Class 9 Home Economics · Chapter 2
غذا اور غذائیت کا تعارف: questions and answers
Every short question, long question and MCQ on this chapter's free papers, each with its answer. Try one yourself first, then check.
Short questions with answers
Q1 · 2 marks
غذا کی تعریف کریں۔
Answer
جاندار زندہ رہنے کے لیے نباتاتی اور حیواناتی ذرائع سے جو بھی چیز کھاتے یا پیتے ہیں وہ خوراک یا غذا کہلاتی ہے۔
Q2 · 3 marks
غذا اور غذائیت میں کیا فرق ہے؟
Answer
ہر کھائی جانے والی چیز غذا نہیں ہوتی بلکہ غذا میں غذائی اجزاء کے شامل ہونے سے وہ صحت بخش اور توانائی بخش ہو جاتی ہے۔ غذائیت ان کیمیائی اعمال کا مجموعہ ہے جس سے جسم کے تمام حصے غذائی اجزاء حاصل کرتے ہیں۔
Q3 · 2 marks
غذائیت کسے کہتے ہیں؟
Answer
غذائیت غذا اور غذائی اجزاء سے متعلق سائنس ہے جس میں ان کے کیمیائی عمل، باہمی ردعمل اور صحت و بیماری کے درمیان توازن پر معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔
Q4 · 3 marks
غذائی اجزاء کے نام لکھیں۔
Answer
1۔ پروٹین۔ 2۔ کاربوہائیڈریٹس۔ 3۔ چکنائی۔ 4۔ وٹامن۔ 5۔ معدنی نمکیات۔ 6۔ پانی۔
Q5 · 2 marks
غذائی اجزاء کی تعریف کریں۔
Answer
غذائی اجزاء غذا کے وہ چھوٹے بڑے پیچیدہ کیمیائی اجزاء ہیں جن سے مل کر غذا بنتی ہے اور یہی غذائی اجزاء ہمارے جسم کو غذائیت بخشتے ہیں جس سے انسانی صحت برقرار رہتی ہے۔
Q6 · 2 marks
میکرو اور مائیکرو غذائی اجزاء سے کیا مراد ہے؟
Answer
پروٹین، کاربوہائیڈریٹس اور چکنائی نسبتاً زیادہ مقدار میں درکار ہوتے ہیں اس لیے میکرو غذائی اجزاء کہلاتے ہیں جبکہ وٹامن اور نمکیات قلیل مقدار میں درکار ہوتے ہیں اس لیے مائیکرو غذائی اجزاء کہلاتے ہیں۔
Q7 · 3 marks
نقص غذائیت کی تعریف کریں۔
Answer
جب ہمیں اپنے جسم کی تندرستی قائم رکھنے کے لیے کافی عرصے تک متوازن غذا نہیں ملتی اور ہمارے جسم کی غذائی اجزاء کی ضروریات مناسب طریقے پر پوری نہیں ہو پاتیں تو اس حالت کو نقص غذائیت کہتے ہیں۔ اس سے صحت پر برے اثرات مرتب ہوتے ہیں اور جسم مختلف بیماریوں کا شکار ہو جاتا ہے۔
Q8 · 2 marks
نامناسب غذائیت کی صورتیں لکھیں۔
Answer
1۔ ناکافی غذائیت (Under-nutrition)۔ 2۔ زیادہ غذائیت (Over-nutrition)۔
Q9 · 3 marks
ناکافی غذائیت کی تعریف اور وجوہات لکھیں۔
Answer
اگر ہماری خوراک میں ضروری چھ غذائی اجزاء مناسب مقدار میں نہ ہوں تو جسم ناکافی غذائیت کا شکار ہو جاتا ہے۔ اس کی وجوہات بیماری، کم آمدنی، قحط، غذاؤں کی عدم دستیابی یا ناقص غذائی عادات ہیں۔
Q10 · 2 marks
زیادہ غذائیت سے کیا مراد ہے؟
Answer
ناقص غذائی عادات یا زیادہ کھانے کی وجہ سے اگر جسم کو کسی ایک غذائی جزو یا زیادہ اجزاء کی ضرورت سے زیادہ مقدار ملنے لگے تو اس کیفیت کو زیادہ غذائیت کہتے ہیں۔ مثلاً زیادہ حرارے اور توانائی حاصل ہو تو توانائی چربی میں تبدیل ہو کر موٹاپے کا باعث بنتی ہے۔
Q11 · 2 marks
پروٹین کیلوری نقص غذائیت (PCM) کیا ہے؟
Answer
نقص غذائیت کی بیماری کو پروٹین کیلوری نقص غذائیت کہتے ہیں جس کی ایک حالت مراسمس (Marasmus) اور دوسری کواشیورکور (Kwashiorkor) ہے۔ ایک سے ڈیڑھ سال کے بچے اس بیماری کا خصوصاً شکار ہوتے ہیں اور بے توجہی سے موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔
Q12 · 3 marks
نقص غذائیت کے افراد کی جسمانی نشوونما پر اثرات کی فہرست بنائیں۔
Answer
1۔ قد اور وزن۔ 2۔ جسمانی ڈھانچہ۔ 3۔ عضلات۔ 4۔ جلد۔ 5۔ بال۔ 6۔ دانت اور مسوڑھے۔ 7۔ آنکھیں۔ 8۔ نیند۔ 9۔ رویہ۔
Q13 · 3 marks
نقص غذائیت میں قد، وزن اور جسمانی ڈھانچے پر کیا اثر پڑتا ہے؟
Answer
ناکافی غذائیت والے بچوں کا قد معیاری قد سے کم ہوتا ہے، وہ کمزور اور لاغر ہوتے ہیں اور ان کا پیٹ ایڈیما کی وجہ سے بڑھ جاتا ہے۔ ان کے کندھے کھلے ہوئے ہوتے ہیں، استخوانی ڈھانچہ کمزور ہوتا ہے، پاؤں کی ہڈیاں خم دار اور محرابی ہو جاتی ہیں۔ چال ڈھال میں کمزوری، بے روی اور سستی ہوتی ہے۔
Q14 · 2 marks
نقص غذائیت کا جلد اور بالوں پر کیا اثر ہوتا ہے؟
Answer
جلد کی رنگت پیلی پڑ جاتی ہے، جلد خشک، کھردری اور جگہ جگہ سے کئی چھٹی اور داغ دھبوں والی ہو جاتی ہے۔ بال خشک، بے رونق، کھردرے، ٹیالے رنگ کے اور کمزور ہو کر جلد گرنے لگتے ہیں۔
Q15 · 3 marks
موٹاپے کے اثرات لکھیں۔
Answer
موٹاپے کے باعث جوڑوں کے درد کی شکایت ہو جاتی ہے، بچے جسمانی طور پر سست اور کاہل ہو جاتے ہیں، دل، جگر اور شریانوں کی بیرونی سطح پر چربی کی تہہ جمع ہونے لگتی ہے۔ بڑے ہونے کے بعد موٹاپے سے بلڈ پریشر، سانس پھولنا اور ذیابیطس جیسے مہلک امراض لاحق ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
