب رات کا اندھیرا ختم ہوتا ہے اور اجالا پھیل جاتا ہے۔
Q18 · 2 marks
”کاروانِ صبح“ سے شاعر کی کیا مراد ہے؟
Answer
اس سے مراد صبح کا وہ لشکر یا قافلہ ہے جو رات کی منزل طے کر کے اجالے کی صورت میں نمودار ہو رہا ہے۔
Q19 · 2 marks
”گردوں سے کوچ کرنے لگے اخترانِ صبح“ کا مفہوم واضح کریں۔
Answer
اس کا مطلب ہے کہ آسمان سے صبح کے ستارے رخصت ہونے لگے، یعنی روشنی آنے پر ستارے چھپنے لگے۔
Q20 · 2 marks
نظم کے مطابق ہر طرف کس چیز کی آواز بلند ہوئی؟
Answer
نظم کے مطابق ہر طرف اذانِ صبح کی آواز بلند ہوئی جس سے فضا گونج اٹھی۔
Q21 · 2 marks
”پنہاں نظر سے روئے شبِ تار ہو گیا“ سے کیا مراد ہے؟
Answer
اس کا مطلب ہے اندھیری رات کا چہرہ نظروں سے اوجھل ہو گیا اور اس کی جگہ روشنی نے لے لی۔
Q22 · 2 marks
شاعر نے سورج کے طلوع ہونے کو کس استعارے سے بیان کیا ہے؟
Answer
شاعر نے کہا ہے کہ سورج (خورشید) نے رات کے چہرے سے نقاب اٹھا دی ہے، جس سے ہر طرف نور پھیل گیا۔
Q23 · 2 marks
”در کھل گیا سحر کا“ کا کیا مطلب ہے؟
Answer
اس سے مراد صبح کا آغاز ہونا اور روشنی کے راستوں کا کھل جانا ہے۔
Q24 · 2 marks
”دفتر کشائے صبح نے الٹی کتابِ شب“ کا مفہوم کیا ہے؟
Answer
اس کا مطلب ہے کہ صبح کے کاتب نے رات کی داستان یا کتاب کو ختم کر کے ایک نیا ورق یعنی اجالا کھول دیا ہے۔
Q25 · 2 marks
چاند کے چہرے کا رنگ فق کیوں ہو گیا؟
Answer
سورج کی روشنی اور صبح کے اجالے کے سامنے چاند کی چمک ماند پڑ گئی، اس لیے اس کا رنگ فق یعنی زرد ہو گیا۔
Q26 · 2 marks
شاعر نے مشرق و مغرب کا سلطان کسے قرار دیا ہے؟
Answer
شاعر نے سورج کو مشرق و مغرب کا سلطان قرار دیا ہے جس کے حکم سے نظامِ کائنات چل رہا ہے۔
Q27 · 2 marks
”گلشنِ فلک“ سے شاعر کی کیا مراد ہے؟
Answer
گلشنِ فلک سے مراد آسمان ہے، جہاں ستارے پھولوں کی طرح کھلے ہوئے تھے۔
Q28 · 2 marks
ستارے آسمان سے کس طرح رخصت ہوئے؟
Answer
ستارے آسمان سے اس طرح رخصت ہوئے جیسے چمن سے باغبان پھول چن کر لے جاتا ہے۔
Q29 · 2 marks
”آئی بہار میں گلِ مہتاب پر خزاں“ کا کیا مطلب ہے؟
Answer
اس کا مطلب ہے کہ چاند کی روشنی جو رات بھر بہار کی طرح تھی صبح ہوتے ہی خزاں کی طرح مرجھا کر ختم ہو گئی۔
Q30 · 2 marks
بادِ سحر نے کیا کیا؟
Answer
صبح کی ٹھنڈی ہوا (بادِ سحر) نے ستاروں کی چمک کو ماند کر دیا۔
Q31 · 2 marks
صبح کے وقت پرندے کیا کر رہے تھے؟
Answer
پرندے صبح کے وقت اللہ کی یاد میں مصروف تھے اور اپنی چہچہاہٹ سے اس کی حمد و ثنا کر رہے تھے۔
Q32 · 2 marks
”زمزمہ پردازیِ طیور“ سے کیا مراد ہے؟
Answer
اس سے مراد پرندوں کا خوش الحانی کے ساتھ گیت گانا یا تسبیح پڑھنا ہے۔
Q33 · 2 marks
صبح کی فضا کیسی تھی جس سے دل و چشم کو سرور مل رہا تھا؟
Answer
فضا نہایت سرد، پُر رونق اور معطر تھی، جس کی ٹھنڈک سے آنکھوں اور دل کو سکون مل رہا تھا۔
Q34 · 2 marks
نظم کے مطابق زمین اور آسمان پر کیا جاری تھا؟
Answer
نظم کے مطابق ہر زبان پر اور زمین و آسمان کی ہر چیز میں قدرتِ حق کا ذکر جاری تھا۔
Q35 · 2 marks
شبنم کے قطروں کو شاعر نے کس سے تشبیہ دی ہے؟
Answer
شاعر نے پھولوں پر پڑنے والے شبنم کے قطروں کو چمک دار موتیوں (گہر ہائے آب دار) سے تشبیہ دی ہے۔
Q36 · 2 marks
”نافے کھلے ہوئے وہ گلوں کی شمیم کے“ کا مطلب بتائیں۔
Answer
اس کا مطلب ہے کہ پھولوں کے کھلنے سے ان کی خوشبو (شمیم) ہر طرف اس طرح پھیل گئی جیسے کستوری کے نافے کھل گئے ہوں۔
Long questions with answers
Q1 · 5 marks
