Class 9 Home Economics · Chapter 4
کھانوں کی تیاری: questions and answers
Every short question, long question and MCQ on this chapter's free papers, each with its answer. Try one yourself first, then check.
Short questions with answers
Q1 · 3 marks
کھانا پکانے کے مقاصد تحریر کریں۔
Answer
1۔ غذا قابلِ ہضم، نرم اور گرم ہو جاتی ہے۔ 2۔ غذا خوش ذائقہ اور خوش رنگ ہو جاتی ہے۔ 3۔ غذا مضرِ صحت جراثیم سے پاک ہو جاتی ہے کیونکہ درجہ کھولاؤ (Boiling Point) پر متعدی بیماریوں کے جراثیم بالعموم ہلاک ہو جاتے ہیں۔ 4۔ غذا خوشبودار اور خوشنما ہونے کی وجہ سے عرقِ ہاضمہ (Enzymes) کا اخراج زیادہ ہوتا ہے اور کھانے کی خواہش بڑھتی ہے۔ 5۔ غذا کے حجم و مقدار میں اضافہ ہوتا ہے مثلاً دال، چاول، چنے اور پھلیاں۔ 6۔ کئی کچی غذاؤں مثلاً مچھلی، انڈے، گوبھی، موگرے اور شلجم کی ناگوار بو ختم ہو جاتی ہے۔ 7۔ غذا کی غذائیت اور ورائٹی میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ 8۔ غذا کو گرم، ٹھنڈا، نرم یا ٹھوس حالت میں پیش کر کے تمام افرادِ خانہ کی پسند اور موسم کے مطابق غذائی ضروریات پوری کی جا سکتی ہیں۔
Q2 · 2 marks
کھانا پکانے کے مضر اثرات کیا ہیں؟
Answer
کھانا پکانے کے چند مضر اثرات بھی ہوتے ہیں مثلاً ابالنے سے خوراک میں موجود وٹامن اور معدنی نمکیات ضائع ہو جاتے ہیں۔ بھوننے اور تلنے کے دوران بہت سے غذائی اجزا ختم ہو جاتے ہیں اور پروٹین کی غذائیت میں بھی کمی ہو جاتی ہے۔
Q3 · 2 marks
کون سی غذائیں پکائے بغیر انسانی جسم میں ہضم نہیں ہوتیں؟
Answer
بعض غذائیں ایسی ہیں جن کو پکانا نہایت ضروری ہوتا ہے کیونکہ پکائے بغیر وہ انسانی جسم میں ہضم نہیں ہوتیں۔ مثلاً گوشت، دالیں، انڈے اور سبزیاں وغیرہ۔
Q4 · 2 marks
کون سی غذائیں تازہ اور کچی حالت میں کھانا فائدہ مند ہے؟ ان کو استعمال کرنے سے پہلے کیا کرنا چاہیے؟
Answer
سلاد جیسے سبزیاں، گاجر، مولی، کھیرا، ٹماٹر، بند گوبھی وغیرہ اور تمام پھل تازہ اور کچی حالت میں کھانے سے زیادہ فائدہ مند اور صحت بخش ثابت ہوتے ہیں۔ یہ مارکیٹ میں لانے کے بعد مٹی، ریت اور جراثیم سے آلودہ ہوتی ہیں، اس لیے انہیں صاف اور کھلے پانی سے اچھی طرح دھو کر استعمال کرنا چاہیے۔
Q5 · 2 marks
کھانا پکانے کے طریقوں کو کتنی اقسام میں تقسیم کیا جا سکتا ہے؟ نام لکھیں۔
Answer
کھانا پکانے کے طریقوں کو چار اقسام میں تقسیم کیا جا سکتا ہے:
(1)خشک پکانے کا طریقہ (Dry Heat Cooking Method) (2) تر پکانے کا طریقہ (Moist Heat Cooking Method) (3) تلنے کا طریقہ (Frying Method) (4) مائیکرو ویو میں پکانے کا طریقہ (Microwave Cooking Method)
Q6 · 2 marks
خشک پکانے کا طریقہ (Dry Heat Cooking Method) کیا ہے؟ اس میں کون کون سے طریقے شامل ہیں؟
Answer
اس طریقے میں بھاپ اور پانی کا بالکل استعمال نہیں ہوتا البتہ چکنائی استعمال کی جاتی ہے۔ اس میں بیک کرنا (Baking)، سینکنا (Grilling) اور بھوننا (Roasting) وغیرہ شامل ہیں۔
Q7 · 3 marks
بیک کرنا (Baking) کسے کہتے ہیں؟
Answer
اس طریقے میں اوون (Oven) کا استعمال کیا جاتا ہے جو چاروں طراف سے بند ہوتا ہے، صرف سامنے کی جانب سے کھولنے کے لیے ایک چھوٹا دروازہ ہوتا ہے۔ اوون کے درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے کے لیے ایک ریگولیٹر ہوتا ہے۔ درجہ حرارت مطلوبہ حد تک پہنچ جائے تو بیکنگ ٹرے یا پائیریکس (Pyrex) کے برتن میں بسکٹ، کیک وغیرہ بیک کیے جاتے ہیں۔ اسی طرح مرغی، مچھلی اور گوشت وغیرہ کو مصالحہ لگا کر اوون میں بیک کیا جاتا ہے اور مقررہ وقت کے بعد نکال لیا جاتا ہے۔
Q8 · 2 marks
بیک کرنے سے پہلے برتن کی اندرونی سطح اور کناروں پر چکنائی کیوں لگائی جاتی ہے؟
Answer
برتن کی اندرونی سطح اور کناروں پر چکنائی اس لیے لگائی جاتی ہے تاکہ بیک ہونے کے بعد تیار شدہ غذا آسانی سے برتن سے نکالی جا سکے۔
Q9 · 3 marks
سینکنا (Grilling) کسے کہتے ہیں؟
Answer
اس میں گوشت، مرغی کے ٹکڑوں اور سیخ کباب کے لیے تیار کردہ قیمے کو مصالحہ لگا کر دہکتے ہوئے کوئلوں پر براہِ راست سینکا جاتا ہے۔ اس طریقے میں پانی کا استعمال نہیں کیا جاتا لیکن قدرے چکنائی وقتاً فوقتاً ان پر لگائی جاتی ہے تاکہ یہ جلنے سے محفوظ رہیں نیز خوشبو اور ذائقہ بھی بہتر ہو سکے۔
Q10 · 3 marks
بھوننا (Roasting) کسے کہتے ہیں؟ اس طریقے سے کیا چیزیں پکائی جاتی ہیں؟
Answer
اس طریقے میں پانی استعمال نہیں ہوتا۔ فرائی پین یا دیگچی میں گھی یا تیل اتنی مقدار میں استعمال کیا جاتا ہے جس میں مطلوبہ شے اچھی طرح بھونی جا سکے مگر جلے نہیں۔ اس طریقے سے ثابت مصالحے کا گوشت، بھنا ہوا قیمہ، مچھلی، دالیں اور سبزیاں پکائی جاتی ہیں۔
Q11 · 2 marks
تر پکانے کے طریقے کون کون سے ہیں؟
Answer
