Parho

Class 9 Urdu · Chapter 15

کرکٹ اور مشاعرہ: questions and answers

Every short question, long question and MCQ on this chapter's free papers, each with its answer. Try one yourself first, then check.

45short questions
15long questions
0MCQs

Short questions with answers

  1. Q1 · 2 marks

    شاعر دلاور فگار کا اصل نام اور تخلص کیا تھا؟

    Answer

    ان کا اصل نام دلاور حسین تھا۔ ابتدا میں وہ «شباب» تخلص استعمال کرتے تھے، پھر «فگار» تخلص اختیار کیا۔

  2. Q2 · 2 marks

    دلاور فگار کی جائے پیدائش کہاں ہے؟

    Answer

    دلاور فگار بدایوں (یوپی، انڈیا) میں پیدا ہوئے۔

  3. Q3 · 2 marks

    دلاور فگار نے کہاں نوکری شروع کی؟

    Answer

    دلاور فگار نے والد کی ناگہانی موت کے بعد محکمہ ڈاک سے نوکری شروع کی، بعد ازاں تدریس کے شعبے سے منسلک ہو گئے۔

  4. Q4 · 2 marks

    دلاور فگار نے مزاحیہ شاعری کس طرح شروع کی؟

    Answer

    جب انھوں نے شروع میں چند مزاحیہ نظمیں لکھ کر دوستوں کو دکھائیں تو انھیں بہت پسند کیا گیا۔ یوں انھوں نے ان گنت مزاحیہ نظمیں کہہ ڈالیں۔

  5. Q5 · 2 marks

    دلاور فگار نے کس معروف کتاب کا ترجمہ کیا؟

    Answer

    دلاور فگار نے مشہور کتاب Why not the best? کا اردو ترجمہ «خوب تر کہاں» کے نام سے کیا۔

  6. Q6 · 2 marks

    دلاور فگار کو کون کون سے القابات سے نوازا گیا؟

    Answer

    انھیں مزاحیہ شاعری کی وجہ سے «شہنشاہِ ظرافت» اور «اکبرِ ثانی» کے القابات سے نوازا گیا۔

  7. Q7 · 2 marks

    نصاب میں شامل نظم میں کن چیزوں کا موازنہ کیا گیا ہے؟

    Answer

    اس نظم میں دل آویز اور مزاحیہ انداز میں کرکٹ اور مشاعرے کا موازنہ کیا گیا ہے۔

  8. Q8 · 2 marks

    شاعر کی نظم میں مشاعرے کا کیا ایم (aim) ہے؟

    Answer

    شاعر کی نظر میں مشاعرے کا ایم یعنی مقصد بھی محض تفریح ہی ہے۔

  9. Q9 · 2 marks

    نظم میں مشاعرے کو کس کھیل کے جیسا قرار دیا ہے؟

    Answer

    نظم میں مشاعرے کو کرکٹ کے کھیل جیسا قرار دیا ہے جس میں آؤٹ اور فاؤل بھی ہوتے ہیں۔

  10. Q10 · 2 marks

    کرکٹ میں کھلاڑی کے آؤٹ ہونے کا فیصلہ کون کرتا ہے؟

    Answer

    کرکٹ میں کھلاڑی کے آؤٹ ہونے کا فیصلہ امپائر کرتا ہے۔

  11. Q11 · 2 marks

    مشاعرے میں شاعر امپائر کا کام کون کرتا ہے؟

    Answer

    مشاعرے میں امپائر کا کام محفل کا صدر نشیں کرتا ہے۔

  12. Q12 · 2 marks

    کرکٹ میں شاعر نے ریاض مسلسل کسے کہا ہے؟

    Answer

    کرکٹ میں شاعر نے مسلسل محنت اور پریکٹس کو ریاض مسلسل سے تشبیہ دی ہے۔

  13. Q13 · 2 marks

    مشاعرے میں کس چیز کے سہارے کام چلتا ہے؟

    Answer

    شاعر کہتے ہیں کہ مشاعرے میں تحت اللفظ اور اچھے گلے کے سہارے کام چلتا ہے۔

  14. Q14 · 2 marks

    عندلیب مذکر ہے یا مؤنث؟

    Answer

    عندلیب جیسے بلبل کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس پر بحث ہے کہ مذکر ہے یا مؤنث۔ علامہ اقبالؒ نے بھی کئی نظموں میں بلبل کو مذکر اور مؤنث دونوں طرح استعمال کیا ہے۔

