Parho

Class 9 History · Chapter 1

پاکستان کی نظریاتی: questions and answers

Every short question, long question and MCQ on this chapter's free papers, each with its answer. Try one yourself first, then check.

56short questions
11long questions
0MCQs

Short questions with answers

  1. Q1 · 2 marks

    قائداعظم نے یکم جولائی 1948ء کو سٹیٹ بینک کا افتتاح کرتے ہوئے کیا فرمایا؟

    Answer

    قائداعظم نے فرمایا کہ مغرب کا معاشی نظام انسانیت کے لیے ناقابل حل مسائل پیدا کر رہا ہے اور یہ لوگوں کے درمیان انصاف قائم کرنے میں ناکام رہا ہے۔ ہمیں دنیا کے سامنے ایک ایسا معاشی نظام پیش کرنا چاہیے جو اسلام کے صحیح تصور مساوات اور سماجی انصاف کے اصولوں پر مبنی ہو۔

  2. Q2 · 2 marks

    دو قومی نظریے سے کیا مراد ہے؟

    Answer

    اس سے مراد یہ ہے کہ برصغیر پاک و ہند میں دو بڑی قومیں ہندو اور مسلمان آباد ہیں۔ یہ دونوں قومیں صدیوں تک ایک دوسرے کے ساتھ رہنے کے باوجود آپس میں گھل مل نہ سکیں۔ دو قومی نظریہ مسلمانوں کا علیحدہ تشخص ہے اور پاکستان اسی کی بنیاد پر قائم ہوا۔

  3. Q3 · 2 marks

    نظریہ پاکستان کی تعریف کریں۔

    Answer

    نظریہ پاکستان سے مراد برصغیر جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کا یہ شعور تھا کہ وہ اسلامی نظریہ حیات کی بنیاد پر دوسری اقوام سے مختلف ہیں۔ تحریک پاکستان اور تعمیر پاکستان کے مجموعی تصور کو نظریہ پاکستان کہتے ہیں۔

  4. Q4 · 2 marks

    عقیدہ رسالت کی تعریف کریں۔

    Answer

    عقیدہ رسالت کا مطلب تمام رسولوں پر ایمان لانا ہے۔ دائرہ اسلام میں آنے کے لیے لازم ہے کہ رسالت کو دل و جان سے تسلیم کیا جائے اور آپ ﷺ کو آخری نبی ماننا لازمی جز ہے۔ جو اس کا انکار کرے وہ مسلمان نہیں ہو سکتا۔

  5. Q5 · 2 marks

    ہندوستان میں ایسٹ انڈیا کمپنی قائم کرنے کا مقصد کیا تھا؟

    Answer

    انگریزوں نے ایسٹ انڈیا کمپنی 1600ء میں قائم کی۔ کمپنی ہندوستان میں ایسی معاشی پالیسیاں بناتی تھی جس کا زیادہ مالی فائدہ خود انگریزوں کو ہوتا تھا۔

  6. Q6 · 2 marks

    «اب یا پھر کبھی نہیں» (Now OR Never) کے عنوان سے شہرہ آفاق کتابچہ کب اور کس نے جاری کیا؟

    Answer

    یہ کتابچہ چودھری رحمت علی نے 28 جنوری 1933ء کو لندن سے چار صفحات پر مشتمل جاری کیا۔ اسی میں پہلی بار لفظ «پاکستان» متعارف ہوا۔

  7. Q7 · 2 marks

    نظریہ کی تعریف لکھیں۔

    Answer

    نظریہ سے مراد ایسا ضابطہ یا پروگرام ہے جس کی بنیاد فلسفہ و تفکر پر رکھی گئی ہو اور انسانی زندگی کے مختلف پہلوؤں مثلاً سیاسی، معاشرتی اور تہذیبی مسائل کے حل کے لیے کوئی لائحہ عمل بنایا گیا ہو۔

  8. Q8 · 2 marks

    نظریہ کی اصطلاحی تعریف کی چار صورتیں لکھیں۔

    Answer

    (1)کسی شے کو وجود میں لانے کے لیے ذہن میں ابھرنے والی سوچ، فکر اور نقشہ (2) کسی مقصد کے حصول کے لیے بنایا گیا فکری خاکہ (3) کسی خاص مقصد کے لیے کسی قوم کی اجتماعی سوچ کا ایک بات پر متفق ہو جانا (4) ایسی بات جو لوگوں کو متحد کر کے اس کے حصول کی کوشش پر آمادہ کر دے۔

  9. Q9 · 2 marks

    نظریہ کے ماخذ لکھیں۔

    Answer

    (1)مشترکہ مذہب (2) مشترکہ سیاسی مقاصد (3) مشترکہ تعلیمی مقاصد (4) مشترکہ معاشی مقاصد (5) مشترکہ ثقافتی مقاصد۔

  10. Q10 · 2 marks

    مشترکہ مذہب بطور نظریہ کا ماخذ کیسے ہے؟

    Answer

    مذہب محض عبادات کا مجموعہ نہیں بلکہ قوم کی پوری معاشرتی زندگی کو متاثر کرتا ہے۔ انیسویں صدی میں آریا سماج اور برہمو سماج جیسی تحریکوں نے جنم لیا۔ آریا سماج کے بانی دیانند سرسوتی نے شدھی تحریک شروع کی۔ کانگرسی دور حکومت (39-1937ء) نے مسلمانوں کو اپنی مذہبی شناخت برقرار رکھنے کی ضرورت کا احساس دلایا۔

