Class 9 Biology · Chapter 2
Biodiversity: questions and answers
Every short question, long question and MCQ on this chapter's free papers, each with its answer. Try one yourself first, then check.
Short questions with answers
Q1 · 3 marks
ایکو سسٹم میں جانداروں کی اقسام بیان کرنے کے لیے کون سی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے؟ اس کی تعریف کریں۔
Answer
ایکو سسٹم میں جانداروں کی اقسام بیان کرنے کے لیے بائیوڈائیورسٹی کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔ کسی خاص علاقے میں جانداروں کی مختلف اقسام اس علاقے کی بائیوڈائیورسٹی کہلاتی ہیں۔ علاقے کی بائیوڈائیورسٹی میں جانداروں کی مختلف اقسام کی تعداد اور ہر قسم میں موجود جانداروں کی مزید اقسام کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔
Q2 · 3 marks
انسانوں اور کرہ ارض کے لیے بائیوڈائیورسٹی کی کیا اہمیت ہے؟
Answer
بائیوڈائیورسٹی انسانوں اور سیارے کے لیے بہت سی ضروری خدمات فراہم کرتی ہے۔
(1)ماحولیاتی استحکام: یہ ماحولیاتی نظام کے توازن کو برقرار رکھتی ہے اور کاربن اور نائٹروجن سائیکل جیسے بائیوجیوکیمیکل سائیکلز میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
(2)آب و ہوا کا کنٹرول: پودے اور الجی کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کر کے آب و ہوا کو متوازن رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔
(3)قدرتی وسائل: یہ خوراک، ادویات، تعمیراتی مواد اور ایندھن فراہم کرتی ہے۔
(4)معاشی فوائد: یہ زراعت، سیاحت اور دواسازی جیسی صنعتوں کی معاونت کرتی ہے۔
Q3 · 3 marks
لینیئن سسٹم میں استعمال ہونے والے ٹیکسانومی کے سات درجات کون سے ہیں؟
Answer
کارل لینیس نے 1735 میں سات درجات تجویز کیے جو بڑے سے چھوٹے کی ترتیب میں یہ ہیں:
(1)کنگڈم (2) فائلم یا ڈویژن (3) کلاس (4) آرڈر (5) فیملی (6) جینس (7) پی شیز۔ بعد میں 1977 میں اس سسٹم میں ایک نیا درجہ ڈومین شامل کیا گیا۔
Q4 · 3 marks
شیر اور مکئی کے ٹیکسانومی کے درجات تحریر کریں۔
Answer
شیر (Lion): ڈومین: یوکیریا (Eukarya)؛ کنگڈم: اینیمیلیا (Animalia)؛ فائلم: کورڈیٹا (Chordata)؛ کلاس: میمیلیا (Mammalia)؛ آرڈر: کارنیوورا (Carnivora)؛ فیملی: فیلیڈی (Felidae)؛ جینس: پینتھیرا (Panthera)؛ پی شیز: Panthera leo۔ مکئی (Maize): ڈومین: یوکیریا (Eukarya)؛ کنگڈم: پلانٹی (Plantae)؛ ڈویژن: میگنولیوفائٹا (Magnoliophyta)؛ کلاس: لیلیوپسڈا (Liliopsida)؛ آرڈر: پوایلز (Poales)؛ فیملی: پوایسی (Poaceae)؛ جینس: زی (Zea)؛ پی شیز: Zea mays۔
Q5 · 3 marks
آرکیا اور بیکٹیریا کے درمیان بنیادی فرق کیا ہیں؟
Answer
(1)سیل وال: آرکیا کی سیل وال پیپٹائیڈو گلائکین کی نہیں بلکہ پولی پیپٹائڈز اور پروٹینز کی بنی ہوتی ہے جبکہ بیکٹیریا کی سیل وال پیپٹائیڈو گلائکین سے بنی ہوتی ہے۔
(2)rRNA: آرکیا کا rRNA بیکٹیریا کی نسبت یوکیریوٹس سے زیادہ مشابہ ہے۔
(3)رہائش: آرکیا انتہائی ماحول (گرم چشمے، نمکین جھیلیں، تیزابی ماحول) میں رہنے کے قابل ہوتے ہیں جبکہ بیکٹیریا مٹی، پانی، ہوا اور جانداروں کے جسم سمیت ہر جگہ پائے جاتے ہیں۔
(4)سائز: بیکٹیریا کے سیلز آرکیا کی نسبت چھوٹے ہوتے ہیں۔
Q6 · 3 marks
تین کنگڈم کلاسیفکیشن سسٹم کی کیا کمزوریاں ہیں؟
Answer
1866 میں ارنسٹ ہیکل نے تیسرے کنگڈم پروٹسٹا کی تجویز دی۔ اس سسٹم کی کمزوریاں یہ تھیں:
