Class 9 Islamiyat · Chapter 4
اُسوۂ رسول (خاتم النبیین ﷺ) اور ہماری زندگی: questions and answers
Every short question, long question and MCQ on this chapter's free papers, each with its answer. Try one yourself first, then check.
Short questions with answers
Q1 · 3 marks
نبی کریم ﷺ نے غزوۂ حنین کے موقع پر حضرت شیما سے کیا سلوک فرمایا؟
Answer
حضرت شیما نبی کریم ﷺ کی رضاعی بہن تھیں اور غزوۂ حنین کے قیدیوں میں شامل تھیں۔ انھوں نے اپنا تعارف کروایا تو آپ ﷺ نے بڑی عزت افزائی فرمائی، چادر بچھا کر انھیں احترام سے بٹھایا اور ارشاد فرمایا: مانگو تمھیں دیا جائے گا، قیدیوں کی سفارش کرو، انھیں تمھاری وجہ سے امان دی جائے گی۔ پھر ان کی سفارش پر آپ ﷺ نے تمام قیدیوں کو آزاد کر دیا۔
Q2 · 3 marks
عرب کے مظلوموں کی راحت رسانی کے لیے ہونے والے معاہدے کا نام اور اس کے اہم نکات تحریر کریں۔
Answer
معاہدے کا نام حلف الفضول ہے۔ اس کے اہم نکات یہ ہیں:
(1)ملک سے بدامنی کو دور کریں گے۔
(2)مسافروں اور غریبوں کی حفاظت کریں گے اور ان کی مدد کریں گے۔
(3)کسی ظالم یا غاصب کو مکہ میں نہیں رہنے دیں گے۔ نبی کریم ﷺ اس معاہدے سے بہت خوش تھے اور فرماتے تھے کہ اس کے بدلے سرخ اونٹ بھی ملتا تو اتنی خوشی نہ ہوتی۔
Q3 · 2 marks
نبی کریم ﷺ کی نبوت کی کس نشانی نے حضرت عباس کو اسلام کی طرف ترغیب دلائی؟
Answer
حضرت عباس نے دیکھا کہ آپ ﷺ ایام طفولیت میں گہوارے کے اندر چاند کے ساتھ کھیلا کرتے تھے اور انگلی مبارک سے جس طرف اشارہ فرماتے چاند اسی طرف جھک جاتا تھا۔ آپ ﷺ نے فرمایا: میں اس کے ساتھ باتیں کرتا تھا اور وہ میرے ساتھ باتیں کرتا تھا اور مجھے رونے نہیں دیتا تھا (الخصائص الکبریٰ)۔
Q4 · 1 mark
نبی کریم ﷺ کی ولادت کب ہوئی؟
Answer
حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کی ولادت با سعادت 12 ربیع الاول بروز پیر بمطابق 22 اپریل 571 عیسوی کو ہوئی۔
Q5 · 2 marks
نبی کریم ﷺ کے والدین کا انتقال کب ہوا؟
Answer
آپ ﷺ کے والد ماجد حضرت عبداللہ آپ ﷺ کی پیدائش سے تقریباً دو ماہ پہلے انتقال فرما چکے تھے۔ والدہ ماجدہ سیدہ آمنہ نے پیدائش کے چھ سال بعد وصال فرمایا۔
Q6 · 2 marks
والدہ کے بعد نبی کریم ﷺ کی پرورش کن حضرات نے کی؟
Answer
والدہ کے بعد دادا جان حضرت عبدالمطلب نے آپ ﷺ کی پرورش کی۔ جب آپ ﷺ کی عمر مبارک آٹھ سال ہوئی تو دادا بھی رخصت ہو گئے، اس کے بعد شفیق چچا حضرت ابوطالب نے آپ ﷺ کی پرورش کی۔
Q7 · 2 marks
حضرت حلیمہ سعدیہ کون تھیں؟
Answer
حضرت حلیمہ سعدیہ قبیلہ بنو سعد کی نیک خاتون اور نبی کریم ﷺ کی رضاعی والدہ ہیں۔ اہل عرب کے رواج کے مطابق دیہات میں پرورش کے لیے وہ آپ ﷺ کو اپنے ساتھ لے گئیں اور آپ ﷺ چار سال تک ان کے ساتھ رہے۔
Q8 · 2 marks
نبی کریم ﷺ بکریاں چرانے کے لیے کیسے گئے؟
Answer
حضرت حلیمہ بیان کرتی ہیں کہ آپ ﷺ نے ایک روز پوچھا کہ میرے بہن بھائی روزانہ کہاں چلے جاتے ہیں؟ بتایا گیا کہ بکریاں چرانے جاتے ہیں۔ آپ ﷺ نے ان کے ساتھ جانے کی اجازت مانگی اور اصرار پر اجازت ملی، چنانچہ آپ ﷺ ان کے ساتھ چراگاہ تشریف لے جاتے اور بکریاں چراگاہوں میں لے جا کر ان کی دیکھ بھال کرتے رہے۔
Q9 · 1 mark
حضرت ام ایمن نے نبی کریم ﷺ کی کیا خدمت کی؟
Answer
جب آپ ﷺ حضرت حلیمہ کے گھر سے مکہ واپس آ کر اپنی والدہ کے پاس رہنے لگے تو حضرت ام ایمن آپ ﷺ کی خاطرداری اور خدمت گزاری میں دن رات محبت اور شفقت کے ساتھ مصروف رہیں۔
Q10 · 1 mark
نبی کریم ﷺ کی زبان مبارک سے ادا ہونے والا اول کلام کیا تھا؟
Answer
آپ ﷺ کی زبان مبارک سے ادا ہونے والا سب سے اول کلام اللہ کی حمد و ثنا پر مبنی تھا۔
Q11 · 3 marks
قحط کے موقع پر نبی کریم ﷺ نے کس طرح خدمت خلق فرمائی؟
Answer
ایک دفعہ عرب میں سخت قحط پڑا تو سرداران عرب کعبہ کے متولی حضرت ابوطالب کے پاس آئے، وہ نبی کریم ﷺ کو ساتھ لے کر حرم میں گئے، دیوار کعبہ سے ٹیک لگا کر بٹھایا اور دعا مانگنے میں مشغول ہوئے۔ دعا کے درمیان آپ ﷺ نے اپنی انگلی مبارک آسمان کی طرف اٹھا دی تو ایک دم چاروں طرف سے بادل نمودار ہوئے اور اتنی زور کی بارش ہوئی کہ زمین سیراب ہو گئی، جنگلوں اور میدانوں میں ہر طرف پانی ہی پانی نظر آنے لگا اور قحط ختم ہو گیا۔
Q12 · 2 marks
نبی کریم ﷺ کی عفت و حیا کے بارے میں روایت بیان کریں۔
Answer
نبی کریم ﷺ حیا کے پیکر تھے۔ روایت ہے کہ آپ ﷺ پردہ دار دوشیزہ لڑکی سے بھی زیادہ حیا والے تھے (صحیح بخاری: 3562)۔ پورے عرب میں آپ ﷺ سے زیادہ حیادار کوئی نہ تھا۔
Q13 · 2 marks
قضائے حاجت کے لیے نبی کریم ﷺ کا کیا معمول تھا؟
Answer
اس زمانے میں گھروں میں باقاعدہ طہارت خانوں کا رواج نہ تھا۔ حضرت جابر بن عبداللہ بیان کرتے ہیں کہ آپ ﷺ قضائے حاجت کے لیے آبادی سے بہت دور چلے جاتے، یہاں تک کہ کوئی آپ ﷺ کو دیکھ نہیں سکتا تھا (سنن ابی داؤد: 2)۔
Q14 · 2 marks
سیدنا امیر حمزہ کے ساتھ نبی کریم ﷺ کے تعلق اور حسن سلوک کا ذکر کریں۔
Answer
سیدنا امیر حمزہ آپ ﷺ کے چچا بھی تھے اور رضاعی بھائی بھی۔ اس دوہرے رشتے کی وجہ سے آپ ﷺ ان کے لیے بہت شفقت اور محبت کے جذبات رکھتے اور ان سے ہمیشہ حسن سلوک سے پیش آتے تھے۔ غزوۂ احد میں ان کی شہادت پر بہت غم گین ہوئے اور بعد ازاں کثرت سے ان کی قبر پر جایا کرتے تھے۔
Q15 · 2 marks
اعلان نبوت سے پہلے نبی کریم ﷺ کے دوستوں میں کون سرفہرست ہیں؟
Answer
اعلان نبوت سے پہلے دوستوں میں حضرت ابوبکر صدیق، حضرت حکیم بن حزام اور حضرت ضماد بن ثعلبہ سرفہرست ہیں۔ یہ تمام احباب نہایت ہی با وقار اور اعلیٰ اخلاق کے حامل تھے۔
Q16 · 2 marks
حضرت قیس بن سائب مخزومی نے نبی کریم ﷺ کے تجارتی معاملات کے بارے میں کیا بیان کیا؟
Answer
حضرت قیس بن سائب مخزومی آپ ﷺ کے ساتھ تجارت میں شریک رہے۔ وہ خود بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ کا معاملہ اپنے تجارتی شرکا کے ساتھ ہمیشہ نہایت ہی صاف ستھرا ہتا تھا۔
Q17 · 3 marks
غزوۂ حنین میں نبی کریم ﷺ کی شجاعت و بہادری بیان کریں۔
Answer
غزوۂ حنین میں جب اسلامی لشکر دشمنوں کے نرغے میں آ گیا تو اس وقت بھی نبی کریم ﷺ پریشان نہیں ہوئے اور آپ ﷺ پر گھبراہٹ کے بالکل آثار نہ تھے۔ آپ ﷺ پوری استقامت کے ساتھ دشمن کے مقابلے میں کھڑے یہ فرما رہے تھے: میں نبی ہوں اس میں کوئی جھوٹ نہیں، میں عبدالمطلب کی اولاد ہوں (صحیح بخاری: 4315)۔ حضرت براء بن عازب فرماتے ہیں کہ اس دن آپ ﷺ سے زیادہ مضبوط کوئی نہیں دیکھا گیا (جامع ترمذی: 1688)۔
Q18 · 3 marks
حجر اسود کی تنصیب کے موقع پر نبی کریم ﷺ نے اہل مکہ کو کس حکمت عملی سے فتنہ و فساد سے بچایا؟
Answer
جب قریش مکہ حجر اسود کی تنصیب کے موقع پر دست و گریباں ہونے کے قریب تھے تو آپ ﷺ نے حکمت عملی سے تمام اہل مکہ کو بڑے فتنہ و فساد سے بچا لیا۔ آپ ﷺ نے حجر اسود کو ایک چادر میں رکھ کر ہر قبیلے کے معتبر افراد کو چادر پکڑنے کو کہا۔ جب تمام افراد نے چادر پکڑی تو آپ ﷺ نے حجر اسود کو اٹھا کر اپنی جگہ پر نصب فرما دیا۔
Q19 · 3 marks
نبی کریم ﷺ عبادت کا کس قدر اہتمام فرماتے تھے؟ ایک مثال دیں۔
Answer
نبی کریم ﷺ اعلان نبوت سے پہلے بھی اللہ تعالیٰ کی بے حد عبادت فرمایا کرتے تھے۔ آپ ﷺ کی مبارک زندگی کا ایک ایک لمحہ اللہ تعالیٰ کی عبادت میں گزرتا تھا، ہر وقت اللہ کے ذکر میں مشغول رہتے اور نمازوں کا خاص اہتمام فرماتے۔
مثال: نماز اور کثرت عبادت کی وجہ سے آپ ﷺ کے پاؤں مبارک میں ورم آ جاتے۔ عرض کیا گیا کہ آپ ﷺ تو گناہوں سے پاک ہیں تو آپ ﷺ نے فرمایا: کیا میں شکر گزار بندہ نہ بنوں (جامع ترمذی: 412)۔
Q20 · 3 marks
حضرت عائشہ صدیقہ نے نبی کریم ﷺ کی رات کی عبادت کا کیا معمول بیان فرمایا؟
Answer
حضرت عائشہ صدیقہ فرماتی ہیں کہ رسول اکرم ﷺ رات کے ابتدائی حصے میں سو جاتے تھے، پھر اٹھ کر قیام کرتے، سحری کے قریب وتر پڑھتے، پھر اپنے بستر پر تشریف لاتے۔ پھر جب فجر کی اذان سنتے تو تیزی سے نماز کی تیاری فرماتے۔
Q21 · 3 marks
نبی کریم ﷺ نے عبادت میں میانہ روی کے بارے میں حضرت عبداللہ بن عمرو کو کیا نصیحت کی؟
Answer
