Parho

Class 9 Home Economics · Chapter 3

غذا اور خوراک کو سمجھنا: questions and answers

Every short question, long question and MCQ on this chapter's free papers, each with its answer. Try one yourself first, then check.

41short questions
11long questions
0MCQs

Short questions with answers

  1. Q1 · 3 marks

    متوازن غذا کی تعریف کریں۔

    Answer

    متوازن غذا ان ملی جلی غذاؤں کا امتزاج ہے جس میں تمام ضروری غذائی اجزاء یعنی پروٹین، کاربوہائیڈریٹس، چکنائی، معدنی نمکیات اور وٹامن مناسب مقدار اور صحیح تناسب میں موجود ہوں یعنی وہ ضرورت سے نہ تو زیادہ ہوں نہ ہی کم۔

  2. Q2 · 3 marks

    غیر متوازن غذا کسے کہتے ہیں؟

    Answer

    وہ غذا جس میں تمام غذائی اجزاء مناسب مقدار میں موجود نہ ہوں غیر متوازن غذا کہلاتی ہے۔ اس سے جسم کی تمام ضروریات پوری نہ ہونے کے باعث نشوونما متاثر ہوتی ہے، انسان کمزور اور لاغر ہو جاتا ہے اور مختلف امراض کا شکار رہنے لگتا ہے۔

  3. Q3 · 2 marks

    اچھی غذا اور صحت کا آپس میں کیا تعلق ہے؟

    Answer

    ایک فرد کی صحت کا انحصار مکمل طور پر متوازن غذائی اجزاء کی فراہمی پر ہے۔ ہم جو بھی غذا کھاتے ہیں اس میں غذائی اجزاء مختلف مقدار میں موجود ہوتے ہیں۔

  4. Q4 · 3 marks

    متوازن غذا کے تین فوائد لکھیں۔

    Answer

    1۔ جسم کی صحیح نشوونما کے لیے تمام غذائی اجزاء ایک خاص تناسب میں موجود ہوتے ہیں۔ 2۔ انسان تندرست و توانا رہتا ہے اور بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت ہوتی ہے۔ 3۔ مطلوبہ کیلوریز کی فراہمی یقینی ہوتی ہے اور جسم میں کام کرنے کے لیے مناسب توانائی موجود ہوتی ہے۔

  5. Q5 · 2 marks

    متوازن غذا میں مختلف کھانوں میں کیلوریز کا تناسب لکھیں۔

    Answer

    ناشتے میں 25 فیصد، دوپہر کے کھانے میں 40 فیصد اور رات کے کھانے میں 35 فیصد کیلوریز شامل ہونی چاہئیں۔ متوازن غذا میں ملی جلی غذائیں اور ذائقہ ضرور شامل ہونے چاہئیں۔

  6. Q6 · 2 marks

    جنک فوڈز کی تعریف کریں۔

    Answer

    جنک فوڈ کھانے سے متعلق ایک غیر رسمی اصطلاح ہے جو غذاؤں میں غذائی قدر میں کم لیکن چکنائی، مٹھاس یا کیلوریز میں زیادہ ہوں۔

  7. Q7 · 2 marks

    جنک فوڈز کی مثالیں دیں۔

    Answer

    نمکین سنیک فوڈز (Salted Snack Foods) مثلاً پیزا، برگر، سینڈوچ، شوارما، اسٹیک (Steaks)، فرنچ فرائز (French fries)، آلو کے چپس (Potato Chips)، میٹھی اشیاء مثلاً کریم کیک، بسکٹ، آئس کریم، براؤنیز (Brownies)، چاکلیٹ، کینڈی (Candy)، پیسٹری اور کولا (Cola) کی بوتلیں وغیرہ شامل ہیں۔

  8. Q8 · 3 marks

    جنک فوڈز کا رجحان کیوں بڑھ رہا ہے؟

    Answer

    ذرائع ابلاغ میں تیزی کی بدولت دنیا کے مختلف علاقوں میں رہنے والے افراد کی غذائی عادات تیزی سے تبدیل ہو رہی ہیں۔ فوری تیار ہونے والی غذائیں تیزی سے مقبول ہو رہی ہیں جو کیلوریز سے بھرپور ہیں مگر پروٹین، وٹامن، معدنی نمکیات اور دیگر غذائی اجزاء میں قلیل ہیں۔ نوجوان طبقے میں وقت کی کمی اور غذائی ضروریات میں اضافے کی وجہ سے یہ رجحان بڑھ رہا ہے۔

  9. Q9 · 3 marks

    جنک فوڈز کے نقصانات لکھیں۔

    Answer

    زائد کیلوریز مناسب طور پر خرچ نہیں ہوتیں جس سے موٹاپے کا رجحان تیزی سے پنپتا نظر آ رہا ہے۔ موٹاپا اگر بروقت کنٹرول نہ پایا جائے تو یہ مزید کئی پیچیدہ بیماریوں کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے۔ جسمانی صحت کے مسائل مثلاً ذیابیطس، دمہ، سانس کا اکھڑنا، جگر کی بیماریاں، دل کے امراض، شریانوں میں رکاوٹ، سرطان اور گردے وغیرہ شامل ہیں۔

  10. Q10 · 2 marks

    جنک فوڈز کی بجائے صحت مندانہ غذاؤں کی مثالیں دیں۔

    Answer

    چپس یا میٹھے بسکٹ کی بجائے ایک سیب یا کیلا۔ کولا کے شربت کی بجائے سادہ پانی۔ فرنچ فرائز کی بجائے ابلے ہوئے آلو یا چاول۔ چاکلیٹ، کینڈی، آئس کریم کی بجائے پھل۔ کریم کیک یا پیسٹری کی بجائے سادہ کیک یا نمکین بسکٹ۔

  11. Q11 · 3 marks

    بنیادی غذائی گروہوں کے نام لکھیں۔

    Answer

    1۔ دودھ اور دودھ سے بنی ہوئی اشیاء۔ 2۔ گوشت، مچھلی، مرغی اور انڈے۔ 3۔ سبزیاں اور پھل۔ 4۔ اناج اور دالیں۔ 5۔ چکنائی اور میٹھی اشیاء۔

  12. Q12 · 2 marks

    غذائی گروہ (Food Groups) کسے کہتے ہیں؟

    Answer

    ماہرین غذائیت نے ذرائع کے لحاظ سے اشیائے خوردنی کو پانچ بنیادی غذائی گروہوں میں تقسیم کر دیا ہے جنہیں غذائی گروہ (Food Groups) کہتے ہیں۔

  13. Q13 · 3 marks

    دودھ اور دودھ سے بنی اشیاء کی غذائی اہمیت بیان کریں۔

    Answer

    سب غذاؤں میں سے دودھ بہترین اور تقریباً مکمل غذا ہے۔ یہ شیر خوار بچوں کی سب سے پہلی غذا ہے۔ کیونکہ اس میں اعلیٰ قسم کی پروٹین کثیر مقدار میں پائی جاتی ہے جو زود ہضم بھی ہے۔ اس کے علاوہ اس میں کیلشیم، کاربوہائیڈریٹس، چکنائی، وٹامن بی کمپلیکس اور معدنی نمکیات موجود ہوتے ہیں۔ دودھ کو سادہ حالت میں ہی پینا بہتر سمجھا جاتا ہے۔

