Parho

Class 9 Islamiyat · Chapter 7

ہدایت کے سرچشمے اور مشاہیرِ اسلام: questions and answers

Every short question, long question and MCQ on this chapter's free papers, each with its answer. Try one yourself first, then check.

165short questions
28long questions
0MCQs

Short questions with answers

  1. Q1 · 2 marks

    حضرت امام زین العابدین کا مختصر تعارف بیان کریں۔

    Answer

    حضرت امام زین العابدین نبی کریم کے خاندان کے عظیم فرد، حضرت امام حسین کے صاحب زادے ہیں۔ آپ کا نام علی، کنیت ابو الحسن، لقب زین العابدین (عبادت گزاروں کی زینت) اور سید الساجدین (کثرت سے سجدہ کرنے والا) ہے۔ آپ مدینہ منورہ میں 38 ہجری میں پیدا ہوئے۔ آپ کا شمار تابعین میں ہوتا ہے۔ آپ نے دو سال اپنے دادا حضرت علی، دس سال اپنے چچا حضرت امام حسن اور تیئس (23) سال اپنے والد حضرت امام حسین کی تربیت میں گزارے اور مختلف علوم حاصل کیے۔

  2. Q2 · 2 marks

    حضرت امام زین العابدین کی عبادت و ریاضت کے بارے میں ایک پیراگراف تحریر کریں۔

    Answer

    سیدنا امام زین العابدین کی عبادت اور تقویٰ میں بڑی شہرت تھی، اس بنا پر انھیں زین العابدین کہا جاتا ہے۔ آپ کی عبادت و ریاضت کا یہ عالم تھا کہ آپ فرائض ادا کرنے کے ساتھ ساتھ کثرت سے نوافل پڑھا کرتے تھے، اسی وجہ سے زین العابدین مشہور ہوئے۔ آپ جب نماز کے لیے وضو فرماتے تو چہرے کا رنگ متغیر ہو جاتا اور جسم پر لرزہ طاری ہو جاتا، پوچھنے والے کو بتاتے کہ تم نہیں جانتے کہ میں اب کس ذات کے سامنے جا کر کھڑا ہونے والا ہوں۔ غربا و مساکین اور دیگر مستحقین کی مدد کرنا آپ اپنا دینی فریضہ سمجھتے تھے۔ رات کے اندھیرے میں غربا و مساکین کی ضروریات پوری کرتے اور فرماتے کہ جو صدقہ رات کے اندھیرے میں دیا جائے وہ اللہ تعالیٰ کے غضب کو ٹھنڈا کرتا ہے اور سائل تک پہنچنے سے پہلے اللہ تعالیٰ تک پہنچ جاتا ہے۔

  3. Q3 · 2 marks

    حضرت امام زین العابدین کی علمی و ادبی خدمات کی وضاحت کریں۔

    Answer

    آپ کا علم و فضل سب کے ہاں مسلّمہ ہے۔ مدینہ منورہ میں آپ سے قرآن کی تفسیر، احادیث نبوی اور شریعت کے حلال و حرام کا علم حاصل کرنے والوں میں آپ کے فرزند امام محمد باقر اور ان کے علاوہ امام زہری، عمرو بن دینار، ہشام بن عروہ، یحییٰ بن سعید وغیرہ جیسے اہل علم شامل ہیں۔ ابو سلمہ اور امام طاؤس وغیرہ نے بھی آپ سے احادیث روایت کی ہیں۔ آپ سے دعاؤں پر مشتمل ایک کتاب صحیفہ سجادیہ مشہور ہے اور آپ کی ایک تصنیف رسالۃ الحقوق ہے جس میں اللہ تعالیٰ کے حقوق کے علاوہ انسان کے اپنے اوپر حقوق، کان، ناک، آنکھ، زبان اور دیگر اعضا کے حقوق اور غیر مسلموں کے حقوق کا تذکرہ بھی ہے۔

  4. Q4 · 2 marks

    حضرت امام زین العابدین کے ہم عصر علما و ائمہ کرام نے آپ کے علم و فضل کے بارے میں کن خیالات کا اظہار فرمایا؟

    Answer

    امام زہری نے فرمایا کہ میں نے خاندان قریش میں آپ سے افضل کوئی نہیں دیکھا۔ حضرت سعید بن مسیب کا فرمان ہے کہ سیدنا علی بن حسین سے افضل کوئی شخص میں نے نہیں دیکھا۔ امام مالک فرماتے ہیں کہ خانوادہ رسول میں علی بن حسین جیسا قدر و منزلت والا کوئی نہیں۔ امام شافعی نے انھیں مدینہ منورہ کا نامور فقیہ قرار دیا ہے۔ اپنے دور کے بڑے محدث امام زہری کے مطابق آپ اپنے دور کے سب سے بڑے متقی اور فقیہ تھے اور اس پر اہل اسلام کا اتفاق ہے۔

  5. Q5 · 2 marks

    حضرت امام زین العابدین کی کربلا میں اپنے والد ماجد سے آخری ملاقات کا حال بیان کریں۔

    Answer

    معروف سیرت نگار ابن سعد طبقات میں لکھتے ہیں کہ مسلسل بیمار رہنے کے باوجود سیدنا علی بن حسین، زین العابدین، میدان کربلا میں موجود تھے۔ 10 محرم کو نماز ظہر پر حضرت امام حسین نے ان سے آخری ملاقات کی، ان کو اپنی انگوٹھی سونپی اور خاص نصیحتیں کیں لیکن بیماری کی شدت کی بنا پر وہ لڑائی میں شریک نہ ہو سکے۔

  6. Q6 · 2 marks

    سانحہ کربلا کے بعد حضرت امام حسین کے مقصد کی تکمیل میں حضرت امام زین العابدین نے کیا کردار ادا کیا؟

    Answer

    سانحہ کربلا 61 ہجری کے وقت آپ کی عمر 23 سال تھی۔ اس وقت آپ بیمار تھے اور واقعہ کربلا میں بچ جانے والے افراد میں سے تھے۔ آپ کو خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ دمشق میں اموی حکمران یزید کے سامنے لایا گیا۔ کوفہ اور شام میں آپ نے اسلام کی حقانیت اور ظلم و عدل کے موضوع پر کئی خطبات دیے جو اپنا ایک خاص علمی، ادبی اور روحانی مقام رکھتے ہیں۔ واقعہ کربلا کے بعد آپ کی ہمیشہ یہ حالت رہی کہ دن کو روزہ رکھتے اور رات اللہ تعالیٰ کی عبادت میں گزار دیتے۔

  7. Q7 · 2 marks

    حضرت امام زین العابدین کے القاب اور ان کے معنی لکھیں۔

    Answer

    آپ کے دو القاب ہیں: زین العابدین جس کا معنیٰ عبادت گزاروں کی زینت ہے اور سید الساجدین جس کا معنیٰ کثرت سے سجدہ کرنے والا ہے۔ آپ کی عبادت و تقویٰ کی بڑی شہرت کی وجہ سے آپ کو زین العابدین کہا جاتا ہے۔

  8. Q8 · 2 marks

    حضرت امام زین العابدین کے علمی مقام کے بارے میں امام زہری کیا فرماتے ہیں؟

    Answer

    امام زہری آپ کے دور کے بہت بڑے محدث ہیں۔ وہ آپ کے بارے میں فرماتے ہیں کہ میں نے خاندان قریش میں آپ سے افضل کوئی نہیں دیکھا۔ آپ اپنے دور کے سب سے بڑے متقی اور فقیہ تھے، اس پر اہل اسلام کا اتفاق ہے۔

  9. Q9 · 2 marks

    فرزدق نے کس موقع پر اور کیوں امام زین العابدین کی شان میں قصیدہ پڑھا؟

    Answer

    حج کے موقع پر جب ہشام بن عبد الملک (حاکم وقت) نے حضرت امام زین العابدین کو پہچاننے سے انکار کیا تو مشہور عرب شاعر فرزدق نے آپ کی شان میں قصیدہ پڑھا۔ اس کے اشعار کا مفہوم یہ ہے کہ یہ وہ ہیں جنھیں مکہ کی سرزمین ان کے قدموں کے نشانات سے پہچانتی ہے، اللہ کا گھر (خانہ کعبہ) اور مکہ سے باہر کی سرزمین اور حرم ان کو پہچانتا ہے، یہ بہترین بندگان خدا کے فرزند ہیں اور یہ پرہیز گار، پاک و پاکیزہ اور ہدایت کا پرچم ہیں۔

  10. Q10 · 2 marks

    امام جعفر صادق نے واقعہ کربلا کے بعد امام زین العابدین کی کیا حالت بیان فرمائی؟

    Answer

    حضرت امام جعفر صادق سے مروی ہے کہ واقعہ کربلا کے بعد حضرت امام زین العابدین کی ہمیشہ یہ حالت رہی کہ آپ دن کو روزہ رکھتے اور رات اللہ تعالیٰ کی عبادت میں گزار دیتے۔ افطار کے وقت جب کھانا اور پانی سامنے آتا تو آپ فرماتے کہ میرے باپ اور بھائی بھوکے اور پیاسے شہید ہوئے۔ افسوس یہ کھانا اور پانی ان کو نہ ملا اور رونے لگتے، یہاں تک کہ بمشکل چند لقمے کھاتے اور چند گھونٹ پانی پیتے۔

  11. Q11 · 2 marks

    صحیفہ سجادیہ کیا ہے؟

    Answer

    امام زین العابدین کی کتب میں سے دعاؤں پر مشتمل ایک کتاب صحیفہ سجادیہ کے نام سے مشہور ہے۔ نامور مصری مفسر امام طنطاوی لکھتے ہیں کہ جب بھی میں اس کتاب میں ذکر و مناجات پڑھتا ہوں تو مجھے یوں محسوس ہوتا ہے کہ یہ مخلوق کے عام کلام سے بالا خاص جذب و کیف میں کہے گئے اذکار ہیں۔

  12. Q12 · 2 marks

    رسالۃ الحقوق کا تعارف کروائیں۔

    Answer

    امام زین العابدین کی ایک اور تصنیف رسالۃ الحقوق کے نام سے ہے جس میں اللہ تعالیٰ کے حقوق کے علاوہ، انسان کے اپنے اوپر حقوق، کان، ناک، آنکھ، زبان اور دیگر اعضا کے حقوق ذکر کیے گئے ہیں۔ اس کتاب میں غیر مسلموں کے حقوق کا تذکرہ بھی موجود ہے۔

  13. Q13 · 2 marks

    حضرت امام زین العابدین کے کوئی سے دو اقوال زریں لکھیں۔

    Answer

    1۔ اجنبی وہ نہیں جو شام و یمن کے شہروں میں اجنبی ہو، اجنبی تو وہ ہے جس کے لیے قبر اور کفن اجنبی ہوں۔ 2۔ ہر مسافر کا حق ہے کہ مقیم لوگ اس کو جگہ اور سکونت میں حصہ دار بنائیں۔ (3۔ تربیت اولاد تمھاری ذمہ داری ہے، اس فریضے کی بابت تم جواب دہ ہو۔)

  14. Q14 · 2 marks

    تربیت اولاد کے بارے میں امام زین العابدین کا کیا قول ہے؟

    Answer

    آپ فرماتے ہیں کہ تربیت اولاد تمھاری ذمہ داری ہے، اس فریضے کی بابت تم جواب دہ ہو، ان کی بہتر پرورش کرو، انھیں نیک آداب سکھاؤ، ان کو اللہ تبارک و تعالیٰ کی فرماں برداری میں لاؤ، اس حوالے سے تم جزا یا سزا پاؤ گے۔

  15. Q15 · 2 marks

    حضرت امام زین العابدین کی وفات اور اولاد کا ذکر کریں۔

    Answer

    25 محرم 95 ہجری میں آپ نے 57 برس کی عمر میں مدینہ منورہ میں وفات پائی اور اپنے چچا سیدنا حسن بن علی کے پہلو میں جنت البقیع (بقیع غرقد) میں دفن ہوئے۔ آپ کی اولاد میں حضرت امام محمد باقر، حضرت عیسیٰ اور حضرت زید شامل ہیں۔

  16. Q16 · 2 marks

    حضرت امام زید بن علی کا مختصر تعارف بیان کریں۔

    Answer

    حضرت امام زید بن علی، حضرت امام زین العابدین کے بیٹے اور حضرت امام حسین کے پوتے ہیں۔ آپ کی ولادت با سعادت 78 ہجری کو مدینہ منورہ میں ہوئی۔ امام زین العابدین کے بیٹوں میں حضرت امام باقر کے بعد آپ کو نمایاں مقام حاصل ہے۔ آپ بلند قامت، حسین و جمیل اور با وقار شخصیت کے حامل انسان تھے۔ صرف تیرہ سال کی عمر میں قرآنی علوم میں مہارت حاصل کی اور حلیف القرآن کے لقب سے مشہور ہوئے۔ آپ نے دین اسلام کی اشاعت و تبلیغ کے لیے حجاز، شام اور عراق کا سفر کیا۔

  17. Q17 · 2 marks

    حضرت امام زید بن علی کے علمی و دینی مقام کے بارے میں حضرت امام جعفر صادق نے کیا ارشاد فرمایا؟

    Answer

    آپ کے بھتیجے حضرت امام جعفر صادق نے آپ کے علمی مرتبے کے بارے میں فرمایا: اللہ کی قسم! حضرت زید بن علی ہم میں سب سے زیادہ قرآن پڑھنے والے، اللہ کے دین کی سب سے زیادہ سمجھ رکھنے والے اور سب سے زیادہ صلہ رحمی کرنے والے تھے۔ اللہ کی قسم دنیا اور آخرت میں اب ہم میں ان کے مثل کوئی بھی موجود نہیں، اللہ میرے چچا پر رحم فرمائے، وہ سردار تھے۔

  18. Q18 · 2 marks

    حضرت امام زید بن علی کی دینی و معاشرتی خدمات کی وضاحت کریں۔

    Answer

    آپ نے دین اسلام کی اشاعت و تبلیغ کے لیے حجاز، شام اور عراق کا سفر کیا۔ آپ مدینہ منورہ کے جید علما میں مرکزی حیثیت رکھتے تھے، قراءت، علوم قرآنیہ، عقائد اور علم الکلام پر آپ کو عبور حاصل تھا۔ امام ابو حنیفہ نے آپ سے علمی استفادہ کیا اور امام ابوداؤد، ترمذی، نسائی اور ابن ماجہ نے آپ سے احادیث روایت کیں۔ آپ نے مختلف موضوعات پر متعدد کتب تصنیف فرمائیں اور آپ کے شاگردوں کی ایک طویل فہرست ہے۔ آپ امر بالمعروف و نہی عن المنکر کا فریضہ انجام دیتے رہے، لوگوں کو کتاب و سنت کی پیروی کرنے، جابر حکمرانوں سے جہاد اور محروم افراد کی حمایت کی دعوت دیتے رہے۔ آپ کے دل میں امت کے اتحاد کا جذبہ تھا۔

  19. Q19 · 2 marks

    حضرت امام زید بن علی نے اپنے آباو اجداد کی سنت پر عمل کرتے ہوئے ظلم و جبر کا کس طرح مقابلہ کیا؟

    Answer

    حضرت امام زید بن علی نے اپنے آباو اجداد کی سیرت و سنت پر عمل پیرا ہو کر امر بالمعروف و نہی عن المنکر کا فریضہ انجام دیتے ہوئے ظلم و جبر کی حامل قوتوں کا خوب مقابلہ کیا اور اپنے دادا جان حضرت امام حسین کی طرح زندہ و جاوید ہو گئے۔ آپ نے اپنے دور کے مظالم کے خلاف آواز بلند کی، امام ابو حنیفہ نے آپ کا ساتھ دیا اور چالیس ہزار لوگوں نے آپ کے ہاتھ پر بیعت کی۔ آپ لوگوں کو کتاب و سنت کی پیروی کرنے اور جابر حکمرانوں سے جہاد اور محروم افراد کی حمایت کی دعوت دیتے تھے۔

