Parho

Class 9 Islamiyat · Chapter 5

اخلاق و آداب: questions and answers

Every short question, long question and MCQ on this chapter's free papers, each with its answer. Try one yourself first, then check.

49short questions
9long questions
0MCQs

Short questions with answers

  1. Q1 · 2 marks

    نبی کریم ﷺ کی شکر گزاری کی ایک مثال تحریر کریں۔

    Answer

    نبی کریم ﷺ شکر گزاری کا عملی نمونہ تھے۔ آپ ﷺ کو جب بھی کوئی نعمت حاصل ہوتی تو آپ ﷺ فوراً الحمد للہ کہہ کر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے تھے۔

  2. Q2 · 2 marks

    شکر اور قناعت کے لغوی اور اصطلاحی معنی بیان کریں۔

    Answer

    شکر کا لغوی معنی احسان ماننا، قدر پہچاننا اور محسن کا احسان مانتے ہوئے اس کا صلہ ادا کرنا ہے۔ قناعت کا معنی اپنی قسمت پر راضی رہنا ہے۔ اصطلاحی معنی میں قناعت سے مراد یہ ہے کہ انسان کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے جو رزق دیا جا رہا ہے اس پر راضی رہے۔

  3. Q3 · 2 marks

    قناعت کا مطلب کیا ہے اور اس کا مطلب کیا نہیں ہے؟

    Answer

    قناعت کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ انسان اسباب کی تلاش ہی چھوڑ دے بلکہ وہ کوشش کرتا رہے اور محنت کے بعد جو مل جائے اس پر راضی رہے۔

  4. Q4 · 2 marks

    عملی زندگی میں شکر گزار بننے کا طریقہ کیا ہے؟

    Answer

    شکر گزار بننے کا طریقہ یہ ہے کہ انسان مال، حسن و جمال، رزق اور دیگر نعمتوں میں اپنے سے کم تر درجے والے کو دیکھے تاکہ اسے احساس ہو کہ مجھے میرے رب نے زیادہ عطا کیا ہے۔ یہی جذبات اسے شکر کی طرف لے آتے ہیں۔

  5. Q5 · 2 marks

    انسانوں کا شکر ادا کرنا کیوں ضروری ہے اور اس کا بہتر طریقہ کیا ہے؟

    Answer

    نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ جس نے لوگوں کا شکر ادا نہیں کیا اس نے اللہ کا شکر ادا نہیں کیا۔ (جامع ترمذی: 1955) شکر کا بہتر طریقہ ان کی نیکی اور بھلائی کے جواب میں جَزَاكَ اللّٰهُ خَيْرًا کہنا ہے۔ جس نے یہ کہا اس نے اس کی پوری پوری تعریف کر دی۔ (جامع ترمذی: 2035)

  6. Q6 · 2 marks

    امانت و دیانت سے کیا مراد ہے؟

    Answer

    امانت و دیانت سے مراد کسی بھی شے اور کام کو اس کے درست تقاضوں کے مطابق انجام دینا ہے۔ اس کا تعلق صرف مال سے نہیں بلکہ اسلام میں اس کا تصور نہایت وسیع ہے اور اس کا تعلق زندگی کے ہر شعبے سے ہے۔

  7. Q7 · 2 marks

    بدیانتی اور دھوکا دہی کے کوئی سے دو نقصانات تحریر کریں۔

    Answer

    1)بدیانتی اور دھوکا دہی سے انسانی معاشروں میں بداعتمادی اور انتشار جیسے منفی رجحانات فروغ پاتے ہیں۔

    2)انسان کی تخلیق کے مقاصد پورے نہیں ہوتے اور وہ اشرف المخلوقات کے عظیم مرتبے سے نیچے گر جاتا ہے، بلکہ جنت جیسی دائمی نعمت سے بھی محروم ہو جاتا ہے۔

  8. Q8 · 2 marks

    امانت کی ادائی کی مختلف صورتیں بیان کریں۔

    Answer

    امانتوں کی ادائی کا سلسلہ حکمران وقت سے شروع ہو کر ایک خادم تک آتا ہے۔ حکمران اپنے فرائض ادا کریں، رعایا کی حفاظت کریں، عدل قائم کریں اور اہل لوگوں کو ذمہ داریاں سونپیں۔ علما دین کا حق لوگوں تک پہنچائیں، مال دار اپنے مالوں میں سے غریبوں کی مدد کا حق ادا کریں اور ملازمت پیشہ افراد دفاتر میں اپنے اوقات کی پابندی کریں۔

  9. Q9 · 2 marks

    نبی کریم ﷺ کی امانت داری کی مثال بیان کریں۔

    Answer

    نبی کریم ﷺ امانت داری کا عملی نمونہ تھے، اسی لیے دشمن بھی آپ ﷺ کو صادق اور امین کہہ کر پکارتے تھے۔ ہجرتِ مدینہ کی رات آپ ﷺ کے پاس جو اہلِ مکہ کی امانتیں تھیں وہ آپ ﷺ نے حضرت علی رضی اللہ عنہ کے حوالے کیں اور مدینہ منورہ کی طرف ہجرت فرمائی۔

  10. Q10 · 2 marks

    راز کی حفاظت اور مشورے کا امانت سے کیا تعلق ہے؟

    Answer

    کسی کے راز کو افشا کرنا امانت میں خیانت ہے۔ مشورہ بھی امانت ہوتا ہے اس لیے ہمیشہ کسی کو اچھا مشورہ دینا چاہیے۔ اگر کوئی شخص کسی کے پاس کوئی چیز رکھوائے تو امین اس امانت کو استعمال نہیں کر سکتا۔ مجلس میں جو بات کہی جائے وہ اس مجلس کی امانت ہے۔ (جامع ترمذی: 1959)

  11. Q11 · 2 marks

    رسول اللہ ﷺ کے اخلاص و تقویٰ کی ایک مثال بیان کریں۔

    Answer

    اہلِ مکہ نے آپ ﷺ کو مال و دولت اور سرداری کی پیش کش کی لیکن آپ ﷺ نے اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے ان سب چیزوں کو ٹھکرا دیا۔ جب آپ ﷺ کے چچا حضرت ابوطالب نے بات کی تو فرمایا: چچا جان! اللہ کی قسم! اگر یہ لوگ میرے دائیں ہاتھ پر سورج اور بائیں ہاتھ پر چاند بھی رکھ دیں کہ میں یہ کام چھوڑ دوں تب بھی میں دعوتِ دین سے باز نہیں آؤں گا، یہاں تک کہ اللہ اس دین کو غالب کر دے یا اسی راہ میں میری جان چلی جائے۔

