Class 9 Urdu · Chapter 16 · Test 3
long
8 questions · 30 min · 19 marks
Want to try first? Take the free Urdu test: معروضی سوالات
Sample questions with answers
The first 5 of 8, each with a model answer. Try writing yours first.
Question 1 · 5 marks
میر تقی میر کا تعارف لکھیں۔
Show model answerHide model answer
میر تقی میر (۱۷۲۳ء۔۱۸۱۰ء): اصل نام میر محمد تقی تھا اور میر تخلص کرتے تھے۔ جائے ولادت اکبر آباد (آگرہ، انڈیا) ہے۔ والد گرامی کا نام میر علی متقی تھا جو ایک درویش منش، عاشق صالح اور شب بیدار صوفی تھے۔ اگرچہ والد کا سایہ اس وقت ہی سر سے اٹھ گیا تھا جب میر کی عمر فقط گیارہ سال تھی مگر ان کی باتیں عمر بھر دل پر نقش رہیں۔ میر اپنی خودنوشت «ذکر میر» میں ایک جگہ لکھتے ہیں کہ ایک دن انھوں نے مجھ سے مخاطب ہو کر فرمایا: «اے بیٹے! عشق اختیار کر کیوں کہ بے عشق زندگی وبال ہے۔ کائنات کی سب چیزیں عشق میں گرداں ہیں۔ دنیا میں جو کچھ ہے، عشق کا مظہر ہے۔ دنیا ایک ہنگامے سے کچھ زیادہ نہیں۔ کسی ایسے کا عاشق بن، جس کا یہ دنیا آئینہ ہے۔» چناں چہ میر کی ساری عمر عشق سے عبارت ہے اور عشق میں درد و غم اور ہجر و فراق سے واسطہ پڑنا ایک لازمی امر ہے۔ والد کے انتقال کے ساتھ ہی میر کی پریشانیوں کا آغاز ہو گیا۔ تلاش معاش کی فکر انھیں آگرے سے دلی لے آئی۔ پہلے ایک نواب کے ہاں ملازم ہوئے، پھر اپنے ماموں سراج الدین علی خان آرزو کے زیر دست رہے اور ان کی بدسلوکی کی وجہ سے دل برداشت ہو گئے۔ یہ وہ زمانہ ہے جب نادر شاہ، احمد شاہ ابدالی، مرہٹوں اور سکھوں کے تابڑ توڑ حملوں نے دلی کو تہ و بالا کر کے رکھ دیا تھا اور لوگ ترک سکونت اور ہجرت کرنے پر مجبور ہو گئے تھے۔ چناں چہ میر تقی میر بھی عاجز آ کر ساٹھ سال کی عمر میں لکھنؤ چلے گئے اور زندگی کے باقی ایام وہیں گزار کر عازم ملک عدم ہوئے۔ چناں چہ ان حالات کے زیر اثر میر کا کلام بھی درد و سوز سے لبریز ہے۔ میر کو غزل کا بادشاہ کہا جاتا ہے اور غزل کی شناخت ان سے ہے۔ انھوں نے غزل میں سادہ بیانی کو شعار بنایا اور اس میں وہ تاثر پیدا کیا کہ اردو کے عظیم شاعروں ذوق، غالب، حسرت، مجروح اور اکبر الٰہ آبادی جیسے نام ور شاعروں نے ان کی عظمت کو سلام اور انھیں اپنا استاد تسلیم کیا۔ میر کی زبان شستہ، سادہ اور پاکیزہ تھی۔ ان کے بیان میں عاشقانہ مضامین اور سوز و گداز کی بہتات ہے۔ تصوف کے مضامین بھی موجود ہیں جو ان کے عہد کی سیاسی و معاشرتی حالات کی عکاسی کرتے ہیں۔ شامل کتاب غزل ان میں سے ایک ہے۔
Question 2 · 2 marks
فقیرانہ آئے صدا کر چلے میاں خوش رہو ہم دعا کر چلے
Show model answerHide model answer
غزل: فقیرانہ آئے، صدا کر چلے — شاعر: میر تقی میر میر تقی میر کی شاعری میں سوز و گداز اور درد کی بہتات ہے۔ ان کی شاعری میں ان کے عہد کی سیاسی اور معاشرتی حالات کی عکاسی ملتی ہے۔ تصوف کا رنگ بھی جھلکتا ہے۔ اس شعر میں میر کہتے ہیں کہ ہم اس دنیا میں فقیروں کی طرح آئے۔ تیرے در پر آ کر صدا لگائی۔ کیا کسی نے یہاں سے جھولی میں کچھ ڈال دیا؟ نہیں! تو ہم نے سب کو دعا دی۔ فقیر کا کام ہی سب کو دعا دینا ہوتا ہے۔ میر کہتے ہیں کہ کسی نے ہماری حاجت پوری کی اور کسی نے نہیں کی۔ کسی قدر دان نے احسان سلوک کیا اور کسی نے دھتکار دیا مگر ہم نے بد دعا نہیں دی کیوں کہ فقیرانہ مزاج کے لوگ ہر لالچ سے بے نیاز ہوتے ہیں۔ میر اپنے بارے میں کہتے ہیں کہ میں دنیاوی ہر لالچ جس میں عہدہ اور مقام و مرتبہ وغیرہ ہو کسی چیز کی طلب نہیں رکھتا۔ میں نے محتاجی اور فاقہ مستی میں بھی صبر سے کام لیا۔ میں نے اپنے رب کی خوش نودی کے لیے ہر ایک کو دعائیں دی کہ مجھے اللہ کا قرب حاصل ہو سکے۔