حضرت عبداللہ بن عمرو بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے پوچھا: کیا یہ صحیح ہے کہ تم رات بھر عبادت کرتے ہو اور ہر دن روزہ رکھتے ہو؟ میں نے عرض کیا: جی ہاں۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ایسا نہ کرو، عبادت بھی کرو اور آرام بھی، روزے بھی رکھو اور کھاؤ پیو بھی، کیوں کہ تمھارے جسم کا بھی تم پر حق ہے، آنکھوں کا بھی تم پر حق ہے، تم سے ملاقات کے لیے آنے والوں کا بھی تم پر حق ہے، تمھاری بیوی کا بھی تم پر حق ہے (صحیح بخاری: 6134)۔
Q22 · 2 marks
نبی کریم ﷺ غارِ حرا کیوں تشریف لے جاتے تھے؟
Answer
عبادت میں یک سوئی حاصل کرنے کے لیے آپ ﷺ غارِ حرا میں تشریف لے جایا کرتے تھے۔ اسی غار میں عبادت کے دوران حضرت جبریل علیہ السلام تشریف لائے اور آپ ﷺ پر پہلی وحی نازل ہوئی۔
Q23 · 2 marks
تلاوت قرآن اور روزوں کے بارے میں نبی کریم ﷺ کا کیا معمول تھا؟
Answer
قرآن مجید کی تلاوت سے آپ ﷺ کو خاص شغف تھا۔ آپ ﷺ فرض روزوں کے ساتھ ساتھ نفلی روزے بھی رکھتے تھے۔
Q24 · 2 marks
نماز کے بارے میں نبی کریم ﷺ کی محبت کا بیان کریں۔
Answer
نماز تمام عبادات میں سے افضل عبادت ہے۔ نبی کریم ﷺ کو نماز سے اس قدر محبت تھی کہ آپ ﷺ نے نماز کو اپنی آنکھوں کی ٹھنڈک قرار دیا۔ کئی مرتبہ ایسا ہوتا کہ آپ ﷺ نماز میں خشوع و خضوع کی وجہ سے آپ ﷺ کے سینہ مبارک سے آواز آتی تھی۔
Q25 · 2 marks
رمضان المبارک کے آخری عشرے میں نبی کریم ﷺ کا کیا معمول ہوتا تھا؟
Answer
حضرت عائشہ صدیقہ فرماتی ہیں کہ جب رمضان المبارک کا آخری عشرہ آتا تو حضور اکرم ﷺ عبادت کے لیے خود بھی کمر بستہ ہو جاتے اور اپنے گھر والوں کو بھی عبادت کے لیے جگاتے تھے۔
Q26 · 2 marks
دین اسلام میں عبادات میں میانہ روی سے کیا مراد ہے؟
Answer
دین اسلام میں عبادات میں بھی میانہ روی اور اعتدال کا حکم دیا گیا ہے۔ میانہ روی سے مراد یہ ہے کہ انسان اللہ تعالیٰ کی عبادت بھی کرے، اس کے بندوں کے حقوق بھی ادا کرے اور ساتھ ساتھ اپنی صحت اور ضرورتوں کا بھی خیال رکھے۔ انسان اگر زندگی اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے احکام کے مطابق گزارتا ہے تو اس کا ہر لمحہ عبادت شمار ہوگا۔
Q27 · 2 marks
نبی کریم ﷺ کی تعلیمات نے سرزمین عرب میں کیا انقلاب برپا کیا؟
Answer
نبی کریم ﷺ کی تعلیمات نے سرزمین عرب میں روحانی انقلاب برپا کر دیا۔ وہ خطۂ ارض جہاں بتوں کی پرستش ہوا کرتی تھی، وہ اللہ تعالیٰ کی یاد سے معمور ہو گیا اور ان کے خیالات کا رخ اللہ تعالیٰ کی عبادت کی طرف ہو گیا۔
Q28 · 2 marks
ہمیں نبی کریم ﷺ کے ذوق عبادت سے کیا سبق ملتا ہے؟
Answer
ہمیں چاہیے کہ ہم نبی کریم ﷺ کے ذوق عبادت اور خشوع و خضوع سے راہ نمائی حاصل کرتے ہوئے اپنے دلوں کو اللہ تعالیٰ کی یاد سے منور کریں اور اپنی راتوں کو اللہ تعالیٰ کے ذکر سے آباد کریں۔
Q29 · 3 marks
نبی کریم ﷺ کی سخاوت کی ایک مثال تحریر کیجیے۔
Answer
حضرت انس فرماتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ سے جو کچھ مانگا جاتا آپ ﷺ عطا فرما دیتے۔ ایک شخص حاضر ہوا اور سوال کیا تو آپ ﷺ نے اسے صدقے کے مال میں سے اتنی بکریاں دینے کا حکم فرمایا کہ وہ دو پہاڑوں کے درمیان کو بھر دیتیں۔ وہ اپنی قوم کی طرف لوٹا اور کہنے لگا: اے میری قوم اسلام لے آؤ، بے شک محمد ﷺ اس قدر عطا فرماتے ہیں کہ محتاجی کا خوف نہیں رہتا (صحیح مسلم: 6021)۔
Q30 · 2 marks
حضرت علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ کی سخاوت کی ایک مثال بیان کریں۔
Answer
ایک بار سیدہ فاطمہ زہرا اور حضرت علی المرتضیٰ روزے سے تھے۔ افطار کے وقت ایک سائل نے دستک دی کہ وہ بھوکا ہے تو انھوں نے سب کچھ اسے عطا کر دیا اور خود پانی سے روزہ افطار کر کے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔
Q31 · 3 marks
غزوۂ تبوک کے موقع پر صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم نے کس طرح سخاوت کا مظاہرہ فرمایا؟
Answer
غزوۂ تبوک 9 ہجری کے موقع پر نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ آج کوئی ایسا شخص ہے جو لشکر کی تیاری میں میری مدد کرے تو میں اس کو جنت کی بشارت دیتا ہوں۔ حضرت ابوبکر صدیق نے اپنا سب مال و اسباب آپ ﷺ کی بارگاہ میں پیش کر دیا، حضرت عمر فاروق نے گھر کا نصف مال پیش کیا اور حضرت عثمان غنی نے سیکڑوں اونٹ، گھوڑے اور اشرفیاں پیش کر دیں۔
Q32 · 2 marks
سخاوت کا کیا مطلب ہے؟
Answer
سخاوت کا معنی کھلے دل سے خرچ کرنا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے انسان کو جو مال عطا فرمایا ہے، اس میں سے اللہ تعالیٰ کی خوش نودی حاصل کرنے کے لیے اس کے بندوں پر مال خرچ کرنا سخاوت کہلاتا ہے۔
Q33 · 2 marks
ایثار کسے کہتے ہیں؟
Answer
انسان اگر اپنی ضرورت اور حاجت کے باوجود خرچ کرے تو یہ بہترین سخاوت ہے، اسی کو ایثار کہا جاتا ہے۔
Q34 · 2 marks
سخاوت کے مختلف طریقے لکھیں۔
Answer
سخاوت کے مختلف طریقے یہ ہیں: فقر و مساکین کو کھانا کھلانا، یتیموں کی پرورش کرنا، بیواؤں کی مدد کرنا اور عوامی فلاح و بہبود کے مختلف امور انجام دینا۔
Q35 · 2 marks
ایثار کے بارے میں قرآن مجید کی آیت اور اس کا ترجمہ لکھیں۔
Answer
اللہ تعالیٰ نے ایثار کرنے والوں کو کامیاب قرار دیتے ہوئے ارشاد فرمایا: «اور وہ اپنے آپ پر (انھیں) ترجیح دیتے ہیں اگرچہ خود انھیں شدید حاجت ہو» (سورۃ الحشر: 9)۔
Q36 · 2 marks
سخاوت کی اہمیت کے بارے میں نبی کریم ﷺ کا ارشاد بیان کریں۔
Answer
نبی کریم ﷺ نے فرمایا: سخی اللہ سے قریب ہے، جنت سے قریب ہے، لوگوں سے قریب ہے اور جہنم سے دور، اور کنجوس اللہ اور جنت سے دور اور آگ کے قریب ہے (جامع ترمذی: 1961)۔
Q37 · 3 marks
سخاوت کو وسیع مفہوم میں دیکھا جائے تو اس کی کون کون سی اقسام ہیں؟
Answer
مال و دولت کے ساتھ ساتھ علم، صحت، وقت اور دوسری نعمتوں میں بھی انسان سخاوت کر سکتا ہے۔ علمی سخاوت: جو واقف نہیں اسے علم کی بات بتانا۔ وقتی سخاوت: کسی بیمار یا پریشان حال شخص کو وقت دینا جس سے اس کا دل بہل جائے۔ بدنی سخاوت: صحت مند آدمی کا کسی بیمار، بوڑھے اور کم زور شخص کی مدد کرنا۔
Q38 · 3 marks
انصاری میزبان کا واقعہ مختصراً بیان کریں۔
Answer
ایک شخص نے نبی کریم ﷺ سے کہا کہ میں بھوکا ہوں۔ آپ ﷺ نے ازواج کے پاس پیغام بھیجا تو سب نے کہا کہ پانی کے سوا کچھ نہیں۔ آپ ﷺ نے صحابہ سے پوچھا کہ آج رات کون اس شخص کو مہمان بنائے گا؟ ایک انصاری نے کہا: یا رسول اللہ! میں۔ انھوں نے گھر جا کر بیوی سے پوچھا تو بیوی نے کہا کہ صرف بچوں کے لیے کھانا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بچوں کو بہلا کر سلا دو، چراغ جلا کر بجھا دو اور مہمان پر ظاہر کرو کہ ہم بھی کھا رہے ہیں۔ مہمان نے کھانا کھایا اور وہ دونوں بھوکے رہے۔ صبح نبی کریم ﷺ نے فرمایا: تم نے جس طرح رات کو اپنے مہمان کی ضیافت کی اس سے اللہ بہت خوش ہوا (صحیح مسلم: 5359)۔
Q39 · 2 marks
جب نبی کریم ﷺ کے پاس کچھ نہ ہوتا تو سائل کی ضرورت کیسے پوری فرماتے؟
Answer
ایک شخص نے کسی چیز کا سوال کیا تو آپ ﷺ نے فرمایا: اس وقت میرے پاس کوئی شے نہیں، ہاں تم میری ضمانت پر اپنی مطلوبہ اشیا خرید لو، جب ہمارے پاس کچھ آ جائے گا ہم اس کی قیمت ادا کر دیں گے (شمائل ترمذی: 338)۔ ایسا کبھی نہیں ہوا کہ رسول اللہ ﷺ سے کوئی چیز مانگی گئی ہو اور آپ ﷺ نے کبھی انکار کیا ہو (صحیح مسلم: 2311)۔
Q40 · 3 marks
اہل بیت اطہار اور صحابہ کرام کی سخاوت کے بارے میں لکھیں۔
Answer
نبی کریم ﷺ اپنے قول و عمل میں نہ صرف سخاوت کا خود ایک نمونہ تھے بلکہ آپ ﷺ اہل بیت اور صحابہ کرام کو سخاوت اور ایثار کی ترغیب و تلقین بھی فرماتے تھے۔ اہل بیت اطہار سخاوت اور ایثار و قربانی کا پیکر تھے، جیسے سیدہ فاطمہ اور حضرت علی نے روزے کی حالت میں سائل کو سب کچھ دے دیا۔ صحابہ کرام آپ ﷺ کی ترغیب پر دیوانہ وار اپنا مال و اسباب پیش کرتے تھے۔
Q41 · 3 marks
سخاوت کے کون کون سے فوائد ہیں؟
Answer
