Class 9 Biology · Chapter 9
Plant Physiology: questions and answers
Every short question, long question and MCQ on this chapter's free papers, each with its answer. Try one yourself first, then check.
Short questions with answers
Q1 · 3 marks
نیوٹریشن کی تعریف کیجیے۔
Answer
نیوٹریشن (تغذیہ) وہ عمل ہے جس میں خوراک تیار کی جاتی ہے یا حاصل کی جاتی ہے اور پھر اسے نشوونما اور توانائی کے لیے جسمانی مادوں میں تبدیل کیا جاتا ہے۔
Q2 · 3 marks
پودوں میں منرل نیوٹریشن کی تعریف لکھیے۔
Answer
پودے زمین سے جو معدنی مادے یعنی منرل نیوٹریئنٹس جذب کرتے ہیں اور انہیں اپنی نشوونما اور افعال کے لیے استعمال کرتے ہیں اسے منرل نیوٹریشن کہتے ہیں۔ یہ مخصوص کیمیکل ایلیمنٹس ہیں جو جڑوں کے ذریعے جذب ہوتے ہیں۔
Q3 · 3 marks
آٹوٹروفک اور ہیٹروٹروفک جانداروں میں فرق لکھیے۔
Answer
آٹوٹروفک جاندار اپنی خوراک خود تیار کرتے ہیں مثلاً تمام پودے، الجی اور کچھ بیکٹیریا۔ ہیٹروٹروفک جاندار اپنی خوراک دوسرے جانداروں سے حاصل کرتے ہیں مثلاً زیادہ تر بیکٹیریا، پروٹوزوا، فنجائی اور تمام جانور۔
Q4 · 3 marks
میکرونیوٹریئنٹس کی تعریف لکھیے اور مثالیں دیجیے۔
Answer
وہ منرلز جو پودوں کو بڑی مقدار میں درکار ہوتے ہیں میکرونیوٹریئنٹس کہلاتے ہیں۔ مثالیں: کاربن، ہائیڈروجن، آکسیجن، فاسفورس، پوٹاشیم، نائٹروجن، سلفر، کیلشیم اور میگنیشیم۔
Q5 · 3 marks
مائیکرونیوٹریئنٹس کی تعریف لکھیے اور مثالیں دیجیے۔
Answer
وہ منرلز جو پودوں کو کم مقدار میں درکار ہوتے ہیں مائیکرونیوٹریئنٹس کہلاتے ہیں۔ مثالیں: آئرن، نکل، بورون، کلورین، کاپر، مولیبڈینم، مینگنیز اور زنک۔
Q6 · 3 marks
پودوں میں پوٹاشیم اور فاسفورس کا کردار لکھیے۔
Answer
پوٹاشیم سٹومیٹا کے کھلنے اور بند ہونے کو کنٹرول کرتا ہے۔ فاسفورس ATP، نیوکلیک ایسڈز اور کو-اینزائمز کا جزو ہے اور بیج اگنے اور فوٹوسنتھیسز وغیرہ کے لیے لازمی ہے۔
Q7 · 3 marks
آئرن اور کیلشیم کا پودوں میں کیا کردار ہے؟
Answer
آئرن فوٹوسنتھیسز کے لیے ضروری ہے اور بہت سے اینزائمز کو فعال بناتا ہے۔ کیلشیم اینزائمز کو فعال کرتا ہے، سیل وال کی ساخت کا حصہ ہے اور سیلز میں پانی پر اثر ڈالتا ہے۔
Q8 · 3 marks
پودوں میں نائٹروجن کا کردار بیان کیجیے۔
Answer
نائٹروجن پروٹینز، اینزائمز اور نیوکلیک ایسڈز کا جزو اور کلوروفل کا بھی حصہ ہے۔ یہ نشوونما میں مدد دیتی ہے، بیج اور پھل بننے کے عمل کو تیز کرتی ہے اور پتوں کے معیار کو بہتر بناتی ہے۔ پودے اسے نائٹریٹس کی شکل میں جذب کرتے ہیں۔
Q9 · 3 marks
پودوں میں میگنیشیم کا کردار بیان کیجیے۔
Answer
میگنیشیم کلوروفل کا ایک جزو ہے۔ یہ کئی ایسے اینزائمز کو فعال کرتا ہے جو نشوونما کے لیے ضروری ہیں اور پھل بننے اور بیج اگنے میں بھی مدد دیتا ہے۔ پودا اسے Mg2+ آئنز کی شکل میں جذب کرتا ہے۔
Q10 · 3 marks
کلوروسس کیا ہے اور یہ کیوں ہوتی ہے؟
Answer
کلوروسس میں پتے زرد پڑنے لگتے ہیں۔ نائٹروجن (یا میگنیشیم) کی کمی کی وجہ سے کلوروفل ضرورت کے مطابق نہیں بنتا اس لیے پتوں کا سبز رنگ ختم ہو جاتا ہے۔
Q11 · 3 marks
گوشت خور (کارنیورس) پودے نائٹروجن کیسے حاصل کرتے ہیں؟
Answer
کارنیورس پودے چھوٹے جانوروں مثلاً کیڑوں کو پکڑ کر ڈائی جسٹ کرتے ہیں۔ یوں شکار جانوروں سے وہ اپنی نائٹروجن کی ضرورت پوری کرتے ہیں۔
Q12 · 3 marks
ٹرانسپورٹ سے کیا مراد ہے؟ یہ کیوں ضروری ہے؟
Answer
ٹرانسپورٹ سے مراد جاندار کے جسم میں پانی، نیوٹریئنٹس، ہارمونز اور بے کارمادوں کی نقل و حرکت ہے۔ یہ سیلز کے افعال، نشوونما اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے ردعمل کے لیے ضروری ہوتی ہے۔