  12. Q12 · 2 marks

    اخلاص اور تقویٰ کے معنی بیان کریں۔

    Answer

    اخلاص کا معنی خالص بنانا اور صاف کرنا ہے اور اس سے مراد ہر عمل کا اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے ہونا ہے۔ تقویٰ کا لفظی معنی ڈرنا اور پرہیز گاری اختیار کرنا ہے۔ تقویٰ انسان کے دل کی ایسی حالت کا نام ہے جو اللہ تعالیٰ کے ڈر کی وجہ سے اسے نیکی پر آمادہ کرتی ہے اور گناہ سے روکتی ہے۔

  13. Q13 · 2 marks

    اخلاص و تقویٰ اختیار کرنے کے کیا نتائج ہیں؟

    Answer

    اخلاص و تقویٰ اختیار کرنے سے اعمال قبول ہوں گے اور ان کی لذت میں بھی اضافہ ہو گا۔ جب انسان نیکی کا عمل اخلاص و تقویٰ کے ساتھ کرتا ہے تو اس کے لیے نیکی کرنا آسان ہو جاتا ہے۔ جب کوئی نیکی لوگوں کو دکھانے کے لیے کی جاتی ہے تو وہ مشکل لگتی ہے اور اس کی لذت ختم ہو جاتی ہے۔

  14. Q14 · 2 marks

    پردہ پوشی کسے کہتے ہیں؟

    Answer

    پردہ پوشی کا معنی کسی کے عیبوں پر پردہ ڈالنا ہے۔ دینِ اسلام ہمیں یہ تعلیم دیتا ہے کہ ہم کسی کے عیب جاننے کی کوشش نہ کریں اور اگر کسی کا عیب معلوم ہو جائے تو اسے چھپانے کی کوشش کریں اور اس شخص کو طعنہ نہ دیں اور نہ اس کا مذاق اڑائیں۔

  15. Q15 · 2 marks

    پردہ پوشی کے حوالے سے دورِ حاضر میں میڈیا کی کیا ذمہ داری ہے؟

    Answer

    دورِ حاضر میں میڈیا اور سوشل میڈیا پر جو چیز انسان دیکھتا ہے اسے بغیر تحقیق کیے فوراً دوسرے لوگوں تک پہنچانا اپنا فرض سمجھتا ہے۔ اس طرح وہ دو طرح کے گناہوں میں ملوث ہو جاتا ہے: ایک جھوٹی خبر پھیلانے کا اور دوسرا دوسروں کے عیب اچھالنے کا۔ میڈیا اور موبائل و باہمی رابطے کے جدید ذرائع کے استعمال پر پردہ پوشی کا خیال رکھنا انتہائی ضروری ہے تاکہ یہ چیزیں ہمارے لیے رحمت بنیں نہ کہ زحمت۔

  16. Q16 · 2 marks

    پردہ پوشی نہ کرنے کے نقصانات بیان کریں۔

    Answer

    پردہ پوشی اختیار نہ کرنے کے بہت سے دنیوی اور اخروی نقصانات ہیں۔ اس سے معاشرے میں بے چینی بڑھتی ہے، باہم نفرت پیدا ہوتی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ دشمنی کی فضا بھی پروان چڑھتی ہے۔

  17. Q17 · 2 marks

    پردہ پوشی کے بارے میں حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کا واقعہ بیان کریں۔

    Answer

    حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کو ایک بوڑھے شخص کے بارے میں معلوم ہوا کہ وہ شراب پیتا ہے۔ آپ رضی اللہ عنہ نے اس کا یہ عیب کسی کو نہ بتایا۔ کچھ عرصے بعد وہ شخص آپ رضی اللہ عنہ کی خدمت میں حاضر ہوا اور بتایا کہ میں اس عمل سے توبہ کر چکا ہوں اور شراب چھوڑ دی ہے۔

  18. Q18 · 2 marks

    تکبر کے کوئی سے دو نقصانات بیان کریں۔

    Answer

    1)تکبر کی وجہ سے انسان نہ صرف جھوٹ، غیبت اور خود پسندی جیسی اخلاقی برائیوں کا شکار ہو جاتا ہے۔

    2)وہ اطمینانِ قلب جیسی عظیم نعمت سے محروم ہو جاتا ہے۔ (نیز متکبر شخص جنت میں داخل نہیں ہو گا۔)

  19. Q19 · 2 marks

    تکبر کی تعریف کریں۔

    Answer

    تکبر حق کی مخالفت اور دوسرے لوگوں کو حقیر جاننے کا نام ہے۔ یہ انسان کی باطنی بیماریوں میں بہت بری اور بڑی بیماری ہے۔ اس میں مبتلا شخص کو متکبر اور مغرور کہا جاتا ہے۔

  20. Q20 · 2 marks

    تکبر کی تین مختلف صورتیں تحریر کریں۔

    Answer

    1)اللہ تعالیٰ کے ساتھ خود کو شریک ٹھہرانا، جیسے فرعون اور نمرود نے رب ہونے کا دعویٰ کیا۔

    2)انبیائے کرام علیہم السلام کے مقابلے میں خود کو بڑا سمجھنا اور ان کی اطاعت و پیروی نہ کرنا، جیسے بعض اہلِ مکہ نے نبی کریم ﷺ کی نبوت کا انکار کیا۔

    3)دوسرے انسانوں سے اپنی ذات کو افضل قرار دینا اور انسانی مساوات کے تصور کو قبول نہ کرنا۔

  21. Q21 · 2 marks

    تکبر کے اسباب لکھیں۔

    Answer

    انسان کثرتِ علم، عبادت و ریاضت، مال و دولت، حسب و نسب، عہدہ و منصب، کامیابی و کامرانی، حسن و جمال اور طاقت و قوت کی وجہ سے تکبر میں مبتلا ہو جاتا ہے۔ تکبر کرنے والا شخص جنت میں داخل نہیں ہو گا۔

  22. Q22 · 2 marks

    رشک اور حسد میں فرق واضح کریں۔

    Answer

    حسد یہ ہے کہ انسان دوسرے کی نعمت پر خوش نہ ہو اور چاہے کہ وہ نعمت اس سے چھن جائے۔ رشک یہ ہے کہ انسان یہ سوچے کہ جو نعمت دوسرے کے پاس ہے کاش میرے پاس بھی ہوتی۔ حسد حرام اور گناہ ہے جب کہ رشک حرام نہیں بلکہ جائز ہے۔

  23. Q23 · 2 marks

    نبی کریم ﷺ نے حسد سے بچنے کی تلقین کس طرح فرمائی؟

    Answer

    نبی کریم ﷺ نے حسد سے بچنے کی تلقین کرتے ہوئے فرمایا: حسد سے بچو، حسد نیکیوں کو اس طرح کھا جاتا ہے جس طرح آگ لکڑی کو کھا جاتی ہے۔ (سنن ابی داود: 4903)

