Class 9 Urdu · Chapter 4
اپنی مدد آپ: questions and answers
Every short question, long question and MCQ on this chapter's free papers, each with its answer. Try one yourself first, then check.
Short questions with answers
Q1 · 2 marks
وہ کون سا آزمودہ مقولہ ہے جس میں انسانوں کا اور قوموں کا تجربہ جمع ہے؟
Answer
خدا ان کی مدد کرتا ہے جو اپنی مدد آپ کرتے ہیں۔ یہ وہ آزمودہ مقولہ ہے جس میں قوموں اور انسانوں کی ترقی کا راز پوشیدہ ہے۔ جب یہ جذبہ بہت سے شخصوں میں پایا جائے تو وہ قومی ترقی بن جاتی ہے۔
Q2 · 2 marks
سر سید احمد خان کے خیال میں کون سی قوم ذلیل و بے عزت ہو جاتی ہے؟
Answer
سر سید احمد خان کے نزدیک ایک قوم اپنی مدد آپ کا جذبہ بھول جائے تو اس کی عزت از خود چلی جاتی ہے۔ جب ایک قوم کا یہ حال ہو تو وہ قوم ذلیل اور بے عزت ہو جاتی ہے۔
Q3 · 2 marks
نیچر کا قاعدہ کیا ہے؟
Answer
نیچر کا قاعدہ یہ ہے کہ جیسا مجموعہ قوم کی چال چلن کا ہوتا ہے اسی کے موافق اس کے قانون اور اس کے مناسب حال گورنمنٹ ہوتی ہے۔
Q4 · 2 marks
بیرونی کوششوں سے برائیوں کو ختم کرنے کا کیا نتیجہ نکلتا ہے؟
Answer
بیرونی کوششوں کی مدد سے اگر ہم ترقی کرنا چاہیں گے اور شخصی سستی، شخصی بے عزتی، شخصی بے ایمانی، شخصی کاہلی اور شخصی خود غرضی سے باہر نہ نکل سکیں گے۔ جب تک شخصی زندگی اور شخصی چال چلن بہتر نہ ہوگا ترقی ہرگز نہیں ہو سکے گی۔
Q5 · 2 marks
دنیا کی معزز قوموں نے کس خوبی کی بنا پر عزت پائی ہے؟
Answer
دنیا کی معزز قوموں نے اپنی مدد آپ کے تحت ترقی کی اور عزت پائی۔
Q6 · 2 marks
الف بائی ترتیب کے تصور کو مد نظر رکھتے ہوئے درج ذیل الفاظ کو الف بائی ترتیب سے لکھیں۔ تجربہ، نیچر، تہذیب، پرکھوں، فیاض، پرستش، آزمودہ، پنسال، خیر خواہی، خضر، معمار، آئندہ
Answer
آزمودہ، آئندہ، پرستش، پرکھوں، پنسال، تجربہ، تہذیب، خضر، خیر خواہی، فیاض، معمار، نیچر۔
Q7 · 2 marks
ذیل میں کچھ ایسے ہی متلازم یا گروہی الفاظ دیے جا رہے ہیں۔ آپ ان سے متعلق یعنی ان کی رعایت سے کم از کم چار الفاظ سوچ کر لکھیں۔ (الف) چمن (ب) گھر (ج) مدرسہ (د) دفتر (ہ) سمندر (و) ویگن
Answer
چمن: شجر، پودے، پھول، گھاس، پرندے، مالی، گملے۔ گھر: کمرے، دالان، باورچی خانہ، ڈیوڑھی، ماں باپ، بہن بھائی۔ مدرسہ: جماعتیں، اساتذہ، طالب علم، ہیڈ ماسٹر۔ دفتر: میز، کرسیاں، کمپیوٹر، کلرک، سپرنٹنڈنٹ، چپڑاسی، افسر۔ سمندر: لہریں، مچھلیاں، ساحل، بحری جہاز۔ ویگن: پہیے، سواریاں، سٹیرنگ ویل، ڈرائیور۔
Q8 · 2 marks
سر سید احمد خان کب اور کہاں پیدا ہوئے؟
Answer
سر سید احمد خان ۱۸۱۷ء میں دہلی میں پیدا ہوئے۔
Q9 · 2 marks