  20. Q20 · 2 marks

    حضرت امام زید بن علی کی علم حدیث کے حوالے سے خدمات تحریر کریں۔

    Answer

    علم اصول حدیث کے ماہرین نے آپ سے حدیث روایت کرنے میں آپ کا شمار تابعین میں سے کیا ہے، کیوں کہ آپ نے جن صحابہ کرام کی زیارت کی ان میں حضرت ابو الطفیل عامر بن واثلہ شامل ہیں، جن کا وصال صحابہ کرام میں سب سے آخر میں ہوا۔ آپ کے علم کا یہ عالم تھا کہ محدثین میں امام ابوداؤد، امام ترمذی، امام نسائی اور امام ابن ماجہ نے آپ سے احادیث مبارکہ روایت کی ہیں۔

  21. Q21 · 2 marks

    حلیف القرآن کا لقب آپ کو کیوں ملا؟

    Answer

    آپ نے صرف تیرہ سال کی عمر میں قرآنی علوم میں مہارت حاصل کر لی تھی، اس لیے آپ حلیف القرآن کے لقب سے مشہور ہوئے۔

  22. Q22 · 2 marks

    حضرت امام زید بن علی نے علوم کن سے حاصل کیے؟

    Answer

    حضرت محمد بن حنفیہ کی پوتی سیدہ ریطہ سے نکاح فرمایا۔ آپ نے بیشتر علوم اپنے والد حضرت امام زین العابدین اور اپنے بھائی حضرت امام باقر سے حاصل کیے۔ جب آپ کے والد ماجد کی وفات ہوئی تو آپ کی عمر 18 برس تھی، والد کی وفات کے بعد آپ اپنے بھائی امام باقر کی سرپرستی میں آ گئے۔

  23. Q23 · 2 marks

    مدینہ منورہ کے علما میں حضرت امام زید بن علی کا کیا مقام تھا؟

    Answer

    حضرت امام زید بن علی مدینہ منورہ کے جید اور اکابر علما میں مرکزی حیثیت رکھتے تھے، مختلف اسلامی علوم و فنون کے ماہر تھے، قراءت، علوم قرآنیہ، عقائد اور علم الکلام پر انھیں مکمل عبور حاصل تھا۔

  24. Q24 · 2 marks

    امام ابو حنیفہ کا حضرت امام زید بن علی سے کیا تعلق تھا؟

    Answer

    حضرت امام اعظم ابو حنیفہ نے تقریباً دو سال حضرت امام زید بن علی سے علمی استفادہ کیا اور ان کو فقیہ، عالم، حاضر جواب اور مسائل میں خوب وضاحت کرنے والا پایا۔ امام ابو حنیفہ نے آپ کے دور کے مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے میں آپ کا ساتھ دیا۔

  25. Q25 · 2 marks

    فقہ زیدیہ کیا ہے؟

    Answer

    فقہ زیدیہ آپ کی نسبت سے مشہور ہے۔ آپ کی شہادت کے بعد یمن میں باقاعدہ طور پر آپ سے منسوب زیدی حکومت بھی قائم ہوئی۔ آپ کے پیروکاروں کی ایک بڑی تعداد یمن میں پائی جاتی ہے۔

  26. Q26 · 2 marks

    حضرت امام زید بن علی کی تصانیف اور شاگردوں کے بارے میں کیا ملتا ہے؟

    Answer

    آپ قرآن مجید کے جید عالم تھے اور آپ کی علمی آرا میں قرآن مجید کو مرکزیت حاصل تھی۔ آپ کے شاگردوں کی ایک طویل فہرست ہے اور آپ نے مختلف موضوعات پر متعدد کتب تصنیف فرمائیں۔

  27. Q27 · 2 marks

    امت کے اتحاد کے بارے میں حضرت امام زید بن علی کا کیا جذبہ تھا؟

    Answer

    حضرت امام زید بن علی میں اتحاد امت کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا تھا۔ آپ فرمایا کرتے تھے: واللہ مجھے پسند ہے کہ رات کے تارے میرے ہاتھ لگیں اور وہاں سے گر کر میرا جسم ٹکڑے ٹکڑے ہو جائے اور اللہ اس کے عوض امت محمد میں اتحاد پیدا فرما دے۔

  28. Q28 · 2 marks

    حضرت امام زید بن علی کی شہادت اور مزار کے بارے میں لکھیں۔

    Answer

    خلافت اسلامیہ کے قیام کی اسی جدوجہد میں آپ نے چوالیس (44) برس کی عمر میں 122 ہجری کو جام شہادت نوش کیا۔ حجاز اور شام کو ملانے والی مشہور شاہراہ موتہ کے شمال میں بائیس (22) کلومیٹر کے فاصلے پر ربہ کے مقام پر آپ کا مزار ہے۔

  29. Q29 · 2 marks

    دور حاضر میں ہمیں حضرت امام زید بن علی کی سیرت سے کیا سبق لینا چاہیے؟

    Answer

    دور حاضر میں اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ ہم حضرت امام زید بن علی کی دینی و معاشرتی زندگی کے مختلف گوشوں سے راہ نمائی حاصل کریں، آپ کی سیرت و کردار، صفات، علم، تفقہ فی الدین اور عبادت و ریاضت کو اپنائیں اور عملی زندگی کے ہر شعبے میں اس کو اپنائیں تاکہ ہم اپنی اخلاقی اور عملی کمزوریاں دور کر کے اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول کی رضا حاصل کر کے کامیاب انسان بن سکیں۔

  30. Q30 · 2 marks

    حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ کا مختصر تعارف تحریر کریں۔

    Answer

    آپؓ کا نام عبداللہ اور کنیت ابو موسیٰ تھی۔ والد کا نام قیس اور والدہ کا نام طیبہ تھا۔ آپؓ یمن کے رہنے والے تھے اور مشہور قبیلہ اشعر سے تعلق تھا، اسی وجہ سے اشعری مشہور ہوئے۔

  31. Q31 · 2 marks

    حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ کے قبولِ اسلام کے بارے میں آپ کیا جانتے ہیں؟ وضاحت کریں۔

    Answer

    مکہ مکرمہ میں اسلام کا سورج طلوع ہونے کی خبر سن کر آپؓ راہِ حق کی تلاش کے لیے نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور اسلام قبول کیا۔ پھر اپنے خاندان کو دعوت دینے یمن لوٹ گئے۔ آپؓ کی کوششوں سے قبیلے کے پچاس افراد نے اسلام قبول کیا۔

  32. Q32 · 2 marks

    حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ کی دینی و علمی خدمات اپنے الفاظ میں تحریر کریں۔

    Answer

    آپؓ نے یمن میں عامل کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ آپؓ کو فتویٰ دینے کی اجازت تھی۔ آپؓ نے قرآن و سنت کی اشاعت کی، احادیث دوسروں تک پہنچائیں اور 360 احادیث روایت کیں جن میں 50 متفق علیہ ہیں۔

  33. Q33 · 2 marks

    حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ کس قدر خوب صورت اور عمدہ لہجے میں قرآنِ مجید کی تلاوت کرتے تھے؟ وضاحت کریں۔

    Answer

    آپؓ کو قرآن مجید کی تلاوت سے غیر معمولی شغف تھا۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ آپؓ کو لحنِ داؤدی سے حصہ ملا ہے۔ آپؓ اس قدر عمدہ لہجے میں تلاوت کرتے کہ سننے والوں پر سحر طاری ہو جاتا۔ نبی کریم ﷺ اور حضرت عمرؓ بھی آپؓ کی قرات شوق سے سنتے تھے۔

  34. Q34 · 2 marks

    حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ نے کب اور کتنے برس کی عمر میں وفات پائی؟

    Answer

    آپؓ نے ذوالحجہ کے مہینے میں 44 ہجری میں وفات پائی۔ وفات کے وقت آپؓ کی عمر تقریباً 61 سال تھی۔

  35. Q35 · 2 marks

    قرآن و سنت کی اشاعت کے حوالے سے حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ نے کیا خدمات سرانجام دیں؟

    Answer

    آپؓ زندگی بھر قرآن و سنت کی اشاعت اور اسے دوسروں تک پہنچانے کے لیے کوشاں رہے۔ آپؓ کا اصول تھا کہ جو کچھ معلوم ہو وہ دوسروں تک ضرور پہنچایا جائے۔ جہاں چند لوگ اکٹھے ملتے، آپؓ انھیں حدیث پہنچا دیتے۔

  36. Q36 · 2 marks

    نبی کریم ﷺ نے حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ کو کہاں کا عامل مقرر فرمایا؟

    Answer

    نبی کریم ﷺ نے یمن پر حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ اور حضرت معاذ بن جبلؓ کو عامل مقرر فرمایا۔

  37. Q37 · 2 marks

    حضرت عمر فاروقؓ نے حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ کو کہاں کا والی مقرر فرمایا اور انھوں نے کون سے علاقے فتح کیے؟

    Answer

    حضرت عمرؓ نے آپؓ کو بصرہ اور کوفہ کا والی مقرر کیا۔ آپؓ نے نہاوند اور اصفہان کے علاقے فتح کرکے اسلامی سلطنت میں شامل کیے۔

  38. Q38 · 2 marks

    ’’نہرِ ابی موسیٰ‘‘ کیا ہے؟

    Answer

    بصرہ میں حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ نے ایک نہر کھدوائی جو ’’نہرِ ابی موسیٰ‘‘ کے نام سے مشہور ہے۔

  39. Q39 · 2 marks

    عہدِ رسالت میں کتنے لوگوں کو فتویٰ دینے کی اجازت تھی؟ ان میں حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ کا کیا مقام تھا؟

    Answer

    عہدِ رسالت میں چھ افراد کو فتویٰ دینے کی اجازت تھی اور آپؓ ان میں سے ایک تھے۔ آپؓ کو بارگاہِ رسالت میں خاص قرب حاصل تھا۔

  40. Q40 · 2 marks

    حضرت علیؓ نے حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ کے بارے میں کیا ارشاد فرمایا؟

    Answer

    حضرت علی المرتضیٰؓ نے فرمایا: ’’ابو موسیٰ سر تا پا علم کے رنگ میں رنگے ہوئے ہیں‘‘۔

  41. Q41 · 2 marks

    حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ کی سیرت کے نمایاں اوصاف تحریر کریں۔

    Answer

    آپؓ نہایت متقی، پرہیزگار اور نیک سیرت تھے۔ خشیتِ الٰہی، اتباعِ رسول ﷺ، توکل، شرم و حیا، امتِ مسلمہ کی خیر خواہی، سادگی، خدمتِ رسول ﷺ، تقویٰ اور پرہیزگاری آپؓ کی سیرت کے نمایاں اوصاف تھے۔

  42. Q42 · 2 marks

    حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ کی سیرت سے ہمیں کیا سبق ملتا ہے؟

    Answer

    آپؓ کی زندگی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ہمیں ان کی سیرت و کردار کے مختلف پہلوؤں سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ کی اطاعت کرنی چاہیے تاکہ دنیا اور آخرت میں سرخرو ہوں۔

  43. Q43 · 2 marks

    حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ سے کتنی احادیث مروی ہیں؟

    Answer

    آپؓ سے 360 احادیث مروی ہیں جن میں 50 متفق علیہ ہیں، یعنی صحیح بخاری اور صحیح مسلم دونوں میں موجود ہیں۔

  44. Q44 · 2 marks

    حضرت عبداللہ بن عمرو بن العاصؓ کا مختصر تعارف بیان کریں۔

    Answer

    آپؓ کا نام عبداللہ اور کنیت ابو محمد اور ابو عبدالرحمٰن تھی۔ والد کا نام عمرو بن العاصؓ اور والدہ کا نام ریطہ بنت منبہ تھا۔ آپؓ نے اپنے والد سے پہلے اسلام قبول کیا۔

  45. Q45 · 2 marks

    حضرت عبداللہ بن عمرو بن العاصؓ کے زہد و تقویٰ کے بارے میں آپ کیا جانتے ہیں؟

    Answer

    زہد و تقویٰ آپؓ کی شخصیت کا نمایاں پہلو تھا۔ رسول اللہ ﷺ کی صحبت سے جو وقت بچتا وہ یادِ الٰہی میں گزارتے۔ دن بھر روزے کی حالت میں رہتے اور رات عبادت میں گزارتے تھے۔

  46. Q46 · 2 marks

    حضرت عبداللہ بن عمرو بن العاصؓ کی اہلِ بیت سے محبت کا کوئی ایک واقعہ بیان کریں۔

    Answer

    حضرت رجاءؓ بیان کرتے ہیں کہ وہ مسجدِ نبوی میں بیٹھے تھے اور حضرت عبداللہ بن عمروؓ اور حضرت ابو سعید خدریؓ بھی موجود تھے۔ حضرت امام حسینؓ کو آتے دیکھ کر آپؓ نے فرمایا: کیا میں تمھیں اس شخص کے بارے میں آگاہ نہ کروں جو آسمان والوں کے نزدیک دنیا میں سب سے زیادہ محبوب ہے؟ پھر فرمایا: یہ حضرت حسین بن علیؓ ہیں۔

  47. Q47 · 2 marks

    حضرت عبداللہ بن عمرو بن العاصؓ نے کب اور کہاں وفات پائی؟

    Answer

    آپؓ نے 65 ہجری میں فسطاط میں وفات پائی۔

  48. Q48 · 2 marks

    حضرت عبداللہ بن عمرو بن العاصؓ کی دینی و علمی خدمات تحریر کریں۔

    Answer

    آپؓ نے رسول اللہ ﷺ کے ارشادات جمع کرکے صحیفہ صادقہ مرتب کیا۔ آپؓ سے تقریباً سات سو احادیث مروی ہیں۔ آپؓ کو علم و فضل کے لحاظ سے صحابہ میں ممتاز مقام حاصل تھا۔ آپؓ کے حلقہ درس میں دور دراز سے لوگ آتے تھے۔

  49. Q49 · 2 marks

    صحیفہ صادقہ کیا ہے؟

    Answer

    حضرت عبداللہ بن عمرو بن العاصؓ نے رسول اللہ ﷺ کے ارشادات کا جو مجموعہ جمع کیا اسے صحیفہ صادقہ کہا جاتا ہے۔

  50. Q50 · 2 marks

    حضرت عبداللہ بن عمرو بن العاصؓ سے کتنی احادیث مروی ہیں؟

    Answer

    آپؓ سے مروی احادیث کی تعداد تقریباً سات سو (700) ہے۔

  51. Q51 · 2 marks

    حضرت عبداللہ بن عمرو بن العاصؓ بارگاہِ نبوی میں کیا کرتے تھے؟

    Answer

    آپؓ زیادہ وقت نبی کریم ﷺ کی بارگاہ میں گزارتے اور آپ ﷺ کی زبان مبارک سے جو الفاظ ادا ہوتے انھیں لکھ لیتے تھے۔

