Parho

Class 10 Pakistan Studies · Chapter 2

تحریکِ پاکستان: questions and answers

Every short question, long question and MCQ on this chapter's free papers, each with its answer. Try one yourself first, then check.

49short questions
10long questions
0MCQs

Short questions with answers

  1. Q1 · 2 marks

    برصغیر میں جنوبی ایشیا میں مسلمانوں کی آمد کب ہوئی؟

    Answer

    برصغیر میں مسلمانوں کی آمد 712ء میں محمد بن قاسم کی فتح سندھ سے شروع ہوئی۔

  2. Q2 · 2 marks

    میثاق لکھنؤ میں مسلمانوں کو کیا فوائد حاصل ہوئے؟

    Answer

    میثاق لکھنؤ میں پہلی بار کانگریس نے مسلمانوں کو الگ قوم تسلیم کیا اور جداگانہ انتخابات کا مطالبہ مان لیا۔ اس کی بدولت قائداعظم کو «ہندو مسلم اتحاد کا سفیر» کہا گیا۔

  3. Q3 · 2 marks

    تحریک علی گڑھ کا بنیادی مقصد تحریر کریں۔

    Answer

    اس کے مقاصد یہ تھے: حکومت اور مسلمانوں کے درمیان اعتماد بحال کرنا، مسلمانوں کو جدید علوم اور انگریزی زبان کی طرف راغب کرنا، اور انہیں آگاہ کرنا کہ پہلے تعلیم حاصل کریں پھر سیاست میں حصہ لیں۔

  4. Q4 · 2 marks

    تحریک ہجرت کا کیا نتیجہ نکلا؟

    Answer

    ہزاروں مسلمان خاندان جائیدادیں بیچ کر افغانستان چلے گئے مگر افغانستان نے داخلے کی اجازت نہ دی اور انہیں واپس جانے پر مجبور کر دیا۔ لٹے پٹے مسلمان واپس آئے تو ان کے لیے بربادی کے سوا کچھ نہ تھا۔

  5. Q5 · 2 marks

    مسلم لیگ کے قیام کے پس منظر میں کیا محرکات شامل تھے؟

    Answer

    تقسیم بنگال کا ردعمل، انگریزوں کا مسلمانوں کے ساتھ عمومی رویہ، مسلمانوں کا احساس محرومی اور حکومت کی طرف سے انہیں نظر انداز کرنا۔ شملہ وفد کے بعد مسلمانوں نے شدت سے ایک سیاسی جماعت کی ضرورت محسوس کی۔

  6. Q6 · 2 marks

    قرارداد لاہور کب اور کس نے پیش کی؟

    Answer

    قرارداد مسلم لیگ کے ستائیسویں سالانہ اجلاس میں قائداعظم کی صدارت میں 23 مارچ 1940ء کو لاہور میں پیش ہوئی۔ اسے شیر بنگال مولوی اے کے فضل الحق نے پیش کیا۔

  7. Q7 · 2 marks

    تحریک ہجرت کا کیا سبب تھا؟

    Answer

    1920ء میں چند علمائے کرام نے فتویٰ دیا کہ برصغیر «دارالحرب» ہے۔ مسلمانوں کا انگریزوں کی عملداری میں رہنا جائز نہیں اور انہیں دارالسلام ہجرت کرنی چاہیے۔

  8. Q8 · 2 marks

    تحریک پاکستان کے پس منظر میں شاہ ولی اللہ اور ان کے شاگردوں کا کردار بیان کریں۔

    Answer

    مغل زوال کے بعد شاہ ولی اللہ ایک مصلح اور مجدد کی شکل میں سامنے آئے اور ان سے احیائے اسلام کی تحریک کا آغاز ہوا۔ ان کے صاحبزادگان اور شاگرد سرگرم عمل رہے۔ 1831ء میں سید احمد شہید اور سید اسماعیل شہید بالاکوٹ میں شہید ہوئے۔

  9. Q9 · 2 marks

    سرسید احمد خان کی تعلیمی خدمات بیان کریں۔

    Answer

    1859ء میں مراد آباد میں سکول قائم کیا، 1863ء میں غازی پور میں سائنٹیفک سوسائٹی بنائی، 1875ء میں علی گڑھ میں سکول اور 1877ء میں کالج قائم کیا جو 1920ء میں یونیورسٹی بن گیا۔

  10. Q10 · 2 marks

    سرسید احمد خان نے مسلمانوں کو کانگریس میں شامل ہونے سے کیوں روکا؟

    Answer

    کانگریس 1885ء میں قائم ہوئی۔ سرسید کو اندیشہ تھا کہ یہ رفتہ رفتہ ہندو جماعت بن جائے گی، اس لیے مسلمانوں کو اس جماعت سے وابستہ نہیں ہونا چاہیے۔

  11. Q11 · 2 marks

    تقسیم بنگال 1905ء کے اسباب اور نتائج لکھیں۔

    Answer

    انتظامی سہولت کے پیش نظر بنگال کو دو حصوں (مشرقی اور مغربی) میں تقسیم کیا گیا۔ مسلمان خوش ہوئے مگر ہندوؤں نے سودیشی تحریک شروع کی اور انگریزی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا۔ آخر کار 1911ء میں تقسیم منسوخ کر دی گئی جس سے مسلمانوں کو صدمہ پہنچا۔

