Parho

Class 9 History · Chapter 2 · Test 4

تفصیلی سوالات

Long questions

17 questions · 36 min · 160 marks

Want to try first? Take the free History test: نظریہ کی تعریف، ماخذ، اہمیت اور نظریہ پاکستان کا مفہوم

Sample questions with answers

The first 5 of 17, each with a model answer. Try writing yours first.

  1. Question 1 · 10 marks

    تحریک علی گڑھ پر سیاسی، سماجی اور تعلیمی پہلوؤں سے روشنی ڈالیں۔ (مشق)

    Show model answer

    پس منظر: جنگ آزادی 1857ء میں ناکامی کے ساتھ ہی برصغیر کے مسلمانوں کی تاریخ کا سیاہ ترین دور شروع ہوا۔ مسلمان انگریزوں کی نفرت اور انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنے۔ ایسے میں سرسید احمد خان نے تحریک علی گڑھ کے ذریعے قوم کی راہنمائی کا بیڑا اٹھایا۔ مقاصد:

    (1)حکومت اور مسلمانوں کے درمیان اعتماد بحال کرنا۔

    (2)مسلمانان برصغیر کو جدید علوم اور انگریزی زبان کی طرف راغب کرنا۔

    (3)مسلمانوں کو سیاست سے باز رکھنا۔ تعلیمی پہلو: 1859ء میں مراد آباد میں سکول، 1863ء میں غازی پور میں سائنٹیفک سوسائٹی جس کا کام انگریزی ادب کو اردو زبان میں منتقل کرنا تھا، 1875ء میں علی گڑھ میں سکول، 1877ء میں کالج اور 1920ء میں یونیورسٹی۔ سیاسی پہلو: رسالہ اسباب بغاوت ہند میں 1857ء کے حقیقی اسباب انگریز حکومت کو بتائے اور غلط فہمیاں دور کیں۔ 1885ء میں قائم ہونے والی انڈین نیشنل کانگریس میں مسلمانوں کو شامل ہونے سے روکا کیونکہ مسلمان پہلے تعلیم حاصل کریں اور پھر سیاست میں حصہ لیں۔ سماجی پہلو: مسلمانوں کے پڑھے لکھے طبقے نے اسی ادارے سے تعلیم پائی۔ تحریک نے مسلمانوں کو ایک لڑی میں پرو دیا اور ان کے جداگانہ تشخص کی تشکیل ہوئی۔

    نتیجہ: سرسید کی وفات کے بعد بھی یہ تحریک قومی خدمات انجام دیتی رہی۔ پاکستان کا قیام بھی انہی کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔

  2. Question 2 · 10 marks

    قائداعظم کے چودہ نکات لکھیں۔ (مشق)

    Show model answer

    پس منظر: نہرو رپورٹ 1928ء نے مسلمانوں کی تمام تحفظات ماننے سے انکار کر دیا۔ قائداعظم نے اسے ماننے سے انکار کر کے 1929ء میں چودہ نکات پیش کیے۔ نکات:

    (1)آئندہ آئین وفاقی طرز کا ہو جس میں صوبوں کو زیادہ خودمختاری دی جائے۔

    (2)تمام صوبوں کو ایک ہی اصول پر داخلی خودمختاری دی جائے۔

    (3)صوبوں میں اقلیتوں کو مناسب نمائندگی دی جائے۔

    (4)مرکزی اسمبلی میں مسلمان ممبران کی تعداد ایک تہائی سے کم نہ ہو۔

    (5)جداگانہ انتخابات کا اصول ہر فرقہ پر لاگو ہو، البتہ اگر کوئی فرقہ چاہے تو اپنی مرضی سے مخلوط طریقہ انتخابات قبول کر سکتا ہے۔

    (6)صوبوں کی حدود میں کوئی ایسی تبدیلی نہ کی جائے جس سے پنجاب، بنگال اور شمال مغربی سرحدی صوبہ (خیبر پختونخوا) کی مسلمان اکثریت متاثر ہوتی ہو۔

    (7)تمام لوگوں کو یکساں مذہبی آزادی دی جائے۔

    (8)اگر کوئی مسودہ قانون کسی خاص فرقے سے متعلق ہو اور اس فرقے کے تین چوتھائی ارکان اس کے خلاف رائے دیں تو اسے نامنظور سمجھا جائے۔

    (9)سندھ کو بمبئی (ممبئی) سے الگ کر کے ایک صوبہ بنا دیا جائے۔

    (10)بلوچستان اور شمال مغربی سرحدی صوبہ میں دیگر صوبوں کی مانند اصلاحات نافذ کی جائیں۔