  14. Q14 · 3 marks

    گوشت، مچھلی، مرغی اور انڈوں کے گروہ کی اہمیت لکھیں۔

    Answer

    اس گروہ میں اعلیٰ حیاتیاتی قدر والی پروٹین پائی جاتی ہے جس میں جسم کی نشوونما اور تعمیر کے لیے ضروری امینو ایسڈز پائے جاتے ہیں۔ 100 گرام گوشت سے تقریباً 20 گرام مکمل پروٹین حاصل ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ آئرن، فاسفورس اور وٹامن بھی حاصل ہوتے ہیں۔ ایک انڈے میں تقریباً 6 گرام پروٹین پائی جاتی ہے۔ انڈے روزانہ یا ہفتے میں کم از کم تین چار مرتبہ ضرور استعمال کرنے چاہئیں۔

  15. Q15 · 3 marks

    پھلوں اور سبزیوں کی غذائی اہمیت بیان کریں۔

    Answer

    سبزیاں اور پھل ہمارے جسم کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے وٹامن اور معدنی نمکیات فراہم کرتے ہیں۔ تمام جسمانی نظاموں کی درستگی اور باقاعدگی کے لیے سبزیاں اور پھل کثیر مقدار میں استعمال کرنے چاہئیں۔ یہ غذا میں رنگ، ذائقہ اور جدت پیدا کرتے ہیں۔ سبزیاں سیلولوز اور غذائی ریشہ (Fibre) فراہم کرتی ہیں جو معدے کے نظام کو درست رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔ بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے باعث انہیں محافظ غذائیں بھی کہا جاتا ہے۔

  16. Q16 · 2 marks

    پھلوں میں وٹامن اے اور وٹامن سی کے اچھے ذرائع کون سے ہیں؟

    Answer

    پیلے رنگ کے پھل مثلاً آڑو، آم، خوبانی وغیرہ وٹامن اے کے اچھے ذرائع ہیں جبکہ مالٹے، سنگترے، لیموں اور گریپ فروٹ میں وٹامن سی وافر مقدار میں موجود ہوتا ہے۔

  17. Q17 · 3 marks

    اناج اور دالوں کے گروہ کی اہمیت لکھیں۔

    Answer

    اس گروہ میں گندم، چاول، مکئی، چنا اور دالیں وغیرہ شامل ہیں جو ہمارے ملک میں کیلوریز کے حصول کے لیے 65 سے 70 فیصد تک استعمال کی جاتی ہیں۔ ثابت اناج سے آئرن، تھایامین، رائبوفلیوین اور کچھ ناکمل پروٹین حاصل ہوتی ہیں۔ اناج کا 3/4 حصہ کاربوہائیڈریٹس پر مشتمل ہوتا ہے جبکہ پروٹین نہایت کم مقدار میں پائی جاتی ہے۔ دالوں میں کاربوہائیڈریٹس کے علاوہ کافی مقدار میں پروٹین پائی جاتی ہے جو اناج کے مقابلے میں دوگنی ہے۔

  18. Q18 · 3 marks

    چکنائی، مکھن، مارجرین اور میٹھی اشیاء کے گروہ کے بارے میں لکھیں۔

    Answer

    مکھن، مارجرین، بالائی، گھی، تیل اور چربی وغیرہ حرارت و توانائی پہنچانے والی غذائیں ہیں۔ ان کی مدد سے باقی غذائی اجزاء مثلاً وٹامن اے، ڈی، ای اور کے اور کیلشیم وغیرہ اپنا کام بہتر طور پر کر سکتے ہیں۔ میٹھی اشیاء مثلاً چینی، گڑ، شہد، جام، جیلی، میٹھے مشروبات اور مٹھائیاں وغیرہ کیلوریز کی کثیر مقدار فراہم کرتی ہیں۔ ان غذاؤں کا استعمال اعتدال سے کرنا چاہیے کیونکہ ان کا مسلسل زائد استعمال موٹاپے، ذیابیطس اور دل کے امراض کا باعث ہو سکتا ہے۔

  19. Q19 · 2 marks

    فوڈ پیرامڈ کی تعریف کریں۔

    Answer

    فوڈ پیرامڈ ایک خاکہ ہے جس سے یہ علم ہوتا ہے کہ خوراک میں کون کون سی غذائیں شامل کی جائیں۔ یہ رہنمائی ہمیں صحیح غذا منتخب کرنے میں مدد دیتی ہے۔ فوڈ پیرامڈ تمام غذائی اجزاء کی یقینی فراہمی کے لیے انواع و اقسام کے کھانے پیش کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔

  20. Q20 · 3 marks

    فوڈ پیرامڈ کے مطابق اناج اور دالوں کے گروہ کی اہمیت بیان کریں۔

    Answer

    فوڈ پیرامڈ میں اناج کے گروہ کو فوقیت دی گئی ہے۔ ایک فرد کو روزانہ 6 سے 11 حصے (سرونگ) اناج کے گروہ سے حاصل کرنے چاہئیں۔ ثابت اناج کی کوئی بھی غذا نہ صرف وٹامن اور معدنی نمکیات بالخصوص زنک مہیا کرتی ہے بلکہ سیلولوز پیٹ بھر جانے کا احساس بھی دلاتے ہیں اور آنت کے کینسر سے بچاؤ ممکن ہو جاتا ہے۔

  21. Q21 · 2 marks

    سبزیوں اور پھلوں کے گروہ کی شناخت (فوڈ پیرامڈ کے مطابق) لکھیں۔

    Answer

    وٹامن اے حاصل کرنے کے لیے گہرے سبز رنگ کی سبزیاں اور وٹامن سی کے لیے ترش سبزیوں مثلاً ٹماٹر اور لیموں کا انتخاب کرنا چاہیے۔ پھلوں کو اچھی طرح دھو کر ممکنہ حد تک چھلکا اتارے بغیر استعمال کرنا چاہیے۔ زرد اور نارنجی پھلوں مثلاً آم، امرود، پپیتا وغیرہ سے وٹامن اے، معدنی نمکیات اور پانی کی خاصی مقدار حاصل ہوتی ہے۔

  22. Q22 · 2 marks

    دودھ، دہی اور پنیر کے گروہ سے کیا ہدایات ہیں؟

    Answer

    دودھ، دہی اور پنیر کے گروہ میں سے کم چکنائی یا بالائی کے بغیر دودھ کا انتخاب کرنا چاہیے۔ دہی اور پنیر بھی غذا میں شامل کرنے چاہئیں۔ ایک دن میں 2-3 گلاس دودھ روزانہ غذا میں شامل کرنا چاہیے۔

  23. Q23 · 2 marks

    چکنائی اور میٹھی اشیاء کے گروہ کے بارے میں فوڈ پیرامڈ کی ہدایات لکھیں۔

    Answer

    دیسی یا بناسپتی گھی کی بجائے بنولہ، مکئی، سورج مکھی یا زیتون کا تیل استعمال کرنا چاہیے اور روزمرہ کھانوں میں چکنائی کا استعمال کم سے کم کرنا چاہیے۔ میٹھی اشیاء کا استعمال روزانہ غذائی ضروریات کے دس فیصد سے زیادہ ہرگز نہیں ہونا چاہیے۔ خوراک میں شامل کھیر، کسٹرڈ، دلیے اور مٹھائیوں میں چینی کی مقدار کم ہونی چاہیے اور قدرتی مٹھاس والے پھل زیادہ استعمال کرنے چاہئیں۔

  24. Q24 · 3 marks

    غذائی ضروریات کی تعریف کریں۔

    Answer

    بچپن سے جوانی اور جوانی سے بڑھاپے تک انسان کو مختلف مراحل سے گزرنا پڑتا ہے۔ جسم کے نئے خلیوں کی تعمیر ہو رہی ہوتی ہے جبکہ بعض خلیے حادثات، دباؤ، بوجھ اور امراض کے باعث ٹوٹتے پھوٹتے ہیں اور ان کی جگہ دوسرے خلیوں کا بننا بھی ضروری ہے یوں زندگی کے ہر دور میں غذائی ضروریات میں اضافہ اور کمی ہوتی رہتی ہے۔

