Parho

Class 9 Home Economics · Chapter 5

بچوں کی نگہداشت اور نشوونما کا تعارف: questions and answers

Every short question, long question and MCQ on this chapter's free papers, each with its answer. Try one yourself first, then check.

55short questions
11long questions
0MCQs

Short questions with answers

  1. Q1 · 2 marks

    نشوونما کی تعریف کریں۔

    Answer

    انسانی زندگی میں جو حیاتیاتی، معاشرتی اور نفسیاتی تبدیلیاں ہوتی ہیں انہیں نشوونما کا نام دیا جاتا ہے۔ نشوونما دراصل نشو (Development) اور نمو (Growth) کا مجموعہ ہے جس کو کبھی بھی جدا نہیں کیا جا سکتا۔

  2. Q2 · 2 marks

    نشو (Development) کی تعریف کریں۔

    Answer

    نشو کی اصطلاح افعال کی تبدیلی سے متعلق ہوتی ہے۔ یہ انسانی جسم کی ایسی تبدیلیاں ہیں جن سے کام کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے مثلاً ہڈیوں اور عضلات کی مضبوطی، چلنے پھرنے اور دوڑنے کی طاقت وغیرہ۔ یہ تبدیلیاں ظاہری اور اہلیتی ہوتی ہیں۔

  3. Q3 · 2 marks

    نمو (Growth) کی تعریف کریں۔

    Answer

    نمو کی اصطلاح روایتی طور پر جسمانی اور عضویاتی تبدیلیوں سے متعلق ہے جو عمر کے مختلف ادوار میں رونما ہوتی ہیں اور زندگی کے ابتدائی سالوں سے نوبلوغت کے دور تک ظہور پذیر ہوتی ہیں۔ ان میں نئے خلیات کی تعمیر اور جسمانی افزائش شامل ہے اور ان کی پیمائش بھی ممکن ہے۔

  4. Q4 · 2 marks

    انسانی نشوونما کی تعریف کریں۔

    Answer

    طبعی عمر میں اضافے کے ساتھ ساتھ کسی فرد کے قد و قامت، جسامت اور ڈھانچے میں مرحلہ وار اور خاص مناسبت سے جو تبدیلیاں آتی ہیں وہ انسانی نشوونما کہلاتی ہیں۔

  5. Q5 · 2 marks

    انسانی نشوونما میں کتنی اقسام کی تبدیلیاں ہوتی ہیں؟ نام لکھیں۔

    Answer

    انسان میں وقت گزرنے کے ساتھ دو اقسام کی تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں:

    (1)ظاہری یا مقداری تبدیلیاں (Quantitative Changes) (2) اہلیتی یا خواصی تبدیلیاں (Qualitative Changes)۔

  6. Q6 · 2 marks

    ظاہری یا مقداری تبدیلیاں کیا ہیں؟ مثال دیں۔

    Answer

    ان تبدیلیوں سے مراد جسم کے ڈھانچے کی بیرونی اور اندرونی ایسی تبدیلیاں ہیں جن کو رونما یا ظاہر ہوتا ہوا آنکھ محسوس کر لیتی ہے۔ مثلاً وزن، جسامت، سائز، گوشت پوست، ہڈیوں، بالوں، دانتوں اور اندرونی اعضا (دماغ، دل، معدہ) کے سائز، وزن اور تعداد میں اضافہ۔

  7. Q7 · 2 marks

    اہلیتی یا خواصی تبدیلیاں کیا ہیں؟ مثال دیں۔

    Answer

    ان تبدیلیوں سے مراد ایسی تبدیلیاں ہیں جن سے انسان میں اہلیتیں، صلاحیتیں اور ہنر کے خواص پیدا ہونے لگتے ہیں جو عمل کے بغیر ظاہر نہیں ہوتے۔ مثلاً چلنا پھرنا، دوڑنا، انگلیوں کے عضلات سے کام لینا وغیرہ۔

  8. Q8 · 2 marks

    ظاہری اور اہلیتی تبدیلیوں کا آپس میں کیا تعلق ہے؟

    Answer

    ظاہری/مقداری اور اہلیتی تبدیلیاں ایک دوسرے پر انحصار کرتی ہیں اور لازم و ملزوم ہیں۔ مقداری تبدیلیاں اہلیتی تبدیلیوں کا باعث بنتی ہیں جن کو کسی طرح بھی الگ نہیں کیا جا سکتا۔

  9. Q9 · 2 marks

    انسانی نشوونما کیا ہے؟

    Answer

    انسانی نشوونما ایک سائنسی علم ہے جو فرد کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں میں پختگی اور نشوونما کے متعلق معلومات فراہم کرتا ہے۔

  10. Q10 · 2 marks

    ماہرین نفسیات نشوونما کے ادوار کا پتہ کیسے چلاتے ہیں؟

    Answer

    ماہرین نفسیات سائنسی مطالعہ کے ذریعے بچوں کی نشوونما کے مختلف ادوار کا پتہ چلاتے ہیں اور ان ادوار میں بچوں کے مختلف مشاغل کا آپس میں تعلق بیان کرتے ہیں۔ ان ادوار میں ان کی خصوصیات اور ضروریات کی نشاندہی کرتے ہیں۔

  11. Q11 · 2 marks

    اوسط بچے کی نشوونما کے نارمل مراحل جاننے کا کیا فائدہ ہے؟

    Answer

    اس کا بڑا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ عمر کے خاص حصوں میں جب ان کی خصوصی علامات ظاہر نہیں ہوتیں تو اس امر کا اندازہ ہو جاتا ہے کہ بچہ عام بچوں سے پیچھے ہے یا علامات مقررہ وقت سے پہلے نمودار ہونے لگیں تو بچہ اپنی عمر کے عام بچوں سے زیادہ تیز ہے۔

  12. Q12 · 2 marks

    بچے کے نارمل بچوں سے پیچھے رہ جانے پر نشوونما کا علم کیسے مدد دیتا ہے؟

    Answer

    پیچھے رہ جانے کی صورت میں والدین کو تشویش لاحق ہوتی ہے۔ نشوونما کا علم اس کی وجہ جاننے اور دور کرنے کے طریقوں کی تلاش میں معاون ہوتا ہے اور بچے کو نارمل راستے پر لانے میں مدد دیتا ہے۔ اس سے فرد، گھر اور معاشرے کو مضبوطی عطا ہوتی ہے۔

  13. Q13 · 2 marks

    نشوونما کے مراحل کی تبدیلیوں کا علم والدین کو کیا فائدہ دیتا ہے؟

    Answer

    نشوونما کے متعدد مراحل میں جسمانی، ذہنی اور جذباتی تبدیلیاں ہوتی ہیں اور ہر بچہ ان کا رد عمل مختلف دیتا ہے۔ والدین ان تبدیلیوں کو جان کر بچوں کی پریشانی دور کر کے انہیں رہنمائی اور سکون دے سکتے ہیں مثلاً بلوغ کے دوران جنسی تبدیلیاں۔

  14. Q14 · 2 marks

    نوزائیدہ بچے کے بارے میں والدین کو نشوونما کا علم ہونا کیوں ضروری ہے؟

    Answer

    نوزائیدہ بچہ کچھ کرنے یا سمجھنے کی اہلیت نہیں رکھتا۔ والدین کو عمر کے مطابق بچے کی ذہنی اور جسمانی اہلیتوں کا علم ہو تو وہ اس کی بساط سے زیادہ توقعات نہیں رکھتے اور انہیں اہلیتی کاموں (Developmental Tasks) سے آگاہی ہوتی ہے۔