(1)پروکیریوٹس (بیکٹیریا اور آرکیا) کو بھی پروٹسٹا میں شامل کر دیا گیا اس لیے پروکیریوٹس اور یوکیریوٹس کے درمیان فرق واضح نہ ہو سکا۔
(2)فنجائی کو ابھی بھی کنگڈم پلانٹی کا حصہ سمجھا گیا حالانکہ وہ ہیٹروٹروفس ہیں اور خوراک جذب کرتی ہیں اور ان کی سیل وال سیلولوز کی بجائے کائٹن سے بنی ہوتی ہے۔
(3)ٹیکسانومی کے ماہرین فنجائی کی جگہ کے بارے میں اختلاف کرتے تھے۔
Q7 · 3 marks
کون سے کنگڈم میں وہ جاندار شامل ہیں جو ملٹی سیلولر اور ہیٹروٹروفک ہیں اور سیل وال نہیں رکھتے؟
Answer
ایسے جاندار کنگڈم اینیمیلیا میں شامل ہیں۔ یہ یوکیریوٹک، ملٹی سیلولر اور ہیٹروٹروفک ہوتے ہیں۔ یہ ایمبریو سے بنتے ہیں۔ یہ خوراک کھا کر جسم کے مخصوص جوفوں (cavities) میں ہضم کرتے ہیں۔ ان کی سیل وال موجود نہیں ہوتی۔
Q8 · 3 marks
فنجائی کی خصوصیات کی فہرست بنائیں۔
Answer
(1)یہ یوکیریوٹک ہیں۔
(2)یہ ہیٹروٹروفس ہیں اور اردگرد موجود گلتے سڑتے مادے سے خوراک جذب کرتے ہیں۔
(3)ان کی سیل وال کائٹن (chitin) سے بنی ہوتی ہے۔
(4)زیادہ تر ملٹی سیلولر ہیں مثلاً مشروم، رسٹ، سمٹ اور مولڈز جبکہ کچھ یونی سیلولر ہیں مثلاً ییسٹ۔
(5)بعض فنجائی روٹی، پنیر اور بیئر کی تیاری میں اور ایک فنگس پینیسیلیم اینٹی بائیوٹک پینسلین کے حصول میں استعمال ہوتی ہے۔
Q9 · 3 marks
تین ڈومینز کی فہرست بنائیں جن میں تمام جاندار شامل ہیں۔
Answer
تمام جانداروں کو تین ڈومینز میں تقسیم کیا جاتا ہے:
(1)ڈومین آرکیا (Archaea) جس میں کنگڈم آرکیا بیکٹیریا شامل ہے۔
(2)ڈومین بیکٹیریا (Bacteria) جس میں کنگڈم یوبیکٹیریا شامل ہے۔
(3)ڈومین یوکیریا (Eukarya) جس میں چار کنگڈمز پروٹسٹا، فنجائی، پلانٹی اور اینیمیلیا شامل ہیں۔
Q10 · 3 marks
ہم کسی بھی کنگڈم میں وائرس کی کلاسیفکیشن کیوں نہیں کر سکتے؟
Answer
وائرس انتہائی چھوٹے (ultramicroscopic) ہوتے ہیں اور زندہ اور غیر زندہ کی سرحد پر ہیں۔ یہ ایسیلولر (acellular) ہیں یعنی سیلز سے نہیں بنے اور ان میں کوئی آرگنیلز نہیں ہوتے۔ یہ نیوکلیک ایسڈ (DNA یا RNA) پر مشتمل ہوتے ہیں جو پروٹین کے خول سے گھرا ہوتا ہے۔ ان میں کوئی میٹابولزم نہیں ہوتا اس لیے اپنی تعداد بڑھانے کے لیے یہ ہوسٹ کے اندر پیراسائٹ بن کر رہتے ہیں۔ چونکہ ان میں زندگی کی تینوں ڈومین کی کوئی خصوصیت موجود نہیں اس لیے انہیں کسی کنگڈم میں شامل نہیں کیا جا سکتا۔
Q11 · 3 marks
بائی نومیئل نومن کلیچر مختلف زبانوں میں جانداروں کے بارے میں واضح بات چیت میں کس طرح مدد فراہم کرتا ہے؟
Answer
بائی نومیئل نومن کلیچر میں سائنسی نام کے لیے لاطینی زبان کے الفاظ لیے جاتے ہیں جو کسی ملک میں نہیں بولی جاتی اس لیے یہ کسی ملک کی ملکیت نہیں۔ جاندار کا سائنسی نام دنیا میں ہر جگہ ایک ہی ہوتا ہے جبکہ عام نام مختلف علاقوں اور زبانوں میں مختلف ہوتے ہیں (مثلاً پیاز کو اردو میں پیاز اور پاکستان کے مختلف علاقوں میں گنڈا، باسل اور واسل کہا جاتا ہے)۔ اس طرح یہ کسی بھی زبان کے بائیولوجسٹ کے لیے خیالات کے تبادلے کا ایک معیاری طریقہ فراہم کرتا ہے۔
Q12 · 3 marks
پی شیز کی تعریف کریں اور دو مثالیں دیں۔
Answer
پی شیز کلاسیفکیشن کا سب سے نچلا درجہ ہے۔ ایک پی شیز ایسے جانداروں کا گروپ ہے جو آپس میں تولید کر کے ایسے نئے جاندار پیدا کر سکتے ہیں جو تولید کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ مثالیں: انسان کی پی شیز Homo sapiens اور مٹر کی پی شیز Pisum sativum۔
Q13 · 3 marks
دو کنگڈم کلاسیفکیشن سسٹم کی کیا خامیاں تھیں؟