نظم ”نمودِ صبح“ کے متن کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے الفاظ میں خلاصہ تحریر کریں۔
Answer
جب رات کا سفر ختم ہوا تو افق سے صبح کا کارواں نمودار ہونے لگا، ستاروں کی روشنی مدھم پڑ گئی اور فضا اذان کی مقدس صداؤں سے گونج اُٹھی۔ جیسے ہی سورج نے اپنا رخِ روشن دکھایا، رات کی سیاہی کا پردہ اُٹھ گیا اور پوری دنیا مطلعِ انوار بن گئی، یہاں تک کہ آسمان پر چاند کا رنگ سورج کی ہیبت سے پیلا پڑ گیا گویا مشرق و مغرب میں کسی عظیم سلطان کا نظم و نسق قائم ہو گیا ہو۔ آسمان سے ستاروں کا رخصت ہونا ایسا معلوم ہوتا تھا جیسے کوئی باغبان چمن سے پھول چن کر لے گیا ہو اور صبح کی ہوا کے سامنے ستاروں کے غنچے مرجھا کر چھپ گئے ہوں۔ اس سحر انگیز فضا میں پرندے اللہ کی یاد میں زمزمہ پردازی کرنے لگے اور ہر طرف ایک ایسی خنکی اور تازگی پھیل گئی جس نے آنکھوں اور دل کو سرور بخش دیا، جب کہ زمین پر انسان اور آسمان پر فرشتے، غرض کہ تمام مخلوق کی زبان پر اللہ کی قدرت کا ذکر جاری تھا۔ آسمان پر شفق کی سرخی اور زمین پر پھل دار درخت، صحرا اور سبزہ زار دل فریب منظر پیش کرتے تھے۔ پھولوں پر شبنم کے قطرے چمکدار موتیوں کی طرح جڑے ہوئے تھے اور پہاڑوں کے دامن پھولوں سے لدے ہوئے تھے، جب کہ نسیمِ سحر کے سرد جھونکے پھولوں کی خوش بو سے مشامِ جاں کو معطر کر رہے تھے۔
Q2 · 5 marks
نظم ”نمودِ صبح“ کا مرکزی خیال تحریر کریں۔
Answer
صبح کا ظہور اللہ تعالیٰ کی قدرتِ کاملہ کا عظیم مظہر ہے، جس کے آتے ہی کائنات سے ظلمت کا خاتمہ ہو جاتا ہے اور پرندوں سے لے کر فرشتے اور انسان تک، تمام مخلوقات اللہ کی حمد و ثنا اور اس کے ذکر میں محو ہو جاتی ہیں۔ شاعر نے قدرت کے اس حسین تغیر کو انسانی جذبات اور روحانی تازگی کے حوالے سے نہایت خوب صورتی سے بیان کیا ہے۔
Q3 · 5 marks
میر ببر علی انیس کا تعارف تحریر کریں۔
Answer
میر ببر علی انیس (۱۸۰۲ء - ۱۸۷۴ء) فیض آباد میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم اپنی والدہ محترمہ سے حاصل کی اور فنِ شعر میں اپنے والدِ گرامی میر خلیق سے اکتسابِ فیض کیا۔ جب اودھ کا دارالحکومت فیض آباد سے لکھنؤ منتقل ہوا تو ان کا پورا خاندان لکھنؤ چلا آیا۔ شاعری، میر انیس کے گھر کی میراث تھی اور اس گھرانے کی زبان کو سند کا درجہ حاصل تھا، جیسا کہ شیخ امام بخش ناسخ نے کہا ہے: ”زبان سیکھنا ہو تو میر خلیق کے خانوادے میں جاؤ۔“ میر انیس کے پردادا، میر ضاحک ہجو گوئی میں، ان کے دادا میر حسن مثنوی کے میدان میں اور والد، میر خلیق مرثیہ گوئی میں باوقار مقام کے حامل ہیں۔ میر انیس مرثیے کے حوالے سے فخر کا اظہار کرتے ہوئے ایک جگہ لکھتے ہیں: عمر گزری ہے اسی دشت کی سیاحی میں پانچویں پشت ہے شبیر کی مداحی میں انھیں کا خاندان، زبان کی صحت و سلامت کی طرف خاص طور پر توجہ دیتا تھا۔ انھوں نے مرثیہ گوئی میں کمال حاصل کیا اور اُردو مرثیے کو بیانیہ شاعری کا ایسا اعلیٰ نمونہ بنا دیا کہ ان کی شاعری کو دنیا کی کسی بھی بیانیہ شاعری کے مقابلے میں اعتماد سے رکھا جا سکتا ہے۔ مصور رنگوں سے تصویریں بناتا ہے مگر میر انیس نے لفظوں سے جو مرقع نگاری کی ہے وہ چشمِ تصور کی عمدہ ترین تصویریں ہیں۔ میر انیس نے غزلیں بھی کہی ہیں، سلام بھی اور ان کی رباعیوں کی تعداد بھی خاصی ہے مگر وہ مرثیے کہنے کے لیے پیدا ہوئے تھے۔ ان کے ہر مرثیے کا آغاز دل کش لفظی منظر کشی سے ہوتا ہے۔ مولانا محمد حسین آزاد نے میر انیس کو صفائیِ کلام، لطفِ زبان، چاشنیِ محاورہ، خوبیِ بندش، حسنِ اسلوب اور طرزِ ادا میں لاجواب لکھا ہے۔ ان کے مرثیے ”مراثیِ انیس“ کے نام سے دو ضخیم جلدوں میں شائع ہو چکے ہیں۔