  15. Q15 · 2 marks

    بچوں کی ناکامی سے کون سے مسائل پیدا ہوتے ہیں؟

    Answer

    عمر کے کسی حصے میں کاموں میں ناکامی ان کو مایوس اور حوصلہ شکن کرتی ہے جو آئندہ زندگی میں مشکلات پیدا کرنے کا باعث بنتی ہے اور بچے کی زندگی میں خلا پیدا کر دیتی ہے جس سے بچے میں احساس کمتری اور زندگی میں ناکام ہونے کا احساس پیدا ہوتا ہے۔

  16. Q16 · 2 marks

    نشوونما کا علم بچوں کی ضروریات کے احساس میں کیسے مدد دیتا ہے؟

    Answer

    بچوں کی عمر کے مطابق ان کی ضروریات کا احساس رہتا ہے جنہیں وقت پر پورا کرنے سے بچے کی شخصیت میں خود اعتمادی اور ٹھوس پن پیدا ہوتا ہے۔ اس سے صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے اور وہ نفسیاتی مسائل کا شکار ہونے سے بچ جاتے ہیں۔

  17. Q17 · 2 marks

    پختگی (Maturity) کسے کہتے ہیں؟

    Answer

    پختگی نشوونما کی تکمیلی حد ہوتی ہے جہاں پر آ کر نشوونما مکمل ہو جاتی ہے۔

  18. Q18 · 2 marks

    جسم کے مختلف اعضا اور حصوں کی نشوونما کی رفتار کے بارے میں لکھیں۔

    Answer

    جسم کے مختلف اعضا اور حصوں کی نشوونما کی اپنی اپنی رفتار ہوتی ہے مثلاً چھوٹے بچوں کے پاؤں جسم کے باقی حصوں کی نسبت غیر متناسب طور پر جلدی بڑھ جاتے ہیں۔ قبل از ولادت بچے کا سر سب سے زیادہ نشوونما پاتا ہے اور نوزائیدہ بچے کا سر جسم کے تناسب سے بڑا ہوتا ہے۔

  19. Q19 · 2 marks

    ہر عضو کی نشوونما کی اپنی علامتیں اور تکمیلی حد کیسے ہوتی ہے؟

    Answer

    جسم کے زیادہ تر اعضا کی نشوونما ابتدائی زندگی میں ہی ہو جاتی ہے لیکن ہر عضو کی اپنی علامتیں اور تکمیل کا وقت ہوتا ہے۔ مثلاً جسمانی قد زیادہ سے زیادہ 25 سے 26 سال تک بڑھتا ہے جبکہ دماغ اور ذہن کی نشوونما تقریباً 18 سال میں اور جنسی نشوونما سن بلوغت میں مکمل ہو جاتی ہے۔

  20. Q20 · 2 marks

    Evolution اور Involution سے کیا مراد ہے؟

    Answer

    نشوونما کے دوران بیک وقت چند رونما (Evolution) اور چند رو پذیر (Inevolution) تبدیلیاں ہوتی ہیں۔ رونما میں جسامت، سائز اور قد میں اضافہ اور ذہنی اہلیتیں شامل ہیں اور رو پذیر میں پیدائشی بالوں کا غائب ہونا، دودھ کے دانت ٹوٹنا اور مستقل دانت نکلنا وغیرہ آتے ہیں۔

  21. Q21 · 2 marks

    نشوونما کی رفتار کتنی طرح کی ہو سکتی ہے؟

    Answer

    ہر بچے کی نشوونما کی رفتار منفرد ہوتی ہے: کچھ بچوں کی رفتار اوسط (Average rate)، کچھ کی تیز (Fast rate) اور کچھ کی سست (Slow rate) ہوتی ہے۔ سست رفتار اکثر والدین کے لیے پریشانی کا باعث ہوتی ہے اور رفتار وراثت، ماحول اور تجربات کے زیر اثر ہوتی ہے۔

  22. Q22 · 2 marks

    انسانی نشوونما کے دو پہلو کون سے ہیں؟

    Answer

    انسانی نشوونما کے دو اہم پہلو یہ ہیں:

    (i)نشوونما کی سمت سر سے پاؤں کی جانب (Cephalocaudal) (ii) نشوونما کی سمت درمیان سے باہر کی جانب (Proximodistal)۔

  23. Q23 · 2 marks

    نشوونما کی سمت سر سے پاؤں کی جانب (Cephalocaudal) کیا ہے؟

    Answer

    انسانی نشوونما کی سمت سر سے پاؤں کی جانب ہوتی ہے۔ پہلے دماغ اور عصبی نظام کی نشوونما ہوتی ہے پھر نچلے دھڑ کی۔ بچہ پہلے سر کو کنٹرول کرتا ہے، پھر آنکھوں اور منہ پر قابو پاتا ہے، پھر گردن اور آخر میں پاؤں سے چلنا سیکھتا ہے۔

  24. Q24 · 2 marks

    نشوونما کی سمت درمیان سے باہر کی جانب (Proximodistal) کیا ہے؟

    Answer

    اس اصول کے مطابق جسمانی نشوونما کی سمت جسم کے مرکزی یا درمیانی حصے سے باہر اعضا کی جانب ہوتی ہے۔ بچہ پہلے اپنے دھڑ پر قابو پاتا ہے، پھر بازو اور ہاتھوں اور آخر میں انگلیوں پر مہارت حاصل کرتا ہے۔

  25. Q25 · 2 marks

    اہلیتی کام (Developmental Tasks) کسے کہتے ہیں؟

    Answer

    زندگی کے مختلف مراحل مثلاً شیر خوارگی، بچپن اور جوانی کے مخصوص تقاضے ہوتے ہیں جن کا پورا کرنا ہر فرد کے لیے لازم ہے۔ انہیں اہلیتی کام یا ارتقائی اہلیت کہا جاتا ہے۔

  26. Q26 · 2 marks

    اہلیتی کاموں کی کامیابی کیوں ضروری ہے؟

    Answer

    یہ ایسے ناگزیر اور ضروری امور ہیں جن کے عمل میں کامیابیوں اور حصول مستقبل کی زندگی میں کامیابی اور مطابقت کے لیے نہایت اہم ہے۔ کسی مرحلے میں ناکامی نشوونما کے اگلے مرحلے میں دشواری پیدا کر سکتی ہے اور بچہ اپنے ہم عصروں سے پیچھے رہ جاتا ہے۔

  27. Q27 · 2 marks

    شیر خوارگی کے اہلیتی کام لکھیں۔

    Answer

    (1)جسمانی توازن کا حصول، سونے اور جاگنے کے اوقات میں توازن (2) دودھ اور ٹھوس غذا کا اپنی عمر کے مطابق کھانا پینا سیکھنا (3) بول و براز کی تربیت (Toilet Training) (4) رینگنا، چلنے اور دوڑنے میں مہارت (5) صحیح اور غلط کا شعور (6) محبت اور شفقت حاصل کرنا (7) گفتگو اور زبان پر دسترس (8) ذات کی شناخت اور خود اختیاری (9) رابطہ پیدا کرنا اور خود اعتمادی سیکھنا۔

