long

Long questions

7 questions · 30 min · 17 marks

Want to try first? Take the free Urdu test: معروضی سوالات

Sample questions with answers

The first 5 of 7, each with a model answer. Try writing yours first.

  1. Question 1 · 5 marks

    پروین فنا سید کا تعارف لکھیں۔

    Show model answer

    پروین فنا سید (۱۹۳۶ء۔۲۰۱۰ء): پروین فنا سید کا اصل نام پروین سید ہے۔ شاعری کا آغاز کیا تو «فنا» تخلص پسند کیا اور یوں پروین فنا سید کے نام سے معروف ہوئیں۔ جائے ولادت لاہور ہے۔ ان کے والد گرامی سید ناصر حسین رضوی محکمہ جیل خانہ جات میں سپرنٹنڈنٹ جیل تھے اور والدہ کا نام سید النساء افتخار تھا جو امور خانہ داری کی بڑی ماہر خاتون تھیں۔ قیام پاکستان کے وقت آپ گورداسپور (مشرقی پنجاب، انڈیا) میں مقیم تھیں جہاں کے ہندو مسلم فسادات نے آپ کے ذہن کو بہت متاثر کیا جس کے اثرات بعد ازاں آپ کی شاعری میں بھی در آئے۔ آپ نے گوجرانوالہ سے اعلیٰ نمبروں میں میٹرک پاس کیا اور لاہور آ کر لاہور کالج برائے خواتین میں پری میڈیکل میں داخلہ لے لیا۔ ان کی لیڈی ڈاکٹر بننے کی خواہش تھی لیکن انھی دنوں شدید علالت کے باعث وہ اپنے خواب کو شرمندۂ تعبیر نہ کر سکیں کیوں کہ ڈاکٹروں نے انھیں کافی عرصہ تک دماغی کاموں سے دور رہنے کا مشورہ دیا تھا۔ بہر حال اس کیفیت میں بھی انھوں نے ہمت نہ ہاری اور ایک سال بعد انٹر میڈیٹ کا امتحان بڑے اچھے نمبروں میں پرائیویٹ طور پر پاس کر لیا۔ بعد ازاں آپ سید احمد کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو گئیں۔ شادی کے وقت آپ کے رفیق حیات پاک فوج میں آفیسر تھے۔ شادی کے بعد آپ نے لاہور کالج برائے خواتین لاہور سے گریجویشن کی اور امور خانہ داری میں ایسی مصروف ہوئیں کہ مزید تعلیم حاصل کرنے کا خیال ترک کر دیا۔ پروین فنا سید کو فن مصوری اور موسیقی میں گہری دلچسپی تھی۔ ان کے فن کا تعارف پہلی بار اس وقت ہوا جب ۱۹۸۵ء میں ریڈیو پاکستان راول پنڈی سے پہلی مرتبہ ان کا کلام نشر ہوا۔ پروین فنا سید اپنی ابتدائی دور کی شاعری میں ادا جعفری (۱۹۲۴ء۔۲۰۱۵ء) سے متاثر تھیں اور انھی کے رنگ میں شاعری کرتی تھیں۔ بعد میں فیض احمد فیض سے کسب فیض کیا اور شاعری میں اصلاح لی تو اپنا رنگ شاعری اختیار کیا جو تا دم واپسیں جاری رہا۔ پروین فنا سید کی معاصر شاعرات میں کشور ناہید، شبنم شکیل، فہمیدہ ریاض اور پروین شاکر وغیرہ شامل ہیں مگر ان سب شاعرات کی موجودگی میں ان کی الگ تھلگ شناخت ہے۔ ان کی تصانیف میں: «حرف وفا، تمنا کا دوسرا قدم، یقین، لہو سرخ اور حیرت» شامل ہیں اور ان کی کلیات بھی شائع ہو چکی ہے۔

  2. Question 2 · 2 marks

    کاش طوفاں میں سفینے کو اتارا ہوتا ڈوب جاتا بھی تو موجوں نے ابھارا ہوتا

    Show model answer

    غزل: کاش طوفاں میں سفینے کو اتارا ہوتا — شاعرہ: پروین فنا سید پروین فنا سید اس شعر میں زندگی کی مشکلوں کا ذکر کرتے ہوئے کہہ رہی ہیں کہ اے کاش! میں نے اپنی ناؤ کو طوفان میں اتارا ہوتا۔ میں اسے طوفان سے بچا بچا کر رکھتی رہی۔ اگر میں بروقت ہی اپنی کشتی کو طوفان کی نذر کر دیتی اور میری ناؤ ڈوب بھی جاتی تو سمندر کی تند اور بڑی موجیں اسے اٹھا کر سمندر سے باہر پھینک دیتیں اور یوں وہ ڈوب بھی جاتی تو سمندر کی لہریں اسے بچا لیتیں۔ دراصل شاعرہ کہہ رہی ہیں کہ جہاں زندگی ہے وہاں مشکلیں بھی ہیں اور آزمائشیں بھی۔ یہ امتحان انسان کو مضبوط بناتے ہیں۔ مشکلوں سے گھبرانا نہیں چاہیے بلکہ ان کا مردانہ وار مقابلہ کرنا چاہیے۔ مشکلوں سے لڑ کر ہی انسان کو منزل ملتی ہے۔