Answer
دو کنگڈم سسٹم میں تمام جانداروں کو پلانٹی (آٹوٹروفس) اور اینیمیلیا (ہیٹروٹروفس) میں تقسیم کیا جاتا تھا۔ اس کی خامیاں یہ تھیں:
(1)پروکیریوٹس (بیکٹیریا اور آرکیا) اور فنجائی کو بھی کنگڈم پلانٹی میں شامل کیا گیا۔
(2)یوگلینا جیسے یونی سیلولر جاندار پودوں اور جانوروں دونوں کی خصوصیات رکھتے ہیں اس لیے انہیں کسی ایک کنگڈم میں رکھنا ممکن نہ تھا۔
(3)یہ سسٹم پروکیریوٹس اور یوکیریوٹس کے درمیان فرق واضح نہیں کرتا تھا۔
Q14 · 3 marks
پروٹسٹا کی تین اقسام کون سی ہیں؟ ہر ایک کی مثال دیں۔
Answer
(1)پودوں جیسے پروٹسٹس (الجی): ان کی سیل وال سیلولوز کی ہوتی ہے اور کلوروپلاسٹ میں کلوروفل ہوتا ہے اس لیے یہ آٹوٹروفس ہیں۔ مثالیں: یوگلینا اور ڈائیٹمز۔
(2)جانوروں جیسے پروٹسٹس (پروٹوزوانز): یہ ہیٹروٹروفس ہیں اور سیل وال نہیں رکھتے۔ مثالیں: امیبا اور پیرامیشیم۔
(3)فنجائی جیسے پروٹسٹس: یہ سڑتے ہوئے مادے سے غذا جذب کرتے ہیں۔ مثالیں: سلائم مولڈز اور واٹر مولڈز۔
Q15 · 3 marks
کلاسیفکیشن کی تاریخ میں ارسطو اور کارل لینیس کے کردار بیان کریں۔
Answer
ارسطو (384 تا 322 قبل مسیح) یونانی فلسفی تھے اور پہلے شخص تھے جنہوں نے جانداروں کو دو گروپس یعنی پودوں اور جانوروں میں تقسیم کیا۔ کارل لینیس (1707 تا 1778) سویڈش بائیولوجسٹ تھے جنہوں نے جانداروں کے لیے سات درجات پر مشتمل کلاسیفکیشن سسٹم بنایا یعنی کنگڈم، فائلم، کلاس، آرڈر، فیملی، جینس اور پی شیز۔ انہی کا بائی نومیئل نومن کلیچر کا نظام آج بھی سائنسی نام رکھنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
Q16 · 3 marks
کنگڈم پلانٹی کی خصوصیات لکھیں۔
Answer
(1)یہ یوکیریوٹک اور ملٹی سیلولر جاندار ہیں۔
(2)ان کی سیل وال سیلولوز کی بنی ہوتی ہے۔
(3)یہ آٹوٹروفس ہیں اور فوٹوسنتھیسس کے ذریعے خوراک تیار کرتے ہیں۔
(4)جنسی تولید کے دوران یہ ایمبریو بناتے ہیں اور نباتاتی حصوں کے ذریعے غیر جنسی تولید بھی عام ہے۔
(5)مثالیں: موسز، فرنز، کونی فرز اور پھول دار پودے۔
Q17 · 3 marks
کسی جگہ کی بائیوڈائیورسٹی پر اثر انداز ہونے والے عوامل لکھیں۔
Answer
زمین پر بائیوڈائیورسٹی یکساں طور پر نہیں پھیلی ہوئی۔ کسی جگہ کی بائیوڈائیورسٹی کا انحصار آب و ہوا، بلندی (altitude) اور مٹی کی قسم جیسے عوامل پر ہوتا ہے۔ مثلاً ٹراپیکل (Tropical) علاقے قطبی (Polar) علاقوں کی نسبت زیادہ بائیوڈائیورسٹی رکھتے ہیں۔
Q18 · 3 marks
کلاسیفکیشن کے مقاصد لکھیں۔
Answer
کلاسیفکیشن کے اہم مقاصد یہ ہیں:
(1)جانداروں کے درمیان مشابہتوں اور اختلافات کا تعین کرنا تاکہ ان کا مطالعہ آسانی سے کیا جا سکے۔
(2)جانداروں کے درمیان ارتقائی تعلقات تلاش کرنا۔ بائیولوجسٹس جانداروں کو ان کی مشابہ جسمانی خصوصیات کی بنیاد پر گروپس اور ذیلی گروپس میں تقسیم کرتے ہیں اور حالیہ دور میں جینیٹکس کی مدد سے ان کے درمیان جینیاتی مشابہتوں اور اختلافات کا بھی پتا لگاتے ہیں۔
Long questions with answers
Q1 · 8 marks
بائیوڈائیورسٹی اور ایکو سسٹم کی صحت کو برقرار رکھنے میں اس کی اہمیت پر بحث کریں۔
Answer
تمہید: کسی خاص علاقے میں جانداروں کی مختلف اقسام اس علاقے کی بائیوڈائیورسٹی کہلاتی ہیں۔ بائیولوجسٹس تقریباً 20 لاکھ (دو ملین) اقسام کی گروہ بندی کر چکے ہیں مگر زمین پر جانداروں کی مجموعی اقسام اس سے کہیں زیادہ ہیں۔ بائیوڈائیورسٹی انسانوں اور سیارے کے لیے بہت سی ضروری خدمات فراہم کرتی ہے۔
