Parho

Class 9 Urdu · Chapter 17

سن تو سہی جہاں میں ہے تیر افسانہ کیا: questions and answers

Every short question, long question and MCQ on this chapter's free papers, each with its answer. Try one yourself first, then check.

34short questions
7long questions
0MCQs

Short questions with answers

  1. Q1 · 2 marks

    زیر زمین سے جو گل بھی آتا ہے وہ زر بکف کیوں ہوتا ہے؟

    Answer

    زیر زمین سے جو بھی گل آتا ہے وہ زر بکف ہو جاتا ہے کیوں کہ لگتا ہے زمین میں قارون کا خزانہ چھپا ہوا ہے۔

  2. Q2 · 2 marks

    اسپ عمر مہمیز اور تازیانے کے بغیر ہی کیوں اڑا جاتا ہے؟

    Answer

    دراصل عمر کا گھوڑا کسی بھی رکاوٹ اور وقت کی پروا کیے بغیر دوڑتا چلا جاتا ہے۔ نہ تو اسے کسی ایڑ لگانے کی ضرورت پڑتی ہے اور نہ ہی کسی چھانٹا مارنے کی۔ یہ خود ہی برق رفتاری سے اڑے چلا جاتا ہے۔

  3. Q3 · 2 marks

    طبل و علم اور ملک و مال کن لوگوں کے پاس ہوتا ہے؟

    Answer

    طبل و علم اور ملک و مال بادشاہوں، نوابوں، حکمرانوں اور سیاست دانوں کے پاس ہوتا ہے۔

  4. Q4 · 2 marks

    ہمارا دل حزیں کیوں کمال بے تاب ہے؟

    Answer

    ہماری روح دراصل جہاں سے آئی ہے اکثر وہاں پر واپسی کی خواہش مند رہتی ہے اور یہ ہمارا جسم چوں کہ ایک سرائے کی طرح ہے اور اس میں بسنے والی روح ایک مہمان۔ اسی وجہ سے ہمارا دل حزیں کمال بے تاب رہتا ہے۔

  5. Q5 · 2 marks

    شاعر غزل کے مقطع میں کس سے غزل کی داد پانے کا خواست گار ہے؟

    Answer

    شاعر غزل کے مقطع میں مدعی (امام بخش ناسخ) سے داد پانے کا خواست گار ہے۔ امام بخش ناسخ آتش کا ہم عصر شاعر تھا۔ دونوں کی چپقلش بھی تھی اور دونوں ہی ایک دوسرے پر طنز کیا کرتے تھے۔

  6. Q6 · 2 marks

    درج ذیل الفاظ کو درست تلفظ اعراب لگا کر واضح کریں۔ خلق خدا زر بکف مہمیز طبل و علم مدعی رستم

    Answer

    خَلْقِ خُدا زَرِ بَکَف مِہمیز طَبْل و عَلَم مُدَّعی رُستَم

  7. Q7 · 2 marks

    اپنے استاد محترم سے مذکورہ ضرب الامثال کا مفہوم معلوم کریں اور یہ سمجھیں کہ انھیں کن موقعوں پر استعمال کیا جاتا ہے۔ ضرب المثل: الٹے بانس بریلی کو

    Answer

    کوئی الٹا کام کرنا۔ بریلی ہندوستان کا شہر ہے جہاں بانس کثرت سے ہوتے ہیں۔ اگر کوئی سوداگر وہاں بانس بیچنے کو لے جائے تو اسے بے وقوفی کا کام کہا جائے گا۔

  8. Q8 · 2 marks

    اپنے استاد محترم سے مذکورہ ضرب الامثال کا مفہوم معلوم کریں اور یہ سمجھیں کہ انھیں کن موقعوں پر استعمال کیا جاتا ہے۔ ضرب المثل: بوڑھی گھوڑی لال لگام