سخاوت سے جہاں افراد اور معاشرے کی مدد ہوتی ہے وہاں اللہ تعالیٰ کی رضا بھی حاصل ہوتی ہے۔ سخاوت انسانی دل سے مال و دولت کی لامحدود محبت اور لالچ کو ختم کر دیتی ہے جس کے بعد انسان کو اطمینان قلب جیسی نعمت نصیب ہوتی ہے۔ سخاوت سے بلائیں ٹل جاتی ہیں اور ایمان کامل نصیب ہوتا ہے۔
Q42 · 2 marks
نبی کریم ﷺ نے غزوۂ تبوک میں مدد کی ترغیب کیسے دلائی؟
Answer
آپ ﷺ نے فرمایا: آج کوئی ایسا شخص ہے جو لشکر کی تیاری میں میری مدد کرے تو میں اس کو جنت کی بشارت دیتا ہوں۔
Q43 · 2 marks
نبی کریم ﷺ صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم کو کس طرح صلہ رحمی کی تلقین فرماتے تھے؟ حضرت ابوطلحہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے واقعے کی روشنی میں وضاحت کریں۔
Answer
نبی کریم ﷺ صحابہ کرام کو رشتہ داروں کے ساتھ صلہ رحمی کی تلقین کے ساتھ ان کے حقوق ادا کرنے کی تلقین بھی فرماتے تھے۔ حضرت ابوطلحہ رضی اللہ عنہ کو اپنا ایک خوب صورت باغ بہت پسند تھا۔ نبی اکرم ﷺ نے ان سے فرمایا کہ وہ اپنا باغ اپنے غریب رشتہ داروں کو دے دیں۔ چنانچہ انھوں نے وہ باغ اپنے عزیزوں اور اپنے چچا کے لڑکوں میں تقسیم کر دیا۔ (صحیح بخاری: 2769)
Q44 · 2 marks
صلہ رحمی کی کوئی سی دو صورتیں لکھیں۔
Answer
1)رشتہ داروں پر صدقہ و خیرات کرنا، ان پر احسان کرنا اور مالی لحاظ سے تنگ دست و کمزور رشتہ داروں کی مدد کرنا۔
2)دکھ، درد، خوشی اور غمی میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ چلنا، ایک دوسرے کے ہاں آنا جانا اور رابطہ رکھنا۔
Q45 · 2 marks
صلہ رحمی کے دو فوائد اور قطع رحمی کے دو نقصانات تحریر کریں۔
Answer
صلہ رحمی کے فوائد:
1)افراد میں باہمی محبت پیدا ہوتی ہے۔
2)خاندانی نظام استحکام پاتا ہے، معاشرتی امن کو فروغ ملتا ہے اور معاشرہ ترقی کی راہ پر چل پڑتا ہے۔ قطع رحمی کے نقصانات:
1)افراد میں نفرت اور دشمنی پروان چڑھتی ہے۔
2)معاشرہ مختلف مسائل کا شکار ہو جاتا ہے اور خاندانی استحکام تہہ و بالا ہو جاتا ہے۔
Q46 · 2 marks
صلہ رحمی خاندانی نظام کے استحکام کا باعث ہے، اپنے الفاظ میں بیان کریں۔
Answer
صلہ رحمی سے رشتہ داروں کے درمیان باہمی محبت پیدا ہوتی ہے اور وہ دکھ سکھ میں ایک دوسرے کے ساتھی بن جاتے ہیں۔ اس سے اتفاق و اتحاد قائم رہتا ہے، رنجشیں ختم ہوتی ہیں اور خاندان مضبوط بنیادوں پر قائم رہتا ہے۔ اس طرح صلہ رحمی خاندانی نظام کے استحکام کا باعث بنتی ہے۔
Q47 · 2 marks
صلہ رحمی کی تعریف کریں۔
Answer
اپنے قریبی رشتہ داروں کے ساتھ اچھے اور بہتر تعلقات قائم کرنا، آپس میں اتفاق و اتحاد سے رہنا، دکھ، درد، خوشی اور غمی میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ چلنا، رشتوں کو اچھی طرح نبھانا اور ایک دوسرے کے حقوق کا خیال رکھنا صلہ رحمی کہلاتا ہے۔
Q48 · 2 marks
قطع رحمی کسے کہتے ہیں؟
Answer
جب قریبی رشتہ داروں کے حقوق ادا نہ کیے جائیں اور ان کی خبر گیری سے غفلت برتی جائے تو اسے قطع رحمی کہتے ہیں۔
Q49 · 2 marks
حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے پہلی وحی کے بعد نبی کریم ﷺ کی صداقت کی دلیل کے طور پر کیا فرمایا؟
Answer
پہلی وحی کے بعد حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا نے آپ ﷺ کے جن اوصاف کو آپ کی صداقت کی دلیل کے طور پر پیش فرمایا ان میں ایک وصف صلہ رحمی بھی تھا۔ اعلانِ نبوت سے پہلے بھی نبی کریم ﷺ اپنے رشتہ داروں کا خصوصی طور پر خیال رکھتے اور ان کی مدد کرتے تھے۔
Q50 · 2 marks
نبی کریم ﷺ نے اپنے رب کی طرف سے جن نو (9) باتوں کا حکم ملنے کا ذکر فرمایا، ان میں سے چار لکھیں۔
Answer
1)مخفی اور علانیہ ہر حال میں اللہ تعالیٰ سے ڈرنا۔
2)غصے یا خوشی میں ہمیشہ انصاف کی بات کہنا۔
3)جو مجھ سے تعلق توڑے میں اس سے تعلق جوڑوں۔
4)جو مجھے نہ دے میں اسے عطا کروں۔ (اس کے علاوہ: غربت اور امیری میں اعتدال، ظلم کرنے والے کو معاف کرنا، خاموشی فکر پر مبنی ہونا، بولنا ذکرِ الٰہی ہونا اور دیکھنا عبرت کا دیکھنا ہو۔)
Q51 · 2 marks
عمر اور رزق میں برکت کے بارے میں نبی کریم ﷺ کا ارشاد بیان کریں۔
Answer
نبی کریم ﷺ نے صلہ رحمی اختیار کرنے والے شخص کو رزق میں کشادگی اور عمر میں برکت کی ضمانت عطا فرماتے ہوئے ارشاد فرمایا: جو شخص یہ چاہتا ہے کہ اس کے رزق میں کشادگی ہو اور اس کی عمر دراز ہو، اسے چاہیے کہ وہ صلہ رحمی کرے۔ (صحیح مسلم: 6524)
Q52 · 2 marks
حضرت عبداللہ بن ابی اوفیٰ رضی اللہ عنہ کی روایت کردہ قطع تعلقی والا واقعہ مختصراً لکھیں۔
Answer
ایک مرتبہ صحابہ کرام نبی اکرم ﷺ کی خدمت میں حاضر تھے۔ آپ ﷺ نے فرمایا کہ آج کوئی قطع تعلقی کرنے والا ہمارے پاس نہ بیٹھے۔ ایک نوجوان اپنی خالہ کے ساتھ کسی بات پر جھگڑا کر کے آیا تھا، وہ مجلس سے اٹھا، خالہ سے معذرت کی اور پھر واپس آیا۔ تب آپ ﷺ نے فرمایا: بے شک اللہ تعالیٰ کی رحمت اس قوم پر نازل نہیں ہوتی جس میں کوئی قطع تعلقی کرنے والا موجود ہو۔ (شعب الایمان: 7590)
Q53 · 2 marks
چچازاد بھائی کے ساتھ صلہ رحمی کے متعلق نبی کریم ﷺ کا حکم واقعے کی روشنی میں بیان کریں۔
Answer
ایک شخص نے عرض کیا کہ میرا ایک چچازاد بھائی ہے، میں اس کے پاس کوئی چیز مانگنے جاؤں تو وہ کچھ نہیں دیتا اور جب اسے مجھ سے کوئی کام پڑتا ہے تو وہ آ کر کچھ مانگتا ہے۔ میں نے قسم کھائی ہے کہ اسے کچھ نہیں دوں گا۔ نبی کریم ﷺ نے حکم دیا کہ اس کے ساتھ وہ کام کرو جو اچھا ہے یعنی اس سے صلہ رحمی کرو اور قسم کا کفارہ ادا کرو۔ (سنن ابن ماجہ: 2109)
Q54 · 2 marks
اعلانِ نبوت سے پہلے نبی کریم ﷺ اپنے رشتہ داروں کے ساتھ کیسا سلوک فرماتے تھے؟
Answer
اعلانِ نبوت سے پہلے بھی نبی کریم ﷺ اپنے رشتہ داروں کا خصوصی طور پر خیال رکھتے تھے اور ان کی مدد کیا کرتے تھے۔
Q55 · 2 marks
نبی کریم ﷺ کے اخلاقِ حسنہ اور صلہ رحمی کا ایک نمونہ کیا تھا؟
Answer
نبی کریم ﷺ کے اخلاقِ حسنہ اور صلہ رحمی کا ایک نمونہ یہ بھی تھا کہ جو آپ ﷺ سے تعلق توڑنا چاہتا آپ ﷺ اس کے ساتھ تعلقات کو جوڑتے تھے۔ اگر کوئی شخص تعلقات قائم رکھتا ہے تو اس سے تعلق رکھنا مشکل کام نہیں، مشکل یہ ہے کہ جو تعلق توڑے اسے جوڑ کر رکھا جائے۔
Q56 · 2 marks
سیرتِ طیبہ کی روشنی میں ہمیں صلہ رحمی کے بارے میں کیا کوشش کرنی چاہیے؟
Answer
ہمیں بھی صلہ رحمی کو فروغ دینے اور قطع رحمی سے گریز کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، کیونکہ صلہ رحمی سے باہمی محبت پیدا ہوتی ہے اور معاشرتی امن و ترقی حاصل ہوتی ہے۔
Q57 · 2 marks
صلہ رحمی کی مالی اور بدنی صورتیں بیان کریں۔
Answer
مالی صورتیں: رشتہ داروں پر صدقہ و خیرات کرنا، ان پر احسان کرنا، تنگ دست اور کمزور رشتہ داروں کی مدد کرنا۔ بدنی صورتیں: دکھ، درد، خوشی اور غمی میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ چلنا، ایک دوسرے کے ہاں آنا جانا، رابطہ رکھنا اور ان کی خبر گیری کرنا۔
Q58 · 2 marks
حضرت فاطمۃ الزہرا رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی آمد پر نبی کریم ﷺ ان کے ساتھ کس طرح حسنِ سلوک کرتے تھے؟
Answer
حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا جب نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوتیں تو آپ ﷺ انھیں خوش آمدید کہتے ہوئے کھڑے ہو جاتے، ان کا ہاتھ پکڑتے، ان کی پیشانی کو بوسہ دیتے اور انھیں اپنی جگہ پر بٹھاتے۔ (شعب الایمان: 8927)
Q59 · 2 marks
دو بیٹیوں کے ساتھ حسنِ سلوک کرنے والے کے بارے میں نبی کریم ﷺ نے کیا ارشاد فرمایا؟
Answer
نبی کریم ﷺ نے فرمایا: جس نے دو بیٹیوں کی ان کے جوان ہونے تک پرورش کی، وہ اور میں قیامت کے دن اس طرح قریب ہوں گے۔ آپ ﷺ نے اپنی انگلیوں کو ملاتے ہوئے یہ بات فرمائی۔ (صحیح مسلم: 6695)
Q60 · 2 marks
معاشرتی زندگی میں خواتین کے احترام کے حوالے سے ہمیں کون سے اقدامات اٹھانے چاہییں؟
Answer
1)خواتین پر آوازیں نہ کسنا، گھور کر نہ دیکھنا اور ان کا مذاق نہ اڑانا۔
2)ان کے تعلیمی اداروں کے باہر غیر ضروری ٹھیلنے سے اور ان کے راستوں میں بیٹھنے سے اجتناب کرنا۔
3)عوامی مقامات پر شرم و حیا، تہذیب اور اعلیٰ اخلاق کا مظاہرہ کرنا۔
4)ملازمت پیشہ خواتین کا زیادہ احترام کرنا۔
Q61 · 2 marks