  24. Q24 · 2 marks

    حسد کے نقصانات بیان کریں۔

    Answer

    حسد نیکیوں کو کھا جاتا ہے۔ بعض اوقات انسان حسد کی وجہ سے قتل و غارت تک پہنچ جاتا ہے، جیسے قابیل نے اپنے بھائی ہابیل کو قتل کر دیا۔ حاسد اپنی تخلیق کا مقصد کھو بیٹھتا ہے اور مایوسی کی دلدل میں دھنستا چلا جاتا ہے، جیسے یہودِ مدینہ حسد کی وجہ سے رسول اللہ ﷺ پر ایمان لانے سے محروم رہے۔

  25. Q25 · 2 marks

    رشک کے قابل دو افراد کون سے ہیں؟

    Answer

    نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ رشک کے قابل تو دو ہی آدمی ہیں: ایک وہ جسے اللہ تعالیٰ نے قرآن دیا اور وہ دن رات اس کی تلاوت کرتا رہتا ہے۔ اور دوسرا وہ جسے اللہ تعالیٰ نے مال دیا اور وہ اسے اللہ کی راہ میں دن رات خرچ کرتا رہتا ہے۔

  26. Q26 · 2 marks

    جھوٹ کی چار مختلف صورتیں تحریر کریں۔

    Answer

    1)جھوٹی سفارش کرنا۔

    2)مذاق میں جھوٹ بولنا۔

    3)کسی پر جھوٹا مقدمہ بنا دینا۔

    4)کسی چیز کی خرید و فروخت کرتے ہوئے جھوٹ بولنا۔ (اس کے علاوہ: کسی کی غلط حاضری لگانا، جھوٹی درخواست دینا، جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹ دینا اور موبائل یا سوشل میڈیا کے ذریعے جھوٹی بات کی تشہیر کرنا بھی جھوٹ ہے۔)

  27. Q27 · 2 marks

    جھوٹ اور سچائی کی تعریف کریں۔

    Answer

    جھوٹ ایسی بات یا دعویٰ ہے جو حقیقت کے خلاف ہو اور جان بوجھ کر کسی کو گمراہ کرنے یا دھوکا دینے کی غرض سے بیان کیا جائے۔ انسان کا کسی بات کو اس کی اصل حقیقت کے مطابق بیان کرنا سچائی کہلاتا ہے۔

  28. Q28 · 2 marks

    جھوٹ کے پانچ نقصانات لکھیں۔

    Answer

    1)اللہ تعالیٰ جھوٹے آدمی کی دعا قبول نہیں فرماتا اور نہ اس کے رزق میں برکت فرماتا ہے۔

    2)جھوٹ بولنے والے کو نہ اللہ تعالیٰ پسند کرتا ہے اور نہ لوگ۔

    3)جھوٹ بولنے والا معاشرے میں اپنی عزت کھو دیتا ہے۔

    4)جھوٹ بولنے والا اللہ تعالیٰ کی رحمت سے محروم رہتا ہے۔

    5)جھوٹ بولنے والے کو اپنی ذات پر بھی اعتماد نہیں رہتا اور وہ اپنی ہی نظروں میں گر جاتا ہے۔

  29. Q29 · 2 marks

    سچ بولنے کے بارے میں اللہ تعالیٰ نے کیا وعدہ فرمایا؟

    Answer

    اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں سچ بولنے والے مردوں اور سچ بولنے والی عورتوں سے مغفرت اور اجرِ عظیم کا وعدہ فرمایا ہے۔ سچائی نیکی کا راستہ دکھاتی ہے اور نیکی جنت کا راستہ دکھاتی ہے۔

  30. Q30 · 2 marks

    صحابہ کرام اور اہلِ بیت جھوٹ سے کس قدر اجتناب کرتے تھے؟

    Answer

    اہلِ بیت اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ہمیشہ سچ بولتے تھے اور جھوٹ سے شدید نفرت کرتے تھے۔ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: اللہ کی قسم! ہم کبھی بھی جھوٹ نہ بولتے تھے اور ہمیں تو معلوم ہی نہ تھا کہ جھوٹ ہوتا کیا ہے۔

  31. Q31 · 2 marks

    غیبت اور بہتان باہمی تعلقات کی خرابی اور معاشرتی بگاڑ کی جڑیں ہیں، وضاحت کریں۔

    Answer

    غیبت اور بہتان کی وجہ سے معاشرے میں کینے اور دشمنی کو فروغ ملتا ہے اور ایک دوسرے کے بارے میں دل میں نفرت پیدا ہوتی ہے۔ آج اس گناہ کی وجہ سے گھر میدانِ جنگ بنے ہوئے ہیں اور خاندانوں، محلوں اور بازاروں میں نفرت کی دیواریں کھڑی ہو گئی ہیں۔ اس طرح باہمی تعلقات خراب ہوتے ہیں اور معاشرتی بگاڑ پیدا ہوتا ہے۔

  32. Q32 · 2 marks

    غیبت اور بہتان میں کیا فرق ہے؟

    Answer

    کسی کی غیر موجودگی میں اس کی برائی بیان کرنا غیبت یا بہتان ہے۔ اگر وہ برائی اس میں موجود ہو تو اسے غیبت کہتے ہیں اور اگر وہ برائی اس میں موجود نہ ہو تو اسے بہتان کہتے ہیں۔ بہتان غیبت سے بھی بڑا گناہ ہے۔

  33. Q33 · 2 marks

    غیبت کو قرآن مجید میں کس چیز سے تشبیہ دی گئی ہے؟

    Answer

    اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں غیبت کو حرام قرار دیا ہے اور اسے مردہ بھائی کا گوشت کھانے سے تشبیہ دی ہے۔ قرآن مجید میں سب سے زیادہ سخت مثال غیبت کی بیان کی گئی ہے کیوں کہ اس سے معاشرے میں بہت سی اخلاقی خرابیاں پیدا ہوتی ہیں۔

  34. Q34 · 2 marks

    غیبت کے عذاب پر نبی کریم ﷺ کی دو قبروں کے پاس سے گزرنے کا واقعہ بیان کریں۔

    Answer

    ایک مرتبہ نبی کریم ﷺ دو قبروں کے پاس سے گزرے تو فرمایا: ان دو لوگوں کو عذاب ہو رہا ہے اور عذاب بھی کسی بڑے کام کی وجہ سے نہیں ہو رہا۔ ان میں سے ایک کو اس لیے عذاب ہو رہا ہے کہ وہ پیشاب کرتے ہوئے پاکی کا خیال نہیں رکھتا تھا اور دوسرے کو اس لیے کہ وہ لوگوں کی غیبت کرتا تھا۔ (سنن ابن ماجہ: 349)