  52. Q52 · 2 marks

    حضرت عبداللہ بن عمرو بن العاصؓ کو کس زبان پر عبور تھا؟

    Answer

    آپؓ کو عبرانی زبان پر بھی عبور حاصل تھا۔

  53. Q53 · 2 marks

    حضرت عبداللہ بن عمرو بن العاصؓ کے حلقہ درس کی کیا خصوصیت تھی؟

    Answer

    آپؓ کے حلقہ درس میں شریک ہونے کے لیے لوگ دور دراز کے ممالک سے سفر کرکے آتے تھے۔

  54. Q54 · 2 marks

    حضرت عبداللہ بن عمرو بن العاصؓ کی عبادت و ریاضت کا حال لکھیں۔

    Answer

    آپؓ دن بھر روزے کی حالت میں رہتے اور رات عبادت میں گزارتے تھے۔ رسول اللہ ﷺ کی صحبت سے جو وقت بچتا وہ یادِ الٰہی میں صرف کرتے تھے۔

  55. Q55 · 2 marks

    حضرت عبداللہ بن عمرو بن العاصؓ کی زندگی سے ہمیں کیا سبق ملتا ہے؟

    Answer

    ہمیں اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے احکام کی روشنی میں زندگی گزارنی چاہیے اور دینِ اسلام کی ترویج و اشاعت کے لیے نمایاں کردار ادا کرنا چاہیے، اسی میں دنیا و آخرت کی کامیابی ہے۔

  56. Q56 · 2 marks

    حضرت عمرو بن امیہؓ کا تعارف بیان کریں۔

    Answer

    آپؓ کا نام عمرو اور کنیت ابو امیہ تھی۔ والد کا نام امیہ بن خویلد تھا۔ آپؓ غزوہ احد کے بعد نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہو کر مشرف بہ اسلام ہوئے۔

  57. Q57 · 2 marks

    حضرت عمرو بن امیہؓ کی سفارت کاری کے بارے میں آپ کیا جانتے ہیں؟

    Answer

    6 ہجری میں نبی کریم ﷺ نے آپؓ کو شاہ حبشہ نجاشی کے پاس اسلام کی دعوت کا خط دے کر بھیجا۔ خط میں مہاجرین کی میزبانی کی سفارش اور حضرت ام حبیبہؓ کے نام نکاح کا پیغام بھی شامل تھا۔ نجاشی نے دعوت پر لبیک کہتے ہوئے حضرت جعفر بن ابی طالبؓ کے ہاتھ پر اسلام قبول کیا۔

  58. Q58 · 2 marks

    حضرت عمرو بن امیہؓ کی وفات کب اور کہاں ہوئی اور آپؓ کو کہاں دفن کیا گیا؟

    Answer

    آپؓ کی وفات 60 ہجری میں حضرت معاویہؓ کے دورِ حکومت میں ہوئی۔ آپؓ مدینہ منورہ میں دفن ہوئے۔

  59. Q59 · 2 marks

    حضرت عمرو بن امیہؓ نے کب اسلام قبول کیا؟

    Answer

    آپؓ نے غزوہ احد کے بعد نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہو کر اسلام قبول کیا۔

  60. Q60 · 2 marks

    نبی کریم ﷺ نے نجاشی کو جو خط بھیجا اس میں کیا کیا شامل تھا؟

    Answer

    خط میں اسلام کی دعوت، مہاجرین کی میزبانی کی سفارش اور حضرت ام حبیبہؓ کے نام نکاح کا پیغام شامل تھا۔

  61. Q61 · 2 marks

    نجاشی نے نبی کریم ﷺ کی دعوت پر کیا ردِ عمل ظاہر کیا؟

    Answer

    نجاشی نے نبی کریم ﷺ کی دعوت پر لبیک کہا اور حضرت جعفر بن ابی طالبؓ کے ہاتھ پر اسلام قبول کیا۔

  62. Q62 · 2 marks

    حضرت عمرو بن امیہؓ کس وصف میں عربوں میں ممتاز تھے؟

    Answer

    آپؓ شجاعت و بہادری اور جرات و دلیری میں عربوں میں ممتاز تھے۔

  63. Q63 · 2 marks

    حضرت عمرو بن امیہؓ سے کتنی احادیث مروی ہیں؟

    Answer

    آپؓ سے مروی 20 احادیث کتابوں میں موجود ہیں۔

  64. Q64 · 2 marks

    حضرت عمرو بن امیہؓ نے کس عسکری مہم میں شرکت کی؟

    Answer

    آپؓ نے نبی کریم ﷺ کے حکم سے ایک سریہ میں شرکت کی۔

  65. Q65 · 2 marks

    حضرت عمرو بن العاصؓ کا مختصر تعارف بیان کریں۔

    Answer

    آپؓ کا نام عمرو اور والد کا نام عاص تھا۔ آپؓ کا تعلق قریش کی شاخ بنو سہم سے تھا۔ ہجرت سے 47 برس پہلے مکہ مکرمہ میں پیدا ہوئے۔ والد قبیلے کے سردار اور بڑے تاجر تھے۔ آپؓ نے تجارت اور سپہ گری و شہ سواری کا فن سیکھا۔

  66. Q66 · 2 marks

    حضرت عمرو بن العاصؓ نے کب اسلام قبول کیا اور آپؓ کے قبولِ اسلام کے وقت نبی کریم ﷺ نے کیا ارشاد فرمایا؟

    Answer

    آپؓ نے فتحِ مکہ سے پہلے آٹھ ہجری میں حضرت عثمان بن ابی طلحہؓ اور حضرت خالد بن ولیدؓ کے ہمراہ بارگاہِ رسالت ﷺ میں حاضر ہو کر اسلام قبول کیا۔ ان تینوں کے اسلام لانے پر نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ مکہ والوں نے اپنے جگر کے ٹکڑے تمھاری طرف پھینک دیے ہیں۔

  67. Q67 · 2 marks

    حضرت عمرو بن العاصؓ کی سفارت کاری کے بارے میں آپ کیا جانتے ہیں؟ وضاحت کریں۔

    Answer

    آپؓ کو سفارت کاری کا وسیع تجربہ تھا۔ نبی کریم ﷺ نے آپؓ کو عمان کے حاکم کے پاس سفیر بنا کر بھیجا۔ آپؓ نے وہاں کے حاکم کو اسلام کی دعوت دی اور دعوت نامہ پہنچایا جس سے متاثر ہو کر انھوں نے اسلام قبول کر لیا۔ خلافتِ راشدہ میں بھی آپؓ رومی اور ایرانی وفود سے ملنے والے سفارت کاروں میں شامل رہے۔

  68. Q68 · 2 marks

    حضرت عمرو بن العاصؓ کے کوئی سے چار نمایاں اوصاف تحریر کریں۔

    Answer

    آپؓ بڑے متقی اور پرہیزگار انسان تھے۔ آپؓ خوش گفتار، قادر الکلام خطیب اور سیاست دان تھے۔ سپہ سالار اور شجاع تھے۔ ادب اور شاعری سے خاص رغبت رکھتے تھے۔ آپؓ منتظم اعلیٰ درجے کے تھے۔

  69. Q69 · 2 marks

    حضرت عمرو بن العاصؓ نے مصر کیسے فتح کیا اور وہاں پر کون سی اصلاحات متعارف کروائیں؟

    Answer

    حضرت عمرؓ سے اجازت لے کر آپؓ یمن کے چار ہزار مجاہدین کے ہمراہ مصر میں داخل ہوئے۔ عریش اور بلبیس وغیرہ کے شہر فتح کیے۔ 20 ہجری میں بابلیون اور 21 ہجری میں اسکندریہ فتح ہوا۔ آپؓ نے عدل و انصاف کا محکمہ قائم کیا، ٹیکس کے قواعد و ضوابط مقرر کیے اور فسطاط شہر کی بنیاد رکھی۔

  70. Q70 · 2 marks

    حضرت عمرو بن العاصؓ کا بچپن اور تجارتی زندگی کیسی تھی؟

    Answer

    آپؓ کی پرورش مکہ مکرمہ میں ہوئی۔ آپؓ نے والد کے ساتھ تجارت کا پیشہ اختیار کیا اور مختلف تجارتی سفر کیے۔ مختلف ملکوں کے لوگوں سے ملنے جلنے کی وجہ سے تجربے اور عقل و دانش میں اضافہ ہوا۔ بچپن ہی میں لکھنا پڑھنا، سپہ گری اور شہ سواری سیکھی۔

  71. Q71 · 2 marks

    معرکہ ذات السلاسل میں حضرت عمرو بن العاصؓ کا کیا کردار تھا؟

    Answer

    شجاعت و بہادری کی وجہ سے نبی کریم ﷺ نے آپؓ کو بہت سی جنگوں میں مختلف ذمہ داریاں سونپیں۔ معرکہ ذات السلاسل میں دو سو مجاہدین پر امیر بنا کر بھیجے گئے اور شان دار کامیابی حاصل کی۔

  72. Q72 · 2 marks

    حضرت عمرو بن العاصؓ نے شام و فلسطین کی کن جنگوں میں حصہ لیا؟

    Answer

    حضرت ابوبکرؓ نے آپؓ کو فلسطین کی فوج کی کمان دے کر بھیجا۔ آپؓ نے جنگِ اجنادین، یرموک اور فتحِ دمشق میں شرکت کی اور دریائے اردن کے مغربی علاقے کی فتح میں نمایاں کردار ادا کیا۔

  73. Q73 · 2 marks

    حضرت عمرو بن العاصؓ کا مشہور قول کیا ہے؟

    Answer

    آپؓ فرماتے تھے کہ ہزار لائق آدمیوں کی موت سے اتنا نقصان نہیں پہنچتا جتنا ایک نالائق آدمی کے صاحبِ اختیار ہو جانے سے پہنچ جاتا ہے۔

  74. Q74 · 2 marks

    نبی کریم ﷺ نے حضرت عمرو بن العاصؓ کے بارے میں کیا ارشاد فرمایا؟

    Answer

    نبی کریم ﷺ نے فرمایا: عمرو بن العاصؓ قریش کے نیک لوگوں میں سے ہیں۔ (جامع ترمذی: 3845)

  75. Q75 · 2 marks

    حضرت عمرو بن العاصؓ سے کتنی احادیث مروی ہیں اور آپؓ نے کب وفات پائی؟

    Answer

    آپؓ سے انتالیس (39) احادیث مروی ہیں اور آپؓ نے 43 ہجری میں مصر میں وفات پائی۔

  76. Q76 · 2 marks

    مصر کے لوگ حضرت عمرو بن العاصؓ سے کیسے متاثر ہوئے؟

    Answer

    آپؓ کے حسنِ سلوک سے متاثر ہو کر مصریوں کی بڑی تعداد نے اسلام قبول کیا۔

  77. Q77 · 2 marks

    حضرت جابر بن عبداللہؓ کا مختصر تعارف بیان کریں۔

    Answer

    آپؓ کا نام جابر اور کنیت ابو عبداللہ تھی۔ والد کا نام عبداللہ اور والدہ کا نام نسیبہ تھا۔ آپؓ کے دادا اپنے قبیلے کے رئیس تھے۔ آپؓ بیعتِ عقبہ ثانیہ میں اپنے والد کے ساتھ اسلام لائے۔

  78. Q78 · 2 marks

    حضرت جابر بن عبداللہؓ نے اپنے والد کی نصیحت پر عمل کرتے ہوئے ان کا قرض کیسے ادا کیا؟

    Answer

    جب باغ کی کھجوریں پک گئیں تو آپؓ نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور باغ میں تشریف لانے کی درخواست کی تاکہ قرض خواہ والد کے قرض میں کچھ معاف کر دیں۔ نبی کریم ﷺ نے کھجوریں ایک جگہ اکٹھی کروائیں، ان کے گرد تین چکر لگائے اور تقسیم کا حکم دیا۔ قرض ادا ہو گیا لیکن کھجوروں کے ڈھیر میں کچھ کمی نہ آئی۔ (صحیح بخاری: 3580)

  79. Q79 · 2 marks

    حضرت جابر بن عبداللہؓ نے اپنی بہنوں کی تربیت کا کیا اہتمام فرمایا؟

    Answer

    والد کی وصیت پر عمل کرتے ہوئے آپؓ نے ایک بیوہ عورت سے صرف اس وجہ سے نکاح کیا تاکہ بہنوں کی تربیت کے ساتھ ساتھ گھر کا نظام بھی بہتر انداز میں چل سکے۔

  80. Q80 · 2 marks

    حضرت جابر بن عبداللہؓ کی دینی و علمی خدمات کے بارے میں آپ کیا جانتے ہیں؟

    Answer

    آپؓ سے 1540 احادیث مروی ہیں اور صحیفہ جابر بن عبداللہ آپؓ کی طرف منسوب ہے۔ آپؓ نے مسجدِ نبوی میں درسِ حدیث کا آغاز کیا اور آپؓ کا حلقہ درس خاص شہرت رکھتا تھا۔ مکہ، مدینہ، بصرہ، کوفہ اور مصر تک کے لوگوں نے آپؓ سے علم حاصل کیا۔

  81. Q81 · 2 marks

    حضرت جابر بن عبداللہؓ کے نمایاں اوصاف تحریر کریں۔

    Answer

    آپؓ جوشِ ایمانی، جرأتِ اظہارِ حق، امر بالمعروف و نہی عن المنکر اور اتباعِ سنت جیسی اعلیٰ اخلاقی خوبیوں پر فائز تھے۔ آپؓ نے غزواتِ نبوی میں بڑی دلیری اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔

  82. Q82 · 2 marks

    حضرت جابر بن عبداللہؓ کو علم حاصل کرنے کا کتنا شوق تھا؟ اپنے الفاظ میں بیان کریں۔

    Answer

    آپؓ کو علمِ حدیث کا اس قدر شوق تھا کہ ایک حدیث سننے کے لیے مہینوں کی مسافت طے کرتے۔ حضرت عبداللہ بن انیسؓ کے پاس ایک حدیث کی روایت تھی اور وہ شام میں رہتے تھے۔ آپؓ نے ایک اونٹ خریدا، طویل سفر طے کرکے ان کے پاس پہنچے اور وہ حدیث سنی۔

  83. Q83 · 2 marks

    حضرت جابر بن عبداللہؓ نے کتنے غزوات میں شرکت کی؟

    Answer

    آپؓ نے انیس (19) غزوات میں نبی کریم ﷺ کے ساتھ شرکت فرمائی۔ غزوہ بدر اور احد میں والد نے کم عمری کی وجہ سے منع کر دیا تھا۔

  84. Q84 · 2 marks

    حضرت جابر بن عبداللہؓ نے کب وفات پائی؟

    Answer

    آپؓ کی وفات 74 ہجری میں ہوئی۔

  85. Q85 · 2 marks

    حضرت جابر بن عبداللہؓ کے والد نے انھیں کیا وصیت فرمائی؟

    Answer

    حضرت عبداللہؓ نے فرمایا کہ میری خواہش ہے کہ میں احد کا پہلا شہید بنوں۔ اگر ایسا ہوا تو میرے اوپر جو قرض ہے وہ ادا کرنا اور اپنی بہنوں کا خیال رکھنا۔ اللہ تعالیٰ نے ان کی خواہش قبول کی اور وہ غزوہ احد میں شہید ہوئے۔

  86. Q86 · 2 marks

    حضرت جابرؓ کی مہمان نوازی کا ایک واقعہ بیان کریں۔

    Answer

    آپؓ نے نہایت سادہ زندگی گزاری۔ ایک بار چند صحابہؓ گھر ملنے آئے تو آپؓ نے انھیں سرکہ پیش کیا اور فرمایا کہ بسم اللہ سے نوش کیا جائے، سرکے کی بڑی فضیلت آئی ہے۔ اگر کسی کے پاس احباب آئیں تو جو کچھ میسر ہو وہ پیش کرے اور کوتاہی یا کنجوسی نہ کرے۔ مہمان کا فرض ہے کہ اسے خوشی سے قبول کرے اور حقیر نہ سمجھے کیوں کہ تکلف میں دونوں کی ہلاکت ہے۔