Q16 · 3 marks
غذا کے تین بنیادی کام لکھیں۔
Answer
1۔ حرارت و توانائی فراہم کرنا۔ 2۔ خلیات کی نشوونما اور تعمیر و مرمت کرنا۔ 3۔ جسمانی نظاموں کی درستگی اور بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرنا۔
Q17 · 2 marks
غذا جسم کو حرارت و توانائی کس طرح فراہم کرتی ہے؟
Answer
خوراک جسم میں ایندھن کی طرح جل کر حرارت پیدا کرتی ہے جو ہمارے کام کاج کرنے، پڑھنے، بھاگنے دوڑنے اور اٹھنے بیٹھنے میں استعمال ہوتی ہے۔ یہ توانائی ہمیں سونے کی حالت میں بھی درکار ہوتی ہے کیونکہ دل کے دھڑکنے اور سانس لینے میں توانائی خرچ ہوتی ہے۔
Q18 · 3 marks
کاربوہائیڈریٹس کی اقسام لکھیں۔
Answer
1۔ یک شکری مرکبات (گلوکوز، فرکٹوز، گلیکٹوز)۔ 2۔ دو شکری مرکبات (مالٹوز، لیکٹوز، سکروز)۔ 3۔ کثیر شکری مرکبات (نشاستہ، گلائیکوجن، ڈیکسٹرین، سیلولوز)۔
Q19 · 2 marks
کاربوہائیڈریٹس کے ذرائع لکھیں۔
Answer
شکر، چینی، مٹھائی، کھجور اور خشک میوہ جات اس کے بہترین ذرائع ہیں۔ اناج مثلاً گیہوں، چاول اور مکئی میں نشاستہ موجود ہوتا ہے۔ زیر زمین سبزیاں مثلاً آلو اور شکر قندی وغیرہ میں بھی یہ وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔
Q20 · 3 marks
کاربوہائیڈریٹس کے جسم میں کام لکھیں۔
Answer
1۔ جسم کو حرارت و توانائی پہنچانا، ایک گرام سے اوسطاً چار حرارے حاصل ہوتے ہیں۔ 2۔ گلوکوز دماغ اور اعصابی بافتوں کو توانائی دے کر افعال کے قابل بناتا ہے۔ 3۔ جسم میں پروٹین کا تحفظ کرتے ہیں۔ 4۔ چکنائی کی مناسب تکسید (Oxidation) میں مدد دیتے ہیں۔ 5۔ غیر ضروری امینو ایسڈ تیار کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ 6۔ سیلولوز آنتوں کی حرکت تیز کرتا ہے۔
Q21 · 3 marks
کاربوہائیڈریٹس کی کمی کے اثرات لکھیں۔
Answer
وزن کم ہو جاتا ہے اور انسان لاغر اور کمزور ہونے لگتا ہے۔ گلوکوز کی دماغ میں عدم فراہمی کی بنا پر دماغ کے افعال متاثر ہوتے ہیں۔ چکنائی کے جسم میں کیمیائی عمل میں خرابی کی بنا پر قوت و حرارت کی فراہمی متواتر نہیں رہتی۔ کمی پوری کرنے کے لیے چکنائی اور پروٹین والی غذاؤں کا سہارا لیا جاتا ہے جن کی زیادتی سے دل کے امراض، گھٹنھیا اور کینسر کے امراض بڑھ جاتے ہیں۔
Q22 · 2 marks
کاربوہائیڈریٹس کی زیادتی کے اثرات لکھیں۔
Answer
1۔ چینی اور زیادہ میٹھی غذاؤں کے استعمال سے دانت خراب ہو جاتے ہیں۔ 2۔ موٹاپا، ذیابیطس اور دل کے امراض کو فروغ ملتا ہے۔ 3۔ وزن کی زیادتی کے باعث چلنے پھرنے میں دشواری ہوتی ہے اور انسان ذہنی طور پر سست ہو جاتا ہے۔
Q23 · 2 marks
پروٹین کسے کہتے ہیں؟ اس کے معنی لکھیں۔
Answer
ہر زندہ خلیے کا لازمی جزو پروٹین ہے۔ پروٹین یونانی لفظ پروٹیوز (Proteios) سے اخذ شدہ ہے جس کا مطلب اولین حیثیت والا ہے۔ گوشت کو عربی میں لحم کہا جاتا ہے اس لیے پروٹین کو لحمیات کا نام بھی دیا گیا ہے۔
Q24 · 3 marks
ضروری اور غیر ضروری امینو ایسڈز سے کیا مراد ہے؟
Answer
ہماری خوراک میں آٹھ امینو ایسڈز کا موجود ہونا ضروری ہے۔ جنہیں ہمارا جسم از خود پیدا نہیں کر سکتا انہیں ضروری امینو ایسڈ کہا جاتا ہے۔ جو امینو ایسڈز جسم خود تخلیق کر لیتا ہے اور جنہیں غذا کے ذریعے حاصل کرنا ضروری نہیں ہوتا انہیں غیر ضروری امینو ایسڈز کہتے ہیں۔
Q25 · 2 marks
پروٹین کے نباتاتی ذرائع تحریر کریں۔
Answer
نباتاتی ذرائع میں تمام اقسام کے اناج، پھلیاں مثلاً لوبیا، چنے وغیرہ، دالیں اور سبز پتوں والی سبزیاں شامل ہیں۔ ان سے حاصل شدہ پروٹین میں ضروری امینو ایسڈز کی مقدار نا کافی ہوتی ہے۔ یہ پروٹین حاصل کرنے کے سستے ذرائع ہیں اور انہیں ملا جلا کر استعمال کرنے سے کمی پر کافی حد تک قابو پایا جا سکتا ہے۔
Q26 · 3 marks
پروٹین کے جسم میں کام لکھیں۔
Answer
1۔ نئے خلیوں کی تعمیر و نشوونما۔ 2۔ خلیات کی ٹوٹ پھوٹ کی مرمت۔ 3۔ حرارت و توانائی کا ذریعہ (ایک گرام سے چار حرارے)۔ 4۔ تیزابیت اور اساسیت میں تناسب۔ 5۔ ضد اجسام (Anti-bodies) بنانا۔ 6۔ خامرے (Enzymes) اور ہارمونز بنانے کے لیے امینو ایسڈز مہیا کرنا۔ 7۔ سرخ ذرات کی تعداد مناسب رکھنا۔
Q27 · 3 marks
پروٹین کی کمی کے اثرات لکھیں۔
Answer
جسم میں ضد اجسام اور سفید ذرات کی تعداد کم ہو جاتی ہے جس سے انسان امراض کے حملوں کا مقابلہ نہیں کر پاتا۔ خون میں سرخ ذرات کی کمی سے انیمیا ہو جاتا ہے۔ خامروں اور ہارمونز کی تخلیق نہیں ہوتی جس سے جسمانی نظام متاثر ہوتے ہیں۔ بچوں کی نشوونما رک جاتی ہے اور کواشیورکور اور بعد میں مراسمس کی بیماری ہو سکتی ہے۔