    Answer

    اس بوڑھی عورت کے بارے میں کہتے ہیں جو بڑھاپے میں بھی جوانی جیسے نخرے کرے۔

  9. Q9 · 2 marks

    اپنے استاد محترم سے مذکورہ ضرب الامثال کا مفہوم معلوم کریں اور یہ سمجھیں کہ انھیں کن موقعوں پر استعمال کیا جاتا ہے۔ ضرب المثل: چور کی داڑھی میں تنکا

    Answer

    چور اپنی حرکات سے پہچانا جاتا ہے۔

  10. Q10 · 2 marks

    اپنے استاد محترم سے مذکورہ ضرب الامثال کا مفہوم معلوم کریں اور یہ سمجھیں کہ انھیں کن موقعوں پر استعمال کیا جاتا ہے۔ ضرب المثل: زبان خلق کو نقارۂ خدا سمجھو

    Answer

    جس بات کا لوگوں میں چرچا عام ہو جائے وہ عموماً سچ ثابت ہوتی ہے۔

  11. Q11 · 2 marks

    اپنے استاد محترم سے مذکورہ ضرب الامثال کا مفہوم معلوم کریں اور یہ سمجھیں کہ انھیں کن موقعوں پر استعمال کیا جاتا ہے۔ ضرب المثل: ایک ایک، دو گیارہ

    Answer

    دو آدمی مل کر ایک کی نسبت زیادہ کام کر سکتے ہیں۔

  12. Q12 · 2 marks

    اپنے استاد محترم سے مذکورہ ضرب الامثال کا مفہوم معلوم کریں اور یہ سمجھیں کہ انھیں کن موقعوں پر استعمال کیا جاتا ہے۔ ضرب المثل: ایک انار، سو بیمار

    Answer

    جب ایک چیز کے بہت سے خواہش مند ہوں تو اس وقت کہتے ہیں۔

  13. Q13 · 2 marks

    ضرب المثل کسے کہتے ہیں؟

    Answer

    ضرب کے معنی ہیں بیان کرنا اور مثل کے معنی مثال۔ چناں چہ ضرب المثل کے معنی ہوئے مثال دے کر بیان کرنا۔ ضرب المثل کو اردو میں کہاوت بھی کہتے ہیں۔

  14. Q14 · 2 marks

    خواجہ حیدر علی آتش کا تعلق کس خاندان سے تھا؟

    Answer

    خواجہ حیدر علی آتش کا تعلق دلی کے ایک معزز خاندان سے تھا۔

  15. Q15 · 2 marks

    خواجہ حیدر علی کا تخلص کیا تھا؟

    Answer

    خواجہ حیدر علی کا تخلص آتش تھا۔

  16. Q16 · 2 marks

    خواجہ حیدر علی آتش نے شاعری میں کس کی شاگردی اختیار کی؟

    Answer

    خواجہ حیدر علی آتش نے شاعری میں مصحفی کی شاگردی اختیار کی۔

  17. Q17 · 2 marks

    ان کی پوری زندگی کس طرح بسر ہوئی؟

    Answer

    ان کی پوری زندگی گو کہ بہت سادہ تھی مگر انھوں نے وضع داری میں اپنی عمر بسر کی۔

  18. Q18 · 2 marks

    حیدر علی آتش کس طرح کی وضع قطع میں رہتے تھے؟

    Answer

    حیدر علی آتش سپاہیانہ اور بانکی وضع قطع میں رہتے تھے، حتیٰ کہ مشاعروں میں بھی تلوار میان میں باندھ کر جایا کرتے تھے۔