    (11)سرکاری ملازمتوں میں مسلمانوں کو ان کی اہلیت اور تناسب کے لحاظ سے حصہ دیا جائے۔

    (12)مسلمانوں کو مذہبی اور ثقافتی تحفظ دیا جائے۔

    (13)صوبائی اور مرکزی وزارتوں میں مسلمانوں کو کم از کم ایک تہائی نمائندگی دی جائے۔

    (14)آئین میں صوبوں کی مرضی کے بغیر کوئی تبدیلی نہ کی جائے۔

    نتیجہ: ان نکات سے قائداعظم نے نہ صرف مسلمانوں کے سیاسی حقوق کی ترجمانی کی بلکہ ہندوستان میں دستوری اصلاحات کا بنیادی ڈھانچہ بھی مہیا کر دیا۔

  3. Question 3 · 10 marks

    قائداعظم کی سیاسی اور آئینی کوششوں کے حوالے سے قیام پاکستان میں کردار کو بیان کریں۔ (مشق)

    Show model answer

    تعارف: قائداعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876ء کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ انگلستان میں سیاست میں دلچسپی پیدا ہوئی۔ ابتدا میں کانگرس میں تھے اور ہند مسلم اتحاد کے حامی تھے۔ خدمات:

    (1)1909ء میں منٹو مارلے اصلاحات کے نفاذ پر بمبئی کے مسلمانوں نے انہیں اپنا نمائندہ منتخب کیا۔

    (2)1913ء میں مسلم لیگ میں شامل ہوئے اور مسلم لیگ کے دستور میں ترمیم کر کے حکومت خود اختیاری کو مقصد حیات بنایا۔ کانگرس کی مسلم دشمن پالیسیوں کی بنا پر 1920ء میں کانگرس چھوڑ دی۔

    (3)دسمبر 1916ء میں مسلم لیگ اور کانگرس لکھنؤ میں ایک ساتھ سالانہ جلسہ کرنے پر رضامند ہوئیں۔ اس موقع پر ایک تاریخی معاہدہ ہوا جسے میثاق لکھنؤ کہتے ہیں اور انہیں ہند مسلم اتحاد کے سفیر کے لقب سے نوازا گیا۔

    (4)1919ء میں رولٹ ایکٹ کی مخالفت کی، غیر آئینی قرار دیا اور احتجاجاً کونسل سے استعفیٰ دیا۔

    (5)1929ء میں چودہ نکات پیش کیے۔

    (6)تین گول میز کانفرنسیں 1930ء سے 1932ء تک لندن میں ہوئیں۔ قائداعظم نے پہلی دو میں شرکت کی۔ یہ کانفرنسیں ناکام ہو گئیں۔

    (7)حکومت برطانیہ نے گورنمنٹ آف انڈیا ایکٹ 1935ء منظور کیا۔ کانگرس اور مسلم لیگ دونوں نے ناپسند کیا مگر 1936-37ء کے انتخابات میں دونوں نے حصہ لیا۔

    (8)1934ء میں اقبال اور دیگر مسلم لیگی رہنماؤں کے کہنے پر انگلستان سے وطن واپس آئے اور مسلم لیگ کی صدارت سنبھالی۔ آپ نے دن رات ایک کر کے مسلمانوں کو اس کے پرچم تلے جمع کیا۔

    (9)1940ء میں لاہور میں مسلم لیگ کا سالانہ جلسہ منعقد ہوا جس کی صدارت قائداعظم نے کی اور قرارداد لاہور منظور ہوئی۔

    (10)1945-46ء کے انتخابات میں مسلم لیگ نے مرکز میں 100 فیصد اور صوبائی اسمبلیوں میں 90 فیصد کامیابی حاصل کی۔

    (11)آپ نے کابینہ مشن کی تجاویز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ہندوؤں کی ہر چال ناکام بنا دی۔

    (12)14 اگست 1947ء کو پاکستان معرض وجود میں آ گیا اور آپ نے پہلے گورنر جنرل کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ وفات: 11 ستمبر 1948ء کو وفات پائی۔

  4. Question 4 · 10 marks

    قیام پاکستان کے بعد پیش آنے والی ابتدائی مشکلات کا جائزہ لیں۔ (مشق)

    Show model answer

    پاکستان کو معرض وجود میں آتے ہی بے شمار مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔

    (1)ریڈکلف ایوارڈ: 30 جون 1947ء کو پنجاب اور بنگال میں حد بندی کے لیے کمیشن بنا۔ ایک انگریز قانون دان سر ریڈکلف دونوں کمیشنوں کے چیئرمین تھے۔ مسلم اکثریت کے علاقے بھارت میں شامل کر دیے گئے۔ گورداسپور بھارت کو دے کر کشمیر تک رسائی دی گئی۔ یوں مسئلہ کشمیر پیدا ہوا۔

