Class 9 Civics · Chapter 4
حکومت: questions and answers
Every short question, long question and MCQ on this chapter's free papers, each with its answer. Try one yourself first, then check.
Short questions with answers
Q1 · 2 marks
حکومت کی تعریف کریں۔
Answer
حکومت دراصل ریاست کی ایجنٹ ہوتی ہے جو اس کی مرضی کو پورا کرنے کا ذریعہ بنتی ہے۔ حکومت ایک ایسا سیاسی ادارہ ہے جو قانون بناتا ہے، قانون نافذ کرتا ہے اور اس کی تشریح کرتا ہے۔
Q2 · 3 marks
حکومت کے تین شعبوں کے نام اور ان کے کام لکھیں۔
Answer
مقننہ قانون سازی کا فریضہ سرانجام دیتی ہے۔ انتظامیہ قوانین کا نفاذ عمل میں لانے کی ذمہ دار ہوتی ہے۔ عدلیہ قانون کی تشریح و تعبیر کرتی ہے اور اس کے مطابق انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کا فرض ادا کرتی ہے۔
Q3 · 3 marks
قدیم دور اور جمہوری دور میں حکومت کے شعبوں کے فرق کو واضح کریں۔
Answer
قدیم دور میں تینوں قسم کے فرائض الگ الگ محکمے سرانجام دیتے تھے لیکن بادشاہ یا حکمران اس کا نگران اور حقیقی اختیارات کا مالک ہوتا تھا اور حکومت کے تمام شعبے اسی کے سامنے جوابدہ ہوتے تھے۔ جمہوری نظام کے فروغ کے ساتھ اختیارات کی علیحدگی کا نظریہ جڑ پکڑ گیا اور اب مقننہ، انتظامیہ اور عدلیہ الگ تشکیل پاتے ہیں اور اپنے فرائض کی انجام دہی میں بھی آزاد ہوتے ہیں۔
Q4 · 3 marks
مقننہ سے کیا مراد ہے؟
Answer
مقننہ کا اہم ترین کام ملک کے لیے قانون سازی کرنا ہے۔ یہ حکومت کے تین شعبوں میں سے اہم ترین شعبہ ہے۔ مقننہ عوام کے منتخب کردہ نمائندوں پر مشتمل ہوتی ہے اور یہ ایک بااختیار ادارہ ہے۔
Q5 · 2 marks
مقننہ کی تنظیم کے چار نکات لکھیں۔
Answer
1۔ ممبران کی تعداد۔ 2۔ نمائندگی کا اصول۔ 3۔ مدت۔ 4۔ طریقہ انتخاب۔
Q6 · 3 marks
مقننہ کے ممبران کی تعداد کے بارے میں لکھیں۔
Answer
مقننہ پوری قوم کی نمائندہ ہوتی ہے اس لیے ممبران کی تعداد کا تعین کرتے وقت اس بات کا خاص خیال رکھا جاتا ہے کہ زندگی کے تمام شعبوں کی مناسب نمائندگی ہو سکے۔ یہ بھی ضروری ہے کہ بحث و مباحثہ کے لیے ممبران کی تعداد اتنی زیادہ نہ ہو کہ ایوان کا نظم و ضبط برقرار رکھنا مشکل ہو جائے اور کسی نتیجے پر پہنچنے میں دشواری ہو جائے۔ دستور کے مطابق مقننہ کے ارکین کی تعداد مقرر ہوتی ہے۔
Q7 · 2 marks
نمائندگی کے اصول سے کیا مراد ہے؟
Answer
نمائندگی کے جدید اصول کے مطابق ملک کے ووٹروں کی تعداد، عمر اور اہلیت کے اعتبار سے نمائندگی متعین کی جاتی ہے تاکہ ہر حلقے کے لوگوں کو ایوان میں نمائندگی حاصل ہو سکے۔
Q8 · 3 marks
مقننہ کی مدت کے بارے میں کیا اصول ہے؟
Answer
مدت نہ تو اتنی مختصر ہو کہ ممبران کو قانون سازی کے متعلق معاملات کا علم بھی نہ ہو سکے اور نہ ہی اتنی طویل ہو کہ ان حالات میں بالکل تبدیلی واقع ہو جائے جن کے تحت ممبران کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔
Q9 · 2 marks
مقننہ کے ممبران کا انتخاب کس طریقے سے ہوتا ہے؟
Answer
مقننہ کے ممبران کا انتخاب بلاواسطہ یا بالواسطہ طریقے سے کیا جاتا ہے۔
Q10 · 3 marks
مقننہ کے فرائض کے نام لکھیں۔
Answer
1۔ قانون سازی کے فرائض۔ 2۔ مالیاتی فرائض۔ 3۔ انتظامی فرائض۔ 4۔ عدالتی فرائض۔ 5۔ دستور میں ترمیم کے فرائض۔ 6۔ عوامی شکایات کا ازالہ کرنا۔
Q11 · 3 marks
مقننہ کے قانون سازی کے فرائض بیان کریں۔
Answer
مقننہ کا زیادہ تر وقت قانون سازی میں صرف ہوتا ہے۔ ارکان عوام کے منتخب کردہ ہوتے ہیں اس لیے وہ ذمہ داری کے ساتھ عوام کی مرضی کے مطابق قانون سازی کرتے ہیں۔ ملکی ضرورت کے مطابق مختلف مسودات قانون مقننہ کے سامنے پیش کیے جاتے ہیں، وہ ان کی ایک ایک شق پر غور کرتی ہے اور خوب چھان بین کر کے انہیں قانون کی شکل دے دیتی ہے یا مسترد کر دیتی ہے۔ مقننہ نئے قوانین بنانے کے علاوہ پرانے قوانین میں حالات و ضروریات کے مطابق ترمیم کا کام بھی سرانجام دیتی ہے۔
Q12 · 3 marks
مقننہ کے مالیاتی فرائض لکھیں۔
Answer
انتظامیہ کو کاروبار حکومت اور نظم و نسق چلانے کے لیے روپیہ درکار ہوتا ہے جس کی منظوری اسے مقننہ سے حاصل کرنا پڑتی ہے۔ مقننہ کی منظوری کے بغیر انتظامیہ کوئی ٹیکس وصول نہیں کر سکتی اور نہ اخراجات کرنے کی مجاز ہوتی ہے۔ انتظامیہ ہر سال بجٹ (آمدنی و اخراجات کا اندازہ) پیش کرتی ہے اور مقننہ پورے غور و خوض کے بعد بجٹ کی منظوری دیتی ہے۔
Q13 · 3 marks
مقننہ کے انتظامی فرائض لکھیں۔
Answer
پارلیمانی طرز حکومت میں کابینہ اپنی اجتماعی حیثیت میں مجلس قانون ساز کے سامنے جوابدہ ہوتی ہے اور اس کی تشکیل بھی مقننہ ہی سے کی جاتی ہے۔ صدارتی طرز حکومت میں سربراہ مملکت اہم عہدوں پر تقرریاں کرتے وقت، اعلان جنگ سے پہلے یا معاہدات (Treaties) کرتے وقت مقننہ کو اعتماد میں لیتا ہے۔ امریکہ میں صدر کے لیے ایسے تمام معاملات میں ایوان بالا (Senate) سے منظوری حاصل کرنا ضروری ہے۔
Q14 · 3 marks
مواخذہ (Impeachment) سے کیا مراد ہے؟ مثال دیں۔
Answer
بعض اوقات مقننہ عدالتی فرائض بھی سرانجام دیتی ہے۔ امریکہ میں کانگرس صدر، نائب صدر اور وفاقی عدلیہ کے ججوں کا مواخذہ (Impeachment) کر سکتی ہے۔ برطانیہ میں دارالامراء کے قانونی امراء ملک کی سب سے بڑی اور آخری عدالت کے طور پر کام کرتے ہیں۔
Q15 · 2 marks
مقننہ کے دستور میں ترمیم کے فرائض لکھیں۔
Answer
مقننہ دستور میں ترمیم کے فرائض سرانجام دیتی ہے۔ جن ممالک کے آئین تحریری ہیں وہاں مقننہ آئین میں ترامیم کرنے کی مجاز ہے۔ یہ ترمیم دونوں ایوانوں کی اکثریت سے ممکن ہوتی ہے۔
Q16 · 3 marks
مقننہ عوامی شکایات کا ازالہ کس طرح کرتی ہے؟
Answer
مقننہ عوامی شکایات حکومت کے نوٹس میں لانے اور ان کا ازالہ کرانے کا بھی اہم ذریعہ ہوتی ہے۔ مقننہ کے ارکین کو اجلاس میں ہر بات کہنے کی کھلی آزادی حاصل ہوتی ہے اور وہ عوامی شکایات کو حکومت کی نظر میں لانے کے لیے کئی طریقے اختیار کر سکتے ہیں مثلاً تحریک التواء، قراردادیں اور سوالات وغیرہ۔
Q17 · 3 marks
انتظامیہ کسے کہتے ہیں؟
Answer
حکومت کا دوسرا اہم شعبہ انتظامیہ ہے جو قوانین کا نفاذ کرتی ہے۔ انتظامیہ حکومت کے تیسرے شعبے یعنی عدلیہ کے فیصلوں کو عملی جامہ پہنانے کی بھی ذمہ دار ہوتی ہے۔
Q18 · 3 marks
وسیع اور محدود معنوں میں انتظامیہ کی وضاحت کریں۔
Answer
انتظامیہ اپنے وسیع معنوں میں حکومت کے تمام افراد یعنی ایک پولیس کے سپاہی سے لے کر سربراہ مملکت تک پر مشتمل ہوتی ہے لیکن اپنے محدود معنوں میں یہ صرف انتظامیہ کے اعلیٰ ترین ارکان پر مشتمل ہوتی ہے۔ مثلاً پارلیمانی طرز حکومت میں سربراہ مملکت وزیراعظم اور اس کی کابینہ کے وزراء انتظامیہ کہلاتے ہیں جبکہ صدارتی نظام میں صدر اور اس کے وزراء انتظامیہ کہلاتے ہیں۔
