Class 9 Islamiyat · Chapter 3
سیرتِ طیبہ: questions and answers
Every short question, long question and MCQ on this chapter's free papers, each with its answer. Try one yourself first, then check.
Short questions with answers
Q1 · 2 marks
فتح مکہ کے موقع پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے عام معافی کا اعلان کرتے ہوئے کیا ارشاد فرمایا؟
Answer
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ میں آج تمہارے ساتھ اسی سلوک کا اعلان کرتا ہوں جو میرے بھائی حضرت یوسف علیہ السلام نے اپنے بھائیوں کے ساتھ کیا تھا کہ آج تم سب آزاد ہو، آج تم سے کوئی باز پرس نہیں ہوگی۔
Q2 · 2 marks
فتح مکہ کے موقع پر حضرت علی کو کیا سعادت نصیب ہوئی؟
Answer
حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو یہ سعادت نصیب ہوئی کہ انھوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ مل کر خانہ کعبہ کو تین سو ساٹھ بتوں سے پاک کیا۔ آپ کے ہاتھ میں ایک لاٹھی تھی جس سے بتوں کو گراتے جاتے تھے۔
Q3 · 2 marks
فروغ اسلام کے حوالے سے فتح مکہ کی اہمیت مختصر بیان کریں۔
Answer
فتح مکہ کے نتیجے میں قریش کے تمام قبائل نے قبول اسلام میں پہل کی۔ دین اسلام کو غلبہ حاصل ہوا اور اسلام اور اہل اسلام کو عظمت و شان حاصل ہوئی۔ دشمنان اسلام کی سازشیں دم توڑ گئیں۔
Q4 · 2 marks
صلح حدیبیہ کے موقع پر کون سے قبائل کس کے حلیف بنے؟
Answer
6 ہجری میں صلح حدیبیہ کے موقع پر بنو خزاعہ مسلمانوں کے حلیف بنے اور بنو بکر نے قریش مکہ کا ساتھ دینے کا اعلان کیا۔
Q5 · 2 marks
بنو بکر نے معاہدہ کب اور کیسے توڑا؟
Answer
معاہدے کے اٹھارہ ماہ بعد بنو بکر نے اچانک صلح کا معاہدہ توڑتے ہوئے بنو خزاعہ پر حملہ کر دیا اور ان پر لڑائی مسلط کی۔
Q6 · 3 marks
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے قریش مکہ کو کون سی تین شرائط بھیجیں؟
Answer
پہلی شرط یہ تھی کہ بنو خزاعہ کے مقتولین کی دیت ادا کریں۔ دوسری یہ کہ بنو بکر کی مدد کرنے سے دست بردار ہو جائیں۔ تیسری یہ کہ معاہدہ حدیبیہ ختم کرنے کا اعلان کریں۔ قریش نے جنگ کرنا قبول کیا۔
Q7 · 3 marks
لشکر کے تین امیروں کے نام اور ان کی ذمہ داریاں لکھیں۔
Answer
حضرت خالد بن ولید میمنہ (لشکر کا دایاں حصہ) کے امیر تھے۔ حضرت زبیر میسرہ (لشکر کا بایاں حصہ) کے امیر تھے۔ حضرت ابوعبیدہ پیدل لشکر کے امیر تھے۔
Q8 · 3 marks
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے دس ہزار کے لشکر کی موجودگی کے باوجود صحابہ کرام کو کیا ہدایات جاری فرمائیں؟
Answer
آپ نے ہدایت فرمائی کہ جو شخص پناہ طلب کرے اسے پناہ دی جائے۔ عورتوں اور بچوں پر تلوار نہ اٹھائی جائے۔ جو حضرت ابوسفیان کے گھر پناہ لے اسے کچھ نہ کہا جائے۔ جو لوگ ہتھیار ڈال دیں یا اپنے گھر کا دروازہ بند کر دیں ان سب کے لیے امان ہے۔
Q9 · 2 marks
فتح مکہ کے موقع پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی عاجزی کا منظر بیان کریں۔
Answer
آپ اپنی اونٹنی قصوا پر سوار تھے اور انتہائی عجز و انکسار کے باعث آپ کا سر اونٹنی کی کوہان کو چھو رہا تھا۔ زبان پر سورۃ الفتح اور سورۃ النصر کی آیات جاری تھیں۔