Question 3 · 2 marks
جو تجھ بن نہ جینے کو کہتے تھے ہم سو اس عہد کو اب وفا کر چلے
Show model answerHide model answer
غزل: فقیرانہ آئے، صدا کر چلے — شاعر: میر تقی میر اس شعر میں میر تقی میر اپنے محبوب سے وفاداری کا اظہار کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ اے میرے محبوب! میں نے تم سے محبت کی تھی اور تمھارے وصل کی خواہش میرے سینے میں موجزن تھی۔ میں نے عہد کیا تھا کہ ہمیشہ تمھارے ساتھ جیوں گا اور تمھارے بغیر زندہ نہیں رہوں گا۔ میری شدید محبت کے باوجود تم نے بے وفائی کر کے مجھ سے تعلق توڑ دیا۔ ہم نے تمھارے وصل کی بہت سی کوششیں کیں مگر تمھارا وصل حاصل نہ ہو سکا۔ میں نے تو تم ہی کو چاہا تھا اور کہا تھا کہ تمھارے بغیر میں زندہ نہیں رہوں گا۔ تم نے میرے اس جذبے کو سراہنے کی پروا تک نہ کی۔ اب تمھارے بغیر میری زندگی بے رونق اور اداس ہے۔ میں تمھارے بغیر جی بھی نہیں سکتا اس لیے میں اس دنیا سے جا رہا ہوں کہ اب میرے زندہ رہنے کا کوئی جواز نہیں۔ میں اپنے عہد کو پورا کر کے اپنی وفا کا ثبوت چھوڑے جا رہا ہوں۔
Question 4 · 2 marks
شفا اپنی تقدیر ہی میں نہ تھی کہ مقدور تک تو دوا کر چلے
Show model answerHide model answer
غزل: فقیرانہ آئے، صدا کر چلے — شاعر: میر تقی میر اس شعر میں میر اپنی بیماری کا ذکر کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ مریض عشق ہوں میرا کسی چیز میں جی نہیں لگتا۔ نہ کچھ کھانے کو جی کرتا ہے اور نہ کچھ پینے کو۔ نہ کہیں جانا اچھا لگتا ہے اور نہ کسی سے ملنا۔ بس ہر وقت محبوب کے تصور میں کھویا سا رہتا ہوں۔ میرے دوستوں نے میرے علاج کے لیے بہتیرے ہاتھ پاؤں مارے مگر کچھ افاقہ نہ ہوا۔ میں نے خود بھی اپنے اس مرض سے چھٹکارا پانے کے لیے بہت سی کوششیں کیں مگر لگتا ہے شفا ہمارے نصیب میں ہی نہیں۔ میں نے تمھارے عشق میں کیا کچھ نہیں کیا مگر جواب میں تمھاری محبت نہ ملی۔ میں نے حتی الامکان اس مرض کے علاج کے لیے ہر طور لاکھوں جتن کیے مگر اب تو ایسا نظر آتا ہے کہ میرے مقدر میں شفا ہی نہیں ہے۔ اب دیکھیں آگے کیا ہوتا ہے۔
Question 5 · 2 marks
دکھائی دیے یوں کہ بے خود کیا ہمیں آپ سے بھی جدا کر چلے
Show model answerHide model answer
غزل: فقیرانہ آئے، صدا کر چلے — شاعر: میر تقی میر اس شعر میں میر کہتے ہیں کہ اپنے محبوب کی ایک جھلک دیکھنے کو ہم بے تاب و بے قرار تھے اور جیسے ہی محبوب کا دیدار ہوا تو ہم اس کے حسن و جمال کی تاب نہ لا سکے۔ ہم اس کی ہستی کے آگے بے خود ہو کر خود اپنے آپ سے بھی جدا ہو گئے۔ غور کیا جائے تو اس شعر میں ایک حقیقی رنگ بھی نظر آتا ہے۔ جب شاعر کو اللہ کی معرفت حاصل ہوئی تو عشق حقیقی کے رنگ میں ایسا ڈوبا کہ دنیا و مافیہا سے بے خبر ہو گیا۔ اللہ ہی اس کائنات کا خالق ہے اور محور و مرکز بھی ہے اور مصور بھی۔ جب اللہ کا دیدار ہو جائے تو کسی کو بھی خبر نہیں رہتی۔ اللہ کے نور سے ہوش و حواس بھک سے اڑ جاتے ہیں۔ یہاں تک کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام کو جب کوہ طور پر اللہ کی تجلی نظر آئی تو وہ اس کی تاب نہ لا سکے اور بے ہوش ہو گئے۔ ان کی اپنی ذات بھی اپنی نہ رہی رب تعالیٰ کی ہو گئی۔
More tests in فقیرانہ آئے صدا کر چلے
Practise with a free account
Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.