  28. Q28 · 2 marks

    ابتدائی بچپن (قبل از اسکول) کے اہلیتی کام لکھیں۔

    Answer

    آرام اور کھیل میں توازن رکھنا، نئے کھانوں اور ذائقوں کو قبول کرنا، کھانے کے آداب سیکھنا، لباس تبدیل کرنا سیکھنا، بول و براز پر مکمل کنٹرول، عضلاتی اہلیتیں اور مہارتیں (دوڑنا، چڑھنا، کودنا، جھولا جھولنا، گیند پھینکنا اور پکڑنا)، کچھ فیصلے خود کرنا، چھوٹے کاموں کی ابتدا کرنا، جذبات کا اظہار، با معنی بات چیت کرنا، خود اعتمادی سے سوالات کرنا، اپنی جنس کی پہچان کرنا اور والدین سے رابطہ رکھنا۔

  29. Q29 · 2 marks

    درمیانی بچپن (چھ سے بارہ سال) کے اہلیتی کام لکھیں۔

    Answer

    جسمانی مہارتوں پر عبور (سائیکل چلانا، گیند کھیلنا، درختوں پر چڑھنا)، کھانے کی بہتر عادات، روپے پیسے کا صحیح استعمال، جنس کے لحاظ سے متوقع کردار کو سمجھنا، لکھنے پڑھنے اور حساب و سائنس کی مہارت، گھریلو ذمہ داریوں میں ہاتھ بٹانا، خواہشات اور جذبات پر قابو رکھنا، ہم عمر دوستوں اور بڑوں کے ساتھ تعلقات کے آداب سیکھنا، ذات میں خود اعتمادی اور عزت نفس پیدا کرنا، گھر اور اسکول کے افراد سے وفاداری اور محبت کا جذبہ اپنانا۔

  30. Q30 · 2 marks

    نوبلوغت کے دور (13 سے 19 سال) کے اہلیتی کام لکھیں۔

    Answer

    قد و قامت اور افعال و اہلیت کے نئے تقاضوں کو سمجھنا، بن بلوغت کی جسمانی تبدیلیوں کو قبول کرنا، اپنی حیثیت کے مطابق ذرائع و ضروریات کی حد بندی، روزگار کے بارے میں فیصلہ کرنا، والدین پر انحصار سے باہر نکلنا، والدین و اساتذہ کی عزت و تکریم کرنا، غصے، سرکشی اور بحث و مباحثے کی عادت پر قابو پانا، رشتہ داروں و ہم عصروں سے تعلقات بنانا، زندگی کے اچھے برے کی تمیز، برے عادات سے بچنا اور شادی اور ازدواجی ذمہ داریوں کی اہلیت پیدا کرنا۔

  31. Q31 · 2 marks

    نوجوانی کے دور (20 سے 40 سال) کے اہلیتی کام لکھیں۔

    Answer

    قوت و توانائی اور تخلیقی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانا اور زیادہ محنت کرنا، اپنی پسند اور رجحان کے مطابق روزگار کے جائز طریقے اختیار کرنا، اپنے کنبے اور بچوں کے لیے کارآمد منصوبہ بندی اور ان کی جائز ضروریات پوری کرنا، آمدنی اور حیثیت میں اضافے اور علم و معلومات میں اضافہ کرنا، گھر اور کام کاج کی ذمہ داریوں میں توازن قائم کرنا، رفیق حیات سے تعلقات خوشگوار بنانا، رفیق حیات کا دانشمندانہ انتخاب کرنا، بری عادات سے بچنا اور اچھی عادات اپنانا اور سسرالی رشتہ داروں سے اچھے تعلقات قائم کرنا۔

  32. Q32 · 2 marks

    نشوونما پر اثر انداز ہونے والے عوامل کے نام لکھیں۔

    Answer

    نشوونما پر اثر انداز ہونے والے عوامل:

    (i)انفرادی عوامل (Individual Factors) (ii) عضویاتی عوامل (Biological Factors) (iii) معاشرتی عوامل (Social Factors)۔

  33. Q33 · 2 marks

    انفرادی عوامل کیا ہیں؟

    Answer

    انفرادی عوامل کسی بھی فرد کی انفرادیت پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ ہر شخص منفرد خصوصیات کا حامل ہوتا ہے جو اس کی ذہنی نشوونما اور ماحول کے زیر اثر پروان چڑھتی ہیں۔ ان میں ذہانت، علم و قابلیت، انداز گفتگو، خصوصی لیاقت و اہلیت، جذبات کی تنظیم و ضبط، نظریات اور فطری رویے شامل ہیں۔

  34. Q34 · 2 marks

    عضویاتی عوامل کیا ہیں؟

    Answer

    والدین سے حاصل کردہ خصوصیات مثلاً جسمانی ساخت، تندرستی و توانائی، طبعی ساخت، شکل و صورت، دماغ، اعصاب کی مضبوطی اور غدود کی کارکردگی تمام عضویاتی عوامل میں شمار ہوتی ہیں۔ یہ نشوونما اور مستقبل کے امکانات کو ماحول کے زیر اثر بھی ہوتے ہیں۔

  35. Q35 · 2 marks

    معاشرتی عوامل کیا ہیں؟

    Answer

    معاشرے کے خیالات، روایات اور احساسات ہر فرد کی نشوونما پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ قدرتی ماحول کی آب و ہوا، معدنی و قدرتی وسائل کی سہولیات، زرخیز خطۂ زمین، معاشی وسائل کی بہتات اور رہن سہن میں آسانی یا دشواری وغیرہ۔ گھر، اسکول، ہمسائے، استاد اور دیگر افراد کی شخصیات بھی بچے کی معاشرتی نشوونما پر واضح اثرات مرتب کرتی ہیں۔

  36. Q36 · 2 marks

    وراثت (Genetics or Heredity) سے کیا مراد ہے؟

    Answer

    وراثت سے مراد کسی فرد کی وہ خوبیاں اور خامیاں ہیں جو وہ اپنے والدین یا آباؤ اجداد سے پیدائشی طور پر حاصل کرتا ہے۔ مثلاً چہرے کی بناوٹ، جلد کی رنگت، شکل و صورت، سر کی بناوٹ، ہڈیوں کی ساخت، قد و قامت، بالوں کا رنگ، آنکھوں کی رنگت وغیرہ۔

  37. Q37 · 2 marks

    انسانی نشوونما پر وراثت کے اثرات بیان کریں۔

    Answer

    وراثت جسمانی خصوصیات کے ساتھ ذہنی قابلیتیں مثلاً ذہانت، رد عمل کی رفتار، حرکی مہارتیں، مزاج، تخلیقی خصوصیات اور رجحانات بھی منتقل کرتی ہے۔ اکثر اوقات والدین اور بچوں میں مشابہت پائی جاتی ہے لیکن بعض اوقات بچے والدین کی بجائے خاندان کے کسی اور فرد سے مشابہ ہوتے ہیں۔

  38. Q38 · 2 marks

    ماحول سے کیا مراد ہے؟

    Answer

    ماحول سے مراد وہ طبعی، جغرافیائی یا معاشرتی عوامل ہیں جو انسانی نشوونما میں معاون ہوتے ہیں یا پھر رکاوٹ کا باعث بنتے ہیں۔ طبعی و جغرافیائی ماحول میں موسم، آب و ہوا، خطۂ زمین، گھریلو فضا، رہن سہن اور رہائشی سہولتیں شامل ہیں اور معاشرتی ماحول میں خاندان، دوست احباب، درس گاہیں، ہم پیشہ افراد اور معاشرہ آتا ہے۔