Q4 · 5 marks
مرثیہ کی تعریف کریں اور اس کے اجزائے ترکیبی بیان کریں۔
Answer
مرثیہ کا لفظ ”رثا“ سے نکلا ہے، اس کا معنی ہے: میت پر بین کرنا۔ اصطلاح میں وہ نظم مرثیہ کہلاتی ہے جو کسی کی موت پر غم کے اظہار کے طور پر لکھی جائے اور اس میں مرنے والے کے اوصاف بھی بیان کیے جائیں۔ تاہم اب مرثیہ سے ایسی نظم مراد لی جاتی ہے جس میں میدانِ کربلا کے واقعات، شہیدانِ کربلا کی بہادری اور ان کی شہادت پر غم کا اظہار کیا گیا ہو۔ مرثیہ کے اجزائے ترکیبی: چہرہ: یہ حصہ حمدیہ کلام پر مشتمل ہوتا ہے۔ اس میں قدرتی مناظر اور موسم کا ذکر بھی ہوتا ہے۔ سراپا: مظلومِ کربلا حضرت امام حسین اور ان کے جاں نثار ساتھیوں کا حلیہ اور پیکر بیان کیا جاتا ہے۔ رخصت: حضرت امام حسین کے گھر سے رخصت ہونے کا منظر جذباتی انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔ آمد: حضرت امام حسین اور ان کے ساتھیوں کو میدانِ جنگ میں آتے ہوئے دکھایا جاتا ہے۔ رجز: اس حصے میں یزیدی لشکر کو للکارا جاتا ہے اور فخریہ انداز میں اپنا حسب نسب بیان کیا جاتا ہے۔ رزم: لڑائی کے واقعات، تلواروں کی کاٹ اور گھوڑوں کی دوڑ کا بیان ہوتا ہے۔ شہادت: اس حصے میں حضرت امام حسین اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کو پُر درد انداز میں بیان کیا جاتا ہے۔ بین اور دعا: آخری حصے میں شہیدانِ کربلا کی شہادت پر ماتم کیا جاتا ہے اور دعا مانگی جاتی ہے۔
Q5 · 6 marks
درج ذیل اشعار کی تشریح کریں۔ طے کر چکا جو منزلِ شب، کاروانِ صبح ہونے لگا افق سے ہویدا، نشانِ صبح گردوں سے کوچ کرنے لگے اخترانِ صبح ہر سو ہوئی بلند صدائے اذانِ صبح پنہاں نظر سے روئے شبِ تار ہو گیا عالم تمام مطلعِ انوار ہو گیا
Answer
نظم: نمودِ صبح (آمدِ صبح) شاعر: میر ببر علی انیس حلِ لغت: منزلِ شب: رات کی منزل۔ کاروانِ صبح: صبح کا قافلہ۔ افق: آسمان کا کنارا، آسمان۔ ہویدا: ظاہر۔ نشانِ صبح: صبح کی نشانی۔ گردوں: آسمان۔ کوچ کرنا: رخصت ہونا، روانہ ہونا۔ اختران: اختر کی جمع، ستارے۔ صدائے اذانِ صبح: صبح کی اذان کی آواز۔ پنہاں: چھپا ہوا۔ روئے شبِ تار: گہری سیاہ رات کا چہرہ۔ عالم: دنیا۔ مطلعِ انوار: روشنی کا منبع، روشنی کا مرکز۔ مفہوم: شعر 1: صبح کا قافلہ جب رات کی منزل طے کر چکا تو آسمان پر صبح کے طلوع ہونے کی نشانی ظاہر ہونے لگی۔ شعر 2: آسمان سے صبح کے ستارے رخصت ہونے لگے اور ہر طرف صبح کی اذان کی صدا بلند ہونے لگی۔ شعر 3: سیاہ تاریک رات کا چہرہ نظروں سے اوجھل ہو گیا اور تمام دنیا میں صبح کا اجالا پھیل گیا۔ تشریح: میر انیس قادر الکلام شاعر تھے۔ شاعری انھیں ورثے میں ملی تھی اگرچہ انھوں نے دیگر اصنافِ سخن میں بھی طبع آزمائی کی لیکن مرثیہ ان کا خاص میدان تھا۔ یہ نظم میر انیس کے ایک طویل مرثیہ کا حصہ ہے۔ مرثیہ ایسی نظم کو کہتے ہیں جس میں کسی فوت شدہ شخص کی خوبیاں بیان کی جائیں اور اس کی تعریف و توصیف دردمندی سے کی جائے۔ اُردو اور فارسی میں مرثیہ زیادہ تر شہدائے کربلا اور واقعہ کربلا کے بیان کے لیے مخصوص ہے۔ اس نظم میں میر انیس نے حضرت امام حسین کی کربلا میں آمد کا منظر بیان کیا ہے۔ وہ مناظرِ فطرت کی مصوری اس خوبی سے کرتے ہیں کہ وہ اصل مناظر سے کہیں زیادہ مؤثر اور دل کش محسوس ہوتی ہے۔ یہ نظم میر انیس کے ایک طویل مرثیے کا ابتدائی حصہ ہے جسے اصطلاح میں ”چہرہ“ کہا جاتا ہے۔ چہرہ مرثیے کا تمہیدی حصہ ہوتا ہے اس میں عموماً مناظرِ فطرت کو بیان کیا جاتا ہے۔ میر انیس نے یہاں آمدِ صبح کے منظر کی نہایت دل فریب عکاسی کی ہے۔ تشریح طلب بند میں شاعر میدانِ کربلا میں طلوعِ صبح کا منظر نہایت بلیغ انداز میں بیان کرتا ہے۔ طلوعِ صبح کے وقت آسمان پر جو تبدیلیاں ظاہر ہوتی ہیں شاعر انھیں نہایت دل کش انداز میں بیان کرتا ہے۔ پہلے مصرعے میں شاعر کہتا ہے کہ صبح کا قافلہ جو رات کی منزل پر کی جانب رواں دواں تھا، وہ قافلہ اپنا سفر مکمل کر چکا اور اپنی منزل پر پہنچ چکا ہے یعنی سورج روشنی، صبح کی ٹھنڈی ہوا وغیرہ اپنی منزل پر پہنچ چکے ہیں۔ اب صبح ہونے لگی ہے۔ دوسرے مصرعے میں شاعر طلوعِ صبح کی نشانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہتا ہے کہ آسمان کے کنارے پر صبح کے آثار ظاہر ہونے لگے۔ صبح کے وقت طلوعِ آفتاب سے پہلے آسمان پر ایک سرخی سی چھا جاتی ہے جو آمدِ صبح کا اعلان ہوتا ہے۔ افق کی یہ سرخی نمایاں ہونے لگی ہے اور رات کا گلزار اُجڑ گیا ہے۔ تیسرے مصرعے میں شاعر آسمان سے ستاروں کے رخصت ہونے کا ذکر کرتا ہے۔ ستارے جو تمام رات آسمان پر موتیوں کی مانند چمکتے ہیں اور رات کا حسن بڑھاتے ہیں، صبح ہوتے ہی یہ ستارے آہستہ آہستہ غائب ہونے لگتے ہیں۔ گویا طلوعِ صبح کی روشنی کے سامنے ان کی روشنی ماند پڑ جاتی ہے اور یہ ستارے صبح کی روشنی کے سامنے ٹھہر نہیں سکتے۔ صبح کا ستارہ مشرقی افق پر نمودار ہوتا ہے اور دیگر تمام ستاروں سے قدرے زیادہ روشن ہوتا ہے۔ زمانہ قدیم سے اس کا غروب ہونا صبح کی آمد کی نشانی سمجھا جاتا ہے۔ جیسے ہی صبح کا ستارہ غائب ہوتا ہے، پو پھٹنے لگتی ہے اور رفتہ رفتہ زمین پر ہر طرف روشنی پھیلنے لگتی ہے جس سے نہ صرف زمین بلکہ آسمان بھی روشن ہو جاتا ہے۔ گویا طلوعِ صبح سے زمین و آسمان دونوں منور ہو جاتے ہیں۔ اس شان سے طلوعِ سحر کی سنی نوید تاروں کی روشنی کا سماں ختم ہو گیا چوتھے مصرعے میں شاعر صبح کے وقت کی روحانیت کو بیان کرتے ہوئے کہتا ہے کہ صبح کے وقت ایک نشانی اذانِ فجر ہے۔ جب افق کی سرخی ظاہر ہوئی ستارے رخصت ہوئے تو ہر طرف صبح کی اذان کی صدا بلند ہونے لگی۔ جسے سن کر اطاعت گزار اور خدا کے نیک بندے عبادت کے لیے مسجدوں کا رخ کرنے لگتے ہیں۔ چرند پرند، پہاڑ، دریا، سمندر، وادی و کہسار ہر چیز خدا کی حمد اور تسبیح بیان کرنے لگتی ہے۔ بند کے آخری شعر میں شاعر طلوعِ آفتاب کا منظر نہایت خوب صورت تشبیہ سے بیان کرتا ہے۔ شاعر کہتا ہے کہ رات کا گہرا سیاہ چہرہ ہے اور جیسے ہی آفتاب طلوع ہونے لگا رات کا وہ سیاہ چہرہ نظروں سے اوجھل ہو گیا اور پوری دنیا میں روشنی ہی روشنی ہو گئی۔ صبح کے وقت آفتاب افق سے ابھرتا ہے اور ہر چیز کو منور کر دیتا ہے۔ یہ منظر ایسا ہوتا ہے کہ جیسے صبح کے چمن میں آفتاب کا پھول کھل اُٹھا ہے اور تمام چمن پُر بہار اور پُر رونق ہو گیا ہے۔ ہر طرف ہے نور سا پھیلا ہوا صبح کا منظر ہے کتنا دل نشیں
Q6 · 6 marks
درج ذیل اشعار کی تشریح کریں۔ خورشید نے جو رخ سے اٹھائی نقابِ شب در کھل گیا سحر کا ہوا بند بابِ شب انجم کی فرد فرد سے لے کر حسابِ شب دفتر کشائے صبح نے الٹی کتابِ شب گردوں پہ رنگ چہرۂ مہتاب فق ہوا سلطانِ غرب و شرق کا نظم و نسق ہوا
Answer