  12. Q12 · 2 marks

    شملہ وفد 1906ء کا تعارف اور مطالبہ بیان کریں۔

    Answer

    یکم اکتوبر 1906ء کو سر آغا خان کی قیادت میں مسلمانوں کا وفد وائسرائے لارڈ منٹو سے شملہ میں ملا اور جداگانہ انتخابات کا مطالبہ کیا۔ وائسرائے کی طرف سے مثبت جواب ملا۔

  13. Q13 · 2 marks

    منٹو مارلے اصلاحات 1909ء کیا تھیں؟

    Answer

    مسٹر مارلے (وزیر ہند) اور لارڈ منٹو (وائسرائے ہند) نے مل کر 1909ء میں جو اصلاحات مرتب کیں انہیں منٹو مارلے اصلاحات کہتے ہیں۔ ان میں مسلمانوں کو جداگانہ انتخاب کا حق دیا گیا۔

  14. Q14 · 2 marks

    تحریک خلافت 1919ء کے مقاصد لکھیں۔

    Answer

    ترکیہ کی خلافت قائم رکھی جائے، مسلمانوں کے مقدس مقامات ترکوں کی حفاظت میں رہیں اور ترکیہ کی حدود میں تبدیلی نہ کی جائے۔

  15. Q15 · 2 marks

    تحریک عدم تعاون 1920ء کے کوئی چار مقاصد لکھیں۔

    Answer

    حکومت کے ساتھ عدم تعاون، سرکاری ملازمتوں کو ترک کرنا، فوج میں مقامی لوگوں کا بھرتی نہ ہونا، انگریزی مصنوعات کا بائیکاٹ، عدالتی بائیکاٹ، بچوں کو سکولوں اور کالجوں میں نہ بھیجنا اور انگریزوں کے عطا کردہ خطابات واپس کرنا۔ (کوئی چار)

  16. Q16 · 2 marks

    نہرو رپورٹ 1928ء سے مسلمانوں پر کیا اثر پڑا؟

    Answer

    نہرو رپورٹ نے میثاق لکھنؤ کو پھیر دیا اور جداگانہ انتخابات کے اصول کو رد کرتے ہوئے مسلمانوں کے لازمی تحفظات ماننے سے انکار کر دیا۔ اس سے دونوں قوموں کے تعلقات خراب ہو گئے۔

  17. Q17 · 2 marks

    قائداعظم کے چودہ نکات میں سے کوئی پانچ لکھیں۔

    Answer

    آئندہ آئین وفاقی طرز کا ہو، تمام صوبوں کو ایک ہی اصول پر داخلی خود مختاری ملے، مرکزی اسمبلی میں مسلمان ارکان ایک تہائی سے کم نہ ہوں، جداگانہ انتخابات کا اصول لاگو ہو، سندھ کو بمبئی سے الگ صوبہ بنایا جائے، مسلمانوں کو مذہبی اور ثقافتی تحفظ دیا جائے۔ (کوئی پانچ)

  18. Q18 · 2 marks

    علامہ اقبال کے خطبہ الٰہ آباد 1930ء کا مطالبہ بیان کریں۔

    Answer

    آپ نے فرمایا کہ پنجاب، سرحد، سندھ اور بلوچستان کو ملا کر ایک ریاست بنا دی جائے، خواہ وہ ہندوستان کے اندر رہے یا باہر۔ انہیں شمال مغربی مسلم ریاست کا قیام مقدر نظر آتا تھا۔

  19. Q19 · 2 marks

    کانگریسی وزارتوں (1937ء) کے دور میں مسلمانوں پر کیا ظلم ہوا؟

    Answer

    ہندوؤں نے مسلمانوں میں مذہبی پابندیاں لگانے کی کوشش کی، مسجدوں کے باہر شور کیا، ملازمتوں کے دروازے بند کیے، سکولوں میں اردو کی جگہ ہندی رائج کرنے کی کوشش کی اور مسلمانوں کو نفرت پر مبنی «بندے ماترم» گانے پر مجبور کیا۔

  20. Q20 · 2 marks

    یوم نجات کب اور کیوں منایا گیا؟

    Answer

    1939ء میں کانگریسی وزارتوں کے خاتمے پر قائداعظم اور مسلم لیگ کی اپیل پر مسلمانوں نے 22 دسمبر 1939ء کو یوم نجات منایا۔

  21. Q21 · 2 marks

    کرپس مشن کی تجاویز مختصر لکھیں۔

    Answer

    جنگ کے بعد برصغیر تاج برطانیہ کے ماتحت ہوگا، جنگ کے دوران دفاع برطانوی حکومت کے زیر کنٹرول رہے گا، آئین سازی کے لیے مرکزی اسمبلی منتخب ہوگی جسے صوبے قبول نہ کریں وہ الگ حیثیت قائم کر سکیں گے، اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اقدام ہوں گے۔ مسلم لیگ اور کانگریس دونوں نے مسترد کر دیا۔