  39. Q39 · 2 marks

    ماحول انسانی نشوونما کے کن پہلوؤں پر اثر انداز ہوتا ہے؟

    Answer

    ماحول انسانی نشوونما کے پانچ پہلوؤں پر اثر انداز ہوتا ہے:

    (i)جسمانی نشوونما (ii) عضلاتی نشوونما (iii) ذہنی نشوونما (iv) معاشرتی نشوونما (v) جذباتی نشوونما۔

  40. Q40 · 2 marks

    ماحول کا جسمانی نشوونما پر اثر لکھیں۔

    Answer

    ماحول جسم کے بڑھنے، جسامت میں اضافے، جسمانی ڈھانچے، وزن اور قد و قامت کی تبدیلی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ماحول سے حاصل کردہ خوراک، آب و ہوا، حفظان صحت کے اصول، رہائشی سہولیات وغیرہ جسمانی نشوونما میں معاون ہوتی ہیں۔

  41. Q41 · 2 marks

    ماحول کا عضلاتی نشوونما پر اثر لکھیں۔

    Answer

    عضلاتی نشوونما سے مراد بچے کے عضلات کی اچھی یا بری نشوونما ہے جس سے وہ کھیل کود، ورزش یا کسی بھی جسمانی کام کو اچھے یا برے طریقے سے کرنے کے قابل ہوتا ہے۔ عضلات کی صحیح نشوونما سے جسمانی اعضا پر قابو پانے اور جسم کو متوازن حالت میں رکھنے کی اہلیت پیدا ہوتی ہے۔

  42. Q42 · 2 marks

    ماحول کا ذہنی نشوونما پر اثر لکھیں۔

    Answer

    ذہنی نشوونما فرد اور ماحول کے باہمی تعامل سے ہوتی ہے۔ اچ اچ گاڈرڈ (H.H.Goddard) کے مطابق ذہانت زمانہ حال کے تجربات کو فوری مسائل کو حل کرنے اور مستقبل کو سمجھنے کے لیے استعمال کرنے کا نام ہے۔

  43. Q43 · 2 marks

    ماحول کا معاشرتی نشوونما پر اثر لکھیں۔

    Answer

    معاشرتی نشوونما ایک فرد کا دوسروں کے ساتھ رابطے اور رہنے کا سلیقہ ہے۔ گھر کے ماحول کا فرق، نظم و نسق، والدین، ہم عصر دوست، اساتذہ اور رشتہ داروں سے رابطہ معاشرتی نشوونما کو بہتر انداز میں پروان چڑھانے کے ذمہ دار ہوتے ہیں۔

  44. Q44 · 2 marks

    ماحول کا جذباتی نشوونما پر اثر لکھیں۔

    Answer

    ماحول نہ صرف جذبات پر قابو پانے بلکہ جذبات کے اظہار کی بھی تربیت کرتا ہے۔ بچوں میں شعور و سمجھ بوجھ کی عادت بنانا تا کہ وہ مناسب فیصلے کرنے کے قابل ہو سکیں اور معاشرے میں پسندیدہ شخصیت بن سکیں۔

  45. Q45 · 2 marks

    انسانی صحت و بہبود پر مناسب نشوونما کے اثرات لکھیں۔

    Answer

    (1)بچے صحت مند، پر جوش، خوش مزاج اور طاقتور ہوتے ہیں (2) توانائی مثبت کاموں میں استعمال کرتے ہیں اور مفید افراد ثابت ہوتے ہیں (3) محبت و شفقت ملنے پر دوسروں سے بہتر سلوک کرتے ہیں (4) محنت اور لگن سے کام کر کے مشکل کام کو چیلنج سمجھتے ہیں (5) ناکامیاں خوش دلی سے قبول کر کے کارکردگی بہتر بناتے ہیں۔

  46. Q46 · 2 marks

    نشو اور نمو میں فرق بتائیں۔

    Answer

    نشو (Development): اہلیتی یا خواصی اور ظاہری یا مقداری تبدیلیاں ہیں، ان کا عمل بغیر ظاہر نہیں ہوتا، زندگی کے پیدائش سے لے کر موت تک جاری رہتی ہیں اور یہ دماغی صلاحیت، قوت و توانائی اور مہارت کی تبدیلیاں ہیں۔ نمو (Growth): جسمانی ساخت، عضلات، ہڈیوں اور بافتوں کی تبدیلی ہے، ظاہری یا مقداری ہے، قد، وزن اور جسامت میں تبدیلی ہے اور عموماً پختگی تک مشاہدے میں آتی ہے۔

  47. Q47 · 2 marks

    انسانی نشوونما کے اصول لکھیں۔

    Answer

    (i)نشوونما کی امتیازی خصوصیات ہوتی ہیں۔

    (ii)نشوونما ایک ترتیب وار سلسلہ ہے۔

    (iii)نشوونما کی رفتار مختلف ہوتی ہے۔

    (iv)نشوونما کا ہر دور حساس اور نازک ہوتا ہے۔

  48. Q48 · 2 marks

    نشوونما کی امتیازی خصوصیات کیا ہیں؟

    Answer

    جسم کے ہر عضو (Organ) اور حصے کی نشوونما کی اپنی اپنی رفتار ہوتی ہے۔ دوسرے لفظوں میں نشوونما سادہ سے پیچیدہ کی جانب بڑھتی ہے۔ مثلاً بچہ اپنے بازو ہلاتا ہے اور بعد میں اپنے انگوٹھے اور شہادت کی انگلی سے اپنا کھلونا پکڑتا ہے۔

  49. Q49 · 2 marks

    نشوونما ایک ترتیب وار سلسلہ ہے۔ وضاحت کریں۔

    Answer

    نشوونما ایک خاص ترتیب سے مرحلہ وار ہوتی ہے۔ پیاجے (Piaget) کے نظریے کے مطابق کوئی تبدیلی اچانک رونما نہیں ہوتی بلکہ یہ مسلسل عمل ہے جو پختگی کی جانب لے جاتا ہے۔ اس میں قد و قامت، سوچ، جسمانی تناسب، پرانی وضع قطع اور خود مختاری و معاشرتی رویے میں تبدیلی شامل ہے۔

  50. Q50 · 2 marks

    نشوونما کی رفتار مختلف ہوتی ہے۔ وضاحت کریں۔

    Answer

    ہر بچے کی نشوونما کی رفتار، روز مرہ افعال کی کارکردگی اور ان کی رفتار جدا جدا ہوتی ہے۔ مثلاً چند بچوں کے قد و قامت جلد بڑھ جاتے ہیں جبکہ کچھ بچے سالوں کے بعد دوسروں کے برابر ہوتے ہیں۔ اس کا انحصار وراثت، غذا، بیماری، ورزش کی کمی یا عضویاتی نقائص پر ہوتا ہے۔