اس طریقے میں ابالنا (Boiling)، بھاپ دینا (Steaming) اور دم پذیری (Stewing) وغیرہ شامل ہیں۔ اس طریقے میں پانی استعمال ہوتا ہے۔
Q12 · 2 marks
ابالنا (Boiling) کسے کہتے ہیں؟
Answer
اس طریقے میں پانی کا درجہ حرارت 100 سینٹی گریڈ تک پہنچایا جاتا ہے۔ اس طریقے سے سبزیاں، اناج، انڈے اور چاول وغیرہ ابالے جاتے ہیں۔ اس کے لیے پانی کی اتنی مقدار استعمال کی جاتی ہے جس میں خوراک آسانی سے ڈوب جائے اور پانی بھی ضائع نہ ہو تاکہ زیادہ غذائیت محفوظ کی جا سکے۔
Q13 · 2 marks
بھاپ دینا (Steaming) کسے کہتے ہیں؟
Answer
سبزیوں کو پانی یا دودھ کا چھینٹا دے کر ڈھانپ دیا جاتا ہے اور ہلکی آنچ پر پکایا جاتا ہے تاکہ غذا نرم ہو جائے لیکن اس کی تازگی، شکل و ہیئت برقرار رہے۔ مچھلی اور سبزیاں وغیرہ زیادہ تر اسی طریقے سے پکائی جاتی ہیں۔
Q14 · 2 marks
دم پذیری (Stewing) سے کیا مراد ہے؟
Answer
درمیانہ درجہ حرارت پر ڈھکن والے برتن میں پکانے کے اس طریقے کو دم پذیری (Stewing) کہتے ہیں۔ کم پانی میں گلانے کے بعد گوشت، مرغی یا سبزیوں کو ہلکی چکنائی میں بھونا جاتا ہے۔ اس طریقے سے خوراک نرم اور خوش ذائقہ ہو جاتی ہے۔
Q15 · 3 marks
تلنے کا طریقہ (Frying Method) کیا ہے؟ اس کی کتنی اقسام ہیں؟
Answer
اس طریقے میں خوراک کی لذت، توانائی اور پیٹ بھرنے کی صلاحیت بڑھانے کے لیے چکنائی کی مختلف اقسام مثلاً گھی، تیل، چربی، بالائی اور مارجرین کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اس طریقے میں پانی کا استعمال بالکل نہیں ہوتا۔ چکنائی کو ایک خاص درجہ حرارت تک گرم کر کے اس میں مختلف چیزیں تلی جاتی ہیں۔ تلنے کے تین طریقے ہیں:
(i)بہت کم چکنائی میں تلنا (Pan Frying) (ii) درمیانہ چکنائی میں تلنا (Shallow Frying) (iii) گہری چکنائی میں تلنا (Deep Frying)
Q16 · 3 marks
بہت کم چکنائی میں تلنا (Pan Frying) کسے کہتے ہیں؟
Answer
اس طریقے میں چکنائی کی بہت قلیل مقدار استعمال کی جاتی ہے اور اس بات کا خیال رکھا جاتا ہے کہ درجہ حرارت درمیانہ ہوتا کہ کھانے میں حرارت صحیح طور پر منتقل ہو جائے اور اس میں مناسب نمی بھی برقرار رہے۔ مچھلی کے قتلے، مرغی کے پارچے اور کٹلس وغیرہ اسی طریقے سے تلے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ بادام اور مونگ پھلی کی گریاں وغیرہ بھی اسی طریقے سے بھونی جاتی ہیں۔
Q17 · 3 marks
درمیانہ چکنائی میں تلنا (Shallow Frying) کسے کہتے ہیں؟
Answer
چپلی کباب، شامی کباب، پراٹھے، فرنچ ٹوسٹ اور جانپیں درمیانہ چکنائی میں تلے جاتے ہیں۔ تلی جانے والی شے کی تقریباً آدھی موٹائی چکنائی میں ڈبوئی جاتی ہے اور سرخ یا براؤن کرنے کے بعد اسے چکنائی سے نکال لیا جاتا ہے۔Short
Q18 · 3 marks
مائیکرو ویو میں پکانے کا طریقہ (Microwave Cooking Method) بیان کریں۔
Answer
کھانا پکانے کا یہ جدید سائنسی طریقہ ہے جس میں برقی رو (Electric Current) مائیکرو ویوز (Microwaves) میں تبدیل ہو جاتی ہے۔ توانائی کی یہ لہریں خوراک کے خلیوں کو نرم بنا دیتی ہیں جس سے کھانا پکانے کا دورانیہ بہت کم ہو جاتا ہے۔ کھانا گھنٹوں کے بجائے منٹوں میں تیار ہو جاتا ہے اور کھانا پکانے کا برتن بہت زیادہ گرم بھی نہیں ہوتا۔ مائیکرو ویوز چاروں زاویوں سے نہ صرف خوراک کی بیرونی سطح بلکہ چند سینٹی میٹر اندر تک سرایت کر جاتی ہیں اور کھانا گرم ہونا شروع ہو جاتا ہے۔ حرارت چونکہ اندرونی سطح میں پیدا ہوتی ہے اس لیے کھانے میں نمی موجود رہتی ہے اور خوراک خشک، بھربھری اور خستہ نہیں ہوتی۔
Q19 · 2 marks
مائیکرو ویو اوون میں دھات کے برتن کیوں استعمال نہیں ہوتے؟ کون سے برتن استعمال ہوتے ہیں؟
Answer
مائیکرو ویوز دھاتوں سے منعکس ہوتی ہیں، اس لیے دھات کے بنے ہوئے برتن مائیکرو ویو اوون میں استعمال کے لیے موزوں نہیں ہوتے۔ یہ لہریں کاغذ، شیشے، چینی اور پلاسٹک کے مخصوص برتنوں میں سے با آسانی گزر جاتی ہیں اور ان کے مضر اثرات بھی نہیں ہوتے۔
Q20 · 2 marks
پاکستان میں مائیکرو ویو اوون کا استعمال کیوں نہیں ہو رہا یا کم کیوں ہے؟ اور اسے خریدتے وقت کیا احتیاط کریں؟
Answer
پاکستان میں مائیکرو ویو اوون کا استعمال بہت مقبولیت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ تاہم یہ یہاں کے روایتی کھانوں کے لیے مناسب نہیں کیونکہ اس میں سالن اور بھوننے کی سہولت میسر نہیں، مگر پھر بھی فاسٹ فوڈ زاور کھانوں کو گرم کرنے کے لیے اس کا استعمال بہت تیزی سے رواج پا رہا ہے۔ مائیکرو ویو جب بھی خریدا جائے اس کی کارکردگی، استعمال اور حفاظت کے بارے میں کتابچے (Booklet) پر تحریر تمام ہدایات کو بغور پڑھنا اور سمجھ لینا چاہیے کیونکہ بعض اوقات ایک معمولی سی کوتاہی بہت بڑے نقصان کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے۔
Q21 · 3 marks
مائیکرو ویو (Microwave) اوون کے فوائد لکھیں۔
Answer