Q13 · 3 marks
روٹ ہیئرز کیا ہیں اور ان کا کیا فائدہ ہے؟
Answer
روٹ ہیئرز ایپی ڈرمل سیلز کی چھوٹی بال نما ایکسٹینشنز ہیں جو مٹی کے ذرات کے درمیان موجود خالی جگہوں تک جاتی ہیں۔ یہ جڑ کا سطحی رقبہ بہت بڑھا کر پانی اور نمکیات کے جذب میں مدد دیتے ہیں۔
Q14 · 3 marks
جڑ میں پانی اور آئنز کن دو راستوں سے گزر کر زائلم تک پہنچتے ہیں؟
Answer
پہلا راستہ سیلز کے اندر سے گزرنا ہے۔ دوسرا راستہ سیل والز میں سے اور سیلز کے درمیان خالی جگہوں میں سے گزرنا ہے۔
Q15 · 3 marks
ٹرانسپائریشن اور اس کی اقسام کی تعریف کیجیے۔
Answer
پودے کی سطح سے پانی کا بخارات بن کر نکل جانا ٹرانسپائریشن کہلاتا ہے۔ اس کی تین اقسام ہیں: سٹومیٹل ٹرانسپائریشن (سٹومیٹا سے)، کیوٹیکیولر ٹرانسپائریشن (کیوٹیکل سے) اور لینٹی کیولر ٹرانسپائریشن (لینٹی سلز سے)۔
Q16 · 3 marks
پودوں میں ٹرانسپائریشنل پل کس طرح اہم ہے؟
Answer
پتوں سے پانی کے بخارات نکلنے سے زائلم میں کھنچاؤ پیدا ہوتا ہے جسے ٹرانسپائریشنل پل کہتے ہیں۔ یہ کھنچاؤ جڑوں میں جذب شدہ پانی کو زائلم کے ذریعے تنے اور پتوں تک اوپر کھینچتا ہے۔
Q17 · 3 marks
ٹرانسپائریشن پانی کا ضیاع ہے۔ کیا یہ نقصان دہ عمل ہے؟ اگر نہیں تو اس کی اہمیت کیا ہے؟
Answer
اگرچہ اس سے پانی ضائع ہوتا ہے مگر یہ نقصان دہ نہیں بلکہ ایک ضروری برائی ہے۔ اس سے پتوں میں کھنچاؤ پیدا ہوتا ہے جو جڑوں سے پتوں تک پانی اور نمکیات کی ٹرانسپورٹ کا ذمہ دار ہے۔
Q18 · 3 marks
زائلم اور فلوئم میں فرق لکھیے۔
Answer
زائلم پانی اور نمکیات کو جڑوں سے پتوں کی طرف یک طرفہ لے جاتا ہے۔ فلوئم تیار شدہ خوراک کو سورس سے سنک کی طرف دو طرفہ ٹرانسپورٹ کرتا ہے۔
Q19 · 3 marks
ٹرانسپائریشن اور گٹیشن میں فرق بیان کیجیے۔
Answer
ٹرانسپائریشن میں پانی بخارات کی شکل میں سٹومیٹا کے ذریعے دن کے وقت نکلتا ہے۔ گٹیشن میں رات کو جب سٹومیٹا بند ہوں تو اضافی پانی مائع کی شکل میں پتوں کے کناروں یا نوک کے چھوٹے سوراخوں سے باہر نکلتا ہے۔
Q20 · 3 marks
گٹیشن کسے کہتے ہیں؟ یہ کب ہوتی ہے؟
Answer
رات کو جب سٹومیٹا بند ہوں تو پودے کا اضافی پانی زائلم میں جمع ہو جاتا ہے اور پتوں کی نوک یا کناروں پر موجود چھوٹے سوراخوں سے باہر نکلتا ہے۔ اسے گٹیشن کہتے ہیں۔ یہ عمل پودے میں پانی کی مقدار کنٹرول کرنے میں مدد دیتا ہے۔
Q21 · 3 marks
ہائیڈروفائٹس اور زیروفائٹس میں فرق لکھیے۔
Answer
ہائیڈروفائٹس تازہ پانی یا گیلی مٹی میں رہتے ہیں اور ان کی پوری سطح سے پانی جذب ہوتا ہے (مثلاً کنول)۔ زیروفائٹس خشک ماحول میں رہتے ہیں، ان کی جڑیں گہری اور سٹومیٹا کم ہوتے ہیں اور سطح موم نما ہوتی ہے (مثلاً کیکٹس)۔
Q22 · 3 marks
ہائیڈروفائٹس اور ہیلوفائٹس میں فرق لکھیے۔
Answer
ہائیڈروفائٹس تازہ پانی میں رہتے ہیں اور اضافی پانی نکالنے کے طریقے استعمال کرتے ہیں۔ ہیلوفائٹس نمکین پانی میں رہتے ہیں اور نمکیات جذب کر کے اپنے جسم کو ہائپرٹانک بنا لیتے ہیں تاکہ پانی باہر نہ نکلے۔
Q23 · 3 marks
لینٹی کیولر اور سٹومیٹل ٹرانسپائریشن میں فرق لکھیے۔
Answer
سٹومیٹل ٹرانسپائریشن پتوں کے سٹومیٹا سے ہوتی ہے جو سب سے زیادہ ہوتی ہے۔ لینٹی کیولر ٹرانسپائریشن چند پودوں کی چھال میں موجود لینٹی سلز نامی مخصوص سوراخوں سے ہوتی ہے۔
Q24 · 3 marks
ربڑ اور کیکر کے پودے اپنے بے کارمادوں کو کیسے خارج کرتے ہیں؟
Answer
ربڑ کا پودا بے کارمادوں کو لیٹیکس کی شکل میں نکالتا ہے۔ کیکر کا درخت گم کی شکل میں بے کارمادے خارج کرتا ہے۔
Q25 · 3 marks
