تفصیلی سوالات

Long questions

13 questions · 60 min · 118 marks

Want to try first? Take the free Civics test: علم شہریت کا مفہوم، تعریف اور اہمیت

Sample questions with answers

The first 5 of 13, each with a model answer. Try writing yours first.

  1. Question 1 · 10 marks

    امت اسلامیہ کی اہم خصوصیات پر روشنی ڈالیں۔ (سوال 1)

    Show model answer

    تعارف: امت اسلامیہ کی بنیاد اعلیٰ ترین انسانی اصولوں پر قائم کی گئی ہے۔ یہ قومیت کے مغربی تصور کے بالکل برعکس ہے۔ اس کی بنیاد محبت، اخوت، برداشت اور مساوات پر ہے۔ اسلام وطن، قوم، رنگ، نسل، قبیلے اور خاندان کا قائل نہیں۔ جو توحید اور رسالت کا اقرار کر لے وہ ملت اسلامیہ کا رکن بن جاتا ہے۔ خصوصیات:

    (1)ارکان اللہ تعالیٰ کے سوا کسی کو معبود تسلیم نہیں کرتے، ان کا ایمان ہے کہ اللہ ایک ہے اس کا کوئی شریک نہیں اور اللہ سب سے بڑا ہے۔

    (2)حضرت محمد رسول اللہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اللہ تعالیٰ کا آخری رسول تسلیم کرتے ہیں۔

    (3)امت کی بنیاد مساوات پر ہے۔ علامہ اقبال کے شعر کے مطابق بادشاہ اور غلام ایک ہی صف میں کھڑے ہو جاتے ہیں۔

    (4)امت عدل و انصاف پر پورا یقین رکھتی ہے۔

    (5)ارکان اخلاق اور پرہیزگاری پر پورا یقین رکھتے ہیں۔

    (6)ہر فرد پر لازم ہے کہ وہ ایسا علم حاصل کرے جو خدا شناسی اور سنت نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پیروی کا ذریعہ ہو۔

    (7)امت میں کسی قسم کی ناانصافی اور تعصب کی گنجائش نہیں۔

    (8)امت رنگ و نسل، وطن اور زبان کے امتیاز سے پاک ہے۔

    (9)امت اتحاد و تعاون کی رسی کو مضبوطی سے تھامے ہوئے ہے۔

    (10)امت عالمگیر برادری کا تصور پیش کرتی ہے۔ دلائل: قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ انسانوں کو ایک مرد اور عورت سے پیدا کر کے گروہوں اور قبائل میں اس لیے تقسیم کیا کہ وہ ایک دوسرے کو پہچانیں اور اللہ کے ہاں بہتر وہی ہے جو زیادہ پرہیزگار ہے۔ خطبہ حجۃ الوداع میں فرمایا کہ سب آدم علیہ السلام کی اولاد ہیں اور کسی عربی کو عجمی پر یا گورے کو کالے پر برتری نہیں، فضیلت کا دار و مدار صرف تقویٰ پر ہے۔

    نتیجہ: تمام انسان اللہ تعالیٰ کی مخلوق ہیں اس لیے ملت کے ارکان اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق زندگی بسر کریں اور آپس میں بھائی بھائی بن کر اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھیں۔

  2. Question 2 · 10 marks

    معاشرہ سے کیا مراد ہے؟ نیز معاشرہ کی خصوصیات لکھیں۔ (سوال 2)

    Show model answer

    مفہوم: معاشرہ انگریزی لفظ Society کا ترجمہ ہے جو لاطینی زبان کے لفظ Socius سے اخذ کیا گیا ہے جس کے معنی ساتھی کے ہیں۔ گویا معاشرہ سے مراد ساتھیوں کا گروہ یا مجموعہ ہے۔ معاشرے کے اندر رہتے ہوئے فرد کو تمام اداروں سے تعلقات رکھنا پڑتے ہیں۔ ان میں منظم، غیر منظم سرگرمیاں اور محبت و نفرت، سب طرح کے تعلقات شامل ہوتے ہیں۔