Q19 · 3 marks
انتظامیہ کے فرائض کے نام لکھیں۔
Answer
1۔ ملکی نظم و نسق چلانا۔ 2۔ قانون سازی کے فرائض۔ 3۔ عدالتی فرائض۔ 4۔ مالیاتی فرائض۔ 5۔ امور خارجہ کے فرائض۔
Q20 · 3 marks
انتظامیہ ملکی نظم و نسق کس طرح چلاتی ہے؟
Answer
انتظامیہ مقننہ کے بنائے ہوئے قوانین کو عملی جامہ پہناتی ہے اور ان کے مطابق ریاست کے نظم و نسق کو چلانے کی ذمہ دار ہوتی ہے۔ ملکی دفاع کا انتظام کرنا اور اندرونی طور پر امن و امان قائم رکھنا انتظامیہ کا سب سے اہم فرض ہے۔ اس کے لیے وہ مسلح افواج اور پولیس کو منظم کرتی ہے۔
Q21 · 3 marks
انتظامیہ کے قانون سازی کے فرائض بیان کریں۔ حق استرداد (Veto Power) سے کیا مراد ہے؟
Answer
ملکی دستور کے مطابق انتظامیہ کا سربراہ مقننہ کا اجلاس بلاتا ہے، اسے برخاست کرنے اور مقننہ کو توڑنے کا اختیار رکھتا ہے۔ جب مقننہ کا اجلاس نہ ہو رہا ہو تو وہ عارضی طور پر آرڈینینس (Ordinance) جاری کر سکتا ہے۔ صدارتی طرز حکومت میں صدر مقننہ کے منظور کردہ قانون میں ترمیم کرنے یا اسے مسترد کرنے کا اختیار بھی رکھتا ہے جسے حق استرداد (Veto Power) کہتے ہیں۔
Q22 · 3 marks
انتظامیہ کے عدالتی فرائض لکھیں۔
Answer
انتظامیہ کا سربراہ ملکی عدلیہ کے ججوں کا تقرر کرتا ہے۔ اس کے علاوہ رحم کی اپیل کی صورت میں وہ عدلیہ کی دی ہوئی سزا میں کمی کر سکتا ہے یا مجرم کو معافی دینے کا اختیار رکھتا ہے۔ وہ سزائے موت کو عمر قید میں بھی تبدیل کر سکتا ہے۔
Q23 · 2 marks
انتظامیہ کے مالیاتی فرائض لکھیں۔
Answer
موجودہ جمہوری ریاستوں میں انتظامیہ سالانہ بجٹ تیار کر کے مقننہ سے اس بجٹ کی منظوری لیتی ہے۔ سالانہ بجٹ تیار کرنا انتظامیہ کی وزارت خزانہ کا کام ہے۔ اس کے بعد انتظامیہ پورا سال منظور شدہ بجٹ کے مطابق ملکی مالیات کا نظام چلاتی ہے۔
Q24 · 2 marks
انتظامیہ کے امور خارجہ کے فرائض لکھیں۔
Answer
انتظامیہ کا یہ بھی فرض ہے کہ وہ ملکی خارجہ پالیسی کو صحیح خطوط پر تشکیل دے اور بیرونی ملکوں سے خوشگوار تعلقات قائم رکھنے کے لیے اقدامات کرے۔ بیرونی ملکوں سے معاہدات کرنا اور ملکی مفاد کے پیش نظر بین الاقوامی معاملات میں درست پالیسی وضع کرنا وزارت خارجہ کے فرائض میں شامل ہے۔
Q25 · 3 marks
عدلیہ کسے کہتے ہیں؟ اس کی اہمیت لکھیں۔
Answer
حکومت کا تیسرا اہم شعبہ عدلیہ ہے جو عدل و انصاف مہیا کرتا ہے۔ عدل و انصاف کا حصول انسان کی اہم ترین ضرورت اور فطری خواہش ہے۔ ایک بااختیار اور آزاد عدلیہ شہریوں کے بنیادی حقوق کی ضامن اور محافظ ہوتی ہے۔
Q26 · 2 marks
اسلام میں عدلیہ کی آزادی کی مثال دیں۔
Answer
اسلامی ریاست میں عدلیہ کو انتظامیہ سے الگ کر دیا گیا تھا۔ اس کے تحت سربراہ مملکت یا حکومت کو بھی قاضی (Judge) کے حکم پر ایک عام شہری کی طرح عدالت میں حاضر ہونا پڑتا تھا۔
Q27 · 3 marks
عدلیہ کی تنظیم کو درخت سے کیوں تشبیہ دی گئی ہے؟
Answer
کسی ریاست کی عدلیہ کی تنظیم ایک ایسے درخت کی مانند ہوتی ہے جس کی شاخیں ارد گرد پھیلی ہوئی ہوں اور وہ اپنی غذا اپنے تنے سے حاصل کرتی ہوں۔ اسی طرح ملک کی سب سے بڑی عدالت سپریم کورٹ (Supreme Court) پورے ملک کے عدالتی نظام کو اپنی نگرانی میں چلاتی ہے۔ اس کے ماتحت صوبوں کی بڑی عدالتیں یعنی ہائی کورٹس (High Courts) ہوتی ہیں اور ان کی زیر نگرانی ضلعی اور مقامی عدالتیں کام کرتی ہیں۔
Q28 · 3 marks
عدلیہ کے فرائض کے نام لکھیں۔
Answer
1۔ عدل و انصاف۔ 2۔ قانون کی تشریح۔ 3۔ آئین کی تشریح۔ 4۔ عدالتی نظرثانی۔ 5۔ مشاورتی فرائض۔
Q29 · 3 marks
عدلیہ کے عدل و انصاف کے فریضے کی وضاحت کریں۔
Answer
عدالتیں مقدمات کا پوری طرح جائزہ لینے کے بعد مجرموں کو قانون کے مطابق سزا دینے اور بے گناہوں کو آزاد کرنے کی مجاز ہوتی ہیں۔ اعلیٰ ملکی عدالتیں اپنی ماتحت عدالتوں کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں بھی سنتی ہیں۔ آزاد عدلیہ کی وجہ سے کوئی بھی حکومت ملکی قانون کی خلاف ورزی نہیں کر سکتی۔ عوام اپنے بنیادی حقوق کا تحفظ عدلیہ کے ذریعے کرتے ہیں۔
Q30 · 2 marks
قانون کی تشریح سے کیا مراد ہے؟
Answer
جب کسی مقدمے میں براہ راست قانون کا اطلاق نہ ہوتا ہو تو عدلیہ متعلقہ قانون کی تشریح کر کے اس کا فیصلہ کرتی ہے۔ اس طرح جج صاحبان ایسی مثالیں (Precedents) قائم کر دیتے ہیں جو بعد کے مقدمات کا فیصلہ کرتے وقت ججوں کے سامنے رہتی ہیں اور ملکی قانون کی طرح تصور ہونے لگتی ہیں۔
Q31 · 2 marks
آئین کی تشریح سے کیا مراد ہے؟
Answer
وفاقی طرز حکومت میں ملکی آئین مرکزی اور صوبائی حکومتوں کے اختیارات کی واضح نشان دہی کرتا ہے۔ اگر ان دونوں حکومتوں کے درمیان اختیارات کی تقسیم پر جھگڑا ہو جائے تو ملک کی اعلیٰ عدالت کو فیصلہ کرنے کا اختیار ہوتا ہے جو آخری فیصلہ سمجھا جاتا ہے۔
Q32 · 3 marks
عدالتی نظرثانی (Judicial Review) کی وضاحت کریں۔
Answer
جن ریاستوں میں تحریری دستور نافذ العمل ہے وہاں مقننہ کے منظور کردہ قوانین پر نظرثانی کا اختیار سپریم کورٹ کو حاصل ہوتا ہے۔ اگر سپریم کورٹ کے نوٹس میں یہ بات لائی جائے کہ مجلس قانون ساز کا منظور کردہ قانون آئین کے خلاف ہے تو یہ اس قانون کا جائزہ لیتی ہے اور اگر اسے ملکی آئین کے خلاف پائے تو اسے کالعدم قرار دے دیتی ہے۔ اس عمل کو عدلیہ کی نظرثانی (Judicial Review) کہتے ہیں۔
Q33 · 2 marks
عدلیہ کے مشاورتی فرائض لکھیں۔
Answer
بعض اوقات سربراہ مملکت کو کسی اہم قانونی نکتے کی وضاحت کے لیے عدالت عظمیٰ سے مشورہ طلب کرنا پڑتا ہے اور پھر وہ اس مشورے کی روشنی میں ضروری اقدامات کرتا ہے۔ اگرچہ انتظامیہ عدلیہ کے مشورے کی پابند نہیں ہوتی لیکن عموماً وہ اس کے مشورے کو نظر انداز نہیں کرتی۔
Q34 · 3 marks
جمہوریت کی تعریف کریں۔
Answer
لفظی اعتبار سے جمہوریت کے معنی عوام کی حکومت ہیں۔ جمہوریت کو انگریزی میں ڈیمو کریسی (Democracy) کہتے ہیں۔ یہ دو یونانی الفاظ ڈیموس (Demos) اور کریٹس (Kratos) سے اخذ کیا گیا ہے۔ پہلے لفظ کا مطلب عوام جبکہ دوسرے کا مطلب حکومت ہے۔
Q35 · 2 marks
دنیا میں قائم رہنے والی حکومتوں کے نام لکھیں۔ موجودہ دور میں کون سی مقبول ہے؟
Answer
بادشاہیت، آمریت اور جمہوریت خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔ موجودہ دور میں جمہوریت کو بہت زیادہ مقبولیت حاصل ہوئی ہے اور اب دنیا کی تقریباً تمام قومیں جمہوری طرز حکومت کو بہترین نظام حکومت سمجھتی ہیں۔
