تفصیلی سوالات

Long questions

10 questions · 50 min · 71 marks

Want to try first? Take the free Education test: ٹیسٹ 1: تعلیم کا مفہوم اور اقسام

Sample questions with answers

The first 5 of 10, each with a model answer. Try writing yours first.

  1. Question 1 · 8 marks

    مختلف آرا کی روشنی میں تعلیم کا مفہوم واضح کریں۔

    Show model answer

    لغوی مفہوم: تعلیم عربی لفظ علم سے ماخوذ ہے۔ علم کے معنی جاننا، پہچاننا یا کسی حقیقت کا ادراک حاصل کرنا ہیں۔ تعلیم کے معنی بتانا، پڑھانا، بار بار اور کثرت سے خبر دینا ہیں۔ انگریزی میں تعلیم کے لیے ایجوکیشن (Education) استعمال ہوتا ہے جس کے معنی کسی خاص سمت میں رہنمائی کرنا اور مخفی صلاحیتوں کو جلا دینا ہیں۔ اصطلاحی مفہوم: تعلیم ایسا عمل ہے جس کے ذریعے معاشرے کے افراد کی تربیت اور نشوونما کا بندوبست کیا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں افراد کو معاشرے کے کامیاب ارکان کی حیثیت سے زندگی گزارنے کے قابل بنایا جاتا ہے۔ ماہرین کی آرا: 1) تعلیم سچائی کی تلاش کا عمل ہے۔

    2)تعلیم انسان کو انسان بناتی ہے۔

    3)تعلیم معاشرے کے ساتھ مطابقت (Social Adjustment) پیدا کرنے کا عمل ہے۔

    4)تعلیم قوم کے تہذیبی ورثے کی حفاظت کرتی ہے، اس کی اصلاح کرتی ہے اور قومی ثقافت کو نسل در نسل منتقل کرتی ہے۔ نتیجہ: تعلیم محض علم پہنچانے کا نام نہیں بلکہ معاشرتی تربیت، اخلاق اور کردار کی تعمیر بھی ہے۔ تعلیم کا عمل پیدائش سے موت تک جاری رہتا ہے۔

  2. Question 2 · 5 marks

    تعلیم کا عمومی تصور کیا ہے؟

    Show model answer

    ہر قوم کی تہذیب و ثقافت دوسری اقوام سے مختلف ہوتی ہے۔ تعلیم کے ذریعے ہر قوم اپنی ثقافت اور نظریۂ حیات کے بارے میں تمام معلومات اپنی نئی نسل کو فراہم کرتی ہے اور اپنے عقائد، نظریات اور تہذیب و تمدن کو منتقل کرتی ہے۔ دنیا کی مختلف اقوام کے مقاصد حیات اور نظریۂ حیات مختلف ہیں، اس لیے ہر معاشرہ اپنا نظام تعلیم اپنی ثقافت اور نظریۂ حیات کے مطابق مرتب کرتا ہے۔ مادہ پرست انسانی زندگی کو صرف مادی دنیا تک محدود سمجھتے ہیں اور ان کے ہاں مقاصد تعلیم معاشرتی تبدیلیوں کے ساتھ بدلتے رہتے ہیں۔ یونانی فلسفی ارسطو انسان کو معاشرتی حیوان سمجھتا تھا اور اس کے نزدیک تعلیم کا مقصد اس حیوان کو اعلیٰ درجے کا شہری بنانا تھا۔ آج کا مادہ پرست انسان کو اعلیٰ درجے کا حیوان قرار دیتا ہے، اور اس کے ہاں تعلیم کا اعلیٰ ترین مقصد انسان کی جسمانی صلاحیتوں کو نشوونما دینا اور جبلی خواہشات کی تسکین ہے۔ سابقہ سوویت یونین میں مقصد اچھا اشتراکی شہری بنانا تھا جبکہ یورپ و امریکہ جیسے جمہوری معاشروں میں فرد کو معاشرے سے مطابقت پیدا کرنے کے قابل بنانا اور سرمایہ دارانہ نظام و جمہوریت کا پرچار مقصود ہے۔ اس کے برعکس اسلامی نظام تعلیم کا مقصد فرد کو اللہ کا نیک اور صالح بندہ بنانا ہے۔

  3. Question 3 · 8 marks

    تعلیم کے عمومی تصور اور اسلامی تصور تعلیم کا فرق واضح کریں۔

    Show model answer

    عمومی تصور: ہر معاشرہ اپنی ثقافت اور نظریۂ حیات کے مطابق نظام تعلیم بناتا ہے۔ مادہ پرست معاشروں میں تعلیم کا مقصد دنیوی ضروریات کی تکمیل، جسمانی صلاحیتوں کی نشوونما اور جبلی خواہشات کی تسکین ہے، اور مقاصد تعلیم بدلتے رہتے ہیں۔ اشتراکی معاشروں میں اچھا اشتراکی شہری اور مغربی جمہوری معاشروں میں فرد کا معاشرے سے مطابقت پیدا کرنا اور کمانا و خرچ کرنا مقصد ہے۔ اسلامی تصور: اسلامی نظریۂ حیات کے مطابق تعلیم ایک ایسا عمل ہے جس کے ذریعے انسان کی ہمہ پہلو تربیت کی جاتی ہے اور اس کے کردار کو خاص سانچے میں ڈھالا جاتا ہے تاکہ وہ اللہ تعالیٰ کے خلیفہ کا منصب انجام دے سکے۔ مقصد مرکزی رضائے الٰہی کا حصول ہے۔ نصاب میں قرآن و سنت اور اس کے معاون علوم کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ فرق کے نکات: 1) عمومی تصور میں مقاصد بدلتے رہتے ہیں جبکہ اسلامی تصور میں مقصد ثابت ہے۔