نظم: نمودِ صبح (آمدِ صبح) شاعر: میر ببر علی انیس حلِ لغت: خورشید: سورج۔ رخ: چہرہ۔ نقابِ شب: رات کا پردہ۔ سحر: صبح۔ بابِ شب: رات کا دروازہ۔ انجم: ستارا۔ دفتر کشائے صبح: صبح کے ظہور کا دفتر، مراد سورج۔ گردوں: آسمان۔ چہرۂ مہتاب: چاند کا چہرہ۔ رنگ فق ہونا: رنگ بدل جانا۔ سلطانِ غرب و شرق: مشرق و مغرب کا بادشاہ۔ نظم و نسق: انتظام۔ مفہوم: شعر 1: سورج نے چہرے سے رات کی نقاب اتاری تو صبح کا دروازہ کھل گیا اور رات کا دروازہ بند ہو گیا۔ شعر 2: صبح کے اجالے نے ایک ایک ستارے سے رات کا حساب لے کر رجسٹر بند کر دیا۔ شعر 3: آسمان پر چاند کے چہرے کا رنگ پھیکا پڑ گیا اور ہر طرف مشرق و مغرب کے بادشاہ (سورج) کی حکمرانی شروع ہو گئی۔ تشریح: تشریح طلب بند میں شاعر میدانِ کربلا میں صبح کی آمد کا منظر نہایت خوب صورتی سے بیان کرتا ہے۔ پہلے مصرعے میں شاعر نے آفتاب کو ایک خوب صورت حسینہ سے تشبیہ دی ہے جس نے چہرے پر سیاہ نقاب ڈالی ہوئی ہے۔ شاعر کہتا ہے طلوعِ صبح کے وقت آفتاب نے اپنے چہرے سے رات کی سیاہ نقاب پلٹ دی۔ سیاہ نقاب کی وجہ سے دنیا میں تاریکی چھائی ہوئی تھی جیسے ہی رات کی سیاہ نقاب اُٹھائی گئی تو آفتاب کا خوب صورت اور روشن چہرہ برآمد ہوا۔ دوسرے مصرعے میں شاعر کہتا ہے جیسے ہی آفتاب نے سیاہ نقاب اُٹھائی، رات کا سیاہ باب بند ہوا اور ہر طرف طلوعِ سحر کے باب کھل گئے۔ یہاں شاعر نے رات اور صبح کو دروازوں سے تشبیہ دی ہے۔ جیسے کسی عمارت کا دروازہ کھلنے سے روشنی داخل ہونے لگتی ہے اور دروازہ بند ہونے پر تاریکی چھا جاتی ہے۔ شاعر کہتا ہے طلوعِ سحر کا باب کھلا تو روشنی سیلاب کی مانند ہر طرف پھیل گئی اور تاریکی کا خاتمہ ہو گیا۔ حسینۂ نمود نے نقاب اٹھا دیا فسوں گرِ جمود نے طلسمِ شب مٹا دیا تیسرے اور چوتھے مصرعے میں شاعر نے صبح کو ایک رجسٹرار سے تشبیہ دی ہے۔ جس کے ذمے ایک ایک کارکن سے اس کی ڈیوٹی کا حساب لے کر رجسٹر میں درج کرنا ہوتا ہے۔ شاعر کہتا ہے ظہورِ صبح کے دفتر کے رجسٹرار (سورج) نے رات کے ایک ایک کارکن یعنی ہر ستارے سے اس کی کارکردگی کا حساب لے کر رجسٹر میں درج کیا اور کام ختم ہونے کے بعد رجسٹر اُلٹ کر رکھ دیا۔ یہ آسمان پر صبح کے وقت ایک ایک ستارے کے رخصت ہونے کا نہایت بلیغ منظر ہے۔ طلوعِ صبح کے آسمان سے ایک ایک کر کے تمام ستارے رخصت ہوتے چلے گئے گویا وہ سورج کو حساب دے کر چھٹی پر چلے گئے۔ خورشید بن گئے طبقِ ارضِ پاک کے تاروں کو گرد کر دیا ذروں نے خاک کے (میر انیس) آخری شعر میں شاعر طلوعِ صبح کے وقت سورج کی روشنی کے سامنے چاند کی روشنی ماند پڑ گئی اور آسمان پر چاند کے چہرے کا رنگ فق پڑ گیا، سورج کے سامنے وہ پھیکا پڑ گیا۔ اس طرح آسمان پر چاند کی حکمرانی کا دور ختم ہوا اور سورج جو مشرق و مغرب کا بادشاہ ہے، اس کے عہدِ حکمرانی کا آغاز ہو گیا۔ چہار جانب سورج کی روشنی پھیل گئی اور رات کی تاریکی کافور ہو گئی۔ شاعر نے یہاں سورج کو سلطانِ شرق و غرب کے لقب سے مخاطب کیا ہے۔ یعنی مشرق و مغرب میں سورج کی بادشاہت کا ڈنکا بجتا ہے۔ اس پوری سلطنت میں اسی کا سکہ چلتا ہے اور اس کا راج ہے۔ یکایک ایک نور کا غبار شرق سے اٹھا وہ رفتہ رفتہ بڑھ چلا اور آسمان پہ چھا گیا
Q7 · 6 marks
درج ذیل اشعار کی تشریح کریں۔ یوں گلشنِ فلک سے ستارے ہوئے رواں چن لے چمن سے پھولوں کو جس طرح باغباں آئی بہار میں گلِ مہتاب پر خزاں مرجھا کے رہ گئے ثمر و شاخِ کہکشاں دکھلائے طور بادِ سحر نے سموم کے پژمردہ ہو کے رہ گئے غنچے نجوم کے
Answer