  51. Q51 · 2 marks

    نشوونما کا ہر دور حساس اور نازک کیوں ہوتا ہے؟

    Answer

    سائنسی تحقیق کے مطابق زندگی کے کچھ ادوار زیادہ حساس اور نازک ہوتے ہیں۔ فرائیڈ (Freud) نے ثابت کیا کہ بچپن میں ہی معلوم ہو جاتا ہے کہ بچہ بڑا ہو کر کیا ہو گا۔ ایرکسن (Erikson) کے مطابق دو سے پانچ سال کی عمر کا دور بہت اہمیت رکھتا ہے۔ بچپن کی عادات و اطوار بلوغ کے بعد مزید مستحکم ہو جاتی ہیں۔

  52. Q52 · 2 marks

    نشوونما پر اثر انداز ہونے والے عوامل کی شناخت کریں۔

    Answer

    نشوونما پر اثر انداز عوامل:

    (i)انفرادی عوامل مثلاً ذہانت، قابلیت، انداز گفتگو، جذبات کی تنظیم (ii) عضویاتی عوامل مثلاً جسمانی ساخت، شکل و صورت، تندرستی، اعصاب، غدود (iii) معاشرتی عوامل مثلاً معاشرے کے خیالات، روایات، گھر، اسکول، ہمسائے اور اساتذہ۔

  53. Q53 · 2 marks

    انسانی نشوونما پر ماحول کے اثرات کا جائزہ لیں۔

    Answer

    ماحول طبعی، جغرافیائی اور معاشرتی عوامل پر مشتمل ہے۔ یہ جسمانی، عضلاتی، ذہنی، معاشرتی اور جذباتی نشوونما پر اثر انداز ہوتا ہے۔ صاف ستھرا ماحول بچوں کو تندرست رکھ کر شخصیت پروان چڑھاتا ہے۔

  54. Q54 · 2 marks

    انسانی صحت پر مناسب نشوونما کے اثرات لکھیں۔

    Answer

    مناسب نشوونما سے بچے صحت مند، پر جوش اور خوش مزاج ہوتے ہیں، توانائی مثبت کاموں میں استعمال کرتے ہیں، دوسروں سے بہتر سلوک کرتے ہیں، مشکل کاموں کو چیلنج سمجھتے ہیں اور ناکامی خوش دلی سے قبول کر کے کارکردگی بہتر بناتے ہیں۔

  55. Q55 · 2 marks

    Cephalocaudal اور Proximodistal میں فرق بتائیں۔

    Answer

    Cephalocaudal میں نشوونما سر سے پاؤں کی جانب ہوتی ہے جیسے بچہ پہلے سر، پھر گردن اور آخر میں پاؤں کنٹرول کرتا ہے۔ Proximodistal میں نشوونما جسم کے درمیان سے باہر کی جانب ہوتی ہے جیسے پہلے دھڑ، پھر بازو اور آخر میں انگلیاں۔

Long questions with answers

  1. Q1 · 8 marks

    انسانی نشوونما کے مطالعہ کی اہمیت بیان کریں۔

    Answer

    انسانی نشوونما کے مطالعہ کی اہمیت\n\nتعارف: انسانی نشوونما ایک سائنسی علم ہے جو فرد کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں میں پختگی اور نشوونما کے متعلق معلومات فراہم کرتا ہے۔\n\n1۔ ماہرین نفسیات سائنسی مطالعہ کے ذریعے بچوں کی نشوونما کے مختلف ادوار کا پتہ چلاتے ہیں اور ان ادوار میں ان کی خصوصیات و ضروریات کی نشاندہی کرتے ہیں۔\n2۔ اوسط بچے کی نشوونما کے نارمل مراحل اور علامات کے بارے میں معلومات فراہم ہوتی ہیں جس سے معلوم ہوتا ہے کہ بچہ عام بچوں سے پیچھے ہے یا تیز۔\n3۔ بچے کے نارمل بچوں سے پیچھے رہ جانے کی صورت میں والدین کو تشویش ہوتی ہے۔ وجوہات کا علم ہو تو انہیں دور کرنے کے طریقے تلاش کیے جا سکتے ہیں اور بچے کو نارمل راستے پر لایا جا سکتا ہے۔\n4۔ نشوونما کے متعدد مراحل میں جسمانی، ذہنی اور جذباتی تبدیلیاں ہوتی ہیں۔ والدین ان کے علم سے بچوں کی پریشانی دور کر کے رہنمائی اور سکون دے سکتے ہیں۔\n5۔ نوزائیدہ بچے میں سمجھنے کی اہلیت نہیں ہوتی۔ والدین کو عمر کے مطابق اہلیتوں کا علم ہو تو وہ بساط سے زیادہ توقعات نہیں رکھتے اور اہلیتی کاموں (Developmental Tasks) سے آگاہ ہوتے ہیں۔ ناکامی احساس کمتری پیدا کرتی ہے۔\n6۔ عمر کے مطابق ضروریات پوری ہونے سے خود اعتمادی اور ٹھوس پن پیدا ہوتا ہے اور بچے نفسیاتی مسائل سے بچتے ہیں۔ رجحان اور دلچسپی کے مطابق پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی رہنمائی ممکن ہوتی ہے۔\n7۔ پختگی (Maturity): ہر عضو کی اپنی رفتار، اپنی علامتیں اور تکمیلی حد، بیک وقت چند رونما اور چند رو پذیر تبدیلیاں اور ہر بچے کی منفرد رفتار (تیز، اوسط، سست)۔\n\nنتیجہ: مطالعہ سے فرد، گھر اور معاشرے کو مضبوطی ملتی ہے۔

  2. Q2 · 6 marks

    انسانی نشوونما کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالیں۔

    Answer

    انسانی نشوونما کے پہلو (Aspects of Human Development)\n\nتعارف: انسانی نشوونما ایک مسلسل عمل ہے جس میں اعضا اپنی اپنی رفتار سے پختگی (Maturity) تک پہنچتے ہیں۔\n\n(i) نشوونما کی سمت سر سے پاؤں کی جانب (Cephalocaudal): پہلے دماغ اور عصبی نظام کی نشوونما ہوتی ہے پھر نچلے دھڑ کی کیونکہ دماغ ہی تمام رویوں اور اعضا میں باقاعدگی اور ربط پیدا کرتا ہے۔ بچہ پہلے سر کو کنٹرول کرتا ہے، پھر آنکھوں اور منہ پر قابو پاتا ہے، گردن سنبھالتا ہے اور سب سے آخر میں پاؤں سے چلنا سیکھتا ہے۔ شیر خوار بچہ پہلے گردن اور سر مختلف سمتوں میں گھماتا ہے، کھڑے ہونے سے قبل بیٹھنا سیکھتا ہے اور چلنے سے قبل فرش پر رینگتا (Crawl) ہے۔\n\n(ii) نشوونما کی سمت درمیان سے باہر کی جانب (Proximodistal): جسمانی نشوونما کی سمت جسم کے مرکزی حصے سے باہر اعضا کی جانب ہوتی ہے۔ بچہ پہلے اپنے دھڑ پر قابو پاتا ہے، پھر بازو اور ہاتھوں کو ہلاتا ہے، اپنے پاؤں کو ہلاتا ہے اور آخر میں انگلیوں پر مہارت حاصل کرتا ہے۔ اسی طرح پہلے ٹانگوں، پھر پاؤں اور آخر میں انگلیوں کو کنٹرول کرنا سیکھتا ہے۔\n\nڈایا گرام: بچے کی تصویر میں سر سے پاؤں تک سرخ تیر (Cephalocaudal) اور مرکز سے ہاتھ پاؤں کی طرف تیر (Proximodistal) بنائیں۔