Q36 · 3 marks
جمہوریت کی خوبیوں کے نام لکھیں۔
Answer
1۔ عوام کی حکومت۔ 2۔ ذمہ دار حکومت۔ 3۔ عوامی فلاح و بہبود۔ 4۔ یگانگت اور حب الوطنی۔ 5۔ مساوی حقوق اور یکساں مواقع۔ 6۔ سیاسی تربیت اور شعور کا اہتمام۔ 7۔ تحمل، برداشت اور رواداری کا درس۔ 8۔ پرامن انتقال اقتدار۔ 9۔ انسانی وقار کی علامت۔
Q37 · 2 marks
جمہوریت میں پرامن انتقال اقتدار کی وضاحت کریں۔
Answer
جمہوری نظام میں حکومت کو تبدیل کرنے کے لیے آئینی اور پرامن ذرائع موجود ہیں لہذا محدود مدت کے بعد دوبارہ پرامن انتخابات کے ذریعے با آسانی حکومت کو تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ اس طرح جمہوریت میں عوام مایوس ہو کر خونی انقلاب یا تصادم کی بجائے اپنے ووٹ کی طاقت سے پرامن انتقال اقتدار یقینی بناتے ہیں۔
Q38 · 2 marks
جمہوریت انسانی وقار کی علامت کیسے ہے؟
Answer
جمہوریت کے نظام نے انسانوں کو اپنی قسمت کا حاکم اور اپنی زندگی کے فیصلے اپنی مرضی کے مطابق طے کرنے کا ذریعہ فراہم کیا ہے۔ اس نے انسان کو اپنے بنیادی حقوق سے آگاہ کیا اور ان کے حصول کے لیے بھی بڑی حد تک رہنمائی کی ہے۔ اسی لیے کوئی بھی جمہوری حکومت ظلم نہیں کر سکتی۔
Q39 · 3 marks
جمہوریت کی خامیوں کے نام لکھیں۔
Answer
1۔ محض اکثریت کی حکومت۔ 2۔ سیاسی عدم استحکام اور پارٹی بازی۔ 3۔ پالیسیوں میں تسلسل کا فقدان۔ 4۔ بے جا اصراف۔ 5۔ سست رفتار نظام حکومت۔ 6۔ ہنگامی حالات میں فیصلہ سازی میں تاخیر۔ 7۔ سیاسی مفاہمتوں پر مبنی حکومت۔
Q40 · 2 marks
جمہوریت میں بے جا اصراف کیوں ہوتا ہے؟
Answer
یہ طرز حکومت نسبتاً مہنگا سمجھا جاتا ہے کیونکہ نہ صرف انتخابات کے انعقاد پر اربوں روپے خرچ ہوتے ہیں بلکہ قانون ساز اداروں، وزرا اور مشیروں کے حوالے سے ضروری اور غیر ضروری اخراجات کی طویل فہرست جمہوریت کو عوام پر بوجھ بنا دیتی ہے۔
Q41 · 3 marks
آمریت کی تعریف کریں۔
Answer
انگریزی لفظ ڈکٹیٹر شپ (Dictatorship) لاطینی (Latin) لفظ ڈکٹیٹر (Dictator) سے نکلا ہے جس کے معنی مطلق العنان اختیارات کا مالک شخص ہیں۔ آمریت سے مراد ایسا طرز حکومت ہے جس میں حکومت کے تمام اختیارات کسی فرد واحد (آمر) کے پاس ہوتے ہیں جو کسی سے مشورے کا پابند نہیں ہوتا۔ اس کے منہ سے نکلی ہوئی ہر بات قانون کا درجہ رکھتی ہے۔
Q42 · 3 marks
آمریت کی خصوصیات اور مثالیں لکھیں۔
Answer
آمر عام طور پر حکومت کا اقتدار فوجی طاقت کے ذریعے حاصل کرتا ہے اور جب تک یہ طاقت اس کا ساتھ دیتی ہے وہ اپنا تسلط قائم رکھتا ہے۔ وہ اپنے آپ کو ملک کا نجات دہندہ سمجھتا ہے اس لیے کسی کو مخالفانہ رائے کے اظہار کی اجازت نہیں دیتا۔ آمریت میں صرف ایک پارٹی کی حکومت ہوتی ہے اور دوسری سیاسی پارٹیوں کو جبراً ختم کر دیا جاتا ہے۔ آمر سب کے سامنے جوابدہ ہوتا ہے لیکن وہ کسی کے سامنے جوابدہ نہیں ہوتا۔ اٹلی میں مسولینی، برطانیہ میں کروم ویل اور پاکستان میں ایوب خان کی حکومتیں آمریت کی مثالیں ہیں۔
Q43 · 3 marks
آمریت کی خوبیوں کے نام لکھیں۔
Answer
1۔ فوری فیصلے۔ 2۔ پالیسی میں تسلسل۔ 3۔ ہنگامی حالات کے لیے موزوں۔ 4۔ قومی اتحاد۔ 5۔ مضبوط دفاع۔
Q44 · 3 marks
آمریت میں فوری فیصلے اور ہنگامی حالات کی وضاحت کریں۔
Answer
چونکہ آمریت میں فیصلہ سازی کا اختیار فرد واحد کے پاس ہوتا ہے لہذا وہ فوری فیصلے کر سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر جرمنی پہلی جنگ عظیم میں تباہ ہو کر رہ گیا تھا لیکن ہٹلر نے تھوڑے ہی عرصے میں جرمنی کو اول درجے کی قوت بنا دیا تھا۔ اس طرز حکومت میں فرد واحد تمام اختیارات کا مالک ہوتا ہے جو تمام مسائل کے حل کے لیے فوری فیصلے کرتا ہے اس لیے عموماً ہنگامی حالات پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
Q45 · 3 marks
آمریت کی خامیوں کے نام لکھیں۔
Answer
1۔ آزادی کا خاتمہ۔ 2۔ خوف و ہراس۔ 3۔ غیر ذمہ دار حکومت۔ 4۔ تحقیقی صلاحیتوں کا خاتمہ۔ 5۔ غیر یقینی نظام حکومت۔ 6۔ امن دشمن۔ 7۔ شخصیت پرستی۔ 8۔ قومی انتشار اور خونی انقلاب کا خطرہ۔ 9۔ اقربا پروری اور طاقت کا غلط استعمال۔
Q46 · 2 marks
آمریت میں شخصیت پرستی سے کیا مراد ہے؟
Answer
آمرانہ نظام حکومت کلی طور پر ایک شخصیت کے گرد گھومتا ہے۔ اس میں آمر کو بلند و بالا اور مقدس ہستی کے روپ میں پیش کیا جاتا ہے۔ عوام کو یہ باور کرایا جاتا ہے کہ آمر ہی وہ شخصیت ہے جو عوام کے تمام دکھوں اور مسائل کا حل ہے۔ حالانکہ آمر بہر حال ایک انسان ہے اور غلطی بھی کر سکتا ہے۔ اس لیے عوام کی وابستگیاں ایک فرد کی بجائے ملکی اداروں سے ہونی چاہئیں۔
Q47 · 2 marks
آمریت میں تحقیقی صلاحیتوں کا خاتمہ کیسے ہوتا ہے؟
Answer
آمریت میں عوام کا کام اعلیٰ افسروں کے احکامات بجالانا ہوتا ہے۔ اس لیے ان میں غور و فکر اور ایجاد کی صلاحیتیں ختم ہو جاتی ہیں۔ اس طرح ملک ماہرین کی آزادانہ رائے سے محروم رہ جاتا ہے اور علمی و تحقیقی ترقی رک جاتی ہے۔
Q48 · 3 marks
اچھے نظام حکومت سے کیا مراد ہے؟
Answer
اچھا نظام حکومت سے مراد حکومت کرنے کا ایسا فن ہے جس میں تمام عوامی فیصلے اور دیگر حکومتی معاملات صاف اور شفاف طریقے سے سرانجام دیے جائیں۔ حکومتی عہدے داروں کو اپنے عہدوں کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے۔ حکومت اور عوام کے درمیان قربی تعلق قائم کیا جائے۔ اس نظام حکومت میں تمام معاشرتی و سیاسی گروہوں کو حکومت کے کاروبار میں برابر کا شریک ٹھہرایا جاتا ہے۔ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹرل کر فلاحی کام کرتے ہیں۔
Q49 · 3 marks
فلاحی ریاست کے اچھے نظام حکومت کی خصوصیات کے نام لکھیں۔
Answer
1۔ عدل و انصاف کا قیام۔ 2۔ جمہوری اقدار کا فروغ۔ 3۔ بدعنوانی کا خاتمہ۔ 4۔ خوشحال معاشرے کا قیام۔ 5۔ مکمل مذہبی آزادی۔ 6۔ استحصال سے پاک معاشرہ۔ 7۔ ذمہ دار حکومت کا اصول۔ 8۔ احتساب کا اصول۔ 9۔ مناسب منصوبہ بندی۔ 10۔ حکومت اور عوام میں رابطہ۔ 11۔ مہارت کا اصول۔ 12۔ شفافیت کا اصول۔
Q50 · 2 marks
اچھے نظام حکومت میں احتساب اور مہارت کے اصول کی وضاحت کریں۔
Answer
احتساب کا اصول: حکومت کے ہر کارندے کو احتساب کے مراحل سے گزرنا پڑتا ہے۔ ہر ایک کی نا اہلی اور لاپرواہی پر سزا دی جاتی ہے۔ مہارت کا اصول: اچھی حکومت مہارت کے اصول پر کام کر رہی ہوتی ہے یعنی جو فرد جس کام کا ماہر ہے اس کو وہی کام سونپا جاتا ہے جس سے حکومت کی کارکردگی میں بہتری آتی ہے۔
Q51 · 2 marks
شفافیت کا اصول اور مذہبی آزادی سے کیا مراد ہے؟