  11. Q11 · 2 marks

    مشترکہ سیاسی مقاصد کی وضاحت کریں۔

    Answer

    انگریزوں کی آمد سے برصغیر میں جمہوریت کا تصور ابھرا جس میں حکومتی نمائندوں کا انتخاب ووٹ کے ذریعے ہوتا تھا۔ آبادی کے لحاظ سے مسلمان اقلیت میں تھے لہٰذا حکومت میں ان کا حصہ بھی تھوڑا تھا۔ نئے سیاسی نظام نے مسلمانوں کے تشخص کو ابھارا۔

  12. Q12 · 2 marks

    مشترکہ تعلیمی مقاصد کی وضاحت کریں۔

    Answer

    انگریزوں نے قبضے کے بعد ایسا نظام تعلیم متعارف کرایا جس میں انگریزی زبان کو مرکزی حیثیت حاصل تھی۔ مسلم علما نے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے انگریزی زبان سیکھنے کو اسلام کے خلاف قرار دیا۔ بیشتر مسلمانوں نے نئے نظام تعلیم کو رد کر دیا۔

  13. Q13 · 2 marks

    مشترکہ معاشی مقاصد کی وضاحت کریں۔

    Answer

    1857ء کی جنگ آزادی کے بعد مسلمانوں کے ساتھ انگریزوں کا رویہ سخت ہوتا گیا اور مسلمان معاشی طور پر ظلم کا شکار رہے۔ مسلمانوں کے لیے کاروبار اور تجارت کے مواقع ختم ہو گئے لیکن انہوں نے اپنے نظریے کو نہ چھوڑا۔

  14. Q14 · 2 marks

    مشترکہ ثقافتی مقاصد کی وضاحت کریں۔

    Answer

    انگریزوں کے قبضے کے وقت اردو کو سرکاری زبان کی حیثیت حاصل تھی۔ ہندوؤں نے اردو کی جگہ ہندی کو سرکاری زبان کا درجہ دلانے کی کوشش کی۔ اردو عربی رسم الخط میں اور ہندی دیو ناگری میں لکھی جاتی تھی۔ اس عمل نے مسلمانوں کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیا کہ وہ متحدہ ہندوستان میں اپنے تشخص کو برقرار نہ رکھ سکیں گے۔

  15. Q15 · 2 marks

    نظریہ کی اہمیت لکھیں۔

    Answer

    نظریہ لوگوں کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے، اقوام اسی وجہ سے زندہ نظر آتی ہیں۔ نظریہ انسان کو ایک دوسرے کے ساتھ قومی حقوق و فرائض کی وضاحت کرتا ہے۔ قوم کو متحد رکھنے میں مددگار ہے، ہر قسم کی مشکلات کے مقابلے کی طاقت بخشتا ہے، مقاصد کے حصول کے لیے جدوجہد کا جذبہ پیدا کرتا ہے اور انقلاب کو جنم دیتا ہے۔

  16. Q16 · 2 marks

    نظریہ کے وجود میں آنے کی ایک مثال دیں۔

    Answer

    امریکہ میں سیاہ رنگت کے لوگوں نے مساوی حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد شروع کی۔ اسی طرح برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے سماجی و سیاسی حقوق کے حصول کے لیے جب انگریزوں اور ہندوؤں کا ظالمانہ رویہ دیکھا تو علیحدہ وطن کا نظریہ وجود میں آیا۔

  17. Q17 · 2 marks

    نظریہ پاکستان کی تین تعریفیں لکھیں۔

    Answer

    (1)ایک الگ خطہ زمین کا حصول جس میں مسلمان قرآن و سنت کی روشنی میں اسلامی قدروں اور نظریات کو محفوظ رکھ سکیں۔

    (2)تحریک پاکستان اور تعمیر پاکستان کے مجموعی تصور کو نظریہ پاکستان کہتے ہیں۔

    (3)نظریہ پاکستان وہ نظریاتی بنیاد ہے جس کے تحت برصغیر کے مسلمانوں نے اپنی شناخت، حقوق، علیحدہ وطن اور قومی فلاح کے لیے جدوجہد کی۔

  18. Q18 · 2 marks

    قائداعظم نے نظریہ پاکستان کے بارے میں کیا فرمایا؟

    Answer

    آپ نے فرمایا کہ پاکستان اسی روز وجود میں آ گیا تھا جب برصغیر کا پہلا ہندو مسلمان ہوا تھا۔ پاکستان کی بنیاد ایک خاص نظریہ یعنی اسلام پر رکھی گئی تھی جس کا مقصد اسلام کو ایک تہذیبی، ثقافتی، سیاسی اور معاشی نظام کے طور پر نافذ کرنا تھا۔

  19. Q19 · 2 marks

    اسلامی اقدار سے متعلق قائداعظم کا مؤقف لکھیں۔

    Answer

    قائداعظم سے سوال ہوا کہ پاکستان کا مطالبہ کیوں؟ آپ نے فرمایا کہ بھائی چارہ، مساوات اور انسان دوستی ہمارے مذہب، ثقافت اور تہذیب کی بنیادی باتیں ہیں۔ چونکہ ہمیں ان بنیادی انسانی حقوق کے ختم ہونے کا خدشہ تھا اس لیے ہم نے پاکستان کی تخلیق کے لیے جدوجہد کی۔

  20. Q20 · 2 marks

    مسلمان مصلحین نے دو قومی نظریے کی وضاحت کب کب کی؟

    Answer

    1867ء میں سرسید احمد خان نے ہندو مسلمان کو دو الگ قومیں قرار دیا۔ 1879ء میں مولانا جمال الدین افغانی، 1890ء میں مولانا عبدالحلیم شرر اور 1928ء میں مولانا مرتضیٰ احمد میکش نے الگ ریاست کی بات کی۔ علامہ اقبال نے 1930ء میں خطبہ الہ آباد میں مسلمانوں کی الگ ریاست کا تصور پیش کیا۔