  3. Q3 · 8 marks

    انسانی نشوونما کے اصول بیان کریں۔

    Answer

    انسانی نشوونما کے اصول (Principles of Growth and Development)\n\nتعارف: انسانی نشوونما ایک مسلسل عمل ہے جو ایک خاص ترتیب اور طے شدہ اصولوں کے تحت انجام پاتا ہے۔\n\n(i) نشوونما کی امتیازی خصوصیات ہوتی ہیں: جسم کے ہر عضو (Organ) اور حصے کی نشوونما کی اپنی اپنی رفتار ہوتی ہے۔ نشوونما سادہ سے پیچیدہ کی جانب بڑھتی ہے۔ مثلاً بچہ پہلے بازو ہلاتا ہے پھر انگوٹھے اور شہادت کی انگلی سے کھلونا پکڑتا ہے۔ چھوٹے بچے پہلے چلنا سیکھتے ہیں اور پھر اچھلنا کودنا اور سیڑھیاں چڑھنا۔\n\n(ii) نشوونما ایک ترتیب وار سلسلہ ہے: نشوونما ایک خاص ترتیب سے مرحلہ وار ہوتی ہے۔ پیاجے (Piaget) کے مطابق انسان ایک حالت میں نہیں رہتا اور کوئی تبدیلی اچانک نہیں ہوتی بلکہ مسلسل عمل ہے جو پختگی کی جانب لے جاتا ہے۔ اس میں جسمانی قد و قامت، وزن، سوچ، جسمانی تناسب، پرانی وضع قطع اور خود مختاری و معاشرتی رویے کی تبدیلی شامل ہے۔\n\n(iii) نشوونما کی رفتار مختلف ہوتی ہے: ہر بچے کی نشوونما اور روز مرہ افعال کی رفتار جدا ہوتی ہے۔ چند بچوں کا قد جلد بڑھ جاتا ہے جبکہ بعض بچے کچھ سالوں کے بعد برابر ہوتے ہیں۔ انحصار وراثت، غذا، بیماری، ورزش کی کمی یا عضویاتی و جسمانی نقائص پر ہوتا ہے۔ ہر فرد منفرد اور مختلف شخصی خصوصیات کا حامل ہوتا ہے۔ لڑکوں اور لڑکیوں کے قد کی اضافے کی رفتار کا گراف (عمر 8 تا 18 سال) اس فرق کو ظاہر کرتا ہے۔\n\n(iv) نشوونما کا ہر دور حساس اور نازک ہوتا ہے: فرائیڈ (Freud) کے مطابق بچپن میں معلوم ہو جاتا ہے کہ بچہ بڑا ہو کر کیا ہو گا۔ ایرکسن (Erikson) کے مطابق دو سے پانچ سال کی عمر کا دور اہم ہے۔ بچپن کی عادات بلوغ کے بعد مستحکم ہو جاتی ہیں اور ابتدائی دور زیادہ حساس ہوتا ہے۔

  4. Q4 · 10 marks

    نشوونما کے مختلف ادوار کی اہلیت بیان کریں۔

    Answer

    نشوونما کے مختلف ادوار کے اہلیتی کام (Developmental Tasks of Different Stages)\n\nتعارف: نشوونما ایک تربیت وار اور مرحلہ وار تبدیلیوں کا عمل ہے جو رفتہ رفتہ پختگی کی جانب گامزن رہتا ہے۔ زندگی کے مختلف مراحل کے مخصوص تقاضے ہوتے ہیں جن کا پورا کرنا لازم ہے۔ انہیں ارتقائی اہلیت کہتے ہیں۔ کسی مرحلے میں ناکامی اگلے مرحلے میں دشواری پیدا کرتی ہے۔\n\n1۔ شیر خوارگی (پیدائش سے اڑھائی سال): جسمانی توازن، سونے جاگنے کے اوقات، دودھ و ٹھوس غذا، ٹوائلٹ ٹریننگ (Toilet Training)، رینگنا، چلنا اور دوڑنا، صحیح اور غلط کا شعور، محبت اور شفقت حاصل کرنا، گفتگو و زبان پر دسترس، ذات کی شناخت، خود اختیاری، رابطہ اور خود اعتمادی۔\n\n2۔ ابتدائی بچپن (اڑھائی سے پانچ سال): آرام اور کھیل میں توازن، نئے کھانوں کو قبول کرنا، کھانے کے آداب، لباس تبدیل کرنا، بول و براز پر کنٹرول، عضلاتی مہارتیں (دوڑنا، چڑھنا، کودنا، جھولا، گیند)، کچھ فیصلے خود کرنا، ضمیر کی آواز، جذبات کا اظہار، باہمی بات چیت، خود اعتمادی سے سوالات، والدین و ماحول کی پہچان، اپنی جنس کی پہچان اور دوسرے افراد سے رابطہ۔\n\n3۔ درمیانی بچپن (چھ سے بارہ سال): جسمانی مہارتیں (سائیکل، گیند، درخت)، کھانے کی بہتر عادات، رقم کا صحیح استعمال، جنس کے مطابق کردار، لکھنا پڑھنا، حساب و سائنس، تعلیم کی اہمیت، گھریلو ذمہ داریاں، جذبات پر قابو، ہم عمر دوستوں سے تعلقات، دوست بنانا، ذات میں خود اعتمادی اور عزت نفس، وفاداری اور محبت کا جذبہ۔\n\n4۔ نوبلوغت (13 سے 19 سال): قد و قامت اور افعال کے نئے تقاضے سمجھنا، جسمانی تبدیلیاں قبول کرنا، ذرائع کی حد بندی، قیمت کا ضیاع نہ کرنا، بچت، لڑکی/لڑکے کا کردار قبول کرنا، روزگار کا فیصلہ، والدین پر انحصار سے باہر نکلنا، والدین و اساتذہ کی عزت، غصے و سرکشی پر قابو، تعلقات بنانا، اچھے برے کی تمیز، بری عادات سے بچنا اور ازدواجی ذمہ داریوں کی اہلیت۔\n\n5۔ نوجوانی (20 سے 40 سال): توانائی اور تخلیقی صلاحیتوں سے فائدہ، روزگار کے جائز طریقے، کنبے اور بچوں کی منصوبہ بندی، آمدنی اور علم میں اضافہ، گھر اور کام کاج میں توازن، رفیق حیات سے خوشگوار تعلقات، رفیق حیات کا انتخاب، بری عادات سے بچنا، رشتہ داروں و سسرال سے اچھے تعلقات اور کام کاج کی مہارت۔\n\nنتیجہ: ان کاموں کی تکمیل مستقبل کی کامیابی کے لیے ضروری ہے۔