بائیوڈائیورسٹی کی تقسیم: زمین پر بائیوڈائیورسٹی یکساں طور پر نہیں پھیلی۔ کسی جگہ کی بائیوڈائیورسٹی کا انحصار آب و ہوا، بلندی (altitude) اور مٹی کی قسم پر ہے۔ ٹراپیکل (Tropical) علاقے قطبی (Polar) علاقوں کی نسبت زیادہ بائیوڈائیورسٹی رکھتے ہیں۔
اہمیت:
1۔ ماحولیاتی استحکام: بائیوڈائیورسٹی ماحولیاتی نظام کے توازن کو برقرار رکھنے میں مدد دیتی ہے۔ بائیوجیوکیمیکل سائیکلز (biogeochemical cycles) مثلاً کاربن سائیکل اور نائٹروجن سائیکل میں بائیوڈائیورسٹی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
2۔ آب و ہوا کا کنٹرول: پودے اور الجی کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرتے ہیں جس سے آب و ہوا کو متوازن رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
3۔ قدرتی وسائل: بائیوڈائیورسٹی خوراک اور ادویات سے لے کر تعمیراتی مواد اور ایندھن سمیت بہت سے وسائل فراہم کرتی ہے۔
4۔ معاشی فوائد: بائیوڈائیورسٹی زراعت، سیاحت اور دواسازی سمیت مختلف صنعتوں کی معاونت کرتی ہے۔
نتیجہ: بائیوڈائیورسٹی ایکو سسٹم کی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے اس لیے اس کا تحفظ ہمارے لیے ناگزیر ہے۔ اقوام متحدہ نے 22 مئی کو بائیوڈائیورسٹی کے عالمی دن کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے تاکہ اس کے تحفظ کو فروغ دیا جا سکے۔
Q2 · 8 marks
لینیئن سسٹم کو تفصیل سے بیان کریں اور ٹیکسانومی کے سات درجات اور ان کے تعلقات بیان کریں۔
Answer
تمہید: جانداروں کو جن گروپس میں تقسیم کیا جاتا ہے انہیں ٹیکسانومی کے درجات یعنی ٹیکسا (taxa) کہتے ہیں اور واحد کو ٹیکسون (taxon) کہتے ہیں۔ سویڈن کے بائیولوجسٹ کارل لینیس (Carl Linnaeus) نے 1735 میں کلاسیفکیشن کا ایک سسٹم متعارف کروایا جسے لینیئن سسٹم (Linnaean system) کہتے ہیں۔ اس میں سات درجات تجویز کیے گئے۔ 1977 میں اس سسٹم میں ایک نیا اعلیٰ درجہ ڈومین شامل کیا گیا۔
درجات کی ترتیب اور تعلق (بڑے سے چھوٹے):
1۔ ڈومین: ٹیکسانومی کا سب سے اعلیٰ درجہ ہے۔ تمام جانداروں کو تین ڈومینز آرکیا، بیکٹیریا اور یوکیریا میں تقسیم کیا جاتا ہے۔
2۔ کنگڈم: ڈومین کو مزید کنگڈمز میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ مثلاً ڈومین یوکیریا کو چار کنگڈمز اینیمیلیا، پلانٹی، فنجائی اور پروٹسٹا میں تقسیم کیا گیا ہے۔
3۔ فائلم (ڈویژن): ہر کنگڈم مزید قریبی تعلق رکھنے والے فائلمز یا ڈویژنز میں تقسیم ہوتا ہے۔ پودوں اور فنجائی کے لیے اس درجے کو ڈویژن کہتے ہیں۔
4۔ کلاس: ہر فائلم یا ڈویژن مزید قریبی تعلق رکھنے والی کلاسز میں تقسیم ہوتا ہے۔
5۔ آرڈر: ہر کلاس مزید قریبی تعلق رکھنے والے آرڈرز میں تقسیم ہوتی ہے۔
6۔ فیملی: ہر آرڈر مزید قریبی تعلق رکھنے والی فیملیز میں تقسیم ہوتا ہے۔
7۔ جینس: ہر فیملی مزید قریبی تعلق رکھنے والے جینرا (واحد جینس) میں تقسیم ہوتی ہے۔
8۔ پی شیز: کلاسیفکیشن کا سب سے نچلا درجہ ہے۔ ایک پی شیز ایسے جانداروں کا گروپ ہے جو آپس میں تولید کر کے ایسے نئے جاندار پیدا کر سکتے ہیں جو تولید کی صلاحیت رکھتے ہوں۔
مثالیں:
پھل کی مکھی: یوکیریا؛ اینیمیلیا؛ آرتھروپوڈا؛ انسیکٹا؛ ڈپٹیرا؛ ڈروسوفلیڈی؛ ڈروسوفلا؛ Drosophila melanogaster۔
انسان: یوکیریا؛ اینیمیلیا؛ کورڈیٹا؛ میمیلیا؛ پرائی میٹس؛ ہومینیڈی؛ ہومو؛ Homo sapiens۔
مٹر: یوکیریا؛ پلانٹی؛ میگنولیوفائٹا؛ میگنولیوپسڈا؛ فیبیلز؛ فیبیسی؛ پائی سم؛ Pisum sativum۔