Q28 · 2 marks
چکنائی کی اقسام لکھیں۔
Answer
1۔ سیر شدہ چکنے ترشے (Saturated Fatty Acids)، حیواناتی ذرائع سے۔ 2۔ غیر سیر شدہ چکنے ترشے (Unsaturated Fatty Acids)، نباتاتی ذرائع سے۔
Q29 · 3 marks
چکنائی کے جسم میں کام لکھیں۔
Answer
1۔ ضروری چکنے ترشے فراہم کرتی ہے۔ 2۔ زیادہ حرارے فراہم کرتی ہے۔ 3۔ شکم سیری کا احساس پیدا کرتی ہے۔ 4۔ چکنائی میں حل پذیر وٹامن اے، ڈی، ای اور کے کو جسم کے مختلف حصوں تک پہنچاتی ہے۔ 5۔ خوراک کو خوش ذائقہ اور خوشبودار بناتی ہے۔ 6۔ پروٹین کے غیر ضروری استعمال کو روکتی ہے۔ 7۔ جلد پر چکنائی کی تہہ پیدا کر کے رگڑ اور چوٹ سے محفوظ رکھتی ہے۔ 8۔ ناخنوں، بالوں اور جلد کو خشک ہونے سے بچاتی ہے۔
Q30 · 2 marks
چکنائی کی زیادتی کے اثرات لکھیں۔
Answer
جسم موٹا اور بھدا ہو جاتا ہے اور موٹاپے کی بیماری ہو جاتی ہے جو خود مزید کئی بیماریوں کا پیش خیمہ ثابت ہوتی ہے۔ بلڈ پریشر، فالج، دل کی بیماری (Heart attack or Heart failure) اور جوڑوں کا درد جیسے مہلک امراض لاحق ہو جاتے ہیں۔ خون میں کولیسٹرول کی مقدار بڑھ جاتی ہے۔
Q31 · 3 marks
وٹامن کے لفظی معنی اور اقسام لکھیں۔
Answer
وٹامن / حیاتین کا لفظ حیات سے اخذ کیا گیا ہے جس کے معنی حیات کے لیے ضروری جزو ہیں۔ اقسام: 1۔ چکنائی میں حل پذیر وٹامن (اے، ڈی، ای، کے)۔ 2۔ پانی میں حل پذیر وٹامن (سی اور بی کمپلیکس)۔
Q32 · 3 marks
وٹامن کے جسم میں کام لکھیں۔
Answer
1۔ جسمانی نشوونما کے لیے اہم ہیں اور اعصابی مضبوطی کا باعث بنتے ہیں۔ 2۔ بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرتے ہیں۔ 3۔ نظام انہضام کی مناسب کارکردگی اور معدنی نمکیات کی تحلیل کے لیے ضروری ہیں۔ 4۔ درست بصارت، دانتوں اور مسوڑھوں کی مضبوطی کے لیے اہم ہیں۔
Q33 · 2 marks
وٹامن اے کے ذرائع تحریر کریں۔
Answer
حیواناتی ذرائع: مچھلی کے جگر، جانوروں کے جگر، گردے، انڈے کی زردی، دودھ، مکھن اور زرد ترکاریاں مثلاً گاجر، شلجم، پیلا کدو، بند گوبھی، ٹماٹر، دھنیا اور زرد رنگ کے پھلوں مثلاً آڑو، خوبانی، لوکاٹ اور آم۔ نباتاتی ذرائع میں یہ کیروٹین (Carotene) مادے کی صورت میں پایا جاتا ہے جو جسم میں جا کر وٹامن اے میں تبدیل ہو جاتا ہے۔
Q34 · 2 marks
وٹامن اے کے جسم میں کام لکھیں۔
Answer
1۔ آنکھوں کی بینائی اور صحت قائم رکھنے کے لیے نہایت ضروری ہے۔ 2۔ دانتوں کا اینمل (Enamel) بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ 3۔ ناک، کان اور ہاضمہ کی متعدد بیماریوں سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔ 4۔ جلد کے خلیوں کی ساخت اور صحت کے لیے لازمی ہے۔
Q35 · 3 marks
وٹامن اے کی کمی کے اثرات لکھیں۔
Answer
انسان شب کوری (Night Blindness) کے مرض کا شکار ہو جاتا ہے، آنکھ کا ڈھیلا خشک ہو جاتا ہے۔ جلد کھردری ہو جاتی ہے، بالوں کی خشکی اور کمزوری، بال گرنا اور ٹوٹ جانا اس کی خاص علامات ہیں۔ قوت مدافعت کم ہو جاتی ہے۔ دانتوں کا اینمل کمزور پڑ جاتا ہے۔ سانس کی نالی کی اندرونی جھلی خشک ہو جاتی ہے۔ نظام ہاضمہ کی متعدد بیماریاں ہو جاتی ہیں۔
Q36 · 2 marks
وٹامن ڈی حاصل کرنے کے بہترین ذرائع کون سے ہیں؟
Answer
1۔ کاڈ مچھلی کے تیل، انڈے کی زردی، مکھن، بالائی، کلیجی اور دودھ میں وافر مقدار میں موجود ہوتا ہے۔ 2۔ سب سے اہم قدرتی ذریعہ سورج کی روشنی ہے۔ انسانی جسم میں سورج کی شعاعیں داخل ہونے کے کیمیائی عمل سے وٹامن ڈی حاصل ہو جاتا ہے۔ یہ نباتاتی ذرائع سے حاصل نہیں ہوتا۔
Q37 · 3 marks
وٹامن ڈی کے جسم میں کام اور کمی کے اثرات لکھیں۔
Answer
کام: کیلشیم اور فاسفورس کو جسم میں جذب ہونے میں مدد دیتا ہے، ہڈیوں اور دانتوں کو مضبوط بناتا ہے، جوڑوں کی تکلیف دور کرتا ہے اور ریڑھ کی ہڈی کو مضبوط بناتا ہے۔ کمی کے اثرات: بچوں میں رکٹس (Rickets) کی بیماری ہوتی ہے، دانت دیر سے نکلتے ہیں اور ٹیڑھے ہوتے ہیں، ہڈیاں نرم ہو کر ٹیڑھی ہو جاتی ہیں۔ بڑوں میں آسٹیومیلیشیا (Osteomalacia) ہو جاتا ہے۔
Q38 · 3 marks
وٹامن ای اور وٹامن کے کے کام لکھیں۔
Answer
وٹامن ای: وٹامن اے اور وٹامن سی کو تکسید سے محفوظ کر کے جسم کے لیے فراہمی یقینی بناتا ہے، افزائش نسل کے لیے اہم ہے، اعصابی نظام کی کارکردگی کے لیے ضروری ہے اور اس کے استعمال سے بڑھاپا دیر سے ظاہر ہوتا ہے۔ وٹامن کے: خون کو مجمد کرنے کی صلاحیت پیدا کرتا ہے تاکہ زخم ہونے کی صورت میں خون ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔
Q39 · 3 marks
وٹامن سی کے جسم میں کام لکھیں۔
Answer