  15. Q15 · 2 marks

    کرکٹ کے کھیل میں فاؤل کیسے ہوتا ہے؟

    Answer

    کرکٹ کے کھیل میں نوبال ہو جائے تو اسے فاؤل قرار دیا جاتا ہے۔

  16. Q16 · 2 marks

    شاعر کے نزدیک آج کل مقبول شاعر معقول کیوں نہیں ہوتے؟

    Answer

    شاعر کے نزدیک آج کل مقبول شاعر اس لیے معقول نہیں ہوتے کیوں کہ اعلیٰ ادب کا معیار گر چکا ہے۔ دوسری طرف سامعین میں بھی ادب فہمی اور شعر فہمی وہ نہیں رہی۔

  17. Q17 · 2 marks

    شاعر نے متشاعر کس کو کہا ہے؟

    Answer

    شاعر نے متشاعر اس شخص کو کہا ہے جو بناوٹی طور پر شاعر بنا ہوتا ہے، یعنی شاعری کے اسرار و رموز سے ناواقف شخص یا شاعر۔

  18. Q18 · 2 marks

    مشاعرے میں شاعر نے کس شاعر کو ہیرو کہا ہے؟

    Answer

    شاعر دلاور فگار نے اس پھسڈی شخص کو ہیرو کہا ہے جو پیچھے رہ جاتا ہے مگر خود کو ہیرو سمجھتا ہے۔

  19. Q19 · 2 marks

    شاعری میں اہمال سے کیا مراد ہے؟

    Answer

    شاعری میں شعر اگر وزن اور قوافی سے عاری اور غیر معیاری ہو تو اسے اہمال کہا جاتا ہے۔

  20. Q20 · 2 marks

    شاعر کے نزدیک کرکٹ اور مشاعرے میں کیا چیز مشترک ہے؟

    Answer

    شاعر کے نزدیک کرکٹ بھی چوں کہ صرف ایک تفریح کا ذریعہ بن کے رہ گیا ہے، اسی طرح مشاعروں کی محفلیں بھی صرف تفریح ہی بن چکی ہیں۔

  21. Q21 · 2 marks

    دلاور فگار نے اپنی نظم میں شاعر اور متشاعر کے فرق کو کیسے سمجھایا ہے؟

    Answer

    دلاور فگار کے نزدیک شاعر ایسا شخص ہے جو شاعری کے اصولوں اور قافیہ ردیف سے واقف ہو۔ دوسری طرف متشاعر اس شاعر کو کہتے ہیں جو بے وزن شاعری کرتا ہو اور جسے صرف تک بندی آتی ہو، شاعری نہیں۔

  22. Q22 · 2 marks

    اس نظم کے شاعر کی بات کو کون سے لوگ کیچ کر لیں گے؟

    Answer

    دلاور فگار کے نزدیک جو اہلِ علم اور اہلِ نظر لوگ ہیں وہ اس نظم کے مرکزی خیال کو سمجھ کر کیچ کر سکیں گے۔

  23. Q23 · 2 marks

    اناڑی کھلاڑی کہاں وقت کاٹتے ہیں؟

    Answer

    شاعر کی نظر میں کرکٹ کے کھیل میں اناڑی کھلاڑی بس ٹک ٹک کر کے وقت پورا کرتے ہیں۔

  24. Q24 · 2 marks

    کرکٹ کے کھیل میں پوری ٹیم کی جان کون ہوتا ہے؟

    Answer

    کرکٹ کے کھیل میں پوری ٹیم کی جان اس ٹیم کا کپتان ہوتا ہے۔

  25. Q25 · 2 marks

    مشاعرے میں کون کپتان کا کردار ادا کرتا ہے؟

    Answer

    مشاعرے میں ہر شاعر خود کو کھلاڑی سمجھتے ہوئے دل میں خود کو کپتان تصور کرتا ہے۔

  26. Q26 · 2 marks

    شاعر نے کرکٹ کو مشاعرے کے مماثل کیوں قرار دیا ہے؟

    Answer

    شاعر نے کرکٹ کو مشاعرے کے مماثل اس لیے قرار دیا ہے کہ دونوں میں بہت سی چیزیں مشترک ہیں۔

  27. Q27 · 2 marks

    کرکٹ میں جو شخص امپائر کہلاتا ہے، مشاعرے میں اسے کس نام سے پکارا جا سکتا ہے؟

    Answer

    کرکٹ میں جو شخص امپائر کہلاتا ہے، مشاعرے میں اسے صدر نشیں کہتے ہیں۔

  28. Q28 · 2 marks

    شاعر نے کرکٹ میں ایل بی ڈبلیو ہونے والے کھلاڑی کو مشاعرے میں کس شاعر کے مشابہ قرار دیا ہے؟

