Parho

Class 9 Urdu · Chapter 6

نام دیو مالی: questions and answers

Every short question, long question and MCQ on this chapter's free papers, each with its answer. Try one yourself first, then check.

49short questions
7long questions
0MCQs

Short questions with answers

  1. Q1 · 2 marks

    نام دیو۔ مالی کا تعلق کس ذات سے تھا؟

    Answer

    نام دیو۔ مالی کا تعلق ہندوؤں کی ایک بہت نیچ ذات ڈھیڑ سے تھا۔

  2. Q2 · 2 marks

    نام دیو کو اپنے پودوں سے کس حد تک لگاؤ تھا؟

    Answer

    نام دیو کو اپنے لگائے ہوئے پودوں سے بہت محبت تھی۔ وہ ایک ایک پودے کی دیکھ بھال کرتا۔ پودوں کے پاس بیٹھتا ان کو پیار کرتا اور ان سے باتیں کرتا۔ چوں کہ اس کی کوئی اولاد نہ تھی وہ اپنے پودوں کی نگہداشت اپنے بچوں کی طرح کرتا۔

  3. Q3 · 2 marks

    نام دیو کا اگر کوئی پودا بیمار پڑ جاتا تو وہ اس کے لیے کیا کیا جتن کرتا تھا؟

    Answer

    نام دیو مالی کا اگر کوئی پودا بیمار پڑ جاتا تو وہ بے حد فکر مند ہو جاتا۔ باغ کے داروغہ سے کہہ کر دوائی منگواتا اور پودے کی دل و جان سے سیوا کرتا۔ ہزار ہا جتن کر کے پودے کو بچا لیتا حتیٰ کہ قحط کے دنوں میں بھی دور دور سے پانی لا کر پودوں کو دیتا۔ کسی مہربان ڈاکٹر کی طرح نام دیو اپنے پودوں کی دیکھ بھال کرتا۔

  4. Q4 · 2 marks

    نام دیو کی موت کیسے واقع ہوئی؟

    Answer

    ایک دن باغ میں نام دیو اور دوسرے مالی کام کر رہے تھے کہ شہد کی مکھیوں کی یورش ہوئی۔ باقی سب مالی ڈر سے بھاگ کر چھپ گئے مگر نام دیو اپنے کام میں اتنا مگن تھا کہ اسے خبر ہی نہ ہوئی کہ قضا اس کے سر پر منڈلا رہی ہے۔ مکھیوں کے جھلڑ نے اسے اتنا خوف ناک کاٹا کہ وہ بے دم ہو گیا۔ آخر اسی میں اس نے جان دے دی۔

  5. Q5 · 2 marks

    نیکی اور بڑائی کا معیار کیا ہے؟

    Answer

    اللہ تعالیٰ نے ہر انسان میں بے شمار صلاحیتیں رکھی ہیں۔ اپنی ان خوبیوں کو درجہ کمال تک پہنچانے میں نیکی اور بڑائی کا ہاتھ ہوتا ہے۔ نیکی اس وقت تک نیکی رہتی ہے جب تک آدمی کو یہ نہ معلوم ہو کہ وہ کوئی نیک کام کر رہا ہے۔ جہاں اس نے یہ سمجھنا شروع کیا کہ وہ کوئی نیک کام کر رہا ہے تو وہ نیکی، نیکی نہیں رہتی بلکہ بڑائی بن جاتی ہے۔

  6. Q6 · 2 marks

    معروف مغربی مورخ سٹینلے والپرٹ نے قائد اعظم کے بارے میں کیا لکھا؟

    Answer

    معروف مغربی مورخ سٹینلے والپرٹ نے قائد اعظم کے بارے میں لکھا: “دنیا میں فقط چند افراد ہی ایسے ہوں گے جنھوں نے انفرادی طور پر معنی خیز انداز میں تاریخ کے دھارے کو تبدیل کر دیا ہو۔ شاید گنتی کے چند لوگ ہی ہوں گے جنھوں نے دنیا کے نقشے میں ترمیم کر دی ہو اور شاید ہی کوئی ایسا شخص ہو جس نے کسی بکھری ہوئی قوم کو ایک بنا کر اُسے ایک ملک دے دیا ہو۔ محمد علی جناح نے یہ تینوں کارنامے انجام دیے۔”

  7. Q7 · 2 marks

    قائد اعظم نے “پاکستان زندہ باد” کے الفاظ کا استعمال کب کیا؟

    Answer

    قائد اعظم کی مسلسل جان فشانیوں کے بعد بالآخر حکومت برطانیہ اور کانگرس نے ۳ جون ۱۹۴۷ء کو مسلمانوں کی علیحدہ مملکت کا مطالبہ تسلیم کر لیا اور اسی روز قائد اعظم نے آل انڈیا ریڈیو سے اپنی تقریر میں مسلم لیگ کے نقطہ نظر کے ساتھ پاکستان زندہ باد کے الفاظ کا اعلان کر دیا۔

  8. Q8 · 2 marks

    مملکت خداداد پاکستان کب وجود میں آئی؟

    Answer

    مملکت خداداد پاکستان ۱۴ اگست ۱۹۴۷ء کو وجود میں آئی۔

  9. Q9 · 2 marks

    قوم نے قائد اعظم کی بہن محترمہ فاطمہ جناح کو کیا لقب دیا؟

    Answer

    قوم نے قائد اعظم کی بہن محترمہ فاطمہ جناح کو جو جد و جہد آزادی میں اپنے بھائی کی شریک کار تھیں “مادر ملت” کے لقب سے نوازا۔