Answer
اچھی حکومت شفافیت کے عمل کو یقینی بناتی ہے اور عوام سے متعلق تمام فیصلہ سازی کے امور خفیہ نہیں رکھے جاتے بلکہ ہر شخص کو سرکاری دستاویز تک مکمل رسائی فراہم کی جاتی ہے۔ اچھی انتظامیہ ملک میں مکمل مذہبی آزادی کو فروغ دیتی ہے اور تمام اقلیتوں کو ان کے مذاہب کے مطابق عبادات کی مکمل آزادی ہوتی ہے۔
Q52 · 3 marks
اسلامی نقطہ نظر سے حکومت کا کردار بیان کریں۔
Answer
اسلامی نقطہ نظر سے حکومت کا یہ کردار ہے کہ وہ ریاست میں بسنے والے تمام افراد کے بنیادی حقوق کا خیال رکھے۔ ان کی ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود پر زیادہ سے زیادہ توجہ دے تاکہ افراد میں اپنی ریاست کے لیے وفاداری کے جذبات پیدا ہوں۔ اسلام نے آج سے چودہ سو سال پہلے فلاحی ریاست کا ایک ایسا نقشہ پیش کیا جس میں ہر فرد کا پورا پورا خیال رکھا جاتا ہے۔
Q53 · 3 marks
اسلامی حکومت کے فرائض کے نام لکھیں۔
Answer
1۔ امن و امان کا قیام۔ 2۔ ملکی دفاع۔ 3۔ انصاف کا قیام۔ 4۔ بیرونی ممالک سے تعلقات۔ 5۔ صحت اور تعلیم کی فراہمی۔ 6۔ روزگار کی فراہمی۔ 7۔ باہمی مشاورت۔ 8۔ ترقی کے مواقع۔ 9۔ بہتر اقتصادی حالت۔
Q54 · 3 marks
اسلامی حکومت میں انصاف کا قیام اور صحت و تعلیم کی فراہمی کی وضاحت کریں۔
Answer
فوری اور سستا انصاف فراہم کرنا اسلامی حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے تاکہ لوگوں میں احساس محرومی پیدا نہ ہو۔ اسلامی حکومت کا فرض ہے کہ ریاست میں بسنے والے تمام لوگوں کی صحت اور تعلیم کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مناسب اقدامات کرے۔
Q55 · 2 marks
اسلامی حکومت میں باہمی مشاورت اور ترقی کے مواقع کیا ہیں؟
Answer
اسلامی حکومت ریاست کے تمام معاملات باہمی مشاورت اور اتفاق رائے سے طے کرتی ہے۔ ایک فلاحی اسلامی ریاست میں ہر فرد کو اپنی صلاحیتوں کے مطابق ترقی اور اظہار کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔
Q56 · 3 marks
اسلامی حکومت میں امن و امان، ملکی دفاع اور بیرونی تعلقات کی وضاحت کریں۔
Answer
اسلامی حکومت کا اہم فرض ہے کہ ریاست میں امن و امان قائم کرے تاکہ لوگ سکون کی زندگی بسر کر سکیں۔ وہ ملکی دفاع پر خاص توجہ دیتی ہے تاکہ بیرونی خطرات سے تحفظ حاصل ہو سکے۔ اسلامی حکومت ہمیشہ بیرون ممالک سے بہتر تعلقات رکھنے کی حامی ہوتی ہے۔
Q57 · 2 marks
اسلامی حکومت روزگار کی فراہمی اور بہتر اقتصادی حالت کے لیے کیا کرتی ہے؟
Answer
ہر فرد کے لیے روزگار کی فراہمی اسلامی حکومت کی اہم ذمہ داری ہوتی ہے۔ ایک فلاحی اسلامی ریاست میں حکومت لوگوں کی اقتصادی حالت کو بہتر بنانے کے لیے نئے نئے منصوبے شروع کرتی ہے۔
Long questions with answers
Q1 · 8 marks
مقننہ سے کیا مراد ہے نیز مقننہ کی تنظیم کی وضاحت کریں۔
Answer
مقننہ: مقننہ کا اہم ترین کام ملک کے لیے قانون سازی کرنا ہے۔ یہ حکومت کے تین شعبوں میں سے اہم ترین شعبہ ہے کیونکہ جو بھی قانون بناتا ہے، اسی کا نفاذ انتظامیہ کرتی ہے اور اسی کے مطابق عدلیہ اپنے فرائض ادا کرتی ہے۔ مقننہ عوام کے منتخب کردہ نمائندوں پر مشتمل ہوتی ہے اور یہ ایک بااختیار ادارہ ہے۔ مقننہ کی تنظیم: 1۔ ممبران کی تعداد: مقننہ پوری قوم کی نمائندہ ہوتی ہے اس لیے ممبران کی تعداد کا تعین کرتے وقت اس بات کا خاص خیال رکھا جاتا ہے کہ زندگی کے تمام شعبوں کی مناسب نمائندگی ہو سکے۔ یہ بھی ضروری ہے کہ بحث و مباحثہ کے لیے ممبران کی تعداد اتنی زیادہ نہ ہو کہ ایوان کا نظم و ضبط برقرار رکھنا مشکل ہو جائے اور کسی نتیجے پر پہنچنے میں دشواری ہو جائے۔ دستور کے مطابق مقننہ کے ارکین کی تعداد مقرر ہوتی ہے۔ 2۔ نمائندگی کا اصول: موجودہ جمہوری دور میں عوامی نمائندگی کے اصول کو بالا دستی حاصل ہو گئی ہے۔ اس جدید اصول کے مطابق ملک کے ووٹروں کی تعداد، عمر اور اہلیت کے اعتبار سے نمائندگی متعین کی جاتی ہے تاکہ ہر حلقے کے لوگوں کو ایوان میں نمائندگی حاصل ہو سکے۔ 3۔ مدت: ایک اہم چیز مقننہ کی مدت کا تعین کرنا ہے۔ مدت نہ تو اتنی مختصر ہو کہ ممبران کو قانون سازی کے متعلق معاملات کا علم بھی نہ ہو سکے اور نہ ہی اتنی طویل ہو کہ ان حالات میں بالکل تبدیلی واقع ہو جائے جن کے تحت ممبران کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔ 4۔ طریقہ انتخاب: مقننہ کے ممبران کا انتخاب بلاواسطہ یا بالواسطہ طریقے سے کیا جاتا ہے۔
Q2 · 8 marks
اسلامی حکومت کے فرائض کا احاطہ کریں۔
Answer
تعارف: اسلامی نقطہ نظر سے حکومت کا یہ کردار ہے کہ وہ ریاست میں بسنے والے تمام افراد کے بنیادی حقوق کا خیال رکھے۔ ان کی ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود پر زیادہ سے زیادہ توجہ دے تاکہ افراد میں اپنی ریاست کے لیے وفاداری کے جذبات پیدا ہوں۔ اسلام نے آج سے چودہ سو سال پہلے فلاحی ریاست کا ایک ایسا نقشہ پیش کیا جس میں ہر فرد کا پورا پورا خیال رکھا جاتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ اسلامی حکومت ہر فرد کو معاشی و معاشرتی تحفظ فراہم کرتی ہے تاکہ وہ مطمئن زندگی گزار سکے۔ فرائض: 1۔ امن و امان کا قیام: اسلامی حکومت کا اہم فرض ہے کہ ریاست میں امن و امان قائم کرے تاکہ لوگ سکون کی زندگی بسر کر سکیں۔ 2۔ ملکی دفاع: اسلامی حکومت ملکی دفاع پر خاص توجہ دیتی ہے تاکہ بیرونی خطرات سے تحفظ حاصل ہو سکے۔ 3۔ انصاف کا قیام: فوری اور سستا انصاف فراہم کرنا اسلامی حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے تاکہ لوگوں میں احساس محرومی پیدا نہ ہو۔ 4۔ بیرونی ممالک سے تعلقات: اسلامی حکومت ہمیشہ بیرون ممالک سے بہتر تعلقات رکھنے کی حامی ہوتی ہے۔ 5۔ صحت اور تعلیم کی فراہمی: ریاست میں بسنے والے تمام لوگوں کی صحت اور تعلیم کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مناسب اقدامات کرنا۔ 6۔ روزگار کی فراہمی: ہر فرد کے لیے روزگار کی فراہمی اسلامی حکومت کی اہم ذمہ داری ہوتی ہے۔ 7۔ باہمی مشاورت: اسلامی حکومت ریاست کے تمام معاملات باہمی مشاورت اور اتفاق رائے سے طے کرتی ہے۔ 8۔ ترقی کے مواقع: ایک فلاحی اسلامی ریاست میں ہر فرد کو اپنی صلاحیتوں کے مطابق ترقی اور اظہار کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔ 9۔ بہتر اقتصادی حالت: ایک فلاحی اسلامی ریاست میں حکومت لوگوں کی اقتصادی حالت کو بہتر بنانے کے لیے نئے نئے منصوبے شروع کرتی ہے۔
Q3 · 8 marks
ایک فلاحی ریاست کے اچھے نظام حکومت کی خصوصیات بیان کریں۔
Answer