  22. Q22 · 2 marks

    کابینہ مشن پلان 1946ء کے اہم نکات بیان کریں۔

    Answer

    16 مئی 1946ء کے منصوبے کے مطابق برصغیر میں یونین ہوگی جو خارجہ امور، دفاع اور مواصلات کی ذمہ دار ہوگی، باقی اختیارات صوبوں کے پاس ہوں گے، صوبے گروپ بنا سکیں گے اور ہر دس سال بعد آئین میں تبدیلی کا مطالبہ کر سکیں گے۔

  23. Q23 · 2 marks

    یوم راست اقدام اور عبوری حکومت کا قیام بیان کریں۔

    Answer

    مسلم لیگ نے 16 اگست 1946ء کو یوم راست اقدام منایا۔ ستمبر 1946ء میں عبوری حکومت میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا اور لیاقت علی خان، آئی آئی چندریگر، سردار عبدالرب نشتر، راجہ غضنفر علی خان اور جوگندر ناتھ منڈل کو نامزد کیا۔

  24. Q24 · 2 marks

    3 جون 1947ء کے منصوبے اور قانون آزادی ہند کے اہم نکات لکھیں۔

    Answer

    اقتدار 14 اگست 1947ء تک منتقل ہونا تھا، پنجاب اور بنگال اسمبلیوں کے ہندو اور مسلمان ارکان کے الگ اجلاس ہوں گے، سرحد اور سلہٹ میں استصواب رائے، بلوچستان کا فیصلہ شاہی جرگہ کرے گا۔ 18 جولائی 1947ء کو قانون آزادی ہند منظور ہوا اور ہندوستان کو پاکستان اور بھارت میں تقسیم کر دیا گیا۔

  25. Q25 · 2 marks

    لیاقت علی خان کو کب اور کہاں شہید کیا گیا؟

    Answer

    لیاقت علی خان کو 16 اکتوبر 1951ء کو راولپنڈی کے کمپنی باغ میں شہید کیا گیا۔ ان کی زبان پر آخری الفاظ تھے: «یا اللہ! پاکستان کی حفاظت فرما»۔

  26. Q26 · 2 marks

    ریڈکلف ایوارڈ کا اہم ترین فیصلہ کیا تھا؟

    Answer

    ریڈکلف ایوارڈ نے گورداسپور کا مسلم اکثریتی علاقہ بھارت کے حوالے کر دیا جس سے بھارت کو کشمیر تک رسائی مل گئی۔ اس طرح مسئلہ کشمیر پیدا ہوا۔

  27. Q27 · 2 marks

    1956ء کا آئین کب منسوخ ہوا؟

    Answer

    1956ء کا آئین اکتوبر 1958ء میں جنرل محمد ایوب خان نے منسوخ کیا۔ وہ تقریباً دو سال سات ماہ تک نافذ رہا۔

  28. Q28 · 2 marks

    قیام پاکستان کے بعد مسلمانوں کو جو مشکلات پیش آئیں ان میں سے صرف تین کے نام لکھیں۔

    Answer

    ریڈکلف ایوارڈ، مہاجرین کی آبادکاری اور انتظامی مشکلات۔ (معاشی مشکلات، فوجی اثاثوں کی تقسیم، دریائی پانی کا تنازع اور سیاسی مشکلات میں سے بھی کوئی تین لکھے جا سکتے ہیں۔)

  29. Q29 · 2 marks

    قرارداد مقاصد کے حوالے سے حاکمیت اعلیٰ کس کے پاس ہے؟

    Answer

    قرارداد مقاصد کے مطابق حاکمیت اعلیٰ اللہ تعالیٰ کے پاس ہے۔ اقتدار مسلمانوں کے پاس اللہ کی امانت ہے جسے منتخب نمائندے مقررہ حدود میں رہ کر استعمال کریں گے۔

  30. Q30 · 2 marks

    1956ء کے آئین کی تین خصوصیات بیان کریں۔

    Answer

    پاکستان کو اسلامی جمہوریہ قرار دیا گیا، ملک میں وفاقی نظام حکومت قائم کیا گیا، اور اردو اور بنگالی دونوں کو قومی زبانیں قرار دیا گیا۔ آئین تحریری شکل میں تیار کیا گیا۔

  31. Q31 · 2 marks

    پاکستان انڈسٹریل ڈویلپمنٹ بینک کے قیام کا کیا مقصد تھا؟

    Answer

    اس کا مقصد صنعتوں کی ترقی کے لیے طویل اور قلیل مدت کے لیے قرضے دینا تھا۔

  32. Q32 · 2 marks

    بنیادی جمہوریتوں کے نظام کے درجات کو بیان کریں۔

    Answer

    چار درجے تھے: یونین کونسل/ٹاؤن کمیٹی، تحصیل کونسل/تھانہ کونسل، ضلع کونسل اور ڈویژنل کونسل (آخری منزل)۔

  33. Q33 · 2 marks

    بحیثیت پہلے گورنر جنرل قائداعظم کی کوئی چار خدمات لکھیں۔

    Answer

    کراچی کو دارالحکومت بنایا، سیکرٹریٹ بنایا اور سرکاری ملازمین کو دیانتداری سے کام کرنے کی تلقین کی، ہوائی کمپنی سے معاہدہ کیا، انتظامی ڈھانچے کی بہتری کے لیے چوہدری محمد علی کی سربراہی میں کمیٹی بنائی، بحری و بری افواج کے ہیڈ کوارٹر بنائے، خارجہ پالیسی پر توجہ دی اور 1947ء میں پہلی تعلیمی کانفرنس کرائی۔ (کوئی چار)