  10. Q10 · 2 marks

    اس تحریر کا ایک عنوان تحریر کریں۔

    Answer

    ایک منفرد عظیم لیڈر

  11. Q11 · 2 marks

    مولوی عبدالحق کب اور کہاں پیدا ہوئے؟

    Answer

    مولوی عبدالحق ۱۸۷۰ء میں یوپی انڈیا کے ایک گاؤں ہاپوڑ میں پیدا ہوئے۔

  12. Q12 · 2 marks

    مولوی عبدالحق نے بی اے کا امتحان کہاں سے پاس کیا؟

    Answer

    مولوی عبدالحق نے بی اے کا امتحان علی گڑھ سے پاس کیا۔

  13. Q13 · 2 marks

    مولوی عبدالحق ایم اے او کالج علی گڑھ میں کن کے شاگرد رہے؟

    Answer

    مولوی عبدالحق ایم اے او کالج علی گڑھ میں پروفیسر آرنلڈ اور مولانا شبلی نعمانی کے شاگرد رہے۔

  14. Q14 · 2 marks

    مولوی عبدالحق کس کالج کے پرنسپل رہے؟

    Answer

    مولوی عبدالحق اورنگ آباد کالج کے پرنسپل رہے۔

  15. Q15 · 2 marks

    مولوی عبدالحق ملازمت سے کب سبک دوش ہوئے؟

    Answer

    مولوی عبدالحق ۱۹۳۰ء میں ملازمت سے سبک دوش ہو گئے۔

  16. Q16 · 2 marks

    ملازمت سے سبک دوش ہو کر مولوی عبدالحق کس کام میں مصروف ہو گئے؟

    Answer

    ملازمت سے سبک دوش ہو کر مولوی عبدالحق اردو زبان و ادب کو ترقی دینے میں مصروف ہو گئے۔

  17. Q17 · 2 marks

    مولوی عبدالحق انجمن ترقی اردو کے سیکرٹری کب منتخب ہوئے؟

    Answer

    مولوی عبدالحق ۱۹۱۲ء میں انجمن ترقی اردو کے سیکرٹری منتخب ہوئے۔

  18. Q18 · 2 marks

    مولوی عبدالحق انجمن ترقی اردو کا دفتر پاکستان کب لائے؟

    Answer

    مولوی عبدالحق ۱۹۴۹ء میں انجمن ترقی اردو کا دفتر پاکستان لائے۔

  19. Q19 · 2 marks

    مولوی عبدالحق کو کن خدمات پر کیا لقب ملا؟

    Answer

    اردو کی خدمات کے حوالے سے مولوی عبدالحق کو “بابائے اردو” کا لقب ملا۔

  20. Q20 · 2 marks

    مولوی عبدالحق کا انداز تحریر کیسا تھا؟

    Answer

    آپ کی تحریر میں بے ساختگی اور ستھرا پن ہے۔ آپ جگہ جگہ ہندی کے کول لفظ استعمال کرتے ہیں۔

  21. Q21 · 2 marks

    مولوی عبدالحق کی دو اہم تصانیف کے نام لکھیں۔

    Answer

    مولوی عبدالحق کی اہم تصانیف میں “خطبات عبدالحق” اور “چند ہم عصر” شامل ہیں۔

  22. Q22 · 2 marks

    نام دیو کہاں مالی تھا؟

    Answer

    وہ مقبرۂ رابعہ درانی اورنگ آباد (دکن) کے باغ میں مالی تھا۔

  23. Q23 · 2 marks

    مولوی عبدالحق نے اپنے بنگلے کے سامنے چمن بنانے کا کام کس کے سپرد کیا؟

    Answer

    مولوی عبدالحق نے چمن بنانے کا کام نام دیو مالی کے سپرد کیا۔

  24. Q24 · 2 marks

    بے مزہ کام کے بارے میں مصنف نے کیا کہا؟

    Answer

    مولوی عبدالحق کے خیال میں بے مزہ کام، کام نہیں ہے بلکہ بیگار ہے۔

  25. Q25 · 2 marks

    باغ کے داروغہ عبدالرحیم خان فینسی کس قسم کے آدمی تھے؟

    Answer

    عبدالرحیم خان فینسی خود بھی بڑے محنتی اور مستعد تھے اور دوسروں سے بھی جم کر کام کروایا کرتے تھے۔

  26. Q26 · 2 marks

    انسان فطرتاً کیسا واقع ہوا ہے؟

    Answer

    انسان فطرتاً کاہل اور کام چور واقع ہوا ہے۔

  27. Q27 · 2 marks

    بارش کم ہوئی تو باغ میں پودوں پر کیا آفت ٹوٹ پڑی؟

    Answer

    بارش کم ہونے کی وجہ سے بہت سے پیڑ اور پودے تلف ہو گئے۔ باقی نڈھال اور مرجھائے ہوئے تھے جیسے دق کے مریض۔

  28. Q28 · 2 marks

    ڈاکٹر سید سراج الحسن کس عہدے پر فائز تھے؟

    Answer

    ڈاکٹر سید سراج الحسن اورنگ آباد میں ناظم تعلیمات تھے۔

  29. Q29 · 2 marks

    باغ کے دوسرے مالیوں کی حالت کس طرح کی تھی؟

    Answer

    باغ کے دوسرے مالی آپس میں لڑتے جھگڑتے، سیندھی شراب پیتے اور کام چوری کرتے۔

  30. Q30 · 2 marks

    نام دیو مالی کا مزاج کس قسم کا تھا؟

    Answer

    وہ بہت سادہ، بھولا بھالا اور منکسر المزاج تھا۔ اس کے چہرے اور ہونٹوں پر ہر وقت مسکراہٹ کھیلتی رہتی تھی۔