سورس (source) اور سنک (sink) کی وضاحت مثالوں کے ساتھ کیجیے۔
Answer
سورس وہ جگہ ہے جہاں خوراک بنتی یا ذخیرہ سے نکلتی ہے مثلاً پتوں کے میزوفل سیلز۔ سنک وہ جگہ ہے جہاں خوراک استعمال یا ذخیرہ کی جاتی ہے مثلاً بڑھتی جڑیں اور تنوں کے نشوونما پاتے سرے۔
Q26 · 3 marks
لینٹی سلز کا گیسوں کے تبادلے میں کیا کردار ہے؟
Answer
لکڑی والے تنوں پر چھال موجود ہوتی ہے جس میں سے گیسوں کا تبادلہ نہیں ہو سکتا۔ چھال میں موجود مخصوص سوراخ لینٹی سلز ماحول کے ساتھ گیسوں کے تبادلے میں مدد دیتے ہیں۔
Q27 · 3 marks
میزوفائٹس کیا ہیں؟ دو مثالیں دیجیے۔
Answer
میزوفائٹس وہ پودے ہیں جو ایسی زمین میں رہتے ہیں جہاں پانی مناسب مقدار میں دستیاب ہوتا ہے۔ ان کی سطح پر موم نما کیوٹیکل ہوتی ہے۔ مثالیں: سی شاخہ (clover) اور گلاب۔
Q28 · 3 marks
دن اور رات میں اضافی CO2 اور O2 کا اخراج کیسے ہوتا ہے؟
Answer
دن کو ریسپریشن سے بننے والی CO2 فوٹوسنتھیسز میں استعمال ہو جاتی ہے۔ رات کو یہی CO2 بے کارمادہ بنتی ہے جسے سطح اور سٹومیٹا سے خارج کیا جاتا ہے۔ دن کو فوٹوسنتھیسز سے بننے والی اضافی آکسیجن سٹومیٹا کے ذریعے فضا میں نکال دی جاتی ہے۔
Q29 · 3 marks
اوسموسس کی تعریف لکھیے۔
Answer
اوسموسس پانی کے مالیکیولز کی ایک سیمی پرمیبل میمبرین میں سے سولیوٹ کے کم ارتکاز والے علاقے سے سولیوٹ کے زیادہ ارتکاز والے علاقے کی طرف نقل و حرکت ہے۔ اس حرکت میں توانائی کی ضرورت نہیں ہوتی۔
Q30 · 3 marks
پیسیو اور ایکٹو ٹرانسپورٹ میں فرق کیجیے۔
Answer
پیسیو ٹرانسپورٹ میں مالیکیولز زیادہ ارتکاز سے کم ارتکاز کی طرف جاتے ہیں اور توانائی درکار نہیں ہوتی (مثلاً ڈفیوژن اور اوسموسس)۔ ایکٹو ٹرانسپورٹ میں توانائی استعمال کر کے مالیکیولز کم ارتکاز سے زیادہ ارتکاز کی طرف جاتے ہیں۔
Q31 · 3 marks
جڑ کی تہوں کو ایپی ڈرمس سے ویسکولر ٹشو تک ترتیب سے لکھیے۔
Answer
ایپی ڈرمس (روٹ ہیئرز کے ساتھ)، کارٹیکس، اینڈوڈرمس، پیری سائیکل اور سب سے اندر ویسکولر ٹشو یعنی زائلم اور فلوئم۔
Q32 · 3 marks
گارڈ سیلز کی ساخت بیان کیجیے۔
Answer
گارڈ سیلز ساسیج کی شکل کے ہوتے ہیں اور ایپی ڈرمس کے وہ واحد سیلز ہیں جن میں کلوروپلاسٹ ہوتے ہیں۔ ان کی سیل وال کی اندرونی اطراف (جو سوراخ کا سامنا کرتی ہیں) موٹی اور بیرونی اطراف پتلی ہوتی ہیں۔
Q33 · 3 marks
ہوا میں نمی زیادہ ہونے پر ٹرانسپائریشن کم کیوں ہوتی ہے؟
Answer
ہوا میں جتنی زیادہ نمی (بخارات کی فیصد مقدار) ہو گی ٹرانسپائریشن کی رفتار اتنی ہی کم ہو گی۔ کیونکہ پہلے سے بخارات سے بھری ہوا میں پتوں سے نکلنے والے مزید بخارات کے لیے جگہ کم رہ جاتی ہے۔
Q34 · 3 marks
رات کے وقت پودے ماحول کے ساتھ گیسوں کا تبادلہ کیسے کرتے ہیں؟
Answer
رات کو فوٹوسنتھیسز نہیں ہوتا مگر تمام سیلز میں ریسپریشن جاری رہتی ہے۔ اس لیے پودے ماحول سے آکسیجن لیتے ہیں اور کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج کرتے ہیں۔
Q35 · 3 marks
کونی فر اور بھنڈی کے پودے اپنے بے کارمادوں کو کس شکل میں خارج کرتے ہیں؟
Answer
کونی فر کے درخت ریزنز خارج کرتے ہیں۔ بھنڈی (ladyfinger) کا پودا میوسیلج کی شکل میں بے کارمادے خارج کرتا ہے۔
Q36 · 3 marks
سکولنٹ (گودے دار) آرگنز کیا ہوتے ہیں؟
Answer
زیروفائٹس کی بعض جڑیں یا تنے نرم اور رس بھرے ہوتے ہیں جن میں پانی ذخیرہ ہوتا ہے۔ ایسے آرگنز کو گودے دار یعنی سکولنٹ آرگنز کہتے ہیں مثلاً کیکٹس میں۔
Q37 · 3 marks
زیروفائٹس خشک ماحول میں زندہ رہنے کے لیے کیا موافقتیں رکھتے ہیں؟
Answer