1۔ جسم میں مختلف بیماریوں کے جراثیم کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرتا ہے۔ 2۔ دانتوں اور مسوڑھوں کو تندرست رکھتا ہے۔ 3۔ زخموں کو مندمل کرنے میں مدد دیتا ہے۔ 4۔ خلیوں اور بافتوں کو آپس میں جوڑنے میں کام آتا ہے۔ 5۔ خون کے سرخ ذرات بنانے کے لیے ضروری ہے۔
Q40 · 2 marks
وٹامن بی کمپلیکس میں شامل پانچ وٹامنز کے نام لکھیں۔
Answer
وٹامن بی 1 (تھایامین)، بی 2 (رائبوفلیوین)، بی 3 (نیاسین)، بی 6 (پائری ڈوکسن) اور بی 12 (کوبالامین)۔
Q41 · 3 marks
معدنی نمکیات کے عمومی کام لکھیں۔
Answer
1۔ ہڈیوں اور دانتوں کی صحت و نشوونما اور جسمانی ڈھانچے کی تعمیر کے لیے اہم ہیں۔ 2۔ جسمانی نظاموں میں باقاعدگی پیدا کرتے ہیں اور تعمیری کام انجام دیتے ہیں۔ 3۔ دل کی حرکت کو درست رکھتے ہیں۔ 4۔ خون بننے میں مدد دیتے ہیں اور خون کو صاف کرتے ہیں۔ 5۔ دماغی افعال کو درست رکھتے ہیں۔ 6۔ گردوں کے درست افعال میں مدد دیتے ہیں۔
Q42 · 3 marks
پانی کی اہمیت پر نوٹ لکھیں۔
Answer
ہمارے جسم کا سب سے بڑا حصہ پانی پر مشتمل ہوتا ہے۔ ایک نارمل آدمی کے وزن کا تقریباً 55 سے 65 فیصد حصہ پانی ہوتا ہے۔ پانی ایک سادہ مرکب ہے جس میں دو حصے ہائیڈروجن اور ایک حصہ آکسیجن ہوتا ہے، اس کی کیمیائی علامت H2O ہے۔ ایک نارمل شخص کو روزانہ آٹھ سے دس گلاس پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔ پانی خوراک کے ہاضمے، جذب اور اخراج میں مدد دیتا ہے اور جسم کا درجہ حرارت قائم رکھتا ہے۔
Q43 · 2 marks
صحت کی تعریف کریں۔
Answer
صحت و تندرستی سے مراد تمام افراد کی ظاہری حالت، ان کی حرکات و سکنات، ان کی محسوسات اور ان کی اعصابی کیفیت کی درستگی ہے۔ ایک صحت مند شخص میں توانائی اور کام کرنے کی صلاحیت نسبتاً زیادہ ہوتی ہے۔
Q44 · 2 marks
غذائی معیار کسے کہتے ہیں؟
Answer
غذائی معیار کی اصطلاح صحت کو ناپنے کے لیے استعمال کی جاتی ہے جو غذائی اجزاء کی جسم میں کمی اور مناسبت سے وابستہ ہے۔ روبن سن کے مطابق غذائی معیار سے مراد ایک فرد کی وہ حالت ہے جو غذائی اجزاء کے کھانے اور جسم میں استعمال ہونے سے متاثر ہوتی ہے۔
Q45 · 3 marks
اچھی غذائیت کے انسانی صحت پر اثرات لکھیں۔
Answer
چہرہ خوش باش اور مطمئن ہوتا ہے۔ آنکھوں سے ذہانت جھلکتی ہے، وہ روشن اور چمکدار ہوتی ہیں۔ بال ملائم، گھنے اور قدرتی چمک دار ہوتے ہیں۔ دانت صاف، یکساں اور چمکدار ہوتے ہیں۔ جلد بے داغ، ملائم اور سرخی مائل ہوتی ہے۔ قد قامت اور وزن متناسب اور عمر کے مطابق ہوتا ہے۔ اعصاب مضبوط ہوتے ہیں۔ قوت برداشت زیادہ ہوتی ہے اور بیماریوں سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت بھی زیادہ ہوتی ہے۔
Long questions with answers
Q1 · 8 marks
نقص غذائیت کی تعریف کریں اور انسانی نشوونما پر اس کے اثرات بیان کریں۔
Answer
تعریف: جب ہمیں اپنے جسم کی تندرستی قائم رکھنے کے لیے کافی عرصے تک متوازن غذا نہیں ملتی اور جسم کی غذائی اجزاء کی ضروریات مناسب طریقے پر پوری نہیں ہو پاتیں تو اس حالت کو نقص غذائیت کہتے ہیں۔ اقسام: 1۔ ناکافی غذائیت۔ 2۔ زیادہ غذائیت (چربی اور موٹاپا)۔ اثرات: 1۔ قد اور وزن: معیاری قد سے کم، کمزور اور لاغر، پیٹ ایڈیما سے بڑھ جاتا ہے۔ 2۔ جسمانی ڈھانچہ: کندھے کھلے ہوئے، استخوانی ڈھانچہ کمزور، پاؤں کی ہڈیاں خم دار۔ 3۔ عضلات: ڈھیلے، نرم اور اچھی نشوونما سے محروم، جلد کے نیچے چکنائی کی تہہ ختم۔ 4۔ جلد: رنگت پیلی، خشک، کھردری، داغ دھبے۔ 5۔ بال: خشک، بے رونق، ٹیالے رنگ کے، جلد گرنے والے۔ 6۔ دانت اور مسوڑھے: مسوڑھے سرخ اور سوجے، خون رستا ہے، دانت گندے اور پیلے۔ 7۔ آنکھیں: پیلی، دھندلی، پانی بہنا، سیاہ حلقے۔ 8۔ نیند: بے آرامی، رات کو نیند نہ آنا، سستی۔ 9۔ رویہ: پڑھائی اور کھیل میں عدم رغبت، چڑچڑا پن، جلد بھدا اور موٹاپے کا شکار ہونا، بڑے ہو کر بلڈ پریشر، سانس پھولنا اور ذیابیطس۔
Q2 · 8 marks
غذا ہمارے جسم میں کون کون سے بنیادی کام انجام دیتی ہے؟ تفصیلاً تحریر کریں۔
Answer