  31. Q31 · 2 marks

    کبھی کسی پودے میں کیڑا لگ جاتا تو نام دیو مالی کیا کرتا تھا؟

    Answer

    کبھی کسی پودے میں اتفاق سے کیڑا لگ جاتا تو اسے بڑی فکر ہوتی۔ باغ کے داروغہ سے کہہ کر بازار سے دوائیں منگواتا۔ دن بھر پودے کی ایسی سیوا کرتا جیسے کوئی ہمدرد اور نیک دل ڈاکٹر اپنے عزیز بیمار کی کرتا ہے۔

  32. Q32 · 2 marks

    کام کس وقت “کام” محسوس ہوتا ہے؟

    Answer

    کام اسی وقت کام محسوس ہوتا ہے جب اس میں لذت آنے لگے۔ بے مزہ کام، کام نہیں، بیگار ہے۔

  33. Q33 · 2 marks

    نام دیو مالی نے باغ کو کس قدر پاک و صاف رکھا تھا؟

    Answer

    نام دیو مالی نے باغ کو رسوئی کے چوکے جیسا پاک و صاف رکھا ہوا تھا۔

  34. Q34 · 2 marks

    کنوؤں اور باؤلیوں میں پانی برائے نام کیوں رہ گیا تھا؟

    Answer

    بارش بہت کم ہونے کی وجہ سے کنوؤں اور باؤلیوں میں پانی بہت کم رہ گیا تھا۔

  35. Q35 · 2 marks

    پانی کی قلت کے باوجود نام دیو کا باغ ہرا بھرا کیوں تھا؟

    Answer

    نام دیو دور دور سے ایک ایک گھڑا پانی کا سر پر اٹھا کر لاتا اور پودوں کو سینچتا تھا۔ اس لیے اس کا باغ ہرا بھرا تھا۔

  36. Q36 · 2 marks

    نام دیو کو شہد کی مکھیوں کی یورش کی خبر کیوں نہ ہوئی؟

    Answer

    نام دیو اپنے کام میں اتنا مگن تھا کہ اسے شہد کی مکھیوں کی یورش کی خبر نہ ہوئی۔

  37. Q37 · 2 marks

    سبق نام دیو مالی میں مصنف نیکی کے بارے میں کیا کہتا ہے؟

    Answer

    مصنف کہتا ہے کہ نیکی اسی وقت تک نیکی ہے جب تک آدمی کو یہ معلوم نہ ہو کہ وہ کوئی نیک کام کر رہا ہے۔

  38. Q38 · 2 marks

    نام دیو مالی پودوں کی دیکھ بھال کیسے کرتا تھا؟

    Answer

    نام دیو اپنے پودوں اور پیڑوں کی اپنی اولاد کی طرح پرورش اور نگہداشت کرتا تھا۔ ان کو سرسبز اور شاداب دیکھ کر ایسا ہی خوش ہوتا جیسے ماں اپنے بچوں کو دیکھ کر ہوتی ہے۔

  39. Q39 · 2 marks

    مولوی عبدالحق کی ابتدائی اور اعلیٰ تعلیم کہاں ہوئی؟

    Answer

    مولوی عبدالحق نے ابتدائی تعلیم گھر پر حاصل کی۔ اس کے بعد سکول اور کالج کی تعلیم علی گڑھ میں ہوئی۔

  40. Q40 · 2 marks

    علی گڑھ میں مولوی عبدالحق کو کن صاحبان علم سے استفادے کا موقع ملا؟

    Answer

    علی گڑھ میں انھیں سر سید احمد خاں، مولانا حالی، مولانا شبلی نعمانی، پروفیسر تھامس آرنلڈ اور نواب محسن الملک جیسے صاحبان علم و فضل سے استفادے کا موقع ملا۔

  41. Q41 · 2 marks

    مولوی عبدالحق نے ملازمت کا آغاز کہاں سے کیا اور بعد میں کن عہدوں پر رہے؟

    Answer

    مولوی عبدالحق نے ملازمت کا آغاز حیدر آباد (دکن) کے ایک سکول سے کیا۔ بعد میں صدر مہتمم تعلیمات تعینات ہو کر اورنگ آباد گئے اور عثمانیہ کالج اورنگ آباد کے پرنسپل بن گئے۔ ۱۹۳۰ء میں اس عہدے سے سبک دوش ہوئے۔

  42. Q42 · 2 marks

    مولوی عبدالحق نے انجمن ترقی اردو کے سیکرٹری کی حیثیت سے کیا کارنامہ انجام دیا؟

    Answer

    ۱۹۱۲ء میں سیکرٹری منتخب ہونے کے بعد مولوی عبدالحق نے اس انجمن کو ایک فعال علمی ادارہ بنا دیا۔ وہ ۱۹۳۵ء تک حیدر آباد (دکن) میں اور ۱۹۳۶ء سے ۱۹۴۷ء تک دہلی میں اسی حیثیت میں رہے۔

  43. Q43 · 2 marks

    اردو کو پاکستان کی قومی زبان قرار دلوانے میں کس کی کوششیں شامل تھیں؟

    Answer

    یہ مولوی عبدالحق ہی تھے جن کی کوششیں رنگ لائیں اور قائد اعظم نے اردو کو پاکستان کی قومی زبان قرار دیا اور اس کے نفاذ کے لیے کوششیں کیں۔

  44. Q44 · 2 marks

    نام دیو نے مصنف سے انعام لینے سے انکار کیوں کیا؟

    Answer

    مصنف نے نام دیو کی محنت دیکھ کر اسے انعام دینا چاہا لیکن اس نے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ بھلا کوئی اپنے بچوں کو پالنے میں انعام کا مستحق ہوتا ہے۔ وہ پودوں کو اپنی اولاد سمجھتا تھا۔