ان کی جڑیں بہت گہری ہوتی ہیں تاکہ پانی جذب کر سکیں۔ سطح پر سٹومیٹا بہت کم ہوتے ہیں اور موٹی موم نما کیوٹیکل پانی کا ضیاع روکتی ہے۔ بعض اپنے آرگنز میں پانی ذخیرہ کر لیتے ہیں۔
Q38 · 3 marks
خوراک کی ٹرانسلوکیشن میں کمپینین سیلز کا کردار لکھیے۔
Answer
کمپینین سیلز فلوئم کی سیو ٹیوب کے ساتھ ہوتے ہیں اور سورس پر سکروز کو سیو ٹیوب میں ایکٹو ٹرانسپورٹ سے داخل کرنے کے لیے توانائی فراہم کرتے ہیں۔
Long questions with answers
Q1 · 8 marks
سٹومیٹا کے کھلنے اور بند ہونے کے واقعات بیان کیجیے۔
Answer
سٹومیٹا گارڈ سیلز کے ٹرگر پریشر میں تبدیلی کی وجہ سے کھلتے اور بند ہوتے ہیں۔ ساخت: ایپی ڈرمس کے تمام سیلز میں سے صرف گارڈ سیلز ساسیج کی شکل کے ہوتے ہیں اور ان میں کلوروپلاسٹ ہوتے ہیں۔ ان کی اندرونی اطراف کی سیل وال موٹی اور بیرونی اطراف کی پتلی ہوتی ہے۔ دن کے وقت ہونے والے واقعات:
(1)گارڈ سیلز ایکٹو ٹرانسپورٹ سے ارد گرد کے سیلز سے پوٹاشیم آئنز اپنے اندر لیتے ہیں۔
(2)اس سے سولیوٹ کا ارتکاز بڑھ جاتا ہے۔
(3)ارد گرد کے سیلز سے پانی اوسموسس سے گارڈ سیلز میں آتا ہے۔
(4)گارڈ سیلز ٹرجڈ ہو کر پھلیوں جیسی شکل اختیار کر لیتے ہیں۔
(5)ان کی اندرونی دیواریں ایک دوسرے سے دور ہٹ جاتی ہیں اور سٹومیٹا کھل جاتا ہے۔ فوٹوسنتھیسز سے گلوکوز بنتا رہتا ہے جس سے سولیوٹ کا ارتکاز بلند رہتا ہے۔ شام کے وقت ہونے والے واقعات:
(1)گلوکوز کا ارتکاز کم ہو جاتا ہے۔
(2)پوٹاشیم آئنز واپس ایپی ڈرمس کے دوسرے سیلز میں چلے جاتے ہیں۔
(3)پانی بھی گارڈ سیلز سے نکل جاتا ہے۔
(4)گارڈ سیلز کا ٹرگر ختم ہو جاتا ہے۔
(5)اندرونی دیواریں ایک دوسرے سے لگ جاتی ہیں اور سٹومیٹا بند ہو جاتا ہے۔
Q2 · 8 marks
جڑ کی اندرونی ساخت کی وضاحت کیجیے اور جڑ میں پانی اور نمک کے داخل ہونے کا عمل بیان کیجیے۔
Answer
جڑ کی اندرونی ساخت:
(1)ایپی ڈرمس اور روٹ ہیئرز: جڑ کی سب سے بیرونی تہہ ایپی ڈرمس سیلز کی ایک پرت ہے۔ بعض سیلز بال نما ایکسٹینشنز (روٹ ہیئرز) بنا لیتے ہیں جو مٹی کے ذرات کے درمیان تک پہنچتی ہیں۔ ان کا سطحی رقبہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔
(2)کارٹیکس: ایپی ڈرمس کے نیچے سیلز کا چوڑا علاقہ۔
(3)اینڈوڈرمس: کارٹیکس کی سب سے اندرونی تہہ۔
(4)پیری سائیکل: اینڈوڈرمس کی اندرونی جانب سیلز کی باریک تہہ۔
(5)ویسکولر ٹشو: زائلم اور فلوئم جو مرکز میں ہوتے ہیں۔ جذب کا عمل:
(1)مٹی کے پانی میں نمکیات کا ارتکاز روٹ ہیئر کی نسبت مختلف ہوتا ہے۔ روٹ ہیئرز ایکٹو ٹرانسپورٹ سے نمکیات اپنے اندر لے جاتے ہیں۔
(2)ارتکاز میں فرق کی وجہ سے پانی اوسموسس (پیسیو ٹرانسپورٹ) سے مٹی سے روٹ ہیئرز میں چلا جاتا ہے۔
(3)پھر یہ پانی اور آئنز دو راستوں سے آگے بڑھتے ہیں: سیلز کے اندر سے گزر کر، یا سیل والز اور سیلز کے درمیان خالی جگہوں سے گزر کر۔
(4)ایپی ڈرمس سے کارٹیکس، پھر اینڈوڈرمس اور پیری سائیکل میں پہنچتے ہیں۔
(5)آخر میں پیری سائیکل سے جڑ کے زائلم میں آتے ہیں اور وہاں سے تنے کے زائلم میں منتقل ہوتے ہیں۔
Q3 · 8 marks
ٹرانسپائریشن کی رفتار پر اثر انداز ہونے والے عوامل کو بطور درجہ حرارت، ہوا اور نمی بیان کیجیے۔
Answer
ٹرانسپائریشن کی رفتار پر مندرجہ ذیل عوامل اثر انداز ہوتے ہیں:
(1)درجہ حرارت: درجہ حرارت بڑھنے سے ٹرانسپائریشن کی رفتار تیز ہو جاتی ہے کیونکہ زیادہ ٹمپریچر پر پانی تیزی سے بخارات میں بدلتا ہے۔
(2)پتے کا سطحی رقبہ اور سٹومیٹا کی تقسیم: باریک پتوں کی نسبت زیادہ سطحی رقبہ والے چوڑے پتوں میں ٹرانسپائریشن زیادہ ہوتی ہے۔ زیادہ تر پودوں میں پتے کی زیریں سطح پر سٹومیٹا کی تعداد بالائی سطح سے زیادہ ہوتی ہے اس لیے زیریں سطح سے ٹرانسپائریشن زیادہ ہوتی ہے۔