  34. Q34 · 2 marks

    پہلے وزیراعظم کی حیثیت سے لیاقت علی خان کی خدمات لکھیں۔

    Answer

    پنجاب مہاجر کونسل کے چیئرمین کی حیثیت سے مہاجرین کی آبادکاری کی، قتل عام روکنے کے لیے نہرو کے ساتھ سرحدی علاقوں کا دورہ کیا، معاشی ترقی کے لیے پاکستانی مصنوعات کو فروغ دیا، 12 مارچ 1949ء کو قرارداد مقاصد پیش کی اور اسلامی ممالک سے خوشگوار تعلقات قائم کیے۔

  35. Q35 · 2 marks

    مہاجرین کی آبادکاری کا مسئلہ بیان کریں۔

    Answer

    1947ء میں ہندو مسلم فسادات میں بھارت میں مسلمانوں کی بستیاں جلا دی گئیں اور قتل و غارت ہوا۔ لاکھوں مہاجرین بے سرو سامان پاکستان آئے۔ مسلمانوں نے دل کھول کر انہیں کھانا، لباس اور مالی مدد دی اور یہ مشکل وقت گزر گیا۔

  36. Q36 · 2 marks

    قیام پاکستان کے وقت انتظامی مشکلات کیا تھیں؟

    Answer

    کراچی کو دارالحکومت بنایا گیا مگر دفاتر کے لیے گنجائش کم تھی، عارضی دفاتر بنائے گئے، ماہر اور تجربہ کار عملہ موجود نہ تھا، سول سروس کے کل 81 مسلمان افسر پاکستان کے حصے میں آئے جن میں اعلیٰ عہدوں کا تجربہ نہ تھا اور رہائش کی بھی بندوبست نہ تھا۔

  37. Q37 · 2 marks

    قیام پاکستان کے وقت پاکستان کو کون سی معاشی مشکلات پیش آئیں؟

    Answer

    زیادہ تر علاقے پسماندہ تھے، نقل و حمل کی سہولتیں کم تھیں، کپڑے کے 394 کارخانوں میں سے صرف 14 اور بینکوں کی 487 شاخوں میں سے 69 پاکستان کے حصے میں آئیں، ہندو سرمایہ ساتھ لے گئے اور بھارت نے اثاثوں کی تقسیم میں ناانصافی کی۔

  38. Q38 · 2 marks

    فوجی اثاثوں کی تقسیم میں پاکستان سے کیا ناانصافی کی گئی؟

    Answer

    فارمولے کے مطابق بھارت کو 64 فیصد اور پاکستان کو 36 فیصد اثاثے ملنے تھے۔ اسلحہ بنانے والی 16 فیکٹریوں میں سے کوئی بھی پاکستان کے حصے میں نہ آئی۔ بھارت نے 60 ملین روپے دینے کا فارمولا بھی رد کر دیا۔

  39. Q39 · 2 marks

    دریائی پانی کے تنازع کا خلاصہ لکھیں۔

    Answer

    بھارت نے فیروز پور اور مادھو پور ہیڈ ورکس پر کنٹرول کر کے اپریل 1948ء میں پاکستان کا پانی روک دیا۔ 1960ء کے سندھ طاس معاہدے کے تحت راوی، ستلج اور بیاس بھارت کو اور سندھ، جہلم اور چناب پاکستان کو ملے۔

  40. Q40 · 2 marks

    جونا گڑھ، مناوادر اور حیدر آباد دکن کے معاملات لکھیں۔

    Answer

    نواب مہابت خان نے جونا گڑھ کا الحاق پاکستان سے کیا مگر بھارت نے 1947ء میں حملہ کر کے قبضہ کر لیا۔ مناوادر نے بھی الحاق کا اعلان کیا مگر بھارت نے قبضہ کر لیا۔ حیدر آباد دکن پر 1948ء میں بھارتی فوج نے قبضہ کیا۔

  41. Q41 · 2 marks

    مسئلہ کشمیر کیسے پیدا ہوا؟

    Answer

    کشمیر میں مسلمان اکثریت میں تھے مگر ہندو حکمران ہری سنگھ نے بھارت سے الحاق کر دیا۔ مجاہدین نے آزاد کشمیر آزاد کرایا۔ اقوام متحدہ نے جنگ بندی کرائی اور استصواب رائے کا وعدہ کیا مگر بھارت عمل نہیں کرتا۔

  42. Q42 · 2 marks

    قرارداد مقاصد کے کوئی چار اہم نکات لکھیں۔

    Answer

    اللہ تعالیٰ کی حاکمیت، اسلامی اقدار کی پابندی، اسلامی طرز زندگی، اقلیتوں کا تحفظ، بنیادی حقوق کی فراہمی، وفاقی نظام حکومت، پسماندہ طبقات کے مفادات کا تحفظ اور عدلیہ کی آزادی۔ (کوئی چار)