  45. Q45 · 2 marks

    ڈاکٹر سید سراج الحسن نے نام دیو کو شاہی باغ میں کیوں رکھا؟

    Answer

    ڈاکٹر صاحب کو اللہ تعالیٰ نے انسان کو پرکھنے کی صلاحیت دی تھی۔ پہلی ملاقات میں ہی انھوں نے نام دیو کی صلاحیتیں پرکھ لیں۔ انھیں یقین تھا کہ صرف نام دیو ہی اس باغ کو بے مثل شاہی باغ بنا سکتا ہے۔

  46. Q46 · 2 marks

    شاہی باغ میں نام دیو دوسرے مالیوں سے کیسے مختلف تھا؟

    Answer

    دوسرے مالی لڑتے جھگڑتے تھے اور سیندھی شراب پیتے تھے۔ نام دیو نہ لڑتا جھگڑتا تھا نہ شراب پیتا تھا بلکہ بیڑی تک نہ پیتی تھی۔ اس کے پاس سند بھی نہ تھی مگر خلوص نیت محنت اور سچی لگن کی وجہ سے اس کا کام دوسروں سے بہتر تھا۔

  47. Q47 · 2 marks

    نام دیو بچوں کا علاج کیسے کرتا تھا؟

    Answer

    نام دیو کو جڑی بوٹیوں کی شناخت ہو گئی تھی۔ دور دور سے لوگ اپنے بچوں کے علاج کے لیے آتے اور وہ جڑی بوٹیوں سے ان کا مفت علاج کرتا تھا۔

  48. Q48 · 2 marks

    مصنف کے خیال میں قوموں کے اعلیٰ اور ادنیٰ ہونے کے بارے میں کیا حقیقت ہے؟

    Answer

    مصنف کے مطابق قوموں کا امتیاز مصنوعی ہے جو رفتہ رفتہ نسلی ہو گیا۔ سچائی نیکی اور حسن کسی کی میراث نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی عنایت ہیں جو نیچ ذات والوں میں بھی ہوتی ہیں۔

  49. Q49 · 2 marks

    نام دیو مالی کے کردار سے ہمیں کیا سبق ملتا ہے؟

    Answer

    نام دیو کے کردار سے سبق ملتا ہے کہ کام کو فرض سمجھ کر لگن شوق اور محبت سے کرنا چاہیے۔ محنت انسان کو درجہ کمال تک لے جاتی ہے اور کام کرنے والا ذات سے نہیں بلکہ صلاحیت اور عمل سے بڑا ہوتا ہے۔

Long questions with answers

  1. Q1 · 5 marks

    سبق “نام دیو۔مالی” کا خلاصہ تحریر کریں۔

    Answer

    نام دیو، اورنگ آباد کے باغ میں مالی تھا۔ وہ کم تر ہونے کے باوجود سچا اور کھرا انسان تھا۔ مقبرے کا باغ مولوی عبدالحق کی نگرانی میں تھا اور ان کا مکان اس باغ کے احاطے میں تھا۔ مولوی صاحب کے بنگلے کے سامنے چمن بنانے کا کام نام دیو کے سپرد تھا۔ مولوی صاحب اندر کمرے میں کام کرتے اور جب کبھی نظر اٹھا کر دیکھتے تو نام دیو کو ہر وقت کام میں مصروف پاتے۔ کبھی پودے کا تھانولا صاف کرتا تو کبھی انھیں آہستہ آہستہ پانی ڈالتا اور پھر پیچھے مڑ کر انھیں دیکھتا اور دل ہی دل میں خوش ہوتا۔ اسے کام میں مگن دیکھ کر مجھے اس میں دلچسپی ہوگئی۔ نام دیو کی کوئی اولاد نہ تھی اس لیے وہ اپنے پودوں کو اپنی اولاد سمجھتا اور ان کی پرورش کرتا۔ انھیں پیار کرتا، ان سے باتیں کرتا اور انھیں پھلتا پھولتا دیکھ کر ایسے خوش ہوتا جیسے باپ اپنے بچوں کو دیکھ کر خوش ہوتا ہے۔ اگر کبھی کسی پودے کو بیماری لگ جاتی تو اسے فکر لاحق ہو جاتی۔ وہ دوائیں لاتا یا داروغہ سے کہہ کر منگواتا، پودوں کا علاج کرتا اور ہزار جتن سے اپنے باغ کو سرسبز و شاداب رکھتا۔ باغ میں رہنے سے اسے جڑی بوٹیوں کی شناخت ہوگئی تھی اور بچوں کے علاج کرنے میں بڑی مہارت حاصل تھی۔ دُور دُور سے لوگ اپنے بچوں کے علاج کے لیے آتے۔ وہ جڑی بوٹیوں سے مفت علاج کرتا تھا۔ وہ خود صاف ستھرا رہتا اور اپنے باغ کو بھی صاف رکھتا۔ وقت پر اس کی کانٹ چھانٹ اور سینچائی کرتا۔ نام دیو کو اپنے کام سے اتنا لگاؤ تھا کہ اسے کبھی کچھ کہنے سننے کی ضرورت پیش نہ آئی۔ ایک سال بارشیں کم ہوئیں۔ کنوؤں اور باؤلیوں میں پانی برائے نام رہ گیا جس سے کچھ پودے اور پیڑ سوکھ گئے لیکن اس کا باغ ہرا بھرا تھا۔ کیونکہ وہ دُور دُور سے پانی کا ایک گھڑا اپنے سر پر اٹھا کر لاتا اور پودوں کی پیاس بجھاتا۔ مصنف نے اس کی محنت دیکھ کر اسے انعام دینا چاہا لیکن اُس نے یہ کہہ کر انعام لینے سے انکار کردیا کہ بھلا کوئی اپنے بچوں کو پالنے میں انعام کا مستحق ہوتا ہے۔ جب اعلیٰ حضرت کو اورنگ آباد کی خوش گوار آب و ہوا میں باغ لگانے کا خیال آیا تو یہ کام ڈاکٹر سید سراج الحسن کے ذمے کیا گیا۔ ان کا باغبانی کا ذوق مشہور تھا۔ وہ نام دیو کی بڑی قدر کرتے تھے۔ اسے مقبرے سے شاہی باغ لے گئے۔ جہاں دُور دُور سے آئے ہوئے بیسیوں مالی کام کرتے تھے۔ نام دیو کے پاس فنِ باغبانی کا کوئی ڈپلومہ نہیں تھا۔ وہ ہر وقت اپنی دھن میں کام میں لگا رہتا۔ دوسرے مالی لڑتے جھگڑتے رہتے مگر نام دیو اپنے کام میں مصروف رہتا۔ ایک دن شہد کی مکھیوں کی یورش ہوئی۔ سب مالی بھاگ کر چھپ گئے مگر نام دیو اپنے کام میں اتنا مگن تھا کہ اسے خبر بھی نہ ہوئی۔ موت اس کے سر پر تھی۔ مکھیوں نے اسے اتنا کاٹا کہ وہ بے دم ہوگیا اور آخر جان دے دی۔ وہ بہت سیدھا سادہ، بھولا بھالا اور منکسر المزاج انسان تھا۔ اس کے چہرے پر ہر وقت مسکراہٹ رہتی۔ اسے کام سے عشق تھا۔ آخر کام کرتے کرتے اس دنیا سے رخصت ہوگیا۔ وہ ہر موسم میں برابر کام کرتا رہتا۔ اسے اپنے کام پر کبھی غرور نہ ہوتا تھا۔ اس نے کبھی سوچا ہی نہیں تھا کہ وہ کوئی نیکی کر رہا ہے کیونکہ نیکی اس وقت ختم ہو جاتی ہے جب انسان کو اس کا احساس ہونے لگ جائے۔ اللہ تعالیٰ نے ہر فرد میں کوئی نہ کوئی صلاحیت رکھی۔ اس صلاحیت کو عروج تک پہنچانا ہی نیکی ہے۔ یہی کام نام دیو نے کیا۔ اس کے اندر جو صلاحیت تھی اسے درجۂ کمال تک پہنچانے کی کوشش میں جان کی بازی لگا دی۔