  87. Q87 · 2 marks

    صحیفہ جابر بن عبداللہ کیا ہے؟

    Answer

    رسول اللہ ﷺ کی احادیث کا ایک مجموعہ صحیفہ جابر بن عبداللہ کے نام سے آپؓ کی طرف منسوب ہے۔

  88. Q88 · 2 marks

    حضرت جابرؓ کے درسِ حدیث کی کیا خصوصیت تھی؟

    Answer

    آپؓ کا حلقہ درس خاص شہرت رکھتا تھا اور دور دراز کے شہروں سے لوگ علمِ حدیث کے حصول کے لیے آپؓ کے درس میں شریک ہوتے تھے۔

  89. Q89 · 2 marks

    حضرت انس بن مالکؓ کو نبی کریم ﷺ سے محبت کا کیا عالم تھا؟ وضاحت کریں۔

    Answer

    آپؓ کو حضور اکرم ﷺ سے اتنی محبت تھی کہ صبح اٹھ کر شانۂ نبوت کی زیارت سے آنکھوں کو ٹھنڈا کرتے تھے۔ صبح کی تاریکی میں حضرت ام سلیمؓ کا یہ کم سن بچہ بستر راحت سے اٹھتا اور نبی کریم ﷺ کا سامانِ وضو مہیا کرنے کے لیے مسجدِ نبوی کا راستہ لیتا۔ ایامِ شباب میں شمعِ نبوت پر پروانہ وار فدا تھے۔

  90. Q90 · 2 marks

    حضرت انس بن مالکؓ نے کتنے سال نبی کریم ﷺ کی خدمت کی؟

    Answer

    آپؓ نے کم و بیش دس برس نبی کریم ﷺ کی وفات تک خدمت کی۔ اس عرصے میں نبی کریم ﷺ کبھی خفا نہ ہوئے اور نہ کسی کام کے بارے میں یہ فرمایا کہ اب تک کیوں نہ ہوا۔

  91. Q91 · 2 marks

    نبی کریم ﷺ کے دیارِ اقدس پر حاضری کے حوالے سے حضرت انس بن مالکؓ کا کیا معمول تھا؟

    Answer

    آپؓ فجر کی نماز سے پہلے دیارِ اقدس پر حاضر ہو جاتے اور دوپہر کو اپنے گھر واپس آتے۔ ظہر کے وقت پھر حاضر ہوتے اور عصر تک رہتے، نماز عصر پڑھ کر اپنے گھر کا رخ کرتے۔ سفر و حضر میں ہمیشہ نبی کریم ﷺ کے ساتھ رہتے تھے۔

  92. Q92 · 2 marks

    نبی کریم ﷺ نے حضرت انس بن مالکؓ کے لیے کیا دعا فرمائی؟ اور اس سے انھیں کیا برکات حاصل ہوئیں؟

    Answer

    حضرت ام سلیمؓ کے عرض کرنے پر نبی کریم ﷺ نے دعا فرمائی: اے اللہ! انس کے مال میں اضافہ فرما اور اس کی اولاد زیادہ کر اور جو تو نے اسے عطا فرمایا ہے اس میں برکت دے۔ (صحیح مسلم: 2480) اس دعا کی برکت سے آپؓ انصار میں سب سے زیادہ مال دار ہوئے اور بیٹوں، بیٹیوں اور پوتوں کی تعداد 100 سے زیادہ ہو گئی۔

  93. Q93 · 2 marks

    حضرت انس بن مالکؓ کی چند صفات بیان کریں۔

    Answer

    آپؓ حبِ رسول ﷺ، اتباعِ سنت اور امر بالمعروف و نہی عن المنکر میں نمایاں تھے۔ آپؓ نہایت ملنسار، صبر و استقامت والے، سادہ گفتگو کرنے والے اور راست گو تھے۔ آپؓ کی طبیعت فیاض تھی اور آپؓ انتہائی سادہ کھانا تناول فرماتے تھے۔

  94. Q94 · 2 marks

    حضرت انس بن مالکؓ کی علمی و دینی خدمات اپنے الفاظ میں تحریر کریں۔

    Answer

    آپؓ کو علمِ حدیث کی طرح علمِ فقہ میں بھی کمال حاصل تھا۔ آپؓ حدیث روایت کرنے میں انتہائی اہم مقام رکھتے تھے اور ان جلیل القدر صحابہؓ میں شمار ہوتے تھے جنھیں نبی کریم ﷺ نے حدیث قلم بند کرنے کی تلقین فرمائی۔ آپؓ نے اپنے بیٹوں کو خود تعلیم دی۔ آپؓ کے گرد شاگردوں اور عقیدت مندوں کا ہجوم رہتا تھا۔

  95. Q95 · 2 marks

    حضرت انس بن مالکؓ کا مختصر تعارف بیان کریں۔

    Answer

    آپؓ کا نام انس، کنیت ابو حمزہ اور لقب خادمِ رسول ﷺ ہے۔ والدہ کا نام حضرت ام سلیمؓ تھا۔ آپؓ کا تعلق مدینہ کے معزز انصاری قبیلے بنو نجار سے تھا۔ آپؓ ہجرتِ نبوی سے دس سال پہلے مدینہ منورہ میں پیدا ہوئے۔

  96. Q96 · 2 marks

    حضرت انس بن مالکؓ خادمِ رسول ﷺ کے لقب سے کیسے مشہور ہوئے؟

    Answer

    حضرت ام سلیمؓ حضرت انسؓ کو لے کر خدمتِ اقدس میں حاضر ہوئیں اور درخواست کی کہ انس کو اپنی خدمت میں قبول فرما لیجیے۔ نبی کریم ﷺ نے منظور فرما لیا جس سے آپؓ خادم رسول ﷺ کے لقب سے شہرت پائے۔

  97. Q97 · 2 marks

    نبی کریم ﷺ حضرت انسؓ کو محبت سے کس نام سے پکارتے تھے؟

    Answer

    نبی کریم ﷺ آپؓ کو محبت سے انیس کہہ کر مخاطب فرماتے تھے۔

  98. Q98 · 2 marks

    حضرت انس بن مالکؓ اپنے بیٹوں کی تعلیم و تربیت کیسے کرتے تھے؟

    Answer

    آپؓ اپنے مکان پر رہتے تھے اور اپنے بیٹوں کو خود تعلیم دیتے تھے۔ تعلیم و تعلم کے علاوہ آپؓ ماہر تیر انداز بھی تھے اور بیٹوں کو خود تیر اندازی سکھاتے تھے۔ تابعین آپؓ کے بیٹوں کو خاص عزت کی نگاہ سے دیکھتے تھے۔

  99. Q99 · 2 marks

    حضرت انس بن مالکؓ نے کب اور کہاں وفات پائی؟

    Answer

    آپؓ نے 93 ہجری میں بصرہ میں وفات پائی۔ بصرہ میں وصال فرمانے والے صحابہ کرامؓ میں آپؓ آخری صحابیٔ رسول ﷺ ہیں۔

  100. Q100 · 2 marks

    حضرت انس بن مالکؓ کے والدین کے اسلام کا حال بیان کریں۔

    Answer

    آپؓ کی والدہ حضرت ام سلیمؓ ہجرتِ نبوی سے قبل اسلام قبول کر چکی تھیں۔ والد نے اسلام قبول نہ کیا اور مدینہ منورہ چھوڑ کر چلے گئے۔ والدہ نے حضرت ابو طلحہؓ سے نکاح کیا جنھوں نے بیعتِ عقبہ ثانیہ میں نبی کریم ﷺ کے دستِ مبارک پر بیعت کی۔

  101. Q101 · 2 marks

    حضرت شفاؓ کا مختصر تعارف بیان کریں۔

    Answer

    آپؓ کا نام شفا اور والد کا نام عبداللہ بن عبد شمس تھا۔ والدہ کا نام فاطمہ بنت وہب تھا۔ آپؓ کا نکاح حضرت ابو حثمہ بن حذیفہ عدویؓ سے ہوا۔ آپؓ نے ہجرت سے قبل اسلام قبول کیا۔

  102. Q102 · 2 marks

    حضرت شفاؓ کی نبی کریم ﷺ سے محبت کا کیا عالم تھا؟

    Answer

    حضرت شفاؓ کو نبی کریم ﷺ سے بہت محبت تھی۔ انھوں نے آپ ﷺ کے لیے علیحدہ بچھونا بنا رکھا تھا جس پر آپ ﷺ تشریف فرما ہوتے اور اس میں آپ ﷺ کا پسینہ جذب ہوتا تھا۔ ان کی اولاد نے ان تبرکات کو نہایت محبت و عقیدت سے محفوظ رکھا۔

  103. Q103 · 2 marks

    حضرت ام سلیمؓ نے غزوات میں کیا خدمات سرانجام دیں؟

    Answer

    حضرت ام سلیمؓ نے غزوات میں حصہ لیا۔ نبی کریم ﷺ انصار کی چند عورتوں اور خصوصاً حضرت ام سلیمؓ کو غزوات میں ساتھ رکھتے تھے۔ یہ خواتین لوگوں کو پانی پلاتیں اور زخمیوں کی مرہم پٹی کرتی تھیں۔ آپؓ نے غزوہ احد، خیبر اور حنین میں شرکت فرمائی۔

  104. Q104 · 2 marks

    حضرت ام سلیمؓ کی نبی کریم ﷺ سے محبت کا کوئی ایک واقعہ تحریر کریں۔

    Answer

    نبی کریم ﷺ ایک دفعہ حضرت ام سلیمؓ کے ہاں تشریف لے گئے اور ان کی مشک سے پانی پیا۔ انھوں نے مشک کا وہ ٹکڑا کاٹ کر اپنے پاس محفوظ کر لیا کیوں کہ نبی کریم ﷺ کے ہونٹ مبارک اس سے مس ہوئے تھے۔

  105. Q105 · 2 marks

    حضرت ام عطیہؓ کا مختصر تعارف بیان کریں۔

    Answer

    آپؓ کا نام نسیبہ بنت حارث اور کنیت ام عطیہ تھی۔ آپؓ کا تعلق انصار کے قبیلے ابو مالک بن النجار سے تھا۔ آپؓ ہجرتِ مدینہ سے قبل مسلمان ہوئیں۔

  106. Q106 · 2 marks

    حضرت ام عطیہؓ عہدِ نبوی میں کیا خدمات انجام دیتی تھیں؟

    Answer

    حضرت ام عطیہؓ عہدِ رسالت میں سات معرکوں میں شریک ہوئیں، جن میں وہ مردوں کے لیے کھانا پکاتیں، سامان کی حفاظت کرتیں، مریضوں کی تیمارداری کرتیں اور زخمیوں کی مرہم پٹی کرتی تھیں۔

  107. Q107 · 2 marks

    نبی کریم ﷺ کے وصال کے وقت حضرت ام ایمنؓ کے رونے کا سبب کیا تھا؟

    Answer

    حضرت ام ایمنؓ نے فرمایا کہ مجھے معلوم ہے کہ رسول اللہ ﷺ کے لیے اللہ کے پاس بہتر چیز موجود ہے، میں تو اس لیے رو رہی ہوں کہ اب وحی کا سلسلہ منقطع ہو گیا ہے۔ یہ سن کر حضرت ابو بکرؓ اور حضرت عمرؓ بھی ان کے ساتھ رونے لگے۔

  108. Q108 · 2 marks

    حضرت ام ایمنؓ کی اسلام کے لیے دو خدمات بیان کریں۔

    Answer

    حضرت ام ایمنؓ نے غزوہ احد میں شرکت کی اور لوگوں کو پانی پلایا اور زخمیوں کی تیمارداری کی۔ اسی طرح غزوہ خیبر میں بھی شریک ہوئیں۔ انھوں نے حبشہ کی طرف ہجرت بھی کی۔

  109. Q109 · 2 marks

    حضرت ام عمارہؓ کا مختصر تعارف تحریر کریں۔

    Answer

    آپؓ کا نام نسیبہ اور کنیت ام عمارہ تھی۔ آپؓ کا تعلق قبیلہ بنو نجار سے تھا۔ آپؓ نے بیعتِ عقبہ ثانیہ میں شرکت کی جس میں تہتر مرد اور دو عورتیں شامل تھیں۔

  110. Q110 · 2 marks

    حضرت ام عمارہؓ نے غزوات میں کیا خدمات سرانجام دیں؟

    Answer

    آپؓ غزوہ احد میں شریک ہوئیں اور نہایت بہادری سے لڑیں۔ لوگوں کو پانی پلایا اور جب کفار نبی کریم ﷺ پر حملہ کرتے تو تیر اور تلوار سے روکتی رہیں۔ آپؓ بیعتِ رضوان، غزوہ خیبر اور فتحِ مکہ میں بھی شریک ہوئیں۔

  111. Q111 · 2 marks

    ہجرتِ مدینہ میں حضرت اسماء بنت ابی بکر صدیقؓ نے کیا کردار ادا کیا؟

    Answer

    جب نبی کریم ﷺ نے ہجرت فرمائی تو حضرت ابو بکرؓ ہم سفر تھے۔ حضرت اسماءؓ نے سفر کا سامان تیار کیا اور دو تین دن کا کھانا ساتھ رکھا۔ بندھن کے لیے کمر بند (نطاق) پھاڑ کر برتن کا منہ باندھا۔ اسی وجہ سے آپؓ کو ذات النطاقین کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے۔

  112. Q112 · 2 marks

    حضرت اسماءؓ کے نمایاں اوصاف تحریر کریں۔

    Answer

    حضرت اسماءؓ نیک طبع خاتون تھیں۔ حق گوئی ان کا خاص شعار تھا۔ نہایت صابرہ تھیں۔ حجاج بن یوسف جیسے ظالم و جابر کے سامنے حق گوئی سے کام لیا۔ حد درجہ خوددار، باہمت اور تواضع و انکساری کی پیکر تھیں۔

  113. Q113 · 2 marks

    حضرت شفاؓ سے کتنی احادیث مروی ہیں؟

    Answer

    حضرت شفاؓ کی مرویات کی تعداد بارہ ہے۔ آپؓ نے نبی کریم ﷺ اور حضرت عمرؓ سے احادیث روایت کی ہیں۔

  114. Q114 · 2 marks

    حضرت ام سلیمؓ نے حضرت ابو طلحہؓ کے نکاح کے پیغام کا کیا جواب دیا؟

    Answer

    حضرت ابو طلحہؓ نے نکاح کا پیغام بھیجا تو آپؓ نے اسلام قبول کرنے کی شرط عائد کی۔ انھوں نے اسلام قبول کر لیا تو آپؓ نے ان کو اپنا مہر معاف کرتے ہوئے کہا: میرا مہر اسلام ہے۔

  115. Q115 · 2 marks

    نبی کریم ﷺ نے حضرت ام سلیمؓ کی کیا فضیلت بیان فرمائی؟

    Answer

    نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ میں جنت میں گیا تو مجھے آہٹ محسوس ہوئی، میں نے پوچھا کون ہے؟ لوگوں نے بتایا کہ انس کی والدہ غمیصا بنت ملحان ہیں۔

  116. Q116 · 2 marks

    حضرت ام عطیہؓ نے نبی کریم ﷺ کی صاحب زادی کے انتقال پر کیا خدمت انجام دی؟

    Answer

    8 ہجری میں نبی کریم ﷺ کی صاحب زادی حضرت زینبؓ کا انتقال ہوا تو حضرت ام عطیہؓ اور چند عورتوں نے مل کر انھیں غسل دیا۔ صحابہ کرامؓ اور تابعین ان سے میت کو نہلانے کا طریقہ سیکھتے تھے۔