  21. Q21 · 2 marks

    برصغیر کے مسلمانوں کے معاشرتی و ثقافتی حالات بیان کریں۔

    Answer

    نظریہ پاکستان ایک مخصوص طرز زندگی اور تہذیب و ثقافت کی دعوت دیتا ہے۔ برصغیر کی مسلم تہذیب و ثقافت پر اسلام نے گہرے اثرات چھوڑے ہیں۔ ایسے تمام طریقے جو اسلامی تعلیمات کے خلاف نہیں مسلمانوں کا ثقافتی ورثہ ہیں۔ مسلمانوں نے اسلام کی ثقافتی اقدار کا تحفظ کیا۔

  22. Q22 · 2 marks

    اقبال نے مسلمان ملت کی اساس کے حوالے سے کیا تصور پیش کیا؟

    Answer

    علامہ اقبال نے فرمایا کہ مسلمان اپنی ملت پر دوسری اقوام کو قیاس نہ کریں کیونکہ مسلمان قوم کی ترکیب خاص ہے۔ اس کی اساس مذہب اسلام ہے نہ کہ ملک و نسب۔ قوت مذہب سے مسلمانوں کی جمعیت مستحکم ہے۔

  23. Q23 · 2 marks

    اقلیتوں کے حقوق کے بارے میں قائداعظم کا فرمان لکھیں۔

    Answer

    11 اگست 1947ء کو دستور ساز اسمبلی میں فرمایا کہ آپ اپنی عبادت گاہوں میں جانے کے لیے آزاد ہیں۔ آپ کا تعلق چاہے کسی عقیدے سے ہو ریاست کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔ پاکستان کے تمام شہری مساوی ہیں اور انہیں مساوی حقوق حاصل ہوں گے۔

  24. Q24 · 2 marks

    نوجوان نسل کو نظریہ پاکستان سے آگاہ کرنا کیوں ضروری ہے؟

    Answer

    آج کی نوجوان نسل کو نظریہ پاکستان اور قیام پاکستان کے مقاصد سے پوری طرح آگاہ رکھنے کی ضرورت ہے۔ جذباتی رشتے اور محبت کو جاری رکھنے کے لیے اور پاکستان کے عوام کو مضبوط اور متحد رکھنے کے لیے ضروری ہے۔ ملک بھر میں زبان، علاقہ اور صوبوں کی سطح پر نفرتوں کے خاتمے کے لیے نظریہ پاکستان سے دلی لگاؤ پیدا کرنا ضروری ہے۔

  25. Q25 · 2 marks

    نظریہ پاکستان کے عناصر لکھیں۔

    Answer

    (1)عقائد (2) عبادات (ارکان اسلام) (3) قانون کی حکمرانی (4) اخوت و مساوات (5) عدل و انصاف۔

  26. Q26 · 2 marks

    عقائد میں کیا کیا شامل ہے؟

    Answer

    عقائد میں توحید، رسالت، آخرت، ملائکہ اور الہامی کتابوں پر ایمان لانا شامل ہے۔ عقائد کے مجموعے کو ایمان کہتے ہیں۔

  27. Q27 · 2 marks

    عقیدہ توحید کی وضاحت کریں۔

    Answer

    اللہ تعالیٰ ساری کائنات کا خالق اور مالک ہے۔ وہ واحد اور یکتا ہے۔ اس کا کوئی شریک نہیں اور نہ ہی کوئی چیز اس کے علم سے باہر ہے۔ اللہ ہر چیز پر قادر ہے۔ انسان کی حیثیت اللہ کے نائب کی ہے لہٰذا مسلمانوں پر اللہ کے احکام پر چلنا ضروری ہے۔

  28. Q28 · 2 marks

    ارکان اسلام کون سے ہیں؟

    Answer

    توحید و رسالت، نماز، زکوٰۃ، روزہ اور حج۔

  29. Q29 · 2 marks

    نماز کی اہمیت لکھیں۔

    Answer

    نماز اسلام کا دوسرا رکن ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں کئی مقامات پر نماز کی ادائیگی کا حکم دیا ہے۔ نماز کو مقررہ اوقات کے مطابق ادا کرنا فرض ہے۔ قرآن کے مطابق بے شک نماز مومنوں پر مقررہ وقت پر فرض ہے۔ نماز قائم کرنا دین اسلام کو قائم کرنا ہے۔

  30. Q30 · 2 marks

    زکوٰۃ کا نظام معاشرے کے لیے کیوں اہم ہے؟

    Answer

    زکوٰۃ مالی عبادت ہے اور اسلام کے معاشی نظام کی مضبوطی کا ذریعہ ہے۔ اس کی وجہ سے دولت چند ہاتھوں میں اکٹھی ہونے کے بجائے گردش میں رہتی ہے اور معاشرے کے غریب طبقے تک بھی پہنچ جاتی ہے۔

  31. Q31 · 2 marks

    روزہ اور حج کے بارے میں کتاب کیا کہتی ہے؟

    Answer

    روزہ بھی عبادات کی طرح روزہ بھی فرض کا بہترین اظہار ہے اور بندے اور اللہ کے درمیان قربت کا ذریعہ ہے۔ حج اسلام کا پانچواں رکن ہے جو صاحب استطاعت لوگوں پر فرض ہے۔ حج کے موقع پر لبیک کی پکار مسلمانوں کے اتحاد اور بھائی چارے کی ایسی مثال ہے جو دنیا میں کہیں نظر نہیں آتی۔