  43. Q43 · 2 marks

    قرارداد مقاصد کی اہمیت بیان کریں۔

    Answer

    اس کی منظوری کے بعد دستور بنانے کا کام شروع ہوا، بنیادی اصولوں کی کمیٹی بنی، یہ دستور سازی کے لیے رہنما اصول بنی اور اسے 1973ء کے آئین میں بطور ابتدائیہ اور 1985ء میں باقاعدہ حصہ بنا دیا گیا۔

  44. Q44 · 2 marks

    جنرل محمد ایوب خان کے مارشل لا کے کوئی تین اسباب لکھیں۔

    Answer

    سیاسی قیادت کا فقدان، انتخابات میں التوا، پارلیمانی نظام کی ناکامی (گیارہ برسوں میں سات وزارتیں) اور دستور سازی میں مسلسل رکاوٹ۔ (کوئی تین)

  45. Q45 · 2 marks

    مسلم عائلی قوانین 1961ء کے اہم نکات لکھیں۔

    Answer

    نکاح کا اندراج لازمی، دوسری شادی کے لیے پہلی بیوی کی اجازت، لڑکے کی کم از کم عمر 18 اور لڑکی کی 16 سال، طلاق میں عدت کا عرصہ 90 دن اور یتیم پوتے کا دادا کی وراثت میں حق۔

  46. Q46 · 2 marks

    1965ء کے صدارتی انتخابات کے اثرات لکھیں۔

    Answer

    بنیادی جمہوریتوں کے نظام کے زوال کا سبب بنے، حزب مخالف نے دھاندلی کا الزام لگایا، مشرقی پاکستان میں احساس محرومی اور عدم تحفظ بڑھا اور عوام نے نئے آئین کا مطالبہ کیا۔

  47. Q47 · 2 marks

    1965ء کی جنگ کے اثرات لکھیں۔

    Answer

    قومی یکجہتی اور اتحاد پیدا ہوا، اندرونی اختلافات بھلا دیے گئے، پاکستان کا دفاع مضبوط ہوا، لاہور، سرگودھا اور سیالکوٹ کو ہلال استقلال ملا اور 6 ستمبر یوم دفاع قرار پایا۔

  48. Q48 · 2 marks

    1970ء کے انتخابات کے نتائج لکھیں۔

    Answer

    عوامی لیگ نے قومی اسمبلی کی 300 جنرل نشستوں میں سے 160 جبکہ پیپلز پارٹی نے 81 نشستیں جیتیں۔ عوامی لیگ نے مشرقی پاکستان کی 300 جنرل نشستوں میں سے 288 جیتیں۔ پیپلز پارٹی کو پنجاب اور سندھ میں اور نیپ و جے یو آئی کو سرحد و بلوچستان میں اکثریت ملی۔

  49. Q49 · 2 marks

    مشرقی پاکستان کی علیحدگی کے کوئی چار اسباب لکھیں۔

    Answer

    ایک ہزار میل کا جغرافیائی فاصلہ، معاشی پسماندگی، ہندو اساتذہ کا کردار، زبان کا مسئلہ، نمائندگی کی شرح کا مسئلہ، بھارتی مداخلت اور شیخ مجیب کے چھ نکات۔ (کوئی چار)

Long questions with answers

  1. Q1 · 8 marks

    تحریک علی گڑھ پر سیاسی، سماجی اور تعلیمی پہلوؤں سے روشنی ڈالیں۔

    Answer

    پس منظر: 1857ء کی ناکامی کے بعد مسلمانوں کی تاریخ کا سیاہ ترین دور شروع ہوا اور وہ انگریزوں کی نفرت اور انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنے۔ ایسے میں سرسید احمد خان نے قوم کی رہنمائی کا بیڑا اٹھایا۔ مقاصد: حکومت اور مسلمانوں کے درمیان اعتماد بحال کرنا، جدید علوم اور انگریزی کی طرف راغب کرنا، اور آگاہ کرنا کہ پہلے تعلیم حاصل کریں پھر سیاست میں حصہ لیں۔ تعلیمی پہلو: 1859ء میں مراد آباد میں سکول، 1863ء میں غازی پور میں سائنٹیفک سوسائٹی، 1875ء میں علی گڑھ سکول، 1877ء میں کالج جو 1920ء میں یونیورسٹی بنا۔ سماجی پہلو: «رسالہ اسباب بغاوت ہند» لکھ کر انگریز حکومت کو 1857ء کے اسباب سے آگاہ کیا اور مسلمانوں کے لیے ہر پہلو سے عملی کام کیا۔ سیاسی پہلو: 1885ء میں قائم ہونے والی کانگریس میں مسلمانوں کی شمولیت سے روکا کیونکہ وہ رفتہ رفتہ ہندو جماعت بن جاتی۔