  3. Question 3 · 2 marks

    ہم تو ساحل کا تصور بھی مٹا سکتے تھے لب ساحل سے جو ہلکا سا اشارا ہوتا

    Show model answer

    غزل: کاش طوفاں میں سفینے کو اتارا ہوتا — شاعرہ: پروین فنا سید اس شعر میں شاعرہ کہتی ہے کہ اے میرے محبوب! اگر تم میرے انتظار میں ساحل پر کھڑے ہوتے اور میری طرف تم نے الفت کا ہاتھ بڑھایا ہوتا تو میں سمندر کی تند و تیز موجوں کی پروا کیے بغیر تم تک آ جاتی۔ تمھارے خلوص اور وفا کے سامنے سمندر اور ساحل کا فرق مٹ جاتا۔ لیکن افسوس کہ میری ڈوبتی ناؤ کو بچانے کے لیے تم نے کوئی کوشش تو دور کی بات ایک اشارہ تک نہ کیا۔ کہاوت ہے کہ ڈوبنے والے کو تنکے کا سہارا بھی بہت ہوتا ہے مگر من پسند آدمی کا ساتھ مایوس انسان کی زندگی میں امید کے دیے روشن کر دیتا ہے۔ جب کوئی کشتی سمندر کی بپھری ہوئی موجوں سے نکل کر ساحل پر آتی ہے تو اسے سکون مل جاتا ہے۔ اس طرح اگر میرا محبوب مجھے اشارہ بھی کرتا تو میں اس پر اپنی جان قربان کر دیتی۔

  4. Question 4 · 2 marks

    تم ہی واقف نہ تھے آداب جفا سے ورنہ ہم نے ہر ظلم کو ہنس ہنس کے سہارا ہوتا

    Show model answer

    غزل: کاش طوفاں میں سفینے کو اتارا ہوتا — شاعرہ: پروین فنا سید اس شعر میں شاعرہ محبوب سے شکوہ کرتے ہوئے کہتی ہے کہ وفا تو تم کیا ہی نبھاتے تمھیں تو جفا کے طریقے بھی نہ آئے۔ محبت و وفا کی طرح جفا و ستم کے بھی آداب ہوتے ہیں مگر افسوس کہ تم نے وہ بھی نہ سیکھے۔ نہ تو تمھیں وفا کرنی آتی ہے اور نہ ہی جفا اور نہ میں تمھارا ہر ظلم و ستم ہنس کر برداشت کر لیتی۔ شاعرہ شکوہ کناں ہے کہ میری تقدیر کیسی خراب ہے کہ میرے محبوب کو نہ وفا آتی ہے اور نہ ہی جفا۔ محبت تو نام ہی سر تسلیم خم کرنے کا ہے۔

  5. Question 5 · 2 marks

    غم تو خیر اپنا مقدر ہے، سو اس کا کیا ذکر زہر بھی ہم کو بہ صد شوق گوارا ہوتا

    Show model answer

    غزل: کاش طوفاں میں سفینے کو اتارا ہوتا — شاعرہ: پروین فنا سید پروین فنا سید اس شعر میں اپنے آپ سے مخاطب ہو کر کہتی ہیں کہ خوشیوں کو تو پتا نہیں لیکن غم تو میرے اپنے ہیں۔ زندگی کے رنج و الم اور دکھ درد جیسے میرا مقدر ہی بن گئے ہیں۔ ویسے بھی سب کہتے ہیں کہ یہ دنیا دکھوں کا گھر ہے۔ ہر شخص کسی نہ کسی دکھ میں مبتلا ہے۔ جب تک زندگی ہے غموں سے چھٹکارا ممکن نہیں۔ میں بھی اپنے ان دکھوں کا رونا نہیں روتی۔ اگر مجھے میرے محبوب کو حاصل کرنے کے لیے غموں کے ساتھ زہر بھی پینا پڑتا تو میں خوشی سے پی جاتی۔ غم تو تقدیر میں لکھے ہی ہیں لہٰذا اس کا کیا رونا دھونا۔ اپنی محبت تو وہ ہے کہ انسان محبوب کے ہاتھوں سے زہر کو بھی آب حیات سمجھ کر پی لے۔

More tests in کاش طوفاں میں سفینے کو اتارا ہوتا

Practise with a free account

Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.

Create free account