  32. Q32 · 2 marks

    قانون کی حکمرانی اسلام کی اہم خوبی کیوں ہے؟

    Answer

    اس کی بنیاد اس تصور پر ہے کہ قانون کا سرچشمہ اللہ تعالیٰ ہے۔ قرآن مجید اور اسوہ رسول ﷺ قانون کی بنیاد ہیں۔ بادشاہ اور غلام بھی قانون کے سامنے برابر ہیں۔ حکمرانوں کو باہمی مشورے کے ذریعے فیصلوں کا پابند کر کے جمہوریت کی مہر لگا دی گئی ہے بشرطیکہ تمام فیصلے قرآن و سنت کی روشنی میں ہوں۔

  33. Q33 · 2 marks

    اسلام میں اخوت و مساوات کی وضاحت کریں۔

    Answer

    اسلامی معاشرے میں اخوت و مساوات کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ مدینہ منورہ میں جب اسلامی حکومت قائم ہوئی تو مواخات مدینہ میں نمونہ نظر آیا۔ نبی کریم ﷺ نے خطبہ حجۃ الوداع میں فرمایا کہ کسی عربی کو عجمی پر اور کسی گورے کو کالے پر کوئی فضیلت نہیں۔ فضیلت کا معیار صرف تقویٰ ہے۔

  34. Q34 · 2 marks

    عدل و انصاف کی اہمیت لکھیں۔

    Answer

    عدل و انصاف کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ عدل و انصاف کے نفاذ کو ممکن بنانا عدالتی نظام کی ذمہ داری ہے۔ عدالتوں کا آزاد ہونا نہایت ضروری ہے۔ ہر شخص کے لیے جرم کے مطابق سزا ہونی چاہیے خواہ امیر ہو یا غریب۔ عدل و انصاف کی وجہ سے معاشرہ دن دگنی رات چوگنی ترقی کرتا ہے۔

  35. Q35 · 2 marks

    برصغیر میں دو قومی نظریے کی ابتدا کیسے ہوئی؟

    Answer

    برصغیر میں دو قومی نظریے کی ابتدا مسلمانوں کی آمد اور محمد بن قاسم کی فتح سندھ سے ہوئی۔ 712ء میں عرب نوجوان سپہ سالار محمد بن قاسم نے سندھ کے راجہ داہر کو شکست دی۔ اس نے حسن سلوک، رواداری اور انصاف سے مقامی لوگوں کو متاثر کیا۔

  36. Q36 · 2 marks

    سلطنت دہلی اور مغلیہ سلطنت کے بارے میں کتاب کیا بتاتی ہے؟

    Answer

    غزنوی دور 1003ء سے 1206ء تک محیط ہے۔ 1206ء میں قطب الدین ایبک نے سلطنت دہلی کی بنیاد رکھی جس پر غلاماں، خلجی، تغلق، سادات اور لودھی خاندانوں نے 1526ء تک حکومت کی۔ 1526ء میں ظہیر الدین بابر نے مغلیہ سلطنت کی بنیاد رکھی۔ آخری مغل حکمران بہادر شاہ ظفر کو انگریزوں نے 1857ء کی جنگ آزادی کے بعد رنگون میں قید کر دیا۔

  37. Q37 · 2 marks

    سرسید احمد خان اور دو قومی نظریہ کے بارے میں لکھیں۔

    Answer

    ابتدا میں سرسید متحدہ قومیت کے حامی تھے لیکن 1857ء کے بعد ہندو انگریزوں کے قریب ہو گئے۔ 1867ء میں بنارس میں اردو ہندی تنازع کے موقع پر آپ نے اعلان کیا کہ مسلمان اور ہندو الگ الگ قومیں ہیں۔ آپ نے ایم اے او سکول و کالج قائم کیا، 1885ء میں مسلمانوں کو کانگرس میں شمولیت سے منع کیا اور محمڈن ایجوکیشنل کانفرنس کا پلیٹ فارم مہیا کیا۔

  38. Q38 · 2 marks

    چودھری رحمت علی اور دو قومی نظریہ پر نوٹ لکھیں۔

    Answer

    چودھری رحمت علی اسلامیہ کالج لاہور کے نامور طالب علم تھے۔ جنوری 1931ء میں کیمبرج کالج میں قانون کی تعلیم کے لیے داخلہ لیا۔ 1933ء میں لندن میں پاکستان نیشنل موومنٹ کی بنیاد رکھی۔ 28 جنوری 1933ء کو Now OR Never نامی کتابچہ جاری کیا جس سے لفظ «پاکستان» متعارف ہوا۔

  39. Q39 · 2 marks

    ہندوستان میں مسلمانوں کی معاشی محرومی کی تین وجوہات لکھیں۔

    Answer

    (1)انگریزوں نے مسلمانوں کو ان تمام عہدوں سے ہٹا دیا جو ان کے آباؤ اجداد کے پاس تھے اور انہیں نئے عہدوں سے محروم رکھا۔

    (2)مسلمانوں کی زمینیں چھین کر دوسری اقوام کو دے دی گئیں۔

    (3)مسلمانوں کو سرکاری ملازمتوں سے نکال دیا گیا اور آئندہ کے لیے سرکاری ملازمت کا حصول مشکل بنا دیا گیا۔

  40. Q40 · 2 marks

    علامہ اقبالؒ نے خطبہ الہ آباد 1930ء میں کیا فرمایا؟

    Answer

    آپ نے فرمایا کہ مجھے ایسا نظر آتا ہے کہ اگر نہیں تو شمال مغربی ہندوستان کے مسلمانوں کو بالآخر ایک اسلامی ریاست قائم کرنا پڑے گی۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ اس ملک میں اسلام بحیثیت تمدنی قوت زندہ رہے تو اس کے لیے ضروری ہے کہ وہ ایک مخصوص علاقے میں اپنی مرکزیت قائم کرے۔