  117. Q117 · 2 marks

    حضرت ام ایمنؓ کے بیٹوں کا ذکر کریں۔

    Answer

    حضرت ام ایمنؓ کے دو بیٹے تھے۔ حضرت ایمنؓ پہلے شوہر سے تھے اور غزوہ خیبر میں شہید ہوئے۔ دوسرے بیٹے حضرت اسامہؓ نبی کریم ﷺ کے محبوب خاص اور نہایت جلیل القدر صحابی تھے۔

  118. Q118 · 2 marks

    جنگِ یمامہ میں حضرت ام عمارہؓ کا کیا کردار رہا؟

    Answer

    حضرت ابو بکر صدیقؓ کے عہد میں جنگِ یمامہ مسیلمہ کذاب کے خلاف لڑی گئی۔ آپؓ اپنے بیٹے حضرت حبیبؓ کے ساتھ حضرت خالد بن ولیدؓ کے ہمراہ روانہ ہوئیں۔ مسیلمہ نے بیٹے کو شہید کیا تو آپؓ نے منت مانی کہ اسے قتل کروں گی یا خود جان دے دوں گی۔ بہادری سے لڑیں، کئی زخم آئے اور ایک ہاتھ کٹ گیا۔

  119. Q119 · 2 marks

    حضرت اسماءؓ نے حجاج بن یوسف کے سامنے کیا کیا؟

    Answer

    حضرت عبداللہ بن زبیرؓ کی شہادت پر حجاج نے ان کی لاش سولی پر لٹکا دی۔ تین دن بعد حضرت اسماءؓ آئیں اور نہایت استقلال سے فرمایا کہ کیا اس سوار کے گھوڑے سے اترنے کا ابھی وقت نہیں آیا؟ آپؓ نے ظالم کے سامنے حق گوئی سے کام لیا۔

  120. Q120 · 2 marks

    حضرت اسماءؓ کی وفات کب ہوئی اور احادیث کتنی مروی ہیں؟

    Answer

    حضرت اسماءؓ نے نبی کریم ﷺ سے چھپن (56) احادیث روایت کی ہیں۔ آپؓ نے 73 ہجری میں 100 سال کی عمر میں وفات پائی۔

  121. Q121 · 2 marks

    حضرت امام قشیریؒ کا مختصر تعارف بیان کریں۔

    Answer

    آپؒ کا نام عبدالکریم اور کنیت ابو القاسم تھی۔ آپؒ کی پیدائش 986ء میں نیشاپور کے قریب استوا کی بستی میں ہوئی۔ بچپن میں والد کا انتقال ہو گیا۔ آپؒ نے دین و تصوف کی بنیادی تعلیم شیخ ابو علی دقاقؒ سے حاصل کی۔ 1072ء میں نیشاپور میں وفات پائی۔

  122. Q122 · 2 marks

    حضرت امام قشیریؒ کی دو تصانیف کے نام لکھیں۔

    Answer

    امام قشیریؒ کی دو تصانیف ’’رسالہ قشیریہ‘‘ اور ’’لطائف الاشارات فی تفسیر القرآن‘‘ ہیں۔

  123. Q123 · 2 marks

    رسالہ قشیریہ کا تعارف تحریر کریں۔

    Answer

    رسالہ قشیریہ ایک مختصر اور جامع رسالہ ہے جس میں تصوف کے تمام پہلوؤں کو زیر بحث لایا گیا ہے۔ اس کی ابتدا میں تصوف کے اصول بیان کیے گئے ہیں، اس کے بعد 83 صوفیہ کرام کے حالات قلم بند کیے گئے ہیں۔

  124. Q124 · 2 marks

    حضرت خواجہ نظام الدین دہلویؒ کا مختصر تعارف تحریر کریں۔

    Answer

    آپؒ کا نام محمد نظام الدین اور والد کا نام احمد بخاری تھا۔ آپؒ سلطان الاولیا اور محبوبِ الٰہی کے القابات سے مشہور ہیں۔ آپؒ 1237ء میں بدایون میں پیدا ہوئے۔ بیس سال کی عمر میں بابا فرید الدین گنج شکرؒ کے ہاتھ پر بیعت کی۔ آپؒ نے 1324ء میں وفات پائی۔

  125. Q125 · 2 marks

    اشاعتِ اسلام اور تزکیۂ نفس کے حوالے سے حضرت خواجہ نظام الدین دہلویؒ کی خدمات تحریر کریں۔

    Answer

    آپؒ نے پوری زندگی طلبِ علم، عبادات، ریاضت و مجاہدہ اور لوگوں کی تربیت و اصلاح میں گزاری۔ آپؒ کے لنگر خانے میں ہزاروں فقرا و مساکین کھانا کھاتے تھے۔ آپؒ نے شیخ نصیر الدین چراغ دہلویؒ، امیر خسروؒ اور امیر حسن سجزیؒ جیسی شخصیات تیار کیں۔ آپؒ مریدوں کو قرآن مجید کی کثرت سے تلاوت کی ہدایت فرماتے تھے۔

  126. Q126 · 2 marks

    حضرت نظام الدین اولیاؒ کے ملفوظات کے مجموعوں کے نام تحریر کریں۔

    Answer

    ’’راحت القلوب‘‘ بابا فرید الدین گنج شکرؒ کے ملفوظات ہیں جو آپؒ نے جمع کیے۔ ’’فضل الفوائد‘‘ آپؒ کے ملفوظات ہیں جو امیر خسروؒ نے جمع کیے۔ ’’فوائد الفواد‘‘ آپؒ کے ملفوظات ہیں جنھیں امیر حسن سجزیؒ نے جمع کیا۔

  127. Q127 · 2 marks

    حضرت شیخ فرید الدین عطارؒ کی دو تصانیف کے نام تحریر کریں۔

    Answer

    آپؒ کی دو تصانیف ’’تذکرۃ الاولیا‘‘ اور ’’پند نامہ‘‘ ہیں۔ ’’منطق الطیر‘‘ بھی آپؒ کی مشہور کتاب ہے۔

  128. Q128 · 2 marks

    حضرت شیخ فرید الدین عطارؒ کو ’’عطار‘‘ کیوں کہا جاتا ہے؟

    Answer

    عطار کا لقب آپؒ کے پیشے کی وجہ سے مشہور ہوا۔ آپؒ خوش بو اور ادویہ سازی کے ماہر تھے اور آپؒ کے مطب میں سیکڑوں لوگ روزانہ فیض یاب ہوتے تھے۔

  129. Q129 · 2 marks

    حضرت شاہ عبداللطیفؒ کے والدین کے نام تحریر کریں۔

    Answer

    آپؒ کے والد گرامی کا اسم مبارک سید محمود بادشاہ کاظمیؒ اور والدہ ماجدہ کا نام سیدہ غلام فاطمہ کاظمیؒ تھا۔

  130. Q130 · 2 marks

    حضرت شاہ عبداللطیفؒ کی تبلیغی خدمات تحریر کریں۔

    Answer

    آپؒ نے کشمیر، بدخشاں، بخارا، مشہد، بغداد اور دمشق کے علاقوں کا تبلیغی دورہ کیا۔ آپؒ حج کی غرض سے مکہ اور مدینہ گئے۔ نور پور شاہاں میں قیام کے دوران اسلامی تعلیمات کے ذریعے لاتعداد غیر مسلموں کے دلوں میں اسلام کی شمع روشن کی۔

  131. Q131 · 2 marks

    حضرت بری امامؒ کی ابتدائی زندگی اور تعلیم کا ذکر کریں۔

    Answer

    آپؒ 1026 ہجری میں ضلع چکوال کے علاقے کرسال میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم اپنے والد گرامی سے حاصل کی۔ والد نے فقہ، حدیث اور دیگر علومِ اسلامی کی تعلیم نجف اشرف عراق سے حاصل کی تھی اور بیٹے کی تعلیم و تربیت میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی۔ آپؒ بری امام کے لقب سے زیادہ مشہور ہوئے۔

  132. Q132 · 2 marks

    حضرت مولانا عبدالرحمٰن جامیؒ کی نبی کریم ﷺ سے عقیدت و محبت بیان کریں۔

    Answer

    مولانا جامیؒ کو نبی کریم ﷺ کی ذاتِ اقدس سے بہت زیادہ عقیدت و محبت تھی۔ انھوں نے آپ ﷺ کی محبت میں نعتیہ کلام بھی لکھا ہے۔ ان کی فارسی میں معروف نعت کا شعر ہے: نسیما! جانب بطحا گزر کن، ز احوالم محمد را خبر کن۔ یعنی اے بادِ نسیم! جب تیرا شہر بطحا سے گزر ہو تو میرے احوال سرکار کی خدمت میں بیان کرنا۔

  133. Q133 · 2 marks

    حضرت مولانا عبدالرحمٰن جامیؒ کی مشہور کتاب کا نام لکھیں۔

    Answer

    علمِ نحو میں ’’شرح ملا جامی‘‘ آپؒ کی مشہور تصنیف ہے۔

  134. Q134 · 2 marks

    حضرت مولانا جامیؒ کا مختصر تعارف بیان کریں۔

    Answer

    آپؒ کا نام عبدالرحمٰن اور لقب جامی تھا۔ والد کا نام مولانا نظام الدین تھا۔ 817 ہجری بمطابق 1414ء کو ہرات (افغانستان) میں پیدا ہوئے۔ حضرت خواجہ عبید اللہ احرارؒ کے ہاتھ پر بیعت کی۔ 898 ہجری (1492ء) کو جمعہ کے دن 81 برس کی عمر میں وفات پائی۔ مزار ہرات میں ہے۔

  135. Q135 · 2 marks

    حضرت مولانا جامیؒ کے اوصاف بیان کریں۔

    Answer

    آپؒ تواضع و عجز و انکساری کے حامل تھے۔ ترکِ ریا، نفس کشی اور خلوص جیسی خوبیاں آپؒ کے قول و فعل سے نمایاں تھیں۔ احکامِ شریعت کے پابند تھے، مظلوموں کے مددگار تھے اور حاجت مندوں کی خفیہ طور پر مدد کرتے تھے۔ بڑے لوگوں اور بادشاہوں کی خوشامد سے متنفر تھے۔

  136. Q136 · 2 marks

    حضرت لعل شہباز قلندرؒ کا سلسلۂ نسب کن سے ملتا ہے؟

    Answer

    آپؒ کا شجرہ نسب تیرہ واسطوں سے حضرت امام جعفر صادقؒ تک پہنچتا ہے۔

  137. Q137 · 2 marks

    حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے تعلیمی حالات مختصراً بیان کریں۔

    Answer

    آپؒ نے سات سال کی عمر میں قرآن مجید حفظ کر لیا۔ حفظِ قرآن کے بعد بہت ہی قلیل عرصے میں مروجہ عربی و فارسی علوم میں بھی مکمل دسترس حاصل کر لی۔ ابتدائی منزلیں والد محترم کے سائے میں طے کیں۔

  138. Q138 · 2 marks

    لعل شہباز قلندرؒ کو ’’لعل‘‘، ’’شہباز‘‘ اور ’’قلندر‘‘ کیوں کہتے ہیں؟

    Answer

    آپؒ کا خرقہ تابدار یاقوتی رنگ کا ہوا کرتا تھا اس لیے ’’لعل‘‘ کہلائے۔ خدا پرستی اور شرافت کی بنا پر ’’شہباز‘‘ اور قلندرانہ مزاج و انداز کی بنا پر ’’قلندر‘‘ کہا جانے لگا۔

  139. Q139 · 2 marks

    حضرت لعل شہباز قلندرؒ کا مختصر تعارف بیان کریں۔

    Answer

    آپؒ کا اصل نام سید عثمان مروندی تھا۔ آپؒ کی ولادت 538 ہجری بمطابق 1143ء مروند میں ہوئی۔ والد کا نام ابراہیم کبیر الدین اور والدہ کا نام ماجدہ تھا۔ آپؒ کا وصال 21 شعبان المعظم 673 ہجری میں ہوا۔ مزار سیہون (سندھ) میں ہے۔

  140. Q140 · 2 marks

    حضرت لعل شہباز قلندرؒ کی والدہ ماجدہ کے متعلق مشہور بات کیا ہے؟

    Answer

    مشہور ہے کہ وہ رات کی تاریکی میں بیٹھ کر رویا کرتی تھیں۔ فرماتی تھیں کہ اللہ کے خوف سے رونے والا دوزخ میں نہ جائے گا۔ رات کا زیادہ حصہ عبادت میں گزارتی تھیں۔

  141. Q141 · 2 marks

    حضرت لعل شہباز قلندرؒ نے سندھ میں اسلام کی تبلیغ کیسے کی؟

    Answer

    آپؒ نے بندگانِ خدا کو سیدھی راہ دکھائی۔ اپنے اخلاق سے انسانوں کے دلوں میں نیکی اور سچائی کی لگن پیدا کی اور ایک دوسرے کے ساتھ محبت اور پیار سے رہنا سکھایا۔ ہزاروں لوگوں نے آپؒ کی تبلیغ سے ہدایت پائی اور اسلام قبول کیا۔

  142. Q142 · 2 marks

    امام شاطبیؒ کا مختصر تعارف بیان کریں۔

    Answer

    ابو اسحاق ابراہیم بن موسیٰ الشاطبیؒ مشہور محدث، فقیہ اور جامع العلوم تھے۔ آپؒ کا خاندان بنو لخم سے تعلق رکھتا تھا۔ تصانیف میں ’’الاعتصام‘‘ اور ’’الموافقات‘‘ بہت مشہور ہیں۔ آپؒ نے قرآن پاک کی قراءت کی تعلیم شاطبیہ میں حاصل کی اور 790 ہجری کو قاہرہ میں وفات پائی۔

  143. Q143 · 2 marks

    امام شاطبیؒ کن علوم کے ماہر تھے؟ کوئی سے دو نام لکھیں۔

    Answer

    امام شاطبیؒ علومِ شرعیہ کے ماہر عالم اور فقہ کے امام تسلیم کیے جاتے تھے۔ آپؒ کو فقہ میں یدِ طولیٰ حاصل تھا۔ آپؒ ایک اعلیٰ پائے کے ادیب بھی تھے۔

  144. Q144 · 2 marks

    امام جلال الدین سیوطیؒ کی کوئی سی دو تصانیف کے نام تحریر کریں۔

    Answer

    ’’تفسیر جلالین‘‘، ’’تفسیر درِ منثور‘‘، ’’الاتقان فی علوم القرآن‘‘ اور ’’تاریخ الخلفا‘‘ آپؒ کی مشہور تصانیف ہیں۔

  145. Q145 · 2 marks

    امام جلال الدین سیوطیؒ کن علوم کے ماہر تھے؟

    Answer

    آپؒ ایک شہرۂ آفاق مفسر، محدث، فقیہ اور مورخ تھے۔ آپؒ فرماتے تھے کہ اللہ نے مجھے سات علوم یعنی تفسیر، حدیث، فقہ، نحو، معانی، بیان اور بدیع میں کمال عطا فرمایا ہے۔

  146. Q146 · 2 marks

    علامہ ابن خلدونؒ کی شہرۂ آفاق کتاب کا نام کیا ہے؟

    Answer

    علامہ ابن خلدونؒ کی شہرۂ آفاق کتاب ’’مقدمہ ابن خلدون‘‘ ہے جو فلسفہ، تاریخ، سیاست، عمرانیات، اقتصادیات اور ادبیات کا خزانہ ہے۔