سر سید احمد خان نے ابتدائی تعلیم و تربیت کس سے حاصل کی؟
Answer
سر سید احمد خان نے ابتدائی تعلیم و تربیت اپنی والدہ سے حاصل کی جو خاصی تعلیم یافتہ اور روشن خیال تھیں۔
Q10 · 2 marks
تعلیم پانے کے بعد سر سید احمد خان کس دربار سے وابستہ ہو گئے تھے؟
Answer
تعلیم پانے کے بعد سر سید احمد خان مغلیہ دربار سے وابستہ ہو گئے تھے۔
Q11 · 2 marks
سر سید احمد خان کی زندگی کا اہم مشن کب شروع ہوا؟
Answer
سر سید احمد خان کی زندگی کا اہم مشن ۱۸۵۷ء کی جنگ آزادی کے بعد شروع ہوا۔
Q12 · 2 marks
سر سید احمد خان نے کہاں کہاں سکول کھولے؟
Answer
سر سید احمد خان نے مراد آباد اور غازی آباد میں سکول کھولے۔ اس کے علاوہ انھوں نے علی گڑھ کالج بھی قائم کیا۔
Q13 · 2 marks
سائنٹفک سوسائٹی کا کیا مقصد تھا؟
Answer
کتابوں کا انگریزی سے اردو میں ترجمہ کرنے کے لیے سائنٹفک سوسائٹی قائم کی گئی۔
Q14 · 2 marks
سر سید احمد خان نے کون سا رسالہ جاری کیا؟
Answer
سر سید احمد خان نے علمی و ادبی رسالہ “تہذیب الاخلاق” جاری کیا۔ جس سے مسلمانوں کی اجتماعی زندگی پر گہرے اثرات مرتب ہوئے۔
Q15 · 2 marks
سر سید احمد خان کی اہم تصانیف کے نام بتائیں۔
Answer
سر سید احمد خان کی اہم تصانیف میں “آثار الصنادید، تبیین الکلام، خطبات احمدیہ اور تفسیر القرآن” شامل ہیں۔
Q16 · 2 marks
سر سید احمد خان کب فوت ہوئے؟
Answer
سر سید احمد خان ۲۷ مارچ ۱۸۹۸ء کو فوت ہوئے۔
Q17 · 2 marks
سر سید کی نظر میں قومی ترقی کیسے ممکن ہے؟
Answer
سر سید کی نظر میں پوری قوم میں اپنی مدد آپ کا جوش پایا جائے تو پھر قومی ترقی ممکن ہے۔
Q18 · 2 marks
کوئی قوم دوسری قوموں کی نظروں میں ذلیل اور بے عزت کب ہوتی ہے؟
Answer
اگر کسی قوم میں اپنی مدد آپ کا جوش نہ ہو تو اس کی غیرت و حمیت ختم ہو جاتی ہے۔ یوں وہ سب کی نظروں میں ذلیل ہو جاتی ہے۔
Q19 · 2 marks
کسی ملک کی خوبی و عمدگی کس بات پر منحصر ہوتی ہے؟
Answer
کسی ملک کی خوبی و عمدگی وہاں کے عوام کے چال چلن پر منحصر ہوتی ہے۔
Q20 · 2 marks
سر سید احمد خان قومی ترقی کا مجموعہ کسے کہتے ہیں؟
Answer
سر سید احمد خان کی نظر میں قومی ترقی شخصی محنت، شخصی عزت، شخصی ایمان داری اور شخصی ہمدردی کا مجموعہ ہے۔
Q21 · 2 marks
مصنف نے قومی تنزل کس کو کہا ہے؟
Answer
مصنف نے قومی تنزل شخصی سستی، شخصی بے عزتی، شخصی بے ایمانی اور شخصی خود غرضی کو کہا ہے۔
Q22 · 2 marks
سر سید نے اپنے ہم وطنوں کو کیا نصیحت کی ہے؟
Answer
سر سید نے اپنے ہم وطنوں کو قوم کی سچی ہمدردی اور سچی خیر خواہی کی نصیحت کی ہے۔
Q23 · 2 marks
سر سید احمد خان کے مطابق اصلی غلام کون ہے؟
Answer
سر سید احمد خان کے مطابق جو بد اخلاقی، خود غرضی، جہالت اور کاہلی کا مطیع ہو وہی اصلی غلام ہے۔