خواتین کا معاشرے اور خاندان میں کیا مقام ہے؟
Answer
خواتین خاندان اور معاشرے کا اہم حصہ ہیں۔ خواتین کو حقوق دیے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔
Q62 · 2 marks
اسلام نے خواتین کے ساتھ کیا سلوک کیا؟
Answer
بدقسمتی سے مختلف تہذیبوں اور معاشروں میں خواتین کو بہت سے حقوق سے محروم رکھا گیا اور وہ ظلم و ستم کا نشانہ بنیں۔ اسلام نے خواتین کے حقوق ادا کرنے اور ان کے ساتھ حسنِ سلوک کا حکم دیا۔
Q63 · 2 marks
خواتین کے ساتھ حسنِ سلوک کے بارے میں قرآن مجید کا حکم مع ترجمہ لکھیں۔
Answer
اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں خواتین کے ساتھ حسنِ سلوک کا حکم دیتے ہوئے ارشاد فرمایا: وَعَاشِرُوْهُنَّ بِالْمَعْرُوْفِ (سورۃ النساء: 19)۔ ترجمہ: اور ان کے ساتھ حسنِ سلوک کا برتاؤ کرو۔
Q64 · 2 marks
گھر والوں کے ساتھ اچھے برتاؤ کے بارے میں نبی کریم ﷺ کا ارشاد بیان کریں۔
Answer
سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا: تم میں سے بہترین لوگ وہ ہیں جو اپنے گھر والوں کے ساتھ اچھا برتاؤ کرتے ہیں اور میں تم میں سے اپنے گھر والوں کے ساتھ بہترین برتاؤ کرنے والا ہوں۔ (جامع ترمذی: 3895)
Q65 · 2 marks
بیٹی کی پرورش کو جنت میں داخلے کا سبب کس طرح قرار دیا گیا؟
Answer
نبی کریم ﷺ نے فرمایا: جس کی ایک بیٹی ہو اور وہ اسے زندہ دفن نہ کرے، اس کی تذلیل نہ کرے اور اپنے بیٹے کو اس پر فوقیت نہ دے تو اللہ تعالیٰ اسے اس کے بدلے جنت میں داخل کرے گا۔ (سنن ابی داود: 5146)
Q66 · 2 marks
نبی کریم ﷺ نے حسنِ سلوک کا سب سے زیادہ حق دار کسے قرار دیا اور کیوں؟
Answer
نبی کریم ﷺ نے ماں کو حسنِ سلوک کا سب سے زیادہ حق دار قرار دیا۔ آپ ﷺ نے فرمایا کہ ماں کی خدمت کو لازم پکڑو کیونکہ جنت اس کے قدموں میں ہے۔ (سنن نسائی: 3106)
Q67 · 2 marks
حضرت حلیمہ سعدیہ رضی اللہ عنہا کے ساتھ نبی کریم ﷺ کا سلوک بیان کریں۔
Answer
حضرت حلیمہ سعدیہ رضی اللہ عنہا نبی کریم ﷺ کی رضاعی والدہ تھیں۔ جب وہ آپ ﷺ کے پاس آئیں تو آپ ﷺ نے احترام میں ان کے لیے اپنی چادر بچھائی اور بہت دیر تک ان کے ساتھ گفتگو فرماتے رہے۔
Q68 · 2 marks
اسلام میں مرد اور عورت کے دائرۂ عمل میں کیا فرق ہے؟
Answer
اللہ تعالیٰ نے مردوں اور عورتوں کو ان کی ذمہ داریوں کے مطابق صفات عطا فرمائی ہیں۔ مرد اپنے گھرانے کی کفالت اور معاشی ضروریات کا بوجھ اٹھاتا ہے، جب کہ عورت گھر کو بساتی، آباد کرتی اور اولاد کی تربیت کرتی ہے۔ مرد میدان میں جا کر جہاد کرتا ہے اور عورت اپنے بیٹوں کی اچھی تربیت کر کے انھیں مجاہد بنا سکتی ہے۔
Q69 · 2 marks
خواتین نے نبی کریم ﷺ سے کیا درخواست کی اور آپ ﷺ نے کیا جواب دیا؟
Answer
ایک مرتبہ خواتین نے نبی کریم ﷺ سے عرض کیا کہ مرد آپ ﷺ سے زیادہ سیکھنے کی وجہ سے ہم سے آگے نکل گئے ہیں، آپ ہمارے لیے بھی کوئی دن مقرر فرما دیں۔ آپ ﷺ نے ان سے ایک دن کا وعدہ فرمایا۔ اس دن آپ ﷺ خواتین سے ملاقات فرماتے اور انھیں تعلیم دیتے۔
Q70 · 2 marks
ملازمت پیشہ خواتین کا زیادہ احترام کیوں کرنا چاہیے؟
Answer
ملازمت پیشہ خواتین کا زیادہ احترام اس لیے کرنا چاہیے کیونکہ وہ اپنی ذمہ داریوں سے بڑھ کر کام کر رہی ہوتی ہیں۔ خواتین کے احترام کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا۔
Q71 · 2 marks
عہدِ نبوت میں خواتین کن کاموں میں حصہ لیتی تھیں؟
Answer
اللہ تعالیٰ نے خواتین کا اجر ان کے مزاج کے مطابق مختلف کاموں میں رکھا ہے۔ عہدِ نبوت میں خواتین مختلف شعبوں میں مختلف خدمات انجام دیتی تھیں۔
Q72 · 2 marks
نبی کریم ﷺ مخاطب کے جذبات و احساسات کے ساتھ اس کے مزاج اور نفسیات کا کس طرح خیال رکھتے تھے؟ مثال دے کر واضح کریں۔
Answer
نبی کریم ﷺ مخاطب کے جذبات و احساسات کے ساتھ اس کے مزاج اور نفسیات کا بھی لحاظ فرماتے تھے۔ ایک شخص نے آپ ﷺ سے پوچھا کہ قیامت کب آئے گی؟ آپ ﷺ نے دیکھا کہ وہ شخص قیامت کی فکر میں سوال کر رہا ہے تو جواب دینے کے بجائے خود سوال کیا کہ تُو نے اس دن کے لیے کیا تیاری کر رکھی ہے؟ اس خوش اسلوبی نے سائل کو احتسابِ نفس پر آمادہ کر دیا۔ (صحیح بخاری: 6167)
Q73 · 2 marks
نبی کریم ﷺ اصلاح و تربیت کے لیے کس طرح گفتگو فرماتے تھے؟
Answer
اصلاح و تربیت کے سلسلے میں آپ ﷺ زیادہ لمبے اور طویل وعظ و نصیحت سے گریز فرماتے تھے۔ آپ ﷺ بڑی بڑی باتوں کو مختصر جملوں میں بیان کر دیتے تھے۔ اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کو جوامع الکلم یعنی جامع کلمات کی خصوصی صفت عطا کی تھی۔
Q74 · 2 marks
نبی کریم ﷺ صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم کی کس طرح حوصلہ افزائی فرماتے تھے؟ مثال دے کر واضح کریں۔
Answer
نبی کریم ﷺ ہر بات موقع کی مناسبت سے کرتے تھے۔ اچھے کام پر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی تعریف کرتے اور ان کی حوصلہ افزائی فرماتے۔ ایک بار ایک شخص نبی کریم ﷺ سے ملاقات کے لیے آیا، آپ ﷺ نے اس کی ہتھیلیوں پر نشانات دیکھ کر وجہ پوچھی۔ اس نے کہا کہ یا رسول اللہ! میں ایک مزدور آدمی ہوں اور سخت محنت کی وجہ سے یہ نشانات پڑ گئے ہیں۔ آپ ﷺ نے یہ بات سن کر شفقت فرماتے ہوئے اس کے ہاتھ چوم لیے۔
Q75 · 2 marks
انبیائے کرام علیہم السلام کی سب سے اہم ذمہ داری کیا ہے؟
Answer
انبیائے کرام علیہم السلام کی اہم ترین ذمہ داری انسانوں کے اخلاق اور رویوں کی اصلاح ہے۔ نبی کریم ﷺ نے اللہ تعالیٰ کی طرف سے عائد اس ذمہ داری کو بخوبی پورا فرمایا۔
Q76 · 2 marks
نبی کریم ﷺ کے اندازِ تربیت کا بنیادی اصول بیان کریں۔
Answer
نبی کریم ﷺ کے اندازِ تربیت کا بنیادی اصول یہ تھا کہ آپ ﷺ نے خود عمل کر کے دکھایا، اس کے بعد لوگوں نے اس کام کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لیا۔ آپ ﷺ کے اندازِ تربیت کی نمایاں ترین خصوصیات حکمت اور بصیرت ہیں۔
Q77 · 2 marks
نبی کریم ﷺ کسی کی غلطی پر کیا انداز اختیار فرماتے تھے؟
Answer
آپ ﷺ کسی کی غلطی پر کبھی اس کو سرِ عام نام لے کر ٹوک کر تربیت نہ فرماتے بلکہ نام لیے بغیر عمومی انداز میں نصیحت فرما دیتے۔ اگر فوراً براہِ راست متنبہ کرنے کی ضرورت ہوتی تو انتہائی نرمی اور نہایت محبت کے انداز میں سمجھاتے تاکہ مخاطب حق بات قبول کرنے کے لیے آمادہ ہو جائے۔
Q78 · 2 marks
مسجدِ نبوی میں دیہاتی کے پیشاب کر دینے کا واقعہ بیان کریں۔
Answer
ایک دیہاتی نے مسجدِ نبوی کے ایک گوشے میں پیشاب کر دیا۔ نبی کریم ﷺ نے پانی کا ڈول طلب فرمایا اور مسجد کو پاک کر دیا گیا۔ اس شخص نے بعد میں بتایا کہ میرے ماں باپ آپ ﷺ پر قربان ہوں، آپ ﷺ اٹھ کر میرے پاس آئے، مجھے نہ ڈانٹا اور نہ برا بھلا کہا، بس یہ فرمایا کہ یہ مسجد ایسی جگہ ہے کہ اس میں پیشاب نہیں کیا جاتا، یہ تو اللہ تعالیٰ کے ذکر اور نماز کے لیے تعمیر کی گئی ہے۔ (سنن ابن ماجہ: 529)
Q79 · 2 marks
حضرت انس رضی اللہ عنہ کے بیان سے نبی کریم ﷺ کی لوگوں کے ساتھ شفقت کا کیا اندازہ ہوتا ہے؟
Answer
حضرت انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں دس برس تک حضور ﷺ کی خدمت میں رہا۔ جو کام میں نے جس طرح کر دیا، آپ ﷺ نے یہ نہیں فرمایا کہ یہ کیوں کیا؟ اور اگر کوئی کام نہ کر سکا تو یہ نہیں فرمایا کہ یہ کیوں نہیں کیا؟ (صحیح مسلم: 2309) اس سے آپ ﷺ کی محبت اور شفقت کا اندازہ ہوتا ہے۔
Q80 · 2 marks
جوامع الکلم سے کیا مراد ہے؟
Answer
جوامع الکلم سے مراد جامع کلمات ہیں۔ یہ اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ خصوصی صفت تھی جس کی وجہ سے آپ ﷺ بڑی بڑی باتوں کو مختصر جملوں میں بیان فرما دیتے تھے۔
Q81 · 2 marks
قیامت کب آئے گی کے سوال پر نبی کریم ﷺ نے کیا جواب دیا اور اس سے کیا سبق ملتا ہے؟
Answer
نبی کریم ﷺ نے سائل کے سوال کے جواب میں فرمایا: تُو نے اس دن کے لیے کیا تیاری کر رکھی ہے؟ یعنی اصل مسئلہ یہ نہیں کہ قیامت کب آئے گی بلکہ اصل بات یہ ہے کہ تم نے اس کے لیے کیا تیاری کی ہے۔ اس سے ہمیں احتسابِ نفس اور اپنے اعمال کا جائزہ لینے کا سبق ملتا ہے۔ (صحیح بخاری: 6167)
Q82 · 2 marks