  2. Q2 · 5 marks

    سبق “نام دیو۔مالی” کا مرکزی خیال تحریر کریں۔

    Answer

    بابائے اردو مولوی عبدالحق نے یہ پیغام دیا ہے کہ محنت ہی کسی انسان کو درجۂ کمال تک لے جاتی ہے۔ کسی کام کو فرض سمجھ کر ادا کرنے والا کبھی ناکام نہیں ہوتا۔ نام دیو مالی پیشے کے لحاظ سے مالی تھا۔ لیکن کام کے ساتھ لگن، شوق اور محبت اسے دلوں میں امر کرگئی۔ اللہ تعالیٰ نے انسان کو مختلف صلاحیتیں عطا کر رکھی ہیں، اگر ہم سچے جذبے کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا استعمال کریں گے تو لوگ ضرور ہماری قدر کریں گے۔

  3. Q3 · 10 marks

    درج ذیل اقتباس کی تشریح کیجیے۔ تشریح سے پہلے مصنف کا نام اور سبق کا عنوان بھی لکھیے۔ نام دیو، مقبرہ رابعہ دورانی اور اورنگ آباد (دکن) کے باغ میں مالی تھا۔ ذات کا ڈھیر جو بہت نیچ قوم خیال کی جاتی ہے۔ قوموں کا امتیاز مصنوعی ہے اور رفتہ رفتہ نسلی ہوگیا ہے۔ سچائی، نیکی، حسن کسی کی میراث نہیں۔ یہ خوبیاں نیچی ذات والوں میں بھی ایسی ہی ہوتی ہیں جیسی اونچی ذات والوں میں۔

    Answer

    سبق کا عنوان: نام دیو۔مالی مصنف کا نام: مولوی عبدالحق ماخذ: چند ہم عصر خط کشیدہ الفاظ کے معانی: مقبرہ: مزار، قبر مالی: باغ کی نگہبانی کرنے والا ڈھیر: ہندوؤں کی ایک کم تر ذات نیچ: کم تر، کم حیثیت امتیاز: فرق، تمیز مصنوعی: بناوٹی، جعلی نسلی: خاندانی میراث: ورثہ، ترکہ تشریح: دکن کے شہر اورنگ آباد میں مغلیہ خاندان کے عظیم بادشاہ اورنگ زیب عالمگیر کی ملکہ رابعہ دورانی کے مزار کے اردگرد ایک باغ تھا۔ مصنف بتاتے ہیں کہ یہ باغ میری نگرانی میں تھا جس کی دیکھ بھال کے لیے ایک مالی نام دیو رکھا ہوا تھا۔ وہ ذات کا ڈھیر تھا۔ ہندوؤں میں یہ قوم انتہائی نیچ اور کمتر سمجھی جاتی ہے۔ دراصل قوموں کا اعلیٰ اور ادنیٰ ہونا مصنوعی ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ فرق پکا ہوگیا۔ سچائی، بھلائی اور خوب صورتی جیسی صفات کسی کو وراثت میں نہیں ملتیں بلکہ یہ خوبیاں اللہ تعالیٰ کی عنایت ہوتی ہیں۔ یہ خوبیاں نیچ ذات والوں کو بھی اتنی ہی عطا ہوتی ہیں جتنی کہ اعلیٰ ذات کے افراد کو۔ اللہ کی عطا کردہ خوبیوں کو استعمال کرنے والا ہی نہ صرف اللہ تعالیٰ کے ہاں بلکہ دنیا والوں میں بھی باعزت ہوتا ہے۔ اس کی مثال خود نام دیو ہے جو ڈھیر ذات کا ہونے کے باوجود اپنی خوبیوں کی وجہ سے قابلِ قدر ٹھہرا۔