خوراک ہمارے جسم میں تین بنیادی کام سرانجام دیتی ہے۔ 1۔ حرارت و توانائی فراہم کرنا: خوراک جسم میں ایندھن کی طرح جل کر حرارت پیدا کرتی ہے جو کام کاج کرنے، پڑھنے، بھاگنے دوڑنے اور اٹھنے بیٹھنے میں استعمال ہوتی ہے۔ یہ توانائی سونے کی حالت میں بھی درکار ہوتی ہے کیونکہ دل کے دھڑکنے، پھیپھڑوں کے سانس لینے اور دیگر کاموں کے لیے بھی توانائی خرچ ہوتی ہے۔ غذا جسم کا معیاری درجہ حرارت برقرار رکھنے میں بھی مدد دیتی ہے۔ اس کے ذرائع کاربوہائیڈریٹس اور چکنائی ہیں۔ 2۔ خلیات کی نشوونما اور تعمیر و مرمت کرنا: غذا خلیات کی نشوونما اور اعضاء کی تعمیر و مرمت کی بھی ذمہ دار ہوتی ہے۔ جب بچہ پیدا ہوتا ہے تو وہ بہت چھوٹا ہوتا ہے، جوں جوں بڑھتا ہے اس کی ہڈیاں اور عضلات نہ صرف مضبوط بلکہ سائز میں بھی بڑے ہو جاتے ہیں۔ خوراک جسم کے خلیات اور تمام بافتوں کی تعمیر و مرمت کے لیے لازمی ہے۔ اس کا ذریعہ پروٹین ہے۔ 3۔ جسمانی نظاموں کی درستگی اور بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرنا: غذا کا بنیادی مقصد جسم کو تندرست و توانا رکھنا اور بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرنا ہے تاکہ کوئی بھی بیماری اس پر حملہ آور نہ ہو سکے۔ غذا بافتوں میں پانی کے توازن کو برقرار رکھتی ہے اور اعصاب و نظاموں کی درست کارکردگی کے لیے بھی اہم ہے۔ اس کا ذریعہ معدنی نمکیات اور وٹامن ہیں۔
Q3 · 8 marks
کاربوہائیڈریٹس کے جسم میں کام اور کمی کے اثرات بیان کریں۔
Answer
کاربوہائیڈریٹس: انسانی خوراک میں سب سے زیادہ مقدار میں ہوتے ہیں اور توانائی فراہم کرنے کا ایک سستا ترین ذریعہ ہیں۔ یہ کاربن، ہائیڈروجن اور آکسیجن پر مشتمل ہوتے ہیں۔ کام: 1۔ سب سے اہم کام جسم کو حرارت و توانائی پہنچانا ہے، ایک گرام سے اوسطاً چار حرارے حاصل ہوتے ہیں۔ 2۔ گلوکوز کی صورت میں دماغ اور اعصابی بافتوں کو توانائی دے کر افعال کے قابل بناتے ہیں، گلوکوز کی فراہمی میں تعطل سے دماغ کو سخت نقصان پہنچ سکتا ہے۔ 3۔ جسم میں پروٹین کا تحفظ کرتے ہیں۔ 4۔ چکنائی کی مناسب تکسید (Oxidation) میں مدد دیتے ہیں۔ 5۔ غیر ضروری امینو ایسڈ (پروٹین) تیار کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ 6۔ سیلولوز آنتوں کی حرکت کو تیز کرتا ہے اور فاسد مادوں کے اخراج میں مدد دیتا ہے۔ کمی کے اثرات: 1۔ وزن کم ہو جاتا ہے، انسان لاغر اور کمزور ہونے لگتا ہے۔ 2۔ گلوکوز کی دماغ میں عدم فراہمی کی بنا پر دماغ کے افعال متاثر ہوتے ہیں۔ 3۔ چکنائی کے جسم میں کیمیائی عمل میں خرابی کی بنا پر قوت و حرارت کی فراہمی متواتر نہیں رہتی۔ 4۔ کمی پوری کرنے کے لیے چکنائی اور پروٹین والی غذاؤں کا سہارا لیا جاتا ہے جن کی زیادتی سے دل کے امراض، گھٹنھیا اور کینسر کے امراض بڑھ جاتے ہیں۔
Q4 · 8 marks
پروٹین کی اہمیت، جسم میں کام اور زیادتی کے اثرات تحریر کریں۔
Answer
اہمیت: ہر زندہ خلیے کا لازمی جزو پروٹین ہے۔ پروٹین جسم کے عضلات، دل، جگر، خون، ہڈیوں، جلد، بال، ناخن، پٹھے، گوشت پوست، خامروں اور ہارمونز کی تعمیر کا اہم جزو ہے۔ انسانی جسم میں پانی کے بعد سب سے زیادہ مقدار میں پروٹین ہوتے ہیں اور یہ جسم کا ایک تہائی حصہ ہیں۔ پروٹین میں کاربن، ہائیڈروجن، آکسیجن اور نائٹروجن ہوتے ہیں، اس میں 16 فیصد نائٹروجن ہوتی ہے۔ یہ ضروری اور غیر ضروری امینو ایسڈز سے بنتی ہے، آٹھ امینو ایسڈز ضروری ہیں۔ ذرائع: حیواناتی (گوشت، مرغی، مچھلی، انڈے، دودھ اور دودھ سے بنی اشیاء) اور نباتاتی (اناج، پھلیاں، چنے، دالیں اور سبز پتوں والی سبزیاں)۔ کام: 1۔ نئے خلیوں کی تعمیر و نشوونما، بچوں کو خاص طور پر زیادہ درکار۔ 2۔ خلیات کی ٹوٹ پھوٹ کی مرمت۔ 3۔ حرارت و توانائی کا ذریعہ (ایک گرام سے چار حرارے)۔ 4۔ تیزابیت اور اساسیت میں تناسب۔ 5۔ ضد اجسام بنانا۔ 6۔ خامرے اور ہارمونز کے لیے امینو ایسڈز۔ 7۔ سرخ ذرات کی تعداد مناسب رکھنا۔ زیادتی کے اثرات: اگر پروٹین مسلسل مطلوبہ جسمانی ضرورت سے زیادہ مقدار میں کھائی جائے تو موٹاپا اور دل کے امراض لاحق ہو جاتے ہیں، جگر اور گردوں پر زیادہ دباؤ پڑتا ہے اور گردے کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں، بڑی آنت کے نچلے حصے میں کینسر کا خطرہ بڑھ جاتا ہے اور ضعیف العمری میں ہڈیاں بھی کمزور ہو جاتی ہیں۔
Q5 · 8 marks
جسم میں وٹامنز کیا کام سرانجام دیتے ہیں؟ تفصیلاً تحریر کریں۔
Answer
وٹامن / حیاتین: لفظ Vital (اہم) اور Amines کو ملا کر Vitamins نام رکھا گیا۔ جسم کو ان کی انتہائی قلیل مقدار درکار ہوتی ہے مگر کمی کی صورت میں نشوونما پر گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ تمام وٹامن ہمارے جسم میں درج ذیل کام انجام دیتے ہیں: 1۔ جسمانی نشوونما کے لیے اہم ہیں اور اعصابی مضبوطی کا باعث بنتے ہیں۔ 2۔ بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرتے ہیں۔ 3۔ نظام انہضام کی مناسب کارکردگی اور معدنی نمکیات کی تحلیل کے لیے ضروری ہیں۔ 4۔ درست بصارت، دانتوں اور مسوڑھوں کی مضبوطی کے لیے اہم ہیں۔ اقسام: 1۔ چکنائی میں حل پذیر (اے، ڈی، ای، کے): وٹامن اے بینائی اور جلد کے لیے، ڈی ہڈیوں کے لیے (کیلشیم اور فاسفورس جذب)، ای افزائش نسل کے لیے اور کے خون جمانے کے لیے۔ 2۔ پانی میں حل پذیر (سی اور بی کمپلیکس): سی قوت مدافعت اور زخم مندمل کرنے کے لیے، بی کمپلیکس اعصاب، دماغ، ہاضمہ، دل، جگر اور جلد کی صحت کے لیے۔