  35. Q35 · 2 marks

    غیبت سے بچنے کے طریقے لکھیں۔

    Answer

    غیبت سے بچنے کا طریقہ یہ ہے کہ ہم زبان کی حفاظت کریں۔ ہمارے دل میں یہ یقین ہونا چاہیے کہ ہمیں قیامت کے دن اپنے ہر قول و فعل کا حساب دینا ہو گا۔ نیز ہمیں ایسے لوگوں کی صحبت سے دور رہنا چاہیے جو ہر وقت غیبت اور دوسروں کی برائیاں بیان کرنے میں مشغول رہتے ہیں۔ نہ خود غیبت کریں اور نہ ہی سنیں۔

  36. Q36 · 2 marks

    توہم پرستی کی تین مختلف صورتیں بیان کریں۔

    Answer

    1)بدشگونی، یعنی کسی چیز، دن یا مہینے کو برا سمجھنا۔

    2)فال وغیرہ کے ذریعے سے قسمت کا حال جاننے کی کوشش کرنا۔

    3)کسی انسان، جانور، دن یا مہینے کو منحوس سمجھنا (جیسے لوگ صفر کے مہینے کو منحوس سمجھتے ہیں)۔

  37. Q37 · 2 marks

    نبی کریم ﷺ کون سی دعا پڑھ کر حضراتِ حسنین کریمین رضی اللہ تعالیٰ عنہما پر دم کیا کرتے تھے؟

    Answer

    آپ ﷺ یہ دعا پڑھ کر دم فرماتے تھے: اُعِيْذُكُمَا بِكَلِمَاتِ اللّٰهِ التَّامَّةِ مِنْ كُلِّ شَيْطَانٍ وَهَامَّةٍ وَمِنْ كُلِّ عَيْنٍ لَامَّةٍ۔ ترجمہ: میں تم دونوں کے لیے اللہ کے مکمل اور پورے کلمات کے ساتھ ہر شیطان، ہلاک کرنے والی ہر چیز اور نظرِ بد سے پناہ مانگتا ہوں۔ (جامع ترمذی: 2060)

  38. Q38 · 2 marks

    حدیثِ نبوی ﷺ میں جادو کا کیا علاج بیان کیا گیا ہے؟

    Answer

    نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ جس شخص نے صبح کے وقت سات عجوہ کھجوریں کھا لیں اسے اس دن نہ زہر نقصان پہنچا سکتا ہے اور نہ جادو۔ (صحیح بخاری: 5769) نیز جادو سے محفوظ رہنے کے لیے سورۃ الفلق اور سورۃ الناس پڑھنے کی تعلیم دی گئی ہے۔

  39. Q39 · 2 marks

    توہم پرستی کے کوئی سے چار معاشرتی نقصانات تحریر کریں۔

    Answer

    1)ایسے لوگ مسائل کی اصل جڑ تک پہنچنے کے بجائے غیر ضروری کاموں اور باتوں میں الجھے رہتے ہیں۔

    2)ایسے لوگ شاید وقتی فائدہ تو اٹھا لیں لیکن بڑی بڑی کامیابیوں سے محروم رہتے ہیں۔

    3)توہم پرست لوگ اپنی جہالت کی وجہ سے بعض اوقات معاشرے میں مذاق بن جاتے ہیں۔

    4)توہم پرستی اور خرافات کے شکار لوگ معاشرتی تعلقات میں توازن سے محروم رہتے ہیں اور دوسرے لوگوں سے بدگمان رہتے ہیں۔ (نیز جادو ٹونے والے اپنے مال، ایمان، جان اور صحت کا نقصان کر بیٹھتے ہیں۔)

  40. Q40 · 2 marks

    توہم پرستی اور بدشگونی کا معنی بیان کریں۔

    Answer

    توہم پرستی کا معنی بغیر کسی شرعی یا عقلی دلیل کے کسی نظریے یا خیال کو اپنا لینا ہے۔ بدشگونی توہم پرستی کی ایک صورت ہے اور اس سے مراد کسی چیز، دن یا مہینے کو منحوس سمجھنا ہے۔

  41. Q41 · 2 marks

    اسلام میں فال اور نجومی کے پاس جانے کے بارے میں کیا حکم ہے؟

    Answer

    مستقبل کے حالات جاننے کے لیے ستاروں کی چال، فال یا جادو ٹونے وغیرہ کا استعمال اسلام میں حرام ہے۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: جو شخص نجومی کے پاس جائے اور اس سے کوئی بات پوچھے تو اس کی چالیس راتوں تک نماز قبول نہ ہو گی۔ (صحیح مسلم: 5821)

  42. Q42 · 2 marks

    بدشگونی اور نیک فال میں اسلام کا کیا حکم ہے؟

    Answer

    اسلامی تعلیمات میں بدشگونی کی اجازت نہیں ہے، یعنی کسی انسان، جانور، چیز یا وقت سے بدشگونی لینا درست نہیں۔ البتہ نیک شگون یا نیک فال لینا درست ہے۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: بدشگونی کی کوئی اصل نہیں البتہ نیک فال لینا کچھ برا نہیں ہے۔ (صحیح بخاری: 5754)

  43. Q43 · 2 marks

    جب کسی کے دل میں بدشگونی کا خیال آئے تو اسے کون سی دعا پڑھنی چاہیے؟

    Answer

    اسے یہ دعا پڑھنی چاہیے: اللّٰهُمَّ لَا خَيْرَ اِلَّا خَيْرُكَ وَلَا طَيْرَ اِلَّا طَيْرُكَ وَلَا اِلٰهَ غَيْرُكَ۔ ترجمہ: اے اللہ! آپ کی طرف سے نازل کی جانے والی خیر کے علاوہ کوئی خیر نہیں اور آپ کے شگون کے علاوہ کوئی شگون نہیں اور آپ کے سوا کوئی معبود نہیں۔ (مسندِ احمد: 7045)

  44. Q44 · 2 marks

    استخارہ کا مسنون طریقہ بیان کریں۔

    Answer

    مستقبل میں اللہ تعالیٰ سے خیر طلب کرنے کے لیے رسول اللہ ﷺ نے استخارہ کی تعلیم دی ہے۔ اس کا مسنون طریقہ یہ ہے کہ دو رکعت نفل نماز پڑھ کر اللہ تعالیٰ سے خیر طلب کرنے کی دعا کی جائے۔