  147. Q147 · 2 marks

    علامہ ابن خلدونؒ کی علمی خدمات تحریر کریں۔

    Answer

    آپؒ کی علمی خدمات تین پہلوؤں سے پرکھی جاتی ہیں: اول مؤرخ و تاریخ نویس کی حیثیت سے، دوم فلسفۂ تاریخ کے بانی کی حیثیت سے، اور سوم عمرانیات کے امام و ماہر کی حیثیت سے۔ آپؒ کو تاریخ، فلسفہ تاریخ اور عمرانیات (سوشیالوجی) کا ماہر تسلیم کیا جاتا ہے۔

  148. Q148 · 2 marks

    ابن عربیؒ کا مکمل نام تحریر کریں۔

    Answer

    ابن عربیؒ کا نام محمد بن علی اور لقب محی الدین ہے۔ آپؒ کو ’’شیخ اکبر‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔

  149. Q149 · 2 marks

    ابن عربیؒ نے کن موضوعات پر کتب تصنیف کیں؟

    Answer

    آپؒ کی تصانیف کی تعداد 800 سے زائد بیان کی جاتی ہے۔ آپؒ نے اپنے زمانے کے مروجہ علومِ اسلامی کا احاطہ کیا اور زیادہ تر تصوف کے موضوع پر کتابیں لکھیں۔ نیز حدیث، تفسیر، سیرت اور ادب پر بھی کتابیں لکھیں۔ صوفیانہ شاعری بھی ان کے سرمایۂ ادب میں شامل ہے۔

  150. Q150 · 2 marks

    شاہ عبدالعزیز محدث دہلویؒ کا مختصر تعارف بیان کریں۔

    Answer

    آپؒ 1159 ہجری کو دہلی میں پیدا ہوئے۔ تاریخی نام غلام حلیم ہے۔ آپؒ کا سلسلۂ نسب 34 واسطوں سے حضرت عمر فاروقؓ تک پہنچتا ہے۔ آپؒ ’’سراج الہند‘‘ کے لقب سے مشہور ہیں اور شاہ ولی اللہ محدث دہلویؒ کے بڑے بیٹے ہیں۔

  151. Q151 · 2 marks

    شاہ عبدالعزیز محدث دہلویؒ نے کن علوم کے فروغ کے لیے کارہائے نمایاں سرانجام دیے؟

    Answer

    آپؒ نے قرآن و حدیث کے علوم کے فروغ کے لیے نمایاں کارنامے سرانجام دیے۔ والد کے انتقال کے بعد تقریباً بارہ سال تک علمِ حدیث و تفسیر کی درس و تدریس میں مصروف رہے۔ فلسفہ اور منطق کے ساتھ ساتھ علومِ حدیث و تفسیر میں بھی کمال حاصل تھا۔

  152. Q152 · 2 marks

    ابن رشدؒ کا مختصر تعارف لکھیں۔

    Answer

    ابن رشدؒ کا نام محمد بن احمد بن رشد تھا۔ آپؒ قرطبہ (اندلس) کے ایک باعزت گھرانے میں پیدا ہوئے۔ فقہ، طب اور فلسفہ میں اپنے زمانے کے علما سے سند فراغت حاصل کی۔ آپؒ ارسطو کے بڑے مداح تھے۔ قرطبہ کے قاضی بنے اور مراکش میں وفات پائی۔

  153. Q153 · 2 marks

    ابن رشدؒ کی ایک کتاب کا نام لکھیں۔

    Answer

    ابن رشدؒ کی مشہور کتاب ’’بدایۃ المجتہد‘‘ ہے جس میں فقہی مذاہب کے علاوہ اپنی مستقل آرا کا تذکرہ اور ائمہ فقہ کی آرا کا تقابلی جائزہ لیا گیا ہے۔

  154. Q154 · 2 marks

    امام جلال الدین سیوطیؒ کا تعارف تحریر کریں۔

    Answer

    آپؒ کا اصل نام عبدالرحمٰن، کنیت ابو الفضل اور لقب جلال الدین تھا۔ 849 ہجری میں اسیوط (مصر) میں پیدا ہوئے۔ 8 سال کی عمر میں قرآن مجید حفظ کیا۔ آپؒ کی کتب کی تعداد 500 سے زائد ہے۔ 911 ہجری میں وفات پائی۔

  155. Q155 · 2 marks

    امام سیوطیؒ کی تاریخ نویسی کا ذکر کریں۔

    Answer

    آپؒ محدث ہونے کے ساتھ ایک بہترین مورخ بھی تھے۔ خلفائے ملتِ اسلامیہ پر آپؒ کی تصنیف ’’تاریخ الخلفا‘‘ ہے جو حضرت ابوبکر صدیقؓ کی خلافت سے لے کر بغداد کے آخری خلیفہ کے عہدِ خلافت تک سن وار لکھی گئی ہے۔

  156. Q156 · 2 marks

    امام سیوطیؒ کے اوصاف بیان کریں۔

    Answer

    علامہ سیوطیؒ کو دنیاوی مال و دولت سے محبت نہ تھی۔ آپؒ حلیم الطبع، فہم و فراست کے حامل اور علم و ادب سے محبت کرنے والی شخصیت تھے۔

  157. Q157 · 2 marks

    ابن خلدونؒ کی ابتدائی زندگی اور تعلیم کا ذکر کریں۔

    Answer

    ابن خلدونؒ نے بچپن ہی میں قرآن مجید حفظ کر لیا اور مجوزہ تعلیمی نصاب پر دسترس حاصل کر لی۔ نصاب میں قرآنِ مجید، حدیثِ نبوی، علمِ کلام، نحو، ریاضی، فلسفہ اور منطق وغیرہ شامل تھے۔

  158. Q158 · 2 marks

    ابن خلدونؒ کی زندگی کے اہم واقعات مختصراً بیان کریں۔

    Answer

    ابن خلدونؒ تیونس میں پیدا ہوئے۔ تعلیم سے فراغت کے بعد تیونس کے سلطان ابو عنان کے وزیر مقرر ہوئے۔ درباری سازشوں سے تنگ آ کر غرناطہ کے حاکم کے پاس چلے گئے۔ پھر مصر آ کر جامعۃ الازہر میں درس و تدریس پر مامور ہوئے۔ تیونس، اندلس اور مصر میں عمر گزاری اور 808 ہجری میں قاہرہ میں انتقال ہوا۔

  159. Q159 · 2 marks

    ابن عربیؒ کے حالاتِ زندگی مختصراً بیان کریں۔

    Answer

    آپؒ 560 ہجری کو مرسیہ (اندلس) میں پیدا ہوئے۔ آپؒ کا تعلق حاتم طائی کے قبیلے طے سے تھا۔ 580 ہجری میں اشبیلیہ چلے گئے جہاں تیس سال تک تعلیم حاصل کی۔ اڑتیس سال کی عمر میں مشرقی ممالک کی طرف روانہ ہوئے، بیت المقدس، مکہ، بغداد اور حلب گئے اور آخر میں دمشق میں مستقل سکونت اختیار کی۔

  160. Q160 · 2 marks

    ابن عربیؒ کی کون سی کتابوں نے بہت شہرت پائی؟

    Answer

    آپؒ کی کتابوں میں سے ’’فتوحاتِ مکیہ‘‘ اور ’’فصوص الحکم‘‘ نے بہت شہرت پائی۔ آپؒ کی تصانیف کی تعداد 800 سے زائد ہے جن میں سو (100) کے لگ بھگ ہی محفوظ رہ سکیں۔

  161. Q161 · 2 marks

    ابن عربیؒ کی وفات کب اور کہاں ہوئی؟

    Answer

    آپؒ نے 638 ہجری میں وفات پائی اور جبل قاسیون میں دفن کیے گئے۔

  162. Q162 · 2 marks

    شاہ عبدالعزیز محدث دہلویؒ کی وفات کب ہوئی؟

    Answer

    شاہ عبدالعزیز محدث دہلویؒ نے اسی (80) برس کی عمر میں 7 شوال 1239 ہجری کو وفات پائی۔

  163. Q163 · 2 marks

    شاہ عبدالعزیز محدث دہلویؒ نے والد کے انتقال کے بعد کیا ذمہ داری سنبھالی؟

    Answer

    جب آپؒ سترہ سال کے تھے تو والد بزرگوار حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلویؒ کی وفات ہو گئی۔ اوائل عمری میں کثرتِ امراض کے باوجود درس و تدریس کا عمل جاری رکھا اور اپنے والد کے جانشین مقرر ہوئے۔

  164. Q164 · 2 marks

    ابن رشدؒ نے ارسطو کی کتابوں کے ساتھ کیا خدمت انجام دی؟

    Answer

    ابن رشدؒ ارسطو کے بڑے مداح تھے۔ ان کا خیال یہ تھا کہ ارسطو علم کی انتہائی بلندیوں پر پہنچا ہوا تھا۔ انھوں نے اپنے آپ کو ارسطو کی کتابوں کی تلخیص و تشریح کے لیے وقف کر رکھا تھا۔ جو کچھ ابن رشد نے لکھا اہلِ یورپ نے اس کا ترجمہ کیا اور اس کی حکمت فلسفیانہ سرگرمیوں کی بنیاد بن گئی۔

  165. Q165 · 2 marks

    ابن رشدؒ کی ملاقات امیر یعقوب یوسف سے کس نے کروائی؟

    Answer

    548 ہجری میں ابن طفیل نے آپؒ کی ملاقات ابو یعقوب یوسف بن عبدالرحمٰن سے کروائی۔ امیر مراکش نے آپؒ کو اپنا طبیب بنانے کے لیے مراکش آنے کی دعوت دی۔ جلد ہی آپؒ قرطبہ کے قاضی بن کر واپس آ گئے۔

Long questions with answers

  1. Q1 · 5 marks

    حضرت امام زین العابدین کے حالات زندگی تفصیل سے بیان کریں۔

    Answer

    حضرت امام زین العابدین نبی کریم کے خاندان کے عظیم فرد، حضرت امام حسین کے صاحب زادے ہیں۔ آپ کا نام علی، کنیت ابو الحسن، لقب زین العابدین (عبادت گزاروں کی زینت) اور سید الساجدین (کثرت سے سجدہ کرنے والا) ہے۔ آپ مدینہ منورہ میں 38 ہجری میں پیدا ہوئے اور آپ کا شمار تابعین میں ہوتا ہے۔ آپ نے دو سال اپنے دادا حضرت علی، دس سال چچا حضرت امام حسن اور تیئس (23) سال اپنے والد حضرت امام حسین کی تربیت میں گزارے اور مختلف علوم حاصل کیے۔ عبادت و تقویٰ میں آپ کو بڑی شہرت حاصل تھی، فرائض کے ساتھ کثرت سے نوافل پڑھتے، وضو کے وقت چہرے کا رنگ متغیر ہو جاتا اور جسم پر لرزہ طاری ہو جاتا۔ غربا و مساکین کی مدد کرنا دینی فریضہ سمجھتے اور رات کے اندھیرے میں ان کی ضروریات پوری کرتے۔ آپ کا علم و فضل سب کے ہاں مسلّمہ تھا۔ امام زہری، سعید بن مسیب، امام مالک اور امام شافعی نے آپ کے علم و فضل اور مقام کا اعتراف کیا۔ آپ کے شاگردوں میں امام محمد باقر، امام زہری، عمرو بن دینار، ہشام بن عروہ اور یحییٰ بن سعید وغیرہ شامل ہیں۔ سانحہ کربلا 61 ہجری کے وقت آپ کی عمر 23 سال تھی، آپ بیمار تھے اور بچ جانے والوں میں سے تھے۔ آپ کو دمشق میں یزید کے سامنے لایا گیا، کوفہ اور شام میں آپ نے اسلام کی حقانیت اور ظلم و عدل پر خطبات دیے۔ آپ کی تصانیف میں صحیفہ سجادیہ اور رسالۃ الحقوق مشہور ہیں۔ 25 محرم 95 ہجری میں 57 برس کی عمر میں مدینہ منورہ میں وفات پائی اور جنت البقیع میں اپنے چچا امام حسن کے پہلو میں دفن ہوئے۔ آپ کی اولاد میں امام محمد باقر، حضرت عیسیٰ اور حضرت زید شامل ہیں۔

  2. Q2 · 5 marks

    حضرت امام زین العابدین کی عبادت و ریاضت، تقویٰ اور علمی مقام پر روشنی ڈالیں۔

    Answer

    سیدنا امام زین العابدین کی عبادت و تقویٰ میں بڑی شہرت تھی اس بنا پر انھیں زین العابدین کہا جاتا ہے۔ آپ فرائض ادا کرنے کے ساتھ کثرت سے نوافل پڑھا کرتے تھے۔ نماز کے لیے وضو فرماتے تو چہرے کا رنگ متغیر ہو جاتا اور جسم پر لرزہ طاری ہو جاتا اور فرماتے کہ تم نہیں جانتے کہ میں اب کس ذات کے سامنے جا کر کھڑا ہونے والا ہوں۔ غربا و مساکین کی مدد کو دینی فریضہ سمجھتے اور رات کے اندھیرے میں ضروریات پوری کرتے، فرماتے کہ جو صدقہ رات کے اندھیرے میں دیا جائے وہ اللہ تعالیٰ کے غضب کو ٹھنڈا کرتا ہے اور سائل تک پہنچنے سے پہلے اللہ تعالیٰ تک پہنچ جاتا ہے۔ آپ کا علم و فضل سب کے ہاں مسلّمہ ہے۔ علم اور دین کی مسند پر آپ کی پرورش ہوئی، دین میں آپ امام اور علم کا مینار تھے۔ تقویٰ، عبادات اور خشوع و خضوع میں آپ اپنی مثال آپ تھے، یہاں تک کہ اپنے دور کے سب سے بڑے متقی اور فقیہ ہونے پر اہل اسلام کا اتفاق ہے۔ امام زہری، حضرت سعید بن مسیب، امام مالک اور امام شافعی نے آپ کے علم و فضل اور مقام و مرتبے کی گواہی دی۔ مدینہ منورہ میں آپ سے قرآن کی تفسیر، احادیث نبوی اور حلال و حرام کا علم حاصل کرنے والوں میں امام محمد باقر، امام زہری، عمرو بن دینار اور ہشام بن عروہ شامل ہیں۔ حج کے موقع پر جب ہشام بن عبد الملک نے آپ کو پہچاننے سے انکار کیا تو مشہور شاعر فرزدق نے آپ کی شان میں قصیدہ پڑھا جس میں آپ کو بہترین بندگان خدا کے فرزند، پرہیز گار، پاک و پاکیزہ اور ہدایت کا پرچم قرار دیا۔

  3. Q3 · 5 marks

    واقعہ کربلا میں اور اس کے بعد حضرت امام زین العابدین کا کردار تفصیل سے بیان کریں۔