(3)ہوا میں نمی: ہوا میں جتنی زیادہ نمی (بخارات کی فیصد مقدار) ہو گی ٹرانسپائریشن کی رفتار اتنی ہی کم ہو گی کیونکہ پتوں سے نکلنے والے بخارات کے لیے جگہ کم رہ جاتی ہے۔
(4)متحرک ہوا: چلتی ہوا ٹرانسپائریشن کو تیز کرتی ہے کیونکہ یہ ہوا پتوں کے ارد گرد کی مرطوب ہوا کو دور لے جاتی ہے جس سے مزید پانی بخارات بن کر نکلتا ہے۔ نتیجتاً ہم کہہ سکتے ہیں کہ درجہ حرارت، سطحی رقبہ، متحرک ہوا اور سٹومیٹا کی تعداد بڑھنے سے ٹرانسپائریشن بڑھتی ہے جبکہ نمی بڑھنے سے کم ہوتی ہے۔
Q4 · 8 marks
پودوں میں پانی کی ٹرانسپورٹ کا میکانزم بیان کیجیے۔
Answer
جڑیں جذب شدہ پانی کو پتوں تک نہیں دھکیل سکتیں۔ اس کے بجائے پتے جڑوں میں موجود پانی پر کھنچاؤ کی ایک قوت لگاتے ہیں جو پتوں کی سطح سے پانی کے بخارات بن کر نکلنے (ٹرانسپائریشن) سے پیدا ہوتی ہے۔ اسے ٹرانسپائریشنل پل کہتے ہیں۔ مرحلہ وار عمل:
(1)پتے کے میزوفل سیلز کی گیلی دیواروں سے پانی بخارات بن کر ایئر سپیسز میں آتا ہے، پھر سٹومیٹا کے راستے باہر نکلتا ہے۔
(2)میزوفل سیلز سے پانی نکلنے پر پتے کی زائلم نالیوں سے مزید پانی ان میں داخل ہوتا ہے۔
(3)پتے کے زائلم میں پانی کا ایک مالیکیول اوپر چڑھتا ہے تو تنے اور جڑ کی زائلم میں پانی کے تمام کالم پر کساؤ (ٹینشن) پیدا ہوتا ہے۔
(4)اس کے نتیجے میں پانی کا تمام کالم اوپر کی طرف کھنچتا ہے۔ پانی کا مسلسل کالم بننے کی تین وجوہات:
(i)پانی کے مالیکیولز کے درمیان کشش، (ii) زائلم نالیوں کا باریک ڈایا میٹر، (iii) پانی کے مالیکیولز کی زائلم کی دیواروں سے کشش۔ یوں جڑ کے روٹ ہیئرز سے پانی زائلم کے راستے تنے اور پھر پتوں تک پہنچتا رہتا ہے۔
Q5 · 8 marks
پریشر فلو میکانزم کے ذریعے خوراک کی منتقلی کے میکانزم کی وضاحت کیجیے۔
Answer
پودوں میں خوراک فلوئم کے ذریعے ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچائی جاتی ہے۔ اس کے لیے گلوکوز کو سکروز میں تبدیل کیا جاتا ہے۔ اس طریقہ کار کو پریشر فلو میکانزم کہتے ہیں۔ اس میکانزم کے مطابق حل شدہ خوراک سورس سے سنک کی طرف بہتی ہے۔ سورس میں فوٹوسنتھیسز کرنے والے ٹشوز (پتے کے میزوفل سیلز) اور خوراک ذخیرہ کرنے والے ٹشوز (مثلاً جڑیں) شامل ہیں۔ سنک میں خوراک استعمال کرنے والے ٹشوز (جڑوں اور تنوں کے نشوونما پانے والے کنارے) اور ذخیرہ کرنے والے ٹشوز شامل ہیں۔ مراحل:
(1)سورس پر سکروز ایکٹو ٹرانسپورٹ کے ذریعے فلوئم کی سیو ٹیوب میں داخل کیا جاتا ہے۔
(2)اس ایکٹو ٹرانسپورٹ کے لیے فلوئم کے کمپینین سیلز توانائی مہیا کرتے ہیں۔
(3)سیو ٹیوب میں قریبی زائلم کی نسبت سولیوٹ کا ارتکاز زیادہ ہو جاتا ہے اس لیے پانی اوسموسس سے سیو ٹیوب میں داخل ہو جاتا ہے۔
(4)اس طرح ان ٹیوبز میں فلوئڈ پریشر بڑھ جاتا ہے۔
(5)خوراک کا محلول (سولیوشن) سنک کی طرف بہتا ہے۔
(6)سنک پر خوراک کو ایکٹو ٹرانسپورٹ سے سیو ٹیوبز سے نکال لیا جاتا ہے۔
(7)سیو ٹیوب میں فلوئڈ پریشر کم ہو جاتا ہے اور پانی بھی اوسموسس سے سیو ٹیوبز سے زائلم میں آ جاتا ہے۔
(8)سورس میں پریشر زیادہ اور سنک میں کم ہونے کی وجہ سے خوراک کی بڑی مقدار سورس سے سنک کی طرف بہتی رہتی ہے۔ زائلم کے برعکس فلوئم کا راستہ دو طرفہ ہے اور خوراک کے سفر کی سمت سورس اور سنک میں رسد (سپلائی) اور طلب (ڈیمانڈ) کے مطابق ہوتی ہے۔
Q6 · 8 marks
بے کارمادوں کے اخراج کے لیے پودوں میں پائے جانے والے میکانزم/موافقتیں بیان کیجیے۔
Answer
پودے مختلف طریقوں سے بے کارمادے خارج کرتے ہیں۔