اچھے نظام حکومت سے مراد حکومت کرنے کا ایسا فن ہے جس میں تمام عوامی فیصلے اور دیگر حکومتی معاملات صاف اور شفاف طریقے سے سرانجام دیے جائیں۔ حکومتی عہدے داروں کو اپنے عہدوں کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے۔ حکومت اور عوام کے درمیان قربی تعلق قائم کیا جائے۔ حکومت کے کاروبار میں تمام معاشرتی و سیاسی گروہوں کو برابر کا شریک ٹھہرایا جاتا ہے۔ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر مل کر فلاحی کام کرتے ہیں۔ خصوصیات: 1۔ عدل و انصاف کا قیام: یہ نظام عدل و انصاف پر مبنی ہوتا ہے، کسی فرد یا طبقہ سے کسی قسم کی زیادتی نہیں کی جاتی اور ہر ایک کے ساتھ انصاف کا سلوک ہوتا ہے۔ 2۔ جمہوری اقدار کا فروغ: مساوات، انصاف، برداشت، آزادی وغیرہ کو فروغ دیا جاتا ہے، ظلم و تشدد کو ختم کر کے تمام لوگوں کو برابر کے انسانی حقوق دیے جاتے ہیں۔ 3۔ بدعنوانی کا خاتمہ: بدعنوانی کا مکمل خاتمہ کیا جاتا ہے، انتظامیہ ایماندار ہوتی ہے اور ہر کام شفاف طریقے سے کرتی ہے، بدعنوان عنصر کو نکال دیا جاتا ہے۔ 4۔ خوشحال معاشرے کا قیام: اچھی انتظامیہ معاشرہ کو خوشحال اور ملک کو معاشی طور پر مضبوط کرتی ہے۔ ملک و معاشرہ کو پسماندہ رکھنا اچھی انتظامیہ کے اصولوں کے خلاف ہے۔ 5۔ مکمل مذہبی آزادی: تمام اقلیتوں کو ان کے مذاہب کے مطابق عبادات کی مکمل آزادی ہوتی ہے۔ 6۔ استحصال سے پاک معاشرہ: کوئی طبقہ کسی دوسرے کا استحصال نہیں کر سکتا اور نہ ہی کسی طبقہ کو اس کے حق سے محروم رکھا جا سکتا ہے۔ 7۔ ذمہ دار حکومت کا اصول: حکومت خود کو عوام اور متعلقہ اداروں کے سامنے جوابدہ بناتی ہے، حکومت کا ہر کارندہ اپنے فرائض کے لیے عوام کے سامنے جوابدہ ہوتا ہے۔ 8۔ احتساب کا اصول: حکومت کے ہر کارندے کو احتساب کے مراحل سے گزرنا پڑتا ہے، ہر ایک کی نا اہلی اور لاپرواہی پر سزا دی جاتی ہے۔ 9۔ مناسب منصوبہ بندی: اچھی انتظامیہ ملک و قوم کی ترقی کے لیے مناسب منصوبہ بندی کرتی ہے اور اس کو عملی جامہ پہناتی ہے، مناسب منصوبہ بندی سے ہی ملکی ترقی ممکن ہے۔ 10۔ حکومت اور عوام میں رابطہ: اچھی انتظامیہ حکومت اور عوام میں قربی رابطہ پیدا کرتی ہے تاکہ حکومت عوام کے مسائل معلوم کر سکے اور ان کے حل کے لیے مناسب اقدام اٹھا سکے۔ اس سے عوام کا حکومت پر اعتماد بڑھتا ہے۔ 11۔ مہارت کا اصول: جو فرد جس کام کا ماہر ہے اس کو وہی کام سونپا جاتا ہے جس سے حکومت کی کارکردگی میں بہتری آتی ہے۔ 12۔ شفافیت کا اصول: عوام سے متعلق تمام فیصلہ سازی کے امور خفیہ نہیں رکھے جاتے بلکہ ہر شخص کو سرکاری دستاویز تک مکمل رسائی فراہم کی جاتی ہے۔
Q4 · 8 marks
آمریت کی تعریف کریں۔ اس کی خوبیاں اور خامیاں واضح کریں۔
Answer
تعریف: انگریزی لفظ ڈکٹیٹر شپ (Dictatorship) لاطینی (Latin) لفظ ڈکٹیٹر (Dictator) سے نکلا ہے جس کے معنی مطلق العنان اختیارات کا مالک شخص ہیں۔ آمریت سے مراد ایسا طرز حکومت ہے جس میں حکومت کے تمام اختیارات کسی فرد واحد (آمر) کے پاس ہوتے ہیں جو کسی سے مشورے کا پابند نہیں ہوتا۔ اس کے منہ سے نکلی ہوئی ہر بات قانون کا درجہ رکھتی ہے۔ عام طور پر آمر حکومت کا اقتدار فوجی طاقت کے ذریعے حاصل کرتا ہے۔ آمریت میں صرف ایک پارٹی کی حکومت ہوتی ہے۔ اٹلی میں مسولینی، برطانیہ میں کروم ویل اور پاکستان میں ایوب خان کی حکومتیں آمریت کی مثالیں ہیں۔ خوبیاں: 1۔ فوری فیصلے: فیصلہ سازی کا اختیار فرد واحد کے پاس ہوتا ہے لہذا وہ فوری فیصلے کر سکتے ہیں، مثلاً ہٹلر نے تھوڑے ہی عرصے میں تباہ حال جرمنی کو اول درجے کی قوت بنا دیا۔ 2۔ پالیسی میں تسلسل: یہ طرز حکومت عموماً مضبوط اور طویل ہوتا ہے اور پالیسی بھی ایک جیسی رہتی ہے اس لیے جو بھی پروگرام بنایا جاتا ہے اس میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں ہوتی۔ 3۔ ہنگامی حالات کے لیے موزوں: فرد واحد تمام اختیارات کا مالک ہوتا ہے جو تمام مسائل کے حل کے لیے فوری فیصلے کرتا ہے۔ 4۔ قومی اتحاد: مخالف سیاسی جماعتوں کی عدم موجودگی سے پارٹی بازی اور گروہ بندی ختم ہو جاتی ہے۔ 5۔ مضبوط دفاع: آمریت میں اقتدار کا انحصار فوجی قوت پر ہوتا ہے اس لیے فوجی قوت پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ خامیاں: 1۔ آزادی کا خاتمہ: فرد کی آزادی مکمل طور پر ختم کر دی جاتی ہے۔ 2۔ خوف و ہراس: آمر کے اقتدار کا انحصار طاقت کے بل بوتے پر ہوتا ہے اور وہ اقتدار کی حفاظت کے لیے قوت کا بے دریغ استعمال کرتا ہے جس سے ملک میں خوف و ہراس پیدا ہو جاتا ہے۔ 3۔ غیر ذمہ دار حکومت: آمریت میں بحث و مباحثہ کا سلسلہ ختم ہو جاتا ہے اور اختلاف رائے کو سنگین جرم سمجھا جاتا ہے، آمر کی مسلسل غلطیوں سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتا رہتا ہے۔ 4۔ تحقیقی صلاحیتوں کا خاتمہ: عوام کا کام اعلیٰ افسروں کے احکامات بجالانا ہوتا ہے اس لیے غور و فکر اور ایجاد کی صلاحیتیں ختم ہو جاتی ہیں۔ 5۔ غیر یقینی نظام حکومت: آمریت عموماً ہنگامی اور بحرانی دور کی پیداوار ہوتی ہے اس لیے اس کے انجام کے بارے میں شبہات موجود رہتے ہیں۔ 6۔ امن دشمن: آمر کی تشدد آمیز پالیسی عوامی ردعمل کو بھی پرتشدد بنا دیتی ہے اور آمروں سے ہمیشہ عالمی امن کو بھی خطرہ رہا ہے۔ 7۔ شخصیت پرستی: آمرانہ نظام حکومت کلی طور پر ایک شخصیت کے گرد گھومتا ہے۔ 8۔ قومی انتشار اور خونی انقلاب کا خطرہ: آمر سے نجات حاصل کرنے کے لیے عوام کو تشدد اور خون خرابے کی راہ اختیار کرنا پڑتی ہے۔ 9۔ اقربا پروری اور طاقت کا غلط استعمال: آمر اپنی طاقت کے بے جا استعمال پر کسی کو جوابدہ نہیں ہوتا لہذا عموماً اقربا پروری اور طاقت کے ناجائز استعمال کا خدشہ موجود رہتا ہے۔
نوٹ: آمریت تمام خوبیوں کے باوجود ایک ناپسندیدہ طرز حکومت ہے۔
Q5 · 8 marks
جمہوریت کی تعریف کریں نیز جمہوریت کی خوبیوں اور خامیوں کا جائزہ لیں۔
Answer