    تعریف: جان ایف سوبر: معاشرہ تعلقات کا ایسا نظام ہے جس میں فرد اپنی زندگی بسر کرتا ہے۔ لارڈ برائس: افراد کا وہ مجموعہ جو چند مقاصد کی خاطر زندگی بسر کر رہا ہو معاشرہ کہلاتا ہے۔ خصوصیات:

    (1)افراد کا مجموعہ: معاشرہ ایک فرد پر نہیں بلکہ افراد کے ایک بڑے گروہ پر مشتمل ہوتا ہے۔ اس میں شامل لوگ مختلف طبقوں اور برادریوں سے تعلق رکھتے ہیں اور ایک دوسرے سے تعاون کرتے ہیں۔

    (2)مشترکہ مفادات: افراد جن مفادات کی خاطر اکٹھے ہوتے ہیں اور جدوجہد کرتے ہیں وہ عام طور پر فلاح و بہبود اور ترقی و خوشحالی پر مشتمل ہوتے ہیں۔

    (3)تنظیم: افراد اپنے مقصد کے حصول کے لیے منظم ہو کر رسم و رواج اور قوانین کی پابندی کرتے ہوئے کام کرتے ہیں۔

    (4)مشترکہ اقدار: زبان، ثقافت، بود و باش، اقدار اور نظریات مشترک ہوتے ہیں۔

    (5)عالمگیر حیثیت: معاشرہ جغرافیائی حدود سے آزاد ہوتا ہے، مثلاً اسلامی معاشرہ تمام دنیا پر پھیلا ہوا ہے۔

    (6)رضا کارانہ رکنیت: رکنیت رضا کارانہ ہوتی ہے اور کسی کو مجبور نہیں کیا جا سکتا۔

    (7)فکر و عمل میں ہم آہنگی: ارکان میں ہم آہنگی اور اشتراک و تعاون پایا جاتا ہے جس سے اتحاد و یکجہتی کو فروغ ملتا ہے۔

  3. Question 3 · 10 marks

    خاندان کی تعریف کریں اور اس کی اہمیت و فرائض بیان کریں۔ (سوال 3)

    Show model answer

    تعارف: خاندان سب سے پہلا اور بنیادی انسانی ادارہ ہے۔ جب دو مختلف جنسوں کے افراد اپنی باہمی ضروریات پوری کرنے کے لیے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوتے ہیں تو خاندان کی بنیاد رکھتے ہیں۔ اسلامی نظریے کے مطابق حضرت آدم علیہ السلام اور حضرت حوا علیہ السلام نے دنیا کے پہلے خاندان کی تشکیل کی۔

    تعریف: ارسطو: خاندان ایک قدرتی ادارہ ہے جس کی بنیاد انسانی ضروریات پر ہے۔ کوئی بھی فرد اپنی تمام ضروریات تنہا پوری نہیں کر سکتا اس لیے وہ خاندان کی تشکیل کرتا ہے۔ پروفیسر میک آئیور: خاندان ایک ایسا گروہ ہے جو جنسی رشتے کی بنیاد پر وجود میں آتا ہے۔ یہ رشتہ بچوں کی پیدائش اور تربیت کے لیے ضروری ہے۔ خاندان ماں، باپ اور بچوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ باپ سربراہ ہوتا ہے اور ماں منتظم ہوتی ہے جو گھر کا نظام چلاتی ہے اور بچوں کی تعلیم و تربیت کرتی ہے۔ خاندان افراد کی سرگرمیوں کا مرکز اور ان کی نشوونما کے لیے ابتدائی مدرسہ ہے۔ اہمیت و فرائض:

    (1)افزائش نسل: انسان کی بقا کے لیے خاندان افزائش نسل کے فطری عمل کا سبب بنتا ہے۔

    (2)بچوں کی نگہداشت و تربیت: خاندان بچے کا ابتدائی مدرسہ ہے جس میں اس کی عادات و اطوار اور سیرت و کردار کو سنوارا جاتا ہے۔ بچے کو تعاون، ہمدردی، محبت اور وفاداری کے جذبات اور نیکی و بدی کی تمیز خاندان سے ملتی ہے۔ والدین فطری محبت کے پیش نظر خود تکلیف اٹھا کر پرورش کرتے ہیں۔

    (3)معاشی ضروریات کی تکمیل: خاندان ایک معاشی ادارہ ہے اور بچوں کی کفالت کا ذمہ دار ہے۔ افراد ایک دوسرے سے تعاون کرتے ہیں اور بہتر وسائل پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

    (4)قانون کی اطاعت: بچوں کو والدین کے احکام کی اطاعت اور رسم و رواج کی پاس داری سکھائی جاتی ہے جس سے نظم و ضبط پیدا ہوتا ہے اور ریاست کے قوانین کی اطاعت کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔

    (5)معاشرتی تعلقات: خاندان سے معاشرتی و سماجی تعلقات اور نئی رشتہ داریاں قائم ہوتی ہیں، برادریوں اور قبیلوں کی بنیاد پڑتی ہے، اجتماعی شعور پیدا ہوتا ہے اور قومی روایات قائم ہوتی ہیں۔

    (6)ثقافتی ورثہ کی منتقلی: بچہ اپنے ابتدائی ماحول کو اپنا ثقافتی ورثہ سمجھتا ہے، بڑا ہو کر اس کی حفاظت کرتا ہے اور آنے والی نسلوں کو منتقل کرتا ہے۔

    (7)اجتماعی ترقی: خاندان کسی ایک فرد کی ترقی تک محدود نہیں بلکہ افراد کی اجتماعی ترقی اس کا مقصد ہے اور اسی سے قومی ترقی ممکن ہے۔

  4. Question 4 · 10 marks

    قوم اور قومیت کی تعریف کریں نیز قوم اور قومیت میں فرق کی وضاحت کریں۔ (سوال 4)

    Show model answer

    قوم: قوم کو انگریزی میں Nation کہتے ہیں جو لاطینی لفظ Natio سے ماخوذ ہے جس کے معنی پیدائش کے ہیں۔ گویا قوم کا تعلق فرد کی پیدائش یا نسل سے ہے۔ لارڈ برائس: قوم افراد کا ایسا گروہ ہے جس میں جذبہ قومیت پایا جائے، جن کی اپنی سیاسی تنظیم ہو اور وہ آزاد ہوں یا آزادی حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہوں۔ گلکرائسٹ: قوم، ریاست اور قومیت کے مجموعہ کا نام ہے۔ قومیت: جب قومیت کا جذبہ رکھنے والے لوگ خود کو سیاسی طور پر منظم کرتے ہیں تو وہ ایک قوم بن جاتی ہے۔ قومیت اپنائیت کے ایسے احساس اور جذبے کا نام ہے جو مشترکہ نسل، رنگ، مذہب، علاقے، زبان اور رسم و رواج کی بنا پر پیدا ہوتا ہے اور لوگ خود کو ایک خونی رشتے میں منسلک سمجھتے ہیں۔ لارڈ برائس: قومیت ایک ایسا جذبہ ہے جو مشترکہ نسل، زبان، مذہب، مفادات اور تاریخی روایات کی بنا پر لوگوں کو متحد کر دے۔ جے ایس مل: قومیت کا اطلاق ایسے گروہ پر ہوتا ہے جس میں ایک دوسرے کے لیے ہمدردی اور اخوت کے جذبات کارفرما ہوں۔ فرق:

    (1)قومیت لوگوں کے درمیان پایا جانے والا احساس یا جذبہ ہے جس کی بنا پر وہ متحد ہوتے ہیں جبکہ قوم افراد کا ایسا گروہ ہے جس میں جذبہ قومیت موجود ہو اور سیاسی طور پر منظم ہو کر اپنی آزادی کے لیے کوشاں ہوں۔

    (2)قوم جسم کی مانند ہے جسے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ قومیت روح کی مانند ہے جسے محسوس کیا جا سکتا ہے۔ قوم کی بنیاد قومیت پر ہے جس کے بغیر اس کا قیام ممکن نہیں جبکہ قومیت کا تصور پیدا کرنے کے لیے افراد کا ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا ضروری ہے۔

    (3)قومیت ایک جذبہ ہے اور قوم اس کی عملی شکل کا نام ہے۔ قومیت کے بغیر قوم وجود میں نہیں آ سکتی۔ اگر جذبہ قومیت کمزور پڑ جائے تو قوم انتشار کا شکار ہو جاتی ہے اس لیے ہر قوم اپنا جذبہ قومیت زندہ رکھتی ہے تاکہ اس کا وجود برقرار رہ سکے۔

  5. Question 5 · 10 marks

    قومیت کا جذبہ پیدا کرنے کے لیے کن عناصر کا ہونا ضروری ہے؟ (سوال 5)

    Show model answer

    قومیت کا جذبہ ایک فطری عنصر ہے اور اس کو پیدا کرنے کے لیے درج ذیل عناصر کا ہونا بہت ضروری ہے۔

    (1)مشترکہ نسل: نسلی اعتبار سے ایک ہونا افراد میں جذبہ قومیت پیدا کرتا ہے۔ بعض اوقات صرف ایک نسل کی بنیاد پر قوم بنتی ہے اور آزادی حاصل کر کے ریاست قائم کر لیتی ہے۔ مثلاً جرمن قوم سے جرمنی اور فرانسیسی قوم سے فرانس قائم ہوا۔

    (2)مشترکہ سکونت: ایک ہی خطے میں اکٹھے رہنے سے قومیت کا جذبہ پیدا ہوتا ہے اور قوم کی شکل بنتی ہے۔ مثلاً امریکی قوم میں جذبہ قومیت اکٹھے رہنے سے پیدا ہوا اور انھوں نے ایک قوم کی شکل اختیار کر لی۔

    (3)مشترکہ مذہب: مشترکہ مذہب بھی جذبہ قومیت کو ابھارتا ہے۔ ماضی میں مذہب کو ایک انتہائی طاقتور عنصر کی حیثیت حاصل رہی ہے۔ یورپ میں بہت سی ریاستیں مذہب کی بنیاد پر قائم ہوئیں۔ موجودہ دور میں پاکستان کے قیام میں مذہب اسلام نے اہم کردار ادا کیا۔

    (4)مشترکہ زبان: زبان اظہار خیال کا ذریعہ ہے اور خیالات میں ہم آہنگی و یکجہتی پیدا کرتی ہے۔ اس کی افادیت کے باوجود اسے قومیت کی ضروری بنیاد نہیں مانا جا سکتا۔ مثلاً سوئٹزرلینڈ میں مختلف زبانیں ہیں مگر لوگ جذبہ قومیت رکھتے ہیں۔ اسی طرح پاکستان میں کئی زبانیں بولی جاتی ہیں مگر قومیت کے جذبات پر اثر نہیں ہوتا۔

    (5)مشترکہ سیاسی مقاصد: بعض اوقات مشترکہ سیاسی مقاصد اور مفادات سے بھی جذبہ قومیت ابھرتا ہے۔ بہت سے لوگوں نے جمہوری نظام کے لیے ایک قوم کی صورت میں اتحاد قائم کیا۔ مثلاً امریکہ میں مشترکہ سیاسی مفادات نے ایک قوم کی تخلیق کی۔

More tests in افراد کے روابط

Practise with a free account

Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.

Create free account