  19. Q19 · 2 marks

    انھوں نے کس رنگ میں شاعری کی؟

    Answer

    انھوں نے لکھنؤ کے رنگ میں شاعری اختیار کی۔

  20. Q20 · 2 marks

    اس دور میں لکھنؤ میں کن دو بڑے شاعروں کا تذکرہ ہوا کرتا تھا؟

    Answer

    اس دور میں آتش اور امام بخش ناسخ دونوں شاعروں کا تذکرہ زبان زد عام رہتا تھا۔

  21. Q21 · 2 marks

    حیدر علی آتش کو امدادی رقم کہاں سے ملا کرتی تھی؟

    Answer

    حیدر علی آتش کو امدادی رقم نوابوں سے ملا کرتی تھی۔

  22. Q22 · 2 marks

    اس غزل کے پہلے شعر میں آتش نے کیا مشورہ دیا ہے؟

    Answer

    غزل کے پہلے ہی شعر میں آتش نے مشورہ دیا ہے کہ ہمیں خلق خدا کی آواز کو ضرور سننا چاہیے۔

  23. Q23 · 2 marks

    دوسرے شعر میں جو پھول زمیں سے اُگتا ہے وہ کس طرح کا ہے؟

    Answer

    دوسرے شعر میں جو پھول زمین سے اُگتا ہے وہ پیلے رنگ کا ہے اور اس کے اندر بھی زرد رنگ کے چھوٹے دانے ہوتے ہیں۔

  24. Q24 · 2 marks

    آتش نے اسپ عمر کس کو کہا ہے؟

    Answer

    آتش نے اسپ عمر عمر اور زندگی کے گھوڑے کو کہا ہے جو سرپٹ بھاگتے چلا جاتا ہے۔

  25. Q25 · 2 marks

    قارون کے خزانے کی تلمیح کا استعمال آتش نے کس طرح کیا؟

    Answer

    قارون کے خزانے کی تلمیح کا استعمال آتش نے دولت کی چکا چوند دکھانے کو کیا ہے۔

  26. Q26 · 2 marks

    آتش نے مہمان سرائے کسے کہا ہے؟

    Answer

    آتش نے مہمان سرائے دراصل ہمارے جسموں کے اندر بستی ہوئی اس روح کو کہا ہے جس سے ہم اچھے برے کام اختیار کرتے ہیں۔

  27. Q27 · 2 marks

    مدعی کسے کہتے ہیں؟

    Answer

    مدعی مخالف حریف کو کہتے ہیں۔

  28. Q28 · 2 marks

    تازیانہ کسے کہتے ہیں؟

    Answer

    گھوڑوں وغیرہ کو تیز تر دوڑانے کے لیے جو چھانٹا استعمال ہوتا ہے اسے تازیانہ کہتے ہیں۔ یہ چمڑے کا بنا ہوتا ہے۔

  29. Q29 · 2 marks

    اس غزل میں شاعر کے دل کی کیا کیفیت نظر آتی ہے؟

    Answer

    اس غزل میں شاعر کا دل غم اور درد سے بھرا ہوا ہے۔

  30. Q30 · 2 marks

    طبل اور علم کسے کہتے ہیں؟

    Answer

    طبل ڈھول یا نقارے کو کہا جاتا ہے اور علم جھنڈے کو۔

  31. Q31 · 2 marks

    ہمارا دل کیوں بے تاب سا رہتا ہے؟

    Answer

    دراصل ہم جنت سے دھتکارے گئے اور نکالے گئے انسان ہیں اسی لیے وہیں واپس جانے کو ہمارا دل ہمیشہ بے چین و بے تاب رہتا ہے۔

  32. Q32 · 2 marks

    حسد کرنے والے کا انجام آخر کار کیا ہوتا ہے؟

    Answer

    حسد کرنے والے کا انجام آخر کار برا ہی ہوتا ہے کیوں کہ حسد کرنے والا اپنی ہی آگ میں جلتا رہتا ہے۔

  33. Q33 · 2 marks

    حیدر علی آتش کے مطابق مدعی اسے داد کیوں نہیں دیتا؟

    Answer

    حیدر علی آتش کے مطابق مدعی اسے داد حسد اور جلن کے مارے نہیں دیتا۔

  34. Q34 · 2 marks

    شاعر کو کیوں لگتا ہے کہ زمانہ اس کی مخالفت نہیں کرے گا؟

    Answer

    چوں کہ شاعر مفلس اور نادار ہے۔ نا تو اس کے پاس کوئی گھوڑا ہے نا گاڑی لہٰذا کوئی اس کی مخالفت کیوں کرے گا۔