Q24 · 2 marks
انسان کی قومی ترقی کی نسبت ہم لوگ کسے ڈھونڈتے ہیں؟
Answer
انسان کی قومی ترقی کی نسبت ہم لوگ کسی خضر یا گورنمنٹ کو ڈھونڈتے ہیں۔
Q25 · 2 marks
دنیا کی قوموں نے کس چیز سے عزت پائی ہے؟
Answer
دنیا کی قوموں نے اپنی مدد آپ سے عزت پائی ہے۔
Q26 · 2 marks
اپنی مدد آپ اور دوسروں پر بھروسے کا کیا نتیجہ نکلتا ہے؟
Answer
اپنی مدد آپ سے انسان کی کمزوریاں ختم ہو جاتی ہیں جب کہ دوسروں کی مدد لینے سے انسان بے غیرت بن جاتا ہے۔
Q27 · 2 marks
سر سید کے مطابق انسان کی موجودہ ترقی کیسے ممکن ہوئی ہے؟
Answer
سر سید کے مطابق انسان کی موجودہ ترقی انسانوں کے نسل در نسل کے کاموں سے ممکن ہوئی ہے۔
Q28 · 2 marks
مثل “مار سر گنج” سے کیا مراد ہے؟
Answer
مثل “مار سر گنج” سے مراد بے حد کنجوس ہونا ہے جیسا کہ سانپ بن کر خزانے پر بیٹھا ہو اور اسے کسی کو استعمال نہیں کرنے دیتا۔
Q29 · 2 marks
الف بائی ترتیب کسے کہتے ہیں؟
Answer
اگر الفاظ کو اس ترتیب سے لکھا جائے کہ حروف تہجی کی ترتیب میں “ا” سے شروع ہونے والے الفاظ پہلے اور بعد میں آنے والے حروف سے شروع ہونے والے الفاظ بعد میں لکھے جائیں تو الفاظ کی ایسی ترتیب کو “حروف تہجی” یا “الف بائی ترتیب” کہتے ہیں۔ اردو، انگریزی اور دیگر تمام زبانوں کی لغات میں الفاظ کو اسی ترتیب سے لکھا جاتا ہے۔ اس طرح لفظوں کی تلاش اور انھیں مرتب کرنا آسان ہو جاتا ہے۔
Q30 · 2 marks
متلازم یا گروہی الفاظ کسے کہتے ہیں؟
Answer
کچھ الفاظ اپنی نوعیت کے لحاظ سے منفرد ہو جاتے ہیں اور جب ہم ان الفاظ کو اپنی زبان پر لاتے ہیں تو ان سے متعلق بہت سے دیگر الفاظ ذہن میں آ جاتے ہیں۔ ایسے الفاظ کو متلازم یا گروہی الفاظ کہتے ہیں۔ مثلاً: چڑیا گھر کا لفظ ذہن میں آتے ہی بہت سارے جانور ہمارے تصور میں آ جاتے ہیں۔
Q31 · 2 marks
مضمون کیا ہے اور اس کے کتنے حصے ہوتے ہیں؟
Answer
مضمون نثر کی ایک ایسی قسم ہے جس میں کسی بھی موضوع پر اظہار خیال کیا جا سکتا ہے۔ ہر مضمون ہمیشہ تین حصوں پر مشتمل ہوتا ہے: ۱۔ ابتدائیہ ۲۔ نفس مضمون ۳۔ اختتامیہ۔
Q32 · 2 marks
مضمون کی ابتدائیہ کیسے لکھی جاتی ہے؟
Answer
موضوع کے انتخاب کے بعد مضمون کی ابتدا میں موضوع کا تعارف لکھا جاتا ہے۔ ابتدائیہ نہایت جامع اور مختصر ہونا چاہیے اور ایسے دل کش انداز میں لکھنا چاہیے کہ اس کے پڑھنے کے بعد قاری نہ صرف نفس مضمون ایک حد تک آگاہ ہو جائے بلکہ وہ آئندہ مضمون پڑھنے کے لیے بھی آمادہ ہو جائے۔
Q33 · 2 marks
نفس مضمون کیا ہوتا ہے؟
Answer