  45. Q45 · 2 marks

    جادو کی حقیقت کیا ہے؟

    Answer

    جادو ایک حقیقت ہے جس میں بعض اوقات دوسروں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جاتی ہے اور بعض اوقات لوگوں کی نظروں اور عقلوں کو بند کر دیا جاتا ہے۔ جادوگر چیزوں کی حقیقت کو نہیں بدلتا البتہ خیال پر قبضہ کر لیتا ہے۔ اسلام میں جادو کرنا اور کرانا سخت گناہ ہے۔

  46. Q46 · 2 marks

    نظرِ بد اور جادو سے حفاظت کے لیے نبی کریم ﷺ کا کیا معمول تھا؟

    Answer

    رسول اللہ ﷺ جنات اور انسانوں کی نظرِ بد سے پناہ مانگا کرتے تھے۔ جب معوذتین یعنی سورۃ الفلق اور سورۃ الناس نازل ہوئیں تو آپ ﷺ نے ان دونوں کو لے لیا اور ان کے علاوہ کو چھوڑ دیا۔ (جامع ترمذی: 2058)

  47. Q47 · 2 marks

    شرک اور جادو کے بارے میں نبی کریم ﷺ کا ارشاد بیان کریں۔

    Answer

    نبی کریم ﷺ نے فرمایا: تباہ کر دینے والی چیز اللہ کے ساتھ شرک کرنا ہے اس سے بھی بچو اور جادو کرنے اور کرانے سے بھی بچو۔ (صحیح بخاری: 5764)

  48. Q48 · 2 marks

    مصیبت پہنچنے کی اصل وجہ کیا ہے؟ آیت کی روشنی میں وضاحت کریں۔

    Answer

    انسان کو جو بھی مصیبت پہنچتی ہے وہ اس کے اپنے ہی اعمال کا نتیجہ ہوتی ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے کہ اگر اللہ تعالیٰ تمھیں کوئی تکلیف پہنچائے تو اس کے سوا کوئی اسے دور فرمانے والا نہیں اور اگر وہ خیر کا ارادہ فرمائے تو اس کے فضل کو کوئی ہٹانے والا نہیں۔ (سورۃ یونس: 107)

  49. Q49 · 2 marks

    زمانۂ جاہلیت میں لوگ کس مہینے کو منحوس سمجھتے تھے؟

    Answer

    زمانۂ جاہلیت میں لوگ صفر کے مہینے کو منحوس سمجھتے تھے۔ آج بھی جو لوگ صفر کے مہینے کو منحوس سمجھتے ہیں وہ درحقیقت خام خیالی کا شکار ہیں۔

Long questions with answers

  1. Q1 · 5 marks

    درج ذیل پر نوٹ لکھیں: تکبر

    Answer

    تکبر حق کی مخالفت اور دوسرے لوگوں کو حقیر جاننے کا نام ہے۔ یہ انسان کی باطنی بیماریوں میں بہت بری اور بڑی بیماری ہے۔ اس بیماری میں مبتلا شخص کو متکبر اور مغرور کہا جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: بے شک وہ تکبر کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔ (سورۃ النحل:

    23)تکبر کی تین صورتیں ہیں:

    1)اللہ تعالیٰ کے ساتھ خود کو شریک ٹھہرانا، جیسے فرعون اور نمرود نے رب ہونے کا دعویٰ کیا۔

    2)انبیا و رسل علیہم السلام کے مقابلے میں خود کو بڑا سمجھنا اور ان کی اطاعت و پیروی نہ کرنا، جیسے بعض اہلِ مکہ نے نبی کریم ﷺ کی نبوت کا انکار کیا۔

    3)دوسرے انسانوں سے اپنی ذات کو افضل قرار دینا اور انسانی مساوات کے تصور کو قبول نہ کرنا۔ انسان کثرتِ علم، عبادت و ریاضت، مال و دولت، حسب و نسب، عہدہ و منصب، کامیابی و کامرانی، حسن و جمال اور طاقت و قوت کی وجہ سے تکبر میں مبتلا ہو جاتا ہے۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: جس شخص کے دل میں رائی کے دانے کے برابر بھی تکبر ہو گا وہ جنت میں داخل نہیں ہو گا۔ (صحیح مسلم:

    91)تکبر کی دیگر صورتیں حق بات کا انکار کرنا، دوسروں کو حقیر جاننا، زمین پر اکڑ اکڑ کر چلنا، کپڑے زمین پر گھسیٹتے ہوئے چلنا، اپنے سے کم مال والے کے پاس بیٹھنے یا اس کے ساتھ کھانا کھانے کو ناپسند کرنا اور خود کو دوسروں سے افضل سمجھنا ہیں، جیسے شیطان نے حضرت آدم علیہ السلام کو سجدہ کرنے سے انکار کر دیا۔ (سورۃ البقرۃ:

    34)تکبر کی وجہ سے انسان جھوٹ، غیبت اور خود پسندی جیسی برائیوں کا شکار ہو جاتا ہے اور اطمینانِ قلب جیسی نعمت سے محروم ہو جاتا ہے۔ بچاؤ کا بہترین طریقہ اللہ تعالیٰ کی معرفت حاصل کرنا اور انبیائے کرام علیہم السلام کی تعلیمات پر عمل کرنا ہے۔

  2. Q2 · 5 marks

    درج ذیل پر نوٹ لکھیں: حسد

    Answer

    حسد سے مراد وہ کیفیت ہے جس میں انسان کسی دوسرے کے پاس اللہ تعالیٰ کی عطا کی ہوئی نعمت پر خوش نہیں ہوتا بلکہ یہ خیال کرتا ہے کہ کاش اس کے پاس یہ نعمت نہ ہوتی یا کاش دوسرے سے یہ نعمت چھین لی جائے۔ لیکن اگر کوئی شخص یہ سوچتا ہے کہ جو نعمت دوسرے کے پاس ہے کاش میرے پاس بھی ہوتی تو اسے رشک کرنا کہتے ہیں۔ نبی کریم ﷺ نے حسد سے بچنے کی تلقین کرتے ہوئے فرمایا: حسد سے بچو، حسد نیکیوں کو اس طرح کھا جاتا ہے جس طرح آگ لکڑی کو کھا جاتی ہے۔ (سنن ابی داود: 4903) رشک کرنا حرام نہیں بلکہ اللہ کی عطا کردہ نعمتوں اور کسی کی اچھی عادت و عمل کو رشک کی نگاہ سے دیکھنا جائز ہے۔ آپ ﷺ نے فرمایا کہ رشک کے قابل دو ہی آدمی ہیں: ایک وہ جسے اللہ نے قرآن دیا اور وہ دن رات تلاوت کرتا رہتا ہے، اور دوسرا وہ جسے اللہ نے مال دیا اور وہ اسے اللہ کی راہ میں دن رات خرچ کرتا رہا۔ (صحیح بخاری: 7529) حسد کا تعلق دل سے ہے، افعال سے نہیں؛ جو شخص کسی بھی مسلمان کی برائی چاہے وہ حاسد ہے۔ بعض اوقات انسان حسد کی وجہ سے قتل و غارت تک پہنچ جاتا ہے، جس طرح قابیل نے اپنے بھائی ہابیل کو قتل کر دیا۔ حاسد اپنی تخلیق کا مقصد بھی کھو بیٹھتا ہے اور مایوسی کی دلدل میں دھنستا چلا جاتا ہے، جیسے یہودِ مدینہ محض حسد کی وجہ سے رسول اللہ ﷺ پر ایمان لانے سے محروم رہے۔ نبی کریم ﷺ رات کو سونے سے پہلے حسد سے اللہ تعالیٰ کی پناہ مانگ کر معوذتین اور آیۃ الکرسی پڑھتے اور اپنے ہاتھ پر پھونک مار کر پورے جسم پر مل لیتے تھے۔ (صحیح بخاری: 5748)

