Parho

Class 9 Urdu · Chapter 19

کاش طوفاں میں سفینے کو اتارا ہوتا: questions and answers

Every short question, long question and MCQ on this chapter's free papers, each with its answer. Try one yourself first, then check.

33short questions
7long questions
0MCQs

Short questions with answers

  1. Q1 · 2 marks

    شاعرہ کو طوفان میں سفینے کو اتارنے کی شدید خواہش کیوں ہے؟

    Answer

    شاعرہ کو اپنے سفینے کو طوفان کی تند و تیز موجوں میں اتارنے کی اس لیے شدید خواہش ہے کہ اسے پورا یقین ہے کہ بپھری ہوئی موجیں اسے ضرور ابھار دیں گی۔

  2. Q2 · 2 marks

    شاعرہ کس صورت میں ساحل کا تصور مٹا دینے کے لیے تیار ہے؟

    Answer

    شاعرہ کو اگر ساحل کے کنارے سے اپنے محبوب کی طرف سے ہلکا سا اشارہ ہو جاتا تو وہ ساحل کا تصور مٹا دینے کو تیار ہے۔

  3. Q3 · 2 marks

    شاعرہ کس حال میں ہر ظلم کے سہارنے کے لیے آمادہ ہے؟

    Answer

    شاعرہ شکوہ کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ محبت تو دور میرے محبوب کو ظلم ڈھانا بھی ٹھیک سے نہیں آتا۔ اگر اس کا محبوب جفا کے آداب سے واقف ہوتا تو وہ اس کا ہر ظلم ہنس کر سہہ لیتی۔

  4. Q4 · 2 marks

    شاعرہ کس صورت حال میں بہ صد شوق زہر کو گوارا کرنے کے لیے تیار ہے؟

    Answer

    شاعرہ کو اپنے محبوب کی طرف سے اگر زہر بھی پینے کو ملتا تو وہ شوق سے اسے گوارا کر لیتی۔

  5. Q5 · 2 marks

    شاعرہ کس کے بھرم کھلنے کی بات کر رہی ہے؟

    Answer

    شاعرہ باغباں کے بھرم کے کھلنے کی بات کر رہی ہے۔

  6. Q6 · 2 marks

    اس غزل میں ہم آواز الفاظ: اتارا، ابھارا، اشارہ، سہارا، گوارا، ہمارا، پکارا کے الفاظ کس طور پر استعمال ہوئے ہیں؟

    Answer

    اس غزل میں ہم آواز الفاظ: اتارا، ابھارا، اشارہ، سہارا، گوارا، ہمارا، پکارا کے الفاظ قافیہ کے طور پر استعمال ہوئے ہیں۔

  7. Q7 · 2 marks

    اس غزل میں مطلع کے دونوں مصرعوں اور اس کے بعد آنے والے ہر دوسرے مصرعے میں وہ لفظ کیا ہے جو من و عن دہرایا جاتا ہے اور اسے اصطلاح میں کیا نام دیا جاتا ہے؟

    Answer

    اس غزل میں مطلع کے دونوں مصرعوں اور اس کے بعد آنے والے ہر دوسرے مصرعے میں وہ لفظ «ہوتا» ہے۔ غزل کی اصطلاح میں اسے «ردیف» کہتے ہیں۔