  25. Q25 · 3 marks

    غذائی ضروریات پر اثر انداز ہونے والے عوامل لکھیں۔

    Answer

    1۔ عمر۔ 2۔ جنس۔ 3۔ کام کاج کی نوعیت۔ 4۔ موسم۔ 5۔ جسم کی بناوٹ۔ 6۔ جسمانی کیفیت۔

  26. Q26 · 3 marks

    عمر کا غذائی ضروریات پر کیا اثر پڑتا ہے؟

    Answer

    بڑوں کے مقابلے میں بچوں کو زیادہ خوراک کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ بچپن میں نشوونما نسبتاً تیزی سے ہو رہی ہوتی ہے اور جسمانی طور پر بھی وہ زیادہ سرگرم ہوتے ہیں۔ بیس سال کی عمر تک قد اور جسم کے اعضاء اپنی پختگی تک پہنچ چکے ہوتے ہیں۔ بوڑھے افراد کو نوجوانوں کی نسبت کم خوراک کی ضرورت ہوتی ہے۔

  27. Q27 · 2 marks

    جنس کا غذائی ضروریات پر کیا اثر ہوتا ہے؟

    Answer

    مردوں کی غذائی ضروریات عورتوں سے نسبتاً زیادہ ہوتی ہیں کیونکہ مرد زیادہ مشقت کا کام کرتے ہیں نیز مردوں کی جسمانی بناوٹ اور قد کاٹھ کی وجہ سے بھی زیادہ کیلوریز درکار ہوتے ہیں۔

  28. Q28 · 3 marks

    کام کاج کی نوعیت کے لحاظ سے افراد کے گروہ مثالوں سمیت لکھیں۔

    Answer

    1۔ ہلکا پھلکا کام کرنے والے: دفتر میں بیٹھ کر کام کرنے والے، وکیل، ڈاکٹر اور استاد۔ 2۔ درمیانہ کام کرنے والے: طلباء، ماہی گیر، سپاہی، مشینی صنعتوں میں کام کرنے والے مزدور اور گھریلو خواتین۔ 3۔ سخت کام کرنے والے: کاشتکار، مزدور، بھاری صنعتوں کے کارکن، کھلاڑی، تیراکی کرنے والے۔ 4۔ زیادہ مشقت کا کام کرنے والے: کوہ کن، جنگلات کاٹنے اور کوئلے کی کان میں کام کرنے والے۔

  29. Q29 · 2 marks

    موسم کا غذائی ضروریات پر اثر لکھیں۔

    Answer

    سردیوں کے موسم میں زیادہ حرارت و توانائی درکار ہوتی ہے اس لیے مرغن اور تلی ہوئی غذاؤں اور خشک میوہ جات و مغزیات کا استعمال بڑھ جاتا ہے۔ گرمیوں میں مشروبات اور پھلوں کا استعمال بہتات سے کیا جاتا ہے خاص طور پر تربوز، خربوزہ وغیرہ۔ پانی کا استعمال زیادہ مقدار میں ہونے کی وجہ سے خوراک کم کھائی جاتی ہے۔

  30. Q30 · 2 marks

    جسم کی بناوٹ کا غذائی ضروریات پر اثر لکھیں۔

    Answer

    دبلے شخص کی نسبت موٹے شخص کو اپنی جسامت کے مطابق زیادہ خوراک کی ضرورت ہوتی ہے لیکن اگر کوئی شخص اپنی عمر کے اوسط وزن سے زیادہ وزن رکھتا ہو تو پھر اسے ایسی غذا کا انتخاب کرنا چاہیے جس میں زیادہ چکنائی نہ ہو اور حرارے بھی نسبتاً کم ہوں۔

  31. Q31 · 2 marks

    جسمانی کیفیت کا غذائی ضروریات پر کیا اثر ہوتا ہے؟

    Answer

    بیمار شخص کو اپنی کھوئی ہوئی توانائی بحال کرنے اور قوت مدافعت پیدا کرنے کے لیے زیادہ حراروں اور غذائیت کی ضرورت ہوتی ہے۔ اسی طرح حاملہ خواتین اور رضاعی خواتین کو بھی بچوں کی نشوونما کے لیے زائد حرارے درکار رہتے ہیں۔

  32. Q32 · 3 marks

    شیر خوار بچوں کی غذائی ضروریات لکھیں۔

    Answer

    شیر خوار بچے کے لیے بہترین غذا ماں کا دودھ ہے۔ ماں کا دودھ چونکہ اعلیٰ غذائیت کا حامل ہوتا ہے اس لیے بچے کو ڈیڑھ دو سال تک ماں کا دودھ پلانا چاہیے۔ اگر ماں کا دودھ میسر نہ ہو تو ڈبے یا گائے بھینس کا دودھ دیا جا سکتا ہے مگر اس کو اچھی طرح ابال کر استعمال کرنا چاہیے۔ بوتل اور دیگر برتنوں کو جراثیم سے پاک کرنا بھی ضروری ہے۔

  33. Q33 · 3 marks

    شیر خوار بچوں کی ضمنی غذا کا آغاز کب اور کیسے کریں؟

    Answer

    جب بچے کی عمر چھ ماہ ہو جائے تو ماں کے دودھ کے علاوہ ضمنی غذائیں بھی دی جائیں۔ ضمنی غذاؤں کو شروع کرنے سے پہلے بچے کو ان کے ذائقے اور خوشبو سے آشنا کروانا ضروری ہے۔ غذا کا آغاز کم مقدار سے کیا جائے اور بچے کو ایک وقت میں صرف ایک ہی نوعیت کی غذا دی جائے۔ ضمنی غذائیں پہلے سیال پھر نرم اور پھر بتدریج ٹھوس شکل میں دی جائیں۔ ٹھوس غذاؤں کے اضافے کے ساتھ دودھ کی مقدار کم کر دی جائے۔

  34. Q34 · 2 marks

    دوسرے ماہ سے بچے کی ضمنی غذا کیا ہے اور کیوں؟

    Answer

    دوسرے ماہ سے بچے کی ضمنی غذا میں مالٹے کے چند قطرے سے آغاز کیا جائے تاکہ وٹامن سی کی کمی نہ ہونے پائے کیونکہ بچے کے جسم میں اس وٹامن کا ذخیرہ نہیں ہوتا اور ماں کے دودھ میں بھی وٹامن سی موجود نہیں ہوتا۔

  35. Q35 · 3 marks

    پانچ سے چھ ماہ اور چھ سے آٹھ ماہ کے بچے کو کون سی غذائیں دی جا سکتی ہیں؟

    Answer

    پانچ سے چھ ماہ کی عمر میں دہی، ابلے ہوئے چاول، دلیہ یا آلوؤں کا ملیدہ، دال، مسلا ہوا کیلا، انڈے کی زردی، سوجی کی کھیر، سبزیوں یا گوشت کا سوپ وغیرہ دیا جا سکتا ہے۔ چھ سے آٹھ ماہ کی عمر میں پھلوں مثلاً کیلے، سیب کا گودا، نرم پکا ہوا قیمہ یا مرغی کا گوشت، ساگودانہ، سوجی کی کھیر، سبزیوں کا سوپ یا بنڈ ڈبوں میں دستیاب سیریل دیے جا سکتے ہیں۔

