Class 9 Islamiyat · Chapter 5 · Test 6
تکبر، حسد، جھوٹ، غیبت اور بہتان
6 questions · 30 min · 30 marks
Want to try first? Take the free Islamiyat test: Test 1: قرآن مجید، تعارف، حفاظت اور تدوین
Sample questions with answers
The first 5 of 6, each with a model answer. Try writing yours first.
Question 1 · 5 marks
درج ذیل پر نوٹ لکھیں: تکبر
Show model answerHide model answer
تکبر حق کی مخالفت اور دوسرے لوگوں کو حقیر جاننے کا نام ہے۔ یہ انسان کی باطنی بیماریوں میں بہت بری اور بڑی بیماری ہے۔ اس بیماری میں مبتلا شخص کو متکبر اور مغرور کہا جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: بے شک وہ تکبر کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔ (سورۃ النحل:
23)تکبر کی تین صورتیں ہیں:
1)اللہ تعالیٰ کے ساتھ خود کو شریک ٹھہرانا، جیسے فرعون اور نمرود نے رب ہونے کا دعویٰ کیا۔
2)انبیا و رسل علیہم السلام کے مقابلے میں خود کو بڑا سمجھنا اور ان کی اطاعت و پیروی نہ کرنا، جیسے بعض اہلِ مکہ نے نبی کریم ﷺ کی نبوت کا انکار کیا۔
3)دوسرے انسانوں سے اپنی ذات کو افضل قرار دینا اور انسانی مساوات کے تصور کو قبول نہ کرنا۔ انسان کثرتِ علم، عبادت و ریاضت، مال و دولت، حسب و نسب، عہدہ و منصب، کامیابی و کامرانی، حسن و جمال اور طاقت و قوت کی وجہ سے تکبر میں مبتلا ہو جاتا ہے۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: جس شخص کے دل میں رائی کے دانے کے برابر بھی تکبر ہو گا وہ جنت میں داخل نہیں ہو گا۔ (صحیح مسلم:
91)تکبر کی دیگر صورتیں حق بات کا انکار کرنا، دوسروں کو حقیر جاننا، زمین پر اکڑ اکڑ کر چلنا، کپڑے زمین پر گھسیٹتے ہوئے چلنا، اپنے سے کم مال والے کے پاس بیٹھنے یا اس کے ساتھ کھانا کھانے کو ناپسند کرنا اور خود کو دوسروں سے افضل سمجھنا ہیں، جیسے شیطان نے حضرت آدم علیہ السلام کو سجدہ کرنے سے انکار کر دیا۔ (سورۃ البقرۃ:
34)تکبر کی وجہ سے انسان جھوٹ، غیبت اور خود پسندی جیسی برائیوں کا شکار ہو جاتا ہے اور اطمینانِ قلب جیسی نعمت سے محروم ہو جاتا ہے۔ بچاؤ کا بہترین طریقہ اللہ تعالیٰ کی معرفت حاصل کرنا اور انبیائے کرام علیہم السلام کی تعلیمات پر عمل کرنا ہے۔
Question 2 · 5 marks
درج ذیل پر نوٹ لکھیں: حسد
Show model answerHide model answer
حسد سے مراد وہ کیفیت ہے جس میں انسان کسی دوسرے کے پاس اللہ تعالیٰ کی عطا کی ہوئی نعمت پر خوش نہیں ہوتا بلکہ یہ خیال کرتا ہے کہ کاش اس کے پاس یہ نعمت نہ ہوتی یا کاش دوسرے سے یہ نعمت چھین لی جائے۔ لیکن اگر کوئی شخص یہ سوچتا ہے کہ جو نعمت دوسرے کے پاس ہے کاش میرے پاس بھی ہوتی تو اسے رشک کرنا کہتے ہیں۔ نبی کریم ﷺ نے حسد سے بچنے کی تلقین کرتے ہوئے فرمایا: حسد سے بچو، حسد نیکیوں کو اس طرح کھا جاتا ہے جس طرح آگ لکڑی کو کھا جاتی ہے۔ (سنن ابی داود: 4903) رشک کرنا حرام نہیں بلکہ اللہ کی عطا کردہ نعمتوں اور کسی کی اچھی عادت و عمل کو رشک کی نگاہ سے دیکھنا جائز ہے۔ آپ ﷺ نے فرمایا کہ رشک کے قابل دو ہی آدمی ہیں: ایک وہ جسے اللہ نے قرآن دیا اور وہ دن رات تلاوت کرتا رہتا ہے، اور دوسرا وہ جسے اللہ نے مال دیا اور وہ اسے اللہ کی راہ میں دن رات خرچ کرتا رہا۔ (صحیح بخاری: 7529) حسد کا تعلق دل سے ہے، افعال سے نہیں؛ جو شخص کسی بھی مسلمان کی برائی چاہے وہ حاسد ہے۔ بعض اوقات انسان حسد کی وجہ سے قتل و غارت تک پہنچ جاتا ہے، جس طرح قابیل نے اپنے بھائی ہابیل کو قتل کر دیا۔ حاسد اپنی تخلیق کا مقصد بھی کھو بیٹھتا ہے اور مایوسی کی دلدل میں دھنستا چلا جاتا ہے، جیسے یہودِ مدینہ محض حسد کی وجہ سے رسول اللہ ﷺ پر ایمان لانے سے محروم رہے۔ نبی کریم ﷺ رات کو سونے سے پہلے حسد سے اللہ تعالیٰ کی پناہ مانگ کر معوذتین اور آیۃ الکرسی پڑھتے اور اپنے ہاتھ پر پھونک مار کر پورے جسم پر مل لیتے تھے۔ (صحیح بخاری: 5748)