  41. Q41 · 2 marks

    قرارداد لاہور کے موقع پر قائداعظم نے خطبہ صدارت میں کیا فرمایا؟

    Answer

    آپ نے فرمایا کہ ہندو اور مسلمان دو علیحدہ مذاہب سے تعلق رکھتے ہیں جو بالکل مختلف عقائد قائم ہیں اور مختلف نظریات کی عکاسی کرتے ہیں۔ دونوں اقوام کے ہیروز، رزمیہ کہانیاں اور واقعات ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔ دونوں قوموں کو ایک لڑی میں پرونے کا مقصد برصغیر کی تباہی ہے۔

  42. Q42 · 2 marks

    29 دسمبر 1940ء کو احمد آباد میں قائداعظم نے کیا فرمایا؟

    Answer

    آپ نے فرمایا کہ پاکستان صدیوں سے موجود رہا ہے، شمال مغرب مسلمانوں کا وطن رہا ہے۔ ان علاقوں میں مسلمانوں کی آزاد ریاستیں قائم ہونی چاہئیں تاکہ وہ اسلامی شریعت کے مطابق اپنی زندگی بسر کریں۔

  43. Q43 · 2 marks

    پاکستان بننے کے بعد قائداعظم نے قومیت کے بارے میں کیا فرمایا؟

    Answer

    آپ نے فرمایا کہ ہمیں پنجابی، سندھی، بلوچی اور پٹھان کے جھگڑوں سے بالاتر ہو کر سوچنا چاہیے۔ ہم صرف اور صرف پاکستانی ہیں۔ اب ہمارا فرض ہے کہ پاکستانی بن کر زندگی گزاریں۔

  44. Q44 · 2 marks

    11 اکتوبر 1947ء کو قائداعظم نے سرکاری افسران سے خطاب میں کیا فرمایا؟

    Answer

    آپ نے فرمایا کہ ہمارا نصب العین یہ ہے کہ ہم ایک ایسی مملکت تخلیق کریں جہاں ہم آزاد انسانوں کی طرح رہ سکیں، جو ہماری تہذیب و تمدن کی روشنی میں پھلے پھولے اور جہاں اسلام کے معاشرتی انصاف کے اصولوں کو ابھرنے کا موقع ملے۔

  45. Q45 · 1 mark

    خالی جگہ: علامہ اقبال برصغیر کے ان مسلم رہنماؤں میں سے ایک ہیں جنہوں نے مسلمانوں کو الگ ............ کا تصور دیا۔

    Answer

    ریاست

  46. Q46 · 1 mark

    خالی جگہ: قائداعظم محمد علی جناح نے ............ کے مسلمانوں کی تقدیر بدل کر رکھ دی۔

    Answer

    برصغیر

  47. Q47 · 1 mark

    خالی جگہ: چودھری رحمت علی نے ............ میں پاکستان نیشنل موومنٹ کی بنیاد رکھی۔

    Answer

    1933ء

  48. Q48 · 1 mark

    ملاپ: 1206ء میں

    Answer

    قطب الدین ایبک نے سلطنت دہلی کی بنیاد رکھی۔

  49. Q49 · 1 mark

    ملاپ: غزنوی دور حکومت

    Answer

    1003ء سے 1206ء تک محیط ہے۔

  50. Q50 · 1 mark

    ملاپ: اردو ہندی تنازع 1867ء میں

    Answer

    بنارس شہر سے شروع ہوا۔

  51. Q51 · 1 mark

    ملاپ: چودھری رحمت علی نے جنوری 1933ء میں

    Answer

    ایک کتابچہ «Now or Never» شائع کیا۔

  52. Q52 · 1 mark

    ملاپ: 1526ء میں ظہیر الدین بابر نے

    Answer

    مغلیہ سلطنت کی بنیاد رکھی۔

  53. Q53 · 2 marks

    «اب یا پھر کبھی نہیں» (Now OR Never) کتابچہ کب اور کس نے جاری کیا؟

    Answer

    چودھری رحمت علی نے 28 جنوری 1933ء کو۔

  54. Q54 · 2 marks

    ارکان اسلام کے نام لکھیں۔

    Answer

    توحید و رسالت، نماز، زکوٰۃ، روزہ اور حج۔

  55. Q55 · 2 marks

    علامہ اقبال نے خطبہ الہ آباد میں کیا مطالبہ کیا؟

    Answer

    1930ء میں مسلمانوں کے لیے ایک الگ اسلامی ریاست کا مطالبہ کیا۔

  56. Q56 · 2 marks

    نظریہ کی اہمیت کی دو وجوہات لکھیں۔

    Answer

    نظریہ قوم کو متحد کرتا ہے اور مقاصد کے حصول کے لیے جدوجہد کا جذبہ پیدا کرتا ہے۔

Long questions with answers

  1. Q1 · 8 marks

    نظریہ کے ماخذ اور اہمیت واضح کریں۔

    Answer

    نظریہ سے مراد سوچ یا مقصد ہے۔ اصطلاحاً ایسا ضابطہ یا پروگرام جس کی بنیاد فلسفہ و تفکر پر ہو۔ ماخذ:

    (1)مشترکہ مذہب: آریا سماج، برہمو سماج، شدھی تحریک اور کانگرسی دور حکومت (1937-39) نے مسلمانوں کو مذہبی تشخص کی فکر دلائی۔

    (2)مشترکہ سیاسی مقاصد: جمہوریت کا تصور، ووٹ، مسلمانوں کی اقلیت۔

    (3)مشترکہ تعلیمی مقاصد: انگریزی زبان کو مرکزی حیثیت، علما کا رد عمل۔

    (4)مشترکہ معاشی مقاصد: 1857ء کے بعد مسلمانوں پر معاشی ظلم۔

    (5)مشترکہ ثقافتی مقاصد: اردو ہندی تنازع، رسم الخط۔ اہمیت: نظریہ لوگوں کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے، قوم کو متحد رکھتا ہے، قومی حقوق و فرائض کی وضاحت کرتا ہے، مقاصد کے حصول میں مددگار ہے، مشکلات کا مقابلہ کرنے کی طاقت دیتا ہے، جدوجہد کا جذبہ پیدا کرتا ہے، انقلاب کو جنم دیتا ہے اور نئی راہیں نکالتا ہے۔