  36. Q36 · 3 marks

    قبل از سکول بچوں کی غذائی ضروریات لکھیں۔

    Answer

    ایک سے چار سال کی عمر کے بچے عموماً پروٹین اور حراروں کی کمی کا سب سے زیادہ شکار ہوتے ہیں کیونکہ اس عمر میں بچے تیزی سے نشوونما پا رہے ہوتے ہیں۔ بچوں کو ابتدا ہی سے مختلف اقسام کی غذائیں کھانے کی عادت ڈالنی چاہیے۔ دو سال کی عمر کے بعد تقریباً چار گلاس دودھ روزانہ دینا چاہیے۔ تین سے چار سال کی عمر کے بعد ضمنی غذاؤں مثلاً اناج، گوشت، سبزی، پھل اور چکنائی کا اضافہ کرنا چاہیے اور دودھ کی مقدار بتدریج کم دینی چاہیے۔

  37. Q37 · 3 marks

    سکول جانے والے بچوں کی غذائی ضروریات لکھیں۔

    Answer

    چھ سے بارہ سال کی عمر میں بچے جسمانی اور ذہنی طور پر نہایت سرگرم ہوتے ہیں۔ اس دور میں انہیں کھیل کود کے بعد خوب بھوک لگتی ہے۔ ان کی خوراک مقدار اور جدت میں بھرپور ہونی چاہیے۔ بچوں کی غذائی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے روزمرہ خوراک میں نشاستہ دار غذائیں، پروٹین، معدنی نمکیات اور وٹامن کثیر مقدار میں شامل کرنے چاہئیں۔ تیز مرچ مصالحوں سے پرہیز کیا جائے۔

  38. Q38 · 3 marks

    نوبلوغ افراد کی غذائی ضروریات لکھیں۔

    Answer

    تیرہ سے سترہ سال کی عمر میں لڑکے اور لڑکیوں کے نشوونمائی تقاضوں کے لحاظ سے ان کی پروٹین اور حراروں کی ضروریات بڑھ جاتی ہیں۔ ان کو اعلیٰ حیاتیاتی قدر والی پروٹین دینی چاہیے کیونکہ بافتوں کی تعمیر و مرمت، قد و قامت میں اضافے، ہڈیوں اور عضلات کی نشوونما کے لیے پروٹین اور معدنی نمکیات کثیر مقدار میں درکار ہوتے ہیں۔ ہڈیوں کی نشوونما کے لیے کیلشیم کی زیادہ مقدار درکار ہوتی ہے اس لیے دودھ کا وافر استعمال کرنا چاہیے۔ آئرن کو بھی خوراک میں شامل کرنا ضروری ہے۔ لڑکیوں کو لڑکوں کی نسبت آئرن کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔

  39. Q39 · 3 marks

    حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین کی غذائی ضروریات لکھیں۔

    Answer

    حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین کو نہ صرف اپنی غذائی ضروریات پوری کرنی ہوتی ہیں بلکہ اس بچے کی غذائی ضروریات کو بھی پورا کرنا ہوتا ہے جس کی وہ نشوونما کر رہی ہوتی ہیں۔ اس لیے حمل اور دودھ پلانے کے دوران متوازن غذا کا فراہم ہونا بہت ضروری ہے۔ ان کی خوراک کی مقدار پہلے کے مقابلے میں ایک چوتھائی زیادہ ہونی چاہیے۔ حاملہ خواتین کو عام خواتین سے 300 زائد کیلوریز جبکہ دودھ پلانے والی خواتین کو 400 سے 500 اضافی کیلوریز یومیہ درکار رہتی ہیں۔

  40. Q40 · 3 marks

    حاملہ خواتین کو غذا ترتیب دیتے ہوئے کن باتوں کا خیال رکھنا چاہیے؟ (چار نکات)

    Answer

    1۔ متوازن غذا دی جائے، غذا کا انتخاب بنیادی غذائی گروہوں میں سے کیا جائے۔ 2۔ زیادہ چکنائی والی غذاؤں اور میٹھی اشیاء سے پرہیز کیا جائے تاکہ طبیعت میں بوجھل پن نہ ہو۔ 3۔ پھل اور سبزیاں جتنی زیادہ دی جائیں بہتر ہے تاکہ قبض کی شکایت نہ ہو اور معدنی نمکیات و وٹامن کی مطلوبہ مقدار مہیا ہوتی رہے۔ 4۔ ناشتے سے قبل لیموں یا مالٹے کا جوس پینے سے متلی کی کیفیت دور کی جا سکتی ہے۔

  41. Q41 · 3 marks

    بنیادی غذائی گروہوں کی یومیہ مقدار لکھیں۔

    Answer

    1۔ دودھ اور دودھ سے بنی اشیاء: بچے 3 سے 4 گلاس، بالغ افراد 2 گلاس، حاملہ خواتین 3 سے زائد گلاس، دودھ پلانے والی خواتین 4 یا اس سے زائد گلاس۔ 2۔ گوشت، مچھلی، مرغی اور انڈے: دن میں دو مرتبہ استعمال کریں (60 تا 85 گرام ایک مرتبہ)۔ کلیجی، گردے اور دل ہفتے میں ایک مرتبہ۔ 3۔ سبزیاں اور پھل: 4 مرتبہ روزانہ۔ 4۔ اناج اور اناج سے بنی ہوئی اشیاء: 4 مرتبہ روزانہ، 1 چپاتی یا ڈبل روٹی کا ایک سلائس، 3/4 کپ پکی ہوئی دال یا 3/4 کپ ابلے ہوئے چاول۔ 5۔ چکنائی اور میٹھی اشیاء: مکھن یا مارجرین 1 سے 2 چائے کے چمچ، پکی ہوئی چکنائی حسب ضرورت۔

Long questions with answers

  1. Q1 · 8 marks

    متوازن اور غیر متوازن غذا کا فرق واضح کریں۔

    Answer

    متوازن غذا: ان ملی جلی غذاؤں کا امتزاج ہے جس میں تمام ضروری غذائی اجزاء یعنی پروٹین، کاربوہائیڈریٹس، چکنائی، معدنی نمکیات اور وٹامن مناسب مقدار اور صحیح تناسب میں موجود ہوں۔ فرق: 1۔ متوازن غذا میں جسم کی صحیح نشوونما کے لیے تمام غذائی اجزاء ایک خاص تناسب میں موجود ہوتے ہیں جبکہ غیر متوازن غذا میں تمام غذائی اجزاء مناسب مقدار میں موجود نہیں ہوتے۔ 2۔ متوازن غذا سے انسان تندرست و توانا رہتا ہے اور بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت ہوتی ہے جبکہ غیر متوازن غذا میں جسم کی تمام ضروریات پوری نہ ہونے کے باعث نشوونما متاثر ہوتی ہے، انسان کمزور اور لاغر ہو جاتا ہے اور مختلف امراض کا شکار رہنے لگتا ہے۔ 3۔ متوازن غذا میں مطلوبہ کیلوریز کی فراہمی یقینی ہوتی ہے اور جسم میں کام کرنے کے لیے مناسب توانائی موجود ہوتی ہے جبکہ غیر متوازن غذا میں جسم کو مطلوبہ کیلوریز فراہم نہیں ہوتیں، توانائی کم ہو جاتی ہے، سانس پھولنے لگتا ہے اور جلد تھکن محسوس ہوتی ہے۔ 4۔ متوازن غذا سے قد قامت اور وزن جسم کی بناوٹ اور عمر کے مطابق ہوتا ہے، خوش وضع اور چمکدار دانت، نظر کی درستگی اور چہرے کی تروتازگی نمایاں ہوتی ہے جبکہ غیر متوازن غذا کے مسلسل استعمال سے وزن کی کمی ہو جاتی ہے، بھوک نہیں لگتی اور جسم پر مختلف غذائی اجزاء کی کمی کے اثرات نمایاں ہوتے ہیں۔ 5۔ متوازن غذا سے طویل عمری، بڑھاپا دیر سے ظاہر ہوتا ہے اور بزرگی میں بھی صحت مند رہتا ہے جبکہ غیر متوازن غذا سے بڑھاپا جلدی آ جاتا ہے، نیند نہیں آتی اور شرح اموات میں اضافہ ہو جاتا ہے۔