1۔ وقت کی بچت ہوتی ہے، کھانا جلدی تیار ہو جاتا ہے اور گھنٹوں کی محنت بچ جاتی ہے۔ 2۔ بچے ہوئے کھانے کو دوبارہ گرم کیا جا سکتا ہے۔ اس کا ذائقہ، رنگت اور ٹیکسچر بھی خراب نہیں ہوتا۔ 3۔ آگ یا گرم برتنوں کے حادثات سے بھی بچت ہو جاتی ہے۔ 4۔ جن برتنوں میں کھانا پکایا یا گرم کیا جاتا ہے انہی برتنوں میں پیش کیا جا سکتا ہے۔
Q22 · 3 marks
مائیکرو ویو کے نقصانات بیان کریں۔
Answer
1۔ اس طریقے میں بھاپ دینے (Steaming) اور دم پذیری (Stewing) کے طریقے نہیں اپنائے جا سکتے اور گہری چکنائی میں پکانے کا طریقہ بھی استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ 2۔ چیزیں براؤن نہیں ہو پاتیں جس کی وجہ سے کیک اور بسکٹ وغیرہ کی مطلوبہ رنگت (Browning) حاصل نہیں کی جا سکتی۔ 3۔ مائیکرو ویو اوون بہت قیمتی ہے اور اس میں استعمال کیے جانے والے برتن بھی روایتی برتنوں سے مختلف ہوتے ہیں۔
Q23 · 2 marks
پکانے کے دوران غذائیت برقرار رکھنے کے طریقوں کا علم کیوں ضروری ہے؟
Answer
خوراک کی خریداری، تیاری، پکانے اور محفوظ کرنے کے دوران غذائیت کو زیادہ سے زیادہ برقرار رکھنے کے طریقوں کے بارے میں علم ہونے کی وجہ سے افرادِ کنبہ کے لیے متوازن غذا کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ مختلف غذاؤں کی تیاری اور پکانے کے دوران غذائی اجزا کے ضیاع کو کم سے کم کرنے سے نقص غذائیت (Malnutrition) پر بھی قابو پایا جا سکتا ہے۔
Q24 · 4 marks
پکانے کے مراحل میں گوشت کی غذائیت برقرار رکھنے کے اصول لکھیں۔
Answer
(i)گوشت خواہ مرغی، مچھلی، بکرے یا گائے کا ہو اسے فوراً کھلے پانی سے اچھی طرح دھو لینا چاہیے اور زیادہ دیر تک کھلی فضا میں نہیں رکھنا چاہیے۔
(ii)گوشت کو قابلِ ہضم بنانے کے لیے اس کو پکانا ضروری ہے کیونکہ گوشت میں موجود پروٹین جم کر سخت ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔
(iii)گوشت کو زیادہ دیر تک نہیں پکانا چاہیے بلکہ گوشت جونہی پک جائے اسے فوراً اتار لینا چاہیے کیونکہ بہت زیادہ پکانے سے اس میں موجود پروٹین کم ہو جاتی ہیں۔
(iv)دل، گردے اور کلیجی جلد نرم ہو جاتے ہیں، اس لیے انہیں دم پذیری اور بھاپ دینے کے طریقوں سے ہلکی آنچ پر پکانا چاہیے۔ مرغی اور مچھلی کو تل کر یا روسٹ کرنے کے طریقے سے پکانا بہتر رہتا ہے۔
Q25 · 2 marks
گوشت میں موجود چربی اور چکنائی پکانے میں کیا کردار ادا کرتی ہے؟
Answer
گوشت میں موجود چربی اور چکنائی پگھل کر گوشت کو نرم اور ذائقے دار بناتی ہے۔ سالن میں یہ چکنائی ضائع نہیں ہوتی لیکن انگاروں پر سینکنے، سیخ کباب یا تکے وغیرہ بنانے کی صورت میں یہ پگھل کر ضائع ہو جاتی ہے۔
Q26 · 3 marks
پکانے کے دوران انڈوں کی غذائیت برقرار رکھنے کے طریقے لکھیں۔
Answer
(i)انڈے کو ہلکی آنچ پر پکانا چاہیے۔ تیز آنچ پر پکانے سے پروٹین سخت ہو جاتی ہے جو انسانی معدے کے لیے ناقابلِ ہضم ہوتی ہے۔
(ii)انڈوں کو پھینٹنے سے ان میں ہوا شامل ہو جاتی ہے جس سے ان کا حجم بڑھ جاتا ہے، اس لیے انہیں کیک، پیسٹری، آملیٹ اور مٹھائیوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔
(iii)انڈوں کی مخصوص خاصیت جوڑنے کا عمل (Binding) ہے جس کی وجہ سے ان کو کباب، کٹلس، پڈنگ، بسکٹ اور گلاب جامن وغیرہ بنانے میں استعمال کیا جاتا ہے۔
Q27 · 2 marks
انڈوں کی جوڑنے کی خاصیت (Binding) سے کیا مراد ہے؟
Answer
انڈوں کی مخصوص خاصیت جوڑنے کا عمل (Binding) ہے جس کی وجہ سے ان کو کباب، کٹلس، پڈنگ، بسکٹ اور گلاب جامن وغیرہ بنانے میں استعمال کیا جاتا ہے۔
Q28 · 2 marks
دودھ کی غذائیت کس طرح برقرار رکھی جا سکتی ہے؟
Answer
دودھ کی پروٹین نہایت زود ہضم ہوتی ہے، اس لیے اس کو ہمیشہ ابال کر استعمال کرنا چاہیے۔ کچا دودھ صحت کے لیے مضر ہوتا ہے۔
Q29 · 2 marks
سبزیاں خریدتے وقت کن باتوں کا خیال رکھنا چاہیے؟
Answer
سبزی ہمیشہ تازہ اور اچھی قسم کی خریدنی چاہیے۔ اچھی سبزی داغ دھبوں اور شکنوں سے پاک ہونی چاہیے۔
Long questions with answers
Q1 · 8 marks
کھانا پکانے کے اصول و طریقے بیان کریں۔ (مشق 3 (i))
Answer
کھانا پکانے کے مقاصد: غذا قابلِ ہضم، نرم اور گرم ہو جاتی ہے؛ خوش ذائقہ اور خوش رنگ ہو جاتی ہے؛ درجہ کھولاؤ (Boiling Point) پر متعدی بیماریوں کے جراثیم ہلاک ہو جاتے ہیں؛ خوشبودار اور خوشنما ہونے سے عرقِ ہاضمہ (Enzymes) کا اخراج زیادہ ہوتا ہے؛ دال، چاول، چنے اور پھلیوں کے حجم و مقدار میں اضافہ ہوتا ہے؛ مچھلی، انڈے، گوبھی، موگرے اور شلجم کی ناگوار بو ختم ہو جاتی ہے؛ غذائیت اور ورائٹی میں اضافہ ہوتا ہے؛ افرادِ خانہ کی پسند اور موسم کے مطابق غذائی ضروریات پوری کی جا سکتی ہیں۔ مضر اثرات: ابالنے سے وٹامن اور معدنی نمکیات ضائع ہو جاتے ہیں اور بھوننے و تلنے سے غذائی اجزا ختم ہو جاتے ہیں اور پروٹین کی غذائیت میں کمی ہو جاتی ہے۔ کھانا پکانے کے طریقوں کی چار اقسام:
(1)خشک پکانے کا طریقہ (Dry Heat Cooking Method): اس میں بھاپ اور پانی کا بالکل استعمال نہیں ہوتا، البتہ چکنائی استعمال ہوتی ہے۔ اس میں بیک کرنا (Baking) جس میں اوون استعمال ہوتا ہے، سینکنا (Grilling) جس میں مصالحہ لگا کر دہکتے کوئلوں پر براہِ راست سینکا جاتا ہے، اور بھوننا (Roasting) جس میں فرائی پین یا دیگچی میں اتنا گھی یا تیل لیا جاتا ہے کہ شے بھن جائے مگر جلے نہیں، شامل ہیں۔
(2)تر پکانے کا طریقہ (Moist Heat Cooking Method): اس میں پانی استعمال ہوتا ہے۔ ابالنا (Boiling) میں پانی کا درجہ حرارت 100 سینٹی گریڈ تک پہنچایا جاتا ہے؛ بھاپ دینا (Steaming) میں ہلکی آنچ پر سبزی ڈھانپ کر پکائی جاتی ہے تاکہ تازگی اور شکل برقرار رہے؛ دم پذیری (Stewing) میں درمیانہ درجہ حرارت پر ڈھکن والے برتن میں پکایا جاتا ہے۔
(3)تلنے کا طریقہ (Frying Method): اس میں گھی، تیل، چربی، بالائی اور مارجرین استعمال ہوتے ہیں اور پانی بالکل نہیں ہوتا۔ اس کی تین اقسام ہیں: بہت کم چکنائی میں تلنا (Pan Frying)، درمیانہ چکنائی میں تلنا (Shallow Frying) جس میں شے کی تقریباً آدھی موٹائی چکنائی میں ڈبوئی جاتی ہے اور گہری چکنائی میں تلنا (Deep Frying) جس میں چیز چکنائی میں ڈوبی ہوتی ہے۔
(4)مائیکرو ویو میں پکانے کا طریقہ (Microwave Cooking Method): اس جدید سائنسی طریقے میں برقی رو (Electric Current) مائیکرو ویوز (Microwaves) میں تبدیل ہو جاتی ہے جو خوراک کے خلیوں کو نرم بنا دیتی ہیں۔ کھانا گھنٹوں کے بجائے منٹوں میں تیار ہوتا ہے اور برتن بہت زیادہ گرم نہیں ہوتا۔ حرارت اندرونی سطح میں پیدا ہونے کی وجہ سے نمی برقرار رہتی ہے۔ دھات کے برتن استعمال نہیں ہوتے کیونکہ مائیکرو ویوز دھاتوں سے منعکس ہوتی ہیں۔ فوائد: وقت کی بچت، دوبارہ گرم کرنے پر ذائقہ، رنگت اور ٹیکسچر خراب نہیں ہوتا، آگ یا گرم برتنوں کے حادثات سے بچت، اور انہی برتنوں میں پیش کرنا ممکن۔ نقصانات: بھاپ دینے، دم پذیری اور گہری چکنائی کے طریقے نہیں اپنائے جا سکتے، براؤننگ (Browning) حاصل نہیں ہوتی اور اوون و برتن قیمتی ہیں۔
Q2 · 6 marks
پکانے کے مراحل میں گوشت کی غذائیت برقرار رکھنے کے اصول لکھیں۔ (مشق 3 (ii))
Answer
پکانے کے دوران غذائیت برقرار رکھنے کے طریقوں کا علم افرادِ کنبہ کے لیے متوازن غذا کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے اور نقصِ غذائیت (Malnutrition) پر قابو پانے میں مدد دیتا ہے۔ گوشت کی غذائیت برقرار رکھنے کے اصول:
(i)گوشت خواہ مرغی، مچھلی، بکرے یا گائے کا ہو اسے فوراً کھلے پانی سے اچھی طرح دھو لینا چاہیے اور زیادہ دیر تک کھلی فضا میں نہیں رکھنا چاہیے۔
(ii)گوشت کو قابلِ ہضم بنانے کے لیے اس کو پکانا ضروری ہے کیونکہ گوشت میں موجود پروٹین جم کر سخت ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔ گوشت میں موجود چربی اور چکنائی پگھل کر گوشت کو نرم اور ذائقے دار بناتی ہے۔ سالن میں یہ چکنائی ضائع نہیں ہوتی لیکن انگاروں پر سینکنے، سیخ کباب یا تکے وغیرہ بنانے کی صورت میں پگھل کر ضائع ہو جاتی ہے۔
(iii)گوشت کو زیادہ دیر تک نہیں پکانا چاہیے بلکہ جونہی پک جائے اسے فوراً اتار لینا چاہیے کیونکہ بہت زیادہ پکانے سے اس میں موجود پروٹین کم ہو جاتی ہیں۔
(iv)دل، گردے اور کلیجی جلد نرم ہو جاتے ہیں، اس لیے انہیں دم پذیری اور بھاپ دینے کے طریقوں سے ہلکی آنچ پر پکانا چاہیے۔ مرغی اور مچھلی کو تل کر یا روسٹ کرنے کے طریقے سے پکانا بہتر رہتا ہے۔
Q3 · 8 marks
مغربی طریقے سے کھانا کس طرح پیش کیا جاتا ہے؟ (مشق 3 (iii))
Answer
مغربی طریقے میں کھانا میز کرسی پر بیٹھ کر کھایا جاتا ہے اور کھانے کی ہر چیز کے لیے الگ چمچ اور کانٹا ہوتا ہے۔ کانٹا سلاد کے لیے، کانٹا ہر پھل کے لیے اور چھوٹا چمچ میٹھے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ میز پر بیٹھ کر مغربی انداز میں کھانا دو طریقوں سے پیش کیا جاتا ہے:
(i)غیر رسمی انداز میں، (ii) رسمی انداز میں۔
(i)غیر رسمی انداز (Informal Style): کھانا میز پر مختلف ڈونگوں اور ڈشوں میں رکھ دیا جاتا ہے۔ سالن کے ڈونگے ہر ایک کے سامنے بڑھائے جاتے ہیں جن سے تمام افراد حسبِ منشا اپنی پلیٹ میں نکال لیتے ہیں۔ پانی کے لیے گلاس دائیں ہاتھ رکھا جاتا ہے۔ میٹھی چیز یا پھل ہمیشہ کھانے کے آخر میں پیش کیا جاتا ہے۔ میٹھی ڈش لانے سے قبل کھانے کے جھوٹے برتن اٹھا لیے جاتے ہیں۔ آخر میں میز سے اٹھنے کے بعد کرسی دوبارہ اپنی جگہ پر کر دی جاتی ہے۔