  8. Q8 · 2 marks

    لفظ «ساحل» کو اپنے جملے میں اس طرح استعمال کریں کہ اس کے معنی واضح ہو جائیں۔

    Answer

    دریائے نیل کا ساحل بہت بڑا ہے۔

  9. Q9 · 2 marks

    لفظ «طوفان» کو اپنے جملے میں اس طرح استعمال کریں کہ اس کے معنی واضح ہو جائیں۔

    Answer

    کل رات سمندر میں خوف ناک طوفان آیا۔

  10. Q10 · 2 marks

    لفظ «سفینہ» کو اپنے جملے میں اس طرح استعمال کریں کہ اس کے معنی واضح ہو جائیں۔

    Answer

    چلتا ہوا سفینہ سمندر کے عین بیچ میں ڈوب گیا۔

  11. Q11 · 2 marks

    لفظ «موجوں» کو اپنے جملے میں اس طرح استعمال کریں کہ اس کے معنی واضح ہو جائیں۔

    Answer

    ظالم موجوں نے ملاح کی کشتی کو الٹ دیا۔

  12. Q12 · 2 marks

    لفظ «تصور» کو اپنے جملے میں اس طرح استعمال کریں کہ اس کے معنی واضح ہو جائیں۔

    Answer

    اس کے تصور میں ہر وقت کرکٹ کے کھلاڑی سوار رہتے ہیں۔

  13. Q13 · 2 marks

    اس غزل کی ترکیب «آداب جفا» کو اپنے جملے میں اس طرح استعمال کریں کہ اس کا مفہوم واضح ہو جائے۔

    Answer

    تم محبت کیا کرو گے؟ آداب جفا سے تو واقف نہیں۔

  14. Q14 · 2 marks

    اس غزل کی ترکیب «بہ صد شوق» کو اپنے جملے میں اس طرح استعمال کریں کہ اس کا مفہوم واضح ہو جائے۔

    Answer

    اس نے بہ صد شوق اپنے گھر ٹھہرانے پر ہم سب کو بلایا۔

  15. Q15 · 2 marks

    اس غزل کی ترکیب «عنایت کا بھرم» کو اپنے جملے میں اس طرح استعمال کریں کہ اس کا مفہوم واضح ہو جائے۔

    Answer

    اگر تم احسان نہ جتاتے تو تمھاری عنایت کا بھرم رہ جاتا۔

  16. Q16 · 2 marks

    اس غزل کی ترکیب «اسرار فنا» کو اپنے جملے میں اس طرح استعمال کریں کہ اس کا مفہوم واضح ہو جائے۔

    Answer

    اللہ کے ولی ہی اسرار فنا سے واقف ہوتے ہیں۔

  17. Q17 · 2 marks

    اس غزل کی ترکیب «راز بقا» کو اپنے جملے میں اس طرح استعمال کریں کہ اس کا مفہوم واضح ہو جائے۔

    Answer

    عام انسان کبھی راز بقا نہیں پا سکتا۔

  18. Q18 · 2 marks

    اس غزل کے مطلع میں وہ کون سے چار الفاظ ہیں جو متلازم یا گروہی الفاظ کہلا سکتے ہیں؟

    Answer

    اس غزل کے مطلع میں طوفان، سفینہ، موجوں اور ابھارنا متلازم یا گروہی الفاظ ہیں۔

  19. Q19 · 2 marks

    شاعرہ پروین فنا سید کا نام اور تخلص کیا تھا؟

    Answer

    شاعرہ پروین فنا سید کا نام پروین سید ہے اور فنا ان کا تخلص ہے۔

  20. Q20 · 2 marks

    پروین فنا سید کے والد کیا کام کرتے تھے؟

    Answer

    پروین فنا سید کے والد سید ناصر حسین رضوی محکمہ جیل خانہ جات میں سپرنٹنڈنٹ جیل تھے۔

  21. Q21 · 2 marks

    قیام پاکستان کے وقت ان کی فیملی کہاں مقیم تھی؟

    Answer

    قیام پاکستان کے وقت ان کی فیملی گورداسپور (مشرقی پنجاب، انڈیا) میں مقیم تھی۔

  22. Q22 · 2 marks

    پروین سید کے ذہن پر ہندو مسلم فسادات کا کیا اثر ہوا؟

    Answer

    پروین فنا سید تقسیم کے وقت بہت چھوٹی تھیں۔ ہندو مسلم فسادات دیکھ کر ان کے ذہن پر بہت برا اثر پڑا۔