    مثال: امریکہ میں سیاہ رنگت والوں کی مساوی حقوق کی جدوجہد اور برصغیر کے مسلمانوں کا علیحدہ وطن کا نظریہ۔

  2. Q2 · 8 marks

    نظریہ پاکستان کے عناصر کی تفصیل سے وضاحت کریں۔

    Answer

    نظریہ پاکستان کی بنیاد اسلامی نظریہ حیات پر رکھی گئی ہے۔ عناصر:

    (1)عقائد: توحید، رسالت، آخرت، ملائکہ اور الہامی کتابوں پر ایمان۔ توحید یہ ہے کہ اللہ واحد اور یکتا ہے اور ہر چیز پر قادر ہے۔ رسالت: تمام رسولوں پر ایمان اور آپ ﷺ کو آخری نبی ماننا۔

    (2)عبادات: ارکان اسلام یعنی توحید و رسالت، نماز، زکوٰۃ، روزہ اور حج۔ نماز اللہ کی اطاعت کا نمونہ، زکوٰۃ مالی عبادت اور معاشی نظام کی مضبوطی کا ذریعہ، روزہ فرض کا اظہار اور حج اتحاد اور بھائی چارے کی مثال۔

    (3)قانون کی حکمرانی: قانون کا سرچشمہ اللہ ہے، بادشاہ اور غلام قانون کے سامنے برابر، حکمران باہمی مشورے کے پابند۔

    (4)اخوت و مساوات: مواخات مدینہ، خطبہ حجۃ الوداع، فضیلت کا معیار صرف تقویٰ، سورۃ الحجرات کی آیت 13۔

    (5)عدل و انصاف: معاشرتی ترقی کے لیے ضروری، عدالتوں کی آزادی، مخزومی عورت کا واقعہ۔

  3. Q3 · 8 marks

    علامہ محمد اقبالؒ کے ارشادات کی روشنی میں نظریہ پاکستان کی وضاحت کریں۔

    Answer

    علامہ اقبالؒ برصغیر کے ان مسلم رہنماؤں میں سے ہیں جنہوں نے مسلمانوں کو الگ ریاست کا تصور دیا اور اپنی شاعری کے ذریعے انہیں بیدار کیا۔ پہلے پہل آپ بھی ہندو مسلم اتحاد کے حامیوں میں سے تھے لیکن ہندوؤں کی تنگ نظری نے جلد ہی آپ کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیا کہ وہ الگ ملک کا مطالبہ کریں۔ آپ نے خطبہ الہ آباد 1930ء کے ذریعے مسلمانوں کے لیے ایک الگ ریاست کا مطالبہ کیا تاکہ مسلمان اس میں رہ کر اپنے مذہب اور ثقافت کے مطابق زندگی گزار سکیں۔ آپ نے فرمایا کہ شمال مغربی ہندوستان کے مسلمانوں کو بالآخر ایک اسلامی ریاست قائم کرنا پڑے گی اور اسلام بحیثیت تمدنی قوت زندہ رہے تو ضروری ہے کہ وہ ایک مخصوص علاقے میں اپنی مرکزیت قائم کرے۔ آپ مسلمانوں کو بڑی اور الگ قوم سمجھتے تھے اور آپ کا یقین تھا کہ سیاسی، سماجی اور معاشی تحفظ کے لیے الگ ریاست ضروری ہے۔ ملت کی اساس مذہب اسلام ہے نہ کہ ملک و نسب۔

  4. Q4 · 8 marks

    قائداعظم محمد علی جناحؒ کے ارشادات کی روشنی میں نظریہ پاکستان کا احاطہ کریں۔

    Answer

    قائداعظم برصغیر کی ان شخصیات میں سے ہیں جنہوں نے مسلمانوں کی تقدیر بدل دی۔ آپ دو قومی نظریے کے زبردست حامی تھے اور مسلمانوں کو الگ قوم کا درجہ دیتے تھے۔ آپ نے فرمایا کہ مسلمان تعریف کی رو سے الگ قوم ہیں۔ 23 مارچ 1940ء کو قرارداد لاہور میں خطبہ صدارت دیتے ہوئے فرمایا کہ ہندو اور مسلمان دو علیحدہ مذاہب سے تعلق رکھتے ہیں اور دونوں اقوام کے ہیروز اور کہانیاں مختلف ہیں۔ 29 دسمبر 1940ء کو احمد آباد میں فرمایا کہ پاکستان صدیوں سے موجود ہے اور ان علاقوں میں مسلمانوں کی آزاد ریاستیں قائم ہونی چاہئیں۔ پاکستان بننے کے بعد فرمایا کہ ہم صرف پاکستانی ہیں۔ 11 اگست 1947ء کو اقلیتوں کے حقوق کا اعلان کیا۔ 11 اکتوبر 1947ء کو فرمایا کہ ہمارا نصب العین ایسی مملکت ہے جہاں اسلام کے معاشرتی انصاف کے اصول ابھر سکیں۔ یکم جولائی 1948ء کو سٹیٹ بینک کے افتتاح پر فرمایا کہ مغرب کا معاشی نظام ناقابل حل مسائل پیدا کر رہا ہے اور ہمیں اسلام کے تصور مساوات اور سماجی انصاف پر مبنی معاشی نظام پیش کرنا چاہیے۔