  3. Q3 · 5 marks

    درج ذیل پر نوٹ لکھیں: جھوٹ

    Answer

    جھوٹ سے مراد ایسی بات یا دعویٰ ہے جو حقیقت کے خلاف ہو اور اسے جان بوجھ کر کسی کو گمراہ کرنے یا دھوکا دینے کی غرض سے بیان کیا جائے۔ تمام مہذب معاشروں اور آسمانی تعلیمات میں جھوٹ کو حرام قرار دیا گیا ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے: اور جھوٹی باتوں سے پرہیز کرو۔ (سورۃ الحج:

    30)اسلام ہمیشہ سچ بولنے کا حکم دیتا ہے۔ انسان کا کسی بات کو اس کی اصل حقیقت کے مطابق بیان کرنا سچائی کہلاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے سچ بولنے والے مردوں اور عورتوں سے مغفرت اور اجرِ عظیم کا وعدہ فرمایا ہے۔ سچائی نیکی کا راستہ دکھاتی ہے اور نیکی جنت کا راستہ دکھاتی ہے۔ جھوٹ بولنا منافق کی نشانی ہے۔ ایک شخص نے پوچھا: کیا مومن بزدل ہو سکتا ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: جی ہاں۔ پوچھا: کیا مومن بخیل ہو سکتا ہے؟ فرمایا: جی ہاں۔ پھر پوچھا: کیا مومن جھوٹا ہو سکتا ہے؟ فرمایا: نہیں، مومن جھوٹا نہیں ہو سکتا۔ (موطا امام مالک:

    19)جھوٹ کی صورتوں میں جھوٹی سفارش، مذاق میں جھوٹ بولنا، جھوٹا مقدمہ بنانا، خرید و فروخت میں جھوٹ بولنا، غلط حاضری لگانا، جھوٹی درخواست دینا، جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹ دینا اور سوشل میڈیا پر جھوٹی بات کی تشہیر کرنا شامل ہیں۔ نبی کریم ﷺ تجارت اور دیگر معاملات میں سچائی اور دیانت داری سے کام لیتے تھے اس لیے اہلِ عرب آپ ﷺ کو صادق اور امین کے لقب سے یاد کرتے تھے۔ اہلِ بیت اور صحابہ کرام ہمیشہ سچ بولتے اور جھوٹ سے شدید نفرت کرتے تھے۔ جھوٹ کے نقصانات یہ ہیں: اللہ جھوٹے کی دعا قبول نہیں فرماتا اور نہ اس کے رزق میں برکت دیتا ہے، اسے نہ اللہ پسند کرتا ہے نہ لوگ، وہ معاشرے میں عزت کھو دیتا ہے، اللہ کی رحمت سے محروم رہتا ہے اور اپنی ہی نظروں میں گر جاتا ہے۔ ہمیں ہمیشہ سچ بولنا اور سچ کا ساتھ دینا چاہیے اور جھوٹ سے اجتناب کرنا چاہیے۔

  4. Q4 · 5 marks

    درج ذیل پر نوٹ لکھیں: غیبت اور بہتان

    Answer

    غیبت اور بہتان کا معنی کسی کی غیر موجودگی میں اس کی برائی بیان کرنا ہے۔ اگر وہ برائی اس میں موجود ہو تو اسے غیبت کہتے ہیں اور اگر وہ برائی اس میں موجود نہ ہو تو اسے بہتان کہتے ہیں۔ بہتان غیبت سے بھی بڑا گناہ ہے۔ کسی پر جھوٹا الزام لگانا بھی بہتان یا تہمت ہے۔ اسلام کے عدالتی نظام میں کسی پر تہمت لگانا بہت بڑا جرم ہے اور تہمت لگانے والے پر اسی کوڑوں کی سزا نافذ ہوتی ہے۔ کسی کی جسمانی یا عملی کمزوری، رنگ، نسل، خاندان یا پیشے کی بنیاد پر اسے طعنہ دینا یا اس کی غیبت کرنا سخت گناہ ہے۔ ہر انسان کا خالق اللہ تعالیٰ ہے، جب کسی کی جسمانی کمزوری یا شکل و صورت کی بنیاد پر اس کی تحقیر کی جاتی ہے تو گویا اللہ تعالیٰ کی تخلیق پر اعتراض کیا جاتا ہے۔ قرآن مجید میں غیبت کرنے اور طعنہ دینے والے کے لیے ہلاکت کا اعلان کیا گیا ہے: ہر ایسے شخص کے لیے ہلاکت ہے جو آمنے سامنے طعنہ دینے والا اور پیٹھ پیچھے عیب نکالنے والا ہو۔ (سورۃ الہمزۃ:

    1)اللہ تعالیٰ نے غیبت کو حرام قرار دیا ہے اور اسے مردہ بھائی کا گوشت کھانے سے تشبیہ دی ہے۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: مسلمانوں کی بدگوئی نہ کیا کرو اور نہ ان کے عیب تلاش کرنے کی کوشش کرو۔ جو ان کے عیب تلاش کرے گا اللہ بھی اس کے عیب تلاش کرے گا اور جس کے عیب اللہ تلاش کرے گا اسے اس کے گھر کے اندر رسوا کر دے گا۔ (سنن ابی داود: 4880) ایک مرتبہ آپ ﷺ دو قبروں کے پاس سے گزرے اور فرمایا کہ ان کو عذاب ہو رہا ہے؛ ایک پیشاب کرتے ہوئے پاکی کا خیال نہیں رکھتا تھا اور دوسرا لوگوں کی غیبت کرتا تھا۔ (سنن ابن ماجہ: 349) غیبت سے بچنے کا طریقہ زبان کی حفاظت ہے، دل میں یہ یقین ہونا چاہیے کہ قیامت کے دن ہر قول و فعل کا حساب دینا ہو گا اور ایسے لوگوں کی صحبت سے دور رہنا چاہیے جو ہر وقت غیبت میں مشغول رہتے ہیں۔ غیبت اور بہتان کی وجہ سے معاشرے میں کینے اور دشمنی کو فروغ ملتا ہے اور دلوں میں نفرت پیدا ہوتی ہے۔ آج گھر میدانِ جنگ بنے ہوئے ہیں اور خاندانوں، محلوں اور بازاروں میں نفرت کی دیواریں کھڑی ہیں۔ اگر ہم نہ غیبت کریں اور نہ سنیں تو ہمارا وقت بھی بچے گا، دل بھی پر سکون رہے گا اور ہم آخرت کے عذاب سے بھی محفوظ رہیں گے۔