    Answer

    سانحہ کربلا 61 ہجری کے وقت آپ کی عمر 23 سال تھی۔ اس وقت آپ بیمار تھے اور واقعہ کربلا میں بچ جانے والے افراد میں سے تھے۔ معروف سیرت نگار ابن سعد طبقات میں لکھتے ہیں کہ مسلسل بیمار رہنے کے باوجود سیدنا علی بن حسین، زین العابدین، میدان کربلا میں موجود تھے۔ 10 محرم کو نماز ظہر پر حضرت امام حسین نے ان سے آخری ملاقات کی، ان کو اپنی انگوٹھی سونپی اور خاص نصیحتیں کیں لیکن بیماری کی شدت کی بنا پر وہ لڑائی میں شریک نہ ہو سکے۔ آپ کو خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ دمشق میں اموی حکمران یزید کے سامنے لایا گیا۔ کوفہ اور شام میں آپ نے اسلام کی حقانیت اور ظلم و عدل کے موضوع پر کئی خطبات دیے جو اپنا ایک خاص علمی، ادبی اور روحانی مقام رکھتے ہیں۔ حضرت امام جعفر صادق سے مروی ہے کہ واقعہ کربلا کے بعد آپ کی ہمیشہ یہ حالت رہی کہ آپ دن کو روزہ رکھتے اور رات اللہ کی عبادت میں گزار دیتے۔ افطار کے وقت جب کھانا اور پانی سامنے آتا تو فرماتے کہ میرے باپ اور بھائی بھوکے اور پیاسے شہید ہوئے، افسوس یہ کھانا اور پانی ان کو نہ ملا اور رونے لگتے، یہاں تک کہ بمشکل چند لقمے کھاتے اور چند گھونٹ پانی پیتے۔

  4. Q4 · 5 marks

    حضرت امام زین العابدین کی تصانیف اور اقوال زریں تحریر کریں۔

    Answer

    امام زین العابدین کی کتب میں سے دعاؤں پر مشتمل ایک کتاب صحیفہ سجادیہ کے نام سے مشہور ہے۔ نامور مصری مفسر امام طنطاوی لکھتے ہیں کہ جب بھی میں اس کتاب میں ذکر و مناجات پڑھتا ہوں تو مجھے یوں محسوس ہوتا ہے کہ یہ مخلوق کے عام کلام سے بالا خاص جذب و کیف میں کہے گئے اذکار ہیں۔ آپ کی ایک اور تصنیف رسالۃ الحقوق کے نام سے ہے جس میں اللہ تعالیٰ کے حقوق کے علاوہ انسان کے اپنے اوپر حقوق، کان، ناک، آنکھ، زبان اور دیگر اعضا کے حقوق ذکر کیے گئے ہیں، اس کتاب میں غیر مسلموں کے حقوق کا تذکرہ بھی موجود ہے۔ آپ کے بہت سے اقوال زریں مشہور ہیں جن میں سے چند یہ ہیں: 1۔ اجنبی وہ نہیں جو شام و یمن کے شہروں میں اجنبی ہو، اجنبی تو وہ ہے جس کے لیے قبر اور کفن اجنبی ہوں۔ 2۔ ہر مسافر کا حق ہے کہ مقیم لوگ اس کو جگہ اور سکونت میں حصہ دار بنائیں۔ 3۔ تربیت اولاد تمھاری ذمہ داری ہے، اس فریضے کی بابت تم جواب دہ ہو، ان کی بہتر پرورش کرو، انھیں نیک آداب سکھاؤ، ان کو اللہ تبارک و تعالیٰ کی فرماں برداری میں لاؤ، اس حوالے سے تم جزا یا سزا پاؤ گے۔

  5. Q5 · 5 marks

    حضرت امام زید بن علی کے حالات زندگی تفصیل سے بیان کریں۔

    Answer

    حضرت امام زید بن علی، حضرت امام زین العابدین کے بیٹے اور حضرت امام حسین کے پوتے ہیں۔ آپ اہل بیت اطہار میں نمایاں شخصیت ہیں۔ آپ کی ولادت با سعادت 78 ہجری کو مدینہ منورہ میں ہوئی۔ امام زین العابدین کے بیٹوں میں امام باقر کے بعد آپ کو نمایاں مقام حاصل ہے۔ آپ بلند قامت، حسین و جمیل اور با وقار شخصیت کے حامل انسان تھے۔ صرف تیرہ سال کی عمر میں قرآنی علوم میں مہارت حاصل کی اور حلیف القرآن کے لقب سے مشہور ہوئے۔ دین اسلام کی اشاعت و تبلیغ کے لیے حجاز، شام اور عراق کا سفر کیا۔ آپ نے حضرت محمد بن حنفیہ کی پوتی سیدہ ریطہ سے نکاح فرمایا۔ آپ نے بیشتر علوم اپنے والد امام زین العابدین اور بھائی امام باقر سے حاصل کیے۔ والد کی وفات کے وقت آپ کی عمر 18 برس تھی، بعد میں آپ بھائی امام باقر کی سرپرستی میں آ گئے۔ آپ مدینہ منورہ کے جید علما میں مرکزی حیثیت رکھتے تھے، قراءت، علوم قرآنیہ، عقائد اور علم الکلام پر آپ کو مکمل عبور حاصل تھا۔ محدثین نے آپ کا شمار تابعین میں کیا ہے۔ امام ابو حنیفہ نے تقریباً دو سال آپ سے استفادہ کیا اور امام ابوداؤد، ترمذی، نسائی اور ابن ماجہ نے آپ سے احادیث روایت کیں۔ آپ نے ظلم کے خلاف آواز بلند کی، چالیس ہزار لوگوں نے آپ کے ہاتھ پر بیعت کی۔ 122 ہجری میں 44 برس کی عمر میں آپ نے جام شہادت نوش کیا اور ربہ کے مقام پر آپ کا مزار ہے۔

  6. Q6 · 5 marks

    حضرت امام زید بن علی کے علم، تفقہ اور علمی خدمات پر روشنی ڈالیں۔

    Answer

    حضرت امام زید بن علی مدینہ منورہ کے جید اور اکابر علما میں مرکزی حیثیت رکھتے تھے، مختلف اسلامی علوم و فنون کے ماہر تھے۔ قراءت، علوم قرآنیہ، عقائد اور علم الکلام پر انھیں مکمل عبور حاصل تھا۔ آپ نے بیشتر علوم اپنے والد امام زین العابدین اور بھائی امام باقر سے حاصل کیے۔ علم اصول حدیث کے ماہرین نے آپ کا شمار تابعین میں کیا ہے، کیوں کہ آپ نے جن صحابہ کرام کی زیارت کی ان میں حضرت ابو الطفیل عامر بن واثلہ شامل ہیں جن کا وصال صحابہ کرام میں سب سے آخر میں ہوا۔ آپ کے بھتیجے حضرت امام جعفر صادق نے آپ کے علمی مرتبے کے بارے میں فرمایا کہ حضرت زید بن علی ہم میں سب سے زیادہ قرآن پڑھنے والے، اللہ کے دین کی سب سے زیادہ سمجھ رکھنے والے اور سب سے زیادہ صلہ رحمی کرنے والے تھے۔ حضرت امام اعظم ابو حنیفہ نے تقریباً دو سال آپ سے علمی استفادہ کیا اور آپ کو فقیہ، عالم، حاضر جواب اور مسائل میں خوب وضاحت کرنے والا پایا۔ آپ کے علم کا یہ عالم تھا کہ محدثین میں امام ابوداؤد، امام ترمذی، امام نسائی اور امام ابن ماجہ نے آپ سے احادیث مبارکہ روایت کی ہیں۔ آپ قرآن مجید کے جید عالم تھے اور آپ کی علمی آرا میں قرآن مجید کو مرکزیت حاصل تھی۔ آپ کے شاگردوں کی ایک طویل فہرست ہے اور آپ نے مختلف موضوعات پر متعدد کتب تصنیف فرمائیں۔

  7. Q7 · 5 marks

    حضرت امام زید بن علی کی اسلامی حکومت کے قیام کی جدوجہد اور ظلم کے خلاف کردار بیان کریں۔

    Answer

    حکومت اسلامیہ کے قیام اور بقا کے لیے جو کوششیں صحابہ کرام خصوصاً آپ کے دادا جان حضرت امام حسین نے واقعہ کربلا 61 ہجری میں کی تھیں، اس کے تسلسل میں آپ نے اپنے وقت میں ان تھک کوششیں کیں۔ آپ نے اپنے دور کے مظالم کے خلاف آواز بلند کی اور حضرت امام ابو حنیفہ نے آپ کا ساتھ دیا۔ اہل بیت نبوت کے اس عظیم چشم و چراغ سے عوام الناس کی محبت کا یہ عالم تھا کہ چالیس ہزار لوگوں نے آپ کے ہاتھ پر بیعت کی۔ فقہ زیدیہ آپ کی نسبت سے مشہور ہے اور آپ کی شہادت کے بعد یمن میں باقاعدہ طور پر آپ سے منسوب زیدی حکومت بھی قائم ہوئی۔ آپ کے پیروکاروں کی ایک بڑی تعداد یمن میں پائی جاتی ہے۔ آپ نے اپنے آباو اجداد کی سیرت و سنت پر عمل پیرا ہو کر امر بالمعروف و نہی عن المنکر کا فریضہ انجام دیتے ہوئے ظلم و جبر کی حامل قوتوں کا خوب مقابلہ کیا اور اپنے دادا جان حضرت امام حسین کی طرح زندہ و جاوید ہو گئے۔ آپ لوگوں کو کتاب و سنت کی پیروی کرنے اور جابر حکمرانوں سے جہاد اور محروم افراد کی حمایت کی دعوت دیتے تھے۔ خلافت اسلامیہ کے قیام کی اسی جدوجہد میں آپ نے 44 برس کی عمر میں 122 ہجری کو جام شہادت نوش کیا۔

  8. Q8 · 5 marks

    حضرت امام زید بن علی کے جذبۂ اتحاد امت اور دور حاضر میں ان کی سیرت کی ضرورت پر نوٹ لکھیں۔

    Answer

    حضرت امام زید بن علی میں اتحاد امت کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا تھا۔ آپ فرمایا کرتے تھے: واللہ مجھے پسند ہے کہ رات کے تارے میرے ہاتھ لگیں اور وہاں سے گر کر میرا جسم ٹکڑے ٹکڑے ہو جائے اور اللہ اس کے عوض امت محمد میں اتحاد پیدا فرما دے۔ خلافت اسلامیہ کے قیام کی اسی جدوجہد میں آپ نے 44 برس کی عمر میں 122 ہجری کو جام شہادت نوش کیا۔ حجاز اور شام کو ملانے والی مشہور شاہراہ موتہ کے شمال میں بائیس (22) کلومیٹر کے فاصلے پر ربہ کے مقام پر آپ کا مزار ہے۔ دور حاضر میں اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ ہم حضرت امام زید بن علی کی دینی و معاشرتی زندگی کے مختلف گوشوں سے راہ نمائی حاصل کرتے ہوئے اس کو عملی زندگی کے ہر شعبے میں اپنائیں، ان کی سیرت و کردار، صفات، علم، تفقہ فی الدین اور عبادت و ریاضت کو اپنائیں تاکہ ہم اپنی اخلاقی اور عملی کمزوریاں دور کر کے اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول کی رضا حاصل کر کے کامیاب انسان بن سکیں۔

  9. Q9 · 5 marks

    حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ کے حالاتِ زندگی تفصیل سے تحریر کریں۔

    Answer

    آپؓ کا نام عبداللہ اور کنیت ابو موسیٰ تھی۔ والد کا نام قیس اور والدہ کا نام طیبہ تھا۔ آپؓ یمن کے رہنے والے اور قبیلہ اشعر سے تھے، اس لیے اشعری مشہور ہوئے۔ مکہ میں اسلام کے طلوع کی خبر سن کر راہِ حق کی تلاش میں نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور اسلام قبول کیا۔ پھر یمن لوٹ کر خاندان کو دعوت دی اور پچاس افراد مسلمان ہوئے۔ نبی کریم ﷺ نے آپؓ اور حضرت معاذ بن جبلؓ کو یمن کا عامل مقرر فرمایا۔ دس ہجری میں حج کے اعلان پر مکہ حاضر ہوئے۔ حضرت عمرؓ نے بصرہ اور کوفہ کا والی بنایا۔ آپؓ نے نہاوند اور اصفہان فتح کیے اور بصرہ میں نہر کھدوائی جو ’’نہرِ ابی موسیٰ‘‘ کہلاتی ہے۔ ذوالحجہ 44 ہجری میں تقریباً 61 سال کی عمر میں وفات پائی۔

  10. Q10 · 5 marks

    حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ کے اخلاق و اوصاف تفصیل سے بیان کریں۔

    Answer

    آپؓ نہایت متقی، پرہیزگار اور نیک سیرت صحابی تھے۔ آپؓ میں خشیتِ الٰہی، اتباعِ رسول ﷺ، توکل، شرم و حیا، امتِ مسلمہ کی خیر خواہی، سادگی اور خدمتِ رسول ﷺ جیسی صفات نمایاں تھیں۔ تقویٰ اور پرہیزگاری آپؓ کی پہچان تھی۔ آپؓ کو بارگاہِ رسالت میں خاص قرب حاصل تھا۔ حضرت علیؓ نے آپؓ کو علم کے رنگ میں رنگا ہوا قرار دیا۔ آپؓ کو قرآن مجید کی تلاوت سے غیر معمولی شغف تھا۔

  11. Q11 · 5 marks

    حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ کی دینی و علمی خدمات کا تفصیلی جائزہ لیں۔

    Answer

    آپؓ کو عہدِ رسالت میں فتویٰ دینے کی اجازت حاصل تھی اور آپؓ ان چھ افراد میں شامل تھے۔ آپؓ نے قرآن و سنت کی اشاعت کے لیے زندگی بھر کوشش کی۔ آپؓ کا اصول تھا کہ جو معلوم ہو وہ دوسروں تک ضرور پہنچایا جائے۔ آپؓ سے 360 احادیث مروی ہیں جن میں 50 متفق علیہ ہیں۔ یمن کے عامل اور بصرہ و کوفہ کے والی کی حیثیت سے خدمات انجام دیں، نہاوند اور اصفہان فتح کیے اور بصرہ میں نہر کھدوائی۔ اپنے قبیلے کے پچاس افراد کو اسلام کی دعوت دے کر مسلمان کیا۔

  12. Q12 · 5 marks

    حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ کی خوش الحانی (عمدہ لہجے میں تلاوتِ قرآن) پر نوٹ لکھیں۔

    Answer

    حضرت ابو موسیٰؓ کو قرآن مجید کی تلاوت سے غیر معمولی شغف تھا اور آپؓ اپنا زیادہ تر وقت تلاوت میں گزارتے تھے۔ آپؓ کی آواز اس قدر عمدہ تھی کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ آپؓ کو لحنِ داؤدی سے حصہ ملا ہے۔ آپؓ خوب صورت اور عمدہ لہجے میں تلاوت کرتے جس سے سننے والوں پر سحر طاری ہو جاتا۔ نبی کریم ﷺ جہاں آپؓ کی قرات سنتے ٹھہر جاتے۔ حضرت عمر فاروقؓ بھی دورِ خلافت میں فرمائش کرکے آپؓ سے قرآن سنتے تھے۔ ہمیں بھی تجوید کے ساتھ حسنِ قرات کا ذوق پیدا کرنا چاہیے۔

  13. Q13 · 5 marks

    حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ کی زندگی سے ہمیں کیا سبق ملتا ہے؟ اپنے الفاظ میں تفصیل سے لکھیں۔

    Answer

    آپؓ کی زندگی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ہمیں تقویٰ، پرہیزگاری، توکل اور شرم و حیا اپنانی چاہیے۔ آپؓ کی طرح علم حاصل کرکے دوسروں تک پہنچانا، قرآن مجید کی تلاوت سے شغف رکھنا اور حسنِ قرات کا ذوق پیدا کرنا چاہیے۔ امتِ مسلمہ کی خیر خواہی اور خدمتِ دین کو شعار بنانا چاہیے۔ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ کی اطاعت میں دنیا اور آخرت کی کامیابی ہے۔