  2. Q2 · 8 marks

    غیر افادی غذائیں یا جنک فوڈز پر نوٹ لکھیں۔

    Answer

    تعریف: جنک فوڈ کھانے سے متعلق ایک غیر رسمی اصطلاح ہے جو ان غذاؤں کے لیے استعمال ہوتی ہے جن میں غذائی قدر کم لیکن چکنائی، مٹھاس یا کیلوریز زیادہ ہو (مائیکل جیکسن 1972ء)۔ پس منظر: تیرہ سے سترہ سال کی عمر کے بچوں میں جسمانی، حیاتیاتی، جذباتی اور معاشرتی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہوتی ہیں، اس عمر میں لڑکے اور لڑکیوں کی توانائی اور دیگر غذائی اجزاء کی ضروریات میں واضح اضافہ ہو جاتا ہے۔ لڑکیوں کو عموماً 2200 سے 2500 جبکہ لڑکوں کو 3000 سے 3400 کیلوریز روزانہ درکار ہوتی ہیں۔ ذرائع ابلاغ کی بدولت افراد کی غذائی عادات تیزی سے تبدیل ہو رہی ہیں۔ فوری تیار ہونے والی غذائیں مقبول ہو رہی ہیں جو کیلوریز سے بھرپور مگر پروٹین، وٹامن، معدنی نمکیات اور دیگر غذائی اجزاء میں قلیل ہیں۔ مثالیں: نمکین سنیک فوڈز مثلاً پیزا، برگر، سینڈوچ، شوارما، اسٹیک، فرنچ فرائز، آلو کے چپس، میٹھی اشیاء مثلاً کریم کیک، بسکٹ، آئس کریم، براؤنیز، چاکلیٹ، کینڈی، پیسٹری اور کولا کی بوتلیں۔ نقصانات: زائد کیلوریز مناسب طور پر خرچ نہیں ہوتیں جس سے موٹاپا بڑھ رہا ہے۔ موٹاپے سے ذیابیطس، دمہ، سانس کا اکھڑنا، جگر کی بیماریاں، دل کے امراض، شریانوں میں رکاوٹ اور کینسر لاحق ہو سکتے ہیں۔ موٹاپے کا شکار خواتین میں گردے اور پیشاب کی نالی کے کینسر کا امکان تین گنا زیادہ ہوتا ہے۔ بچاؤ: نوجوان نسل سمجھداری سے کھانے کا انتخاب کرے، متوازن غذا اور ورزش میں توازن قائم رکھے۔ صحت مندانہ متبادل: چپس کی بجائے سیب یا کیلا، کولا کی بجائے سادہ پانی، فرنچ فرائز کی بجائے ابلے ہوئے آلو یا چاول، چاکلیٹ و آئس کریم کی بجائے پھل۔

  3. Q3 · 8 marks

    غذا کے بنیادی گروہوں کی غذائیت بیان کریں۔

    Answer

    ماہرین نے غذا کو پانچ بنیادی غذائی گروہوں میں تقسیم کیا ہے۔ 1۔ دودھ اور دودھ سے بنی ہوئی اشیاء: دودھ بہترین اور تقریباً مکمل غذا ہے، شیر خوار بچوں کی پہلی غذا، اعلیٰ قسم کی زود ہضم پروٹین، کیلشیم (ہڈیوں اور دانتوں کی نشوونما کے لیے)، کاربوہائیڈریٹس، چکنائی، وٹامن بی کمپلیکس اور معدنی نمکیات۔ دہی، لسی، پنیر، آئس کریم بھی اس میں شامل ہیں۔ 2۔ گوشت، مچھلی، مرغی اور انڈے: اعلیٰ حیاتیاتی قدر والی پروٹین، ضروری امینو ایسڈز، 100 گرام گوشت سے 20 گرام پروٹین، آئرن، فاسفورس اور وٹامن۔ دل، گردے اور کلیجی میں آئرن اور وٹامن اے زیادہ ہوتا ہے۔ انڈے میں 6 گرام پروٹین۔ 3۔ سبزیاں اور پھل: وٹامن اور معدنی نمکیات، سیلولوز اور غذائی ریشہ، محافظ غذائیں، پیلے پھل وٹامن اے کے اور ترش پھل وٹامن سی کے اچھے ذرائع۔ 4۔ اناج اور دالیں: گندم، چاول، مکئی، چنا اور دالیں، ہمارے ملک میں 65 سے 70 فیصد کیلوریز، آئرن، تھایامین، رائبوفلیوین، اناج کا 3/4 حصہ کاربوہائیڈریٹس، دالوں میں اناج کے مقابلے میں دوگنی پروٹین۔ 5۔ چکنائی، مکھن، مارجرین اور میٹھی اشیاء: حرارت و توانائی، وٹامن اے، ڈی، ای اور کے اور کیلشیم کے کام میں مددگار، میٹھی اشیاء کیلوریز کی کثیر مقدار فراہم کرتی ہیں، اعتدال ضروری۔

  4. Q4 · 8 marks

    غذائی ضروریات پر اثر انداز ہونے والے عوامل پر بحث کریں۔

    Answer

    تعریف: بچپن سے جوانی اور بڑھاپے تک انسان مختلف مراحل سے گزرتا ہے، جسم میں خلیے بنتے اور ٹوٹتے ہیں اس لیے زندگی کے ہر دور میں غذائی ضروریات میں اضافہ اور کمی ہوتی رہتی ہے۔ ہر فرد کی غذائی ضروریات دوسرے سے مختلف ہوتی ہیں۔ غذائی ضروریات کا تخمینہ کیلوری سے لگایا جاتا ہے۔ نیشنل کونسل آف ریسرچ کے مطابق 25 سال کی معتدل آب و ہوا میں رہنے والی خاتون کو تقریباً 1800 سے 2100 جبکہ مرد کو 2150 سے 2450 کیلوریز درکار ہوتی ہیں۔ عوامل: 1۔ عمر: بچوں کو بڑوں کی نسبت زیادہ خوراک کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ ان کی نشوونما تیز ہوتی ہے۔ بیس سال کی عمر تک قد اور جسم کے اعضاء پختگی تک پہنچ جاتے ہیں۔ بوڑھے افراد کو کم خوراک چاہیے۔ 2۔ جنس: مردوں کی ضروریات زیادہ ہوتی ہیں کیونکہ وہ زیادہ مشقت کا کام کرتے ہیں اور ان کی جسمانی بناوٹ اور قد کاٹھ زیادہ ہوتا ہے۔ 3۔ کام کاج کی نوعیت: ہلکا پھلکا کام (دفتر، وکیل، ڈاکٹر، استاد)، درمیانہ (طلباء، ماہی گیر، سپاہی، گھریلو خواتین)، سخت (کاشتکار، مزدور، کھلاڑی، تیراک)، زیادہ مشقت (کوہ کن، جنگلات کاٹنے والے، کوئلے کی کان کے کارکن)۔ 4۔ موسم: سردیوں میں زیادہ حرارت و توانائی کے لیے مرغن غذائیں اور خشک میوہ جات، گرمیوں میں مشروبات اور پھل۔ 5۔ جسم کی بناوٹ: موٹے شخص کو دبلے کی نسبت جسامت کے مطابق زیادہ خوراک، مگر زیادہ وزن والے کو کم چکنائی اور کم حرارے والی غذا۔ 6۔ جسمانی کیفیت: بیمار، حاملہ اور رضاعی خواتین کو زائد حرارے اور غذائیت درکار۔