Q6 · 8 marks
وٹامن ڈی کے جسم میں کام اور کمی کے اثرات تحریر کریں۔
Answer
وٹامن ڈی: یہ چکنائی میں حل پذیر وٹامن ہے جسے کولی کیلسی فیرول (Cholecalciferol) بھی کہتے ہیں۔ پانی میں نا حل پذیر ہونے کی بنا پر پکانے سے ضائع نہیں ہوتا۔ ذرائع: 1۔ کاڈ مچھلی کے تیل، انڈے کی زردی، مکھن، بالائی، کلیجی اور دودھ۔ 2۔ سب سے اہم قدرتی ذریعہ سورج کی روشنی ہے، اسی لیے اسے سن شائن وٹامن کہتے ہیں۔ 3۔ یہ نباتاتی ذرائع سے حاصل نہیں ہوتا۔ کام: 1۔ کیلشیم اور فاسفورس کو جسم میں جذب ہونے میں مدد دیتا ہے۔ 2۔ ہڈیوں اور دانتوں کو مضبوط بناتا ہے۔ 3۔ جوڑوں کی تکلیف دور کرتا ہے اور ریڑھ کی ہڈی کو مضبوط بناتا ہے۔ کمی کے اثرات: 1۔ بچوں کی دانتوں کی نشوونما متاثر ہوتی ہے، دانت دیر سے نکلتے ہیں اور ٹیڑھے میڑھے اور بدوضع ہوتے ہیں۔ 2۔ کیلشیم اور فاسفورس کا انجذاب متاثر ہوتا ہے، ہڈیاں ٹیڑھی ہونے لگتی ہیں، بچوں کی ہڈیاں نرم ہو جاتی ہیں، ٹانگوں کی محرابیں اور پاؤں کی محرابیں چپٹی ہو جاتی ہیں اور جسم بدوضع ہو جاتا ہے۔ اس بیماری کو رکٹس (Rickets) کہتے ہیں۔ 3۔ بڑوں میں اندرونی کمزوری واقع ہوتی ہے، ہڈیاں نرم اور کھوکھلی و بھربھری ہو جاتی ہیں، ریڑھ کی ہڈی ٹیڑھی ہو جاتی ہے، چلنے پھرنے اور سیڑھیاں چڑھنے میں دشواری ہوتی ہے۔ اس بیماری کو آسٹیومیلیشیا (Osteomalacia) کہتے ہیں۔
Q7 · 8 marks
وٹامن بی کمپلیکس پر تفصیلی نوٹ تحریر کریں۔
Answer
وٹامن بی کمپلیکس: یہ وٹامن بہت سے مشابہ وٹامن کا مجموعہ ہے جو تمام جانداروں کی صحت اور بقاء کے لیے لازمی ہیں۔ ان سب کا مشترکہ نام وٹامن بی کمپلیکس ہے۔ ان میں وٹامن بی 1، بی 2، بی 6، بی 12 اور نیاسین قابل ذکر ہیں۔ ان کی نہایت قلیل مقدار خوراک میں درکار ہوتی ہے۔ ذرائع: انڈوں، خمیر، کلیجی، گوشت، دودھ، دالوں، ساگ، سبز پتوں والی سبزیوں، پھلیوں، خشک میوہ جات، پھلوں اور اناج سے حاصل ہوتے ہیں۔ عمومی کام: 1۔ اعصاب اور دماغ مضبوط اور صحت مند بناتے ہیں۔ 2۔ نظام انہضام کو درست رکھتے ہیں اور بھوک لگنے کا باعث بنتے ہیں۔ 3۔ مختلف پٹھوں اور آنتوں کی درستگی کے ذمہ دار ہیں۔ 4۔ کاربوہائیڈریٹس اور پروٹین کے ہاضمے اور انجذاب میں مددگار ہیں۔ 5۔ دل، جگر، معدے اور جلد کو صحت مند اور مضبوط رکھتے ہیں۔ تفصیل: بی 1 (تھایامین): کمی سے بیری بیری، بھوک نہ لگنا، قبض، یادداشت کی کمزوری۔ بی 2 (رائبوفلیوین): کمی سے ہونٹ اور باچھیں پک جاتی ہیں، زبان قرمزی ہو جاتی ہے، آنکھوں کی جلن اور سوزش۔ بی 3 (نیاسین): کمی سے پیلگرا، اسہال، ذہنی امراض، بے خوابی۔ بی 6 (پائری ڈوکسن): کمی سے جلد کھردری، پیٹ میں درد، قے، کمزوری، بعض اوقات مرگی جیسے دورے۔ بی 12 (کوبالامین): کمی سے پرنیشیس انیمیا اور دماغی کمزوری۔
Q8 · 8 marks
اہم معدنی نمکیات، ان کے ذرائع، کام اور کمی کے اثرات بیان کریں۔
Answer
معدنی نمکیات: ہمارے جسم کی بناوٹ میں بطور کیمیائی اجزاء کام کرتے ہیں۔ انسانی جسم میں متعدد قسم کے معدنی نمکیات پائے جاتے ہیں مگر ان میں سے سولہ جسم کی نشوونما کے لیے اہم ہیں مثلاً کیلشیم، فاسفورس، آئرن، کلورین، تانبا، سلفر، زنک، کوبالٹ، برومین، فلورین، آیوڈین، سوڈیم، پوٹاشیم، میگنیشیم۔ انہیں خاکستری مادے (Ash Elements) بھی کہتے ہیں۔ ذرائع: دودھ، مچھلی، سبزیوں، دالوں، اناج، پھلیوں، مٹر، خشک میوہ جات، گوشت اور انڈے وغیرہ میں بکثرت۔ عمومی کام: 1۔ ہڈیوں اور دانتوں کی صحت و نشوونما اور جسمانی ڈھانچے کی تعمیر کے لیے اہم۔ 2۔ جسمانی نظاموں میں باقاعدگی پیدا کرتے ہیں۔ 3۔ دل کی حرکت کو درست رکھتے ہیں۔ 4۔ خون بننے میں مدد دیتے ہیں اور خون کو صاف کرتے ہیں۔ 5۔ دماغی افعال کو درست رکھتے ہیں۔ 6۔ گردوں کے درست افعال میں مدد دیتے ہیں۔ اہم نمکیات: کیلشیم و فاسفورس: ہڈیوں اور دانتوں کی نشوونما اور مضبوطی (وٹامن ڈی کے ساتھ مل کر)؛ کمی سے رکٹس اور آسٹیومیلیشیا۔ آئرن: سرخ ذرات اور ہیموگلوبن کا ضروری جزو، ذرائع گوشت، مرغی، مچھلی، انڈے، کلیجی، سبز پتوں والی سبزیاں، پالک؛ کمی سے انیمیا، سانس پھولنے کی شکایت۔ آیوڈین: گلے کے تھائیرائیڈ غدود کے لیے اہم، ذرائع سمندری غذائیں، مچھلی، سبز پتوں والی سبزیاں؛ کمی سے گلٹر (Goiter)، ذہنی پسماندگی کا احتمال۔
Q9 · 8 marks
تسلی بخش غذائی معیار کسے کہتے ہیں؟ نیز بچے کی نشوونما جانچنے کے مختلف طریقے لکھیں۔
Answer