(ii)رسمی انداز (Formal Style): گھر کے افراد میں سے ایک شخص میزبان (Host/Hostess) ہوتا ہے اور کھانا کھلانے کی ذمہ داری اسی کی ہوتی ہے۔ کھانا میزبان سے شروع کیا جاتا ہے تاکہ مہمان اسے دیکھ کر اسی انداز سے کھانا کھائیں۔ میز پر ہر کرسی کے سامنے ہر شخص کے لیے ایک میٹ (Mat) بچھایا جاتا ہے جسے کور (Cover) کہتے ہیں۔ اس پر کراکری اور کٹلری رکھی جاتی ہے۔ چھری (Knife)، چمچ اور کانٹے (Fork) کا کثرت سے استعمال ہوتا ہے۔ کانٹا ہمیشہ بائیں ہاتھ اور چھری و چمچ دائیں ہاتھ پر ہوتے ہیں۔ چھری کی دھار والا حصہ پلیٹ کی جانب رکھا جاتا ہے۔ نیپکن استعمال سے قبل بائیں ہاتھ رکھا جاتا ہے یا گلاس میں سجایا جا سکتا ہے۔ میز پر صرف وہ برتن رکھے جاتے ہیں جو سب سے پہلے پیش کرنا ہوں مثلاً سوپ یا جوس۔ پہلے نمبر پر گوشت، مچھلی اور مرغی سے بنی اشیا (مین ڈش) اور دوسرے نمبر پر سبزی یا دال سے بنی اشیا (سائیڈ ڈش) رکھی جاتی ہیں، ساتھ سلاد اور روٹی یا چاول۔ کھانا ہمیشہ بائیں جانب سے پیش کیا جاتا ہے تاکہ بیٹھا ہوا فرد دائیں ہاتھ سے سہولت کے ساتھ اپنی پلیٹ میں ڈال سکے۔ چائے یا کافی کی پیالی کا کنڈا دائیں جانب ہوتا ہے۔ پانی اور جوس دائیں جانب سے پیش کیا جاتا ہے۔ کھانے کے دوران ہلکی پھلکی اور دلچسپ گفتگو جاری رکھنا میزبان کی ذمہ داری ہے اور کوشش کی جائے کہ میز پر موجود تمام چیزیں تھوڑی تھوڑی ضرور کھائی جائیں تاکہ میزبان کی دل شکنی نہ ہو۔
Q4 · 5 marks
کھانا پیش کرنے میں صفائی کی کیا اہمیت ہے؟ (مشق 3 (iv))
Answer
کھانا پیش کرنے میں صفائی نہایت اہم ہے۔ 1۔ کھانا پیش کرنے میں برتنوں، کھانوں اور میز یا دسترخوان کا صاف ہونا نہایت ضروری ہے۔ 2۔ ذاتی صفائی کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ 3۔ کھانا پیش کرنے سے قبل ہاتھوں کو اچھی طرح دھو لیں۔ 4۔ کھانا جس طریقے سے بھی پیش کیا جائے تمام برتنوں کا خوش رنگ، صاف ستھرا اور ہم آہنگ ہونا ضروری ہے۔ 5۔ برتن اور گلاس صاف ستھرے ہونے چاہییں۔ 6۔ صاف ستھرا کھانے کا کمرہ اور میز نہ صرف خاتونِ خانہ کی سلیقہ شعاری کا مظہر ہے بلکہ افرادِ خانہ کی صحت کا ضامن بھی ہے۔
نتیجہ: صفائی اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل کر کے کھانے کے اوقات کو خوشگوار اور پرلطف بنایا جا سکتا ہے۔
Q5 · 8 marks
اشیائے خوردنی کو سٹور کرنے کے مختلف طریقے بیان کریں۔ (مشق 3 (v))
Answer
گھروں میں غذا کو محفوظ کرنے کے لیے مختلف طریقے استعمال ہوتے ہیں:
(1)ریفریجریٹر میں سٹور کرنا: یہ سب سے مقبول طریقہ ہے۔ 0° سے 4° سینٹی گریڈ تک غذا موثر طریقے سے طویل مدت تک قابلِ استعمال رہتی ہے۔ انڈے، دودھ، گوشت، پھل اور سبزیاں کافی عرصے تک رکھی جا سکتی ہیں۔ فریج سے باہر نکالنے پر بیکٹیریا کی نشوونما تیز ہو جاتی ہے۔
(2)فریزر میں سٹور کرنا: منجمد کرنے سے خامرے (Micro-organisms) بے اثر ہو جاتے ہیں لیکن مکمل ہلاک نہیں ہوتے۔ غذا 0° سے منفی 20° سینٹی گریڈ پر رکھی جاتی ہے۔ گوشت کے چھوٹے ٹکڑے پولی تھین کے تھیلوں میں بند کیے جاتے ہیں۔ پکی اور پگھلی غذا دوبارہ منجمد نہ کریں۔
(3)خشک کر کے سٹور کرنا: یہ قدیم ترین طریقہ ہے جس میں غذا میں پانی کی مقدار اتنی کم کر دی جاتی ہے کہ جراثیم کی افزائش نہ ہو سکے۔ عام طور پر سورج کی حرارت میں تین سے چار دن میں کریلے، شلجم، پودینہ، مٹر، میتھی، انگور، انجیر، خوبانی اور آلو بخارہ خشک کیے جاتے ہیں۔
(4)اچار، چٹنی یا مربہ جات بنا کر: سبزیوں کا اچار تقریباً ایک سال تک محفوظ رہتا ہے مثلاً لیموں، آم، سبز مرچ، گاجر، لہسن، شلجم اور لسوڑے۔ پھلوں سے جام، چٹنی، جیلی اور مربہ جات بنتے ہیں۔ جام کے لیے سیب، خوبانی، آم، آلو بخارہ اور سٹابیری جبکہ مربہ جات کے لیے سیب، آم، گاجر اور آملہ موزوں ہیں۔ معیاری طریقے: غذائیں دو اقسام میں تقسیم کی جاتی ہیں:
(1)جلد خراب ہونے والی غذائیں: دودھ اور دودھ سے بنی اشیا، گوشت، انڈے، پھل اور سبزیاں۔ دودھ کو ابال کر ٹھنڈا کر کے فریج کے اوپر والے خانے میں رکھیں، فریج نہ ہو تو جگ یا مٹی کے برتن کو پانی بھری پرات میں رکھ کر ململ سے ڈھانپیں۔ گوشت کو دھو کر ٹکڑوں میں کاٹ کر پولی تھین میں فریزر میں رکھیں۔ انڈے ٹھنڈی، سایہ دار اور ہوا دار جگہ یا فریج کے مخصوص خانوں میں رکھیں۔ پھل اور سبزیاں دھو کر، صاف، ہوادار اور سایہ دار جگہ رکھیں اور خراب پھل الگ کر دیں۔ رس دار پھل 14° سے 16° سینٹی گریڈ پر اور سبزیاں فریج کے نچلے خانے میں رکھیں۔
(2)دیر سے خراب ہونے والی غذائیں: گندم، دالیں، چاول وغیرہ کو صاف کر کے خشک ڈھکن دار پلاسٹک یا جست کے برتنوں میں سٹور کریں اور نمی سے بچائیں تاکہ کیڑا، سرسری اور سنڈی نہ پڑے۔ زیادہ عرصہ کے لیے ہلدی یا نمک لگا کر رکھیں۔
Q6 · 8 marks
باورچی خانے میں حادثات اور ان سے بچاؤ کی تدابیر بیان کریں۔ (مشق 3 (vi))
Answer
باورچی خانے میں حادثات زیادہ تر غیر محفوظ اقدامات اور لاپروائی کی وجہ سے ہوتے ہیں۔ یہاں آگ لگنے کے امکانات گھر کے دوسرے مقامات سے زیادہ ہوتے ہیں۔ حادثات کے مراکز اور تدابیر:
(1)فرش پر گرنا یا پھسلنا: وجوہات یہ ہیں کہ فرش گیلا یا چکنا ہو، کھانے کے ذرات یا چکنائی گری ہو، یا جھاڑو/پوچا کسی حصے میں رکھا ہو۔ تدابیر: فرش صاف ستھرا اور خشک ہو، کھانا پکانے سے پہلے اور بعد میں صاف کیا جائے اور صفائی کا سامان رکھنے کی مخصوص جگہ ہو۔
(2)ہلکے آلات سے زخمی ہونا: وجوہات: چاقو، چھری، قینچی کا غیر مناسب استعمال، کند یا ٹوٹے آلات، آلات رکھنے کی نامناسب جگہ۔ تدابیر: آلات صاف اور بچوں کی پہنچ سے دور ہوں، تیز اور نوکدار دھار کے آلات استعمال ہوں اور رکھنے کی مناسب جگہ مخصوص ہو۔
(3)بھاری برتن: وجوہات: بھاری برتن اوپر والے خانوں میں رکھنا، گرم دیگچی چولہے کے کنارے رکھنا، چولہا بلا وجہ جلتے رہنا، اوون کا دروازہ کھلا رہ جانا۔ تدابیر: بھاری برتن نچلے خانوں میں رکھیں، گرم دیگچی چولہے کے درمیان رکھیں اور ہینڈل باہر نہ ہوں، پکانے کے بعد چولہا فوراً بند کریں اور اوون کا دروازہ بند کریں۔
(4)لباس: وجوہات: کھلے کف یا بٹن، ڈھیلا ایپرن، نائلون کے کپڑے، غیر محفوظ جوتے۔ تدابیر: مناسب لباس، درست ایپرن اور نہ پھسلنے والے جوتے یا چپل استعمال کیے جائیں اور نائلون سے بچا جائے۔ معمولی حادثات: ابتدائی طبی امداد کٹ (First Aid Kit) میں ڈیٹول، برنال، لال دوائی، ٹنکچر آیوڈین، درد کی دوائیں، روئی، جراثیم سے پاک پٹیاں، رولر پٹیاں اور چپکنے والی پٹیاں ہونی چاہییں۔ جلنے پر برنال، سرکہ، نیلی روشنائی یا سرسوں کا تیل لگائیں، پٹی نہ باندھیں اور چھالا نہ پھوڑیں۔ چوٹ پر ڈیٹول سے صفائی اور ٹنکچر آیوڈین لگائیں؛ گہرے زخم میں ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔ گیس پھیلنے پر متاثرہ فرد کو کھلی ہوا میں لے جائیں۔ زہریلی شے کھانے پر قے کروانے کی کوشش کریں اور نمک ملا پانی پلا کر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
Q7 · 8 marks
باورچی خانے میں غذا کی تیاری کے دوران حفاظتی اقدامات پر عمل کرنا کیوں ضروری ہے؟ (مشق 3 (vii))
Answer
باورچی خانے اور اہلِ خانہ کی صحت کا آپس میں گہرا ربط ہے۔ حادثات سے بچاؤ کے لیے درج ذیل اقدامات ضروری ہیں: 1۔ ڈھیلے ڈھالے اور لٹکتے کپڑوں سے گریز، ایپرن یا اوور آل کا استعمال، دوپٹے اور بالوں کو باندھنا۔ 2۔ نائلون کے کپڑے آگ پکڑ کر جلد سے چپک جاتے ہیں، اس لیے چولہے کے قریب نہ پہنیں۔ 3۔ کپڑوں میں آگ لگے تو بھاگنے کے بجائے زمین پر لیٹ کر لوٹیں اور کمبل لپیٹ لیں کیونکہ بھاگنے سے آکسیجن ملتی ہے۔ 4۔ ماچس جلاتے وقت رخ جسم سے پرے رکھیں اور ماچس بچوں سے دور رکھیں۔ 5۔ چولہا، گیس اور تیل احتیاط سے استعمال کریں۔ 6۔ مٹی کے تیل کی آگ پر پانی نہ ڈالیں بلکہ ریت یا کمبل پھینکیں۔ 7۔ تلتے وقت ڈھکن قریب رکھیں اور چیزیں برتن کے کنارے سے ڈالیں۔ 8۔ فرائنگ پین کے ہینڈل آگ سے بچائیں اور بچوں کو دور رکھیں۔ 9۔ پریشر کُکر کھولنے سے قبل ویٹ ہٹا کر پوری بھاپ نکالیں۔ 10۔ ابلتے پانی کا دیگچہ احتیاط سے اور ڈھکن کے ساتھ اٹھائیں، بھاری برتن دوسروں کی مدد سے اٹھائیں۔ 11۔ ادویات اور زہریلی اشیا کو لیبل کر کے مصالحہ جات سے دور رکھیں۔ 12۔ چاقو چھری بچوں کی پہنچ سے دور رکھیں اور رخ جسم کی مخالف سمت رکھیں۔ 13۔ فرش پر گری چکنائی یا پانی فوراً صاف کریں اور چھلکے نہ بکھرنے دیں۔ مناسب حفاظتی اقدامات سے حادثات پر قابو پایا جا سکتا ہے اور اس کے لیے فرسٹ ایڈ کٹ کا ہونا ضروری ہے۔
Q8 · 8 marks
کھانا پیش کرنے کے پانچ طریقوں کی تفصیل بیان کریں۔
Answer
کھانا پیش کرنے کے پانچ طریقے ہیں:
(1)ٹرالی میں (Trolley Service): نشستوں پر بیٹھے افراد کو کھانا، چائے، پھل یا مشروب پیش کرنے کے لیے نہایت آسان طریقہ ہے جس سے میزبان کے وقت اور قوت کی بچت ہوتی ہے۔ اوپر والی ٹرے میں کھانے پینے کی اشیا اور نچلی ٹرے میں پلیٹیں، گلاس، پیالیاں، چمچ، کٹلری رکھی جاتی ہیں۔ پیپر نیپکن ہر پلیٹ پر رکھا جاتا ہے۔ ہر دو یا تین افراد کے درمیان ٹرالی لے جا کر پلیٹیں پیش کی جاتی ہیں۔ مشروب پیالیوں میں ڈال کر ٹرالی پر نہ رکھیں؛ پیالیاں اوپر اور جگ نچلی ٹرے میں رکھ کر مہمان کے سامنے انڈیلیں۔
(2)ٹرے میں (Tray Service): اس کے دو طریقے ہیں: ایک فرد کے لیے جس میں ٹرے کا سائز 12x18 انچ، ہینڈل یا بھرے کنارے، صاف ٹرے کور، پلیٹ کی مقاصد کے مطابق ترتیب اور پانی کا گلاس اوپر دائیں جانب ہوتا ہے؛ اور زیادہ افراد کے لیے جس میں پلیٹیں اور پیالیاں ڈھیری کی صورت میں اور نیپکن بائیں جانب رکھے جاتے ہیں اور کنڈوں اور چمچوں کا رخ ایک ہی جانب ہوتا ہے۔
(3)مشرقی طریقہ: قالین یا دری پر چاندنی اور خاص چھپائی کا دسترخوان بچھایا جاتا ہے، کھانا ہاتھ سے کھایا جاتا ہے، بسم اللہ سے آغاز ہوتا ہے، دایاں گھٹنا کھڑا رکھ کر بیٹھا جاتا ہے اور کھانے کے بعد قہوہ پیا جاتا ہے۔
(4)مغربی طریقہ: میز کرسی پر الگ چمچ کانٹے کے ساتھ، غیر رسمی اور رسمی دو انداز میں۔