  5. Q5 · 8 marks

    برصغیر میں اسلام کی بنیادی اقدار اور سماجی و ثقافتی حوالے سے نظریہ پاکستان کی وضاحت کریں۔

    Answer

    نظریہ پاکستان اسلامی جمہوریہ پاکستان کی روح ہے۔ پاکستان کا وجود اسی نظریے پر قائم ہے۔ اسلامی اقدار: برصغیر کے مسلمانوں نے مطالبہ پاکستان کے وقت طے کیا کہ معاشرہ اسلام کے سنہرے اصولوں پر بنایا جائے گا جہاں رواداری، انصاف، مساوات، آزادی اور رواداری کو فروغ دیا جائے گا۔ قائداعظم نے فرمایا کہ بھائی چارہ، مساوات اور انسان دوستی ہمارے مذہب، ثقافت اور تہذیب کی بنیادی باتیں ہیں۔ مسلمان مصلحین: 1867ء میں سرسید، 1879ء میں جمال الدین افغانی، 1890ء میں عبدالحلیم شرر، 1928ء میں مرتضیٰ احمد میکش اور 1930ء میں اقبال نے الگ ریاست کی بات کی۔ سماجی و ثقافتی حالات: اسلام نے برصغیر کی مسلم تہذیب و ثقافت پر گہرے اثرات چھوڑے۔ اسلام ایک جمہوری نظام ہے جس میں شورائی طریقہ، قانون کی حاکمیت اور رواداری، انصاف اور جمہوریت کی جڑیں مضبوط ہوئیں۔ مسلمان مختلف زبانیں بولنے اور مختلف رنگ و نسل کے باوجود دین اسلام کی وجہ سے ایک قوم تھے۔ پاکستان اسلامی اقلیتوں کو مساوی حقوق دینے والی فلاحی ریاست ہے۔

  6. Q6 · 8 marks

    دو قومی نظریے کی وضاحت کریں۔

    Answer

    دو قومی نظریے سے مراد یہ ہے کہ برصغیر میں ہندو اور مسلمان دو بڑی قومیں آباد ہیں جو صدیوں تک ایک ساتھ رہنے کے باوجود آپس میں گھل مل نہ سکیں۔ پاکستان اسی کی بنیاد پر قائم ہوا۔ ابتدا: 712ء میں محمد بن قاسم کی فتح سندھ سے، غزنوی دور (1003-1206ء)، 1206ء میں قطب الدین ایبک کی سلطنت دہلی، 1526ء میں بابر کی مغلیہ سلطنت اور 1857ء کی جنگ آزادی کے بعد بہادر شاہ ظفر کی گرفتاری۔ ارتقا: سرسید احمد خان نے 1867ء میں بنارس میں اردو ہندی تنازع کے موقع پر ہندو مسلمان کو الگ قومیں قرار دیا، ایم اے او کالج بنایا، 1885ء میں کانگرس میں شمولیت سے روکا۔ چودھری رحمت علی نے 1933ء میں پاکستان نیشنل موومنٹ اور Now or Never کتابچے سے لفظ پاکستان دیا۔ علامہ اقبال نے 1930ء میں الگ ریاست کا مطالبہ کیا۔ قائداعظم نے 1940ء کی قرارداد لاہور میں مسلمانوں کو الگ قوم کہا۔ معاشی محرومی بھی اس کا سبب بنی۔

  7. Q7 · 8 marks

    ہندوستان میں مسلمانوں کی معاشی محرومی کی وجوہات تفصیل سے لکھیں۔

    Answer

    انگریزوں نے ایسٹ انڈیا کمپنی 1600ء میں قائم کی جس کی معاشی پالیسیوں کا فائدہ خود انگریزوں کو ہوتا تھا۔ انگریزوں نے اپنی صنعت و تجارت کے تحفظ کے لیے ہندوستان کے عوام پر بھاری ٹیکس لگائے جس سے مسلمان بھی متاثر ہوئے۔ مسلمانوں کو ان تمام عہدوں سے ہٹا دیا گیا جو ان کے آباؤ اجداد کے پاس تھے اور نئے عہدوں سے محروم رکھا گیا جس سے وہ بدحالی کا شکار ہوئے۔ ہندوؤں کو معمولی عہدوں سے ترقی دے کر اعلیٰ عہدوں تک پہنچایا گیا۔ مسلمانوں کی زمینیں چھین کر دوسری اقوام کو دے دی گئیں۔ مسلمانوں کو سرکاری ملازمتوں سے نکال دیا گیا۔ بنگال میں امن و امان کی خرابی اور مناسب زراعت نہ ہونے سے اجناس کی قلت ہوئی۔ ریشم اور سوت کے کاریگر دوسرے شہروں کی طرف چلے گئے۔ تجارتی مال پر جگہ جگہ محصول (ٹیکس) لگنے سے تجارت متاثر ہوئی۔ نئے ٹیکسوں کے باعث کسانوں پر محصول کی شرح بڑھ گئی جس سے مقامی زراعت کو نقصان پہنچا۔

  8. Q8 · 8 marks

    سرسید احمد خان اور دو قومی نظریہ پر تفصیلی نوٹ لکھیں۔

    Answer

    انگریزوں کے ہندوستان پر قبضے کے بعد جس شخصیت نے سب سے پہلے مسلمانوں کو علیحدہ قوم قرار دیا وہ سرسید احمد خان تھے۔ ابتدا میں وہ متحدہ قومیت کے حامی تھے مگر 1857ء کی جنگ آزادی کے بعد ہندو انگریزوں کے زیادہ قریب ہو گئے تو سرسید کو احساس ہوا کہ ہندو کبھی مسلمانوں کے دوست نہیں ہو سکتے۔ 1867ء میں بنارس میں اردو ہندی تنازع کے موقع پر آپ نے واضح اعلان کیا کہ مسلمان اور ہندو الگ الگ قومیں ہیں۔ اس کے بعد آپ نے مسلمانوں کی تعلیمی اور سیاسی میدان میں ترقی کے لیے جدوجہد کی، ایم اے او سکول اور کالج قائم کیا، 1885ء میں مسلمانوں کو کانگرس میں شمولیت سے منع کیا اور محمڈن ایجوکیشنل کانفرنس کا پلیٹ فارم مہیا کیا۔ سرسید 1817ء میں پیدا ہوئے اور 1898ء میں وفات پائی۔

