Khulasa & Markazi Khayal

Long questions

2 questions · 20 min · 10 marks

Want to try first? Take the free Urdu test: معروضی سوالات

Sample questions with answers

The first 2 of 2, each with a model answer. Try writing yours first.

  1. Question 1 · 5 marks

    سبق “نام دیو۔مالی” کا خلاصہ تحریر کریں۔

    Show model answer

    نام دیو، اورنگ آباد کے باغ میں مالی تھا۔ وہ کم تر ہونے کے باوجود سچا اور کھرا انسان تھا۔ مقبرے کا باغ مولوی عبدالحق کی نگرانی میں تھا اور ان کا مکان اس باغ کے احاطے میں تھا۔ مولوی صاحب کے بنگلے کے سامنے چمن بنانے کا کام نام دیو کے سپرد تھا۔ مولوی صاحب اندر کمرے میں کام کرتے اور جب کبھی نظر اٹھا کر دیکھتے تو نام دیو کو ہر وقت کام میں مصروف پاتے۔ کبھی پودے کا تھانولا صاف کرتا تو کبھی انھیں آہستہ آہستہ پانی ڈالتا اور پھر پیچھے مڑ کر انھیں دیکھتا اور دل ہی دل میں خوش ہوتا۔ اسے کام میں مگن دیکھ کر مجھے اس میں دلچسپی ہوگئی۔ نام دیو کی کوئی اولاد نہ تھی اس لیے وہ اپنے پودوں کو اپنی اولاد سمجھتا اور ان کی پرورش کرتا۔ انھیں پیار کرتا، ان سے باتیں کرتا اور انھیں پھلتا پھولتا دیکھ کر ایسے خوش ہوتا جیسے باپ اپنے بچوں کو دیکھ کر خوش ہوتا ہے۔ اگر کبھی کسی پودے کو بیماری لگ جاتی تو اسے فکر لاحق ہو جاتی۔ وہ دوائیں لاتا یا داروغہ سے کہہ کر منگواتا، پودوں کا علاج کرتا اور ہزار جتن سے اپنے باغ کو سرسبز و شاداب رکھتا۔ باغ میں رہنے سے اسے جڑی بوٹیوں کی شناخت ہوگئی تھی اور بچوں کے علاج کرنے میں بڑی مہارت حاصل تھی۔ دُور دُور سے لوگ اپنے بچوں کے علاج کے لیے آتے۔ وہ جڑی بوٹیوں سے مفت علاج کرتا تھا۔ وہ خود صاف ستھرا رہتا اور اپنے باغ کو بھی صاف رکھتا۔ وقت پر اس کی کانٹ چھانٹ اور سینچائی کرتا۔ نام دیو کو اپنے کام سے اتنا لگاؤ تھا کہ اسے کبھی کچھ کہنے سننے کی ضرورت پیش نہ آئی۔ ایک سال بارشیں کم ہوئیں۔ کنوؤں اور باؤلیوں میں پانی برائے نام رہ گیا جس سے کچھ پودے اور پیڑ سوکھ گئے لیکن اس کا باغ ہرا بھرا تھا۔ کیونکہ وہ دُور دُور سے پانی کا ایک گھڑا اپنے سر پر اٹھا کر لاتا اور پودوں کی پیاس بجھاتا۔ مصنف نے اس کی محنت دیکھ کر اسے انعام دینا چاہا لیکن اُس نے یہ کہہ کر انعام لینے سے انکار کردیا کہ بھلا کوئی اپنے بچوں کو پالنے میں انعام کا مستحق ہوتا ہے۔ جب اعلیٰ حضرت کو اورنگ آباد کی خوش گوار آب و ہوا میں باغ لگانے کا خیال آیا تو یہ کام ڈاکٹر سید سراج الحسن کے ذمے کیا گیا۔ ان کا باغبانی کا ذوق مشہور تھا۔ وہ نام دیو کی بڑی قدر کرتے تھے۔ اسے مقبرے سے شاہی باغ لے گئے۔ جہاں دُور دُور سے آئے ہوئے بیسیوں مالی کام کرتے تھے۔ نام دیو کے پاس فنِ باغبانی کا کوئی ڈپلومہ نہیں تھا۔ وہ ہر وقت اپنی دھن میں کام میں لگا رہتا۔ دوسرے مالی لڑتے جھگڑتے رہتے مگر نام دیو اپنے کام میں مصروف رہتا۔ ایک دن شہد کی مکھیوں کی یورش ہوئی۔ سب مالی بھاگ کر چھپ گئے مگر نام دیو اپنے کام میں اتنا مگن تھا کہ اسے خبر بھی نہ ہوئی۔ موت اس کے سر پر تھی۔ مکھیوں نے اسے اتنا کاٹا کہ وہ بے دم ہوگیا اور آخر جان دے دی۔ وہ بہت سیدھا سادہ، بھولا بھالا اور منکسر المزاج انسان تھا۔ اس کے چہرے پر ہر وقت مسکراہٹ رہتی۔ اسے کام سے عشق تھا۔ آخر کام کرتے کرتے اس دنیا سے رخصت ہوگیا۔ وہ ہر موسم میں برابر کام کرتا رہتا۔ اسے اپنے کام پر کبھی غرور نہ ہوتا تھا۔ اس نے کبھی سوچا ہی نہیں تھا کہ وہ کوئی نیکی کر رہا ہے کیونکہ نیکی اس وقت ختم ہو جاتی ہے جب انسان کو اس کا احساس ہونے لگ جائے۔ اللہ تعالیٰ نے ہر فرد میں کوئی نہ کوئی صلاحیت رکھی۔ اس صلاحیت کو عروج تک پہنچانا ہی نیکی ہے۔ یہی کام نام دیو نے کیا۔ اس کے اندر جو صلاحیت تھی اسے درجۂ کمال تک پہنچانے کی کوشش میں جان کی بازی لگا دی۔

  2. Question 2 · 5 marks

    سبق “نام دیو۔مالی” کا مرکزی خیال تحریر کریں۔

    Show model answer

    بابائے اردو مولوی عبدالحق نے یہ پیغام دیا ہے کہ محنت ہی کسی انسان کو درجۂ کمال تک لے جاتی ہے۔ کسی کام کو فرض سمجھ کر ادا کرنے والا کبھی ناکام نہیں ہوتا۔ نام دیو مالی پیشے کے لحاظ سے مالی تھا۔ لیکن کام کے ساتھ لگن، شوق اور محبت اسے دلوں میں امر کرگئی۔ اللہ تعالیٰ نے انسان کو مختلف صلاحیتیں عطا کر رکھی ہیں، اگر ہم سچے جذبے کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا استعمال کریں گے تو لوگ ضرور ہماری قدر کریں گے۔

More tests in نام دیو مالی

Practise with a free account

Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.

Create free account