(5)بوفے طریقہ: کم جگہ میں بہت سے مہمانوں کو کھلایا جا سکتا ہے، مہمان کھڑے ہو کر اپنی مدد آپ کھانا لیتے ہیں، میز پر تمام برتن اور ڈشیں ایک ہی وقت رکھ دی جاتی ہیں، پھولوں کی آرائش اونچی ہوتی ہے اور رات کو موم بتیاں لگائی جا سکتی ہیں۔
Q9 · 6 marks
کھانا پیش کرنے کے دلکش انداز کی تفصیل لکھیں۔
Answer
کھانا پیش کرنے کے دلکش انداز کے لیے چھ باتوں کا خیال ضروری ہے:
(1)میز پوش، دسترخوان یا ٹرے کور کا انتخاب: رنگوں میں ہم آہنگی ہو، صاف ستھرے، بے داغ، شکن سے پاک اور ہلکی کلف لگے ہوں، موٹے سوتی کپڑے کے ہوں اور کنارے دونوں اطراف یکساں باہر نکلے ہوں۔
(2)نیپکن کا انتخاب: سفید یا ہلکے رنگ کے، برتنوں سے ہم آہنگ، صاف، ہلکی کلف لگے، استری شدہ، 18 انچ مربع سائز۔
(3)برتنوں کا انتخاب: میز پوش کے رنگ اور فہرستِ طعام کے مطابق؛ مختلف شکل و سائز کی ڈشیں کم جگہ میں زیادہ اشیا پیش کرنے میں مددگار ہیں۔
(4)دسترخوان بچھانا/میز لگانا: برتنوں کا رخ کھانے والے فرد کی جانب ہو اور ہر فرد کے لیے کم از کم 20 انچ جگہ ہو۔
(5)پھولوں کی آرائش: میز کے درمیان یا برابر فاصلے پر؛ ٹہنیاں لمبی نہ ہوں اور پتیاں کھانے میں نہ گریں۔
(6)کھانا پیش کرنا: رنگ برنگ سلاد اور سجاوٹ، گرم کھانے خوب گرم اور ٹھنڈے خوب ٹھنڈے پیش کیے جائیں۔
Q10 · 6 marks
ٹرے میں کھانا پیش کرنے کے دونوں طریقے تفصیل سے لکھیں۔
Answer
ٹرے میں کھانا پیش کرنے کے دو طریقے ہیں۔
(i)ایک فرد کے لیے ٹرے لگانا: مہمان، بزرگ یا بیمار شخص کے لیے۔
(۱)ٹرے کا سائز اتنا ہو کہ ضروری برتن اور ڈونگے آ سکیں، عموماً 12x18 انچ، اور ہینڈل یا بھرے کنارے ہوں تاکہ برتن پھسلیں نہیں۔
(ب)ٹرے پر صاف ستھرا، شکن سے پاک اور موٹے کپڑے کا ٹرے کور بچھائیں۔
(ج)جگہ محدود ہونے کی وجہ سے ایک پلیٹ یا برتن کئی مقاصد کے لیے استعمال ہو، مثلاً بڑی پلیٹ پر چھوٹی گہری پلیٹ جس میں سوپ، دلیا، دہی یا شوربے والا سالن ہو۔
(د)پلیٹ مریض یا مہمان کے سامنے ہو، ڈونگا بائیں ہاتھ یا اوپر کی جانب اور نیپکن پلیٹ پر رکھا ہو۔ (ح) پانی کا گلاس اوپر دائیں جانب اور بائیں جانب پھولوں کی چھوٹی سجاوٹ رکھی جا سکتی ہے۔
(ii)ایک سے زائد افراد کے لیے: پلیٹیں اور پیالیاں اوپر تلے ڈھیری کی صورت میں، نیپکن بائیں جانب اکٹھے رکھے جاتے ہیں۔ عموماً مشروبات کی ٹرے لگائی جاتی ہے اور تمام پیالیوں کے کنڈوں اور چمچوں کا رخ ایک ہی جانب ہونا چاہیے۔
Q11 · 6 marks
مشرقی طریقے سے کھانا پیش کرنے کی تفصیل اور کھانے کے آداب بیان کریں۔
Answer
روایتی مشرقی طریقے میں قالین یا دری پر سفید چادر (چاندنی) بچھائی جاتی ہے اور اس پر خاص چھپائی والا دسترخوان بچھا کر کھانا پیش کیا جاتا ہے۔ کھانا نہایت سادہ طریقے سے پیش کیا جاتا ہے اور چھری کانٹا استعمال نہیں ہوتا۔ کھانا ہاتھ سے کھایا جاتا ہے، البتہ میٹھے پکوان مثلاً گاجر کا حلوہ، فرنی اور کھیر کے لیے چھوٹا چمچ استعمال ہو سکتا ہے۔ عام طور پر ایک بڑی پلیٹ چاول یا سالن کے لیے، ایک چھوٹی پلیٹ روٹی کے لیے، پانی کا ایک گلاس، میٹھے پکوان کے لیے ایک پیالہ اور چمچ فی کس رکھے جاتے ہیں۔ لوگ آمنے سامنے لمبائی کے رخ بیٹھتے ہیں۔ سالن کے ڈونگے اور چاول کی ڈش دسترخوان کے درمیان رکھے جاتے ہیں اور پانی کے جگ تھوڑے فاصلے پر ہوتے ہیں۔ کھانا بسم اللہ الرحمن الرحیم پڑھ کر شروع کریں اور چاول انگلیوں کی پوروں سے کھائیں۔ بیٹھنے کا صحیح طریقہ بائیں ٹانگ دوہری اور دایاں گھٹنا کھڑا رکھنا ہے کیونکہ صحابہ کرام ایسا کرتے تھے تاکہ سائل آنے پر اٹھنے میں دیر نہ ہو۔ خواتین بائیں گھٹنے کو نیچے اور دائیں کو اوپر رکھ کر نماز کے انداز میں بیٹھ سکتی ہیں۔ مشرقی کھانے چونکہ مرغن ہوتے ہیں اس لیے کھانے کے بعد چھوٹی پیالیوں میں قہوہ پیا جاتا ہے۔
Q12 · 6 marks
خوراک کو سٹور کرنے کی اہمیت اور مقاصد تفصیل سے بیان کریں۔
Answer
دنیا کے کئی ممالک خوراک کی قلت کا شکار ہیں مگر پاکستان میں وافر مقدار میں وسائل موجود ہیں۔ آبادی میں اضافے کے ساتھ خوراک کو بہتر طور پر سٹور کرنے کی ضرورت ہے۔ بنیادی مقصد یہ ہے کہ بیکٹیریا اور ضرر رساں کیڑوں کی افزائش روکی جا سکے، خوراک زیادہ دیر قابلِ استعمال رہے اور اس کی تازگی، غذائیت اور کوالٹی برقرار رہے۔ مقاصد:
(1)خوراک کے نقصان پر قابو پانا: پھل اور سبزیوں کی پیداوار کے موسم میں ارزاں نرخوں پر خرید کر محفوظ کی جائیں تو ضیاع اور مہنگائی پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
(2)غذائیت کے ضیاع میں کمی: خوراک ہر موسم میں دستیاب ہو اور اس کی قدرتی خصوصیات میں کم سے کم تبدیلی ہو؛ تیز دھوپ اور نمی سے وٹامن اور معدنی نمکیات ضائع ہوتے ہیں۔
(3)غذائی قلت میں کمی: متوازن اور صحت بخش غذا حاصل ہوتی ہے، سمندری غذائیں سٹور کر کے قلت پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
(4)غذا میں ورائٹی فراہم کرنا: اچار، چٹنیوں، جام اور مربہ جات کی صورت میں رنگ، ذائقہ اور ورائٹی لائی جا سکتی ہے۔