  9. Q9 · 8 marks

    چودھری رحمت علی اور دو قومی نظریہ کی وضاحت کریں۔

    Answer

    چودھری رحمت علی اسلامیہ کالج لاہور کے نامور طالب علم تھے۔ جنوری 1931ء میں کیمبرج کالج میں اعلیٰ تعلیم کے لیے داخلہ لیا۔ 1933ء میں لندن میں پاکستان نیشنل موومنٹ کی بنیاد رکھی۔ 28 جنوری 1933ء کو «Now OR Never» نامی چار صفحات کا مشہور کتابچہ جاری کیا جو تحریک پاکستان کے لیے مضبوط دیوار ثابت ہوا۔ اس سے برصغیر کے مسلمانوں کے ساتھ ساتھ دیگر قوموں میں بھی لفظ «پاکستان» سے آشنائی ہوئی۔ انہوں نے دو قومی نظریے کی وضاحت کرتے ہوئے فرمایا کہ برصغیر میں کئی اقوام آباد ہیں جن میں دو بڑی قومیں ہندو اور مسلمان ہیں۔ جو صدیوں سے ایک دوسرے کے ساتھ رہنے کے باوجود آپس میں گھل مل نہیں سکیں۔ ان کے بنیادی اصول اور رہن سہن کے طریقے ایک دوسرے سے اس قدر مختلف ہیں کہ سیکڑوں برس کی ہمسائیگی اور ایک حکومت کے زیر سایہ رہنے کے باوجود ان میں مشترکہ قومیت کا تصور پیدا نہ ہو سکا۔ آپ 1897ء میں پیدا ہوئے۔

  10. Q10 · 8 marks

    نظریہ پاکستان کا مفہوم واضح کریں اور اس کی اہمیت بیان کریں۔

    Answer

    اسلامی نظریہ حیات نظریہ پاکستان کی بنیاد ہے۔ نظریہ پاکستان سے مراد برصغیر جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کا یہ شعور تھا کہ وہ اسلامی نظریہ حیات کی بنیاد پر دوسری اقوام سے مختلف ہیں۔ قائداعظم نے فرمایا کہ پاکستان اسی روز وجود میں آ گیا تھا جب برصغیر کا پہلا ہندو مسلمان ہوا تھا۔ پاکستان کا قیام ایک نظریے کے تحت عمل میں آیا جو نظریہ پاکستان کہلاتا ہے۔ نظریہ پاکستان کی حیثیت پاکستان کے وجود میں روح کی طرح ہے۔ تعریفیں: ایک الگ خطہ زمین کا حصول جس میں مسلمان اسلامی قدروں کو محفوظ رکھ سکیں، تحریک پاکستان اور تعمیر پاکستان کا مجموعی تصور اور نظریاتی بنیاد جس کے تحت مسلمانوں نے اپنی شناخت اور حقوق کے لیے جدوجہد کی۔ آگاہی: نوجوان نسل کو نظریہ پاکستان سے آگاہ رکھنا ضروری ہے تاکہ قوم متحد ہو اور زبان، علاقہ اور صوبوں کی نفرتیں ختم ہوں۔

  11. Q11 · 8 marks

    نظریہ پاکستان کے عناصر میں اخوت و مساوات اور عدل و انصاف کی وضاحت قرآن و سنت کی روشنی میں کریں۔

    Answer

    اخوت و مساوات: اسلامی معاشرے میں اخوت و مساوات کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ مدینہ منورہ میں مواخات مدینہ اس کا نمونہ تھی۔ نبی کریم ﷺ نے حقوق العباد پر عمل، یتیموں اور بیواؤں پر شفقت کی تلقین کی۔ زکوٰۃ اور خیرات کا نظام وضع کیا اور سود کو حرام قرار دیا۔ آپ ﷺ نے خطبہ حجۃ الوداع میں فرمایا کہ کسی عربی کو عجمی پر اور کسی گورے کو کالے پر کوئی فضیلت نہیں، فضیلت کا معیار صرف تقویٰ ہے۔ سورۃ الحجرات (آیت 13) میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ ہم نے تمہیں مرد و عورت سے پیدا کیا اور قبیلے بنائے تاکہ پہچان ہو، بے شک اللہ کے نزدیک زیادہ عزت والا وہ ہے جو زیادہ پرہیزگار ہو۔ عدل و انصاف: عدل و انصاف کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ جہاں انصاف پر مبنی معاشرہ ہو گا وہاں دوسری خرابیاں خود بخود ٹھیک ہو جائیں گی۔ عدالتوں کا آزاد ہونا ضروری ہے۔ قبیلہ مخزوم کی عورت کی چوری پر سفارش کے موقع پر نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ پہلی قومیں اسی لیے تباہ ہوئیں کہ طاقتور کو سزا نہیں دی جاتی تھی۔ اگر فاطمہؓ بھی چوری کرتیں تو میں ان کا بھی ہاتھ کاٹ دیتا۔

Test yourself on this chapter

Timed chapter tests, marked the moment you finish.

See the chapter tests

Practise with a free account

Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.

Create free account