تدریج سے کیا مراد ہے؟ حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ کے واقعے سے مثال دیں۔
Answer
تدریج سے مراد درجہ بدرجہ اور آہستہ آہستہ تربیت کرنا ہے۔ نبی کریم ﷺ نے حضرت معاذ رضی اللہ عنہ کو یمن بھیجتے وقت فرمایا کہ پہلے انھیں توحید اور رسالت کی دعوت دینا۔ جب وہ مان لیں تو بتانا کہ اللہ نے دن رات میں پانچ نمازیں فرض کی ہیں۔ جب اسے بھی تسلیم کر لیں تو بتانا کہ اللہ نے ان پر زکوٰۃ فرض کی ہے جو ان کے مال داروں سے لی جائے گی اور فقراء میں تقسیم کر دی جائے گی۔ (صحیح بخاری: 1395)
Q83 · 2 marks
زیرِ تربیت افراد کی خوبیوں اور خامیوں کے بارے میں نبی کریم ﷺ کا طریقہ کیا تھا؟
Answer
حضور اکرم ﷺ زیرِ تربیت افراد کی خوبیوں اور خامیوں کا اچھی طرح تجزیہ کر کے ایک خامی کو دور کرتے اور ایک خوبی کو پروان چڑھاتے۔ مخاطب کی صلاحیت اور طاقت کے مطابق اسے احکامِ اسلامی کا پابند بناتے۔
Q84 · 2 marks
اگر ہم سیرتِ طیبہ کو اپنے لیے مشعلِ راہ بنا لیں تو اس کا کیا نتیجہ ہوگا؟
Answer
اگر ہم سیرتِ طیبہ کو اپنے لیے مشعلِ راہ بنا لیں تو ان شاء اللہ ایک صالح اور خوش گوار معاشرہ وجود میں آئے گا اور اس کے زیرِ سایہ پوری انسانیت کو امن و سکون کی دولت نصیب ہوگی۔
Long questions with answers
Q1 · 8 marks
نبی کریم ﷺ کی سیرت کی روشنی میں خدمت خلق، عفت و حیا، شجاعت، بہن بھائیوں اور دوستوں کے ساتھ حسن سلوک اور حسن معاملات پر نوٹ لکھیں۔
Answer
خدمت خلق: ایک دفعہ عرب میں سخت قحط پڑا تو حضرت ابوطالب نبی کریم ﷺ کو ساتھ لے کر حرم میں گئے۔ دعا کے دوران آپ ﷺ نے آسمان کی طرف انگلی اٹھائی تو بارش برسی اور قحط ختم ہو گیا۔ آپ ﷺ نے مظلوموں کی راحت رسانی اور قیام امن کے لیے «حلف الفضول» نامی معاہدے میں شرکت فرمائی جس کی شقیں یہ تھیں: ملک سے بدامنی کو دور کریں گے، مسافروں اور غریبوں کی حفاظت اور مدد کریں گے اور کسی ظالم یا غاصب کو مکہ میں نہیں رہنے دیں گے۔ آپ ﷺ فرمایا کرتے تھے کہ اس معاہدے کے بدلے سرخ اونٹ بھی ملتا تو اتنی خوشی نہ ہوتی۔ آپ ﷺ کا معمول تھا کہ کسی کو مدد کی ضرورت ہوتی تو اس کی مدد فرماتے۔ عفت و حیا: آپ ﷺ حیا کے پیکر تھے، پردہ دار دوشیزہ لڑکی سے بھی زیادہ حیا والے تھے (صحیح بخاری: 3562)۔ قضائے حاجت کے لیے آبادی سے بہت دور جاتے تھے (سنن ابی داؤد: 2)۔ بہن بھائیوں اور دوستوں سے حسن سلوک: رضاعی بہن حضرت شیما سے غزوۂ حنین میں چادر بچھا کر احترام سے پیش آئے اور ان کی سفارش پر تمام قیدی آزاد کر دیے۔ چچا اور رضاعی بھائی حضرت حمزہ سے شفقت فرمائی اور ان کی شہادت پر بہت غم گین ہوئے۔ اعلان نبوت سے پہلے دوستوں میں حضرت ابوبکر صدیق، حکیم بن حزام اور ضماد بن ثعلبہ سرفہرست تھے۔ حضرت قیس بن سائب مخزومی کے ساتھ تجارت میں معاملہ نہایت صاف ستھرا رکھا۔ شجاعت و بہادری: غزوۂ حنین میں اسلامی لشکر کے نرغے میں آنے پر بھی آپ ﷺ پریشان نہ ہوئے اور فرماتے رہے: میں نبی ہوں اس میں کوئی جھوٹ نہیں، میں عبدالمطلب کی اولاد ہوں (صحیح بخاری: 4315)۔ حسن معاملات: حجر اسود کی تنصیب کے وقت آپ ﷺ نے چادر میں حجر اسود رکھ کر ہر قبیلے کے معتبر فرد کو چادر پکڑوائی اور خود اسے نصب فرما کر اہل مکہ کو فتنہ و فساد سے بچا لیا۔
Q2 · 5 marks
نبی کریم ﷺ کی ولادت، رضاعت اور بچپن کے واقعات تفصیل سے بیان کریں۔
Answer
ولادت: حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کی ولادت با سعادت 12 ربیع الاول بروز پیر بمطابق 22 اپریل 571 عیسوی کو ہوئی۔ والدین: والد ماجد حضرت عبداللہ آپ ﷺ کی پیدائش سے تقریباً دو ماہ پہلے انتقال فرما چکے تھے۔ والدہ ماجدہ سیدہ آمنہ نے پیدائش کے چھ سال بعد وصال فرمایا۔ پرورش: والدہ کے بعد دادا حضرت عبدالمطلب نے پرورش کی۔ آپ ﷺ کی عمر آٹھ سال ہوئی تو دادا بھی رخصت ہو گئے، پھر شفیق چچا حضرت ابوطالب نے پرورش کی۔ رضاعت: اہل عرب کے رواج کے مطابق دیہات میں پرورش کے لیے قبیلہ بنو سعد کی نیک خاتون حضرت حلیمہ سعدیہ آپ ﷺ کو ساتھ لے گئیں اور چار سال تک آپ ﷺ ان کے ساتھ رہے۔ حضرت حلیمہ آپ ﷺ کی رضاعی والدہ ہیں۔ ایک روز آپ ﷺ نے اپنے رضاعی بہن بھائیوں کو بکریاں چرانے جاتے دیکھ کر اصرار کیا اور ان کے ساتھ چراگاہ جانے کی اجازت لی، پھر روزانہ تشریف لے جاتے اور بکریاں چراگاہوں میں لے جا کر ان کی دیکھ بھال کرتے رہے۔ نشانیِ نبوت: حضرت عباس نے ایام طفولیت میں آپ ﷺ کو گہوارے میں چاند کے ساتھ کھیلتے دیکھا، انگلی مبارک سے جس طرف اشارہ فرماتے چاند اسی طرف جھک جاتا۔ آپ ﷺ نے فرمایا: میں اس کے ساتھ باتیں کرتا تھا اور وہ مجھے رونے نہیں دیتا تھا۔ اس نشانی نے حضرت عباس کو اسلام کی ترغیب دی۔ آپ ﷺ کی زبان مبارک سے ادا ہونے والا اول کلام اللہ کی حمد و ثنا پر مبنی تھا۔ مکہ واپسی: حضرت حلیمہ کے گھر سے مکہ واپس آ کر والدہ کے پاس رہنے لگے تو حضرت ام ایمن دن رات محبت اور شفقت کے ساتھ آپ ﷺ کی خدمت میں مصروف رہیں۔
Q3 · 5 marks
نبی کریم ﷺ کے بہن بھائیوں اور دوستوں کے ساتھ حسن سلوک کو مثالوں سے واضح کریں۔
Answer
رضاعی بہن حضرت شیما: نبی کریم ﷺ کے سگے بہن بھائی نہیں تھے۔ حضرت شیما آپ ﷺ کی رضاعی بہن تھیں جو آپ ﷺ کو گود میں کھلایا کرتیں اور آپ ﷺ کا بہت خیال رکھتیں۔ غزوۂ حنین کے قیدیوں میں وہ بھی شامل تھیں۔ انھوں نے اپنا تعارف کروایا تو آپ ﷺ نے بڑی عزت افزائی فرمائی، چادر بچھا کر انھیں احترام سے بٹھایا اور فرمایا: مانگو تمھیں دیا جائے گا، قیدیوں کی سفارش کرو، انھیں تمھاری وجہ سے امان دی جائے گی۔ پھر ان کی سفارش پر آپ ﷺ نے تمام قیدیوں کو آزاد کر دیا۔
سیدنا امیر حمزہ: وہ آپ ﷺ کے چچا بھی تھے اور رضاعی بھائی بھی۔ اس دوہرے رشتے کی وجہ سے آپ ﷺ ان کے لیے شفقت اور محبت کے جذبات رکھتے اور ان سے ہمیشہ حسن سلوک سے پیش آتے۔ غزوۂ احد میں ان کی شہادت پر آپ ﷺ بہت غم گین ہوئے اور بعد ازاں کثرت سے ان کی قبر پر جایا کرتے تھے۔
دوست احباب: اعلان نبوت سے پہلے آپ ﷺ کے دوستوں میں حضرت ابوبکر صدیق، حضرت حکیم بن حزام اور حضرت ضماد بن ثعلبہ سرفہرست ہیں۔ یہ تمام احباب نہایت ہی با وقار اور اعلیٰ اخلاق کے حامل تھے۔ آپ ﷺ کے اپنے دوستوں سے تجارتی تعلقات بھی تھے۔ حضرت قیس بن سائب مخزومی آپ ﷺ کے ساتھ تجارت میں شریک رہے، وہ خود بیان کرتے ہیں کہ آپ ﷺ کا معاملہ اپنے تجارتی شرکا کے ساتھ ہمیشہ نہایت صاف ستھرا ہوتا تھا۔
نتیجہ: ہمیں بھی اپنے بہن بھائیوں اور دوستوں کے ساتھ شفقت، احترام اور صاف معاملات کا رویہ اپنانا چاہیے۔
Q4 · 5 marks
نبی کریم ﷺ کی خدمت خلق، عفت و حیا اور شجاعت کے واقعات تفصیل سے تحریر کریں۔
Answer
خدمت خلق (قحط): ایک دفعہ عرب میں سخت قحط پڑا تو سرداران عرب کعبہ کے متولی حضرت ابوطالب کے پاس آئے۔ وہ نبی کریم ﷺ کو ساتھ لے کر حرم میں گئے، دیوار کعبہ سے ٹیک لگا کر بٹھایا اور دعا میں مشغول ہوئے۔ دعا کے درمیان آپ ﷺ نے انگلی مبارک آسمان کی طرف اٹھا دی، ایک دم چاروں طرف سے بادل نمودار ہوئے اور اتنی زور کی بارش ہوئی کہ زمین سیراب ہو گئی، جنگلوں اور میدانوں میں ہر طرف پانی ہی پانی نظر آنے لگا اور قحط ختم ہو گیا۔ حلف الفضول: عرب کے مظلوموں کی راحت رسانی اور قیام امن کے لیے آپ ﷺ نے «حلف الفضول» نامی معاہدے میں شرکت فرمائی۔ اس کی شقیں: ملک سے بدامنی کو دور کریں گے، مسافروں اور غریبوں کی حفاظت اور مدد کریں گے، کسی ظالم یا غاصب کو مکہ میں نہیں رہنے دیں گے۔ آپ ﷺ فرماتے کہ اگر اس معاہدے کے بدلے مجھے سرخ اونٹ بھی ملتا تو اتنی خوشی نہ ہوتی۔ آپ ﷺ کا معمول تھا کہ کسی کو مدد کی ضرورت ہوتی تو اس کی مدد فرماتے۔ عفت و حیا: آپ ﷺ حیا کے پیکر تھے، پردہ دار دوشیزہ لڑکی سے بھی زیادہ حیا والے اور پورے عرب میں آپ ﷺ سے زیادہ حیادار کوئی نہ تھا (صحیح بخاری: 3562)۔ قضائے حاجت کے لیے آبادی سے اتنا دور جاتے کہ کوئی آپ ﷺ کو دیکھ نہ سکتا (سنن ابی داؤد: 2)۔ شجاعت و بہادری: آپ ﷺ کی مبارک زندگی شجاعت و بہادری اور حسن معاملہ کی پیکر تھی۔ غزوۂ حنین میں جب اسلامی لشکر دشمنوں کے نرغے میں آ گیا تو آپ ﷺ پریشان نہ ہوئے اور پوری استقامت کے ساتھ فرما رہے تھے: میں نبی ہوں اس میں کوئی جھوٹ نہیں، میں عبدالمطلب کی اولاد ہوں (صحیح بخاری: 4315)۔ حضرت براء بن عازب فرماتے ہیں کہ اس دن آپ ﷺ سے زیادہ مضبوط کوئی نہیں دیکھا گیا (جامع ترمذی: 1688)۔