Long questions with answers

  1. Q1 · 5 marks

    خواجہ حیدر علی آتش کا تعارف لکھیں۔

    Answer

    خواجہ حیدر علی آتش (۱۷۷۸ء۔۱۸۴۷ء): خواجہ حیدر علی، جو آتش تخلص کرتے تھے، کا تعلق دلی کے ایک معزز خاندان سے تھا۔ ان کے والد نواب شجاع الدولہ کے عہد حکومت میں ترک سکونت کر کے فیض آباد چلے گئے۔ اس زمانے میں اودھ کا دار الحکومت فیض آباد تھا، لکھنؤ بعد میں ہوا۔ صغر سنی میں والد کا سایہ سر سے اٹھ گیا تو انھوں نے روایتی تعلیم کو خیر آباد کہہ دیا اور مزاج میں بانک پن آ گیا۔ ذریعۂ معاش کی ضرورت محسوس ہوئی تو ایک نواب کی ملازمت اختیار کر لی اور انھی کے ساتھ فیض آباد سے لکھنؤ آ گئے۔ یہ وہ زمانہ ہے جب شعر و شاعری کا بہت چرچا تھا خصوصاً لکھنؤ میں بڑی گرم بازاری تھی۔ یہ بھی اسی رنگ میں رنگے گئے۔ شعر و شاعری میں نام پیدا کرنے کا شوق ہوا تو مصحفی کے شاگرد ہو گئے اور چند ماہ کی محنت سے ایسی مشق بہم پہنچائی کہ خود صاحب طرز شاعر بن گئے اور دور و نزدیک ان کا شہرہ ہو گیا۔ خواجہ حیدر علی آتش نے اپنی ساری عمر وضع داری میں بسر کی۔ ان کی زندگی بڑی سادہ تھی مگر زندگی گزارنے کا ایک خاص قرینہ اور ڈھب تھا۔ وہ آزاد مزاج اور لاابالی تھے۔ ہمیشہ سپاہیانہ وضع قطع میں رہتے تھے اور بانک پن کے ساتھ میان میں تلوار باندھے رکھتے تھے، یہاں تک کہ مشاعروں میں بھی تلوار باندھ کر جاتے تھے۔ کبھی کسی نواب یا امیر کی خوشامد نہیں کی البتہ ان کے شاگرد، جن کی تعداد کافی تھی، کبھی کبھی ان کے ساتھ سلوک (رقمی مدد) کرتے تھے۔ یہ وہ زمانہ ہے جب شعر و شاعری کے حوالے سے لکھنؤ دو طبقوں میں بٹا ہوا تھا: ایک طبقہ جانب داران ناسخ کا اور دوسرا طبقہ جانب داران آتش کا۔ ان کے آپس میں مقابلے ہوتے رہتے تھے جن سے اردو شاعری کو یہ فائدہ پہنچا کہ دونوں استادان فن مقابلے کے خیال سے طبیعت پر زور دے کر شعر کہتے تھے اور ان کی لطیف پیرائے میں نوک جھوک بھی ہوتی رہتی تھی مگر تہذیب کے دائرے سے کبھی باہر نہ نکلتے تھے، جیسے کہ آتش کی شامل کتاب معروف غزل کے مقطع کا اشارہ بھی امام بخش ناسخ کی جانب ہے: یوں مدعی حسد سے نہ دے داد تو نہ دے آتش غزل یہ تو نے کبھی عاشقانہ کی