  5. Q5 · 8 marks

    نشوونما پر اثر انداز ہونے والے عوامل کی شناخت کریں۔

    Answer

    نشوونما پر اثر انداز ہونے والے عوامل (Factors Affecting Growth and Development)\n\nتعارف: ہر جاندار کی نشوونما کا ایک مخصوص انداز ہوتا ہے۔ انسانی نشوونما جنین (Embryo) سے لے کر زندگی کے آخری لمحے تک ہوتی رہتی ہے۔ بچے کی نشوونما ہر دور میں مختلف رفتار سے ہوتی ہے۔ مناسب خوراک اور ماحول کا خاطر خواہ اثر ہوتا ہے۔ والدین کی محبت بھی معاشرتی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ عوامل تین ہیں:\n\n(i) انفرادی عوامل (Individual Factors): کسی بھی فرد کی انفرادیت پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ ہر شخص منفرد خصوصیات کا حامل ہے جو ذہنی نشوونما اور ماحول کے زیر اثر پروان چڑھتی ہیں۔ ان میں ذہانت، علم و قابلیت، انداز گفتگو، خصوصی لیاقت و اہلیت، جذبات کی تنظیم و ضبط، نظریات اور فطری رویے شامل ہیں۔\n\n(ii) عضویاتی عوامل (Biological Factors): والدین سے حاصل کردہ خصوصیات مثلاً جسمانی ساخت، تندرستی و توانائی، طبعی ساخت، شکل و صورت، دماغ، اعصاب کی مضبوطی اور غدود کی کارکردگی۔ ان کے مستقبل کے امکانات کافی حد تک ماحول کے زیر اثر ہوتے ہیں۔ مثلاً ایک بچہ قابل اور ذہین ہو مگر تعلیم و تربیت کی کمی سے ذہنی نشوونما سست ہو جائے گی۔ اسی طرح خوراک کی کمی جسمانی نشوونما کی رفتار یا طبعی ساخت میں تبدیلی کا باعث بنتی ہے۔\n\n(iii) معاشرتی عوامل (Social Factors): معاشرے کے خیالات، روایات اور احساسات ہر فرد پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ قدرتی ماحول کی آب و ہوا، معدنی و قدرتی وسائل، زرخیز خطۂ زمین، معاشی وسائل کی بہتات اور رہن سہن میں آسانی یا دشواری۔ گھر، اسکول، ہمسائے، استاد اور دیگر افراد کی شخصیات بھی بچے کی نشوونما پر واضح اثرات مرتب کرتی ہیں۔ معاشرے کے افراد کا میل جول، معاشرتی روابط اور اس کے مقاصد بچے کی ذات اور سوچ کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

  6. Q6 · 5 marks

    انسانی نشوونما پر وراثت کے اثرات بیان کریں۔

    Answer

    وراثت (Genetics or Heredity) کے اثرات\n\nتعارف: انسانی نشوونما پر دو اہم عوامل اثر انداز ہوتے ہیں: وراثت اور ماحول۔\n\nوراثت کی تعریف: وراثت سے مراد کسی فرد کی وہ خوبیاں اور خامیاں ہیں جو وہ اپنے والدین یا آباؤ اجداد سے پیدائشی طور پر حاصل کرتا ہے۔\n\nجسمانی اثرات: چہرے کی بناوٹ، جلد کی رنگت، شکل و صورت، سر کی بناوٹ، ہڈیوں کی ساخت، قد و قامت، بالوں کا رنگ اور آنکھوں کی رنگت۔\n\nذہنی اثرات: ذہانت، رد عمل کی رفتار، حرکی مہارتیں، مزاج (مثلاً غصہ یا جذباتیت)، رویے اور رجحان (مثلاً مصوری)، تخلیقی خصوصیات وغیرہ جو وراثتی طور پر حاصل کردہ غدود کی کارکردگی کی بنا پر حاصل ہوتی ہیں۔\n\nمشابہت: اکثر اوقات والدین اور بچوں میں حد درجہ مشابہت ہوتی ہے لیکن بعض اوقات بچے والدین کی بجائے خاندان کے کسی اور فرد سے مشابہ ہوتے ہیں۔

  7. Q7 · 8 marks

    انسانی نشوونما پر ماحول کے اثرات کا جائزہ لیں۔

    Answer

    انسانی نشوونما پر ماحول کے اثرات\n\nماحول کی تعریف: ماحول سے مراد وہ طبعی، جغرافیائی یا معاشرتی عوامل ہیں جو انسانی نشوونما میں معاون ہوتے ہیں یا رکاوٹ کا باعث بنتے ہیں۔ طبعی و جغرافیائی ماحول میں موسم، آب و ہوا، خطۂ زمین، گھریلو فضا، رہن سہن، آلودگی سے پاک فضا اور رہائشی سہولتیں شامل ہیں۔ صاف ستھرا اور صحت بخش ماحول بچوں کو تندرست و توانا رکھ کر ان کی شخصیت کو خاص انداز میں پروان چڑھاتا ہے جبکہ معاشرتی ماحول میں خاندان، دوست احباب، درس گاہیں، ہم پیشہ افراد اور معاشرہ شامل ہیں۔ ماحول شخصیت کی تشکیل اور معاشرے سے مطابقت اور ہم آہنگی کی صلاحیت بھی پیدا کرتا ہے۔\n\nماحول کے اثرات پانچ پہلوؤں پر:\n(i) جسمانی نشوونما: ماحول جسم کے بڑھنے، جسامت میں اضافے، جسمانی ڈھانچے، وزن اور قد و قامت کی تبدیلی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ خوراک، آب و ہوا، حفظان صحت کے اصول اور رہائشی سہولیات معاون ہوتی ہیں۔\n(ii) عضلاتی نشوونما: عضلات کی اچھی یا بری نشوونما سے بچہ کھیل کود، ورزش اور جسمانی کام کرنے کے قابل ہوتا ہے۔ صحیح نشوونما سے جسمانی اعضا پر قابو پانے اور جسم کو متوازن رکھنے کی اہلیت پیدا ہوتی ہے۔\n(iii) ذہنی نشوونما: فرد اور ماحول کے باہمی تعامل سے ہوتی ہے۔ اچ اچ گاڈرڈ (H.H.Goddard) کے مطابق ذہانت زمانہ حال کے تجربات کو فوری مسائل حل کرنے اور مستقبل سمجھنے کا نام ہے۔\n(iv) معاشرتی نشوونما: دوسروں کے ساتھ رابطے اور رہنے کا سلیقہ ہے۔ گھر کا ماحول، والدین، ہم عصر دوست، اساتذہ اور رشتہ دار اس کو بہتر انداز میں پروان چڑھاتے ہیں۔\n(v) جذباتی نشوونما: ماحول جذبات پر قابو پانے اور اظہار کی تربیت کرتا ہے۔ بچوں میں شعور و سمجھ بوجھ کی عادت بنائی جاتی ہے تاکہ وہ مناسب فیصلے کر سکیں اور پسندیدہ شخصیت بن سکیں۔

