Class 9 Civics · Chapter 4 · Test 4
تفصیلی سوالات
13 questions · 60 min · 93 marks
Want to try first? Take the free Civics test: علم شہریت کا مفہوم، تعریف اور اہمیت
Sample questions with answers
The first 5 of 13, each with a model answer. Try writing yours first.
Question 1 · 8 marks
مقننہ سے کیا مراد ہے نیز مقننہ کی تنظیم کی وضاحت کریں۔
Show model answerHide model answer
مقننہ: مقننہ کا اہم ترین کام ملک کے لیے قانون سازی کرنا ہے۔ یہ حکومت کے تین شعبوں میں سے اہم ترین شعبہ ہے کیونکہ جو بھی قانون بناتا ہے، اسی کا نفاذ انتظامیہ کرتی ہے اور اسی کے مطابق عدلیہ اپنے فرائض ادا کرتی ہے۔ مقننہ عوام کے منتخب کردہ نمائندوں پر مشتمل ہوتی ہے اور یہ ایک بااختیار ادارہ ہے۔ مقننہ کی تنظیم: 1۔ ممبران کی تعداد: مقننہ پوری قوم کی نمائندہ ہوتی ہے اس لیے ممبران کی تعداد کا تعین کرتے وقت اس بات کا خاص خیال رکھا جاتا ہے کہ زندگی کے تمام شعبوں کی مناسب نمائندگی ہو سکے۔ یہ بھی ضروری ہے کہ بحث و مباحثہ کے لیے ممبران کی تعداد اتنی زیادہ نہ ہو کہ ایوان کا نظم و ضبط برقرار رکھنا مشکل ہو جائے اور کسی نتیجے پر پہنچنے میں دشواری ہو جائے۔ دستور کے مطابق مقننہ کے ارکین کی تعداد مقرر ہوتی ہے۔ 2۔ نمائندگی کا اصول: موجودہ جمہوری دور میں عوامی نمائندگی کے اصول کو بالا دستی حاصل ہو گئی ہے۔ اس جدید اصول کے مطابق ملک کے ووٹروں کی تعداد، عمر اور اہلیت کے اعتبار سے نمائندگی متعین کی جاتی ہے تاکہ ہر حلقے کے لوگوں کو ایوان میں نمائندگی حاصل ہو سکے۔ 3۔ مدت: ایک اہم چیز مقننہ کی مدت کا تعین کرنا ہے۔ مدت نہ تو اتنی مختصر ہو کہ ممبران کو قانون سازی کے متعلق معاملات کا علم بھی نہ ہو سکے اور نہ ہی اتنی طویل ہو کہ ان حالات میں بالکل تبدیلی واقع ہو جائے جن کے تحت ممبران کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔ 4۔ طریقہ انتخاب: مقننہ کے ممبران کا انتخاب بلاواسطہ یا بالواسطہ طریقے سے کیا جاتا ہے۔
Question 2 · 8 marks
اسلامی حکومت کے فرائض کا احاطہ کریں۔
Show model answerHide model answer
تعارف: اسلامی نقطہ نظر سے حکومت کا یہ کردار ہے کہ وہ ریاست میں بسنے والے تمام افراد کے بنیادی حقوق کا خیال رکھے۔ ان کی ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود پر زیادہ سے زیادہ توجہ دے تاکہ افراد میں اپنی ریاست کے لیے وفاداری کے جذبات پیدا ہوں۔ اسلام نے آج سے چودہ سو سال پہلے فلاحی ریاست کا ایک ایسا نقشہ پیش کیا جس میں ہر فرد کا پورا پورا خیال رکھا جاتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ اسلامی حکومت ہر فرد کو معاشی و معاشرتی تحفظ فراہم کرتی ہے تاکہ وہ مطمئن زندگی گزار سکے۔ فرائض: 1۔ امن و امان کا قیام: اسلامی حکومت کا اہم فرض ہے کہ ریاست میں امن و امان قائم کرے تاکہ لوگ سکون کی زندگی بسر کر سکیں۔ 