(a)اضافی CO2 اور O2 کا اخراج: دن کو سیلولر ریسپریشن سے بننے والی CO2 فوٹوسنتھیسز میں استعمال ہو جاتی ہے۔ رات کو فوٹوسنتھیسز نہیں ہوتا اس لیے CO2 بے کارمادہ بن جاتی ہے جسے پودا اپنی سطح اور سٹومیٹا سے باہر نکال دیتا ہے۔ اسی طرح دن کو فوٹوسنتھیسز میں پیدا ہونے والی آکسیجن ریسپریشن میں استعمال ہوتی ہے اور اضافی آکسیجن سٹومیٹا کے ذریعے فضا میں خارج ہو جاتی ہے۔
(b)اضافی پانی کا اخراج: پودے ویکیولز میں پانی ذخیرہ کرتے ہیں جس سے سیلز میں ٹرگر پیدا ہوتا ہے۔ اضافی پانی دو طریقوں سے نکلتا ہے:
(1)ٹرانسپائریشن: دن کے وقت اضافی پانی سٹومیٹل، کیوٹیکیولر اور لینٹی کیولر ٹرانسپائریشن کے ذریعے خارج ہوتا ہے۔
(2)گٹیشن: رات کو سٹومیٹا بند ہونے پر اضافی پانی زائلم میں جمع ہوتا ہے اور پتوں کی نوک یا کناروں کے چھوٹے سوراخوں سے باہر نکلتا ہے۔ یہ پودے میں پانی کی مقدار کنٹرول کرنے میں مدد دیتا ہے۔
(c)دیگر میٹابولک فضلات کا اخراج: بعض پودے بے کارمادوں کو کرسٹلز کی صورت میں ذخیرہ کر لیتے ہیں۔ کچھ پودے انہیں پتوں میں رکھتے ہیں جو گرنے پر جسم سے نکل جاتے ہیں۔ بعض پودے قوت لگا کر مخصوص سوراخوں سے بے کارمادے نکالتے ہیں۔ مثلاً ربڑ کا پودا لیٹیکس، کیکر گم، کونی فر کے درخت ریزنز اور بھنڈی کا پودا میوسیلج خارج کرتا ہے۔
Q7 · 8 marks
پودوں میں گیسوں کے تبادلے کا عمل بیان کیجیے۔
Answer
دن کے وقت پودے کے تمام سیلز سیلولر ریسپریشن کر رہے ہوتے ہیں اور سبز حصوں میں فوٹوسنتھیسز بھی ہو رہا ہوتا ہے۔ فوٹوسنتھیسز میں پودے کاربن ڈائی آکسائیڈ استعمال کرتے اور آکسیجن خارج کرتے ہیں۔ پودے وہ CO2 استعمال کرتے ہیں جو ریسپریشن سے پیدا ہوتی ہے اور ماحول سے بھی CO2 لیتے ہیں۔ ریسپریشن کے لیے پودے آکسیجن استعمال کرتے ہیں جو فوٹوسنتھیسز میں پیدا ہوتی ہے اور اضافی آکسیجن ماحول میں خارج کرتے ہیں۔ اس طرح دن کے وقت پودے ماحول کو آکسیجن دے رہے ہوتے ہیں اور وہاں سے CO2 لے رہے ہوتے ہیں۔ رات کو تمام سیلز میں ریسپریشن ہو رہی ہوتی ہے جبکہ فوٹوسنتھیسز نہیں ہوتا اس لیے پودے ماحول سے آکسیجن لیتے اور CO2 خارج کرتے ہیں۔ گیسوں کے تبادلے کا عمل: پودوں میں جسم اور ماحول کے درمیان گیسوں کا تبادلہ سطح کے ذریعے ہوتا ہے۔ جڑ، تنے اور پتے کی ایپی ڈرمس کے ذریعے ماحول اور اندرونی سیلز کے درمیان گیسوں کا تبادلہ ہوتا ہے۔ کچھ حصوں میں ایپی ڈرمس کے اوپر موٹی تہہ کیوٹیکل بھی ہوتی ہے جس کے ذریعے بھی گیسوں کا تبادلہ ہو جاتا ہے۔ پتوں اور چھوٹی عمر کے تنوں کی ایپی ڈرمس میں موجود سٹومیٹا کے رستے ہوا اندر اور باہر آتی جاتی ہے۔ لکڑی والے تنوں کی تمام سطح پر چھال ہوتی ہے جس میں سے گیسوں کا تبادلہ نہیں ہو سکتا۔ تاہم چھال میں مخصوص سوراخ لینٹی سلز ہوتے ہیں جو ماحول کے ساتھ گیسوں کے تبادلے میں مدد دیتے ہیں۔
Q8 · 8 marks
ہائیڈروفائٹس، زیروفائٹس اور ہیلوفائٹس میں اوسموٹک موافقتیں بیان کیجیے۔
Answer
مسکن (habitat) کی بنیاد پر پودوں کی چار اقسام ہیں۔
(1)میزوفائٹس: ایسی زمین میں رہتے ہیں جہاں پانی مناسب مقدار میں ملتا ہے۔ ان کا روٹ سسٹم وسیع ہوتا ہے، جسم کی بالائی سطح پر موم نما کیوٹیکل ہوتی ہے جو پانی کے ضیاع کو روکتی ہے اور ٹرانسپائریشن کم کرتی ہے۔ ضرورت پر سٹومیٹا بند رکھتے ہیں۔ مثالیں: سی شاخہ اور گلاب۔
(2)ہائیڈروفائٹس: تازہ پانی (تالاب، جھیل) یا گیلی مٹی میں رہتے ہیں۔ ان کی پوری سطح سے پانی جذب ہوتا ہے۔ اضافی پانی نکالنے کے لیے مختلف طریقے استعمال کرتے ہیں۔ اکثر کے پتے چوڑے اور پانی کی سطح پر تیرنے والے ہوتے ہیں جن کی بالائی سطح پر سٹومیٹا زیادہ ہوتے ہیں۔
مثال: کنول۔