نظم: نمودِ صبح (آمدِ صبح) شاعر: میر ببر علی انیس حلِ لغت: گلشنِ فلک: آسمان کا باغ۔ رواں: روانہ، رخصت۔ باغباں: باغ کا مالی۔ گلِ مہتاب: چاند کا پھول۔ ثمر: پھل۔ شاخ: ٹہنی۔ کہکشاں: ستاروں کا راستہ۔ طور: انداز۔ بادِ سحر: صبح کی ہوا۔ سموم: گرم ہوا، لو۔ پژمردہ: مرجھایا ہوا۔ غنچے: کلیاں۔ نجوم: نجم کی جمع، ستارے۔ مفہوم: شعر 1: آسمان کے چمن سے ستارے یوں رخصت ہو گئے جیسے باغبان کسی چمن سے پھولوں کو چن لیتا ہے۔ شعر 2: گلشنِ فلک میں بہار کے موسم میں ہی خزاں آ گئی چاند کا پھول اور کہکشاؤں کے ثمر و شاخ سب مرجھا گئے۔ شعر 3: صبح کی خوش گوار ہوا نے جھلسا دینے والی لو کے انداز دکھانے شروع کیے تو ستاروں کی کلیاں بھی مرجھا گئیں۔ تشریح: تشریح طلب بند میں شاعر میدانِ کربلا میں صبح کے منظر کی نہایت بلیغ الفاظ میں عکاسی کرتا ہے۔ پہلے شعر میں شاعر آسمان کو ایک باغ سے تشبیہ دیتا ہے اور ستاروں کو باغ کے پھولوں سے تشبیہ دیتا ہے۔ شاعر کہتا ہے طلوعِ آفتاب کے ساتھ ہی ہر سمت نور پھیل گیا اور ستارے آسمان سے رخصت ہونے لگے۔ ستاروں کے فلک سے رخصت ہونے کا منظر ایسا تھا گویا باغ سے باغباں پھول چن رہا ہے۔ اسی طرح ایک ایک کر کے سب ستارے آسمانِ دنیا سے غائب ہو گئے۔ دوسرے شعر میں شاعر چاند کو ایک پھول سے تشبیہ دیتا ہے۔ شاعر کہتا ہے طلوعِ صبح کا منظر بہار کی آمد جیسا تھا۔ صبح کی بہار آئی تو چاند کے پھول پر خزاں چھا گئی یعنی صبح کی روشنی میں چاند کی روشنی ماند پڑ گئی اور چاند کا حسن بھی گہنا گیا۔ اسی طرح کہکشاؤں کے پھل اور ان کی ٹہنیاں بھی مرجھا گئیں۔ کہکشاں آسمان پر رات کے وقت دکھائی دینے والا ستاروں کا سفید راستہ ہوتا ہے۔ طلوعِ صبح کے وقت کہکشاں کا یہ راستہ بھی کملا جاتا ہے اور نظروں سے اوجھل ہو جاتا ہے۔ ستارے زرد ہو چکے چراغ سرد ہو چکے وہ ٹمٹما کے رہ گئے یہ جھلملا کے رہ گئے بند کے آخری شعر میں شاعر صبح کے وقت چلنے والی ہوا کا ذکر کرتا ہے۔ شاعر کہتا ہے کہ طلوعِ صبح کے وقت بادِ سحر نے اپنے انداز دکھانے شروع کیے، بادِ سحر ٹھنڈی اور خوش گوار ہوتی ہے لیکن اس وقت اس نے دن کے وقت چلنے والی گرم لو کے انداز دکھانے شروع کیے، جس کے اثر سے ستاروں کی کلیاں مرجھا گئیں۔ جس طرح گرم لو کے اثرات سے پھولوں کی کلیاں مرجھا جاتی ہیں اس طرح بادِ سحر کے زیرِ اثر ستاروں کی کلیاں بھی مرجھانے لگیں اور ستارے آسمان سے غائب ہونے لگے۔ اس شان سے طلوعِ سحر کی سنی نوید تاروں کی روشنی کا سماں ختم ہو گیا شاعر نے اس بند میں نہایت بلیغ تشبیہ اور استعارات کے علاوہ صنعتِ حسنِ تعلیل کا بھی نہایت خوب صورتی سے استعمال کیا ہے۔ میر انیس کا کمال یہ ہے کہ وہ الفاظ و تراکیب کے ہنر سے ایسی منظر کشی کرتے ہیں کہ تمام نقشہ آنکھوں کے سامنے پھر جاتا ہے۔
Q8 · 6 marks
درج ذیل اشعار کی تشریح کریں۔ چھپنا وہ ماہتاب کا وہ صبح کا ظہور یادِ خدا میں زمزمہ پردازیِ طیور وہ رونق اور وہ سرد ہوا، وہ فضا، وہ نور خنکی ہو جس سے چشم کو اور قلب کو سرور انساں زمیں پہ محو، ملک آسمان پر جاری تھا ذکرِ قدرتِ حق ہر زبان پر
Answer
نظم: نمودِ صبح (آمدِ صبح) شاعر: میر ببر علی انیس حلِ لغت: ماہتاب: چاند۔ ظہور: ظاہر ہونا۔ زمزمہ پردازی: نغمے گانا۔ طیور: طائر کی جمع، پرندے۔ خنکی: سردی، نمی۔ چشم: آنکھ۔ قلب: دل۔ سرور: لطف، خوشی۔ محو: مشغول، مصروف۔ ملک: فرشتہ۔ ذکرِ قدرتِ حق: اللہ تعالیٰ کی قدرت کا تذکرہ۔ مفہوم: شعر 1: چاند کا چھپنا صبح کا ظاہر ہونا اور خدا کی یاد میں پرندوں کا چہچہانا بہت دل فریب منظر پیش کر رہا تھا۔ شعر 2: صبح کے وقت کی رونق ٹھنڈی ہوا، خوش گوار فضا اور نور کا سماں ایسا تھا جس سے آنکھوں کو ٹھنڈک اور دل کو سرور ملتا تھا۔ شعر 3: صبح کے وقت زمین پر انسان اور آسمان پر فرشتے اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا میں مصروف تھے۔ تشریح: تشریح طلب بند میں شاعر میدانِ کربلا میں صبح کے منظر کو بیان کرتا ہے۔ پہلے مصرعے میں شاعر کہتا ہے چاند کے چھپنے کا منظر اور طلوعِ سحر کا منظر نہایت دل فریب تھا۔ جب آفتاب طلوع ہوا اور اس کی روشنی چہار سمت پھیل گئی تو چاند اس کی روشنی سے شرما کر چھپ گیا۔ طلوعِ صبح کا یہ منظر بہت سہانا تھا۔ ہر چیز نور میں ڈھل گئی تھی۔ ریت کے ذرے سورج کی روشنی سے چمک اُٹھے تھے۔ ٹھنڈی ہوا دلوں کو چھونے لگی۔ وہ نورِ صبح، اور وہ صحرا، وہ سبزہ زار تھے طائروں کے غول، درختوں پر بے شمار (میر انیس) دوسرے مصرعے میں شاعر کہتا ہے کہ صبح کے وقت پرندے بھی بیدار ہو گئے اور وہ غول کے غول اڑ کر درختوں پر آنے لگے۔ یہ خوش آواز پرندے اپنی اپنی بولیوں میں اللہ تعالیٰ کا ذکر کرنے لگے۔ پرندوں کی چہچہاہٹ ایک دل فریب نغمہ تھا، جو مسلسل جاری تھا۔ ان کے نغمے کانوں میں رس گھول رہے تھے۔ کہیں کوئل کی کوکو کی آواز بلند ہوتی تو کہیں قمریاں چہچہاتی ہیں۔ کہیں مور اپنے پنکھ پھیلائے جھومتے اور گاتے نظر آتے ہیں۔ کہیں تیتر ”سبحان تیری قدرت“ الاپتے نظر آتے ہیں۔ صبح کے وقت کو جنت کے اوقات میں سے کہا گیا ہے۔ اس وقت ہر مخلوق کا دل عبادت کی جانب مائل ہوتا ہے۔ پرندے اپنی اپنی زبان میں یہ عبادت کر رہے تھے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے: ”کائنات کی ہر چیز تسبیح بیان کرتی ہے لیکن تم اسے نہیں سمجھ سکتے۔“ (سورہ بنی اسرائیل) بقول شاعر: درختوں پہ پھولوں کی خوش بو غضب تھی پرندوں کی شیریں بیانی عجب تھی تیسرے مصرعے میں شاعر کہتا ہے کہ صبح کا وہ منظر بہت سہانا تھا۔ صبح کی ٹھنڈی ہوا نہایت خوش گوار تھی۔ صبح کے وقت وہ فضا اور ماحول نہایت حسین تھا۔ ہر طرف روشنی کا پھیلاؤ گویا ہر چیز نور میں دھل کر نکھر گئی ہو۔ ہوا میں موجود ہلکی ہلکی سردی خوش گوار تھی۔ وہ نہ بہت زیادہ ٹھنڈی تھی کہ سردی محسوس ہونے لگے اور نہ بہت زیادہ گرم تھی کہ جسم جھلسنے لگے۔ بلکہ یہ خنکی آنکھوں اور دلوں کو راحت بخش رہی تھی اور اس سے چشم و قلب کو ایک لطف مل رہا تھا۔ تشریح طلب کے آخری شعر میں شاعر کہتا ہے کہ صبح کے وقت ہر چیز ذکرِ الٰہی میں مشغول تھی۔ زمین پر انسان عبادت میں مشغول تھے۔ آسمان پر فرشتے اللہ تعالیٰ کی تسبیح و تہلیل میں مشغول و منہمک تھے۔ الغرض جن، ملک، انساں، شجر ہر ایک کی زبان پر اللہ تعالیٰ کی قدرت کا تذکرہ تھا۔ کچھ گل فقط نہ کرتے تھے ربِ علی کی مدح ہر خار کو بھی نوکِ زباں تھی خدا کی مدح (میر انیس) اگرچہ میدانِ کربلا میں ہر سمت ریت ہی ریت تھی لیکن شاعر نے جوشِ تخیل میں اس ویرانے کو بھی سرسبز باغ بنا دیا ہے۔ جہاں پھول کھلتے ہیں، خوش آواز پرندے چہچہاتے ہیں اور ٹھنڈی ہوائیں چلتی ہیں۔ اگرچہ یہ مبالغہ آرائی ہے لیکن نہایت خوب صورت ہے۔
Q9 · 6 marks
درج ذیل اشعار کی تشریح شعری محاسن کے ساتھ کریں۔ وہ سرخی شفق کی ادھر چرخ پر بہار وہ بارور درخت، وہ صحرا، وہ سبزہ زار شبنم کے وہ گلوں پر گہر ہائے آب دار پھولوں سے سب بھرا ہوا دامانِ کوہ سار نافے کھلے ہوئے وہ گلوں کی شمیم کے آتے تھے سرد سرد وہ جھونکے نسیم کے
Answer
نظم: نمودِ صبح (آمدِ صبح) شاعر: میر ببر علی انیس حلِ لغت: شفق: آسمان کا کنارا۔ چرخ: آسمان۔ بارور درخت: پھل دار درخت۔ سبزہ زار: ہرا بھرا میدان۔ گلوں: گل کی جمع، پھول۔ گہر ہائے آب دار: کثیر تعداد میں چمک دار موتی۔ دامانِ کوہ سار: پہاڑ کا دامن۔ نافے: تھیلی، ہرن کے پیٹ پر مشک کی تھیلی۔ شمیم: پھولوں کی خوشبو۔ جھونکے: ہوا کی لہر۔ نسیم: خوشبودار ہوا۔ مفہوم: شعر 1: آسمان پر شفق کی بہار دکھا رہی تھی اور زمین پر پھلوں سے لدے درخت، صحرا اور سبزہ زار، دل فریب منظر پیش کرتے تھے۔ شعر 2: پہاڑوں کا دامن پھولوں سے بھرا ہوا تھا اور پھولوں پر شبنم کے قطرے موتیوں کی طرح چمک رہے تھے۔ شعر 3: ہر طرف پھولوں کی خوش بو پھیلی ہوئی تھی اور ٹھنڈی ہوا کے جھونکے ماحول کو مزید خوش گوار بنا رہے تھے۔ تشریح: تشریح طلب بند میں شاعر میدانِ کربلا میں صبح کے منظر کی نہایت بلیغ انداز میں عکاسی کرتا ہے۔ پہلے مصرعے میں شاعر کہتا ہے کہ صبح کے وقت طلوعِ آفتاب کے آغاز پر شفق پر ایک سرخی نمودار ہوئی۔ یہ منظر ایسا تھا گویا آسمانِ دنیا پر بہار آ گئی ہو۔ دوسرے مصرعے میں شاعر کہتا ہے کہ میدانِ کربلا میں جا بجا پھل دار درخت تھے، صحرا کی ریت سورج کی روشنی سے چمک رہی تھی۔ سر سبز گھاس کے میدان اور سبزہ زار حسین مناظر پیش کر رہے تھے۔ تیسرے مصرعے میں شاعر کہتا ہے کہ میدانِ کربلا کے سبزہ زار میں جا بجا پھول کھلے ہوئے تھے۔ پھولوں پر شبنم کے قطرے چمک دار موتیوں کی مانند دکھائی دے رہے تھے۔ گہر ہائے آب دار نہایت بلیغ ترکیب ہے جس سے ظاہر ہے کہ شبنم کے قطرے کثیر تعداد میں تھے اور سورج کی روشنی میں موتیوں کی مانند چمک رہے تھے۔ صحرا میں پھول، شبنم اور سبزہ نہیں ہوتا لیکن شاعر نے جوشِ تخیل میں صحرا کو بھی سرسبز باغ کی صورت دکھایا ہے۔ اگرچہ یہ مبالغہ آرائی ہے لیکن نہایت خوب صورت ہے۔ ایک اور جگہ میر انیس کہتے ہیں: کھا کھا کے اوس اور بھی سبزہ ہرا ہوا تھا موتیوں سے دامنِ صحرا بھرا ہوا وہ دشت، وہ نسیم کے جھونکے، وہ سبزہ زار پھولوں پہ جابجا وہ گہر ہائے آب دار چوتھے مصرعے میں شاعر کہتا ہے کہ پہاڑ کا دامن پھولوں سے بھرا ہوا تھا۔ جس طرح گل فروش کی ٹوکری پھولوں سے لدی ہوتی ہے اس طرح دامنِ کوہسار پھولوں سے بھرا ہوا تھا۔ یہ پھول اور صبح کا حسین نظارہ دراصل میدانِ کربلا میں حضرت حسین اور ان کے رفقا کے استقبال کے اہتمام میں تھا۔ کربلا کے میدان میں ہر چیز اپنی خوب صورتی کے عروج پر تھی۔ ایک اور جگہ میر انیس کہتے ہیں: پھولوں کے سبز سبز شجر سرخ پوش تھے تھالے بھی نخل کے سبدِ گل فروش تھے آخری شعر میں شاعر صحرا میں چلنے والی ہواؤں کے بارے میں بیان کرتا ہے۔ شاعر کہتا ہے کہ صحرا میں صبح کی ٹھنڈی ہوا چل رہی تھی۔ ہوا کے جھونکے بار بار پھولوں سے ٹکرا رہے تھے۔ پھولوں سے جو ہوا ٹکراتی وہ اپنے دامن میں پھولوں کی خوشبو بھی بھر لیتی۔ چناں چہ ہوا کے یہ جھونکے اپنے دوش پر پھولوں کی خوش بو لادے جہاں بھی جاتے ماحول کو خوش گوار اور معطر کر دیتے۔ ایسا معلوم ہوتا تھا جیسے صحرا میں پھولوں کے نافے کھلے ہوئے ہیں جہاں سے بادِ شمیم اور بادِ نسیم کے جھونکے خوش بو کشید کر رہے ہیں۔ الغرض صحرا میں ہر سمت تیز ہوا کے جھونکے چل رہے تھے۔ یہ خوشبودار سرد ہوا کے جھونکے جگر کو ٹھنڈک اور راحت بخشتے تھے۔ گویا خدا نے اپنی نعمتوں بھری جنت کے دروازے میدانِ کربلا کے صحرا میں کھول دیے ہیں، ورنہ اس دنیا کے کسی دشت میں ایسا پُر فضا ماحول دیکھنے کو نہیں ملتا۔ چلنا نسیمِ صبح کا، رہ رہ کے، بار بار کو کو وہ قمریوں کی، وہ طاؤس کی پکار وا تھے، دریچے باغِ بہشتِ نعیم کے ہر سو رواں تھے، دشت میں جھونکے نسیم کے (میر انیس) اگرچہ میدانِ کربلا میں ہر سمت ریت ہی ریت تھی لیکن شاعر نے جوشِ تخیل میں اس ویرانے کو بھی سرسبز باغ بنا دیا ہے۔ جہاں پھول کھلتے ہیں، خوش آواز پرندے چہچہاتے ہیں اور ٹھنڈی ہوائیں چلتی ہیں۔ اگرچہ یہ مبالغہ آرائی ہے لیکن نہایت خوب صورت ہے۔
Test yourself on this chapter
Timed chapter tests, marked the moment you finish.
Practise with a free account
Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.