Q5 · 8 marks
نبی کریم ﷺ کے ذوقِ عبادت اور عبادات میں میانہ روی و اعتدال پر جامع نوٹ لکھیں۔
Answer
ذوقِ عبادت: نبی کریم ﷺ اعلان نبوت سے پہلے بھی اللہ تعالیٰ کی بے حد عبادت فرماتے تھے۔ عبادت میں یک سوئی حاصل کرنے کے لیے غارِ حرا تشریف لے جاتے، اسی غار میں عبادت کے دوران حضرت جبریل علیہ السلام آئے اور آپ ﷺ پر پہلی وحی نازل ہوئی۔ آپ ﷺ کی مبارک زندگی کا ایک ایک لمحہ اللہ تعالیٰ کی عبادت میں گزرتا تھا۔ ہر وقت اللہ کے ذکر میں مشغول رہتے اور نمازوں کا خاص اہتمام فرماتے۔ قرآن مجید کی تلاوت سے خاص شغف تھا اور فرض روزوں کے ساتھ نفلی روزے بھی رکھتے تھے۔
کثرتِ عبادت: نماز اور کثرت عبادت کی وجہ سے آپ ﷺ کے پاؤں مبارک میں ورم آ جاتے۔ عرض کیا گیا کہ آپ ﷺ گناہوں سے پاک ہیں پھر بھی اتنی تکلیف برداشت کرتے ہیں؟ فرمایا: کیا میں شکر گزار بندہ نہ بنوں (جامع ترمذی: 412)۔ نماز تمام عبادات میں افضل عبادت ہے، آپ ﷺ نے نماز کو اپنی آنکھوں کی ٹھنڈک قرار دیا اور نماز میں خشوع و خضوع سے سینہ مبارک سے آواز آتی تھی۔
میانہ روی و اعتدال: دین اسلام میں عبادات میں بھی میانہ روی اور اعتدال کا حکم ہے۔ مراد یہ کہ انسان اللہ کی عبادت بھی کرے، بندوں کے حقوق بھی ادا کرے اور اپنی صحت اور ضرورتوں کا بھی خیال رکھے۔ حضرت عبداللہ بن عمرو رات بھر عبادت کرتے اور ہر دن روزہ رکھتے تھے، نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ایسا نہ کرو، عبادت بھی کرو اور آرام بھی، روزے بھی رکھو اور کھاؤ پیو بھی، کیوں کہ تمھارے جسم کا، آنکھوں کا، ملاقات کے لیے آنے والوں کا اور بیوی کا بھی تم پر حق ہے (صحیح بخاری: 6134)۔ انسان اگر زندگی اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے احکام کے مطابق گزارتا ہے تو اس کا ہر لمحہ عبادت شمار ہوگا۔
نتیجہ: ہمیں چاہیے کہ نبی کریم ﷺ کے ذوق عبادت اور خشوع و خضوع سے راہ نمائی حاصل کرتے ہوئے اپنے دلوں کو اللہ کی یاد سے منور کریں اور اپنی راتوں کو اللہ تعالیٰ کے ذکر سے آباد کریں۔
Q6 · 5 marks
نبی کریم ﷺ کی رات کی عبادت اور رمضان المبارک کے آخری عشرے کا معمول بیان کریں۔
Answer
رات کی عبادت: حضرت عائشہ صدیقہ نے نبی کریم ﷺ کی رات کی عبادت کے بارے میں فرمایا کہ رسول اکرم ﷺ رات کے ابتدائی حصے میں سو جاتے تھے، پھر اٹھ کر قیام کرتے، سحری کے قریب وتر پڑھتے، پھر اپنے بستر پر تشریف لاتے۔ پھر جب فجر کی اذان سنتے تو تیزی سے نماز کی تیاری فرماتے۔
کثرتِ عبادت: نماز اور کثرت عبادت سے آپ ﷺ کے پاؤں مبارک میں ورم آ جاتے مگر آپ ﷺ فرماتے: کیا میں شکر گزار بندہ نہ بنوں (جامع ترمذی: 412)۔
رمضان کا آخری عشرہ: حضرت عائشہ صدیقہ فرماتی ہیں کہ جب رمضان المبارک کا آخری عشرہ آتا تو حضور اکرم ﷺ عبادت کے لیے خود بھی کمر بستہ ہو جاتے اور اپنے گھر والوں کو بھی عبادت کے لیے جگاتے تھے۔
نتیجہ: اس سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ ﷺ عبادت میں اعتدال کے ساتھ ساتھ ذوق و شوق، خشوع و خضوع اور گھر والوں کی تربیت کا بھی اہتمام فرماتے تھے۔
Q7 · 5 marks
عبادات میں میانہ روی و اعتدال کو حضرت عبداللہ بن عمرو کے واقعے کی روشنی میں واضح کریں۔
Answer
میانہ روی کا مفہوم: دین اسلام میں عبادات میں بھی میانہ روی اور اعتدال کا حکم ہے۔ مراد یہ ہے کہ انسان اللہ تعالیٰ کی عبادت بھی کرے، اس کے بندوں کے حقوق بھی ادا کرے اور ساتھ ساتھ اپنی صحت اور ضرورتوں کا بھی خیال رکھے۔ نبی کریم ﷺ نے عبادات میں میانہ روی اور اعتدال اپنانے کا حکم دیا۔ واقعہ: حضرت عبداللہ بن عمرو بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ میرے پاس تشریف لائے اور فرمایا: کیا یہ صحیح ہے کہ تم رات بھر عبادت کرتے ہو اور ہر دن روزہ رکھتے ہو؟ میں نے عرض کیا: جی ہاں۔ نبوی نصیحت: آپ ﷺ نے فرمایا: ایسا نہ کرو، عبادت بھی کرو اور آرام بھی، روزے بھی رکھو اور کھاؤ پیو بھی، کیوں کہ تمھارے جسم کا بھی تم پر حق ہے، آنکھوں کا بھی تم پر حق ہے، تم سے ملاقات کے لیے آنے والوں کا بھی تم پر حق ہے، تمھاری بیوی کا بھی تم پر حق ہے (صحیح بخاری: 6134)۔ عملی سبق: انسان اگر زندگی اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ کے احکام کے مطابق گزارتا ہے تو اس کا ہر لمحہ عبادت شمار ہوگا۔ ہمیں چاہیے کہ عبادت، آرام، خاندانی ذمہ داریوں اور دوسروں کے حقوق میں توازن رکھیں۔
Q8 · 8 marks
سیرتِ طیبہ سے سخاوت کو مثالوں سے واضح کریں۔
Answer
سخاوت کا مفہوم: سخاوت کا معنی کھلے دل سے خرچ کرنا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے انسان کو جو مال عطا فرمایا ہے اس میں سے اللہ تعالیٰ کی خوش نودی حاصل کرنے کے لیے بندوں پر مال خرچ کرنا سخاوت کہلاتا ہے۔ انسان اپنی ضرورت اور حاجت کے باوجود خرچ کرے تو یہ بہترین سخاوت ہے، اسی کو ایثار کہتے ہیں۔
اسوۂ نبوی:
(1)حضرت انس فرماتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ سے جو کچھ مانگا جاتا آپ ﷺ عطا فرما دیتے۔ ایک شخص نے سوال کیا تو آپ ﷺ نے اسے اتنی بکریاں دینے کا حکم دیا کہ دو پہاڑوں کے درمیان کو بھر دیتیں۔ وہ اپنی قوم کے پاس جا کر کہنے لگا: اے میری قوم اسلام لے آؤ، محمد ﷺ اس قدر عطا فرماتے ہیں کہ محتاجی کا خوف نہیں رہتا (صحیح مسلم: 6021)۔
(2)ایک شخص نے سوال کیا تو آپ ﷺ نے فرمایا: اس وقت میرے پاس کوئی شے نہیں، میری ضمانت پر خرید لو، جب ہمارے پاس کچھ آئے گا قیمت ادا کر دیں گے (شمائل ترمذی: 338)۔
(3)کبھی ایسا نہیں ہوا کہ آپ ﷺ سے کوئی چیز مانگی گئی ہو اور آپ ﷺ نے انکار کیا ہو (صحیح مسلم: 2311)۔
انصاری میزبان: ایک بھوکے شخص کے لیے آپ ﷺ نے ازواج کے پاس پیغام بھیجا تو سب کے پاس پانی کے سوا کچھ نہ تھا۔ ایک انصاری نے اسے مہمان بنایا، بچوں کو سلا دیا، چراغ بجھا کر خود بھوکے رہے اور مہمان کو کھانا کھلایا۔ آپ ﷺ نے فرمایا: اس رات کی ضیافت سے اللہ بہت خوش ہوا (صحیح مسلم: 5359)۔
غزوۂ تبوک: نبی کریم ﷺ نے لشکر کی تیاری میں مدد پر جنت کی بشارت دی تو حضرت ابوبکر صدیق نے سب مال، حضرت عمر فاروق نے گھر کا نصف مال اور حضرت عثمان غنی نے سیکڑوں اونٹ، گھوڑے اور اشرفیاں پیش کر دیں۔
اہل بیت: سیدہ فاطمہ زہرا اور حضرت علی المرتضیٰ نے روزے کی حالت میں افطار کے وقت سائل کو سب کچھ دے دیا اور خود پانی سے افطار کیا۔
نتیجہ: ہمیں بھی سخاوت و ایثار کی صفات اپنانی چاہییں کیوں کہ اس سے اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل ہوتی ہے۔
Q9 · 5 marks
سخاوت کا مفہوم، اقسام اور قرآن و حدیث کی روشنی میں اس کی اہمیت بیان کریں۔
Answer
مفہوم: سخاوت کا معنی کھلے دل سے خرچ کرنا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے جو مال عطا فرمایا ہے اس میں سے اس کی خوش نودی کے لیے بندوں پر خرچ کرنا سخاوت ہے۔ اپنی ضرورت و حاجت کے باوجود دوسروں پر خرچ کرنا بہترین سخاوت یعنی ایثار ہے۔ مالی سخاوت کی صورتیں: فقر و مساکین کو کھانا کھلانا، یتیموں کی پرورش کرنا، بیواؤں کی مدد کرنا اور عوامی فلاح و بہبود کے مختلف امور انجام دینا۔ وسیع مفہوم میں اقسام: مال و دولت کے ساتھ ساتھ علم، صحت، وقت اور دوسری نعمتوں میں بھی انسان سخاوت کر سکتا ہے۔ علمی سخاوت: جو واقف نہیں اسے علم کی بات بتانا۔ وقتی سخاوت: بیمار یا پریشان حال شخص کو وقت دینا جس سے اس کا دل بہل جائے۔ بدنی سخاوت: صحت مند آدمی کا کسی بیمار، بوڑھے اور کم زور شخص کی مدد کرنا۔ قرآن مجید: اللہ تعالیٰ نے ایثار کرنے والوں کو کامیاب قرار دیا: «اور وہ اپنے آپ پر (انھیں) ترجیح دیتے ہیں اگرچہ خود انھیں شدید حاجت ہو» (سورۃ الحشر: 9)۔ حدیث: نبی کریم ﷺ نے فرمایا: سخی اللہ سے قریب ہے، جنت سے قریب ہے، لوگوں سے قریب ہے اور کنجوس اللہ اور جنت سے دور اور آگ کے قریب ہے (جامع ترمذی: 1961)۔
Q10 · 5 marks
اہل بیت اطہار اور صحابہ کرام کی سخاوت و ایثار کے واقعات تفصیل سے بیان کریں۔
Answer