    Answer

    شاعر نے کرکٹ میں ایل بی ڈبلیو ہونے والے کھلاڑی کو مشاعرے میں متشاعر کے مشابہ قرار دیا ہے۔

  29. Q29 · 2 marks

    شاعر نے کرکٹ کے اناڑی کھلاڑیوں کو مشاعرے کے کن لوگوں کی مانند کہا ہے؟

    Answer

    شاعر نے کرکٹ کے اناڑی کھلاڑیوں کو مشاعرے کے متشاعروں کی مانند کہا ہے۔

  30. Q30 · 2 marks

    مشاعرے میں رن آؤٹ ہونے والے سے شاعر کی کیا مراد ہے؟

    Answer

    مشاعرے میں رن آؤٹ ہونے والے سے شاعر کی مراد ہے کہ اگر سامعین بے ذوق ہوں اور بے ہنگم شور شرابا ہو تو اچھا شاعر بھی رن آؤٹ ہو جاتا ہے۔

  31. Q31 · 2 marks

    درج ذیل الفاظ کو اپنے جملوں میں اس طرح استعمال کریں کہ ان کی تذکیر و تانیث واضح ہو جائے: مشاعرہ، کرکٹ، مقدر، اناڑی، متشاعر، میچ

    Answer

    مشاعرہ: الحمرا ہال کا مشاعرہ بہت اچھا تھا۔ کرکٹ: کرکٹ عوام میں ایک مقبول کھیل ہے۔ مقدر: اس کے مقدر میں شاید یہی لکھا تھا۔ اناڑی: اناڑی کھلاڑی نے میچ ہروا دیا۔ متشاعر: متشاعر کو کوئی بھی سننا نہیں چاہتا۔ میچ: ہمارے سکول کا کرکٹ میچ دل چسپ رہا۔

  32. Q32 · 2 marks

    درج ذیل الفاظ کا درست تلفظ اعراب لگا کر واضح کریں: تفریح، عندلیب، مشاعرہ، اہمال، بدنصیب

    Answer

    تَفرِیح، عَندَلِیب، مُشاعِرہ، اِہمال، بَدنَصِیب

  33. Q33 · 2 marks

    درج ذیل تراکیب و محاورات کو اپنے جملوں میں اس طرح استعمال کریں کہ ان کا مفہوم واضح ہو جائے: ریاض مسلسل، مقدر کا کھیل، وقت کاٹنا، دماغ چاٹنا، اہلِ نظر

    Answer

    ریاض مسلسل: کسی بھی کام میں ریاض مسلسل کامیابی کی ضمانت ہوتا ہے۔ مقدر کا کھیل: مقدر کا کھیل نرالا ہوتا ہے۔ وقت کاٹنا: پردیس میں وقت کاٹنا محال ہو جاتا ہے۔ دماغ چاٹنا: تم ہر وقت تقاضے کر کر کے میرا دماغ چاٹتی رہتی ہو۔ اہلِ نظر: اہلِ نظر بہترین لوگوں کو پہچان لیتے ہیں۔

  34. Q34 · 2 marks

    درج ذیل مثالوں میں مجاز مرسل کی نشان دہی کریں: نہر بہہ رہی ہے۔

    Answer

    اس جملے میں ظرف بول کر مظروف مراد لیا گیا ہے، یعنی نہر سے مراد نہر کا پانی ہے۔

  35. Q35 · 2 marks

    درج ذیل مثالوں میں مجاز مرسل کی نشان دہی کریں: آسمان سے سونا برس رہا ہے۔

    Answer

    اس جملے میں مسبب بول کر سبب مراد لیا گیا ہے۔ سونا یعنی بارش جس سے اچھی فصل پیدا ہو گی۔

  36. Q36 · 2 marks

    درج ذیل مثالوں میں مجاز مرسل کی نشان دہی کریں: قلم تلوار سے طاقت ور ہے۔

    Answer

    اس جملے میں ظرف سے مظروف مراد لیا گیا ہے، یعنی قلم سے لکھی ہوئی چیزیں۔

  37. Q37 · 2 marks

    درج ذیل جملوں میں کنایہ کی نشان دہی کریں: مفلسوں اور ناداروں کے لیے اس کا دروازہ ہمیشہ کھلا رہتا ہے۔

    Answer

    دروازہ کھلا رہنے کا مطلب ہے سب کی مدد کے لیے تیار رہنا۔

  38. Q38 · 2 marks

    درج ذیل جملوں میں کنایہ کی نشان دہی کریں: بوڑھیا کی بیٹی کا کوئی رشتہ نہ آیا اور سر کے بالوں میں چاندی اتر آئی۔