  2. Q2 · 2 marks

    سن تو سہی جہاں میں ہے تیرا افسانہ کیا کہتی ہے تجھ کو خلق خدا غائبانہ کیا

    Answer

    غزل: سن تو سہی جہاں میں ہے تیرا افسانہ کیا — شاعر: خواجہ حیدر علی آتش یہ شعر حقیقت کا رنگ لیے ہوئے ہے کہ حیدر علی آتش اس میں اصلیت بیان کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ تمھیں اس خوش فہمی میں نہیں رہنا چاہیے کہ لوگ تمھارے سامنے تمھاری تعریفیں کرتے ہیں تو اصل میں وہ سچ ہی کہتے ہوں گے۔ کیا تم نے کبھی غور کیا ہے کہ وہی لوگ جو منھ پر تعریف کرتے ہیں وہ تمھاری عدم موجودگی میں کیا کہتے ہیں۔ تمھارے بارے میں کیا فسانے سناتے ہیں وہ۔ منھ پر تو ہر کوئی تعریفی کلمات ہی کہتا ہے مگر سیرت و کردار کی اصل حقیقت لوگ پیٹھ پیچھے بیان کرتے ہیں۔ کبھی تو غور کرو کہ جب محفل میں تم موجود نہیں ہوتے تو لوگ تمھارے بارے میں کیا کچھ کہتے ہیں۔ اگر اس بات کی حقیقت تمھیں معلوم ہو جائے تو تم اپنی خامیوں سے واقف ہو کر انھیں سدھار سکتے ہو۔ خلق خدا کی پیٹھ پیچھے کہی گئی باتوں کو سمجھنے کی کوشش کرو یعنی جو باتیں لوگ غیر موجودگی میں کرتے ہیں دراصل وہی سچی ہوتی ہیں۔

  3. Q3 · 2 marks

    زیر زمیں سے آتا ہے جو گل سو زر بکف قاروں نے راستے میں لٹایا خزانہ کیا

    Answer

    غزل: سن تو سہی جہاں میں ہے تیرا افسانہ کیا — شاعر: خواجہ حیدر علی آتش مفہوم: زمین میں سے جو پھول بھی اُگتا ہے وہ لازماً زر گل لیے ہوتا ہے۔ کہیں اس کی وجہ قارون کا خزانہ تو نہیں؟ تشریح: زیر تشریح شعر کے پس منظر میں «گنج قارون» یا «قارون کا خزانہ» ایک معروف تلمیح ہے۔ روایت ہے کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام کے زمانے میں ایک انتہائی مال دار مگر بخیل شخص تھا۔ جس کے ہاتھ کہیں سے پارس پتھر لگ گیا تھا۔ جس کی وجہ سے اس کے پاس اتنا سونا اکٹھا ہو گیا تھا کہ اس کے خزانوں کی چابیاں ستر اونٹوں پر لادی جاتی تھیں۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام نے اس سے کہا کہ تم زکوٰۃ دو مگر اس نے انکار کیا تو حضرت موسیٰ علیہ السلام کی بددعا سے اپنے سونے کے خزانوں سمیت زمین میں دھنس گیا۔ شاعر (آتش) نے اس تلمیح سے فائدہ اٹھایا ہے کہ قارون کے سونے کے خزانے نے زیر زمین جا کر بھی اس سے چھین نہیں لیا اور وہ زر گل کی صورت میں زمین سے باہر آ رہا ہے اور ہر پھول اپنی ہتھیلی میں زر گل (زردانے) لیے ہوئے زمین سے باہر نکلتا ہے۔ اس انوکھے خیال کو مرزا غالب نے یوں بیان کیا ہے: سب کہاں کچھ لالہ و گل میں نمایاں ہو گئیں خاک میں کیا صورتیں ہوں گی کہ پنہاں ہو گئیں شاعر کے کہنے کا مفہوم یہ ہے کہ کچھ بڑے ہی حسین و جمیل لوگ تھے، جو زیر زمین چلے گئے مگر وہاں بھی ان کے حسن نے چین نہیں لیا اور ان کا حسن لالہ و گل کی صورت میں زمین سے باہر آ رہا ہے۔ آتش کے کہنے کا مفہوم یہ ہے کہ ہر پھول زر گل لیے ہوتا ہے تو اس کی وجہ قارون کا سونے کا خزانہ ہے۔ اس صورت حال کو شعری اصطلاح میں صنعت حسن تعلیل کا نام دیا جاتا ہے۔ یعنی شاعر نے زمین سے اپنی تھیلی میں زر گل لیے پھولوں کے اگنے کی جو وجہ بیان کی ہے وہ اصل وجہ نہیں مگر شاعر نے کیا خوب صورت وجہ بیان کی ہے، جس پر یقین کرنے کو جی چاہتا ہے۔