  4. Q4 · 10 marks

    درج ذیل اقتباس کی تشریح کیجیے۔ تشریح سے پہلے مصنف کا نام اور سبق کا عنوان بھی لکھیے۔ میں نے اپنے بنگلے کے سامنے چمن بنانے کا کام نام دیو کو سپرد کیا تھا۔ میں اندر کمرے میں کام کر رہا ہوتا تھا۔ میری میز کے سامنے بڑی سی کھڑکی تھی۔ اس میں سے چمن صاف نظر آتا تھا۔ لکھتے لکھتے کبھی نظر اٹھا کر دیکھتا تو ہمہ تن اپنے کام میں مصروف پاتا۔ بعض دفعہ اس کی حرکتیں دیکھ کر بہت تعجب ہوتا، مثلاً کیا دیکھتا ہوں کہ نام دیو ایک پودے کے سامنے بیٹھا تھانولا صاف کر رہا ہے۔ تھانولا صاف کرکے حوض سے پانی لیا اور آہستہ آہستہ ڈالنا شروع کیا۔ پانی ڈال کر ڈول درست کیا اور ہر رخ سے پودے کو مڑ مڑ کر دیکھا۔ پھر الٹے پاؤں پیچھے ہٹ کر اسے دیکھنے لگا۔ دیکھتا جاتا تھا اور مسکراتا اور خوش ہوتا تھا۔ یہ دیکھ کر مجھے حیرت بھی ہوئی اور خوشی بھی۔ کام اسی وقت کام ہوتا ہے، جب اس میں لذت آنے لگے۔ بے مزہ کام نہیں، بیگار ہے۔

    Answer

    سبق کا عنوان: نام دیو۔مالی مصنف کا نام: مولوی عبدالحق ماخذ: چند ہم عصر خط کشیدہ الفاظ کے معانی: چمن: باغ سپرد کرنا: حوالے کرنا ہمہ تن: پوری توجہ سے حرکتیں: عادتیں تعجب: حیرانی تھانولا: پودے کے گرد بنا ہوا کم گہرا گڑھا حوض: تالاب ڈول درست کرنا: پودے کے گرد بنے ہوئے کنارے درست کرنا الٹے پاؤں: پیچھے ہٹ کر حیرت: حیرانی لذت: لطف، مزا بیگار: بلا مزدوری، بغیر اجرت کے کام کرنا تشریح: مصنف لکھتے ہیں کہ ریاست حیدر آباد دکن کے شہر اورنگ آباد میں مغلیہ خاندان کے بادشاہ اورنگ زیب عالمگیر کی ملکہ رابعہ دورانی کا مزار تھا۔ اس مزار کے اردگرد ایک باغ تھا۔ اس باغ کی دیکھ بھال اور حفاظت کی ذمہ داری حکومت کی طرف سے مجھے سونپ دی گئی۔ باغ کی دیکھ بھال کے لیے وہاں ایک مالی نام دیو رکھا ہوا تھا۔ نام دیو بہت محنتی تھا۔ میں جس کمرے میں کام کرتا تھا اس کی کھڑکی کے قریب میری کرسی اور لکھنے پڑھنے والی میز تھی۔ میں اپنے لکھنے پڑھنے کے کام میں مصروف رہتا تھا اور جب کبھی لکھتے لکھتے کھڑکی سے باہر پھولوں کی کیاری کی طرف دیکھتا تو مجھے نام دیو مالی اپنے کام میں مصروف نظر آتا تھا۔ اس کی کچھ عادتیں دیکھ کر میں حیران ہوتا تھا۔ ایک بار میں نے مطالعے کے دوران کھڑکی سے باہر دیکھا کہ نام دیو مالی ایک پودے کے سامنے بیٹھا اس کا گرد و غبار صاف کر رہا ہے۔ اس کے بعد اس نے حوض سے پانی لیا اور آہستہ آہستہ پودوں کو پانی دینا شروع کردیا۔ پانی ڈالنے کے بعد کنارے درست کیے اور پودے کا بغور جائزہ لیا۔ پھر الٹے پاؤں پیچھے ہٹ کر اسے دیکھتا اور خوش ہو رہا تھا۔ یہ منظر دیکھ کر میں حیران بھی ہوا اور خوش بھی۔ میں سوچنے لگا کہ جس کام کے کرنے میں لطف آنے لگے وہ مشکل اور بوجھل نہیں لگتا بلکہ اس میں آسانی اور خوشی محسوس ہوتی ہے اور انسان ساری کوفت اور تھکن بھول جاتا ہے۔ مصنف کا نکتہ یہی ہے کہ جو کام شوق سے کیا جائے وہی اصل کام ہے، ورنہ وہ بیگار ہے۔ نام دیو کا پودوں کو دیکھ کر خوش ہونا اس کی بہترین مثال ہے۔