نبی کریم ﷺ کی ترغیب: آپ ﷺ اپنے قول و عمل میں نہ صرف سخاوت کا خود نمونہ تھے بلکہ اہل بیت اور صحابہ کرام کو سخاوت اور ایثار کی ترغیب و تلقین بھی فرماتے تھے۔
غزوۂ تبوک (9 ہجری): آپ ﷺ نے فرمایا کہ آج کوئی ایسا شخص ہے جو لشکر کی تیاری میں میری مدد کرے تو میں اس کو جنت کی بشارت دیتا ہوں۔ اس پر حضرت ابوبکر صدیق نے اپنا سب مال و اسباب آپ ﷺ کی بارگاہ میں پیش کر دیا، حضرت عمر فاروق نے گھر کا نصف مال پیش کیا اور حضرت عثمان غنی نے سیکڑوں اونٹ، گھوڑے اور اشرفیاں بارگاہ رسالت میں پیش کر دیں۔
اہل بیت اطہار: وہ سخاوت اور ایثار و قربانی کے پیکر تھے۔ ایک بار سیدہ فاطمہ زہرا اور حضرت علی المرتضیٰ روزے سے تھے، افطار کے وقت سائل نے دستک دی کہ وہ بھوکا ہے تو انھوں نے سب کچھ اسے عطا کر دیا اور خود پانی سے روزہ افطار کر کے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔
انصاری میزبان: ایک انصاری نے بھی اپنے بچوں کو سلا کر خود بھوکے رہ کر مہمان کو کھانا کھلایا، اور نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ اس سے اللہ بہت خوش ہوا (صحیح مسلم: 5359)۔
نتیجہ: ہمیں بھی ان کے اسوہ پر چلتے ہوئے سخاوت اور ایثار کی صفات اپنی عملی زندگی میں اپنانی چاہییں۔
Q11 · 3 marks
معاشرتی زندگی میں سخاوت و ایثار کے فوائد بیان کریں۔
Answer
معاشرتی فائدہ: ہمیں بھی سخاوت و ایثار کی صفات اپنانی چاہییں کیوں کہ سخاوت اور ایثار سے جہاں افراد اور معاشرے کی مدد ہوتی ہے وہاں اللہ تعالیٰ کی رضا بھی حاصل ہوتی ہے۔ لالچ کا خاتمہ: سخاوت انسانی دل سے مال و دولت کی لامحدود محبت اور لالچ کو ختم کر دیتی ہے۔ اطمینانِ قلب: اس کے بعد انسان کو اطمینان قلب جیسی نعمت نصیب ہوتی ہے۔ بلاؤں کا ٹلنا اور ایمان: سخاوت سے بلائیں ٹل جاتی ہیں اور ایمان کامل نصیب ہوتا ہے۔ قرب الٰہی: سخی اللہ، جنت اور لوگوں سے قریب ہوتا ہے (جامع ترمذی: 1961)۔ عملی سبق: ہمیں اپنی عملی زندگی میں سخاوت و ایثار کو شامل کرنا چاہیے تاکہ معاشرہ ترقی کرے۔
Q12 · 5 marks
صلہ رحمی کی اہمیت پر جامع نوٹ لکھیں۔
Answer
اپنے قریبی رشتہ داروں کے ساتھ اچھے اور بہتر تعلقات قائم کرنا اور ان کے حقوق کا خیال رکھنا صلہ رحمی کہلاتا ہے۔ نبی کریم ﷺ کی سیرتِ طیبہ میں صلہ رحمی کی بڑی اہمیت ہے۔ آپ ﷺ نے تعلق توڑنے والوں سے بھی تعلق جوڑا، حضرت ابوطلحہ رضی اللہ عنہ کو باغ غریب رشتہ داروں میں تقسیم کرنے کا فرمایا اور رزق میں کشادگی اور عمر میں درازی کے لیے صلہ رحمی کی ترغیب دی۔ قطع تعلقی کرنے والے کے بارے میں فرمایا کہ جس قوم میں وہ موجود ہو اس پر اللہ کی رحمت نازل نہیں ہوتی۔ حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا نے بھی آپ ﷺ کے اوصاف میں صلہ رحمی کا ذکر فرمایا۔ صلہ رحمی سے افراد میں باہمی محبت پیدا ہوتی ہے، خاندانی نظام کو استحکام ملتا ہے، معاشرتی امن کو فروغ ملتا ہے اور معاشرہ ترقی کی راہ پر چل پڑتا ہے۔ اس کے برعکس قطع رحمی سے نفرت اور دشمنی بڑھتی ہے، معاشرہ مختلف مسائل کا شکار ہو جاتا ہے اور خاندانی استحکام تہہ و بالا ہو جاتا ہے۔ اس لیے ہمیں صلہ رحمی کو فروغ دینا اور قطع رحمی سے بچنا چاہیے۔
Q13 · 5 marks
صلہ رحمی کی تعریف کریں اور اس کی مالی و بدنی صورتیں تفصیل سے بیان کریں۔
Answer
قریبی رشتہ داروں کے ساتھ اچھے اور بہتر تعلقات قائم کرنا، آپس میں اتفاق و اتحاد سے رہنا اور ان کے حقوق کا خیال رکھنا صلہ رحمی ہے۔ مالی صورتیں: رشتہ داروں پر صدقہ و خیرات کرنا، ان پر احسان کرنا، اگر وہ مالی لحاظ سے تنگ دست اور کمزور ہوں تو ان کی مدد کرنا، جیسا کہ حضرت ابوطلحہ رضی اللہ عنہ نے اپنا باغ غریب رشتہ داروں میں تقسیم کیا۔ بدنی صورتیں: دکھ، درد، خوشی اور غمی میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ چلنا، ایک دوسرے کے ہاں آنا جانا، رابطہ رکھنا، رشتوں کو اچھی طرح نبھانا اور ہر لحاظ سے ان کا خیال رکھنا۔ جب قریبی رشتہ داروں کے حقوق ادا نہ کیے جائیں اور ان کی خبر گیری سے غفلت برتی جائے تو اسے قطع رحمی کہتے ہیں۔
Q14 · 5 marks
سیرتِ طیبہ سے صلہ رحمی کی ترغیب اور تلقین کے واقعات بیان کریں۔
Answer
نبی کریم ﷺ نے قولاً اور عملاً صلہ رحمی کی تلقین فرمائی۔
1)حضرت ابوطلحہ رضی اللہ عنہ کو اپنا خوب صورت باغ پسند تھا، آپ ﷺ نے فرمایا کہ وہ اپنے غریب رشتہ داروں کو دے دیں، چنانچہ انھوں نے اپنے عزیزوں اور چچا کے لڑکوں میں تقسیم کر دیا۔ (صحیح بخاری: 2769) 2) آپ ﷺ نے فرمایا کہ مجھے میرے رب نے نو باتوں کا حکم دیا ہے جن میں یہ ہے کہ جو مجھ سے تعلق توڑے میں اس سے جوڑوں، جو مجھے نہ دے اسے عطا کروں اور جو ظلم کرے اسے معاف کر دوں۔ (جامع الاصول: 9317) 3) رزق اور عمر میں برکت کے لیے صلہ رحمی کا حکم دیا۔ (صحیح مسلم: 6524) 4) نوجوان کے واقعے میں فرمایا کہ قطع تعلقی کرنے والوں پر رحمت نازل نہیں ہوتی۔ (شعب الایمان: 7590) 5) چچازاد بھائی والے شخص کو صلہ رحمی کا حکم دیا اور قسم کا کفارہ ادا کرنے کا فرمایا۔ (سنن ابن ماجہ: 2109) 6) حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا نے پہلی وحی کے بعد آپ ﷺ کی صداقت کی دلیل کے طور پر آپ کی صلہ رحمی کا ذکر کیا۔
Q15 · 5 marks
صلہ رحمی کے فوائد اور قطع رحمی کے نقصانات تفصیل سے تحریر کریں۔
Answer
سیرتِ طیبہ سے صلہ رحمی کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے۔ صلہ رحمی کے فوائد:
1)افراد میں باہمی محبت پیدا ہوتی ہے۔
2)خاندانی نظام استحکام پاتا ہے۔
3)معاشرتی امن کو فروغ ملتا ہے۔
4)معاشرہ ترقی کی راہ پر چل پڑتا ہے۔
5)رزق میں کشادگی اور عمر میں برکت حاصل ہوتی ہے۔ قطع رحمی کے نقصانات:
1)افراد میں نفرت اور دشمنی پروان چڑھتی ہے۔
2)معاشرہ مختلف مسائل کا شکار ہو جاتا ہے۔
3)خاندانی استحکام تہہ و بالا ہو جاتا ہے۔
4)اللہ تعالیٰ کی رحمت سے محرومی کا خطرہ ہے۔ اس لیے ہمیں صلہ رحمی کو فروغ دینا اور قطع رحمی سے گریز کرنا چاہیے۔
Q16 · 5 marks
سیرتِ طیبہ کی روشنی میں خواتین کے ساتھ حسنِ سلوک پر جامع نوٹ تحریر کریں۔
Answer
خواتین خاندان اور معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ان کو حقوق دیے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ مختلف تہذیبوں میں خواتین ظلم و ستم کا نشانہ بنیں مگر اسلام نے ان کے حقوق ادا کرنے اور ان سے حسنِ سلوک کا حکم دیا۔ قرآن مجید میں ہے: وَعَاشِرُوْهُنَّ بِالْمَعْرُوْفِ (سورۃ النساء: 19)۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ تم میں سے بہترین لوگ وہ ہیں جو اپنے گھر والوں کے ساتھ اچھا برتاؤ کرتے ہیں۔ (جامع ترمذی: 3895) آپ ﷺ نے دو بیٹیوں کی اچھی پرورش کرنے والے کو اپنی قربت کی خوش خبری دی (صحیح مسلم: 6695) اور بیٹی کی اچھی پرورش کو جنت میں داخلے کا سبب قرار دیا۔ (سنن ابی داود: 5146) آپ ﷺ حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کے احترام میں کھڑے ہو جاتے، پیشانی کو بوسہ دیتے اور اپنی جگہ بٹھاتے۔ (شعب الایمان: 8927) آپ ﷺ نے ماں کو حسنِ سلوک کا سب سے زیادہ حق دار قرار دیا اور فرمایا کہ جنت اس کے قدموں میں ہے۔ (سنن نسائی: 3106) حضرت حلیمہ سعدیہ رضی اللہ عنہا کے لیے آپ ﷺ نے اپنی چادر بچھائی۔ خواتین کے مطالبے پر آپ ﷺ نے ان کی تعلیم کے لیے ایک دن مقرر فرمایا۔ ہمیں بھی خواتین کا احترام کرنا چاہیے، ان پر آوازیں نہ کسیں، گھور کر نہ دیکھیں، ان کا مذاق نہ اڑائیں، ان کے تعلیمی اداروں کے باہر اور راستوں میں بیٹھنے سے بچیں اور عوامی مقامات پر شرم و حیا اور اعلیٰ اخلاق کا مظاہرہ کریں۔
Q17 · 5 marks
اسلام میں خواتین کے مقام اور ان کے حقوق کی وضاحت کریں۔
Answer
خواتین خاندان اور معاشرے کا اہم حصہ ہیں۔ بدقسمتی سے مختلف تہذیبوں اور معاشروں میں انھیں بہت سے حقوق سے محروم رکھا گیا اور ظلم و ستم کا نشانہ بنایا گیا۔ اسلام نے خواتین کے حقوق ادا کرنے اور ان سے حسنِ سلوک کا حکم دیا۔ اللہ تعالیٰ نے مردوں اور عورتوں کو ان کی ذمہ داریوں کے مطابق صفات عطا فرمائیں۔ مرد اپنے گھرانے کی کفالت اور معاشی ضروریات کا بوجھ اٹھاتا ہے، جب کہ عورت گھر کو بساتی، آباد کرتی اور اولاد کی تربیت کرتی ہے۔ مرد میدان میں جا کر جہاد کرتا ہے اور عورت اپنے بیٹوں کی اچھی تربیت کر کے انھیں مجاہد بنا سکتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے خواتین کا اجر ان کے مزاج کے مطابق مختلف کاموں میں رکھا ہے۔ عہدِ نبوت میں خواتین مختلف شعبوں میں خدمات انجام دیتی تھیں اور انھیں تعلیم کا موقع بھی دیا جاتا تھا۔ اس طرح اسلام نے خواتین کو عزت، مقام اور حقوق عطا کیے۔