تعریف: غذا میں موجود مختلف غذائی اجزاء جسم کے خلیات کی تعمیر و نشوونما اور مرمت میں کام آتے ہیں۔ قوت بخش غذائیں حرارت فراہم کرتی ہیں اور دیگر غذائی اجزاء جسم میں مدافعتی قوتیں پیدا کرتے ہیں۔ اگر کوئی شخص صحت مند دکھائی دیتا ہو، اس کا جسم پورے طور پر نشوونما پا چکا ہو اور مختلف بیماریوں کے خلاف مناسب قوت مدافعت رکھتا ہو تو اس انسان کو صحت مند (Well Nourished) اور اس کی نشوونما کو تسلی بخش نشوونما کہتے ہیں۔ روبن سن کے مطابق غذائی معیار سے مراد ایک فرد کی وہ حالت ہے جو غذائی اجزاء کے کھانے اور جسم میں استعمال ہونے سے متاثر ہوتی ہے۔ ماہرین نے کچھ پیمانے تجویز کیے ہیں جو بچوں اور بڑوں کے قد اور وزن بلحاظ عمر معیاری نشوونما کی نشاندہی کرتے ہیں۔ بچے کی نشوونما جانچنے کے طریقے (جسم کے مختلف حصوں کی پیمائش): 1۔ وزن میں بتدریج اضافے کو ناپنا اور اس اضافے کا موازنہ معیاری وزن کے چارٹ سے کرنا۔ 2۔ قد یا لمبائی ناپنا: ماہرین کے تجویز کردہ عمر کے مطابق معیاری قد سے پرکھنا۔ 3۔ بازو کی گولائی ناپنا: بازو کی گولائی کے ناپ کو مجوزہ گوشوارے سے موازنہ کر کے معیاری نشوونما کا اندازہ لگانا۔ 4۔ سر اور چھاتی کی گولائی ناپنا: دونوں کا تناسب نکال کر جانچنا کیونکہ سوکھے کی بیماری میں بچے کا سر باقی جسم کی نسبت زیادہ بڑا نظر آتا ہے۔ 5۔ جلد کی موٹائی ناپنا: جلد کی موٹائی سے جسم میں ذخیرہ شدہ چکنائی کا اندازہ لگایا جاتا ہے، اس کے لیے لینگ (Lange) پیمانہ استعمال ہوتا ہے۔
Q10 · 8 marks
خوراک اور جسمانی سرگرمیوں کا باہمی تعلق بیان کریں۔
Answer
غذا نہ صرف جسم کے اندرونی و غیر ارادی افعال کی انجام دہی کے لیے درکار ہوتی ہے بلکہ کسی بھی ارادی جسمانی حرکت اور سرگرمی کے لیے اس کی ضرورت بڑھ جاتی ہے۔ سونے، اٹھنے اور بیٹھنے کے دوران جو توانائی درکار ہوتی ہے وہ غذا سے حاصل کی جاتی ہے۔ ان افراد کی غذا اور توانائی کی ضرورت بہت بڑھ جاتی ہے جو اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں بہت زیادہ سرگرم اور مستعد ہوں جبکہ وہ افراد جن کو زیادہ بیٹھ کر کام کرنا پڑے مثلاً کمپیوٹر یا دفتر میں، ان کی توانائی کی ضرورت کم ہوتی ہے۔ ایک طالب علم جو خاموش سے بیٹھ کر کیم کھیل رہا ہو ایک چلنے پھرنے والے شخص کی نسبت آدھی توانائی خرچ کرتا ہے اور ایک ریس میں دوڑنے والے کھلاڑی کی نسبت کیلوریز کا صرف پانچواں حصہ (1/5) خرچ کرتا ہے۔ بچے زیادہ کھیلتے کودتے ہیں اس لیے انہیں زیادہ حراروں (Calories) کی ضرورت ہوتی ہے۔
مثال: ایک خاتون (وزن 55 کلوگرام) فی گھنٹہ: بستر پر لیٹ کر آرام 56، خاموشی سے بیٹھنا 72، برتن دھونا 104، گھر کی صفائی 122، تیز رفتاری سے چلنا 145، زیادہ محنت مشقت کے گھریلو کام کاج 271، جھاڑو دینا، کپڑے دھونا، پوچا لگانا وغیرہ 362 کیلوریز۔ سرگرمیوں کی اقسام: 1۔ کم محنت طلب کام (140 سے 150 کیلوریز فی گھنٹہ): دفتر میں کام کرنے والے، وکیل، ڈاکٹر، استاد۔ 2۔ درمیانی محنت طلب کام (175 سے 240): کھیتی باڑی کرنے والے کسان، مزدور، معمار، سپاہی۔ 3۔ زیادہ محنت و مشقت طلب (225 سے 300): بھاری مشقت و مزدوری کرنا، بوجھ اٹھانا۔ 4۔ شدید مشقت طلب (300 یا اس سے زائد): زمین کی کھدائی، کوہ کن، کوئلے کی کان میں کام کرنے والے۔
Q11 · 8 marks
گومز (Gomez) کے نظریے کے مطابق نقص غذائیت کی تقسیم بیان کریں۔
Answer
نقص غذائیت سے مراد یہ ہے کہ خوراک میں غذائی اجزاء مطلوبہ مقدار اور تناسب میں موجود نہ ہوں۔ نقص غذائیت کی ایک اہم وجہ لوگوں کی اپنی غذائی ضروریات سے لاعلمی ہے۔ نقص غذائیت کو واضح کرنے کے لیے گومز نے نظریہ پیش کیا جس کے مطابق نقص غذائیت کی تقسیم کا انحصار عمر کی مناسبت سے وزن کی کمی پر ہوتا ہے۔ اس کے مختلف درجات ہیں: 1۔ پہلے درجے کی نقص غذائیت: کم درجے کی قوت بخش اور پروٹینی غذاؤں کا استعمال۔ عمر اور جنس کے مطابق مریض کا وزن اس کے نارمل وزن کا 80 سے 90 فیصد تک ہوتا ہے۔ بچوں کو دودھ کم مقدار میں پلانا یا پانی ملا دودھ دینا نیز نقصان دہ غذاؤں کا استعمال دیر سے اور ناموزوں کرنا۔ پروٹین کیلوری نقص غذائیت (PCM) کی کیفیت پیدا ہوتی ہے۔ 2۔ دوسرے درجے کی نقص غذائیت: قوت بخش اور پروٹینی غذاؤں کا نامناسب استعمال۔ دودھ اور نشاستہ دار غذاؤں کا کم مقدار میں اور نامناسب استعمال کرنا، حفظان صحت کے اصولوں سے ناواقفیت کی بنا پر اسہال اور دوسری متعدد بیماریاں ہونا نیز سوکھے کی بیماری کا ہونا۔ مریض کا وزن نارمل وزن سے کم ہوتا ہے (کتاب کی جدول کے مطابق 60 سے 65 فیصد کے قریب)۔ 3۔ تیسرے درجے کی نقص غذائیت: شدید درجے کی غذائیت میں کمی۔ مریض کا وزن نارمل وزن کے 60 فیصد اور اس سے بھی کم ہو جاتا ہے۔ بچوں کو ان کی غذائی ضروریات سے انتہائی کم مقدار کی وجہ سے سوکھے پن اور کواشیورکور کی بیماریاں ہونا، احتیاط اور علاج نہ کرنے کی صورت میں متعدد بیماریوں کا لاحق ہونا اور جان لیوا ثابت ہونا۔