  4. Q4 · 2 marks

    اڑتا ہے شوق راحت منزل سے اسپ عمر مہمیز کہتے ہیں کسے اور تازیانہ کیا

    Answer

    غزل: سن تو سہی جہاں میں ہے تیرا افسانہ کیا — شاعر: خواجہ حیدر علی آتش اس شعر میں شاعر حیدر علی آتش نے انسان کی عمر کو ایک برق رفتار گھوڑے کی مثال کے طور پر بیان کیا ہے۔ عمر کے گھوڑے اور وقت کو نہایت خوب صورت مثال بنا کر پیش کیا ہے کہ جیسے گھوڑے کو دوڑانے کے لیے اس پر سوار شخص مختلف حربے آزماتا ہے۔ اس کی رفتار تیز کرنے کے لیے کبھی چابک کبھی چھانٹا مارتا ہے۔ کبھی وہ اسے تیز دوڑانے کے لیے ایڑ لگاتا ہے اور نہایت سرعت سے اپنی منزل کو پانے کی دھن میں چلا جاتا ہے۔ شاعر کہتا ہے کہ عمر کا گھوڑا ایسا عجیب گھوڑا ہے جسے نہ تو ایڑ لگانی پڑتی ہے اور نہ ہی چھانٹے مار کر دوڑانا پڑتا ہے۔ یہ خود بخود ہی تیز رفتاری سے یوں بھاگتا ہے جیسے ہوا میں اڑ رہا ہو۔ دراصل شاعر یہ بتانا چاہ رہا ہے کہ عمر کا گھوڑا بہت تیز رفتار ہے اور پلک جھپکتے میں عمر گزر جاتی ہے۔ لہٰذا جو بھی دن ملے اسے غنیمت سمجھ کر اچھے کاموں کو کرنے کی بھر پور کوشش کرو۔ ہم عمر کے گھوڑے کو روک نہیں سکتے مگر ہم اپنے وقت میں سے بہترین اور اچھے کام تو کر سکتے ہیں۔ یاد رکھو ہر گزرتا دن اور ماہ و سال ہمیں ہماری آخری منزل موت کے قریب کر جاتا ہے۔ بس اچھے کام کرتے جاؤ تاکہ زاد راہ بن سکے۔