Q18 · 5 marks
بیٹیوں اور ماں کے ساتھ حسنِ سلوک کے بارے میں نبی کریم ﷺ کے ارشادات بیان کریں۔
Answer
بیٹیوں کے بارے میں:
1)آپ ﷺ نے فرمایا کہ جس نے دو بیٹیوں کی ان کے جوان ہونے تک پرورش کی وہ اور میں قیامت کے دن اس طرح قریب ہوں گے، یہ فرماتے ہوئے آپ ﷺ نے اپنی انگلیوں کو ملایا۔ (صحیح مسلم: 6695) 2) آپ ﷺ نے فرمایا کہ جس کی ایک بیٹی ہو اور وہ اسے زندہ دفن نہ کرے، اس کی تذلیل نہ کرے اور اپنے بیٹے کو اس پر فوقیت نہ دے تو اللہ تعالیٰ اسے اس کے بدلے جنت میں داخل کرے گا۔ (سنن ابی داود: 5146) ماں کے بارے میں: نبی کریم ﷺ نے ماں کو حسنِ سلوک کا سب سے زیادہ حق دار قرار دیا اور فرمایا کہ ماں کی خدمت کو لازم پکڑو کیونکہ جنت اس کے قدموں میں ہے۔ (سنن نسائی: 3106) ان احادیث سے معلوم ہوتا ہے کہ ماں اور بیٹی کا اسلام میں بلند مقام ہے۔
Q19 · 5 marks
نبی کریم ﷺ کے خواتین کے احترام کے واقعات تفصیل سے لکھیں۔
Answer
1)حضرت فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنہا: وہ جب آپ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوتیں تو آپ ﷺ انھیں خوش آمدید کہتے ہوئے کھڑے ہو جاتے، ان کا ہاتھ پکڑتے، پیشانی کو بوسہ دیتے اور اپنی جگہ پر بٹھاتے۔ (شعب الایمان: 8927) 2) حضرت حلیمہ سعدیہ رضی اللہ عنہا: آپ ﷺ کی رضاعی والدہ جب آپ کے پاس آئیں تو آپ ﷺ نے احترام میں اپنی چادر بچھائی اور بہت دیر تک ان کے ساتھ گفتگو فرماتے رہے۔
3)خواتین کی تعلیم: ایک مرتبہ خواتین نے عرض کیا کہ مرد سیکھنے میں ہم سے آگے نکل گئے ہیں، ہمارے لیے بھی کوئی دن مقرر فرما دیں۔ آپ ﷺ نے ایک دن کا وعدہ فرمایا اور اس دن خواتین سے ملاقات فرما کر انھیں تعلیم دی۔
4)آپ ﷺ نے ماں کو حسنِ سلوک کا سب سے زیادہ حق دار قرار دیا۔ ان واقعات سے خواتین کا مقام و مرتبہ قیامت تک کے لیے واضح ہو گیا۔
Q20 · 5 marks
معاشرتی زندگی میں خواتین کے احترام کے لیے ہمیں کیا اقدامات کرنے چاہییں؟ اسلامی تعلیمات کی روشنی میں وضاحت کریں۔
Answer
اسلامی تعلیمات کی روشنی میں ہمیں خواتین کا احترام کرنا چاہیے۔ اس کے لیے:
1)خواتین پر آوازیں نہ کسیں اور گھور کر نہ دیکھیں۔
2)ان کا مذاق نہ اڑائیں۔
3)خواتین کے تعلیمی اداروں کے باہر غیر ضروری ٹھیلنے سے اور ان کے راستوں میں بیٹھنے سے اجتناب کریں۔
4)عوامی مقامات پر شرم و حیا، تہذیب اور اعلیٰ اخلاق کا مظاہرہ کریں۔
5)ملازمت پیشہ خواتین کا زیادہ احترام کریں کیونکہ وہ اپنی ذمہ داریوں سے بڑھ کر کام کر رہی ہوتی ہیں۔
6)ماں، بیٹی، بہن اور بیوی کے ساتھ حسنِ سلوک کریں۔ خواتین کے احترام کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا۔
Q21 · 5 marks
نبی کریم ﷺ کے اندازِ تربیت پر جامع نوٹ تحریر کریں۔
Answer
انبیائے کرام علیہم السلام کی اہم ترین ذمہ داری انسانوں کے اخلاق اور رویوں کی اصلاح ہے اور نبی کریم ﷺ نے اس ذمہ داری کو بخوبی پورا فرمایا۔ آپ ﷺ کے اندازِ تربیت کا بنیادی اصول یہ تھا کہ آپ ﷺ نے خود عمل کر کے دکھایا۔ آپ ﷺ کے اندازِ تربیت کی نمایاں ترین خصوصیات حکمت اور بصیرت ہیں۔ آپ ﷺ مخاطب کی استعداد اور صلاحیت کو سامنے رکھتے، بے محل گفتگو نہ فرماتے اور موقع محل کا لحاظ رکھتے۔ کسی کی غلطی پر سرِ عام نام لے کر نہ ٹوکتے بلکہ عمومی انداز میں نصیحت فرماتے اور ضرورت پڑنے پر نہایت نرمی اور محبت سے سمجھاتے، جیسا کہ دیہاتی کے مسجد میں پیشاب کر دینے کے واقعے میں ہوا۔ (سنن ابن ماجہ: 529) حضرت انس رضی اللہ عنہ نے دس برس خدمت کی مگر آپ ﷺ نے کبھی یہ نہ فرمایا کہ یہ کیوں کیا یا کیوں نہیں کیا۔ (صحیح مسلم: 2309) آپ ﷺ لمبے وعظ سے گریز کرتے اور جوامع الکلم کے ذریعے مختصر جملوں میں بڑی بات کہہ دیتے۔ مخاطب کے جذبات کا لحاظ رکھتے، جیسے قیامت کے سوال پر آپ ﷺ نے سائل سے پوچھا کہ تم نے کیا تیاری کی ہے؟ (صحیح بخاری: 6167) آپ ﷺ صحابہ کی تعریف اور حوصلہ افزائی فرماتے اور مزدور کا ہاتھ چوم لیتے۔ آپ ﷺ ہر کام میں تدریج کا اہتمام فرماتے، جیسے حضرت معاذ رضی اللہ عنہ کو یمن بھیجتے وقت پہلے توحید و رسالت، پھر نماز، پھر زکوٰۃ کی دعوت کا حکم دیا۔ (صحیح بخاری: 1395) اگر ہم سیرتِ طیبہ کو مشعلِ راہ بنا لیں تو ایک صالح اور خوش گوار معاشرہ وجود میں آئے گا۔
Q22 · 5 marks
نبی کریم ﷺ کا مخاطب کے جذبات و احساسات اور مزاج کا لحاظ رکھنا مثالوں کی روشنی میں بیان کریں۔
Answer
حضور ﷺ مخاطب کے جذبات، احساسات اور نفسیات کا بھی لحاظ فرماتے تھے۔
1)ایک مرتبہ ایک شخص نے پوچھا کہ قیامت کب آئے گی؟ یہ ایک معمولی سا سوال تھا جس کا آپ کوئی بھی جواب دے کر بات ختم کر سکتے تھے، مگر آپ ﷺ نے دیکھا کہ وہ شخص قیامت کی فکر میں سوال کر رہا ہے، چنانچہ جواب دینے کے بجائے خود سوال کیا کہ تُو نے اس دن کے لیے کیا تیاری کر رکھی ہے؟ اس خوش اسلوبی نے سائل کو احتسابِ نفس اور اعمال کا جائزہ لینے پر آمادہ کر دیا۔ (صحیح بخاری: 6167) 2) دیہاتی نے مسجد میں پیشاب کر دیا تو آپ ﷺ نے اسے ڈانٹا نہیں بلکہ نرمی سے سمجھایا کہ مسجد ذکر اور نماز کے لیے ہے۔ (سنن ابن ماجہ: 529) 3) ایک مزدور کی ہتھیلیوں پر محنت کے نشانات دیکھ کر آپ ﷺ نے شفقت سے اس کے ہاتھ چوم لیے۔ ایسے اقدامات سے مخاطب کے دل میں محبت کے جذبات پیدا ہوتے ہیں اور وہ بات قبول کرنے پر آمادہ ہوتا ہے۔
Q23 · 5 marks
نبی کریم ﷺ کے اندازِ تربیت میں تدریج اور حوصلہ افزائی کی اہمیت واقعات کی روشنی میں بیان کریں۔
Answer
حضور اکرم ﷺ ہر کام اور ہر معاملے میں تدریج کا اہتمام فرماتے تھے۔ زیرِ تربیت افراد کی خوبیوں اور خامیوں کا اچھی طرح تجزیہ کر کے ایک خامی کو دور کرتے اور ایک خوبی کو پروان چڑھاتے اور مخاطب کی صلاحیت اور طاقت کے مطابق اسے احکامِ اسلامی کا پابند بناتے۔ اسی لیے حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ کو یمن روانہ کرتے وقت فرمایا کہ تم اہلِ کتاب کے پاس جا رہے ہو، پہلے انھیں توحید اور رسالت کی دعوت دینا۔ جب وہ مان لیں تو بتانا کہ اللہ نے دن رات میں پانچ نمازیں فرض کی ہیں۔ جب اسے بھی تسلیم کر لیں تو بتانا کہ اللہ نے ان پر زکوٰۃ فرض کی ہے جو مال داروں سے لی جائے گی اور فقراء میں تقسیم کر دی جائے گی۔ (صحیح بخاری: 1395) حوصلہ افزائی کے طور پر آپ ﷺ اچھے کام پر صحابہ کرام کی تعریف کرتے اور موقع کی مناسبت سے بات کرتے۔ مزدور صحابی کی ہتھیلیوں پر محنت کے نشانات دیکھ کر آپ ﷺ نے شفقت سے اس کا ہاتھ چوم لیا۔ اس سے مخاطب کے دل میں محبت پیدا ہوتی ہے اور وہ بات قبول کرنے کے لیے تیار ہو جاتا ہے۔
Q24 · 5 marks
نبی کریم ﷺ کے اندازِ تربیت میں والدین، اساتذہ اور علماء کے لیے کیا رہنما اصول ہیں؟ وضاحت کریں۔
Answer
سبق کے آخر میں بتایا گیا ہے کہ رسول اللہ ﷺ کے اندازِ تربیت میں والدین، اساتذہ کرام اور علماء کرام کے لیے راہ نما اصول موجود ہیں جن کو مشعلِ راہ بنا کر وہ نئی نسل کی بہترین تربیت کر سکتے ہیں اور انھیں معاشرے کا ایک کام یاب فرد بنا سکتے ہیں۔ ان اصولوں میں یہ شامل ہیں:
1)پہلے خود عمل کر کے دکھانا۔
2)مخاطب کی استعداد، صلاحیت اور مزاج کا لحاظ رکھنا۔
3)غلطی پر سرِ عام نام لے کر نہ ٹوکنا بلکہ عمومی انداز میں نصیحت کرنا۔
4)ضرورت پر نرمی اور محبت سے سمجھانا۔
5)لمبے وعظ سے گریز کرنا اور مختصر بات کہنا۔
6)اچھے کام پر تعریف اور حوصلہ افزائی کرنا۔
7)تدریج کا اہتمام کرنا اور درجہ بدرجہ تربیت کرنا۔ اگر ہم سیرتِ طیبہ کو اپنے لیے مشعلِ راہ بنا لیں تو ایک صالح اور خوش گوار معاشرہ وجود میں آئے گا۔
Test yourself on this chapter
Timed chapter tests, marked the moment you finish.
Practise with a free account
Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.