نتیجہ: ہر نچلے درجے پر گروپ چھوٹا ہوتا جاتا ہے اور اس میں شامل جانداروں کے درمیان مشابہتیں زیادہ ہوتی جاتی ہیں۔
Q3 · 8 marks
ڈومین آرکیا اور ڈومین بیکٹیریا کی اہم خصوصیات بیان کرتے ہوئے ان ڈومینز کا موازنہ کریں۔
Answer
تمہید: 1977 میں کارل وؤز نے تین ڈومین سسٹم پیش کیا جس میں پروکیریوٹس کو دو ڈومینز آرکیا اور بیکٹیریا میں تقسیم کیا گیا۔ اس کلاسیفکیشن کی بنیاد ان دونوں کے درمیان فرق ہے۔ الف) ڈومین آرکیا (Archaea): 1۔ یہ سب سے قدیم پروکیریوٹس ہیں۔ 2۔ ان کی سیل وال میں پیپٹائیڈو گلائکین (peptidoglycan) نہیں ہوتا بلکہ یہ پولی پیپٹائڈز اور پروٹینز پر مشتمل ہوتی ہے۔ 3۔ ان کا rRNA بیکٹیریا کی نسبت یوکیریوٹس سے زیادہ مشابہ ہوتا ہے۔ 4۔ ان کی سیل ممبرین میں منفرد لپڈز پائے جاتے ہیں۔ 5۔ یہ انتہائی ماحول میں رہنے کے قابل ہوتے ہیں مثلاً گرم چشمے، نمکین جھیلیں اور تیزابی ماحول۔ تاہم یہ عام ماحول جیسے مٹی اور سمندروں میں بھی پائے جاتے ہیں۔ 6۔ کچھ آرکیا سلفر یا امونیا جیسے غیر نامیاتی مرکبات سے توانائی حاصل کرتے ہیں۔ ان کے دوسرے گروپ فوٹوسنتھیسس کرتے ہیں لیکن آکسیجن پیدا نہیں کرتے۔ 7۔ اس ڈومین میں ایک ہی کنگڈم آرکیا بیکٹیریا (Archaebacteria) ہے جس کا مطلب قدیم بیکٹیریا ہے۔ مثالیں: میتھینوجنز (میٹابولزم میں میتھین پیدا کرنے والے)؛ ہیلوفائلز (انتہائی نمکین ماحول)؛ تھرموفائلز (گرم پانی کے چشمے)؛ ایسڈوفائلز (انتہائی تیزابی ماحول)۔ ب) ڈومین بیکٹیریا (Bacteria): 1۔ اس ڈومین میں بیکٹیریا اور سائینوبیکٹیریا شامل ہیں اور یہ بھی پروکیریوٹس ہیں۔ 2۔ ان کی سیل وال پیپٹائیڈو گلائکین سے بنی ہوتی ہے۔ 3۔ یہ تمام اقسام کے ماحول میں پائے جاتے ہیں: مٹی، پانی، ہوا اور جانداروں کے جسم میں۔ 4۔ یہ یونی سیلولر ہوتے ہیں اور ان کے سیلز میں واضح نیوکلیس نہیں ہوتا۔ بعض سیلز زنجیریں، جھرمٹ یا کالونیاں بناتے ہیں۔ 5۔ زیادہ تر ہیٹروٹروفک ہوتے ہیں لیکن کچھ میں کلوروفل ہوتا ہے اور وہ فوٹوسنتھیسس کرتے ہیں۔ 6۔ بعض بیماریاں پیدا کرتے ہیں جبکہ بہت سے فائدہ مند ہیں مثلاً ڈی کمپوزر بیکٹیریا غذائی اجزاء کی ری سائیکلنگ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ 7۔ اس ڈومین میں کنگڈم یوبیکٹیریا (حقیقی بیکٹیریا) شامل ہے۔ موازنہ: سیل وال: آرکیا میں پولی پیپٹائڈز اور پروٹینز؛ بیکٹیریا میں پیپٹائیڈو گلائکین۔ رہائش: آرکیا زیادہ تر انتہائی ماحول میں؛ بیکٹیریا ہر قسم کے ماحول میں۔ rRNA: آرکیا کا یوکیریوٹس کے زیادہ قریب؛ بیکٹیریا کا مختلف۔ سائز: بیکٹیریا کے سیلز آرکیا کی نسبت چھوٹے ہوتے ہیں۔ کنگڈم: آرکیا میں آرکیا بیکٹیریا؛ بیکٹیریا میں یوبیکٹیریا۔ مشابہت: دونوں پروکیریوٹس ہیں اور دونوں میں نیوکلیس اور ممبرین والے آرگنیلز نہیں ہوتے۔
Q4 · 8 marks
ڈومین یوکیریا کے چار کنگڈمز کی مخصوص خصوصیات بیان کریں۔
Answer
تمہید: ڈومین یوکیریا میں تمام یونی سیلولر اور ملٹی سیلولر یوکیریوٹس شامل ہیں۔ ان کے سیلز پیچیدہ ہوتے ہیں جن میں نیوکلیس اور دیگر ممبرین میں لپٹے آرگنیلز موجود ہوتے ہیں۔ اس ڈومین کو چار کنگڈمز میں تقسیم کیا جاتا ہے۔
1۔ کنگڈم پروٹسٹا (Protista):
یہ یوکیریوٹس ہیں جو یونی سیلولر، کالونیل، ریشہ دار (فلامنٹ جیسے) یا سادہ ملٹی سیلولر ہوتے ہیں۔ سادہ ملٹی سیلولر کا مطلب ہے کہ ان کے پاس ملٹی سیلولر جنسی اعضاء نہیں ہوتے۔ اس کی تین اقسام ہیں:
(الف)پودوں جیسے پروٹسٹس (الجی): ان کی سیل وال سیلولوز کی ہوتی ہے۔ کلوروپلاسٹ کے اندر کلوروفل ہوتا ہے اور یہ آٹوٹروفس ہیں۔ مثالیں: یوگلینا اور ڈائیٹمز۔