تعریف: لفظی اعتبار سے جمہوریت کے معنی عوام کی حکومت ہیں۔ جمہوریت کو انگریزی میں ڈیمو کریسی (Democracy) کہتے ہیں۔ یہ دو یونانی الفاظ ڈیموس (Demos) یعنی عوام اور کریٹس (Kratos) یعنی حکومت سے اخذ کیا گیا ہے۔ خوبیاں: 1۔ عوام کی حکومت: حکومت بنانے کا اختیار عوام کو حاصل ہوتا ہے، عوام کے ووٹوں سے منتخب شدہ نمائندے عوام کی مرضی کے مطابق حکومت چلاتے ہیں۔ 2۔ ذمہ دار حکومت: عوامی نمائندے اپنے ہر فیصلے میں عوامی مفادات کو مدنظر رکھنے پر مجبور ہوتے ہیں ورنہ آئندہ انتخابات میں عوام انہیں مسترد کر دیتے ہیں۔ کابینہ کے ارکان اسمبلیوں میں سوالات کے جوابات دینے کے پابند ہوتے ہیں۔ 3۔ عوامی فلاح و بہبود: جمہوری حکومت عام لوگوں کی فلاح و بہبود کا زیادہ خیال رکھتی ہے اور تعلیم، صحت، امن عامہ اور تعمیر و ترقی کے بڑے بڑے منصوبے بناتی ہے۔ 4۔ یگانگت اور حب الوطنی: عوام اور ان کے منتخب نمائندے ایک دوسرے سے جڑے ہوتے ہیں اور حکومت کو اپنی حکومت سمجھتے ہیں، لہذا وہ صوبائی پرستی، فرقہ واریت اور لسانی منافرت کو بالائے طاق رکھ کر زیادہ حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ 5۔ مساوی حقوق اور یکساں مواقع: جمہوریت آزادی اور مساوات کی علمبردار ہوتی ہے، تمام شہریوں کو بلا امتیاز مساوی حقوق حاصل ہوتے ہیں اور ہر فرد کو ترقی کے مساوی مواقع میسر آتے ہیں۔ 6۔ سیاسی تربیت اور شعور کا اہتمام: مسلسل انتخابی عمل سے عوامی سیاسی شعور میں اضافہ ہوتا رہتا ہے، اسمبلیوں میں بحث و تکرار سے عوام کی سیاسی سمجھ بوجھ میں اضافہ ہوتا ہے اور سیاسی جماعتیں بھی رائے عامہ ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ 7۔ تحمل، برداشت اور رواداری کا درس: اختلاف رائے اور تنقید کو نظام حکومت کے اہم اجزا سمجھا جاتا ہے، حکومت پر تنقید کو ریاست سے غداری نہیں سمجھا جاتا اور عوامی رائے کو مدنظر رکھ کر مناسب ترامیم بھی کی جاتی ہیں۔ 8۔ پرامن انتقال اقتدار: حکومت کو تبدیل کرنے کے لیے آئینی اور پرامن ذرائع موجود ہیں، لہذا محدود مدت کے بعد دوبارہ پرامن انتخابات کے ذریعے با آسانی حکومت کو تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ 9۔ انسانی وقار کی علامت: جمہوریت نے انسانوں کو اپنی قسمت کا حاکم بنایا، انسان کو اپنے بنیادی حقوق سے آگاہ کیا اور کوئی جمہوری حکومت ظلم نہیں کر سکتی۔ خامیاں: 1۔ محض اکثریت کی حکومت: فیصلے اکثریت سے ہوتے ہیں خواہ اکثریت کا تناسب کتنا ہی کم کیوں نہ ہو اور یہ بھی ضروری نہیں کہ اکثریت میں اعلیٰ درجے کی قابلیت پائی جاتی ہو، یعنی جمہوریت میں اہلیت کی بجائے تعداد پر زور دیا جاتا ہے۔ 2۔ سیاسی عدم استحکام اور پارٹی بازی: جمہوریت قوم کو پارٹیوں، گروپوں اور دھڑوں میں تقسیم کر دیتی ہے، اکثر ذاتی مفاد کو قومی مفاد پر ترجیح دی جاتی ہے، یوں بعض اوقات قومی اتحاد کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور اہم قومی امور پر اتفاق رائے نہیں ہو پاتا۔ 3۔ پالیسیوں میں تسلسل کا فقدان: ہر آنے والی نئی حکومت محض پارٹی بازی کی وجہ سے پرانی پالیسیوں کو بدل دیتی ہے جس سے ملک میں عدم استحکام پیدا ہو سکتا ہے۔ 4۔ بے جا اصراف: یہ طرز حکومت نسبتاً مہنگا سمجھا جاتا ہے کیونکہ انتخابات کے انعقاد پر اربوں روپے خرچ ہوتے ہیں اور قانون ساز اداروں، وزرا اور مشیروں کے غیر ضروری اخراجات عوام پر بوجھ بن جاتے ہیں۔ 5۔ سست رفتار نظام حکومت: بنیادی طور پر ایک سست رفتار نظام حکومت ہے کیونکہ دانستہ تفصیلی بحث و مباحثہ کو ایک پیچیدہ اور طویل عمل سے گزارا جاتا ہے، عموماً اس میں بہت سا بیش قیمت وقت ضائع ہوتا ہے اور اہم فیصلہ سازی سست روی کا شکار ہو جاتی ہے۔ 6۔ ہنگامی حالات میں فیصلہ سازی میں تاخیر: مختلف ہنگامی حالات مثلاً جنگ وغیرہ کی صورت میں فوری فیصلہ سازی ممکن نہیں ہوتی کیونکہ جمہوریت میں پائی جانے والی سست روی آڑے آ سکتی ہے۔ 7۔ سیاسی مفاہمتوں پر مبنی حکومت: کبھی بھی ملک کی سیاسی جماعتوں کی موجودگی سے کوئی ایک پارٹی انتخابات میں واضح اکثریت حاصل نہیں کر سکتی تو مخلوط حکومت بنانا پڑتی ہے اور مخلوط حکومت ہمیشہ کمزور ثابت ہوتی ہے، اس طرح آئے دن حکومتیں بدلتی رہتی ہیں۔
نوٹ: جمہوریت تمام خامیوں کے باوجود ایک بہتر طرز حکومت ہے۔
Q6 · 8 marks
مقننہ کے فرائض واضح کریں۔
Answer
1۔ قانون سازی کے فرائض: قانون سازی کے لیے بڑے سوچ بچار اور گہرے غور و فکر کی ضرورت ہوتی ہے، مقننہ کا زیادہ تر وقت اسی اہم فریضے کی ادائیگی میں صرف ہوتا ہے۔ قانون ساز مجلس کے ارکان عوام کے منتخب کردہ ہوتے ہیں اس لیے وہ ذمہ داری کے ساتھ عوام کی مرضی کے مطابق قانون سازی کا فریضہ سرانجام دیتے ہیں۔ ملکی ضرورت کے مطابق مختلف مسودات قانون مقننہ کے سامنے پیش کیے جاتے ہیں، وہ ان کی ایک ایک شق پر غور کرتی ہے اور خوب چھان بین کر کے انہیں قانون کی شکل دے دیتی ہے یا مسترد کر دیتی ہے۔ مقننہ نئے قوانین بنانے کے علاوہ پرانے قوانین میں حالات و ضروریات کے مطابق ترمیم کا کام بھی سرانجام دیتی ہے۔ 2۔ مالیاتی فرائض: انتظامیہ کو کاروبار حکومت اور نظم و نسق چلانے کے لیے روپیہ درکار ہوتا ہے، اس روپے کی منظوری اسے مقننہ سے حاصل کرنا پڑتی ہے۔ مقننہ کی منظوری کے بغیر انتظامیہ کوئی ٹیکس وصول نہیں کر سکتی اور نہ اخراجات کرنے کی مجاز ہوتی ہے۔ انتظامیہ ہر سال بجٹ (آمدنی و اخراجات کا اندازہ) پیش کرتی ہے، مقننہ پورے غور و خوض اور ضروری تبدیلیوں کے بعد بجٹ کی منظوری دیتی ہے۔ اس طرح یہ حکومت کو ضروری مالیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اخراجات کرنے کا مجاز بناتی ہے۔ 3۔ انتظامی فرائض: جمہوری ریاستوں میں مقننہ بعض انتظامی فرائض بھی سرانجام دیتی ہے۔ پارلیمانی طرز حکومت میں کابینہ اپنی اجتماعی حیثیت میں مجلس قانون ساز کے سامنے جوابدہ ہوتی ہے اور اس کی تشکیل بھی مقننہ ہی سے کی جاتی ہے۔ صدارتی طرز حکومت میں صدر مملکت اہم عہدوں پر تقرریاں کرتے وقت، اعلان جنگ کرنے سے پہلے یا معاہدات (Treaties) کرتے وقت مقننہ کو اعتماد میں لیتا ہے۔ امریکہ میں صدر کے لیے ایسے تمام معاملات میں امریکی ایوان بالا (Senate) سے منظوری حاصل کرنا ضروری ہے۔ 4۔ عدالتی فرائض: بعض اوقات مقننہ عدالتی فرائض بھی سرانجام دیتی ہے۔ امریکہ میں کانگرس صدر، نائب صدر اور وفاقی عدلیہ کے ججوں کا مواخذہ (Impeachment) کر سکتی ہے۔ برطانیہ میں دارالامراء کے قانونی امراء ملک کی سب سے بڑی اور آخری عدالت کے طور پر کام کرتے ہیں۔ 5۔ دستور میں ترمیم کے فرائض: مقننہ دستور میں ترمیم کے فرائض سرانجام دیتی ہے۔ جن ممالک کے آئین تحریری ہیں وہاں مقننہ آئین میں ترامیم کرنے کی مجاز ہے۔ یہ ترمیم دونوں ایوانوں کی اکثریت سے ممکن ہوتی ہے۔ 6۔ عوامی شکایات کا ازالہ کرنا: مقننہ عوامی شکایات حکومت کے نوٹس میں لانے اور ان کا ازالہ کرانے کا بھی اہم ذریعہ ہوتی ہے۔ مقننہ کے ارکین کو اجلاس میں ہر بات کہنے کی کھلی آزادی حاصل ہوتی ہے اور وہ عوامی شکایات کو حکومت کی نظر میں لانے کے لیے کئی طریقے اختیار کر سکتے ہیں مثلاً تحریک التواء، قراردادیں اور سوالات وغیرہ۔
Q7 · 8 marks
انتظامیہ سے کیا مراد ہے؟ نیز اس کے فرائض بیان کریں۔
Answer