2۔ ملکی دفاع: اسلامی حکومت ملکی دفاع پر خاص توجہ دیتی ہے تاکہ بیرونی خطرات سے تحفظ حاصل ہو سکے۔ 3۔ انصاف کا قیام: فوری اور سستا انصاف فراہم کرنا اسلامی حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے تاکہ لوگوں میں احساس محرومی پیدا نہ ہو۔ 4۔ بیرونی ممالک سے تعلقات: اسلامی حکومت ہمیشہ بیرون ممالک سے بہتر تعلقات رکھنے کی حامی ہوتی ہے۔ 5۔ صحت اور تعلیم کی فراہمی: ریاست میں بسنے والے تمام لوگوں کی صحت اور تعلیم کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مناسب اقدامات کرنا۔ 6۔ روزگار کی فراہمی: ہر فرد کے لیے روزگار کی فراہمی اسلامی حکومت کی اہم ذمہ داری ہوتی ہے۔ 7۔ باہمی مشاورت: اسلامی حکومت ریاست کے تمام معاملات باہمی مشاورت اور اتفاق رائے سے طے کرتی ہے۔ 8۔ ترقی کے مواقع: ایک فلاحی اسلامی ریاست میں ہر فرد کو اپنی صلاحیتوں کے مطابق ترقی اور اظہار کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔ 9۔ بہتر اقتصادی حالت: ایک فلاحی اسلامی ریاست میں حکومت لوگوں کی اقتصادی حالت کو بہتر بنانے کے لیے نئے نئے منصوبے شروع کرتی ہے۔
Question 3 · 8 marks
ایک فلاحی ریاست کے اچھے نظام حکومت کی خصوصیات بیان کریں۔
Show model answerHide model answer
اچھے نظام حکومت سے مراد حکومت کرنے کا ایسا فن ہے جس میں تمام عوامی فیصلے اور دیگر حکومتی معاملات صاف اور شفاف طریقے سے سرانجام دیے جائیں۔ حکومتی عہدے داروں کو اپنے عہدوں کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے۔ حکومت اور عوام کے درمیان قربی تعلق قائم کیا جائے۔ حکومت کے کاروبار میں تمام معاشرتی و سیاسی گروہوں کو برابر کا شریک ٹھہرایا جاتا ہے۔ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر مل کر فلاحی کام کرتے ہیں۔ خصوصیات: 1۔ عدل و انصاف کا قیام: یہ نظام عدل و انصاف پر مبنی ہوتا ہے، کسی فرد یا طبقہ سے کسی قسم کی زیادتی نہیں کی جاتی اور ہر ایک کے ساتھ انصاف کا سلوک ہوتا ہے۔ 2۔ جمہوری اقدار کا فروغ: مساوات، انصاف، برداشت، آزادی وغیرہ کو فروغ دیا جاتا ہے، ظلم و تشدد کو ختم کر کے تمام لوگوں کو برابر کے انسانی حقوق دیے جاتے ہیں۔ 3۔ بدعنوانی کا خاتمہ: بدعنوانی کا مکمل خاتمہ کیا جاتا ہے، انتظامیہ ایماندار ہوتی ہے اور ہر کام شفاف طریقے سے کرتی ہے، بدعنوان عنصر کو نکال دیا جاتا ہے۔ 4۔ خوشحال معاشرے کا قیام: اچھی انتظامیہ معاشرہ کو خوشحال اور ملک کو معاشی طور پر مضبوط کرتی ہے۔ ملک و معاشرہ کو پسماندہ رکھنا اچھی انتظامیہ کے اصولوں کے خلاف ہے۔ 5۔ مکمل مذہبی آزادی: تمام اقلیتوں کو ان کے مذاہب کے مطابق عبادات کی مکمل آزادی ہوتی ہے۔ 6۔ استحصال سے پاک معاشرہ: کوئی طبقہ کسی دوسرے کا استحصال نہیں کر سکتا اور نہ ہی کسی طبقہ کو اس کے حق سے محروم رکھا جا سکتا ہے۔ 7۔ ذمہ دار حکومت کا اصول: حکومت خود کو عوام اور متعلقہ اداروں کے سامنے جوابدہ بناتی ہے، حکومت کا ہر کارندہ اپنے فرائض کے لیے عوام کے سامنے جوابدہ ہوتا ہے۔ 8۔ احتساب کا اصول: حکومت کے ہر کارندے کو احتساب کے مراحل سے گزرنا پڑتا ہے، ہر ایک کی نا اہلی اور لاپرواہی پر سزا دی جاتی ہے۔ 9۔ مناسب منصوبہ بندی: اچھی انتظامیہ ملک و قوم کی ترقی کے لیے مناسب منصوبہ بندی کرتی ہے اور اس کو عملی جامہ پہناتی ہے، مناسب منصوبہ بندی سے ہی ملکی ترقی ممکن ہے۔ 10۔ حکومت اور عوام میں رابطہ: اچھی انتظامیہ حکومت اور عوام میں قربی رابطہ پیدا کرتی ہے تاکہ حکومت عوام کے مسائل معلوم کر سکے اور ان کے حل کے لیے مناسب اقدام اٹھا سکے۔ اس سے عوام کا حکومت پر اعتماد بڑھتا ہے۔ 11۔ مہارت کا اصول: جو فرد جس کام کا ماہر ہے اس کو وہی کام سونپا جاتا ہے جس سے حکومت کی کارکردگی میں بہتری آتی ہے۔ 12۔ شفافیت کا اصول: عوام سے متعلق تمام فیصلہ سازی کے امور خفیہ نہیں رکھے جاتے بلکہ ہر شخص کو سرکاری دستاویز تک مکمل رسائی فراہم کی جاتی ہے۔
Question 4 · 8 marks
آمریت کی تعریف کریں۔ اس کی خوبیاں اور خامیاں واضح کریں۔
Show model answerHide model answer
تعریف: انگریزی لفظ ڈکٹیٹر شپ (Dictatorship) لاطینی (Latin) لفظ ڈکٹیٹر (Dictator) سے نکلا ہے جس کے معنی مطلق العنان اختیارات کا مالک شخص ہیں۔ آمریت سے مراد ایسا طرز حکومت ہے جس میں حکومت کے تمام اختیارات کسی فرد واحد (آمر) کے پاس ہوتے ہیں جو کسی سے مشورے کا پابند نہیں ہوتا۔ اس کے منہ سے نکلی ہوئی ہر بات قانون کا درجہ رکھتی ہے۔ عام طور پر آمر حکومت کا اقتدار فوجی طاقت کے ذریعے حاصل کرتا ہے۔ آمریت میں صرف ایک پارٹی کی حکومت ہوتی ہے۔ اٹلی میں مسولینی، برطانیہ میں کروم ویل اور پاکستان میں ایوب خان کی حکومتیں آمریت کی مثالیں ہیں۔ خوبیاں: 1۔ فوری فیصلے: فیصلہ سازی کا اختیار فرد واحد کے پاس ہوتا ہے لہذا وہ فوری فیصلے کر سکتے ہیں، مثلاً ہٹلر نے تھوڑے ہی عرصے میں تباہ حال جرمنی کو اول درجے کی قوت بنا دیا۔ 2۔ پالیسی میں تسلسل: یہ طرز حکومت عموماً مضبوط اور طویل ہوتا ہے اور پالیسی بھی ایک جیسی رہتی ہے اس لیے جو بھی پروگرام بنایا جاتا ہے اس میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں ہوتی۔ 3۔ ہنگامی حالات کے لیے موزوں: فرد واحد تمام اختیارات کا مالک ہوتا ہے جو تمام مسائل کے حل کے لیے فوری فیصلے کرتا ہے۔ 4۔ قومی اتحاد: مخالف سیاسی جماعتوں کی عدم موجودگی سے پارٹی بازی اور گروہ بندی ختم ہو جاتی ہے۔ 5۔ مضبوط دفاع: آمریت میں اقتدار کا انحصار فوجی قوت پر ہوتا ہے اس لیے فوجی قوت پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ خامیاں: 1۔ آزادی کا خاتمہ: فرد کی آزادی مکمل طور پر ختم کر دی جاتی ہے۔ 2۔ خوف و ہراس: آمر کے اقتدار کا انحصار طاقت کے بل بوتے پر ہوتا ہے اور وہ اقتدار کی حفاظت کے لیے قوت کا بے دریغ استعمال کرتا ہے جس سے ملک میں خوف و ہراس پیدا ہو جاتا ہے۔ 