(ب)جانوروں جیسے پروٹسٹس (پروٹوزوانز): ہیٹروٹروفس ہیں اور خوراک کھا کر جسم میں لے جاتے ہیں۔ سیل وال نہیں ہوتی۔ مثالیں: امیبا اور پیرامیشیم۔
(ج)فنجائی جیسے پروٹسٹس: سڑتے ہوئے نامیاتی مادے سے غذا جذب کرتے ہیں۔ مثالیں: سلائم مولڈز اور واٹر مولڈز۔
بعض پروٹسٹس بیماریوں کا سبب بنتے ہیں مثلاً پلازموڈیم ملیریا اور اینٹامیبا (Entamoeba) امیبک ڈسنٹری کا سبب ہے۔
2۔ کنگڈم فنجائی (Fungi):
یہ یوکیریوٹک اور ہیٹروٹروفک ہیں۔ یہ جانوروں کی طرح خوراک کھاتے نہیں بلکہ اردگرد موجود گلتے سڑتے مادے سے خوراک جذب کرتے ہیں۔ ان کی سیل وال کائٹن (chitin) کی بنی ہوتی ہے۔ زیادہ تر ملٹی سیلولر ہیں (مشروم، رسٹ، سمٹ، مولڈز) جبکہ کچھ یونی سیلولر ہیں (ییسٹ)۔ بعض فنجائی روٹی، پنیر اور بیئر کی تیاری میں استعمال ہوتی ہیں اور پینیسیلیم سے اینٹی بائیوٹک پینسلین حاصل کی جاتی ہے۔
3۔ کنگڈم پلانٹی (Plantae):
یہ یوکیریوٹک اور ملٹی سیلولر ہیں جن کی سیل وال سیلولوز کی بنی ہوتی ہے۔ یہ آٹوٹروف ہیں اور فوٹوسنتھیسس کے ذریعے خوراک تیار کرتے ہیں۔ جنسی تولید (sexual reproduction) میں ایمبریو بناتے ہیں اور نباتاتی (vegetative) حصوں کے ذریعے غیر جنسی تولید بھی عام ہے۔ مثالیں: موسز، فرنز، کونی فرز اور پھول دار پودے۔
4۔ کنگڈم اینیمیلیا (Animalia):
اس میں یوکیریوٹک، ملٹی سیلولر اور ہیٹروٹروفک جاندار شامل ہیں جن میں سیل وال نہیں ہوتی۔ یہ ایمبریو سے بنتے ہیں۔ یہ خوراک کھاتے ہیں اور اسے جسم میں ہضم کرتے ہیں۔
نتیجہ: یوکیریا کے چاروں کنگڈمز سیل کی ساخت، خوراک حاصل کرنے کے طریقے اور ملٹی سیلولر ہونے کی بنیاد پر ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔
Q5 · 8 marks
جانداروں کو سائنسی نام دینے کے اصول اور رہنما نکات کی وضاحت کریں۔
Answer
تمہید: جانداروں کے سائنسی نام رکھنے کے نظام کو بائی نومیئل نومن کلیچر کہتے ہیں۔ اس نظام کے بانی سویڈن کے بائیولوجسٹ کارل لینیس ہیں۔ جاندار کا سائنسی نام دو حصوں پر مشتمل ہوتا ہے: پہلا حصہ اس جینس (genus) کا نام ہوتا ہے جس سے جاندار کا تعلق ہو اور دوسرا حصہ جاندار کی پی شیز (species) کا نام ہوتا ہے۔ مثالیں: پیاز (Onion): Allium cepa؛ آلو (Potato): Solanum tuberosum؛ ٹماٹر (Tomato): Solanum esculentum؛ شہد کی مکھی (Honeybee): Apis cerana؛ ٹائیگر (Tiger): Panthera tigris؛ انسان (Human being): Homo sapiens۔ اہمیت: 1۔ بائی نومیئل نومن کلیچر میں دو جانداروں کا ایک ہی نام نہیں ہو سکتا۔ 2۔ سائنسی ناموں کے لیے لاطینی الفاظ لیے جاتے ہیں۔ یہ زبان کسی ملک میں نہیں بولی جاتی اس لیے کسی ملک کی جانبداری نہیں ہوتی۔ 3۔ جاندار کا سائنسی نام دنیا میں ہر جگہ ایک ہی ہوتا ہے۔ کسی بائیولوجسٹ کی زبان چائنیز، عربی، ہسپانوی یا انگریزی ہو یہ نظام تبادلہ خیال کے لیے ایک معیاری طریقہ دیتا ہے۔ عام ناموں کے مسائل: کئی علاقوں میں ایک ہی جاندار کے کئی نام ہوتے ہیں (مثلاً پیاز کو پاکستان کے مختلف علاقوں میں گنڈا، باسل اور واسل بھی کہتے ہیں)۔ بعض اوقات مختلف جانداروں کو ایک ہی عام نام سے پکارا جاتا ہے (مثلاً بلیو بیل کئی پودوں کے لیے اور بلیک برڈ کوے اور پہاڑی کوے دونوں کے لیے)۔ عام ناموں کی کوئی سائنسی بنیاد نہیں ہوتی۔ مثلاً سلور فش، کرے فش، جیلی فش اور سٹار فش میں سے کوئی بھی فش (ریڑھ کی ہڈی، فنز اور گلز رکھنے والے جانور) کی تعریف پر پورا نہیں اترتی۔ سائنسی نام رکھنے کے اصول: 1۔ سائنسی نام رکھنے کے لیے الفاظ لاطینی زبان سے لیے جاتے ہیں۔ 2۔ ہر سائنسی نام کے دو حصے ہوتے ہیں۔ جینس کا نام پہلے آتا ہے اور پی شیز کا نام بعد میں۔ 3۔ سائنسی نام منفرد ہونا چاہیے کیونکہ ایک ہی نام دو مختلف جانداروں کے لیے استعمال نہیں ہو سکتا۔ 4۔ نام کا پہلا حصہ یعنی جینس کا نام بڑے حرف سے اور دوسرا حصہ یعنی پی شیز کا نام چھوٹے حرف سے شروع ہونا چاہیے۔ 5۔ سائنسی نام کو پرنٹ کرتے وقت ٹیڑھا لکھا جاتا ہے یعنی اٹالکس (Italics) میں ٹائپ کیا جاتا ہے۔ 6۔ جب سائنسی نام ہاتھ سے لکھنا ہو تو نام کے دونوں حصوں کے نیچے الگ الگ لائن لگانی چاہیے۔
Q6 · 8 marks
کلاسیفکیشن کی تاریخ اور مختلف کلاسیفکیشن سسٹمز کو تفصیل سے بیان کریں۔
Answer
تمہید: درجہ بندی کے نظام کی تاریخ قدیم ادوار تک جاتی ہے۔
ابتدائی کوششیں:
1۔ ارسطو (384 تا 322 قبل مسیح): یونانی فلسفی جنہوں نے جانداروں کو پہلی بار پودوں اور جانوروں کے دو گروپس میں تقسیم کیا۔ 1172 میں ابن رشد نے ان کی کتاب «ڈی اینیما» کا عربی میں ترجمہ کیا۔
2۔ ابو عثمان عمر الجاحظ (781 تا 869 عیسوی): عرب عالم جنہوں نے جانوروں کی 350 اقسام کی خصوصیات بیان کیں۔
3۔ اینڈریا سیزالپینیا (1519 تا 1603): اطالوی بائیولوجسٹ جنہوں نے پودوں کو پندرہ گروپس میں تقسیم کیا اور انہیں جینیرا کہا۔
4۔ ٹورنفورٹ (1656 تا 1708): فرانسیسی بائیولوجسٹ جنہوں نے کلاس اور پی شیز کے ٹیکسا متعارف کروائے۔
5۔ کارل لینیس (1707 تا 1778): سویڈش بائیولوجسٹ جنہوں نے سات درجات پر مشتمل کلاسیفکیشن سسٹم بنایا۔
کلاسیفکیشن کے سسٹمز:
الف) دو کنگڈم سسٹم: سب سے پرانا سسٹم۔ آٹوٹروفس کو پلانٹی اور ہیٹروٹروفس کو اینیمیلیا میں رکھا گیا۔ پروکیریوٹس اور فنجائی بھی پلانٹی میں شامل تھے۔ یوگلینا جیسے جانداروں میں دونوں کی خصوصیات تھیں اس لیے یہ سسٹم قابل عمل نہ رہا۔
ب) تین کنگڈم سسٹم: 1866 میں ارنسٹ ہیکل نے تیسرا کنگڈم پروٹسٹا تجویز کیا جس میں یوگلینا جیسے جاندار اور پروکیریوٹس شامل کیے گئے۔ فنجائی کی جگہ کے بارے میں ماہرین میں اختلاف رہا۔
ج) پانچ کنگڈم سسٹم: 1937 میں ای-چیٹن نے «پروکیریوٹک» اور «یوکیریوٹک» کی اصطلاحات تجویز کیں۔ 1969 میں رابرٹ وٹاکر نے سیل کی ساخت (پروکیریوٹک، یونی سیلولر یوکیریوٹک، ملٹی سیلولر یوکیریوٹک) اور غذائیت کے طریقوں (فوٹوسنتھیسس، جذب، ہضم) کی بنیاد پر پانچ کنگڈم سسٹم پیش کیا: مونیرا، پروٹسٹا، فنجائی، پلانٹی اور اینیمیلیا۔ 1988 میں مارگولس اور شوارٹز نے جینیٹکس کو بھی مدنظر رکھتے ہوئے اس میں ترمیم کی۔
د) تین ڈومین سسٹم: 1977 میں کارل وؤز نے کنگڈم سے اوپر ایک ٹیکسون ڈومین متعارف کروایا اور جانداروں کو تین ڈومینز آرکیا، بیکٹیریا اور یوکیریا میں تقسیم کیا۔ اس کی بنیاد آرکیا اور بیکٹیریا کے درمیان فرق ہے۔
نتیجہ: کلاسیفکیشن کا نظام نئی معلومات کے ساتھ بہتر ہوتا رہا ہے۔
Q7 · 8 marks
جانداروں کے روایتی تین ڈومینز میں وائرس کی کلاسیفکیشن کے چیلنجز پر بات کریں۔
Answer
تمہید: وائرس انتہائی چھوٹے (ultramicroscopic) مخلوق ہیں جو جاندار اور غیر جاندار کے درمیان سرحد پر ہیں۔ انہیں کلاسیفکیشن کے سسٹم میں شامل نہیں کیا جاتا۔
وائرس کی خصوصیات:
1۔ ایسیلولر (acellular): یہ سیلز سے نہیں بنے ہوتے اور ان میں کوئی آرگنیلز نہیں ہوتے۔
2۔ ساخت: یہ نیوکلیک ایسڈ (DNA یا RNA) پر مشتمل ہوتے ہیں جو پروٹین کے خول سے گھرا ہوتا ہے۔
3۔ میٹابولزم: ان میں کوئی میٹابولزم نہیں ہوتا۔