    Answer

    بالوں میں چاندی آنے کا مطلب ہے بڑھاپا آ جانا۔

  39. Q39 · 2 marks

    درج ذیل جملے کی ترکیبِ نحوی کریں: احمد بہت لائق ہے۔

    Answer

    احمد — اسم یا مبتدا؛ بہت لائق — خبر؛ ہے — فعل ناقص۔

  40. Q40 · 2 marks

    درج ذیل جملے کی ترکیبِ نحوی کریں: کتا بلی کے پیچھے دوڑا۔

    Answer

    کتا — فاعل؛ بلی — مفعول؛ کے — حرفِ اضافت؛ دوڑا — فعل تام۔

  41. Q41 · 2 marks

    مجازِ مرسل کی تعریف لکھیں۔

    Answer

    جب کوئی لفظ حقیقی معنوں کے بجائے مجازی معنوں میں اس طرح استعمال ہو کہ اس میں تشبیہ کے علاوہ کوئی اور تعلق ہو تو اسے مجازِ مرسل کہتے ہیں۔

  42. Q42 · 2 marks

    کنایہ کی تعریف لکھیں۔

    Answer

    کنایہ کے معنی اشارے سے بات کہنا ہیں۔ اصطلاح میں کسی لفظ سے ایسی بات مراد لینا جو اس کے معنوں کو لازم ہو، کنایہ کہلاتا ہے۔

  43. Q43 · 2 marks

    جملہ اسمیہ کی تعریف مثال کے ساتھ لکھیں۔

    Answer

    وہ جملہ جس میں مسند الیہ اور مسند دونوں اسم ہوں اور اس کے آخر میں فعل ناقص آئے، جملہ اسمیہ کہلاتا ہے۔

    مثال: حمید ذہین ہے۔

  44. Q44 · 2 marks

    جملہ فعلیہ کی تعریف مثال کے ساتھ لکھیں۔

    Answer

    وہ جملہ جس میں مسند الیہ اسم ہو اور مسند فعل ہو، جملہ فعلیہ کہلاتا ہے۔

    مثال: جمیل پڑھتا ہے۔

  45. Q45 · 2 marks

    جملہ فعلیہ کے تین اجزا کون سے ہوتے ہیں؟ مثال دیں۔

    Answer

    جملہ فعلیہ کے تین اجزا فاعل، مفعول اور فعل تام ہوتے ہیں۔

    مثال: حمید نے سیب کھایا۔ اس میں «حمید» فاعل، «نے» علامتِ فاعل، «سیب» مفعول اور «کھایا» فعل تام ہے۔

Long questions with answers

  1. Q1 · 5 marks

    دلاور فگار کا تعارف لکھیں۔

    Answer

    دلاور فگار (۱۹۲۹ء – ۱۹۹۸ء) کا اصل نام دلاور حسین تھا۔ وہ بدایوں (یوپی، انڈیا) میں پیدا ہوئے جہاں ان کے والد شاکر حسین ایک مقامی سکول میں استاد تھے۔ شعر کہنے کا شوق بچپن ہی سے تھا۔ ابتدا میں «شباب» تخلص کرتے تھے، بعد میں «فگار» تخلص اختیار کیا۔ والد کی ناگہانی وفات کے بعد محکمہ ڈاک میں ملازمت کی مگر تعلیم جاری رکھی اور بعد میں تدریس سے منسلک ہو گئے۔ آگرہ یونی ورسٹی سے اردو اور معاشیات میں ایم اے کیا، پھر کراچی آ گئے اور کے ڈی اے میں بھی ملازمت کی۔ ابتدا میں سنجیدہ شاعری کی جس کا مجموعہ «حادثے» شائع ہوا، پھر دوستوں کے اصرار پر مزاحیہ شاعری شروع کی۔ ان کے مجموعوں میں «انگلیاں فگار اپنی»، «ستم ظریفیاں»، «شامتِ اعمال»، «آداب عرض ہے»، «مطلع عرض ہے»، «خدا جھوٹ نہ بلوائے»، «چراغِ خنداں» اور «کہنا سنا معاف» شامل ہیں جو «کلیاتِ فگار» میں بھی چھپ چکے ہیں۔ انھوں نے Why not the best? کا ترجمہ «خوب تر کہاں» کے نام سے کیا۔ حکومتِ پاکستان نے انھیں تمغۂ حسنِ کارکردگی سے نوازا۔ انھیں «شہنشاہِ ظرافت» اور «اکبرِ ثانی» کے القابات سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔

  2. Q2 · 5 marks

    نظم «کرکٹ اور مشاعرہ» کا خلاصہ لکھیں۔

    Answer

    کرکٹ عوام میں مقبول کھیل ہے۔ اس نظم میں دلاور فگار نے مزاحیہ اور دل آویز انداز میں کرکٹ اور مشاعرے کا موازنہ کیا ہے۔ کرکٹ میں کھلاڑی ہوتے ہیں تو مشاعرے میں شاعر۔ کرکٹ میں امپائر فیصلہ کرتا ہے تو مشاعرے میں صدرِ مشاعرہ۔ کرکٹ میں مسلسل ریاض کام آتا ہے تو مشاعرے میں گلے کے سہارے کام چلتا ہے۔ کرکٹ میں نوبال اور ایل بی ڈبلیو کا چکر ہے تو شاعری میں بے وزن شعر اور عندلیب کے مذکر مؤنث ہونے کا چکر ہے۔ دونوں جگہ مقدر کا کھیل چلتا ہے۔ کرکٹ میں پوری ٹیم کی جان کپتان ہوتا ہے مگر مشاعرے میں ہر شاعر خود کو کپتان سمجھتا ہے۔ اناڑی کھلاڑی اور متشاعر دونوں لوگوں کے لیے بیزاری کا سبب بنتے ہیں۔ آخر میں شاعر کہتا ہے کہ اہلِ نظر مانیں گے کہ مشاعرہ بھی ایک طرح کا کرکٹ میچ ہے۔

  3. Q3 · 5 marks

    نظم «کرکٹ اور مشاعرہ» کا مرکزی خیال لکھیں۔

    Answer

    اس نظم کا مرکزی خیال یہ ہے کہ آج کل کے زمانے میں مشاعرہ، جو خالص ادبی بیٹھک ہوتی ہے، وہ بھی کرکٹ کے کھیل کی طرح ہو گیا ہے۔ دونوں جگہوں میں کوئی رن آؤٹ ہوتا ہے تو کوئی کلین بولڈ۔ دونوں طرف مقدر ہی کا کھیل لگتا ہے۔ بدقسمت کھلاڑی دونوں میدانوں میں فیل ہو جاتے ہیں۔ شاعر مزاح کے پردے میں ادب کے گرتے ہوئے معیار اور سامعین کے ذوق کی کمی پر طنز کرتا ہے۔

  4. Q4 · 2 marks

    مشاعرہ کا بھی تفریح ایم ہوتا ہے مشاعرہ میں بھی کرکٹ کا گیم ہوتا ہے

    Answer

    یہ شعر دلاور فگار کی نظم «کرکٹ اور مشاعرہ» سے لیا گیا ہے۔ شاعر کہتے ہیں کہ کرکٹ ہو یا مشاعرہ، دونوں کا مقصد لوگوں کو تفریح فراہم کرنا ہے۔ «تفریح» کھیلوں سے دل کو بہلانے کو اور «گیم» کھیل کو کہتے ہیں۔ «ایم» انگریزی کا لفظ ہے، مطلب ارادہ یا مقصد۔ جیسے کرکٹ ایک کھیل ہے، بالکل اسی طرح مشاعرہ بھی تفریح کا مقصد لیے ہوتا ہے۔ مشاعرے میں خیال، الفاظ اور انداز بیان سے لوگوں کو تفریح مہیا کی جاتی ہے۔ اب شاعر حضرات محض حاضرین کو محظوظ کرنے کے لیے آتے ہیں، اعلیٰ ادب اور مقصدیت پر مبنی شاعری کے معیارات ختم ہو چکے ہیں۔ شاعر نے اس شعر میں مشاعروں پر گہری طنز کی ہے۔

  5. Q5 · 2 marks

    وہاں جو لوگ کھلاڑی ہیں وہ یہاں شاعر یہاں جو صدر نشیں ہے وہاں ہے امپائر

    Answer

    یہ شعر دلاور فگار کی نظم «کرکٹ اور مشاعرہ» سے لیا گیا ہے۔ اس شعر میں شاعر کہتا ہے کہ کرکٹ میں جو کھلاڑی ہوتے ہیں وہ مشاعرے میں شاعر ہوتے ہیں۔ «امپائر» کرکٹ کھیل میں فیصلہ کرنے والے کو اور «صدر نشیں» مجلس کی صدارت کرنے والے کو کہتے ہیں۔ جس طرح کرکٹ کے کھیل کے اپنے اصول و ضوابط ہوتے ہیں اور کھیل کو چلانے کے لیے ایک امپائر مقرر کیا جاتا ہے، اسی طرح مشاعرے میں ایک صاحب صدر ہوتے ہیں جو اسٹیج پر صدارت کی کرسی پر براجمان ہوتے ہیں۔ شاعر صاحب صدر کو مخاطب کرتے ہوئے اپنا کلام سناتے ہیں۔ صدر کسی شعر پر داد دے تو اس شعر کو معیاری سمجھا جاتا ہے۔ شاعروں کو آؤٹ کرنے کا اختیار بھی اسی کے پاس ہوتا ہے۔