    نتیجہ: اس تحریک سے مسلمانوں کے جداگانہ تشخص کی تشکیل ہوئی۔

  2. Q2 · 8 marks

    قائداعظم کے چودہ نکات لکھیں۔

    Answer

    پس منظر: نہرو رپورٹ کو رد کرتے ہوئے قائداعظم نے 1929ء میں چودہ نکات پیش کیے۔ نکات: 1- آئندہ آئین وفاقی ہو اور صوبوں کو زیادہ خود مختاری ملے۔ 2- تمام صوبوں کو ایک ہی اصول پر داخلی خود مختاری ملے۔ 3- صوبوں میں اقلیتوں کو مناسب نمائندگی دی جائے۔ 4- مرکزی اسمبلی میں مسلمان ارکان کی تعداد ایک تہائی سے کم نہ ہو۔ 5- جداگانہ انتخابات کا اصول ہر فرقے پر لاگو ہو، البتہ اگر کوئی فرقہ چاہے تو اپنی مرضی سے مخلوط طریقہ قبول کر سکتا ہے۔ 6- صوبوں کی حدود میں ایسی تبدیلی نہ ہو جس سے پنجاب، بنگال اور سرحد کی مسلم اکثریت متاثر ہو۔ 7- سب کو یکساں مذہبی آزادی دی جائے۔ 8- جس مسودہ قانون کے خلاف کسی فرقے کے تین چوتھائی ارکان رائے دیں وہ نامنظور سمجھا جائے۔ 9- سندھ کو بمبئی سے الگ صوبہ بنایا جائے۔ 10- بلوچستان اور سرحد میں دیگر صوبوں کی مانند اصلاحات نافذ ہوں۔ 11- سرکاری ملازمتوں میں مسلمانوں کو اہلیت اور تناسب کے لحاظ سے حصہ ملے۔ 12- مسلمانوں کو مذہبی و ثقافتی تحفظ دیا جائے۔ 13- صوبائی و مرکزی وزارتوں میں مسلمانوں کی کم از کم ایک تہائی نمائندگی ہو۔ 14- صوبوں کی مرضی کے بغیر آئین میں تبدیلی نہ کی جائے۔

    نتیجہ: ان نکات نے مسلمانوں کے سیاسی حقوق کی ترجمانی کی اور ہندوستان میں دستوری اصلاحات کا بنیادی ڈھانچہ بھی مہیا کیا۔

  3. Q3 · 8 marks

    قائداعظم کی سیاسی اور آئینی کوششوں کے حوالے سے قیام پاکستان میں کردار کو بیان کریں۔

    Answer

    تعارف: قائداعظم 25 دسمبر 1876ء کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ سیاست میں دلچسپی انگلستان میں شروع ہوئی۔ پہلے کانگریس میں شامل ہوئے اور ہندو مسلم اتحاد کے حامی تھے، اسی لیے «سفیر اتحاد» کہلائے۔ سیاسی و آئینی کوششیں: 1909ء میں مسلمانوں نے وائسرائے کی کونسل کے لیے انہیں نمائندہ منتخب کیا۔ 1913ء میں مسلم لیگ میں شامل ہوئے اور کانگریس کی مسلم دشمن پالیسیوں کے باعث 1920ء میں کانگریس چھوڑ دی۔ 1916ء میں لکھنؤ معاہدہ ہوا اور انہیں «ہندو مسلم اتحاد کا سفیر» کا لقب ملا۔ 1919ء میں رولٹ ایکٹ کی مخالفت کی اور احتجاجاً وائسرائے کی کونسل سے استعفیٰ دیا۔ 1929ء میں چودہ نکات پیش کیے، 1930ء تا 1932ء کی گول میز کانفرنسوں میں شرکت کی۔ 1934ء میں مسلم لیگ کی صدارت سنبھالی۔ 1940ء کے لاہور اجلاس میں قرارداد پاکستان منظور ہوئی۔ 1945-46ء کے انتخابات میں مسلم لیگ نے شاندار کامیابی حاصل کی۔ 14 اگست 1947ء کو پاکستان معرض وجود میں آیا اور آپ پہلے گورنر جنرل بنے۔ ذاتی صحت خراب ہونے کے باوجود دن رات کام کیا اور 11 ستمبر 1948ء کو وفات پائی۔

    نتیجہ: قائداعظم نے سیاسی اور آئینی جدوجہد سے پاکستان حاصل کیا۔

  4. Q4 · 8 marks

    قیام پاکستان کے بعد پیش آنے والی ابتدائی مشکلات کا جائزہ لیں۔

    Answer

    تعارف: پاکستان کو معرض وجود میں آتے ہی بے شمار مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ 1- ریڈکلف ایوارڈ: سر ریڈکلف کی سربراہی میں حد بندی ہوئی، گورداسپور وغیرہ بھارت کو دے دیے گئے جس سے مسئلہ کشمیر پیدا ہوا۔ 2- مہاجرین کی آبادکاری: بھارت میں قتل و غارت سے لاکھوں مہاجرین پاکستان آئے، مسلمانوں نے کھانا اور لباس دے کر مدد کی۔ 3- انتظامی مشکلات: کراچی کو دارالحکومت بنایا گیا، دفاتر کی جگہ کم تھی، عملہ تجربہ کار نہ تھا، 81 مسلمان افسر ملے۔ 4- معاشی مشکلات: علاقے پسماندہ تھے، کپڑے کے 394 کارخانوں میں سے 14 اور بینکوں کی 487 شاخوں میں سے 69 ملیں۔ 5- فوجی اثاثوں کی تقسیم: 36 فیصد حصہ ملنا تھا، اسلحہ کی 16 فیکٹریوں میں سے کوئی نہ ملی۔ 6- دریائی پانی کا تنازع: بھارت نے اپریل 1948ء میں پانی روکا، 1960ء کے سندھ طاس معاہدے سے حل ہوا۔ 7- سیاسی مشکلات: جونا گڑھ، مناوادر، کشمیر اور حیدر آباد پر بھارت نے قبضہ کر لیا۔