(3)زیروفائٹس: بہت خشک ماحول (صحراؤں) میں رہتے ہیں۔ ان کی جڑیں بہت گہری ہوتی ہیں تاکہ پانی جذب کر سکیں، سطح پر سٹومیٹا بہت کم ہوتے ہیں اور سطح پر موٹی موم نما کیوٹیکل ہوتی ہے۔ ان کی جڑیں یا تنے نرم اور رس بھرے ہوتے ہیں جن میں پانی ذخیرہ ہوتا ہے، انہیں گودے دار (succulent) آرگنز کہتے ہیں۔
مثال: کیکٹس۔
(4)ہیلوفائٹس: نمکین پانی یا دلدلوں کے مسکن میں رہتے ہیں۔ ان کے خلیے ہائپوٹانک ہوتے ہیں، اس لیے پانی کے باہر نکلنے سے بچنے کے لیے یہ نمکیات جذب کر کے جسم کو ہائپرٹانک بنا لیتے ہیں۔ زائد نمکیات کو سیلز میں ذخیرہ کیا جاتا ہے یا پتوں پر موجود سالٹ گلینڈز کے ذریعے باہر نکالا جاتا ہے۔
مثال: سمندری گھاس۔
Q9 · 8 marks
پودوں میں نائٹروجن اور میگنیشیم کے کردار اور ان کی کمی کے اثرات بیان کیجیے۔
Answer
نائٹروجن کا کردار: نائٹروجن تمام پروٹینز، اینزائمز اور نیوکلیک ایسڈز کا لازمی جزو ہے اور کلوروفل کا بھی حصہ ہے۔ یہ پودے کو نشوونما میں مدد دیتی ہے، پھل اور بیج بننے کے عمل کو تیز کرتی ہے اور پتے کے معیار کو بہتر بناتی ہے۔ پودے اسے جڑوں کے ذریعے زمین سے نائٹریٹس کی شکل میں جذب کرتے ہیں۔ کارنیورس پودے اپنی نائٹروجن کی ضرورت شکار جانوروں کو ڈائی جسٹ کر کے پوری کرتے ہیں۔ نائٹروجن کی کمی کے اثرات: نائٹروجن کی کمی سے پودے کی نشوونما رک جاتی ہے۔ کلوروفل ضرورت کے مطابق نہیں بنتا اور پتے زرد ہونا شروع ہو جاتے ہیں جسے کلوروسس کہتے ہیں۔ میگنیشیم کا کردار: میگنیشیم کلوروفل مالیکیول کا ایک جزو ہے۔ یہ کئی ایسے اینزائمز کو بھی فعال کرتا ہے جو نشوونما کے لیے ضروری ہیں۔ یہ پھل بننے اور بیج اگنے میں بھی مدد کرتا ہے۔ پودے کی جڑیں میگنیشیم کو Mg2+ آئنز کی شکل میں جذب کرتی ہیں۔ میگنیشیم کی کمی کے اثرات: اگر میگنیشیم کی ضروری مقدار دستیاب نہ ہو تو پودا اپنے پتوں میں موجود کلوروفل کو توڑنے لگتا ہے جس سے پتے زرد ہو جاتے ہیں یعنی کلوروسس ہو جاتی ہے۔ زیادہ عرصے تک کمی رہنے سے پتے گر بھی سکتے ہیں۔ جب کسی پودے کو نائٹروجن یا میگنیشیم کی کمی کا سامنا ہو تو وہ یہ ایلیمنٹ پرانے پتوں سے لے کر نئے پتوں میں پہنچاتا ہے اس لیے پرانے پتے پہلے زرد ہوتے ہیں۔ اگر کمی برقرار رہے تو علامت نئے پتوں میں بھی آ جاتی ہے۔
Q10 · 8 marks
ٹرانسپائریشن کی اقسام بیان کیجیے اور اس کی اہمیت واضح کیجیے۔
Answer
ٹرانسپائریشن پودے کی سطح سے پانی کے بخارات بن کر نکل جانے کا عمل ہے۔ یہ تین راستوں سے ہو سکتا ہے:
(1)سٹومیٹل ٹرانسپائریشن: پتوں کے سٹومیٹا کے ذریعے ہوتی ہے۔ پتوں میں زائلم سے پانی میزوفل سیلز کی سیل وال میں آتا ہے اور گیلی دیواروں سے بخارات بن کر ایئر سپیسز میں آتا ہے۔ یہ بخارات سٹومیٹا کی طرف جاتے ہیں اور پھر باہر ہوا میں شامل ہو جاتے ہیں۔ اس قسم میں سب سے زیادہ پانی نکلتا ہے۔
(2)کیوٹیکیولر ٹرانسپائریشن: پتے کی ایپی ڈرمس پر موجود کیوٹیکل کے ذریعے ہوتی ہے۔
(3)لینٹی کیولر ٹرانسپائریشن: چند پودوں کے تنوں میں موجود خاص سوراخوں لینٹی سلز کے ذریعے ہوتی ہے۔ اہمیت: ظاہراً یہ پانی کا ضیاع لگتا ہے مگر یہ ایک ضروری برائی ہے۔ ٹرانسپائریشن سے پتوں اور زائلم میں پانی پر کھنچاؤ پیدا ہوتا ہے جسے ٹرانسپائریشنل پل کہتے ہیں۔ یہی کھنچاؤ جڑوں سے تنے اور پتوں تک پانی اور نمکیات کی ٹرانسپورٹ کا ذمہ دار ہے۔ اس لیے اگرچہ اس عمل میں پانی ضائع ہوتا ہے لیکن یہ پودے کی زندگی کے لیے اہم ہے۔ ٹرانسپائریشن کی رفتار درجہ حرارت، پتے کے سطحی رقبے، نمی اور چلتی ہوا جیسے عوامل پر منحصر ہے۔
Q11 · 8 marks
میکرونیوٹریئنٹس اور مائیکرونیوٹریئنٹس کی تعریف لکھیے اور چند اہم منرلز کا پودوں کی زندگی میں کردار بیان کیجیے۔