  23. Q23 · 2 marks

    شاعری کے علاوہ انھیں اور کس چیز میں دلچسپی رہی؟

    Answer

    شاعری کے علاوہ پروین فنا سید کو فن مصوری اور موسیقی میں گہری دلچسپی رہی۔

  24. Q24 · 2 marks

    ان کے فن کا تعارف پہلی مرتبہ اور کہاں سے ہوا؟

    Answer

    ان کے فن کا تعارف پہلی مرتبہ 1958 میں ریڈیو پاکستان راول پنڈی سے پہلی مرتبہ ان کے کلام کی شکل میں نشر ہوا۔

  25. Q25 · 2 marks

    وہ شاعری کے میدان میں کس سے متاثر تھیں؟

    Answer

    وہ شاعری کے میدان میں پہلے پہل ادا جعفری سے متاثر تھیں۔ پھر انھوں نے فیض احمد فیض صاحب سے بھی فیض حاصل کیا۔

  26. Q26 · 2 marks

    غزل کے پہلے شعر میں پروین فنا نے کس تمنا کا اظہار کیا؟

    Answer

    غزل کے پہلے شعر میں پروین فنا نے اس تمنا کا اظہار کیا کہ کاش میں نے اپنے سفینے کو طوفان میں اتارا ہوتا۔

  27. Q27 · 2 marks

    شاعرہ کے نزدیک ڈوبتا سفینہ کیسے ابھرتا؟

    Answer

    شاعرہ کے نزدیک اس کے ڈوبتے ہوئے سفینے کو سمندر کی موجیں اچھال کر باہر پھینک دیتیں اور یوں وہ ابھر جاتا۔

  28. Q28 · 2 marks

    شاعرہ کے مقدر میں کیا لکھا تھا؟

    Answer

    شاعرہ کے مقدر میں بس صرف غم ہی لکھا تھا۔

  29. Q29 · 2 marks

    پروین فنا سید کا محبوب کس آداب سے واقف نہ تھا؟

    Answer

    پروین فنا سید کا محبوب وفا تو دور کی بات جفا کے آداب سے بھی واقف نہ تھا۔

  30. Q30 · 2 marks

    اسرار فنا کس طرح پر کھل سکتے ہیں؟

    Answer

    اگر انسان کا مکمل رابطہ رب تعالیٰ سے ہو جائے تو اس پر فنا کے اسرار و رموز کھلتے چلے جاتے ہیں۔

  31. Q31 · 2 marks

    راز بقا کسے کہتے ہیں؟

    Answer

    راز بقا کا مطلب ہے ہمیشہ زندہ و قائم رہنے والا اور ہمیشہ قائم رہنے والی ذات صرف باری تعالیٰ کی ہے۔

  32. Q32 · 2 marks

    یزداں کسے کہتے ہیں؟

    Answer

    یزداں رب تعالیٰ کو کہتے ہیں۔

  33. Q33 · 2 marks

    اگر شاعرہ کو ہلکا سا بھی اشارہ ہوتا تو وہ کس فاصلے کو مٹا سکتی تھی؟

    Answer

    اگر شاعرہ کو اپنے محبوب کا ہلکا سا بھی اشارہ ہوتا تو وہ ساحل کے تصور کو بھی مٹا سکتی تھی۔