Q10 · 2 marks
خانہ کعبہ کو بتوں سے پاک کرتے وقت آپ صلی اللہ علیہ وسلم کون سی آیت تلاوت فرما رہے تھے؟ ترجمہ لکھیں۔
Answer
آپ جَآءَ الْحَقُّ وَ زَهَقَ الْبَاطِلُ ۭ اِنَّ الْبَاطِلَ كَانَ زَهُوْقًا (سورۃ بنی اسرائیل:
81)تلاوت فرما رہے تھے۔ ترجمہ: حق آ گیا اور باطل مٹ گیا، بے شک باطل مٹنے ہی والا ہے۔
Q11 · 3 marks
بیت اللہ میں داخل ہونے کے بعد نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے کیا کیا؟
Answer
آپ نے بیت اللہ کے اندر دو رکعت نماز پڑھی اور باہر نکل کر خانہ کعبہ کی چابی حضرت عثمان بن طلحہ کے سپرد فرمائی۔ حجر اسود کو بوسہ دیا اور حضرت بلال نے کعبہ کی چھت پر چڑھ کر اذان دی۔
Q12 · 2 marks
فتح مکہ کے بعد بتوں کو ختم کرنے کے لیے کیا اقدام کیا گیا؟
Answer
آپ نے مکہ مکرمہ کے گرد و نواح میں جو بڑے بڑے بت خانے تھے ان کو ختم کرنے کے لیے مجاہدین کے دستے روانہ فرمائے۔
Q13 · 3 marks
غزوۂ حنین کے موقع پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے کس طرح جرأت و بہادری اور استقامت کا مظاہرہ فرمایا؟
Answer
جب مسلمانوں کے پاؤں اکھڑ گئے تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم بے مثال جرأت و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے میدان میں ڈٹے رہے۔ آپ خچر سے اتر کر یہ کلمات ادا کرتے ہوئے دشمن کی طرف چل پڑے: میں نبی ہوں اس میں کوئی جھوٹ نہیں، میں عبدالمطلب کی اولاد ہوں۔
Q14 · 2 marks
غزوۂ حنین کے کوئی سے دو نتائج تحریر کریں۔
Answer
اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو اس غزوے میں بے شمار مال غنیمت عطا فرمایا۔ متعدد قبائل دائرہ اسلام میں داخل ہوئے اور اسلام مزید دور دراز کے علاقوں تک پھیل گیا۔
Q15 · 3 marks
مشکل حالات میں ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کس طرح اپنے حواس کو قابو میں رکھا جا سکتا ہے؟ غزوۂ حنین کی روشنی میں وضاحت کریں۔
Answer
ہمیں ہمیشہ اللہ تعالیٰ کی نصرت اور مدد پر یقین رکھنا چاہیے۔ ظاہری مال و اسباب پر بھروسا کرنے کے بجائے اللہ تعالیٰ کی ذات پر کامل بھروسا کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے نصرت اور مدد کی دعا کرنی چاہیے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ پر بھروسا اور یقین کامل تھا۔
Q16 · 2 marks
وادیٔ حنین کہاں واقع ہے اور وہاں کون سے قبائل آباد تھے؟
Answer
وادی حنین مکہ مکرمہ سے چالیس (40) کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ وہاں بنو ہوازن اور بنو ثقیف کے قبائل آباد تھے۔
Q17 · 3 marks
غزوۂ حنین کا پس منظر مختصر بیان کریں۔
Answer
بنو ہوازن اور بنو ثقیف کو اپنی طاقت پر بڑا گھمنڈ تھا۔ انھوں نے فتح مکہ کے بعد اردگرد کے قبائل کو مسلمانوں کی مخالفت پر اکسا کر اپنے ساتھ ملا لیا اور مکہ مکرمہ پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کرنے لگے۔
Q18 · 3 marks
غزوۂ حنین میں مسلمانوں کے ساتھ ابتدا میں کیا پیش آیا؟
Answer
کفار نے مسلمانوں کے میدان میں اترتے ہی اچانک حملہ کر کے تیروں کی بارش کر دی۔ مسلمان اچانک شدید حملے سے بوکھلا گئے اور عارضی طور پر ان کے پاؤں اکھڑنے لگے۔