  14. Q14 · 5 marks

    حضرت عبداللہ بن عمرو بن العاصؓ کے حالاتِ زندگی تفصیل سے تحریر کریں۔

    Answer

    آپؓ کا نام عبداللہ اور کنیت ابو محمد اور ابو عبدالرحمٰن تھی۔ والد عمرو بن العاصؓ اور والدہ ریطہ بنت منبہ تھیں۔ آپؓ نے والد سے پہلے اسلام قبول کیا۔ رسول اللہ ﷺ کی بارگاہ میں زیادہ وقت گزارتے اور آپ ﷺ کے ارشادات لکھ لیتے تھے۔ زہد و تقویٰ آپؓ کی شخصیت کا نمایاں پہلو تھا۔ آپؓ نے ارشادات جمع کرکے صحیفہ صادقہ مرتب کیا۔ تقریباً سات سو احادیث مروی ہیں۔ علم و فضل میں ممتاز تھے اور عبرانی زبان پر عبور رکھتے تھے۔ 65 ہجری میں فسطاط میں وفات پائی۔

  15. Q15 · 5 marks

    حضرت عبداللہ بن عمرو بن العاصؓ کی عبادت و ریاضت اور زہد و تقویٰ پر تفصیلی نوٹ لکھیں۔

    Answer

    زہد و تقویٰ آپؓ کی شخصیت کا نمایاں پہلو تھا۔ رسول اللہ ﷺ کی مصاحبت سے جو وقت باقی بچتا وہ یادِ الٰہی میں گزارتے تھے۔ دن بھر روزے کی حالت میں رہتے اور رات عبادت میں گزارتے۔ آپؓ کی زندگی ہمیں سکھاتی ہے کہ ہم بھی عبادت اور ریاضت میں آپؓ کے نقشِ قدم پر چلیں۔

  16. Q16 · 5 marks

    حضرت عبداللہ بن عمرو بن العاصؓ کی تدوینِ حدیث کی خدمات اور صحیفہ صادقہ پر روشنی ڈالیں۔

    Answer

    آپؓ زیادہ تر وقت بارگاہِ نبوی میں گزارتے اور جو الفاظ نبی کریم ﷺ کی زبان مبارک سے ادا ہوتے انھیں لکھ لیتے تھے۔ آپؓ نے رسول اللہ ﷺ کے ارشادات کا ایک مجموعہ جمع کیا جسے صحیفہ صادقہ کہا جاتا ہے۔ آپؓ سے تقریباً سات سو احادیث مروی ہیں۔ ہمیں علمِ حدیث کی خدمت میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

  17. Q17 · 5 marks

    حضرت عبداللہ بن عمرو بن العاصؓ کی اہلِ بیت سے محبت اور علمی مقام بیان کریں۔

    Answer

    حضرت رجاءؓ فرماتے ہیں کہ مسجدِ نبوی میں حضرت عبداللہ بن عمروؓ اور حضرت ابو سعید خدریؓ موجود تھے۔ حضرت امام حسینؓ کو آتے دیکھ کر آپؓ نے فرمایا: کیا میں تمھیں اس شخص کے بارے میں آگاہ نہ کروں جو آسمان والوں کے نزدیک دنیا میں سب سے زیادہ محبوب ہے؟ پھر فرمایا: یہ حضرت حسین بن علیؓ ہیں۔ علمی مقام کے لحاظ سے آپؓ صحابہ میں ممتاز تھے، عبرانی زبان پر عبور رکھتے تھے اور آپؓ کے حلقہ درس میں دور دراز ممالک سے لوگ آتے تھے۔

  18. Q18 · 5 marks

    حضرت عبداللہ بن عمرو بن العاصؓ کی زندگی سے ہمیں کیا سبق ملتا ہے؟ تفصیل سے لکھیں۔

    Answer

    ہمیں چاہیے کہ زندگی اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے احکام کی روشنی میں گزاریں۔ آپؓ کی طرح عبادت و ریاضت، زہد و تقویٰ اور علم سے محبت اپنائیں۔ اہلِ بیتؓ سے محبت رکھیں اور احادیث کی حفاظت و اشاعت میں اپنا کردار ادا کریں۔ دینِ اسلام کی ترویج و اشاعت کے لیے نمایاں کردار ادا کرنا ہی دنیا و آخرت کی کامیابی ہے۔

  19. Q19 · 5 marks

    حضرت عمرو بن امیہؓ کے حالاتِ زندگی تفصیل سے تحریر کریں۔

    Answer

    آپؓ کا نام عمرو اور کنیت ابو امیہ تھی۔ والد کا نام امیہ بن خویلد تھا۔ غزوہ احد کے بعد نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہو کر اسلام قبول کیا۔ 6 ہجری میں نبی کریم ﷺ نے آپؓ کو شاہ حبشہ نجاشی کے پاس دعوتِ اسلام کا خط دے کر بھیجا۔ آپؓ نے ایک سریہ میں بھی شرکت کی۔ آپؓ شجاعت، بہادری اور جرات و دلیری میں عربوں میں ممتاز تھے۔ 60 ہجری میں حضرت معاویہؓ کے دورِ حکومت میں وفات پائی اور مدینہ منورہ میں دفن ہوئے۔ آپؓ سے 20 احادیث مروی ہیں۔

  20. Q20 · 5 marks

    حضرت عمرو بن امیہؓ کی سفارت کاری کا واقعہ تفصیل سے بیان کریں۔

    Answer

    6 ہجری میں نبی کریم ﷺ نے حضرت عمرو بن امیہؓ کو شاہ حبشہ نجاشی کے پاس اسلام کی دعوت کا خط دے کر بھیجا۔ اس خط میں دعوتِ اسلام کے علاوہ مہاجرین کی میزبانی کی سفارش اور حضرت ام حبیبہؓ کے نام نکاح کا پیغام بھی شامل تھا۔ نجاشی نے دعوت پر لبیک کہتے ہوئے حضرت جعفر بن ابی طالبؓ کے ہاتھ پر اسلام قبول کیا۔ یوں آپؓ کی سفارت کاری کامیاب رہی۔

  21. Q21 · 5 marks

    حضرت عمرو بن امیہؓ کی دینی خدمات اور اوصاف بیان کریں۔

    Answer

    آپؓ نے نجاشی کے پاس سفارت کاری کی اور نبی کریم ﷺ کے حکم سے ایک سریہ میں شرکت کی۔ آپؓ شجاعت، بہادری اور جرات و دلیری میں عربوں میں ممتاز تھے۔ آپؓ سے 20 احادیث مروی ہیں جو کتابوں میں موجود ہیں۔ آپؓ کی زندگی سے ہمیں دینی خدمات کو سمجھ کر عملی زندگی میں اپنا کردار ادا کرنے کا سبق ملتا ہے۔

  22. Q22 · 5 marks

    سفارت کاری کے آداب اور حضرت عمرو بن امیہؓ کی زندگی سے حاصل ہونے والے اسباق تحریر کریں۔

    Answer

    حضرت عمرو بن امیہؓ نے حبشہ میں نبی کریم ﷺ کا پیغام کامیابی سے پہنچایا۔ اس سے ہمیں سفارت کاری میں ذمہ داری، دیانت اور حکمت اپنانے کا سبق ملتا ہے۔ آپؓ کی شجاعت اور جرات ہمیں حق بات کہنے اور اسلام کی خدمت کا حوصلہ دیتی ہے۔ ہمیں آپؓ کی دینی خدمات کو سمجھ کر عملی زندگی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

  23. Q23 · 5 marks

    حضرت عمرو بن العاصؓ کے حالاتِ زندگی، قبولِ اسلام اور سفارت کاری تفصیل سے بیان کریں۔

    Answer

    آپؓ کا نام عمرو اور والد کا نام عاص تھا۔ آپؓ قریش کی شاخ بنو سہم سے تھے اور ہجرت سے 47 برس پہلے مکہ میں پیدا ہوئے۔ تجارت، سپہ گری اور شہ سواری کا فن سیکھا۔ آٹھ ہجری میں حضرت عثمان بن ابی طلحہؓ اور حضرت خالد بن ولیدؓ کے ہمراہ اسلام قبول کیا تو نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ مکہ والوں نے اپنے جگر کے ٹکڑے تمھاری طرف پھینک دیے ہیں۔ معرکہ ذات السلاسل میں دو سو مجاہدین کے امیر بنے۔ نبی کریم ﷺ نے آپؓ کو عمان کا سفیر بنا کر بھیجا جہاں کے حاکم نے اسلام قبول کر لیا۔ خلافتِ راشدہ میں رومی اور ایرانی وفود سے ملاقاتوں میں بھی شامل رہے۔ 43 ہجری میں مصر میں وفات پائی۔ آپؓ سے 39 احادیث مروی ہیں۔

  24. Q24 · 5 marks

    حضرت عمرو بن العاصؓ کی فتوحات، فتحِ مصر، انتظامی اصلاحات اور اوصاف تفصیل سے تحریر کریں۔

    Answer

    حضرت ابوبکرؓ نے آپؓ کو فلسطین کی فوج کی کمان دے کر بھیجا۔ آپؓ نے جنگِ اجنادین، یرموک اور فتحِ دمشق میں حصہ لیا۔ حضرت عمرؓ کی اجازت سے یمن کے چار ہزار مجاہدین کے ہمراہ مصر پہنچے، عریش اور بلبیس فتح کیے، 20 ہجری میں بابلیون اور 21 ہجری میں اسکندریہ فتح کیا۔ آپؓ نے عدل و انصاف کا محکمہ قائم کیا، ٹیکس کے قواعد و ضوابط مقرر کیے اور فسطاط شہر کی بنیاد رکھی۔ آپؓ کے حسنِ سلوک سے متاثر ہو کر مصریوں کی بڑی تعداد نے اسلام قبول کیا۔ آپؓ منتظم، متقی، پرہیزگار، خوش گفتار، قادر الکلام خطیب، سیاست دان، سپہ سالار اور ادب و شاعری کے شوقین تھے۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: عمرو بن العاصؓ قریش کے نیک لوگوں میں سے ہیں۔

  25. Q25 · 5 marks

    حضرت جابر بن عبداللہؓ کے حالاتِ زندگی، والد کی وصیت اور قرض کی ادائیگی کا واقعہ تفصیل سے بیان کریں۔

    Answer

    آپؓ کا نام جابر اور کنیت ابو عبداللہ تھی۔ والد کا نام عبداللہ اور والدہ کا نام نسیبہ تھا۔ دادا قبیلے کے رئیس تھے۔ آپؓ بیعتِ عقبہ ثانیہ میں والد کے ساتھ اسلام لائے۔ والد نے وصیت کی کہ میں احد کا پہلا شہید بننا چاہتا ہوں، میرا قرض ادا کرنا اور بہنوں کا خیال رکھنا۔ وہ غزوہ احد میں شہید ہوئے۔ آپؓ نے بہنوں کی تربیت کے لیے ایک بیوہ سے نکاح کیا۔ کھجوریں پکنے پر نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے، نبی کریم ﷺ نے ڈھیر کے گرد تین چکر لگا کر تقسیم کا حکم دیا۔ قرض ادا ہو گیا مگر ڈھیر میں کمی نہ آئی۔ (صحیح بخاری: 3580) آپؓ نے 19 غزوات میں شرکت کی۔ 74 ہجری میں وفات پائی۔

  26. Q26 · 5 marks

    حضرت جابر بن عبداللہؓ کی دینی و علمی خدمات، شوقِ علم اور اوصاف تفصیل سے تحریر کریں۔

    Answer

    آپؓ کو علمِ حدیث کا اس قدر شوق تھا کہ ایک حدیث کے لیے مہینوں کا سفر طے کرتے۔ حضرت عبداللہ بن انیسؓ کے پاس حدیث سننے کے لیے اونٹ خرید کر شام پہنچے۔ آپؓ سے 1540 احادیث مروی ہیں اور صحیفہ جابر بن عبداللہ آپؓ کی طرف منسوب ہے۔ تحصیلِ علم کے بعد مسجدِ نبوی میں درسِ حدیث دیا جس میں مکہ، مدینہ، بصرہ، کوفہ اور مصر تک کے لوگ شریک ہوتے۔ آپؓ ایک میل کا سفر طے کرکے نماز کے لیے مسجدِ نبوی آتے۔ آپؓ نے سادہ زندگی گزاری اور مہمانوں کی خدمت کی تعلیم دی۔ آپؓ جوشِ ایمانی، جرأتِ اظہارِ حق، امر بالمعروف و نہی عن المنکر اور اتباعِ سنت جیسی خوبیوں سے آراستہ تھے۔ ہمیں آپؓ کے علم، تفقہ اور اخلاق سے سبق حاصل کرکے اپنی زندگی ان کے مطابق ڈھالنی چاہیے۔

  27. Q27 · 5 marks

    حضرت انس بن مالکؓ کے حالاتِ زندگی، خدمتِ نبوی ﷺ اور آپؓ کو ملنے والی دعا تفصیل سے بیان کریں۔

    Answer

    آپؓ کا نام انس، کنیت ابو حمزہ اور لقب خادمِ رسول ﷺ ہے۔ والدہ حضرت ام سلیمؓ تھیں اور قبیلہ بنو نجار سے تعلق تھا۔ ہجرت سے دس سال پہلے مدینہ منورہ میں پیدا ہوئے۔ والدہ نے آپؓ کو نبی کریم ﷺ کی خدمت کے لیے پیش کیا۔ آپؓ نے کم و بیش دس برس خدمت کی۔ فجر سے پہلے دیارِ اقدس پر حاضر ہوتے اور ظہر سے عصر تک رہتے۔ سفر و حضر میں ساتھ رہتے۔ نبی کریم ﷺ محبت سے انیس کہہ کر پکارتے۔ نبی کریم ﷺ نے مال، اولاد اور برکت کی دعا فرمائی (صحیح مسلم: 2480) جس کے نتیجے میں آپؓ انصار میں سب سے مال دار ہوئے اور اولاد و پوتوں کی تعداد 100 سے زیادہ ہو گئی۔ آپؓ نے 93 ہجری میں بصرہ میں وفات پائی اور وہاں وفات پانے والے آخری صحابی ہیں۔

  28. Q28 · 5 marks

    حضرت انس بن مالکؓ کے اخلاق و اوصاف اور علمی و دینی خدمات تفصیل سے تحریر کریں۔

    Answer

    آپؓ حبِ رسول ﷺ، اتباعِ سنت اور امر بالمعروف و نہی عن المنکر میں نمایاں تھے۔ آپؓ ملنسار، صبر و استقامت والے، سادہ اور راست گو تھے۔ آپؓ کی طبیعت فیاض تھی اور بہت سادہ کھانا کھاتے تھے۔ نبی کریم ﷺ سے محبت میں صبح اٹھ کر آپ ﷺ کی زیارت سے آنکھوں کو ٹھنڈا کرتے اور سامانِ وضو مہیا کرتے۔ آپؓ کو علمِ حدیث اور علمِ فقہ میں کمال حاصل تھا۔ آپؓ نے حدیث روایت کرنے میں اہم مقام پایا اور ان صحابہؓ میں شمار ہوئے جنھیں نبی کریم ﷺ نے حدیث قلم بند کرنے کی تلقین فرمائی۔ آپؓ اپنے بیٹوں کو خود تعلیم دیتے اور تیر اندازی سکھاتے۔ آپؓ کے گرد شاگردوں اور عقیدت مندوں کا ہجوم رہتا تھا۔ ہمیں آپؓ کی علمی و دینی خدمات کو جان کر انھیں عملی زندگی میں اپنانا چاہیے۔

Test yourself on this chapter

Timed chapter tests, marked the moment you finish.

See the chapter tests

Practise with a free account

Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.

Create free account