  6. Q6 · 2 marks

    وہاں ریاض مسلسل سے کام چلتا ہے یہاں گلے کے سہارے کام چلتا ہے

    Answer

    یہ شعر دلاور فگار کی نظم «کرکٹ اور مشاعرہ» سے لیا گیا ہے۔ شاعر کہتا ہے کہ کرکٹ کے کھیل میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے ہر کھلاڑی کو ہمہ وقت پریکٹس کرنا ہوتی ہے۔ «ریاض» کے معنی مشق کرنا ہیں، یعنی کھلاڑی صبح و شام نیٹ پر مسلسل مشق کرتے رہتے ہیں تاکہ وہ اپنے کھیل کو عروج پر لے جائیں۔ دوسرے مصرعے میں شاعر کہتا ہے کہ شاعری میں اگر کسی کا گلا اچھا ہو اور اسے لہجے اور تحت اللفظ پر کمال حاصل ہو تو اچھے ترنم کے باعث کلام کی خامی چھپ جاتی ہے۔ «کلام» کے معنی شاعری ہیں۔ اگر گلا بھی بہتر نہ ہو تو مشاعرہ ناکام ہو جاتا ہے۔ شاعر یہ بھی بتاتا ہے کہ لوگوں میں ادبی ذوق اور شعر کہنے کا معیار بہت گر چکا ہے۔

  7. Q7 · 2 marks

    وہاں بھی کھیل میں نو بال ہو تو فاؤل ہے یہاں بھی شعر میں اہمال ہو تو فاؤل ہے

    Answer

    یہ شعر دلاور فگار کی نظم «کرکٹ اور مشاعرہ» سے لیا گیا ہے۔ دلاور فگار مزاحیہ شاعری میں ایک منفرد مقام رکھتے ہیں اور اردو شاعری میں انگریزی کے الفاظ نہایت مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہیں۔ «نوبال» قاعدے کے خلاف گیند کرانے کو اور «فاؤل» قانون کے خلاف کھیلنے کو کہتے ہیں۔ کرکٹ کے کھیل میں اگر کوئی باؤلر کھیل کے اصول و ضوابط کے خلاف گیند کرائے تو امپائر اسے فاؤل قرار دے دیتا ہے۔ بالکل اسی طرح مشاعرے میں «اہمال» یعنی بے معنی، بے وزن اور بے محل شاعری کرنے والے کو بھی فاؤل قرار دے دیا جاتا ہے۔ یوں شاعر مشاعرے کے گرتے ہوئے معیار پر مزاحیہ طنز کرتا ہے۔

  8. Q8 · 2 marks

    وہاں ہے ایل بی ڈبلیو یہاں یہ چکر ہے کہ عندلیب مؤنث ہے یا مذکر ہے

    Answer

    یہ شعر دلاور فگار کی نظم «کرکٹ اور مشاعرہ» سے لیا گیا ہے۔ اس شعر میں لفظ ایل بی ڈبلیو استعمال ہوا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ بیٹسمین وکٹ کے سامنے آ کر اپنی ٹانگ سے گیند کو روکے۔ انگریزی میں اسے Leg before wicket کہتے ہیں۔ کبھی کبھار امپائر کے لیے اس کا فیصلہ کرنا بہت مشکل ہوتا ہے اور پھر کسی اور امپائر سے بھی مدد لینا پڑتی ہے۔ اسی طرح شاعری میں «عندلیب» یعنی بلبل کا مذکر یا مؤنث ہونے کا معاملہ کھٹائی میں پڑا رہتا ہے۔ «چکر» کے معنی الجھاؤ ہیں۔ سب کہتے ہیں اگر بلبل مذکر ہے تو اس کی مؤنث کیا ہے اور اگر مؤنث ہے تو اس کا مذکر کیا ہے۔ لہٰذا یہ کش مکش چلتی رہتی ہے۔