Long questions with answers

  1. Q1 · 5 marks

    پروین فنا سید کا تعارف لکھیں۔

    Answer

    پروین فنا سید (۱۹۳۶ء۔۲۰۱۰ء): پروین فنا سید کا اصل نام پروین سید ہے۔ شاعری کا آغاز کیا تو «فنا» تخلص پسند کیا اور یوں پروین فنا سید کے نام سے معروف ہوئیں۔ جائے ولادت لاہور ہے۔ ان کے والد گرامی سید ناصر حسین رضوی محکمہ جیل خانہ جات میں سپرنٹنڈنٹ جیل تھے اور والدہ کا نام سید النساء افتخار تھا جو امور خانہ داری کی بڑی ماہر خاتون تھیں۔ قیام پاکستان کے وقت آپ گورداسپور (مشرقی پنجاب، انڈیا) میں مقیم تھیں جہاں کے ہندو مسلم فسادات نے آپ کے ذہن کو بہت متاثر کیا جس کے اثرات بعد ازاں آپ کی شاعری میں بھی در آئے۔ آپ نے گوجرانوالہ سے اعلیٰ نمبروں میں میٹرک پاس کیا اور لاہور آ کر لاہور کالج برائے خواتین میں پری میڈیکل میں داخلہ لے لیا۔ ان کی لیڈی ڈاکٹر بننے کی خواہش تھی لیکن انھی دنوں شدید علالت کے باعث وہ اپنے خواب کو شرمندۂ تعبیر نہ کر سکیں کیوں کہ ڈاکٹروں نے انھیں کافی عرصہ تک دماغی کاموں سے دور رہنے کا مشورہ دیا تھا۔ بہر حال اس کیفیت میں بھی انھوں نے ہمت نہ ہاری اور ایک سال بعد انٹر میڈیٹ کا امتحان بڑے اچھے نمبروں میں پرائیویٹ طور پر پاس کر لیا۔ بعد ازاں آپ سید احمد کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو گئیں۔ شادی کے وقت آپ کے رفیق حیات پاک فوج میں آفیسر تھے۔ شادی کے بعد آپ نے لاہور کالج برائے خواتین لاہور سے گریجویشن کی اور امور خانہ داری میں ایسی مصروف ہوئیں کہ مزید تعلیم حاصل کرنے کا خیال ترک کر دیا۔ پروین فنا سید کو فن مصوری اور موسیقی میں گہری دلچسپی تھی۔ ان کے فن کا تعارف پہلی بار اس وقت ہوا جب ۱۹۸۵ء میں ریڈیو پاکستان راول پنڈی سے پہلی مرتبہ ان کا کلام نشر ہوا۔ پروین فنا سید اپنی ابتدائی دور کی شاعری میں ادا جعفری (۱۹۲۴ء۔۲۰۱۵ء) سے متاثر تھیں اور انھی کے رنگ میں شاعری کرتی تھیں۔ بعد میں فیض احمد فیض سے کسب فیض کیا اور شاعری میں اصلاح لی تو اپنا رنگ شاعری اختیار کیا جو تا دم واپسیں جاری رہا۔ پروین فنا سید کی معاصر شاعرات میں کشور ناہید، شبنم شکیل، فہمیدہ ریاض اور پروین شاکر وغیرہ شامل ہیں مگر ان سب شاعرات کی موجودگی میں ان کی الگ تھلگ شناخت ہے۔ ان کی تصانیف میں: «حرف وفا، تمنا کا دوسرا قدم، یقین، لہو سرخ اور حیرت» شامل ہیں اور ان کی کلیات بھی شائع ہو چکی ہے۔

  2. Q2 · 2 marks

    کاش طوفاں میں سفینے کو اتارا ہوتا ڈوب جاتا بھی تو موجوں نے ابھارا ہوتا

    Answer

    غزل: کاش طوفاں میں سفینے کو اتارا ہوتا — شاعرہ: پروین فنا سید پروین فنا سید اس شعر میں زندگی کی مشکلوں کا ذکر کرتے ہوئے کہہ رہی ہیں کہ اے کاش! میں نے اپنی ناؤ کو طوفان میں اتارا ہوتا۔ میں اسے طوفان سے بچا بچا کر رکھتی رہی۔ اگر میں بروقت ہی اپنی کشتی کو طوفان کی نذر کر دیتی اور میری ناؤ ڈوب بھی جاتی تو سمندر کی تند اور بڑی موجیں اسے اٹھا کر سمندر سے باہر پھینک دیتیں اور یوں وہ ڈوب بھی جاتی تو سمندر کی لہریں اسے بچا لیتیں۔ دراصل شاعرہ کہہ رہی ہیں کہ جہاں زندگی ہے وہاں مشکلیں بھی ہیں اور آزمائشیں بھی۔ یہ امتحان انسان کو مضبوط بناتے ہیں۔ مشکلوں سے گھبرانا نہیں چاہیے بلکہ ان کا مردانہ وار مقابلہ کرنا چاہیے۔ مشکلوں سے لڑ کر ہی انسان کو منزل ملتی ہے۔