  5. Q5 · 10 marks

    درج ذیل اقتباس کی تشریح کیجیے۔ تشریح سے پہلے مصنف کا نام اور سبق کا عنوان بھی لکھیے۔ ڈاکٹر صاحب آدمی کے بڑے قدردان تھے۔ اسے مقبرے سے شاہی باغ میں لے گئے۔ شاہی باغ آخر شاہی باغ تھا۔ کئی کئی نگران کار اور بیسیوں مالی بھی کیسے کیسے! جاپانی، ایرانی اور شامی! ان کے بڑے ٹھاٹھ تھے۔ یہ ڈاکٹر صاحب کی اچھ تھی۔ وہ شاہی باغ کو حقیقت میں شاہی باغ بنانا چاہتے تھے۔ اس شاہی باغ میں بھی نام دیو کا وہی رنگ تھا۔ اس نے نہ فن باغ بانی کی کہیں تعلیم پائی تھی اور نہ اس کے پاس کوئی سند یا ڈپلومہ تھا، البتہ کام کی دھن تھی، سچا لگاؤ تھا اور اسی کی جیت تھی۔ شاہی باغ میں بھی اسی کا مہاکاج رہا۔ دوسرے مالی لڑتے جھگڑتے، سندھی شراب پیتے، یہ نہ کسی سے لڑتا جھگڑتا، نہ سندھی شراب پیتا۔ یہاں تک کہ کبھی بیڑی بھی نہ پی۔ بس یہ تھا اور اس کا کام۔

    Answer

    سبق کا عنوان: نام دیو۔مالی مصنف کا نام: مولوی عبدالحق ماخذ: چند ہم عصر خط کشیدہ الفاظ کے معانی: قدردان: قدر کرنے والے مقبرہ: مزار، قبر نگران کار: دیکھ بھال کرنے والے بیسیوں: بہت سے ٹھاٹھ: رعب، شان و شوکت اچھ: انوکھی بات فن باغ بانی: باغ لگانے کا فن سند: ڈگری ڈپلومہ: سرٹیفکیٹ دھن: لگن سچا لگاؤ: سچی محبت مہاکاج: عمدہ کام، بڑا کام سندھی شراب: کھجور کے رس سے تیار کی جانے والی شراب بیڑی پینا: سگریٹ پینا تشریح: ڈاکٹر صاحب کو اللہ تعالیٰ نے انسان کو پہچاننے اور پرکھنے کی صلاحیت عطا کی تھی۔ وہ آدمی کو دیکھ کر اس کی خوبیوں کو جانچ لیتے تھے۔ اپنی پہلی ملاقات میں ہی انھوں نے نام دیو مالی کی صلاحیتوں کو پرکھ لیا اور اسے مقبرے سے شاہی باغ میں لے گئے۔ شاہی باغ مغلیہ خاندان کے اعلیٰ ذوق کا نمونہ تھا۔ اس کی دیکھ بھال کے لیے دنیا کے مختلف ممالک سے مالی بلائے گئے۔ کسی کا تعلق جاپان سے تھا، کوئی ایران سے اور کوئی شام سے تھا۔ ان کی بڑی شان و شوکت تھی مگر یہ ڈاکٹر صاحب کی اعلیٰ بصیرت اور مردم شناسی تھی کہ انھوں نے شاہی باغ کو شاہی باغ بنانے کے لیے نام دیو مالی کا انتخاب کیا۔ انھیں پورا یقین تھا کہ صرف نام دیو مالی ہی اس باغ کو بے مثل شاہی باغ بنا سکتا ہے۔ اس نے اپنی محنت کے سبب شاہی باغ کو اس کی شاہانہ شان و شوکت عطا کرنے میں کوئی کمی نہ چھوڑی۔ اس نے کسی ادارے سے باقاعدہ تعلیم اور تربیت حاصل نہیں کی تھی اور نہ ہی اس کے پاس کسی ادارے کی سند یا سرٹیفکیٹ تھا۔ البتہ خلوصِ نیت، محنت اور اپنے کام سے سچی لگن جیسی صفات کی بنا پر وہ دوسرے مالیوں پر فوقیت لے گیا۔ شاہی باغ میں اس کا کام دوسرے مالیوں سے زیادہ اچھا ہوتا تھا۔ دوسرے مالی ایک دوسرے سے خوب لڑتے جھگڑتے تھے، الزام تراشی کرتے تھے اور کھجور کے رس کی بنی ہوئی شراب پیتے تھے مگر نام دیو نہ کسی سے لڑتا جھگڑتا اور نہ ہی کبھی کھجور کے رس کی بنی ہوئی شراب پیتا بلکہ وہ تو بیڑی تک نہیں پیتا تھا۔ وہ دن رات اپنے کام میں مگن رہتا تھا اور اپنے کام سے اسے اطمینان اور سکون ملتا تھا۔

  6. Q6 · 10 marks

    درج ذیل اقتباس کی تشریح کیجیے۔ تشریح سے پہلے مصنف کا نام اور سبق کا عنوان بھی لکھیے۔ وہ اپنے ایک ایک پودے کے پاس بیٹھتا، ان کو پیار کرتا، جھک جھک کے دیکھتا اور ایسا معلوم ہوتا گویا ان سے چپکے چپکے باتیں کر رہا ہے۔ جیسے جیسے وہ بڑھتے، پھلتے، پھولتے، اس کا دل بھی بڑھتا اور خوشی کی لہر اس کے چہرے پر دوڑ جاتی۔ کبھی کسی پودے کو اتفاق سے کیڑا لگ جاتا یا کوئی اور روگ پیدا ہو جاتا تو اسے بڑا فکر ہوتا۔ باغ کے داروغہ یا مجھ سے کہہ کر بازار سے دوائیں منگاتا۔ دن بھر اسی میں لگا رہتا اور پودے کی ایسی سیوا کرتا جیسے کوئی ہمدرد اور نیک دل ڈاکٹر اپنے عزیز بیمار کی کرتا ہے۔ ہزار جتن کرتا اور اسے بچا لیتا اور جب تک وہ تن درست نہ ہو جاتا اسے چین نہ آتا۔ اس کے لگائے ہوئے پودے ہمیشہ پروان چڑھے اور کبھی کوئی چیز ضائع نہ ہوا۔