3۔ غیر ذمہ دار حکومت: آمریت میں بحث و مباحثہ کا سلسلہ ختم ہو جاتا ہے اور اختلاف رائے کو سنگین جرم سمجھا جاتا ہے، آمر کی مسلسل غلطیوں سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتا رہتا ہے۔ 4۔ تحقیقی صلاحیتوں کا خاتمہ: عوام کا کام اعلیٰ افسروں کے احکامات بجالانا ہوتا ہے اس لیے غور و فکر اور ایجاد کی صلاحیتیں ختم ہو جاتی ہیں۔ 5۔ غیر یقینی نظام حکومت: آمریت عموماً ہنگامی اور بحرانی دور کی پیداوار ہوتی ہے اس لیے اس کے انجام کے بارے میں شبہات موجود رہتے ہیں۔ 6۔ امن دشمن: آمر کی تشدد آمیز پالیسی عوامی ردعمل کو بھی پرتشدد بنا دیتی ہے اور آمروں سے ہمیشہ عالمی امن کو بھی خطرہ رہا ہے۔ 7۔ شخصیت پرستی: آمرانہ نظام حکومت کلی طور پر ایک شخصیت کے گرد گھومتا ہے۔ 8۔ قومی انتشار اور خونی انقلاب کا خطرہ: آمر سے نجات حاصل کرنے کے لیے عوام کو تشدد اور خون خرابے کی راہ اختیار کرنا پڑتی ہے۔ 9۔ اقربا پروری اور طاقت کا غلط استعمال: آمر اپنی طاقت کے بے جا استعمال پر کسی کو جوابدہ نہیں ہوتا لہذا عموماً اقربا پروری اور طاقت کے ناجائز استعمال کا خدشہ موجود رہتا ہے۔
نوٹ: آمریت تمام خوبیوں کے باوجود ایک ناپسندیدہ طرز حکومت ہے۔
Question 5 · 8 marks
جمہوریت کی تعریف کریں نیز جمہوریت کی خوبیوں اور خامیوں کا جائزہ لیں۔
Show model answerHide model answer
تعریف: لفظی اعتبار سے جمہوریت کے معنی عوام کی حکومت ہیں۔ جمہوریت کو انگریزی میں ڈیمو کریسی (Democracy) کہتے ہیں۔ یہ دو یونانی الفاظ ڈیموس (Demos) یعنی عوام اور کریٹس (Kratos) یعنی حکومت سے اخذ کیا گیا ہے۔ خوبیاں: 1۔ عوام کی حکومت: حکومت بنانے کا اختیار عوام کو حاصل ہوتا ہے، عوام کے ووٹوں سے منتخب شدہ نمائندے عوام کی مرضی کے مطابق حکومت چلاتے ہیں۔ 2۔ ذمہ دار حکومت: عوامی نمائندے اپنے ہر فیصلے میں عوامی مفادات کو مدنظر رکھنے پر مجبور ہوتے ہیں ورنہ آئندہ انتخابات میں عوام انہیں مسترد کر دیتے ہیں۔ کابینہ کے ارکان اسمبلیوں میں سوالات کے جوابات دینے کے پابند ہوتے ہیں۔ 3۔ عوامی فلاح و بہبود: جمہوری حکومت عام لوگوں کی فلاح و بہبود کا زیادہ خیال رکھتی ہے اور تعلیم، صحت، امن عامہ اور تعمیر و ترقی کے بڑے بڑے منصوبے بناتی ہے۔ 4۔ یگانگت اور حب الوطنی: عوام اور ان کے منتخب نمائندے ایک دوسرے سے جڑے ہوتے ہیں اور حکومت کو اپنی حکومت سمجھتے ہیں، لہذا وہ صوبائی پرستی، فرقہ واریت اور لسانی منافرت کو بالائے طاق رکھ کر زیادہ حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ 5۔ مساوی حقوق اور یکساں مواقع: جمہوریت آزادی اور مساوات کی علمبردار ہوتی ہے، تمام شہریوں کو بلا امتیاز مساوی حقوق حاصل ہوتے ہیں اور ہر فرد کو ترقی کے مساوی مواقع میسر آتے ہیں۔ 6۔ سیاسی تربیت اور شعور کا اہتمام: مسلسل انتخابی عمل سے عوامی سیاسی شعور میں اضافہ ہوتا رہتا ہے، اسمبلیوں میں بحث و تکرار سے عوام کی سیاسی سمجھ بوجھ میں اضافہ ہوتا ہے اور سیاسی جماعتیں بھی رائے عامہ ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ 7۔ تحمل، برداشت اور رواداری کا درس: اختلاف رائے اور تنقید کو نظام حکومت کے اہم اجزا سمجھا جاتا ہے، حکومت پر تنقید کو ریاست سے غداری نہیں سمجھا جاتا اور عوامی رائے کو مدنظر رکھ کر مناسب ترامیم بھی کی جاتی ہیں۔ 8۔ پرامن انتقال اقتدار: حکومت کو تبدیل کرنے کے لیے آئینی اور پرامن ذرائع موجود ہیں، لہذا محدود مدت کے بعد دوبارہ پرامن انتخابات کے ذریعے با آسانی حکومت کو تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ 9۔ انسانی وقار کی علامت: جمہوریت نے انسانوں کو اپنی قسمت کا حاکم بنایا، انسان کو اپنے بنیادی حقوق سے آگاہ کیا اور کوئی جمہوری حکومت ظلم نہیں کر سکتی۔ خامیاں: 1۔ محض اکثریت کی حکومت: فیصلے اکثریت سے ہوتے ہیں خواہ اکثریت کا تناسب کتنا ہی کم کیوں نہ ہو اور یہ بھی ضروری نہیں کہ اکثریت میں اعلیٰ درجے کی قابلیت پائی جاتی ہو، یعنی جمہوریت میں اہلیت کی بجائے تعداد پر زور دیا جاتا ہے۔ 2۔ سیاسی عدم استحکام اور پارٹی بازی: جمہوریت قوم کو پارٹیوں، گروپوں اور دھڑوں میں تقسیم کر دیتی ہے، اکثر ذاتی مفاد کو قومی مفاد پر ترجیح دی جاتی ہے، یوں بعض اوقات قومی اتحاد کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور اہم قومی امور پر اتفاق رائے نہیں ہو پاتا۔ 3۔ پالیسیوں میں تسلسل کا فقدان: ہر آنے والی نئی حکومت محض پارٹی بازی کی وجہ سے پرانی پالیسیوں کو بدل دیتی ہے جس سے ملک میں عدم استحکام پیدا ہو سکتا ہے۔ 4۔ بے جا اصراف: یہ طرز حکومت نسبتاً مہنگا سمجھا جاتا ہے کیونکہ انتخابات کے انعقاد پر اربوں روپے خرچ ہوتے ہیں اور قانون ساز اداروں، وزرا اور مشیروں کے غیر ضروری اخراجات عوام پر بوجھ بن جاتے ہیں۔ 5۔ سست رفتار نظام حکومت: بنیادی طور پر ایک سست رفتار نظام حکومت ہے کیونکہ دانستہ تفصیلی بحث و مباحثہ کو ایک پیچیدہ اور طویل عمل سے گزارا جاتا ہے، عموماً اس میں بہت سا بیش قیمت وقت ضائع ہوتا ہے اور اہم فیصلہ سازی سست روی کا شکار ہو جاتی ہے۔ 6۔ ہنگامی حالات میں فیصلہ سازی میں تاخیر: مختلف ہنگامی حالات مثلاً جنگ وغیرہ کی صورت میں فوری فیصلہ سازی ممکن نہیں ہوتی کیونکہ جمہوریت میں پائی جانے والی سست روی آڑے آ سکتی ہے۔ 7۔ سیاسی مفاہمتوں پر مبنی حکومت: کبھی بھی ملک کی سیاسی جماعتوں کی موجودگی سے کوئی ایک پارٹی انتخابات میں واضح اکثریت حاصل نہیں کر سکتی تو مخلوط حکومت بنانا پڑتی ہے اور مخلوط حکومت ہمیشہ کمزور ثابت ہوتی ہے، اس طرح آئے دن حکومتیں بدلتی رہتی ہیں۔
نوٹ: جمہوریت تمام خامیوں کے باوجود ایک بہتر طرز حکومت ہے۔
More tests in حکومت
Practise with a free account
Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.