  3. Q3 · 2 marks

    ہم تو ساحل کا تصور بھی مٹا سکتے تھے لب ساحل سے جو ہلکا سا اشارا ہوتا

    Answer

    غزل: کاش طوفاں میں سفینے کو اتارا ہوتا — شاعرہ: پروین فنا سید اس شعر میں شاعرہ کہتی ہے کہ اے میرے محبوب! اگر تم میرے انتظار میں ساحل پر کھڑے ہوتے اور میری طرف تم نے الفت کا ہاتھ بڑھایا ہوتا تو میں سمندر کی تند و تیز موجوں کی پروا کیے بغیر تم تک آ جاتی۔ تمھارے خلوص اور وفا کے سامنے سمندر اور ساحل کا فرق مٹ جاتا۔ لیکن افسوس کہ میری ڈوبتی ناؤ کو بچانے کے لیے تم نے کوئی کوشش تو دور کی بات ایک اشارہ تک نہ کیا۔ کہاوت ہے کہ ڈوبنے والے کو تنکے کا سہارا بھی بہت ہوتا ہے مگر من پسند آدمی کا ساتھ مایوس انسان کی زندگی میں امید کے دیے روشن کر دیتا ہے۔ جب کوئی کشتی سمندر کی بپھری ہوئی موجوں سے نکل کر ساحل پر آتی ہے تو اسے سکون مل جاتا ہے۔ اس طرح اگر میرا محبوب مجھے اشارہ بھی کرتا تو میں اس پر اپنی جان قربان کر دیتی۔

  4. Q4 · 2 marks

    تم ہی واقف نہ تھے آداب جفا سے ورنہ ہم نے ہر ظلم کو ہنس ہنس کے سہارا ہوتا

    Answer

    غزل: کاش طوفاں میں سفینے کو اتارا ہوتا — شاعرہ: پروین فنا سید اس شعر میں شاعرہ محبوب سے شکوہ کرتے ہوئے کہتی ہے کہ وفا تو تم کیا ہی نبھاتے تمھیں تو جفا کے طریقے بھی نہ آئے۔ محبت و وفا کی طرح جفا و ستم کے بھی آداب ہوتے ہیں مگر افسوس کہ تم نے وہ بھی نہ سیکھے۔ نہ تو تمھیں وفا کرنی آتی ہے اور نہ ہی جفا اور نہ میں تمھارا ہر ظلم و ستم ہنس کر برداشت کر لیتی۔ شاعرہ شکوہ کناں ہے کہ میری تقدیر کیسی خراب ہے کہ میرے محبوب کو نہ وفا آتی ہے اور نہ ہی جفا۔ محبت تو نام ہی سر تسلیم خم کرنے کا ہے۔

  5. Q5 · 2 marks

    غم تو خیر اپنا مقدر ہے، سو اس کا کیا ذکر زہر بھی ہم کو بہ صد شوق گوارا ہوتا

    Answer

    غزل: کاش طوفاں میں سفینے کو اتارا ہوتا — شاعرہ: پروین فنا سید پروین فنا سید اس شعر میں اپنے آپ سے مخاطب ہو کر کہتی ہیں کہ خوشیوں کو تو پتا نہیں لیکن غم تو میرے اپنے ہیں۔ زندگی کے رنج و الم اور دکھ درد جیسے میرا مقدر ہی بن گئے ہیں۔ ویسے بھی سب کہتے ہیں کہ یہ دنیا دکھوں کا گھر ہے۔ ہر شخص کسی نہ کسی دکھ میں مبتلا ہے۔ جب تک زندگی ہے غموں سے چھٹکارا ممکن نہیں۔ میں بھی اپنے ان دکھوں کا رونا نہیں روتی۔ اگر مجھے میرے محبوب کو حاصل کرنے کے لیے غموں کے ساتھ زہر بھی پینا پڑتا تو میں خوشی سے پی جاتی۔ غم تو تقدیر میں لکھے ہی ہیں لہٰذا اس کا کیا رونا دھونا۔ اپنی محبت تو وہ ہے کہ انسان محبوب کے ہاتھوں سے زہر کو بھی آب حیات سمجھ کر پی لے۔