انتظامیہ: حکومت کا دوسرا اہم شعبہ انتظامیہ ہے جو قوانین کا نفاذ کرتی ہے۔ انتظامیہ حکومت کے تیسرے شعبے یعنی عدلیہ کے فیصلوں کو عملی جامہ پہنانے کی بھی ذمہ دار ہوتی ہے۔ انتظامیہ اپنے وسیع معنوں میں حکومت کے تمام افراد یعنی ایک پولیس کے سپاہی سے لے کر سربراہ مملکت تک پر مشتمل ہوتی ہے لیکن اپنے محدود معنوں میں صرف انتظامیہ کے اعلیٰ ترین ارکان پر مشتمل ہوتی ہے، مثلاً پارلیمانی طرز حکومت میں سربراہ مملکت وزیراعظم اور اس کی کابینہ کے وزراء انتظامیہ کہلاتے ہیں جبکہ صدارتی نظام میں صدر اور اس کے وزراء انتظامیہ کہلاتے ہیں۔ فرائض: جدید جمہوری ریاستوں میں انتظامیہ کا سب سے اہم فریضہ مقننہ کے بنائے ہوئے قوانین کا نفاذ کرنا ہوتا ہے لیکن اس کے علاوہ کئی اور فرائض بھی سرانجام دیتی ہے۔ 1۔ ملکی نظم و نسق چلانا: انتظامیہ مقننہ کے بنائے ہوئے قوانین کو عملی جامہ پہناتی ہے اور ان کے مطابق ریاست کے نظم و نسق کو چلانے کی ذمہ دار ہوتی ہے۔ ملکی دفاع کا انتظام کرنا اور اندرونی طور پر امن و امان قائم رکھنا انتظامیہ کا سب سے اہم فرض ہے، اس کے لیے وہ مسلح افواج اور پولیس کو منظم کرتی ہے۔ 2۔ قانون سازی کے فرائض: ملکی دستور کے مطابق انتظامیہ کا سربراہ مقننہ کا اجلاس بلاتا ہے، اسے برخاست کرنے اور مقننہ کو توڑنے کا اختیار رکھتا ہے، نیز جب مقننہ کا اجلاس نہ ہو رہا ہو تو وہ عارضی طور پر آرڈینینس (Ordinance) جاری کر سکتا ہے۔ صدارتی طرز حکومت میں صدر مقننہ کے منظور کردہ قانون میں ترمیم کرنے یا اسے مسترد کرنے کا اختیار بھی رکھتا ہے جسے حق استرداد (Veto Power) کہتے ہیں۔ 3۔ عدالتی فرائض: انتظامیہ کا سربراہ ملکی عدلیہ کے ججوں کا تقرر کرتا ہے۔ اس کے علاوہ رحم کی اپیل کی صورت میں وہ عدلیہ کی دی ہوئی سزا میں کمی یا مجرم کو معافی دینے کا اختیار رکھتا ہے، وہ سزائے موت کو عمر قید میں بھی تبدیل کر سکتا ہے۔ 4۔ مالیاتی فرائض: موجودہ جمہوری ریاستوں میں انتظامیہ سالانہ بجٹ تیار کر کے مقننہ سے اس بجٹ کی منظوری لیتی ہے۔ سالانہ بجٹ تیار کرنا انتظامیہ کی وزارت خزانہ کا کام ہے، اس کے بعد انتظامیہ پورا سال منظور شدہ بجٹ کے مطابق ملکی مالیات کا نظام چلاتی ہے۔ 5۔ امور خارجہ کے فرائض: انتظامیہ کا یہ بھی فرض ہے کہ وہ ملکی خارجہ پالیسی کو صحیح خطوط پر تشکیل دے اور بیرونی ملکوں سے خوشگوار تعلقات قائم رکھنے کے لیے اقدامات کرے۔ بیرونی ملکوں سے معاہدات کرنا اور ملکی مفاد کے پیش نظر بین الاقوامی معاملات میں درست پالیسی وضع کرنا وزارت خارجہ کے فرائض میں شامل ہے۔
Q8 · 8 marks
عدلیہ کون کون سے فرائض سرانجام دیتی ہے؟
Answer
عدلیہ: حکومت کا تیسرا اہم شعبہ عدلیہ ہے۔ عدل و انصاف کا حصول انسان کی اہم ترین ضرورت اور فطری خواہش ہے۔ اسلام نے آج سے چودہ سو سال پہلے جو عظیم الشان اسلامی ریاست قائم کی تھی اس میں عدلیہ کو انتظامیہ سے الگ کر دیا گیا تھا، اس کے تحت سربراہ مملکت کو بھی قاضی (Judge) کے حکم پر ایک عام شہری کی طرح عدالت میں حاضر ہونا پڑتا تھا۔ موجودہ دور میں کسی ریاست کے مہذب ہونے کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس کی عدلیہ کس حد تک بااختیار اور آزاد ہے۔ ایک بااختیار اور آزاد عدلیہ شہریوں کے بنیادی حقوق کی ضامن اور محافظ ہوتی ہے۔ عدلیہ کی تنظیم ایک درخت کی مانند ہوتی ہے۔ ملک کی سب سے بڑی عدالت سپریم کورٹ (Supreme Court) ہوتی ہے جو ملک کے پورے عدالتی نظام کو اپنی نگرانی میں چلاتی ہے، اس کے ماتحت صوبوں کی بڑی عدالتیں ہائی کورٹس (High Courts) ہوتی ہیں اور ان کی زیر نگرانی ضلعی اور مقامی عدالتیں کام کرتی ہیں۔ فرائض: 1۔ عدل و انصاف: عدلیہ کا اہم ترین فریضہ عدل و انصاف مہیا کرنا ہے۔ عدالتیں مقدمات کا پوری طرح جائزہ لینے کے بعد مجرموں کو قانون کے مطابق سزا دینے اور بے گناہوں کو آزاد کرنے کی مجاز ہوتی ہیں۔ اعلیٰ ملکی عدالتیں اپنی ماتحت عدالتوں کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں بھی سنتی ہیں۔ آزاد عدلیہ کی وجہ سے کوئی بھی حکومت ملکی قانون کی خلاف ورزی نہیں کر سکتی۔ 2۔ قانون کی تشریح: جب کسی مقدمے میں براہ راست قانون کا اطلاق نہ ہو تو عدلیہ متعلقہ قانون کی تشریح کر کے اس کا فیصلہ کرتی ہے، اس طرح جج صاحبان ایسی مثالیں (Precedents) قائم کر دیتے ہیں جو بعد کے مقدمات کا فیصلہ کرتے وقت ججوں کے سامنے رہتی ہیں اور ملکی قانون کی طرح تصور ہونے لگتی ہیں۔ 3۔ آئین کی تشریح: وفاقی طرز حکومت میں ملکی آئین مرکزی اور صوبائی حکومتوں کے اختیارات کی واضح نشان دہی کرتا ہے، اگر ان دونوں حکومتوں کے درمیان اختیارات کی تقسیم پر جھگڑا ہو جائے تو ملک کی اعلیٰ عدالت کو فیصلہ کرنے کا اختیار ہوتا ہے جو آخری فیصلہ سمجھا جاتا ہے۔ 4۔ عدالتی نظرثانی: جن ریاستوں میں تحریری دستور نافذ العمل ہے وہاں مقننہ کے منظور کردہ قوانین پر نظرثانی کا اختیار سپریم کورٹ کو حاصل ہوتا ہے۔ اگر سپریم کورٹ کے نوٹس میں یہ بات لائی جائے کہ مجلس قانون ساز کا منظور کردہ قانون آئین کے خلاف ہے تو وہ اس قانون کا جائزہ لیتی ہے اور اگر اسے ملکی آئین کے خلاف پائے تو اسے کالعدم قرار دے دیتی ہے۔ اس عمل کو عدلیہ کی نظرثانی (Judicial Review) کہتے ہیں۔ امریکہ اور کئی دوسرے ملکوں کی اعلیٰ عدلیہ کو یہ اختیار حاصل ہے۔ 5۔ مشاورتی فرائض: بعض اوقات سربراہ مملکت کو کسی اہم قانونی نکتے کی وضاحت کے لیے عدالت عظمیٰ سے مشورہ طلب کرنا پڑتا ہے اور پھر وہ اس مشورے کی روشنی میں ضروری اقدامات کرتا ہے۔ اگرچہ انتظامیہ عدلیہ کے مشورے کی پابند نہیں ہوتی لیکن عموماً وہ اس کے مشورے کو نظر انداز نہیں کرتی۔
Q9 · 6 marks
حکومت کی تعریف کریں اور اس کی تنظیم بیان کریں۔
Answer
تعریف: حکومت ریاست کے لازمی چار عناصر میں سے ایک عنصر ہے۔ حکومت دراصل ریاست کی ایجنٹ ہوتی ہے جو اس کی مرضی کو پورا کرنے کا ذریعہ بنتی ہے۔ حکومت ایک ایسا سیاسی ادارہ ہے جو قانون بناتا ہے، قانون نافذ کرتا ہے اور اس کی تشریح کرتا ہے۔ تنظیم: جب ہم حکومت کے طریقہ کار پر غور کرتے ہیں تو ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ یہ اپنے فرائض منصبی کو سرانجام دینے کے لیے قانون سازی کرتی ہے، اس کے ذریعے انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتی ہے اور قانون کا نفاذ کرتی ہے۔ حکومت یہ کام تین شعبوں یعنی مقننہ، انتظامیہ اور عدلیہ سے لیتی ہے۔ مقننہ قانون سازی کا فریضہ سرانجام دیتی ہے، انتظامیہ قوانین کا نفاذ عمل میں لانے کی ذمہ دار ہوتی ہے اور عدلیہ قانون کی تشریح و تعبیر کرتی ہے اور اس کے مطابق انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کا فرض ادا کرتی ہے۔ قدیم دور میں اگرچہ یہ تینوں قسم کے فرائض الگ الگ محکمے سرانجام دیتے تھے لیکن بادشاہ یا حکمران اس کا نگران ہوتا تھا اور حقیقی اختیارات کا مالک وہی تھا، حکومت کے تمام شعبے اسی کے سامنے جوابدہ ہوتے تھے۔ جمہوری نظام کے فروغ کے ساتھ ساتھ حکومت کے تینوں شعبوں میں اختیارات کی علیحدگی کا نظریہ جڑ پکڑ گیا۔ اب بھی یہ تینوں شعبے مقننہ، انتظامیہ اور عدلیہ الگ تشکیل پاتے ہیں اور اپنے فرائض کی انجام دہی میں بھی آزاد ہوتے ہیں۔