Answer
پودے فوٹوسنتھیسز سے خوراک تیار کرتے ہیں مگر بائیومالیکیولز بنانے کے لیے انہیں زمین سے منرل نیوٹریئنٹس (معدنی مادے) درکار ہوتے ہیں۔ میکرونیوٹریئنٹس: وہ منرلز جو پودوں کو بڑی مقدار میں چاہیے ہوتے ہیں۔ مثالیں: کاربن، ہائیڈروجن، آکسیجن، فاسفورس، پوٹاشیم، نائٹروجن، سلفر، کیلشیم اور میگنیشیم۔ مائیکرونیوٹریئنٹس: وہ منرلز جو پودوں کو کم مقدار میں ضروری ہوتے ہیں۔ مثالیں: آئرن، نکل، بورون، کلورین، کاپر، مولیبڈینم، مینگنیز اور زنک۔ میکرونیوٹریئنٹس کا کردار: کاربن اور ہائیڈروجن بائیومالیکیولز کے اہم جزو ہیں۔ آکسیجن بائیومالیکیولز کا جزو اور سیلولر ریسپریشن کے لیے ضروری ہے۔ فاسفورس ATP، نیوکلیک ایسڈز اور کو-اینزائمز کا جزو اور بیج اگنے اور فوٹوسنتھیسز کے لیے لازمی ہے۔ پوٹاشیم سٹومیٹا کے کھلنے اور بند ہونے کو کنٹرول کرتا ہے۔ نائٹروجن پروٹین، کلوروفل، اینزائمز اور نیوکلیک ایسڈز کا جزو ہے۔ سلفر پروٹینز، وٹامنز اور اینزائمز کا حصہ ہے۔ کیلشیم اینزائمز کو فعال بناتا ہے اور سیل وال کی ساخت کا حصہ ہے۔ میگنیشیم کلوروفل کا جزو ہے اور کئی اینزائمز کو فعال کرتا ہے۔ مائیکرونیوٹریئنٹس کا کردار: آئرن فوٹوسنتھیسز کے لیے ضروری ہے اور بہت سے اینزائمز کو فعال کرتا ہے۔ مولیبڈینم اس اینزائم کا حصہ ہے جو نائٹریٹس کو امونیا میں بدلتا ہے۔ بورون شوگر ٹرانسلوکیشن، سیل ڈویژن اور کچھ اینزائمز کے لیے اہم ہے۔ کاپر بہت سے اینزائمز کا حصہ ہے۔ مینگنیز فوٹوسنتھیسز اور ریسپریشن کے اینزائمز کے افعال میں شامل ہے۔ زنک بہت سارے اینزائمز کے لیے ضروری ہے۔ کلورین پانی کی اوسموسس میں شامل ہے۔ نکل نائٹروجن کے میٹابولزم کے لیے ضروری ہے۔
Q12 · 8 marks
زائلم اور فلوئم میں ٹرانسپورٹ کا موازنہ کیجیے اور وضاحت کیجیے کہ خوراک کی منتقلی سورس اور سنک کی ضرورت کے مطابق کیسے ہوتی ہے۔
Answer
زائلم اور فلوئم پودے کے ویسکولر ٹشوز ہیں۔ زائلم: پانی اور نمکیات کے لیے یک طرفہ راستہ ہے، یعنی جڑوں سے پتوں کی طرف۔ زائلم کے ذریعے پانی کی نقل و حرکت ٹرانسپائریشنل پل کی وجہ سے ہوتی ہے جو پتوں میں پانی کے بخارات بننے سے پیدا ہوتا ہے۔ پانی کا مسلسل کالم مالیکیولز کی باہمی کشش، زائلم نالیوں کے باریک ڈایا میٹر اور زائلم کی دیواروں سے کشش کی وجہ سے برقرار رہتا ہے۔ فلوئم: خوراک (سکروز) کے لیے دو طرفہ راستہ ہے۔ خوراک کی ٹرانسپورٹ کا طریقہ پریشر فلو میکانزم کہلاتا ہے۔ سورس (مثلاً پتے کے میزوفل سیلز) سے سکروز ایکٹو ٹرانسپورٹ سے سیو ٹیوب میں داخل ہوتا ہے جس کے لیے کمپینین سیلز توانائی دیتے ہیں۔ سیو ٹیوب میں سولیوٹ کا ارتکاز زیادہ ہونے سے پانی اوسموسس سے زائلم سے داخل ہوتا ہے اور فلوئڈ پریشر بڑھ جاتا ہے۔ سنک (مثلاً بڑھتی جڑیں اور نشوونما پاتے تنے کے سرے) پر خوراک ایکٹو ٹرانسپورٹ سے سیو ٹیوب سے نکال لی جاتی ہے اور پریشر کم ہو جاتا ہے۔ پانی اوسموسس سے واپس زائلم میں چلا جاتا ہے۔ اس طرح سورس پر پریشر زیادہ اور سنک پر کم ہونے سے خوراک بڑی مقدار میں سورس سے سنک کی طرف بہتی رہتی ہے۔ سمت کا فیصلہ: خوراک کے سفر کی سمت کا فیصلہ سورس اور سنک میں رسد (سپلائی) اور طلب (ڈیمانڈ) کے مطابق کیا جاتا ہے۔ جہاں خوراک کی ضرورت یا ذخیرے کی طلب ہو (مثلاً بڑھتی جڑ) وہاں سنک بن جاتا ہے اور خوراک کا بہاؤ اسی طرف ہوتا ہے۔ اسی وجہ سے فلوئم دو طرفہ ہے جبکہ زائلم صرف اوپر کی طرف ہی پانی لے جاتا ہے۔
Test yourself on this chapter
Timed chapter tests, marked the moment you finish.
Practise with a free account
Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.