  9. Q9 · 2 marks

    وہاں بھی صرف مقدر کا کھیل ہوتا ہے جو ان لکی ہے یہاں بھی وہ فیل ہوتا ہے

    Answer

    یہ شعر دلاور فگار کی نظم «کرکٹ اور مشاعرہ» سے لیا گیا ہے۔ شاعر کہتا ہے کہ کرکٹ کے کھیل اور مشاعرے کی محفل میں «مقدر» یعنی قسمت کا بہت زیادہ دخل ہوتا ہے۔ جس طرح کرکٹ میں کھلاڑی اگر خوش قسمت ہو تو کسی بھی میچ میں کھیلی گئی ایک ہی شان دار اننگز اسے شہرت کے ساتویں آسمان پر پہنچا دیتی ہے۔ اگر قسمت بری ہو تو کھلاڑی ناکام ہو جاتا ہے۔ اسی طرح اگر شاعر کی قسمت تیز ہو تو وہ مشاعرے میں کامیاب ہو جاتا ہے اور قسمت ساتھ نہ دے تو اس کی ناکامی کا سبب بن جاتی ہے۔ زمانے میں کئی مقبول شاعر لوگوں کی نظروں میں مقبول نہیں ہو پاتے۔

  10. Q10 · 2 marks

    وہاں ہے ایک ہی کپتان پوری ٹیم کی جان یہاں ہر ایک پلیئر بجائے خود کپتان

    Answer

    یہ شعر دلاور فگار کی نظم «کرکٹ اور مشاعرہ» سے لیا گیا ہے۔ اس شعر میں شاعر کہتا ہے کہ جس طرح کرکٹ ٹیم کا ایک کپتان ہوتا ہے، اسی طرح مشاعرے میں بھی شاعر خود ہی کپتان ہوتا ہے۔ کرکٹ ٹیم کا کپتان پوری ٹیم کا مقدر ہوتا ہے جو کھلاڑیوں میں سپورٹس مین شپ پیدا کر کے اپنی ٹیم کو مخالف ٹیم کو ہرانے کے لیے ہر طرح کے جتن کرتا ہے۔ مگر مشاعرے میں چوں کہ کوئی ٹیم نہیں ہوتی، اس لیے ہر شاعر اپنے زعم میں خود کو کپتان تصور کرتا ہے۔ وہ سمجھتا ہے کہ اس کے جیسا اور کوئی نہیں۔ شاید یہ مرض حسد کی وجہ سے ہے کہ شاعر حضرات دوسرے شاعروں کی قابلیت کا اعتراف کرنے سے ہچکچاتے ہیں۔ اپنے آگے دوسروں کو پست سمجھتے ہوئے ادبی معرکوں میں نیچا دکھانے کی بھرپور کوشش کرتے ہیں۔

  11. Q11 · 2 marks

    یہاں کچھ ایسے بھی کپتان پائے جاتے ہیں جو رن بناتے نہیں ہٹ لگائے جاتے ہیں

    Answer

    یہ شعر دلاور فگار کی نظم «کرکٹ اور مشاعرہ» سے لیا گیا ہے۔ شاعر کہتا ہے کہ کرکٹ کی پوری ٹیم کی جان اور سردار صرف کپتان ہوتا ہے، مگر مشاعرے میں ہر شاعر اپنا کپتان خود ہوتا ہے۔ «ہٹ لگانا» چوکے چھکے مارنے کو کہتے ہیں۔ کرکٹ میں کچھ کھلاڑی رن نہیں بناتے بلکہ چوکے چھکے مار کر سکور میں اضافہ کرتے ہیں اور شائقین کی داد وصول کرتے ہیں۔ اسی طرح مشاعرے میں چند شاعر پوری غزل کا ہر شعر نہیں سناتے بلکہ ایک دو ہی اچھے شعر سنا کر محفل لوٹ لیتے ہیں۔ شاعر کہتا ہے کہ ایسے شعرا اس کپتان کی طرح ہوتے ہیں جو چوکوں چھکوں کی طرح شعروں کے سٹروک کھیلتے ہیں۔