  5. Q5 · 2 marks

    طبل و علم ہے پاس نہ اپنے نہ ملک و مال ہم سے خلاف ہو کے کرے گا زمانہ کیا

    Answer

    غزل: سن تو سہی جہاں میں ہے تیرا افسانہ کیا — شاعر: خواجہ حیدر علی آتش اس شعر میں آتش اپنی درویشانہ فطرت کا ذکر کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ نہ تو میرے پاس کوئی شان و شوکت کا عہدہ ہے اور نہ ہی کوئی دولت کے انبار۔ زمانہ میرے خلاف ہو کر کیا کرے گا؟ یہاں پھر پرانے دور کی مثال دی گئی ہے یعنی طبل ڈھول یا نقارے کو کہتے ہیں اور علم جھنڈے کو۔ پرانے زمانے میں بادشاہ اپنے قافلوں کے ساتھ ڈھول اور اپنے جھنڈے لے کر چلا کرتے تھے۔ جنگ سے پہلے طبل بجائے جاتے تھے اور جھنڈوں کو اونچا اٹھانا جیت کی نشانی سمجھا جاتا تھا۔ شاعر چوں کہ سادہ زندگی گزارنے کے عادی ہیں تو کہتے ہیں کہ درویش منش آدمی کے پاس چوری ہونے کے لیے کوئی خزانہ نہیں ہوتا نہ ہی دولت کی فراوانی سے لوگوں کو حسد ہوتا ہے۔ لہٰذا سادہ زندگی اختیار کرنی چاہیے۔ دولت اور اقتدار کی ہوس میں پڑ کر انسان اپنا دلی سکون بھی کھو دیتا ہے اور ہر وقت چوری کا دھڑکا بھی لگا رہتا ہے۔

  6. Q6 · 2 marks

    بے تاب ہے کمال ہمارا دل حزیں مہمان سرائے جسم کا ہوگا روانہ کیا

    Answer

    غزل: سن تو سہی جہاں میں ہے تیرا افسانہ کیا — شاعر: خواجہ حیدر علی آتش حیدر علی آتش نے اس شعر میں اپنے دل حزیں کا حال پیش کیا ہے۔ اس شعر میں کہتے ہیں کہ ہمارا دل انتہا درجے کا غمگین ہے۔ کیا اب ہمارے جسم سے ہماری روح پرواز کرنے کو ہے۔ آتش نے جسم کو مہمان سرائے کہا ہے جو ایسی جگہ ہوتی ہے جہاں مسافر چند دنوں کے لیے قیام کرتا ہے اور پھر اپنے گھر کی طرف روانہ ہو جاتا ہے۔ شاعر اپنے جسم اور روح کے بارے میں ایک ایسا سوال اٹھاتا ہے کہ اب میں کمزور ہوتا جا رہا ہوں۔ میرے ہوش و حواس لڑکھڑانے لگے ہیں۔ کیا اب میری روح پھر سے اس جہان میں جانے کو بے چین تو نہیں جہاں سے میں اس دنیا میں آئی تھی؟ میرے غمگین دل کی بے چینی سے یوں لگتا ہے جیسے میری جان نکلنے کا وقت آن پہنچا ہو۔ وہ اپنی اس سوچ کے بارے میں مکمل یقین نہیں رکھتے اس لیے سوالیہ انداز میں کہتے ہیں کہ کیا اب میرے مہمان سرائے جسم سے میری روح نکلنے والی ہے؟ دراصل اس شعر میں اس عارضی دنیا کی بے ثباتی کا تذکرہ بھی ہے۔

  7. Q7 · 2 marks

    یوں مدعی حسد سے نہ دے داد تو نہ دے آتش غزل یہ تو نے کہی عاشقانہ کیا

    Answer

    غزل: سن تو سہی جہاں میں ہے تیرا افسانہ کیا — شاعر: خواجہ حیدر علی آتش جس شعر میں شاعر اپنی شاعرانہ عظمت کو بیان کرے تو ایسے شعر کو شاعرانہ تعلی کہتے ہیں۔ اپنے اس شعر میں وہ اپنی ہی بڑائی اور تعریف کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ اے آتش! تم نے نہایت فقیرانہ اور بلند خیال غزل کہی ہے۔ تمھاری غزل میں عشق مجازی اور حقیقی کے تمام رنگ ملتے ہیں۔ لیکن اب اگر تمھارے حریف، حسد کے مارے تمھاری تعریف نہ کریں تو اور بات ہے۔ آتش کو بخوبی علم تھا کہ ان کی شاعری میں رنگ تغزل اور نکتہ آفرینی قابل غور ہے۔

Test yourself on this chapter

Timed chapter tests, marked the moment you finish.

See the chapter tests

Practise with a free account

Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.

Create free account