    نتیجہ: ان مشکلات کے باوجود قوم نے ہمت سے پاکستان کو مضبوط بنیادوں پر کھڑا کیا۔

  5. Q5 · 8 marks

    قرارداد مقاصد کے اہم نکات کو تفصیل سے بیان کریں۔

    Answer

    تعارف: 12 مارچ 1949ء کو وزیراعظم لیاقت علی خان نے دستور ساز اسمبلی میں قرارداد پیش کی جس میں ان نکات کی نشاندہی کی گئی جن کو آئین کی بنیاد بنانا تھا۔ اسمبلی نے اکثریت سے منظور کر لیا۔ نکات: 1- اللہ تعالیٰ کی حاکمیت: ساری کائنات کا مالک اللہ ہے، اقتدار مسلمانوں کے پاس اللہ کی امانت ہے جسے عوام کے منتخب نمائندے حدود کے اندر استعمال کریں گے۔ 2- اسلامی اقدار کی پابندی: جمہوریت، آزادی، رواداری اور معاشرتی انصاف۔ 3- اسلامی طرز زندگی: مسلمانوں کو انفرادی و اجتماعی زندگی اسلام کے مطابق گزارنے کا ماحول ملے گا۔ 4- اقلیتوں کا تحفظ: غیر مسلم شہریوں کو اپنے مذہب اور عقائد کے مطابق زندگی گزارنے کا تحفظ۔ 5- بنیادی حقوق کی فراہمی: نسلی، معاشرتی، معاشی اور مذہبی تعصب کے بغیر۔ 6- وفاقی نظام حکومت: وفاقی جمہوری نظام۔ 7- پسماندہ طبقات کے مفادات کا تحفظ۔ 8- عدلیہ کی آزادی: بغیر دباؤ کے کام کرے گی۔ اہمیت: ملک میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، دستور سازی کا آغاز ہوا اور بعد کے تمام دساتیر میں ابتدائیہ شامل کیا گیا۔

  6. Q6 · 8 marks

    جنرل محمد ایوب خان کے مارشل لا کے اسباب کیا تھے؟ وضاحت کریں۔

    Answer

    تعارف: 1958ء میں جنرل ایوب خان نے ملک میں مارشل لا نافذ کیا اور 1956ء کا آئین منسوخ کر دیا۔ اسباب: 1- سیاسی قیادت کا فقدان: قائداعظم 1948ء میں اور لیاقت علی خان 1951ء میں شہید ہو گئے۔ ان کے بعد تجربہ کار سیاسی قیادت کا بحران پیدا ہوا اور باگ ڈور ایسے قائدین کے ہاتھوں میں آئی جو مطلوبہ قومی وحدت پیدا نہ کر سکے اور نہ صوبائی، لسانی اور معاشی بحرانوں پر قابو پا سکے۔ 2- انتخابات کا التوا: 1956ء کا دستور منظور ہونے کے بعد ایک سال کے اندر انتخابات کی توقع تھی مگر نہ ہو سکے۔ 3- پارلیمانی نظام کی ناکامی: پہلے گیارہ برسوں میں یہ نظام ناکام ہو گیا، چار گورنر جنرلوں کے تحت سات وزارتیں بنیں۔ 4- دستور سازی میں مسلسل رکاوٹ: بھارت نے اپنا دستور ڈھائی سال میں تیار کر لیا لیکن پاکستان کا دستور جلد نہ بن سکا۔

    نتیجہ: آخر ملک میں مارشل لا نافذ ہو گیا۔

  7. Q7 · 8 marks

    1962ء کے آئین کی نمایاں خصوصیات لکھیں۔

    Answer

    پس منظر: صدر ایوب خان نے نیا آئین بنانے کے لیے دستوری کمیشن قائم کیا جس نے 1961ء میں سفارشات پیش کیں۔ صدر نے اپنی مرضی کی ترامیم کے بعد آئین نافذ کیا۔ خصوصیات:

    (i)1962ء کا آئین تحریری تھا جو 250 دفعات پر مشتمل تھا۔

    (ii)آئین وفاقی نوعیت کا تھا اور مشرقی و مغربی پاکستان کو برابر نمائندگی دی گئی۔

    (iii)ملک میں صدارتی طرز حکومت رائج ہوا اور تمام اختیارات کا منبع صدر کو بنایا گیا۔

    (iv)کئی اسلامی دفعات شامل تھیں مثلاً اللہ تعالیٰ کی حاکمیت، پاکستان کا نام اسلامی جمہوریہ پاکستان اور سربراہ ریاست کا مسلمان ہونا لازمی۔

    (v)عوام کو بنیادی حقوق دیے گئے۔

    (vi)اردو اور بنگالی کو قومی زبانیں قرار دیا گیا۔ ناکامی: ایوب خان کی آمرانہ حکومت کے خلاف عوامی تحریک چلی، حالات قابو سے باہر ہوئے، 25 مارچ 1969ء کو مارشل لا نافذ ہوا اور آئین ختم ہو گیا۔