    (2)مہاجرین کی آباد کاری: ہندو مسلم فسادات میں لاکھوں مسلمان پاکستان آئے۔ مہاجر کیمپوں میں وبا پھیلی۔ مقامی مسلمانوں نے مدد کی۔

    (3)انتظامی مشکلات: کراچی کو دارالحکومت بنایا گیا۔ دفاتر کی کمی تھی۔ ریکارڈ اور سامان بھارت نے روک لیا۔ سول سروس کے صرف 81 مسلمان افسر پاکستان کو ملے۔

    (4)معاشی مشکلات: علاقے پس ماندہ تھے، 75 فیصد پٹ سن مشرقی بنگال میں مگر کارخانے مغربی بنگال میں۔ 394 میں سے 14 کارخانے اور 487 میں سے 69 بینک شاخیں ملیں۔

    (5)فوجی اثاثوں کی تقسیم: 64 فیصد بھارت اور 36 فیصد پاکستان۔ 16 اسلحہ فیکٹریاں بھارت میں رہیں۔ 60 ملین روپے دینے کا طے ہوا مگر بعد میں انکار ہو گیا۔

    (6)زرعی مشکلات: ہیڈ ورکس بھارت کے پاس چلے گئے۔ اپریل 1948ء میں پانی بند کر دیا گیا۔ 1960ء میں سندھ طاس معاہدہ ہوا۔

    (7)سیاسی مشکلات: جونا گڑھ پر 9 نومبر 1947ء کو اور حیدر آباد پر 17 ستمبر 1948ء کو بھارت نے قبضہ کیا۔ کشمیر پر بھی بھارت نے قبضہ کر لیا۔

    نتیجہ: قائداعظم اور لیاقت علی خان نے ان مسائل پر قابو پانے کی کوشش کی۔

  5. Question 5 · 10 marks

    قرارداد مقاصد کے اہم نکات کو تفصیل سے بیان کریں۔ (مشق)

    Show model answer

    قرارداد مقاصد 12 مارچ 1949ء کو اس وقت کے وزیراعظم نواب زادہ لیاقت علی خان نے قانون ساز اسمبلی میں پیش کی جس میں ان نکات کی نشاندہی کی گئی جن کو بنیاد بنا کر ملک کے مستقبل کا دستور بنانا تھا۔ قومی اسمبلی نے اکثریت سے منظور کر لیا۔ اہم نکات:

    (1)اللہ تعالیٰ کی حاکمیت: ساری کائنات کا مالک اللہ تعالیٰ ہے اور اقتدار اسی کو حاصل ہے۔ مسلمانوں کے پاس اللہ کی امانت ہے جو عوام کے منتخب نمائندے اللہ کی مقرر کردہ حدود کے اندر رہ کر استعمال کریں گے۔

    (2)اسلامی اقدار کی پابندی: اسلامی اقدار مثلاً جمہوریت، آزادی، رواداری اور معاشرتی انصاف کو فروغ دیا جائے گا۔

    (3)اسلامی طرز زندگی: مسلمانوں کو انفرادی اور اجتماعی زندگیاں اسلام کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق گزارنے کے لیے بہتر اور مناسب ماحول فراہم کیا جائے گا۔

    (4)اقلیتوں کا تحفظ: تمام غیر مسلم شہریوں کو اپنے مذاہب اور عقائد کے مطابق زندگی گزارنے کا مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

    (5)بنیادی حقوق کی فراہمی: تمام شہریوں کو کسی نسلی، معاشرتی، معاشی و مذہبی تعصب کے بغیر تمام شہری حقوق فراہم کیے جائیں گے۔

    (6)وفاقی نظام حکومت: پاکستان کا نظام وفاقی جمہوری ہو گا جو عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے چلایا جائے گا۔

    (7)پسماندہ علاقوں کی ترقی: ان کی ترقی کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے اور انہیں ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لایا جائے گا۔

    (8)عدلیہ کی آزادی: عدلیہ اپنے فرائض کی ادائیگی میں بالکل آزاد ہو گی اور بغیر کسی دباؤ کے کام کرے گی۔

    (9)اردو قومی زبان: پاکستان کی قومی زبان اردو ہو گی۔ اہمیت: منظوری کے بعد پورے ملک میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ بنیادی اصولوں کی کمیٹی بنی۔ یہ تمام دساتیر میں ابتدائیہ رہی اور 1985ء میں 1973ء کے آئین کا باقاعدہ حصہ بنا دی گئی۔

More tests in تحریک پاکستان اور پاکستان کا قیام: پانچ ٹیسٹ

Practise with a free account

Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.

Create free account