    2)عمومی میں دنیوی مفاد ہے جبکہ اسلام میں آخرت کی نجات اور رضائے الٰہی۔

    3)عمومی میں علم کا سرچشمہ انسانی عقل و تجربہ ہے جبکہ اسلام میں وحی۔

    4)اسلام علم کو دینی اور دنیوی خانوں میں نہیں بانٹتا۔

  4. Question 4 · 8 marks

    اسلامی تصور تعلیم کی امتیازی خصوصیات تحریر کریں۔

    Show model answer

    1)علم کا سرچشمہ اللہ تعالیٰ: پہلا استاد اللہ تعالیٰ ہے۔ اس نے پہلے انسان حضرت آدم علیہ السلام کو علم عطا کیا۔ علم ہدایت کی صورت میں وحی کے ذریعے آیا اور قرآن و حدیث کی شکل میں محفوظ ہے۔

    2)ہمہ پہلو تربیت: تعلیم کے ذریعے انسان کی ہمہ پہلو تربیت کی جاتی ہے اور اس کا کردار اللہ کے خلیفہ ہونے کے منصب کے لیے ڈھالا جاتا ہے۔

    3)مقصد رضائے الٰہی: سب کاوشوں کا مرکزی مقصد اللہ کی رضا کا حصول ہے۔

    4)علم کی فرضیت: تعلیم ہر انسان کا بنیادی حق اور حصول علم فرض ہے۔

    5)علم کی عدم تقسیم: اسلام علم کو دینی اور دنیوی خانوں میں نہیں بانٹتا۔

    6)وحی کا علم قطعی ہے: حواس اور عقل کے ذرائع کی صحت امکانی ہے اور وحی سے متصادم علوم رد کر دیے جاتے ہیں۔

    7)عمل کے لیے علم: علم نافع مطلوب ہے اور علم برائے عمل ضروری ہے۔

    8)علم دین کے تابع: علامہ اقبالؒ کے مطابق علم کی قوت دین کے تابع ہو تو نوعِ انسانی کے لیے رحمت ہے۔

  5. Question 5 · 8 marks

    رسمی، نیم رسمی اور غیر رسمی تعلیم سے کیا مراد ہے؟

    Show model answer

    انسان جن طریقوں سے تعلیم حاصل کرتا ہے ماہرین نے ان کو تین اقسام میں تقسیم کیا ہے۔ 1) رسمی تعلیم (Formal Education): ہر معاشرہ اپنی نئی نسل کی تربیت کے لیے سکول، کالج، یونیورسٹیاں اور دوسرے تعلیمی ادارے قائم کرتا ہے۔ واضح اور طے شدہ مقاصد کے تحت مقررہ نصاب اور مشاغل کے ذریعے معاشرے کے مقررہ ماہر اساتذہ مخصوص طریقہ ہائے تدریس استعمال کرتے ہیں۔ طے شدہ تعلیمی مقاصد، نصاب اور مخصوص اداروں کے ذریعے معاشرہ آئندہ نسل کا رخ متعین کرتا ہے۔ 2) نیم رسمی تعلیم (Non-Formal Education): بعض اوقات مختلف اساتذہ جز وقتی کام لے کر مختلف کورسز کی تدریس کا اہتمام کرتے ہیں۔ اساتذہ کی باقاعدہ بھرتی عمل میں نہیں آتی۔ تعلیمی مقاصد اور نصاب طے شدہ ہوتا ہے لیکن باقاعدہ ادارے قائم نہیں کیے جاتے۔

    مثال: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی کلاسز اور ٹیوشن کے باقاعدہ ادارے۔ 3) غیر رسمی تعلیم (In-Formal Education): باقاعدہ اداروں میں حاصل نہیں ہوتی۔ مقاصد شعوری انداز میں پیش نظر نہیں ہوتے اور جگہ، وقت اور نصاب کا تعین نہیں ہوتا۔ کاشت کار کا بیٹا والدین کا ہاتھ بٹا کر کاشتکاری اور لوہار کا بیٹا لوہار کا کام سیکھتا ہے۔ گھر اور خاندان اس کا سب سے بڑا مرکز ہے۔ گھر، گلی محلے کے دوستوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے، بازار اور مسجد میں آدمی بہت کچھ سیکھتا ہے۔

More tests in تعلیم کے تصورات

Practise with a free account

Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.

Create free account