4۔ پیراسائٹ: پروٹین کی تیاری اور اپنی تعداد بڑھانے کے لیے یہ ہوسٹ جانداروں (پودے، جانور اور بیکٹیریا) میں پیراسائٹ (parasite) بن کر رہتے ہیں۔
کلاسیفکیشن کے چیلنجز:
1۔ روایتی تینوں ڈومینز (آرکیا، بیکٹیریا اور یوکیریا) کے جاندار سیل سے بنے ہوتے ہیں جبکہ وائرس سیل سے نہیں بنے۔
2۔ تینوں ڈومینز کے جانداروں میں میٹابولزم ہوتا ہے جبکہ وائرس میں نہیں۔
3۔ وائرس اپنی خوراک خود حاصل نہیں کرتے بلکہ ہوسٹ پر مکمل انحصار کرتے ہیں۔
4۔ اسی وجہ سے ان میں زندگی کی تینوں ڈومین کی کوئی خصوصیت موجود نہیں اس لیے انہیں کلاسیفکیشن میں شامل نہیں کیا جا سکتا۔
دیگر ایسیلولر ذرات: پرائیونز (prions) اور وائرائیڈز (viroids) بھی ایسیلولر ذرات ہیں اور انہیں بھی کلاسیفکیشن میں شامل نہیں کیا جاتا۔ پرائیونز صرف پروٹین پر مشتمل ہوتے ہیں جبکہ وائرائیڈز صرف گول RNA پر۔ یہ دونوں کچھ پودوں میں متعدی بیماریاں پیدا کرتے ہیں اور کینسر کا سبب بھی بنتے ہیں۔
مثال: کورونا وائرس (Coronavirus) 2019 کے آخر میں چین کے شہر ووہان (Wuhan) میں دریافت ہوا اور COVID-19 بیماری کا سبب بنا۔ ویکسین (vaccine) مدافعتی نظام کو وائرس کو پہچاننے اور اس سے لڑنے میں مدد دیتی ہے۔
نتیجہ: وائرس کی خصوصیات زندگی کی تعریف پر پوری نہیں اترتیں اس لیے وہ کسی ڈومین یا کنگڈم کا حصہ نہیں ہیں۔
Q8 · 8 marks
کلاسیفکیشن کی اہمیت کی وضاحت کریں اور یہ بتائیں کہ یہ مختلف جانداروں کے تعلقات کو سمجھنے میں کس طرح مددگار ثابت ہوتی ہے۔
Answer
تمہید: بائیولوجسٹس جانداروں کے اتنے بڑے مجموعے کو بہتر طور پر سمجھنے کے لیے ان کی گروہ بندی کرتے ہیں۔ کلاسیفکیشن وہ عمل ہے جس میں جانداروں کو ان میں پائی جانے والی مشابہتوں اور اختلافات کی بنیاد پر گروپس اور ذیلی گروپس میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ اب تک تقریباً 20 لاکھ اقسام کی شناخت ہو چکی ہے اور ہر سال ہزاروں نئی اقسام دریافت ہوتی ہیں۔
مقاصد:
(1)جانداروں کے درمیان مشابہتوں اور اختلافات کا تعین کرنا تاکہ ان کا مطالعہ آسانی سے کیا جا سکے۔
(2)جانداروں کے درمیان ارتقائی تعلقات تلاش کرنا۔
فوائد:
1۔ مشابہ جانداروں کو ایک گروپ میں رکھا جاتا ہے جس سے ان کی خصوصیات، تعلقات اور ارتقائی تاریخ کو سمجھنا آسان ہو جاتا ہے۔ اس سے ہمیں زمین پر جانداروں کی وسیع بائیوڈائیورسٹی کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔
2۔ کلاسیفکیشن مختلف پی شیز (species) کے مطالعے اور موازنے کے لیے ایک ڈھانچہ (framework) فراہم کرتی ہے۔
3۔ یہ مختلف جانداروں کے درمیان باہمی تعلقات کو واضح کرتی ہے۔
4۔ یہ نئی پی شیز کی شناخت اور ان کے ارتقائی تعلقات کو سمجھنے میں مدد دیتی ہے۔
5۔ یہ دنیا بھر کے بائیولوجسٹس کے لیے ایک مشترکہ زبان فراہم کرتی ہے جو جانداروں کے مطالعے میں مؤثر رابطہ ممکن بناتی ہے۔
تعلقات سمجھنے کی مثال: ٹیکسانومی کے درجات سے معلوم ہوتا ہے کہ انسان اور پھل کی مکھی دونوں ڈومین یوکیریا اور کنگڈم اینیمیلیا میں شامل ہیں مگر فائلم (کورڈیٹا اور آرتھروپوڈا) کے درجے سے الگ ہو جاتے ہیں۔ جتنے نچلے درجے تک دو جاندار ایک ساتھ رہیں اتنا ہی ان کا تعلق قریبی ہوتا ہے۔
نتیجہ: مجموعی طور پر کلاسیفکیشن قدرتی دنیا کو سمجھنے اور بائیوڈائیورسٹی کے تحفظ اور انتظام کے لیے بہت اہم ہے۔
Test yourself on this chapter
Timed chapter tests, marked the moment you finish.
Practise with a free account
Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.