  8. Q8 · 6 marks

    انسانی صحت و بہبود پر مناسب نشوونما کے اثرات لکھیں۔

    Answer

    انسانی صحت و بہبود پر مناسب نشوونما کے اثرات\n\nتعارف: بچوں کی مناسب نشوونما ان کی شخصیت کی فلاح و بہبود اور صحت کے لیے نہایت اہم ہے۔ معاشرے میں پسندیدہ افراد بننے اور ترقی حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ وہ معاشرتی توقعات کو پورا کریں اور معاشرتی و سماجی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کریں۔ ماہرین کے مطابق جس بچے کا بچپن خوشگوار گزرا ہو وہ بڑا ہو کر کامیاب زندگی گزارتا ہے۔\n\nہیوگ ہرٹ (Havighurst) کے مطابق وہ کام جو عمر کے مختلف ادوار میں کیے جاتے ہیں ان کی کامیابی یا ناکامی بچے کی شخصیت کی تعمیر میں بہت اہمیت رکھتی ہے۔ نتائج:\n1۔ بچے عموماً صحت مند، پر جوش، خوش مزاج اور طاقتور ہوتے ہیں۔ غیر متوازن غذا، بیماری، ورزش کی کمی، تناؤ اور گھریلو بحران نشوونما اور صحت کو متاثر کرتے ہیں۔\n2۔ بچے اپنی توانائی مثبت کاموں میں استعمال کرتے ہیں، مایوسی یا بیزاری کا اظہار نہیں کرتے، خود کو برا بھلا نہیں کہتے بلکہ انفرادی اور اجتماعی ذمہ داریاں سنبھالتے اور معاشرے کے لیے مفید افراد ثابت ہوتے ہیں۔\n3۔ جب بچوں کو محبت و شفقت ملتی ہے تو وہ دوسرے بچوں اور معاشرے کے دیگر افراد سے بھی بہتر سلوک کرتے ہیں۔\n4۔ بچے بہت محنت اور لگن سے کام کرتے ہیں اور کام کی تکمیل میں دلچسپی لیتے ہیں۔ ہر مشکل کام کو ایک چیلنج سمجھ کر اس کا مقابلہ کرتے ہیں۔\n5۔ اپنی ناکامیوں کو خوش دلی سے قبول کرتے ہیں، آئندہ زندگی میں کارکردگی مزید بہتر بنانے کی کوشش کرتے ہیں اور ناکامی کی وجوہات سے بھی آگاہ ہوتے ہیں۔

  9. Q9 · 6 marks

    نشو اور نمو میں فرق بیان کریں۔

    Answer

    نشو (Development) اور نمو (Growth) میں فرق\n\n1۔ نشو: اہلیتی یا خواصی (Qualitative) اور ظاہری یا مقداری (Quantitative) تبدیلیاں ہیں جن سے جسمانی اعضا میں مختلف امور کو منظم اور مربوط کرنے کی صلاحیت پیدا ہوتی ہے۔ نمو: جسمانی ساخت، عضلات، عصبی نظام، ہڈیوں اور بافتوں کی تبدیلی کو نمو کہلاتی ہے۔\n2۔ نشو: خواصی یا اہلیتی تبدیلیاں ہیں جو عمل کے بغیر ظاہر یا محسوس نہیں کی جا سکتیں، مثلاً مختلف اعضا کے کام کرنے کی اہلیت اور جسمانی طاقت۔ نمو: ظاہری یا مقداری تبدیلیاں ہیں جنہیں آنکھ سے دیکھا اور محسوس کیا جا سکتا ہے، مثلاً قد و قامت، وزن اور جسامت میں تبدیلی۔\n3۔ نشو: نئے امور اور ہنر سیکھنے کا عمل ہے۔ نمو: سائز و جسامت میں اضافے کا عمل ہے۔\n4۔ نشو: انسانی زندگی کے پیدائش سے لے کر تمام عمری جسمانی افعال کی کارکردگی، بچپن سے بڑھاپے تک کی جسمانی، فکری، اعصابی تبدیلیاں اور انحطاط کا عمل ہے۔ یہ تبدیلی موت تک جاری رہتی ہے۔ نمو: ان تبدیلیوں کی پیمائش ممکن ہے، مثلاً قد اور وزن کی انچ، فٹ اور کلوگرام میں، عمر کے ماہ و سال اور تعلیم کے سال۔ یہ عموماً بچے کی مثبت تبدیلیوں میں ہے جو تکمیل یا پختگی تک مشاہدے میں آتی ہیں۔\n5۔ نشو: دماغی صلاحیت، جسمانی قوت و توانائی، نظام انہضام، نظام دوران خون، ہاتھوں اور انگلیوں کی مہارت کی پوشیدہ اہلیتی خواص کی تبدیلیاں ہیں۔ نمو: جسمانی ساخت، گوشت پوست، دانتوں وغیرہ نیز خون میں اضافے کی تبدیلیاں ہیں۔

  10. Q10 · 6 marks

    انسانی نشوونما کے اہم نکات کی روشنی میں انسانی نشوونما کی تعریف اور اس کے ادوار کی وضاحت کریں۔

    Answer

    انسانی نشوونما: تعریف اور ادوار\n\nتعریف: طبعی عمر میں اضافے کے ساتھ ساتھ کسی فرد کے قد و قامت، جسامت اور ڈھانچے میں مرحلہ وار اور خاص تناسب سے جو تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں انہیں انسانی نشوونما کہا جاتا ہے۔ نشوونما دو الفاظ نشو اور نمو کا مجموعہ ہے جس کو کبھی جدا نہیں کیا جا سکتا۔ نشو افعال کی تبدیلی سے اور نمو جسمانی و عضویاتی تبدیلیوں سے متعلق ہے۔\n\nقسمیں: ظاہری یا مقداری اور اہلیتی یا خواصی تبدیلیاں۔\n\nپہلو: انسانی نشوونما ایک مسلسل عمل ہے۔ دو پہلو ہیں: سر سے پاؤں کی جانب (Cephalocaudal) اور درمیان سے باہر کی جانب (Proximodistal)۔\n\nادوار: شیر خوارگی، ابتدائی بچپن، درمیانی بچپن، نوبلوغت اور نوجوانی۔ ہر دور کے مخصوص تقاضے اور کام ہیں جن کی تکمیل ہر فرد کے لیے لازمی ہے، انہیں ارتقائی اہلیت کہا جاتا ہے۔\n\nعوامل: انفرادی، عضویاتی اور معاشرتی۔ نشوونما پر وراثت اور ماحول اثر انداز ہوتے ہیں۔ ماحول جسمانی، عضلاتی، ذہنی، معاشرتی اور جذباتی نشوونما پر اثر ڈالتا ہے۔

  11. Q11 · 5 marks

    بچوں کی نشوونما کے مختلف ادوار کا چارٹ بنائیں۔

    Answer

    بچوں کی نشوونما کے ادوار کا چارٹ\n\nچارٹ کے عنوان کے نیچے پانچ کالم بنائیں:\n1۔ شیر خوارگی (پیدائش سے اڑھائی سال): جسمانی توازن، ٹھوس غذا، ٹوائلٹ ٹریننگ، رینگنا و چلنا، زبان سیکھنا، خود اعتمادی۔\n2۔ ابتدائی بچپن (اڑھائی سے پانچ سال، قبل از اسکول): کھیل و آرام میں توازن، کھانے کے آداب، عضلاتی مہارتیں، چھوٹے فیصلے، جذبات کا اظہار، ذات کی شناخت۔\n3۔ درمیانی بچپن (چھ سے بارہ سال): پڑھنا لکھنا، حساب و سائنس، گھریلو ذمہ داریاں، دوست بنانا، عزت نفس اور خود اعتمادی۔\n4۔ نوبلوغت (13 سے 19 سال): جسمانی تبدیلیوں کی قبولیت، والدین کی عزت، غصے پر قابو، روزگار کا فیصلہ، بچت کی اہمیت۔\n5۔ نوجوانی (20 سے 40 سال): روزگار، خاندان کی منصوبہ بندی، رفیق حیات کا انتخاب، گھر اور کام میں توازن۔\n\nہر دور کے لیے الگ رنگ استعمال کریں اور مناسب تصاویر لگائیں۔

Test yourself on this chapter

Timed chapter tests, marked the moment you finish.

See the chapter tests

Practise with a free account

Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.

Create free account