Q10 · 6 marks
جمہوریت کی خوبیاں بیان کریں۔
Answer
1۔ عوام کی حکومت: جمہوریت میں حکومت بنانے کا اختیار عوام کو حاصل ہوتا ہے۔ عوام کے ووٹوں سے منتخب شدہ نمائندے عوام کی مرضی کے مطابق حکومت چلاتے ہیں، لہذا ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ جمہوری نظام حکومت میں عوام بلاواسطہ نظام حکومت چلا رہے ہوتے ہیں۔ 2۔ ذمہ دار حکومت: عوامی نمائندے اپنے ہر فیصلے میں عوامی مفادات اور خواہشات کو مدنظر رکھنے پر مجبور ہوتے ہیں، بصورت دیگر آنے والے انتخابات میں عوام غیر مقبول سیاسی جماعتوں اور نمائندوں کو مسترد کر دیتے ہیں۔ 3۔ عوامی فلاح و بہبود: جمہوری طرز حکومت دیگر طرز حکومتوں کے مقابلے میں عام لوگوں کی فلاح و بہبود کا زیادہ خیال رکھتی ہے۔ 4۔ یگانگت اور حب الوطنی: عوام اور ان کے منتخب نمائندے ایک دوسرے سے جڑے ہوتے ہیں اور حکومت کو اپنی حکومت سمجھتے ہیں۔ 5۔ مساوی حقوق اور یکساں مواقع: تمام شہریوں کو بلا امتیاز مساوی حقوق حاصل ہوتے ہیں اور معاشرے کے ہر فرد کو ترقی کے مساوی مواقع میسر آتے ہیں۔ 6۔ سیاسی تربیت اور شعور کا اہتمام: اس نظام میں خود کار طریقے سے عوام کی سیاسی تربیت جاری رہتی ہے۔ 7۔ تحمل، برداشت اور رواداری کا درس: اختلاف رائے اور تنقید کو نظام حکومت کے اہم اجزا سمجھا جاتا ہے۔ 8۔ پرامن انتقال اقتدار: آئینی اور پرامن ذرائع سے حکومت تبدیل کی جا سکتی ہے۔ 9۔ انسانی وقار کی علامت: جمہوریت نے انسانوں کو اپنی قسمت کا حاکم بنایا اور اس نظام نے انسانی وقار میں اضافہ کیا ہے۔
Q11 · 6 marks
جمہوریت کی خامیاں بیان کریں۔
Answer
1۔ محض اکثریت کی حکومت: فیصلے اکثریت سے ہوتے ہیں خواہ اکثریت کا تناسب کتنا ہی کم کیوں نہ ہو اور یہ بھی ضروری نہیں کہ اکثریت میں اعلیٰ درجے کی قابلیت پائی جائے۔ 2۔ سیاسی عدم استحکام اور پارٹی بازی: جمہوریت قوم کو پارٹیوں، گروپوں اور دھڑوں میں تقسیم کر دیتی ہے، اکثر ذاتی مفاد کو قومی مفاد پر ترجیح دی جاتی ہے۔ 3۔ پالیسیوں میں تسلسل کا فقدان: ہر آنے والی نئی حکومت محض پارٹی بازی کی وجہ سے پرانی پالیسیوں کو بدل دیتی ہے جس سے ملک میں عدم استحکام پیدا ہو سکتا ہے۔ 4۔ بے جا اصراف: انتخابات پر اربوں روپے خرچ ہوتے ہیں اور غیر ضروری اخراجات کی طویل فہرست جمہوریت کو عوام پر بوجھ بنا دیتی ہے۔ 5۔ سست رفتار نظام حکومت: تفصیلی بحث و مباحثہ ایک پیچیدہ اور طویل عمل سے گزارا جاتا ہے جس میں بہت سا بیش قیمت وقت ضائع ہوتا ہے۔ 6۔ ہنگامی حالات میں فیصلہ سازی میں تاخیر: جنگ وغیرہ کی صورت میں فوری فیصلہ سازی ممکن نہیں ہوتی۔ 7۔ سیاسی مفاہمتوں پر مبنی حکومت: کوئی ایک پارٹی واضح اکثریت حاصل نہ کر سکے تو مخلوط حکومت بنانا پڑتی ہے جو ہمیشہ کمزور ثابت ہوتی ہے، اس طرح آئے دن حکومتیں بدلتی رہتی ہیں۔ لہذا سیاسی جوڑ توڑ اور اقربا پروری کے لیے میرٹ کی خلاف ورزی اور بدعنوانی کے ارتکاب کا خدشہ بھی موجود رہتا ہے۔
نوٹ: جمہوریت تمام خامیوں کے باوجود ایک بہتر طرز حکومت ہے۔
Q12 · 5 marks
آمریت کی خوبیاں بیان کریں۔
Answer
1۔ فوری فیصلے: چونکہ آمریت میں فیصلہ سازی کا اختیار فرد واحد کے پاس ہوتا ہے لہذا وہ فوری فیصلے کر سکتے ہیں۔ ایک آمرانہ حکومت عوامی امور میں کم دلچسپی لینے والے لوگوں سے بھی زیادہ کام لے سکتی ہے جبکہ جمہوری حکومت میں یہ خاصا مشکل ہے۔ مثال کے طور پر جرمنی پہلی جنگ عظیم میں تباہ ہو کر رہ گیا تھا لیکن ہٹلر نے تھوڑے ہی عرصے میں جرمنی کو اول درجے کی قوت بنا دیا تھا۔ 2۔ پالیسی میں تسلسل: چونکہ یہ طرز حکومت عموماً مضبوط اور طویل ہوتا ہے اور پالیسی بھی ایک جیسی رہتی ہے اس لیے جو بھی پروگرام بنایا جاتا ہے اس میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں ہوتی۔ 3۔ ہنگامی حالات کے لیے موزوں: اس طرز حکومت میں فرد واحد تمام اختیارات کا مالک ہوتا ہے جو تمام مسائل کے حل کے لیے فوری فیصلے کرتا ہے، اس طرح عموماً وہ ہنگامی حالات پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ 4۔ قومی اتحاد: اس نظام میں مخالف سیاسی جماعتوں کی عدم موجودگی سے لوگوں میں پارٹی بازی اور گروہ بندی ختم ہو جاتی ہے، لہذا عموماً وقتی طور پر لوگوں میں یکجہتی اور قومی اتحاد پیدا ہو جاتا ہے۔ 5۔ مضبوط دفاع: آمریت میں اقتدار کا انحصار فوجی قوت پر ہوتا ہے اس لیے فوجی قوت پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے، لہذا اس حکومت میں ریاست کا دفاع مضبوط ہوتا ہے اور ریاست اندرونی اور بیرونی خطرات سے محفوظ رہتی ہے۔
نوٹ: آمریت تمام خوبیوں کے باوجود ایک ناپسندیدہ طرز حکومت ہے۔
Q13 · 6 marks
اسلامی نقطہ نظر سے حکومت کا کردار اور فرائض بیان کریں۔
Answer
کردار: اسلامی نقطہ نظر سے حکومت کا یہ کردار ہے کہ وہ ریاست میں بسنے والے تمام افراد کے بنیادی حقوق کا خیال رکھے۔ ان کی ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود پر زیادہ سے زیادہ توجہ دے تاکہ افراد میں اپنی ریاست کے لیے وفاداری کے جذبات پیدا ہوں۔ اسلام نے آج سے چودہ سو سال پہلے فلاحی ریاست کا ایک ایسا نقشہ پیش کیا جس میں ہر فرد کا پورا پورا خیال رکھا جاتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ اسلامی حکومت ہر فرد کو معاشی و معاشرتی تحفظ فراہم کرتی ہے تاکہ وہ مطمئن زندگی گزار سکے۔ فرائض: 1۔ امن و امان کا قیام۔ 2۔ ملکی دفاع۔ 3۔ انصاف کا قیام: فوری اور سستا انصاف۔ 4۔ بیرونی ممالک سے تعلقات: ہمیشہ بہتر تعلقات رکھنے کی حامی۔ 5۔ صحت اور تعلیم کی فراہمی۔ 6۔ روزگار کی فراہمی۔ 7۔ باہمی مشاورت: تمام معاملات باہمی مشاورت اور اتفاق رائے سے طے کرنا۔ 8۔ ترقی کے مواقع: ہر فرد کو اپنی صلاحیتوں کے مطابق ترقی اور اظہار کے مواقع۔ 9۔ بہتر اقتصادی حالت: لوگوں کی اقتصادی حالت کو بہتر بنانے کے لیے نئے نئے منصوبے۔
Test yourself on this chapter
Timed chapter tests, marked the moment you finish.
Practise with a free account
Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.