  5. Q5 · 5 marks

    تکبر، حسد، جھوٹ، غیبت اور بہتان کی قرآن و سنت کی روشنی میں مذمت بیان کریں۔

    Answer

    تکبر: اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ بے شک وہ تکبر کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔ (سورۃ النحل:

    23)نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ جس کے دل میں رائی کے دانے کے برابر بھی تکبر ہو گا وہ جنت میں نہیں جائے گا۔ (صحیح مسلم:

    91)ابلیس تکبر کی وجہ سے مردود ہوا۔ (سورۃ البقرۃ:

    34)حسد: آپ ﷺ نے فرمایا کہ حسد نیکیوں کو اس طرح کھا جاتا ہے جس طرح آگ لکڑی کو کھا جاتی ہے۔ (سنن ابی داود: 4903) جھوٹ: اللہ تعالیٰ نے فرمایا: اور جھوٹی باتوں سے پرہیز کرو۔ (سورۃ الحج:

    30)آپ ﷺ نے فرمایا کہ مومن جھوٹا نہیں ہو سکتا۔ (موطا امام مالک:

    19)غیبت اور بہتان: قرآن مجید نے غیبت کو مردہ بھائی کا گوشت کھانے سے تشبیہ دی اور طعنہ دینے والے کے لیے ہلاکت کا اعلان کیا۔ (سورۃ الہمزۃ:

    1)آپ ﷺ نے فرمایا کہ جو مسلمانوں کے عیب تلاش کرے گا اللہ اسے اس کے گھر کے اندر رسوا کر دے گا۔ (سنن ابی داود: 4880) آپ ﷺ نے دو قبروں پر عذاب کا ذکر فرمایا جن میں سے ایک غیبت کرتا تھا۔ (سنن ابن ماجہ: 349) ان برائیوں سے معاشرے میں نفرت، دشمنی اور بداعتمادی پھیلتی ہے۔ ان سے بچنا ہی دنیا و آخرت کی کامیابی ہے۔

  6. Q6 · 5 marks

    تکبر اور حسد کے اسباب، نقصانات اور ان سے بچاؤ کے طریقے تفصیل سے تحریر کریں۔

    Answer

    تکبر کے اسباب: انسان کثرتِ علم، عبادت و ریاضت، مال و دولت، حسب و نسب، عہدہ و منصب، کامیابی و کامرانی، حسن و جمال اور طاقت و قوت کی وجہ سے تکبر میں مبتلا ہو جاتا ہے۔ تکبر کے نقصانات: متکبر شخص جنت میں داخل نہیں ہو گا، وہ جھوٹ، غیبت اور خود پسندی جیسی اخلاقی برائیوں کا شکار ہو جاتا ہے اور اطمینانِ قلب جیسی عظیم نعمت سے محروم ہو جاتا ہے۔ تکبر سے بچاؤ: اللہ تعالیٰ کی معرفت حاصل کی جائے اور انبیائے کرام علیہم السلام کی تعلیمات پر عمل کیا جائے تاکہ ہم دنیا و آخرت میں کامیاب ہو سکیں اور معاشرہ امن و سلامتی کا گہوارہ بن سکے۔ حسد کا سبب دوسرے کے پاس اللہ تعالیٰ کی عطا کی ہوئی نعمت کو دیکھ کر خوش نہ ہونا اور اس کے چھن جانے کی خواہش کرنا ہے۔ حسد کے نقصانات: حسد نیکیوں کو کھا جاتا ہے، بعض اوقات قتل و غارت تک نوبت پہنچ جاتی ہے جیسے قابیل نے ہابیل کو قتل کیا، حاسد اپنی تخلیق کا مقصد کھو بیٹھتا ہے اور مایوسی کی دلدل میں دھنستا چلا جاتا ہے اور ایمان سے بھی محروم ہو سکتا ہے جیسے یہودِ مدینہ۔ حسد سے بچاؤ: دوسرے کی نعمت پر رشک کیا جائے جو جائز ہے، کسی مسلمان کی برائی نہ چاہی جائے اور نبی کریم ﷺ کی سنت کے مطابق رات کو سونے سے پہلے معوذتین اور آیۃ الکرسی پڑھ کر ہاتھوں پر دم کر کے جسم پر پھیرا جائے۔