  12. Q12 · 2 marks

    وہاں جو لوگ اناڑی ہیں وقت کاٹتے ہیں یہاں بھی کچھ متشاعر دماغ چاٹتے ہیں

    Answer

    یہ شعر دلاور فگار کی نظم «کرکٹ اور مشاعرہ» سے لیا گیا ہے۔ شاعر کہتا ہے کہ کرکٹ کے کھیل میں بھی کچھ کھلاڑی اناڑیوں کی طرح ٹک ٹک کر کے بس وقت پاس کرتے ہیں۔ «اناڑی» ناتجربہ کار کو اور «متشاعر» بناوٹی شاعر کو کہتے ہیں۔ ان میں کوئی قابلیت تو نہیں ہوتی مگر وہ سفارش پر ٹیم میں شہرت کی خاطر بھرتی تو ہو جاتے ہیں، لیکن اپنے ساتھ ساتھ شائقین کا بھی وقت برباد کرتے ہیں۔ اسی طرح مشاعرے میں بھی اناڑی قسم کے شاعر جو بناوٹی طور پر شاعر بنے ہوتے ہیں، کسی تعلق داری کی بنا پر تک بندی کر کے بے وزن اور بے بحر شعر کہتے ہیں اور سامعین کی سمع خراشی کا باعث بنتے ہیں۔ بس چاہے شاعری کرنی نہ آتی ہو مگر وہ خواہ مخواہ اپنا اور دوسروں کا وقت برباد کرتے ہیں۔

  13. Q13 · 2 marks

    وہاں بھی اگر اسکور اس کا زیرو ہے یہاں جو شخص پھسڈی ہے وہ بھی ہیرو ہے

    Answer

    یہ شعر دلاور فگار کی نظم «کرکٹ اور مشاعرہ» سے لیا گیا ہے۔ شاعر کہتا ہے کہ کرکٹ کے کھیل میں اگر کوئی کھلاڑی ہیرو بن کر نمودار ہو اور بعد میں اس کا کھیل بالکل زیرو ہو جائے تو وہ تب بھی خود کو ہیرو ہی تصور کرتا ہے۔ اسی طرح مشاعروں میں جو کسی قابل بھی نہ ہو وہ خود کو بڑا علامہ تصور کرتا ہے۔ خواہ اسے شاعری بالکل بھی کرنی نہ آتی ہو، وہ بس صرف تک بندی ہی کرتا ہے۔ «پھسڈی» کے معنی پیچھے رہ جانے والے کے ہیں۔ شاعری میں پیچھے رہ جانے والے بھی اپنے آپ کو طرم خان سمجھتے ہیں۔ یوں شاعر اس غلط فہمی پر مزاحیہ طنز کرتا ہے۔

  14. Q14 · 2 marks

    ادب نواز پہ شاؤٹ یہاں بھی ہوتے ہیں یہ بدنصیب رن آؤٹ یہاں بھی ہوتے ہیں

    Answer

    یہ شعر دلاور فگار کی نظم «کرکٹ اور مشاعرہ» سے لیا گیا ہے۔ اس شعر میں شاعر کہتا ہے کہ جس طرح کرکٹ کے کھلاڑی، جن سے لوگوں کی بہت سی امیدیں وابستہ ہوں، میچ پر آتے ہی رن آؤٹ ہو جائیں تو لوگ ہوٹنگ کرتے ہیں۔ اسی طرح ادب میں اب لوگ ایک نئی اصطلاح یعنی ادب نوازی کو اختیار کرتے ہوئے بے وزن اور بے کار اشعار والے شاعروں پر اپنی مہربانیاں کرتے ہیں، یعنی ہر شعبے میں اب سفارشیں چلتی ہیں۔ ادب نواز شاعر بھی کرکٹ کے کھلاڑی کی طرح رن آؤٹ ہوتے ہیں جب سامعین و حاضرین ان پر شاؤٹ کرتے ہیں۔

  15. Q15 · 2 marks

    مرے خیال کو اہل نظر کریں گے کچھ مشاعرہ بھی ہے اک طرح کا کرکٹ میچ

    Answer

    یہ شعر دلاور فگار کی نظم «کرکٹ اور مشاعرہ» سے لیا گیا ہے۔ شاعر اس طویل نظم کے آخری شعر میں کہتا ہے کہ اہلِ نظر اور اہلِ ذوق جو ادب اور شاعری کی باریکیوں کو سمجھتے ہیں، وہ میرے اس خیال اور الفاظ سے اتفاق کریں گے۔ میرے خیال میں جیسے کرکٹ کے میچ میں اچھی کارکردگی پر کھلاڑیوں کو داد و تحسین ملتی ہے، اسی طرح اچھی اور معیاری شاعری پر بھی تعریف سننے کو ملتی ہے۔ مگر افسوس کہ جس طرح کرکٹ میں سفارشیں چلتی ہیں، اسی طرح مشاعروں میں بھی اب ادب نوازیاں چلتی ہیں۔ یوں مشاعرہ بھی ایک طرح کا کرکٹ میچ ہی بن چکا ہے۔

Test yourself on this chapter

Timed chapter tests, marked the moment you finish.

See the chapter tests

Practise with a free account

Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.

Create free account