Q13 · 8 marks
ریفریجریٹر اور فریزر کی دیکھ بھال اور حفاظت کے اصول تفصیل سے لکھیں۔
Answer
ریفریجریٹر کا بنیادی اصول یہ ہے کہ اشیائے خوردنی کو اتنی ٹھنڈک ملے کہ بیکٹیریا اور خامروں کی افزائش رک جائے۔ استعمال کے اصول: خانوں میں گنجائش سے زیادہ خوراک نہ رکھیں؛ دروازہ بار بار نہ کھولیں؛ پکے کھانے پلاسٹک کے ڈبوں میں کم گہرائی والے برتن میں رکھیں؛ دودھ اور دودھ کی مصنوعات اوپر کے خانے میں رکھیں؛ پھل اور سبزیاں دھو کر خشک کر کے نچلے خانے میں؛ انڈے دروازے کے مخصوص خانے میں؛ غذاؤں کے گرد ٹھنڈی ہوا گزرنے دیں؛ گرم کھانا اور ابلا دودھ ٹھنڈا ہونے پر رکھیں۔ صفائی: روزانہ صاف کریں اور ہفتے میں ایک بار تمام اشیا نکال کر صاف و خشک کریں اور خالی چلا کر 2° سینٹی گریڈ تک ٹھنڈا ہونے پر اشیا واپس رکھیں؛ ہینڈل، دروازے اور بالائی حصے کو صاف رکھیں؛ پھپھوندی کو سفید سرکہ اور میٹھے سوڈے سے صاف کریں؛ طویل بندش پر پلگ نکال کر، ڈی فراسٹ اور خشک کر کے دروازہ کھلا چھوڑیں۔ ڈیپ فریزر: 0° سے 10°- سینٹی گریڈ پر غذا منجمد ہو کر زیادہ عرصے محفوظ رہتی ہے۔ اصول: چھوٹے پیکٹ بنائیں، پیکٹ بھر کر رکھیں، گوشت اور مچھلی الگ پولی تھین میں رکھیں، ہوا سے بچانے کے لیے اچھی طرح لپیٹیں، فریزر کو دو گھنٹے پہلے چلا کر ٹھنڈا کریں، گرم اشیا پہلے ٹھنڈی کریں، پیکٹ پر نام اور تاریخ لکھیں اور پہلے رکھی چیز پہلے استعمال کریں۔ صفائی: جب برف کی تہہ 5 ملی میٹر یا 1/4 انچ ہو جائے تو ڈی فراسٹ کریں؛ دو تین ماہ بعد صفائی کریں؛ پیندا خشک رکھیں؛ گیلے ہاتھ نہ لگائیں؛ صفائی سے قبل پلگ نکالیں؛ تیز دھار آلہ استعمال نہ کریں؛ نیم گرم پانی اور میٹھے سوڈے کا محلول استعمال کریں؛ دیوار سے تقریباً ایک فٹ فاصلہ رکھیں اور دروازہ کھلا نہ چھوڑیں۔
Q14 · 8 marks
پکانے کے دوران سبزیوں، پھلوں، چاول، اناج اور دالوں کی غذائیت برقرار رکھنے کے طریقے لکھیں۔
Answer
سبزیاں: تازہ اور داغ دھبوں سے پاک خریدیں؛ کاٹنے اور چھیلنے سے قبل دھوئیں؛ کاٹنے سے قبل پانی میں دو تین بڑے چمچے سرکہ ڈال کر دھونے سے تازگی رہتی ہے اور جراثیم مر جاتے ہیں؛ چھلکا ممکن ہو تو نہ اتاریں ورنہ باریک اتاریں کیونکہ وٹامن اور نمکیات چھلکے کے نیچے ہوتے ہیں؛ پکانے سے بہت پہلے کاٹ کر نہ رکھیں کیونکہ عمل تکسید سے وٹامن سی ضائع ہوتا ہے؛ بڑے اور موٹے ٹکڑوں میں کاٹیں؛ کٹی سبزیاں پانی میں زیادہ دیر نہ بھگوئیں؛ اتنے ہی پانی میں پکائیں کہ زائد پانی نہ گرانا پڑے؛ ڈھکن دے کر پکائیں اور زیادہ دیر نہ پکائیں؛ منجمد سبزیاں پگھلائے بغیر ابلتے پانی میں ڈال کر فوراً پکائیں۔ پھل: بے داغ اور صاف ہوں، تازہ پانی سے دھوئیں؛ چھلکے سمیت کھائے جانے والے پھل (امرود، سیب) زیادہ اچھی طرح دھوئیں اور چھلکا اتارنا ہو تو باریک اتاریں؛ ایک دو دن رکھنا ہو تو ٹھنڈی خشک جگہ یا فریج میں رکھیں؛ کیلا، آڑو اور آلو بخارہ زیادہ دنوں کے لیے قدرے کچے خریدیں۔ اناج اور دالیں: اناج (گیہوں، مکئی، جو، باجرہ، چاول، دالیں) کو پکانے کا مقصد سیلولوز نرم کرنا، پروٹین اور نشاستہ پکانا اور ذائقے دار و قابلِ ہضم بنانا ہے۔ آٹا پیسنے میں بھوسی (Bran) اتارنے سے معدنی نمکیات، تھایامین، آئرن، فاسفورس، میگنیشیم اور سیلولوز ضائع ہوتے ہیں۔ دالیں پریشر کُکر یا ڈھکن والی دیگچی میں پکائیں اور بھگوئے ہوئے پانی میں ہی پکائیں۔ چاول بھگو کر اسی پانی میں پکائیں اور پانی گرانا نہ پڑے ایسی مقدار ڈالیں۔ اناج کے پکنے پر دانوں کا سائز، پانی کی مقدار، چھلکا، درجہ حرارت اور طریقہ اثر انداز ہوتے ہیں۔
Q15 · 6 marks
ایک محفوظ باورچی خانے کی خصوصیات اور ترتیب بیان کریں۔
Answer
باورچی خانہ گھر کے بقیہ حصوں سے زیادہ اہم ہوتا ہے۔ اس میں درجہ حرارت مناسب ہو، کھانے کے کمرے کے نزدیک ہو، سائز افرادِ خانہ کی ضروریات اور تعداد کے مطابق ہو اور پانی، روشنی و ہوا کا مناسب بندوبست ہو۔ سامان کی ترتیب سے کام میں رکاوٹ نہ ہو اور تیاری، پکانے اور دھونے کے مراکز پر تمام ضروری انتظام ہو۔ ترتیب انگریزی حروف U اور L کی شکل کی بہترین ہے۔ ایک محفوظ باورچی خانے میں: کاؤنٹر اور شیلف مناسب اونچائی کے؛ تازہ ہوا اور قدرتی روشنی کا انتظام؛ مصنوعی روشنی اور بلب کے لیے مناسب جگہ؛ برتن دھونے اور رکھنے کی کافی جگہ؛ گندے پانی کے نکاس کا بہتر انتظام؛ مچھروں اور مکھیوں سے بچاؤ کے لیے جالی دار دروازہ یا کھڑکی؛ چولہے کے نزدیک پردہ نہ لٹکا ہو؛ غیر معیاری بجلی کی مصنوعات سے اجتناب؛ بجلی کے سامان کا ماہر کاریگر سے معائنہ؛ زنگ آلود برتنوں کا استعمال نہ ہو؛ برتن استعمال کے لحاظ سے آگے پیچھے رکھے جائیں؛ بھاری برتن نچلے خانوں میں رکھے جائیں۔
Test yourself on this chapter
Timed chapter tests, marked the moment you finish.
Practise with a free account
Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.