  5. Q5 · 8 marks

    شیر خوار بچوں کی غذائی ضروریات بیان کریں۔

    Answer

    شیر خوار بچے کے لیے بہترین غذا ماں کا دودھ ہے۔ بچوں کو ان کی ضرورت کے مطابق ماں کا دودھ دینا ضروری ہے۔ ماں کا دودھ چونکہ اعلیٰ غذائیت کا حامل ہوتا ہے اس دور میں ان کی تمام غذائی ضروریات دودھ سے ہی پوری ہو جاتی ہیں۔ اس لیے بچے کو ڈیڑھ دو سال تک ماں کا دودھ پلانا چاہیے۔ اگر ماں کا دودھ میسر نہ ہو تو ڈبے یا گائے بھینس کا دودھ بھی دیا جا سکتا ہے مگر اس کو اچھی طرح ابال کر استعمال کرنا چاہیے۔ اس کے علاوہ دودھ کی بوتل اور دیگر برتنوں کو جراثیم سے پاک کرنا بھی ضروری ہے۔ ضمنی غذائیں: جب بچے کی عمر چھ ماہ ہو جائے تو اس کی بڑھتی ہوئی ضرورت کے پیش نظر ماں کے دودھ کے علاوہ ضمنی غذائیں بھی دی جائیں۔ ضمنی غذاؤں کو شروع کرنے سے پہلے بچے کو ان کے ذائقے اور خوشبو سے آشنا کروانا ضروری ہے۔ اس کے لیے غذا کا آغاز کم مقدار سے کیا جائے اور بچے کو ایک وقت میں صرف ایک ہی نوعیت کی غذا دی جائے۔ ضمنی غذائیں پہلے سیال پھر نرم اور پھر بتدریج ٹھوس شکل میں دی جائیں۔ بچہ ایک وقت میں جتنی غذا خوشی سے کھائے اسے اتنی ہی مقدار دی جائے اور زبردستی نہ کی جائے۔ ٹھوس غذاؤں کے اضافے کے ساتھ ساتھ اسی تناسب سے دودھ کی مقدار کم کر دی جائے۔ دوسرے ماہ سے بچے کی ضمنی غذا میں مالٹے کے چند قطرے سے آغاز کیا جائے تاکہ وٹامن سی کی کمی نہ ہونے پائے کیونکہ بچے کے جسم میں اس وٹامن کا ذخیرہ نہیں ہوتا اور ماں کے دودھ میں بھی وٹامن سی موجود نہیں ہوتا۔ پانچ سے چھ ماہ کی عمر میں دہی، ابلے ہوئے چاول، دلیہ یا آلوؤں کا ملیدہ، دال، مسلا ہوا کیلا، انڈے کی زردی، سوجی کی کھیر، سبزیوں یا گوشت کا سوپ وغیرہ دیا جا سکتا ہے۔ چھ سے آٹھ ماہ کی عمر میں پھلوں مثلاً کیلے، سیب کا گودا، نرم پکا ہوا قیمہ یا مرغی کا گوشت، ساگودانہ، سوجی کی کھیر، سبزیوں کا سوپ یا سیریل دیے جا سکتے ہیں۔ دس سے بارہ ماہ کی عمر میں بسکٹ، رس، ڈبل روٹی کے سلائس، نرم پھل مثلاً کیلا، سیب، انڈے کی زردی (نرم پکی ہوئی)، سبزیوں کا سوپ دینا چاہیے مگر اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ تمام اضافی غذائیں زود ہضم اور غذائیت بخش ہوں تاکہ بچوں کی پروٹین، وٹامن اور معدنی نمکیات کی اضافی غذائی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ نمونہ یومیہ مقدار: دودھ چار سے پانچ کپ، سوجی کی کھیر تین بڑے چمچ، قیمہ یا مرغی کا گوشت دو بڑے چمچ، بسکٹ دو سے تین عدد، انڈا ایک عدد، نرم کھچڑی یا نرم ابلے ہوئے چاول دہی کے ساتھ دو بڑے چمچ، کیلا (مسلا ہوا) دو بڑے چمچ، آلو، گاجر، پالک (ابلے ہوئے) دو سے تین بڑے چمچ۔

  6. Q6 · 8 marks

    حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین کی غذا ترتیب دیتے ہوئے کن باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے؟ تفصیلاً لکھیں۔

    Answer

    حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین کو نہ صرف اپنی غذائی ضروریات پوری کرنی ہوتی ہیں بلکہ اس بچے کی غذائی ضروریات کو بھی پورا کرنا ہوتا ہے جس کی وہ نشوونما کر رہی ہوتی ہیں۔ اس لیے حمل اور دودھ پلانے کے دوران متوازن غذا کا فراہم ہونا بہت ضروری ہے کیونکہ ان کی غذائی ضروریات میں اضافہ ہوتا ہے۔ اس لیے خوراک کی مقدار پہلے کے مقابلے میں ایک چوتھائی زیادہ ہونی چاہیے۔ ان کی خوراک میں روٹی، چاول، گوشت، انڈے، سبزیاں، پھل اور دودھ وغیرہ شامل ہونے چاہئیں۔ چونکہ بچہ تمام غذائی اجزاء ماں کے خون سے حاصل کرتا ہے، اگر ان اجزاء کی کمی ہو تو بچہ ماں کے جسم میں ذخیرہ شدہ غذائی اجزاء سے پرورش پانے لگتا ہے جس سے ماں کی صحت شدید متاثر ہوتی ہے۔ حمل کے دوران خون کی ضرورت 20 فیصد زیادہ ہوتی ہے جو صرف پروٹین کے وافر استعمال سے پوری کی جا سکتی ہے۔ آئرن کی زائد مقدار بھی قلت خون سے تحفظ دیتی ہے۔ حاملہ خواتین کو غذا دیتے ہوئے درج ذیل باتوں کا خیال رکھنا چاہیے: 1۔ متوازن غذا دی جائے۔ غذا کا انتخاب بنیادی غذائی گروہوں میں سے کیا جائے۔ 2۔ زیادہ چکنائی والی غذاؤں اور میٹھی اشیاء سے پرہیز کیا جائے تاکہ طبیعت میں بوجھل پن نہ ہو۔ 3۔ پھل اور سبزیاں جتنی زیادہ دی جائیں بہتر ہے تاکہ قبض کی شکایت نہ ہو اور معدنی نمکیات و وٹامن کی مطلوبہ مقدار مہیا ہوتی رہے۔ 4۔ ناشتے سے قبل لیموں یا مالٹے کا جوس پینے سے متلی کی کیفیت دور کی جا سکتی ہے۔ 5۔ حاملہ خواتین کے لیے زود ہضم غذائیں تجویز کی جائیں۔ ایک وقت میں زیادہ مقدار کی بجائے تھوڑی مقدار وقفے وقفے سے دی جائے۔ 6۔ دودھ، دہی، لسی اور دودھ سے تیار کردہ دیگر غذائیں خوراک میں شامل کی جائیں تاکہ کیلشیم کی ضرورت پوری ہو اور ہڈیاں مضبوط ہوں۔ 7۔ زیادہ مرچ اور تیز مصالحہ جات والی غذاؤں سے پرہیز کیا جائے۔ 8۔ آئرن کی یومیہ ضرورت پوری کرنے کے لیے کلیجی، انڈے اور گوشت کا استعمال کیا جائے تاکہ قلت خون کا خدشہ نہ رہے۔ دودھ پلانے والی خواتین کی غذائی ضروریات حاملہ خواتین سے زائد ہوتی ہیں۔ ان کو دن بھر میں 400 سے 500 اضافی حراروں کی ضرورت ہوتی ہے۔ غذا میں دودھ، اناج، روٹی، گھی، انڈے اور گوشت کی زیادہ مقدار شامل کی جائے تاکہ بچے کی دودھ کی ضرورت پوری ہو سکے۔ تاہم ماں کا وزن اعتدال سے نہیں بڑھنا چاہیے۔