Q12 · 6 marks
انسانی صحت کو برقرار رکھنے میں خوراک کا کردار بیان کریں۔
Answer
خوراک اور انسانی صحت کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔ ایک فرد کی صحت کا انحصار غذائی اجزاء کی فراہمی پر ہے جو وہ روزمرہ زندگی میں متوازن غذا سے حاصل کرتا ہے۔ ایک فرد جس قسم کی خوراک استعمال کرتا ہے وہ اس کی ذہنی اور جسمانی صحت کو براہ راست متاثر کرتی ہے۔ غذائی اجزاء کی کمی بیشی سے صحت بگڑنے لگتی ہے، جلد کی پیلی رنگت، آنکھوں کی چمک مدھم، وزن کا بڑھنا گھٹنا، جسم کا کمزور ہونا، کم نشوونما، خون کی قلت، طبیعت میں چڑچڑاپن اور بیزاری اور جسم کا مختلف تکلیف اور درد میں مبتلا رہنا عام علامات ہیں۔ اچھی صحت کے حصول کے لیے درج ذیل اصول اپنائے جا سکتے ہیں: 1۔ انواع و اقسام کے کھانوں کی شمولیت اختیار کی جائے۔ 2۔ مناسب وزن کی برقراری اور کھانے میں اعتدال رکھا جائے۔ 3۔ زیادہ چکنائی سے پرہیز کیا جائے۔ 4۔ غذائی ریشے اور نشاستہ دار غذاؤں کا زائد استعمال کیا جائے۔ 5۔ زیادہ نمک، چینی اور مٹھاس سے گریز کیا جائے۔
Q13 · 6 marks
اچھی صحت کا غذائیت سے تعلق بیان کریں۔
Answer
ہماری جسمانی و ذہنی صحت کا دارومدار ہمارے جسم کو میسر آنے والی غذائیت، اس کی کوالٹی، ان کی تعداد اور مقدار پر ہوتا ہے۔ اچھی غذائیت والی غذا میں درج ذیل خصوصیات ہونی چاہئیں: 1۔ تمام ضروری غذائی اجزاء مناسب مقدار میں فراہم ہوں۔ 2۔ غذا زود ہضم ہو اور پیٹ بھرنے کا احساس دلائے۔ 3۔ غذا مقدار اور جسم کے لحاظ سے متوازن ہو اور با آسانی دستیاب ہو۔ 4۔ کھانا روایتی انداز سے تیار کیا گیا ہو۔ اچھی غذائیت پر مشتمل غذا انسانی صحت پر درج ذیل اثرات مرتب کرتی ہے: چہرہ خوش باش اور مطمئن ہوتا ہے، آنکھوں سے ذہانت جھلکتی ہے، آنکھیں روشن اور چمکدار ہوتی ہیں، بال ملائم، گھنے اور قدرتی چمک دار ہوتے ہیں، دانت صاف، یکساں اور چمکدار ہوتے ہیں، جلد بے داغ، ملائم اور سرخی مائل ہوتی ہے، قد قامت اور وزن متناسب اور عمر کے مطابق ہوتا ہے، اعصاب مضبوط ہوتے ہیں، کام کرنے کی صلاحیت زیادہ ہوتی ہے اور جلد تھکن محسوس نہیں ہوتی، قوت برداشت زیادہ ہوتی ہے اور بیماریوں سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت بھی زیادہ ہوتی ہے۔
Q14 · 6 marks
چکنائی کی اقسام، ذرائع، جسم میں کام اور کمی و زیادتی کے اثرات بیان کریں۔
Answer
چکنائی / روغنیات انسانی جسم کو حرارت اور توانائی بہم پہنچانے کا اہم ذریعہ ہیں۔ چکنائی کاربن، ہائیڈروجن اور آکسیجن کا مرکب ہوتی ہے۔ چکنائی میں کاربن کی مقدار کاربوہائیڈریٹس اور پروٹین سے دوگنی ہوتی ہے اس لیے حرارت اور توانائی بھی ان سے دوگنی فراہم کرتی ہے۔ ایک گرام چکنائی نو حرارے فراہم کرتی ہے۔ چکنائی دو حصوں پر مشتمل ہوتی ہے یعنی چکنے ترشے (Fatty acids) اور گلیسرول (Glycerol)۔ اقسام: 1۔ سیر شدہ چکنے ترشے: حیواناتی ذرائع سے حاصل شدہ چکنائی (بکرے، بھینس کی چربی، دیسی گھی، مکھن اور انڈے کی زردی)، ٹھوس حالت میں اور دیر سے ہضم ہوتے ہیں، ان کے زیادہ استعمال سے خون میں کولیسٹرول بڑھ جاتا ہے۔ 2۔ غیر سیر شدہ چکنے ترشے: عام درجہ حرارت پر سیال، نباتاتی ذرائع سے (مکئی کا تیل، سرسوں کا تیل، سورج مکھی، بنولہ، سویا بین، کینولا، مونگ پھلی اور زیتون کا تیل)، زود ہضم، ان میں ضروری چکنے ترشے پائے جاتے ہیں جنہیں جسم تیار نہیں کر پاتا۔ کام: ضروری چکنے ترشے فراہم کرتی ہے، زیادہ حرارے دیتی ہے، شکم سیری کا احساس دلاتی ہے، وٹامن اے، ڈی، ای اور کے کو جسم کے حصوں تک پہنچاتی ہے، خوراک کو خوش ذائقہ بناتی ہے، پروٹین کے غیر ضروری استعمال کو روکتی ہے، جلد پر چکنائی کی تہہ بنا کر رگڑ اور چوٹ سے بچاتی ہے اور ناخنوں، بالوں اور جلد کو خشک ہونے سے بچاتی ہے۔ کمی کے اثرات: جسم کمزور اور دبلا ہو جاتا ہے اور ہڈیاں نمایاں ہو جاتی ہیں، قوت و توانائی کی کمی اور جسمانی تھکاوٹ، چکنائی میں حل پذیر وٹامن کی کمی کی بیماریاں، جلد خشک اور کھردری ہو جاتی ہے، اندرونی اعضا کے اردگرد کی حفاظتی جھلی خشک ہو جاتی ہے جس سے درد اور کھردراپن پیدا ہوتا ہے، بچوں میں قبض کی شکایت عام ہو جاتی ہے۔ زیادتی کے اثرات: جسم موٹا اور بھدا ہو جاتا ہے اور موٹاپے کی بیماری ہوتی ہے، بلڈ پریشر، فالج، دل کی بیماری اور جوڑوں کا درد جیسے مہلک امراض۔
Test yourself on this chapter
Timed chapter tests, marked the moment you finish.
Practise with a free account
Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.