  6. Q6 · 2 marks

    باغباں تیری عنایت کا بھرم کیوں کھلتا ایک بھی پھول جو گلشن میں ہمارا ہوتا

    Answer

    غزل: کاش طوفاں میں سفینے کو اتارا ہوتا — شاعرہ: پروین فنا سید شاعرہ اس شعر میں پھر سے کائنات کے خالق سے شکوہ کناں ہیں کہ اے باغبان! اگر تو نے دنیا کے گلشن میں ایک بھی پھول میرے لیے کھلایا ہوتا تو میں بھی خود کو خوش نصیب سمجھتی۔ مگر اس دنیا کے چمن میں کسی کو تو بے شمار چیزیں اور ان گنت پھول عطا کر دیتا ہے۔ کچھ میرے جیسے کم نصیب تو ایک پھول سے بھی محروم رہ جاتے ہیں۔ اے چمن کے مالی! تو باغباں تو ہے لیکن اگر تو نے چمن کے نظام میں انصاف قائم کیا ہوتا تو کسی کو نہ کوئی شکوہ ہوتا اور نہ ہی کوئی محرومی۔ یوں تیری بے نیازیوں کی اس تقسیم سے اب تیری عنایات کا بھرم کھل گیا ہے۔ شاعرہ شاید خدا سے ملتمس ہے کہ اے میرے رب! تو اس دنیا کے چمن کا باغباں ہے اور تیرا باغ رنگا رنگ پھولوں سے بھرا پڑا ہے۔ مگر میرے دل کا پھول ابھی تک نہیں کھلا۔ اگر تیری نظر مجھ پر پڑ گئی تیرا ساتھ مل گیا تو میری دنیا تو کیا آخرت بھی سنور جائے گی۔ لہٰذا اے خدا! تو مجھے اپنی محبت سے نواز دے۔

  7. Q7 · 2 marks

    تم پہ اسرار فنا، راز بقا کھل جاتے تم نے ایک بار تو یزداں کو پکارا ہوتا

    Answer

    غزل: کاش طوفاں میں سفینے کو اتارا ہوتا — شاعرہ: پروین فنا سید پروین فنا سید اس شعر میں اپنے آپ سے مخاطب ہو کر کہتی ہیں کہ اے فنا! اگر تو نے سچے دل اور پورے خلوص سے اپنے پیدا کرنے والے کو پکارا ہوتا تو تم پر فنا اور بقا کے تمام اسرار کھل جاتے۔ بلکہ فنا اور بقا کے درمیان ارتقا کے بھی تمام راز کھل جاتے۔ شاعرہ اصل میں ہمیں سمجھانا چاہتی ہیں کہ اللہ کی محبت ہی سے معرفت ملتی ہے۔ زندگی اور موت کی تمام تلخ و شیریں حقیقتیں کھلتی ہیں۔ پروین فنا سید کہتی ہیں کہ دنیا کے کارخانے میں ہر روز بے شمار چیزیں پیدا ہوتی ہیں جن میں انسان بھی شامل ہیں۔ مگر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ یہ روحیں کہاں سے آتی ہیں اور موت کے بعد کہاں چلی جاتی ہیں۔ اس شعر میں ہم یہ دیکھتے ہیں کہ فنا اور بقا کے یہ راز صرف ان لوگوں پر عیاں ہوتے ہیں جو خدا کو ہمیشہ پکارتے ہیں۔ جو خدا کی محبت میں اپنے آپ کی نفی کر دیتے ہیں۔ ساتھ ہی اس شعر میں یہ سبق بھی ہے کہ اگر ہم ہر وقت پر اللہ کی محبت سے اس کی مدد حاصل کریں تو دنیا کی رنجشوں اور مصیبتوں سے بروقت خلاصی مل جائے گی۔

Test yourself on this chapter

Timed chapter tests, marked the moment you finish.

See the chapter tests

Practise with a free account

Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.

Create free account