  7. Q7 · 6 marks

    افراد کی غذائی ضروریات کے مطابق غذا کا انتخاب بیان کریں۔

    Answer

    افراد کی غذائی ضروریات کے مطابق غذا کا انتخاب بنیادی غذائی گروہوں میں سے کرنا ضروری ہے۔ 1۔ دودھ اور دودھ سے بنی اشیاء (کیلشیم، پروٹین، فاسفورس، وٹامن اے اور ڈی وغیرہ): بچے 3 سے 4 گلاس، بالغ افراد 2 گلاس، حاملہ خواتین 3 سے زائد گلاس، دودھ پلانے والی خواتین 4 یا اس سے زائد گلاس۔ اس کے علاوہ دہی، آئس کریم، لسی وغیرہ۔ 2۔ گوشت، مچھلی، مرغی اور انڈے (پروٹین، چکنائی، وٹامن اے، بی، کیلشیم، فاسفورس، آئرن اور آیوڈین وغیرہ): دن میں دو مرتبہ (60 تا 85 گرام ایک مرتبہ)، کلیجی، گردے اور دل ہفتے میں ایک مرتبہ۔ 3۔ سبزیاں اور پھل (کاربوہائیڈریٹس، وٹامن اے، بی کمپلیکس، سی، ای، کیلشیم، پوٹاشیم اور آئرن): روزانہ 4 مرتبہ۔

    (i)ایک مالٹا یا ایک لیموں یا درمیانہ سائز کے دو کپ ٹماٹر، (ii) آڑو، خوبانی یا آلو بخارا یا کوئی بھی پیلا پھل، گاجر، کدو، شکر قندی وغیرہ، (iii) سبز پتوں والی سبزیاں، سلاد، پالک وغیرہ، (iv) کیلا، انگور، ناشپاتی، سیب، بینگن، مٹر، پھلیاں وغیرہ۔ 4۔ اناج اور اناج سے بنی ہوئی اشیاء (پروٹین، کاربوہائیڈریٹس، وٹامن بی، وٹامن ای اور آئرن): روزانہ 4 مرتبہ، 1 چپاتی یا ڈبل روٹی کا ایک سلائس، 3/4 کپ پکی ہوئی دال یا 3/4 کپ ابلے ہوئے چاول۔ 5۔ چکنائی اور میٹھی اشیاء (کاربوہائیڈریٹس، ضروری فیٹی ایسڈ وغیرہ): مکھن یا مارجرین 1 سے 2 چائے کے چمچ، پکی ہوئی چکنائی اور میٹھے پکوان حرارے کی ضرورت کے مطابق۔

  8. Q8 · 6 marks

    عمر کے مختلف ادوار کی غذائی ضروریات بیان کریں۔

    Answer

    1۔ شیر خوار بچے: ماں کا دودھ بہترین غذا، ڈیڑھ دو سال تک پلانا، چھ ماہ کے بعد ضمنی غذائیں بتدریج سیال، نرم اور ٹھوس، ایک وقت میں ایک نوعیت کی غذا، دوسرے ماہ سے مالٹے کے چند قطرے وٹامن سی کے لیے۔ 2۔ قبل از سکول بچے (ایک سے چار سال): پروٹین اور حراروں کی کمی کا زیادہ خدشہ، دو سال کے بعد روزانہ تقریباً چار گلاس دودھ، تین سے چار سال کے بعد اناج، گوشت، سبزی، پھل اور چکنائی کا اضافہ اور دودھ بتدریج کم، کھانوں کے درمیانی وقفوں میں پھلوں کے جوس، دودھ، دہی، موسمی پھل، بسکٹ، رس اور کچی سبزیاں (گاجر، ٹماٹر)۔ 3۔ سکول جانے والے بچے (چھ سے بارہ سال): جسمانی اور ذہنی طور پر نہایت سرگرم، خوراک مقدار اور جدت میں بھرپور، نشاستہ دار غذائیں، پروٹین، معدنی نمکیات اور وٹامن کثیر مقدار میں، مقررہ وقت پر کھانا، خوشگوار ماحول، تیز مرچ مصالحوں سے پرہیز، ناشتے میں ٹھوس غذائیت بخش غذا اور بڑوں کی نسبت پانی کی ضرورت زیادہ۔ 4۔ نوبلوغ افراد (تیرہ سے سترہ سال): پروٹین اور حراروں کی ضرورت زیادہ، اعلیٰ حیاتیاتی قدر والی پروٹین، ہڈیوں کی نشوونما کے لیے کیلشیم (دودھ کا وافر استعمال)، آئرن (لڑکیوں کو زیادہ)، لڑکوں کی یومیہ ضرورت لڑکیوں سے زیادہ، کھانوں میں تنوع، کھانوں کے درمیان چاکلیٹ، ٹافیاں وغیرہ سے پرہیز۔ 5۔ حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین: ایک چوتھائی زیادہ خوراک، حاملہ کو 300 اور دودھ پلانے والی کو 400 سے 500 زائد کیلوریز۔

  9. Q9 · 6 marks

    فوڈ پیرامڈ کی تعریف کریں اور فوڈ پیرامڈ کے مطابق غذائی گروہوں کی غذائیت بیان کریں۔

    Answer

    بیسویں صدی کے اوائل میں محققین نے غذائیت کی سائنس کو عملی طور پر واضح کیا تاکہ جن لوگوں نے غذائیت کی عملی تربیت نہ حاصل کی ہو وہ بھی تخمینہ لگا سکیں کہ آیا وہ اپنی غذائی ضروریات کے مطابق متوازن غذالے رہے ہیں یا نہیں۔ فوڈ پیرامڈ ایک خاکہ ہے جس سے یہ علم ہوتا ہے کہ خوراک میں کون کون سی غذائیں شامل کی جائیں۔ یہ رہنمائی ہمیں صحیح غذا منتخب کرنے میں مدد دیتی ہے۔ یہ جو مناسب مقدار میں پروٹین، کاربوہائیڈریٹس، معدنی نمکیات اور وٹامن فراہم کرتا ہے۔ فوڈ پیرامڈ تمام غذائی اجزاء کی یقینی فراہمی کے لیے انواع و اقسام کے کھانے پیش کرنے کی ترغیب دیتا ہے تاکہ کیلوریز کے مناسب استعمال سے تناسب وزن کی برقراری ممکن بنائی جا سکے۔ غذائیت کی شناخت: 1۔ اناج اور دالوں کا گروہ: فوقیت دی گئی، روزانہ 6 سے 11 حصے (سرونگ)، وٹامن اور معدنی نمکیات بالخصوص زنک، سیلولوز پیٹ بھرنے کا احساس اور آنت کے کینسر سے بچاؤ۔ ایک حصہ 1/2 روٹی، 3/4 پیالی چاول یا دلیے کے برابر۔ 2۔ سبزیوں اور پھلوں کا گروہ: گہرے سبز رنگ کی سبزیاں (وٹامن اے)، ترش سبزیاں ٹماٹر اور لیموں (وٹامن سی)، زرد و نارنجی پھل (وٹامن اے، معدنی نمکیات اور پانی)، رس دار اور ترش پھل مالٹا، کنو، گریپ فروٹ (وٹامن سی)۔ 3۔ گوشت اور انڈوں کا گروہ: روزانہ 2 سے 3 سرونگ (ایک سرونگ ایک درمیانہ سائز کی بوٹی یا ایک انڈے کے برابر)، پروٹین کے زائد حصول کے لیے نباتاتی ذرائع کو ترجیح، دالیں اور پھلیاں ہفتے بھر میں کئی مرتبہ۔ 4۔ دودھ، دہی اور پنیر کا گروہ: کم چکنائی یا بالائی کے بغیر دودھ، روزانہ 2-3 گلاس۔ 5۔ چکنائی اور میٹھی اشیاء کا گروہ: بنولہ، مکئی، سورج مکھی یا زیتون کا تیل استعمال کریں، چکنائی کم سے کم اور میٹھی اشیاء دس فیصد سے زیادہ نہیں۔