  8. Q8 · 8 marks

    لیگل فریم ورک آرڈر 1970ء کا جائزہ پیش کریں۔

    Answer

    پس منظر: جنرل یحییٰ خان نے نومبر 1969ء میں عبوری آئین کے لیے کمیشن ترتیب دیا جس نے 30 مارچ 1970ء کو اسے حتمی شکل میں پیش کیا۔ اہم نکات: 1- مغربی پاکستان سے ون یونٹ کا خاتمہ اور چاروں صوبے بحال۔ 2- عوام کو براہ راست ووٹ کا حق، رائے دہی کی عمر 21 سال۔ 3- قومی اسمبلی کی نشستیں صوبوں کی آبادی کے لحاظ سے تقسیم، کل نشستیں 313 جن میں 13 خواتین کے لیے اور خواتین کو جنرل نشستوں پر لڑنے کا حق بھی۔ 4- امیدوار کی کم از کم عمر 25 سال۔ 5- 120 دن میں آئین نہ بنا سکنے کی صورت میں اسمبلی ختم۔ اضافی نکات: مستقبل کے آئین کی پالیسی: آئین وفاقی ہوگا، ملک کا نام اسلامی جمہوریہ پاکستان، اسلامی نظریات اور جمہوری اقدار مد نظر، شہری بنیادی حقوق استعمال کر سکیں گے، عدلیہ آزاد، صوبوں کو خود مختاری، اور صدر کو ترمیم کا اختیار۔

    نتیجہ: اس کے تحت 1970ء کے عام انتخابات ہوئے۔

  9. Q9 · 8 marks

    مشرقی پاکستان کی علیحدگی اور بنگلہ دیش کے قیام کے اسباب اور اثرات کا جائزہ لیں۔

    Answer

    تعارف: 16 دسمبر 1971ء کو مشرقی پاکستان علیحدہ ہو کر بنگلہ دیش بنا۔ اسباب: 1- جغرافیائی فاصلہ: دونوں حصوں کے درمیان ایک ہزار میل اور بھارت کا علاقہ تھا۔ 2- تجارت و ملازمت پر ہندوؤں کے اثرات۔ 3- معاشی پسماندگی۔ 4- ہندو اساتذہ کا کردار: تعلیم ہندوؤں کے کنٹرول میں تھی۔ 5- زبان کا مسئلہ: 1956ء اور 1962ء کے آئین میں حل ہوا مگر احساس محرومی رہا۔ 6- نمائندگی کی شرح: آبادی 56 فیصد تھی مگر برابری کی بنیاد پر نمائندگی قبول کی گئی۔ 7- بھارتی مداخلت۔ 8- شیخ مجیب الرحمٰن کے چھ نکات۔ 9- 1970ء کے انتخابات: عوامی لیگ کی کامیابی کے بعد اقتدار منتقل نہ ہوا، مذاکرات ناکام ہوئے اور فسادات شروع ہو گئے۔ بھارت نے مکتی باہنی کو اسلحہ اور تربیت دی۔ پاک فوج نے دو ہفتے تک بھارتی افواج کو روکا مگر رسد ختم ہونے پر 16 دسمبر 1971ء کو علیحدگی ہو گئی۔ اثرات: ملک دو لخت ہوا، قومی یکجہتی کو شدید نقصان پہنچا اور لاکھوں بنگالی بھارت ہجرت کر گئے۔

    نتیجہ: سیاسی عدم استحکام اور ناانصافی نے ملک کو توڑ دیا۔

  10. Q10 · 8 marks

    1965ء کی پاک بھارت جنگ کے اسباب، اہم واقعات اور اثرات بیان کریں۔

    Answer

    اسباب: بھارت نے قیام پاکستان سے ہی اسے کمزور کرنے کے لیے پانی کی تقسیم، اثاثوں کی تقسیم اور مسئلہ کشمیر پر چالیں چلیں۔ 1965ء کے موسم بہار میں رن آف کچھ کے سرحدی تنازعات شروع ہوئے اور کشمیر میں بھارتی تسلط کے خلاف مظاہرے ہوئے۔ اہم واقعات: 6 ستمبر صبح 3 بجے بھارت نے غیر علانیہ جنگ شروع کی اور لاہور، رن آف کچھ، سیالکوٹ (چونڈہ) اور کشمیر کے محاذوں پر حملہ کیا۔ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نے واہگہ محاذ پر دشمن کو روکا اور نشان حیدر پایا۔ چونڈہ میں ٹینکوں کی بڑی جنگ ہوئی۔ سکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم نے ایک منٹ میں پانچ بھارتی جہاز تباہ کیے۔ صدر ایوب خان نے قوم سے خطاب کیا۔ اثرات: لاہور، سرگودھا اور سیالکوٹ کو ہلال استقلال ملا، قومی یکجہتی اور اتحاد پیدا ہوا، پاکستان کا دفاع مضبوط ہوا، ہر سال 6 ستمبر یوم دفاع منایا جاتا ہے۔ بعد میں معاہدہ تاشقند کو عوام نے قبول نہ کیا۔

    نتیجہ: قوم نے ثابت کیا کہ وہ وطن کے لیے ہر قربانی دے سکتی ہے۔

Test yourself on this chapter

Timed chapter tests, marked the moment you finish.

See the chapter tests

Practise with a free account

Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.

Create free account