Question 3 · 5 marks
درج ذیل پر نوٹ لکھیں: جھوٹ
Show model answerHide model answer
جھوٹ سے مراد ایسی بات یا دعویٰ ہے جو حقیقت کے خلاف ہو اور اسے جان بوجھ کر کسی کو گمراہ کرنے یا دھوکا دینے کی غرض سے بیان کیا جائے۔ تمام مہذب معاشروں اور آسمانی تعلیمات میں جھوٹ کو حرام قرار دیا گیا ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے: اور جھوٹی باتوں سے پرہیز کرو۔ (سورۃ الحج:
30)اسلام ہمیشہ سچ بولنے کا حکم دیتا ہے۔ انسان کا کسی بات کو اس کی اصل حقیقت کے مطابق بیان کرنا سچائی کہلاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے سچ بولنے والے مردوں اور عورتوں سے مغفرت اور اجرِ عظیم کا وعدہ فرمایا ہے۔ سچائی نیکی کا راستہ دکھاتی ہے اور نیکی جنت کا راستہ دکھاتی ہے۔ جھوٹ بولنا منافق کی نشانی ہے۔ ایک شخص نے پوچھا: کیا مومن بزدل ہو سکتا ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: جی ہاں۔ پوچھا: کیا مومن بخیل ہو سکتا ہے؟ فرمایا: جی ہاں۔ پھر پوچھا: کیا مومن جھوٹا ہو سکتا ہے؟ فرمایا: نہیں، مومن جھوٹا نہیں ہو سکتا۔ (موطا امام مالک:
19)جھوٹ کی صورتوں میں جھوٹی سفارش، مذاق میں جھوٹ بولنا، جھوٹا مقدمہ بنانا، خرید و فروخت میں جھوٹ بولنا، غلط حاضری لگانا، جھوٹی درخواست دینا، جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹ دینا اور سوشل میڈیا پر جھوٹی بات کی تشہیر کرنا شامل ہیں۔ نبی کریم ﷺ تجارت اور دیگر معاملات میں سچائی اور دیانت داری سے کام لیتے تھے اس لیے اہلِ عرب آپ ﷺ کو صادق اور امین کے لقب سے یاد کرتے تھے۔ اہلِ بیت اور صحابہ کرام ہمیشہ سچ بولتے اور جھوٹ سے شدید نفرت کرتے تھے۔ جھوٹ کے نقصانات یہ ہیں: اللہ جھوٹے کی دعا قبول نہیں فرماتا اور نہ اس کے رزق میں برکت دیتا ہے، اسے نہ اللہ پسند کرتا ہے نہ لوگ، وہ معاشرے میں عزت کھو دیتا ہے، اللہ کی رحمت سے محروم رہتا ہے اور اپنی ہی نظروں میں گر جاتا ہے۔ ہمیں ہمیشہ سچ بولنا اور سچ کا ساتھ دینا چاہیے اور جھوٹ سے اجتناب کرنا چاہیے۔
Question 4 · 5 marks
درج ذیل پر نوٹ لکھیں: غیبت اور بہتان
Show model answerHide model answer
غیبت اور بہتان کا معنی کسی کی غیر موجودگی میں اس کی برائی بیان کرنا ہے۔ اگر وہ برائی اس میں موجود ہو تو اسے غیبت کہتے ہیں اور اگر وہ برائی اس میں موجود نہ ہو تو اسے بہتان کہتے ہیں۔ بہتان غیبت سے بھی بڑا گناہ ہے۔ کسی پر جھوٹا الزام لگانا بھی بہتان یا تہمت ہے۔ اسلام کے عدالتی نظام میں کسی پر تہمت لگانا بہت بڑا جرم ہے اور تہمت لگانے والے پر اسی کوڑوں کی سزا نافذ ہوتی ہے۔ کسی کی جسمانی یا عملی کمزوری، رنگ، نسل، خاندان یا پیشے کی بنیاد پر اسے طعنہ دینا یا اس کی غیبت کرنا سخت گناہ ہے۔ ہر انسان کا خالق اللہ تعالیٰ ہے، جب کسی کی جسمانی کمزوری یا شکل و صورت کی بنیاد پر اس کی تحقیر کی جاتی ہے تو گویا اللہ تعالیٰ کی تخلیق پر اعتراض کیا جاتا ہے۔ قرآن مجید میں غیبت کرنے اور طعنہ دینے والے کے لیے ہلاکت کا اعلان کیا گیا ہے: ہر ایسے شخص کے لیے ہلاکت ہے جو آمنے سامنے طعنہ دینے والا اور پیٹھ پیچھے عیب نکالنے والا ہو۔ (سورۃ الہمزۃ:
1)اللہ تعالیٰ نے غیبت کو حرام قرار دیا ہے اور اسے مردہ بھائی کا گوشت کھانے سے تشبیہ دی ہے۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: مسلمانوں کی بدگوئی نہ کیا کرو اور نہ ان کے عیب تلاش کرنے کی کوشش کرو۔ جو ان کے عیب تلاش کرے گا اللہ بھی اس کے عیب تلاش کرے گا اور جس کے عیب اللہ تلاش کرے گا اسے اس کے گھر کے اندر رسوا کر دے گا۔ (سنن ابی داود: 4880) ایک مرتبہ آپ ﷺ دو قبروں کے پاس سے گزرے اور فرمایا کہ ان کو عذاب ہو رہا ہے؛ ایک پیشاب کرتے ہوئے پاکی کا خیال نہیں رکھتا تھا اور دوسرا لوگوں کی غیبت کرتا تھا۔ (سنن ابن ماجہ: 349) غیبت سے بچنے کا طریقہ زبان کی حفاظت ہے، دل میں یہ یقین ہونا چاہیے کہ قیامت کے دن ہر قول و فعل کا حساب دینا ہو گا اور ایسے لوگوں کی صحبت سے دور رہنا چاہیے جو ہر وقت غیبت میں مشغول رہتے ہیں۔ غیبت اور بہتان کی وجہ سے معاشرے میں کینے اور دشمنی کو فروغ ملتا ہے اور دلوں میں نفرت پیدا ہوتی ہے۔ آج گھر میدانِ جنگ بنے ہوئے ہیں اور خاندانوں، محلوں اور بازاروں میں نفرت کی دیواریں کھڑی ہیں۔ اگر ہم نہ غیبت کریں اور نہ سنیں تو ہمارا وقت بھی بچے گا، دل بھی پر سکون رہے گا اور ہم آخرت کے عذاب سے بھی محفوظ رہیں گے۔
Question 5 · 5 marks
تکبر، حسد، جھوٹ، غیبت اور بہتان کی قرآن و سنت کی روشنی میں مذمت بیان کریں۔
Show model answerHide model answer
تکبر: اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ بے شک وہ تکبر کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔ (سورۃ النحل:
23)نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ جس کے دل میں رائی کے دانے کے برابر بھی تکبر ہو گا وہ جنت میں نہیں جائے گا۔ (صحیح مسلم:
91)ابلیس تکبر کی وجہ سے مردود ہوا۔ (سورۃ البقرۃ:
34)حسد: آپ ﷺ نے فرمایا کہ حسد نیکیوں کو اس طرح کھا جاتا ہے جس طرح آگ لکڑی کو کھا جاتی ہے۔ (سنن ابی داود: 4903) جھوٹ: اللہ تعالیٰ نے فرمایا: اور جھوٹی باتوں سے پرہیز کرو۔ (سورۃ الحج:
30)آپ ﷺ نے فرمایا کہ مومن جھوٹا نہیں ہو سکتا۔ (موطا امام مالک:
19)غیبت اور بہتان: قرآن مجید نے غیبت کو مردہ بھائی کا گوشت کھانے سے تشبیہ دی اور طعنہ دینے والے کے لیے ہلاکت کا اعلان کیا۔ (سورۃ الہمزۃ:
1)آپ ﷺ نے فرمایا کہ جو مسلمانوں کے عیب تلاش کرے گا اللہ اسے اس کے گھر کے اندر رسوا کر دے گا۔ (سنن ابی داود: 4880) آپ ﷺ نے دو قبروں پر عذاب کا ذکر فرمایا جن میں سے ایک غیبت کرتا تھا۔ (سنن ابن ماجہ: 349) ان برائیوں سے معاشرے میں نفرت، دشمنی اور بداعتمادی پھیلتی ہے۔ ان سے بچنا ہی دنیا و آخرت کی کامیابی ہے۔
More tests in اخلاق و آداب
- شکر و قناعت، امانت و دیانت، اخلاص و تقویٰ، پردہ پوشی
MCQs · 42 questions · 35 min · 42 marks
- شکر و قناعت، امانت و دیانت، اخلاص و تقویٰ، پردہ پوشی
Short questions · 17 questions · 35 min · 34 marks
- شکر و قناعت، امانت و دیانت، اخلاص و تقویٰ، پردہ پوشی
Long questions · 0 questions · 20 min · 0 marks
- تکبر، حسد، جھوٹ، غیبت اور بہتان
MCQs · 34 questions · 35 min · 34 marks
- تکبر، حسد، جھوٹ، غیبت اور بہتان
Short questions · 18 questions · 35 min · 36 marks
- جادو، فال اور توہم پرستی
MCQs · 26 questions · 25 min · 26 marks
- جادو، فال اور توہم پرستی
Short questions · 14 questions · 30 min · 28 marks
- جادو، فال اور توہم پرستی
Long questions · 3 questions · 20 min · 15 marks
Practise with a free account
Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.