  10. Q10 · 6 marks

    سکول جانے والے بچوں اور نوبلوغ افراد کی غذائی ضروریات بیان کریں۔

    Answer

    سکول جانے والے بچے (چھ سے بارہ سال): اس عمر میں بچے جسمانی اور ذہنی طور پر نہایت سرگرم ہوتے ہیں۔ اس دور میں انہیں کھیل کود کے بعد خوب بھوک لگتی ہے۔ ان کی خوراک مقدار اور جدت میں بھرپور ہونی چاہیے۔ بچے عموماً سبزیاں کھانا پسند نہیں کرتے مگر تازہ پھل شوق سے کھاتے ہیں۔ بچوں کی غذائی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے روزمرہ خوراک میں نشاستہ دار غذائیں، پروٹین، معدنی نمکیات اور وٹامن کثیر مقدار میں شامل کرنے چاہئیں۔ بچے سکول میں دوسرے بچوں سے نئی غذائی عادات بھی سیکھتے ہیں اور گھر میں بھی بڑوں سے اثر انداز ہوتے ہیں اس لیے بچوں میں اچھی غذائی عادات پیدا کرنے کے لیے ضروری ہے کہ خوشگوار ماحول میں مقررہ وقت پر بچوں کو کھانا دیا جائے۔ تیز مرچ مصالحوں سے پرہیز کیا جائے اور بنیادی غذائی گروہوں میں سے متوازن غذا کا انتخاب کیا جائے۔ اگر بچہ صبح کا ناشتہ جلدی کے سبب نہ کر سکے تو اس کے ہمراہ کوئی ٹھوس اور غذائیت بخش غذا مثلاً انڈا، مرغی، سبزی کے سینڈوچ اور موسمی پھل دیں تاکہ بھوکے رہنے کی وجہ سے بچے کی پڑھائی متاثر نہ ہو۔ بچوں کو بڑوں کی نسبت پانی کی ضرورت زیادہ ہوتی ہے۔ نوبلوغ افراد (تیرہ سے سترہ سال): لڑکے اور لڑکیوں کے نشوونمائی تقاضوں کے لحاظ سے ان کی پروٹین اور حراروں کی ضروریات بڑھ جاتی ہیں۔ ان کو اعلیٰ حیاتیاتی قدر والی پروٹین دینی چاہیے کیونکہ بافتوں کی تعمیر و مرمت، قد و قامت میں اضافے، ہڈیوں اور عضلات کی نشوونما کے لیے پروٹین اور معدنی نمکیات کثیر مقدار میں درکار ہوتے ہیں۔ اس دور میں ہڈیوں کی نشوونما کے لیے کیلشیم کی زیادہ مقدار درکار ہوتی ہے اس لیے دودھ کا وافر استعمال کرنا چاہیے۔ آئرن کو بھی خوراک میں شامل کرنا ضروری ہے۔ لڑکیوں کو لڑکوں کی نسبت آئرن کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔ لڑکوں کی غذائی عادات لڑکیوں سے قدرے بہتر ہوتی ہیں ان کی خوراک کی یومیہ ضرورت بھی زیادہ ہوتی ہے۔ اس عمر میں یکسانیت سے دل اکتا جاتا ہے اس لیے ان کے کھانوں میں تنوع ہونا چاہیے۔ نوبلوغ افراد کو کھانوں کے درمیانی وقفوں میں چاکلیٹ، ٹافیاں اور دیگر میٹھی چیزیں نہیں کھانی چاہئیں بلکہ کھانے کے بعد کوئی پھل یا مناسب میٹھا پکوان کھایا جائے۔

  11. Q11 · 6 marks

    متوازن غذا کی مثالیں دیں اور بالغ مرد و عورت کا مثالی مینو لکھیں۔

    Answer

    متوازن غذا کا انتخاب کرتے ہوئے دن بھر میں کھائے جانے والے کھانوں کی تعداد اور مقدار کا تعین کر لیں مثلاً صبح کا ناشتہ، دس یا گیارہ بجے کی چائے، دوپہر کا کھانا، سہ پہر کی چائے اور رات کا کھانا وغیرہ۔ خوراک میں کیلوریز کی مقدار کو مدنظر رکھنا ضروری ہے مثلاً ناشتے میں 25 فیصد، دوپہر کے کھانے میں 40 فیصد اور رات کے کھانے میں 35 فیصد کیلوریز شامل ہونی چاہئیں۔ متوازن غذا میں ملی جلی غذائیں اور ذائقہ ضرور شامل ہونے چاہئیں۔ بالغ مرد (2000 حرارے یومیہ، درمیانہ کام کاج کرنے والا): صبح کا ناشتہ: انڈے کا آملیٹ 1، ڈبل روٹی کے سلائس مکھن کے ساتھ 4، چائے 1 کپ۔ گیارہ بجے: موسمی پھل (آڑو یا کیلا) 1 عدد۔ دوپہر کا کھانا: کھیرے، مولی، ٹماٹر کی سلاد 150 گرام، کوفتے کا سالن 100 گرام، چپاتی 3 سے 4 عدد، موسمی پھل 1 عدد۔ شام کی چائے: نمک پارے 100 گرام، چائے 1 کپ۔ رات کا کھانا: چکن پلاؤ 100 گرام، رائتہ 100 گرام، فرنی یا کھیر 150 ملی گرام۔ بالغ عورت (1600 حرارے یومیہ): صبح کا ناشتہ: موسمی پھل 1 عدد، دہی یا چپاتی 150 گرام / ایک چپاتی، چائے 1 کپ۔ گیارہ بجے: موسمی پھل 1 عدد۔ دوپہر کا کھانا: کھیرے، مولی، ٹماٹر کی سلاد 100 گرام، پالک گوشت 100 گرام، چپاتی 2 عدد، پھل 1 عدد۔ شام کی چائے: نمک پارے 100 گرام، چائے 1 کپ۔ رات کا کھانا: شامی کباب 1 عدد، دال مسور 3/4 کپ پکی ہوئی (30 گرام)، ابلے ہوئے چاول 2 کپ پکے ہوئے، کسٹرڈ یا جیلی 150 ملی گرام۔

Test yourself on this chapter

Timed chapter tests, marked the moment you finish.

See the chapter tests

Practise with a free account

Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.

Create free account