    Answer

    سبق کا عنوان: نام دیو۔مالی مصنف کا نام: مولوی عبدالحق ماخذ: چند ہم عصر خط کشیدہ الفاظ کے معانی: روگ: مرض، بیماری فکر: پریشانی داروغہ: نگہبان، محافظ سیوا: خدمت جتن: کوشش پروان چڑھنا: پھلنا پھولنا، بڑھنا تشریح: نام دیو مالی اپنے ہر پودے کے پاس بیٹھتا اور پیار سے ان کو دیکھتا۔ دیکھنے والے کو یوں لگتا کہ جیسے وہ ان سے اپنے دل کی باتیں کر رہا ہو۔ اس کی دیکھ بھال کی وجہ سے پودے جیسے جیسے بڑھتے، مالی کا دل خوشی سے باغ باغ ہو جاتا اور اس کے چہرے پر خوشی سے مسکراہٹ کھل جاتی۔ اگر کبھی پودے کو کیڑا لگ جاتا یا اور کوئی بیماری لگ جاتی تو نام دیو بہت فکر مند ہو جاتا۔ وہ بازار سے پودوں کی دوائیں، سپرے وغیرہ لاتا۔ پورا دن ان بیمار پودوں کی ایسی خدمت کرتا جیسے کوئی ہمدرد اور نیک دل ڈاکٹر اپنے کسی پیارے کی خدمت کرتا ہو۔ جب تک پودا ٹھیک نہ ہوتا اسے سکون نہ آتا۔ اس کے لگائے ہوئے سب پودے ہمیشہ پھلتے پھولتے رہتے۔ مصنف کا نکتہ یہ ہے کہ سچی محبت اور خدمت سے کیا گیا کام ہمیشہ کامیاب ہوتا ہے۔ نام دیو کے پودوں کا کبھی ضائع نہ ہونا اس کی مثال ہے۔

  7. Q7 · 10 marks

    درج ذیل اقتباس کی تشریح کیجیے۔ تشریح سے پہلے مصنف کا نام اور سبق کا عنوان بھی لکھیے۔ ایک سال بارش بہت کم ہوئی۔ کنوؤں اور باؤلیوں میں پانی برائے نام رہ گیا۔ باغ پر آفت ٹوٹ پڑی۔ بہت سے پودے اور پیڑ تلف ہوگئے۔ جو چند رہ گئے تھے وہ ایسے نڈھال اور مرجھائے ہوئے تھے جیسے دق کے بیمار۔ لیکن نام دیو کا چمن ہرا بھرا تھا۔ وہ دُور دُور سے ایک گھڑا پانی کا سر پر اٹھا کے لاتا اور پودوں کو سینچتا۔ یہ وہ وقت تھا کہ قحط نے لوگوں کے اوسان خطا کر رکھے تھے اور انھیں پینے کو پانی مشکل سے میسر آتا تھا۔ مگر یہ خدا کا بندہ کہیں نہ کہیں سے لے ہی آتا اور اپنے پودوں کی پیاس بجھاتا۔ جب پانی کی قلت اور بڑھی تو اس نے راتوں کو بھی پانی ڈھونڈ ڈھونڈ کے لانا شروع کیا۔ پانی کیا تھا، یوں سمجھیے کہ آدھا پانی اور آدھی کیچڑ ہوتی تھی لیکن یہی گدلا پانی پودوں کے حق میں آب حیات تھا۔

    Answer

    سبق کا عنوان: نام دیو۔مالی مصنف کا نام: مولوی عبدالحق ماخذ: چند ہم عصر خط کشیدہ الفاظ کے معانی: باؤلی: ایسا کنواں جس میں سیڑھیاں اترتی ہوں برائے نام: بہت کم آفت ٹوٹ پڑنا: مصیبت آنا تلف ہونا: ضائع ہونا نڈھال: کمزور مرجھائے ہوئے: کملائے ہوئے دق: تپ دق، ٹی بی قحط: کال، خشک سالی میسر آنا: ملنا قلت: کمی گدلا: مٹی والا، گندا آب حیات: ایسا پانی جسے پی کر ہمیشہ کی زندگی مل جائے تشریح: ایک سال بارش بالکل نہ ہونے کے برابر ہوئی۔ سب تالابوں، کنوؤں اور باؤلیوں میں پانی نام کو بھی نہ رہا۔ باغ تو جیسے اجڑ کر رہ گیا۔ بہت سے پودے اور درخت سوکھ گئے۔ جو پودے سوکھنے سے بچ گئے وہ اس قدر کمزور ہوگئے کہ جیسے دق کے مریض ہوں۔ لیکن صرف وہ باغ جہاں نام دیو کام کرتا تھا ہرا بھرا تھا۔ اس نے قحط کے دنوں میں بھی اپنے پودوں کو پیاسا نہ رہنے دیا۔ وہ دُور دُور سے چل کر گھڑے بھر بھر کے پانی لاتا اور پودوں کو پانی دیتا۔ جب پانی کی مزید کمی ہوئی تو وہ راتوں کو اٹھ کر پانی لاتا۔ وہ پانی بھی کیچڑ کی طرح گدلا تھا، بس نام ہی کا پانی تھا، مگر اللہ کی قدرت کہ یہی پانی پودوں کے لیے زندگی بن گیا۔ مصنف کا نکتہ یہ ہے کہ سچی لگن رکھنے والا انسان مشکل ترین حالات میں بھی اپنا فرض نہیں چھوڑتا۔ اس کی مثال خود نام دیو ہے۔

Test yourself on this chapter

Timed chapter tests, marked the moment you finish.

See the chapter tests

Practise with a free account

Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.

Create free account