یہ حصہ مضمون کی مرکزی حیثیت کا حامل ہوتا ہے۔ مضمون نگار کو چاہیے کہ وہ اپنے خیالات کو ایک خاص ترتیب کے مطابق پیراگرافوں میں تقسیم کر کے لکھے۔ مشکل الفاظ کے بجائے سادہ، عام فہم اور بول چال کی زبان لکھے البتہ جہاں ضروری ہو وہاں تشبیہات، اشعار، ضرب الامثال، مشاہیر کے اقوال، احادیث اور قرآنی آیات سے بھی کام لے مگر ایک بات کو بار بار نہ دہرائے۔ زبان کی اغلاط سے بچے کیوں کہ زبان کی اغلاط سے مضمون کا حسن غارت ہو جاتا ہے۔
Q34 · 2 marks
مضمون کا اختتامیہ کیسا ہونا چاہیے؟
Answer
مضمون کے خاتمے پر مضمون کی تمام تفصیلات کو سمیٹ کر چند سطروں میں بیان کرنا چاہیے۔ مضمون کا خاتمہ ایسا موثر اور دل پذیر ہونا چاہیے کہ موضوع کے تمام ضروری نکات قاری کی نظروں کے سامنے آ جائیں۔
Q35 · 2 marks
مرکزی خیال اور خلاصے میں کیا فرق ہے؟
Answer
کسی سبق کا مرکزی خیال تو فقط تین یا چار سطروں پر مشتمل ہوتا ہے مگر سبق کا خلاصہ خاصا طویل ہوتا ہے اور بعض اوقات سبق کے برابر یا اس سے بھی طویل ہو جاتا ہے۔ خلاصے میں اسی ترتیب کے ساتھ وہ باتیں لکھی جاتی ہیں جو سبق میں بیان کی گئی ہوں مگر ایک تو خلاصہ سرخیاں نہیں دیتا، دوسرے خلاصے میں کوئی شعر بھی نہیں لکھا جاتا کیوں کہ کوئی شعر یا کوئی واقعہ وغیرہ لکھنا ضروری ہوتا تو مصنف اس کا اندراج خود کرتا۔
Long questions with answers
Q1 · 5 marks
مرکزی خیال یا خلاصہ لکھنے کے اصولوں کی روشنی میں سبق “اپنی مدد آپ” کا خلاصہ لکھیں۔
Answer
اپنی مدد آپ ایک عمدہ مقولہ ہے۔ اس میں قوموں اور نسلوں کا تجربہ جمع ہے۔ ایک شخص میں اپنی مدد آپ کا جذبہ سچی ترقی کی بنیاد ہے۔ جب کہ بہت سے اشخاص میں یہ جذبہ قومی مضبوطی اور ترقی کی جڑ ہے۔ جب کسی شخص کے لیے کوئی دوسرا کچھ کرتا ہے تو اس میں یہ جذبہ فقدان ہو جاتا ہے۔ اگر گروہ میں یہ جذبہ ختم ہو تو منزل کے ساتھ ساتھ اس میں سے غیرت اور عزت بھی جاتی رہتی ہے۔ اگر کوئی قوم اپنی مدد آپ کے حصول کو ترک کر دے تو وہ دنیا میں ذلیل اور بے عزت ہو جاتی ہے۔ قانون فطرت ہے کہ جیسی قوم ہو اس طرح کے قوانین ہوتے ہیں اور ویسی ہی ان کی حکومت ہوتی ہے۔ کسی ملک کی خوبی اور عمدگی کا انحصار وہاں کی حکومت کی بجائے رعایا کے اخلاق و عادات پر ہوتا ہے۔ کیوں کہ قوم شخصی حالتوں کے مجموعے کا نام ہے۔ قومی ترقی شخصی محنت، شخصی عزت، شخصی ایمان داری اور شخصی ہمدردی کا مجموعہ ہے۔ اسی طرح قومی تنزلی شخصی سستی، شخصی بے عزتی، شخصی بے ایمانی، خود غرضی اور شخصی برائیوں کا مجموعہ ہے۔ معاشرتی برائیوں کا خاتمہ کسی بیرونی کوشش کی بجائے شخصی جماعتوں کی ترقی سے ممکن ہے۔ اے ہم وطنو! قوم کو ترقی دو تا کہ معزز بن سکو۔ وہ شخص غلام نہیں ہے جس کا آقا ظالم ہو یا حاکم جابر ہو بلکہ حقیقی غلام وہ ہے جو خود غرضی اور جہالت کی غلامی میں مبتلا ہو کر قومی ہمدردی سے عاری ہو۔ لوگوں کا خیال ہے کہ کوئی فقیر ملے جو ان کی قوم کی اصلاح کرے۔ حکومت ہمارے مسائل حل کرے۔ گویا ہر چیز ہمارے لیے کی جائے اور ہم کچھ نہ کریں۔ یہ خیال انسانی بدنیتی کی تعلیم دیتا ہے اور اسی کا نام ذلت ہے۔ ایک نسل دوسری نسل کی محنت پر عمارت بناتی ہے اور اسے اعلیٰ درجے تک پہنچاتی ہے۔ ہمارا فرض ہے کہ اس کی حفاظت کریں۔ اس کو ترقی دیں اور آئندہ نسلوں کے لیے بہتر حالت میں چھوڑیں۔ ایک مسکین شخص جو اپنے ساتھیوں کی محنت، ایمان داری اور پرہیز گاری کی نظیر دکھاتا ہے اس کا اثر دوسروں میں جاتا ہے اور آئندہ نسلوں کے لیے نظیر بن جاتا ہے۔ گویا شخصی چال چلن عمدہ ہتھیار ہے۔ یہ تعلیم انسان کو انسان بناتی ہے اور اپنی عاقبت سنوارنے کا درس دیتی ہے۔ یہ تعلیم کسی کتاب یا کسی درس گاہ سے نہیں ملتی۔ عمدہ چال چلن اور عمل صالح ہی انسان کو معزز اور قابل ادب بناتے ہیں۔
Q2 · 5 marks
سبق “اپنی مدد آپ” کا مرکزی خیال لکھیں۔
Answer
دنیا میں موجود ہر شخص کامیاب ہونا چاہتا ہے لیکن کامیاب وہی ہے جو اپنی مدد آپ کا جذبہ رکھتا ہے۔ جس میں اکیلے چلنے کا حوصلہ ہو اور جو کسی سہارے کا محتاج نہ ہو۔ وہ لوگ جو زندگی کے کسی بھی شعبے میں دوسروں پر انحصار کرتے ہیں ہمیشہ ناکامی کا منہ ہی دیکھتے ہیں۔ یاد رکھیں بہادر اور جرأت مند لوگ اپنے زور بازو اور اللہ تعالیٰ پر توکل کے ساتھ تنہا چلنا شروع کرتے ہیں لیکن تھوڑی دیر بعد ان کے پیچھے لشکر ہوتے ہیں اور تاریخ ایسے ہزار ہا واقعات کے ساتھ بھری پڑی ہے۔
Q3 · 10 marks
درج ذیل اقتباس کی تشریح لکھیں۔ تشریح سے پہلے مصنف کا نام اور سبق کا عنوان بھی دیں۔ یہ ایک نیچر کا قاعدہ ہے کہ جیسا مجموعہ قوم کی چال چلن کا ہوتا ہے یقینی اسی کے موافق اس کے قانون اور اسی کے مناسب حال گورنمنٹ ہوتی ہے۔ جس طرح کہ پانی خود اپنی پنسال میں آ جاتا ہے اسی طرح عمدہ رعایا پر عمدہ حکومت ہوتی ہے اور جاہل و خراب و تربیت یافتہ رعایا پر ویسی ہی اکھڑ حکومت کرنی پڑتی ہے۔
Answer
سبق کا عنوان (1): اپنی مدد آپ مصنف کا نام (1): سر سید احمد خان خط کشیدہ الفاظ کے معانی (3): نیچر: فطرت۔ قاعدہ: طریقہ۔ چال چلن: کردار۔ موافق: مطابق۔ پنسال: ہموار سطح۔ عمدہ: اچھا۔ اکھڑ: سخت۔ تشریح (5): سیاق و سباق: سر سید احمد خان اپنی مدد آپ کرنے کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ دنیا کی معزز قوموں نے جس خوبی کی بنا پر عزت اور ترقی پائی وہ اپنی مدد آپ کرنا ہے۔ اگر اقوام اپنی مدد آپ نہیں کرتیں تو اللہ تعالیٰ بھی ان کی مدد نہیں کرتا۔ لیکن جو اقوام اپنی مدد آپ کے اصولوں پر کار بند ہو کر محنت کرتی ہیں انھیں دنیا کی کوئی طاقت ترقی کرنے سے روک نہیں سکتی۔ وہ قوم دنیا کے لیے ایک کامیاب اور معزز قوم بن کر ابھرتی ہے۔ کیوں کہ قومی ترقی کی بنیاد شخصی محنت، شخصی عزت اور شخصی ایمان داری پر منحصر ہوتی ہے اور دوسروں کی مدد پر انحصار کرنا بدترین غلامی ہے۔ تشریح: سر سید احمد خان کسی قوم کی ترقی اور زوال کی اصل وجہ بتاتے ہوئے لکھتے ہیں کہ یہ قانون قدرت ہے کہ کسی قوم کے افراد کا جو طرز عمل ہوگا اسی کے مطابق اس ملک میں قوانین بنائے جائیں گے اور اسی کے مطابق رعایا اور اس کی حکومت ہوگی۔ یعنی جیسی رعایا اور اس کا چال چلن ہوگا ویسے ہی وہاں کے قوانین اور حکمران ہوں گے۔ سر سید احمد خان اس کی وضاحت ایک مثال سے کرتے ہیں کہ جس طرح پانی خود اپنی ڈھلان میں آتا ہے اسی طرح اگر عوام اچھے، مہذب اور اعلیٰ اخلاق کے مالک ہوں گے تو وہاں کی حکومت بھی اچھی اور مہذب ہوگی۔ سر سید احمد خان کے مطابق کسی قوم کی ترقی کا راز اس کے افراد کی محنت، سچائی، دیانت داری اور بہادری میں پوشیدہ ہے۔ ایسی اقوام دن دگنی رات چوگنی ترقی کرتی ہیں۔ لیکن اگر عوام جاہل، بد اخلاق اور غیر مہذب ہوں گے، سستی، خود غرضی اور بے عزتی جیسی برائیوں کا شکار ہوں گے تو ان پر ویسی ہی خود غرض، خراب اور جاہل حکومت مسلط ہوگی۔ ایسی قوم کی خرابی، بے عزتی، غلامی، بد اخلاقی اور ناکامی کا بالکل خیال نہ ہوگا۔
Q4 · 10 marks
درج ذیل اقتباس کی تشریح لکھیں۔ تشریح سے پہلے مصنف کا نام اور سبق کا عنوان بھی دیں۔ قومی ترقی کا مجموعہ ہے شخصی محنت، شخصی عزت، شخصی ایمان داری اور شخصی ہمدردی کا۔ اسی طرح قومی تنزلی مجموعہ ہے شخصی سستی، شخصی بے عزتی، شخصی بے ایمانی، شخصی خود غرضی اور شخصی برائیوں کا۔ ناتہذیبی و بدچلنی جو اخلاقی و تمدنی یا باہمی معاشرت کی بدیوں میں شمار ہوتی ہے درحقیقت وہ خود اسی شخص کی آوارہ زندگی کا نتیجہ ہے۔ اگر ہم چاہیں کہ بیرونی کوشش سے ان برائیوں کو جڑ سے اُکھاڑ ڈالیں اور نیست و نابود کر دیں تو یہ برائیاں کسی اور صورت میں اس سے بھی زیادہ زور و شور سے پیدا ہو جائیں گی۔ جب تک شخصی زندگی اور شخصی چال چلن کی حالتوں کو ترقی نہ دی جاوے۔
Answer
سبق کا عنوان (1): اپنی مدد آپ مصنف کا نام (1): سر سید احمد خان خط کشیدہ الفاظ کے معانی (3): معاشرت: طرز رہن سہن۔ بدیوں: برائیوں۔ بیرونی: باہری۔ نیست و نابود کرنا: تباہ و برباد کرنا۔ چال چلن: کردار۔ تشریح (5): سیاق و سباق: سر سید احمد خان اپنی مدد آپ کرنے کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ دنیا کی معزز قوموں نے جس خوبی کی بنا پر عزت اور ترقی پائی وہ اپنی مدد آپ کرنا ہے۔ اگر اقوام اپنی مدد آپ نہیں کرتیں تو اللہ تعالیٰ بھی ان کی مدد نہیں کرتا۔ لیکن جو اقوام اپنی مدد آپ کے اصولوں پر کار بند ہو کر محنت کرتی ہیں انھیں دنیا کی کوئی طاقت ترقی کرنے سے روک نہیں سکتی۔ وہ قوم دنیا کے لیے ایک کامیاب اور معزز قوم بن کر ابھرتی ہے۔ کیوں کہ قومی ترقی کی بنیاد شخصی محنت، شخصی عزت اور شخصی ایمان داری پر منحصر ہوتی ہے اور دوسروں کی مدد پر انحصار کرنا بدترین غلامی ہے۔ تشریح: سر سید احمد خان بڑے مدلل انداز میں قومی ترقی اور قومی تنزلی کو بیان کرتے ہیں۔ جس قوم کے افراد اپنی مدد آپ کے اصول پر کار بند ہوں انھیں ترقی کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا اور وہ قوم کبھی ناکام نہیں ہوتی۔ اس لیے قومی ترقی کی اصل بنیاد افراد کی ذاتی محنت، عزت، ایمان داری اور ہمدردی پر منحصر ہوتی ہے۔ اسی طرح قومی تنزلی، ناکامی اور غلامی کا اصل سبب اس کے افراد کی ذاتی پستی، بے غیرتی اور خود غرضی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دیگر اقوام کی طرح ان کی کوئی قدر و منزلت نہیں ہوتی اور اگر بیرونی کوششوں سے ان برائیوں کا خاتمہ کرنا چاہیں تو یہ برائیاں کسی اور صورت میں معاشرے میں پھیل جاتی ہیں۔ اس لیے بیرونی مدد کی بجائے ہمیں اپنے شخصی چال چلن کو بہتر بنا کے ان برائیوں سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہیے۔
Q5 · 10 marks
درج ذیل اقتباس کی تشریح لکھیں۔ تشریح سے پہلے مصنف کا نام اور سبق کا عنوان بھی دیں۔ بڑا سچا مسئلہ اور نہایت مضبوط، جس سے دنیا کی معزز قوموں نے عزت پائی وہ اپنی مدد آپ کرنا ہے۔ جس وقت لوگ اس کو اچھی طرح سے سمجھیں گے اور کام میں لاویں گے تو پھر خضر کو ڈھونڈنا بھول جاویں گے۔ اوروں پر بھروسے اور اپنی مدد آپ یہ دونوں اصول ایک دوسرے کے بالکل مخالف ہیں۔ پچھلا انسان کی بدیوں کو برباد کرتا ہے اور پہلا خود انسان کو۔
Answer
سبق کا عنوان (1): اپنی مدد آپ مصنف کا نام (1): سر سید احمد خان خط کشیدہ الفاظ کے معانی (3): معزز: باوقار۔ خضر: راہ نما۔ مخالف: الٹ۔ تشریح (5): سر سید احمد خان اپنی مدد آپ کے مقولے پر زور دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ یہ ایک حقیقت پر مبنی مسئلہ ہے۔ غور کیا جائے تو دنیا کی عزت دار اور ترقی یافتہ قوموں نے عزت صرف اور صرف اپنی مدد آپ کے اصول پر عمل کر کے حاصل کی۔ ہماری قوم بھی جب اس مقولے کی اہمیت کو سمجھے گی اور عمل شروع کرے گی تو پھر کسی خضر کا انتظار نہیں کرے گی۔ اپنی مدد آپ کرنا اور دوسروں پر انحصار کرنا دو متضاد چیزیں ہیں۔ دوسروں پر بھروسہ کرنے والا اپنے آپ کو برباد کر لیتا ہے اور اپنی مدد آپ کرنے والا ترقی کی راہ پر چلتا ہے۔
Test yourself on this chapter
Timed chapter tests, marked the moment you finish.
Practise with a free account
Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.