  7. Q7 · 5 marks

    جادو، فال اور توہم پرستی کے بارے میں اسلامی تعلیمات پر روشنی ڈالیں۔

    Answer

    توہم پرستی کا معنی بغیر کسی شرعی یا عقلی دلیل کے کسی نظریے یا خیال کو اپنا لینا ہے۔ اس کی ایک صورت بدشگونی ہے اور کسی چیز، دن یا مہینے کو برا سمجھنا بدشگونی کی مثالیں ہیں۔ فال وغیرہ کے ذریعے قسمت کا حال جاننے کی کوشش کرنا بھی توہم پرستی ہے۔ ظاہری اسباب میں اثر پیدا کرنے والی ذات اللہ تعالیٰ کی ہے اور اس کی مشیت کے بغیر کوئی چیز انسان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے کہ اگر اللہ تمھیں کوئی تکلیف پہنچائے تو اس کے سوا کوئی اسے دور کرنے والا نہیں۔ (سورۃ یونس: 107) انسان کو جو بھی مصیبت پہنچتی ہے وہ اس کے اپنے اعمال کا نتیجہ ہوتی ہے۔ جو لوگ دین کے علم سے محروم ہوتے ہیں وہ توہم پرستی میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔ مستقبل کے حالات جاننے اور کام بنانے کے لیے ستاروں کی چال، فال یا جادو ٹونے کا استعمال اسلام میں حرام ہے۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: جو شخص نجومی کے پاس جائے اور اس سے کوئی بات پوچھے تو اس کی چالیس راتوں تک نماز قبول نہ ہو گی۔ (صحیح مسلم: 5821) اسلام نے بدشگونی سے منع کیا ہے البتہ نیک شگون یا نیک فال لینا درست ہے۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: بدشگونی کی کوئی اصل نہیں، البتہ نیک فال لینا کچھ برا نہیں۔ (صحیح بخاری: 5754) انسان کو ہمیشہ پر امید رہنا چاہیے کیوں کہ اللہ تعالیٰ بندے کے ساتھ اس کے گمان کے مطابق معاملہ فرماتا ہے۔ اگر دل میں شگون کھٹکے تو یہ دعا پڑھنی چاہیے: اللّٰهُمَّ لَا خَيْرَ اِلَّا خَيْرُكَ وَلَا طَيْرَ اِلَّا طَيْرُكَ وَلَا اِلٰهَ غَيْرُكَ۔ (مسندِ احمد: 7045) جادو ایک حقیقت ہے مگر جادوگر چیزوں کی حقیقت کو نہیں بدلتا بلکہ خیال پر قبضہ کر لیتا ہے۔ اسلام میں جادو کرنا اور کرانا سخت گناہ ہے اور اس سے بچنے کے لیے سورۃ الفلق، سورۃ الناس اور عجوہ کھجور کھانے کی تعلیم دی گئی ہے۔ (صحیح بخاری: 5769) نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ شرک اور جادو تباہ کر دینے والی چیزیں ہیں۔ (صحیح بخاری: 5764) نبی کریم ﷺ حضرت حسن و حسین رضی اللہ عنہما پر اُعِيْذُكُمَا بِكَلِمَاتِ اللّٰهِ التَّامَّةِ... پڑھ کر دم فرماتے تھے۔ (جامع ترمذی: 2060) مستقبل میں خیر طلب کرنے کے لیے استخارہ، استغفار، صدقہ، نماز حاجت اور دعاؤں کا اہتمام کرنا چاہیے۔

  8. Q8 · 5 marks

    جادو، فال اور توہم پرستی کے معاشرتی نقصانات تفصیل سے تحریر کریں اور ان سے بچاؤ کا طریقہ بیان کریں۔

    Answer

    جادو، ستاروں اور فال کے ذریعے قسمت کا حال جاننے اور توہم پرستی کی وجہ سے معاشرہ بہت سی برائیوں کا شکار بن جاتا ہے۔ ان میں سے چند یہ ہیں:

    1)ایسے لوگ مسائل کی اصل جڑ تک پہنچنے کے بجائے غیر ضروری کاموں اور باتوں میں الجھے رہتے ہیں۔

    2)ایسے لوگ شاید وقتی فائدہ تو اٹھا لیں لیکن بڑی بڑی کامیابیوں سے محروم رہتے ہیں۔

    3)توہم پرست لوگ اپنی جہالت کی وجہ سے بعض اوقات معاشرے میں مذاق بن جاتے ہیں۔

    4)توہم پرستی اور خرافات کے شکار لوگ معاشرتی تعلقات میں توازن سے محروم رہتے ہیں اور دوسرے لوگوں سے بدگمان رہتے ہیں۔

    5)جادو، ٹونے اور ستاروں کی چال کے ذریعے کام بنانے کے شوقین لوگ اپنے مال اور ایمان کا نقصان تو کرتے ہی ہیں، بعض اوقات اپنی جان اور صحت کا بھی نقصان کر بیٹھتے ہیں۔

    6)جاہل عاملوں اور شعبدہ بازوں کے ہتھے چڑھ کر لوگ طرح طرح کی پریشانیوں میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔ بچاؤ کا طریقہ: ہمیں اللہ تعالیٰ کی قدرت پر کامل یقین رکھنا چاہیے۔ مستقبل میں اللہ تعالیٰ سے خیر طلب کرنے، حاجات پوری کرنے اور شر سے محفوظ رہنے کے لیے استغفار، صدقہ، نماز حاجت اور دعاؤں کا اہتمام کرنا چاہیے۔ اس بارے میں نبی کریم ﷺ نے ہمیں روشن تعلیمات عطا فرمائی ہیں، ہمیں ان سے روشنی حاصل کرنی چاہیے۔

  9. Q9 · 5 marks

    جادو کی حقیقت، اس کا حکم اور اس سے حفاظت کے اسلامی طریقے بیان کریں۔

    Answer

    جادو ایک حقیقت ہے جس میں بعض اوقات دوسروں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جاتی ہے اور بعض اوقات لوگوں کی نظروں اور عقلوں کو بند کر دیا جاتا ہے۔ جادوگر چیزوں کی حقیقت کو نہیں بدلتا البتہ خیال پر قبضہ کر لیتا ہے۔ اسلام میں جادو کرنے اور کرانے کو سخت گناہ قرار دیا گیا ہے۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ تباہ کر دینے والی چیز اللہ تعالیٰ کے ساتھ شرک کرنا ہے، اس سے بھی بچو اور جادو کرنے کرانے سے بھی بچو۔ (صحیح بخاری: 5764) اللہ تعالیٰ کی مشیت کے بغیر کوئی چیز نقصان نہیں پہنچا سکتی۔ جادو وغیرہ سے محفوظ رہنے کے لیے سورۃ الفلق اور سورۃ الناس پڑھنے اور عجوہ کھجور کھانے کی تعلیم دی گئی ہے۔ رسول اللہ ﷺ جنات اور انسانوں کی نظرِ بد سے پناہ مانگا کرتے تھے، یہاں تک کہ معوذتین نازل ہوئیں تو آپ ﷺ نے ان دونوں کو لے لیا اور ان کے علاوہ کو چھوڑ دیا۔ (جامع ترمذی: 2058) نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ جس شخص نے صبح کے وقت سات عجوہ کھجوریں کھا لیں اسے اس دن نہ زہر نقصان پہنچا سکتا ہے اور نہ جادو۔ (صحیح بخاری: 5769) نبی کریم ﷺ حضرت حسن اور حضرت حسین رضی اللہ عنہما پر یہ دعا پڑھ کر دم فرماتے تھے: اُعِيْذُكُمَا بِكَلِمَاتِ اللّٰهِ التَّامَّةِ مِنْ كُلِّ شَيْطَانٍ وَهَامَّةٍ وَمِنْ كُلِّ عَيْنٍ لَامَّةٍ، اور حضرت ابراہیم علیہ السلام بھی اپنے بیٹوں حضرت اسماعیل اور حضرت اسحاق علیہما السلام کے لیے یہی دعا فرماتے تھے۔ (جامع ترمذی: 2060)

Test yourself on this chapter

Timed chapter tests, marked the moment you finish.

See the chapter tests

Practise with a free account

Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.

Create free account