Q19 · 3 marks
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مجاہدین کو دوبارہ اکٹھا کرنے کے لیے کیا کیا؟
Answer
آپ نے اپنے چچا حضرت عباس سے فرمایا کہ مجاہدین کو ثابت قدم رہنے کے لیے پکاریں۔ انھوں نے بلند آواز سے کہا: بیعت رضوان والو! کہاں ہو؟ یہ آواز سن کر تمام مسلمان واپس مڑے اور تھوڑی ہی دیر میں میدان جنگ بنو ہوازن سے بھر گیا۔
Q20 · 3 marks
غزوۂ حنین میں اللہ تعالیٰ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو کون سے معجزات عطا فرمائے؟
Answer
آپ نے مٹھی بھر مٹی اٹھا کر کفار کی طرف پھینکی تو وہ مٹی دشمن کے ہر شخص کی آنکھ میں چلی گئی، دشمن کی صفیں بکھر گئیں اور وہ میدان چھوڑ کر بھاگ گئے۔ اللہ تعالیٰ نے فرشتوں کے ذریعے بھی مسلمانوں کی مدد فرمائی۔
Q21 · 3 marks
غزوۂ حنین کے مال غنیمت میں کیا کیا شامل تھا؟
Answer
اس میں چھ ہزار جنگی قیدی، چوبیس ہزار اونٹ، چالیس ہزار سے زائد بکریاں اور چار ہزار اوقیہ چاندی شامل تھی۔
Q22 · 2 marks
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مال غنیمت فوراً تقسیم کیوں نہیں فرمایا؟
Answer
آپ نے دو ہفتے سے زائد انتظار فرمایا کہ شاید بنو ہوازن اسلام قبول کر لیں اور مال غنیمت ان کو واپس کر دیا جائے، لیکن ایسا نہ ہوا تو آپ نے مال غنیمت تقسیم فرما دیا۔
Q23 · 2 marks
سورۃ التوبۃ کی آیت 25 کا ترجمہ لکھیں۔
Answer
یقیناً اللہ نے تمھاری مدد کی ہے بہت سے مواقع پر اور (خصوصاً) حنین کے دن بھی جب تمھاری کثرت نے تمھیں ناز میں مبتلا کر دیا تھا تو وہ (کثرت) تمھارے کچھ بھی کام نہ آئی اور زمین تم پر (اپنی) وسعت کے باوجود تنگ ہو گئی پھر تم نے پیٹھ پھیر کر (میدان سے) رخ موڑ لیا۔
Q24 · 2 marks
اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو آزمائش سے کیا سبق دیا؟
Answer
مسلمانوں کو کبھی بھی اپنی تعداد اور فراوانی پر بھروسا نہیں کرنا چاہیے بلکہ اللہ پر توکل رکھتے ہوئے ہمیشہ عجز و انکسار کی روش اپنانی چاہیے، کیوں کہ کثرت کے باوجود شکست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
Q25 · 3 marks
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے عام الوفود میں مہمانوں کے ساتھ کس طرح عزت و اکرام کا معاملہ فرمایا؟ وضاحت فرمائیں۔
Answer
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے وفود کو مسجد نبوی میں ٹھہرایا، ان کے استقبال اور قیام و طعام کا انتظام کیا۔ یہ آپ کے حسن انتظام اور کریمانہ اخلاق کی عمدہ مثالیں ہیں۔ آپ تمام وفود کے ساتھ ایسے حسن سلوک اور شفقت سے پیش آئے کہ وہ متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے۔
Q26 · 3 marks
وفود کی آمد نے جزیرۃ العرب میں اسلام کے پھیلاؤ میں کیا کردار ادا کیا اور اس کا کیا نتیجہ برآمد ہوا؟
Answer
جن لوگوں کو قبول اسلام کی سعادت نصیب ہوئی انھوں نے ایسے اخلاص کے ساتھ اسلام کی تبلیغ کی کہ پورے کے پورے قبائل دائرہ اسلام میں داخل ہو گئے، یہاں تک کہ حجۃ الوداع کے موقع پر مسلمانوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی۔
Q27 · 2 marks
وفد بنو تمیم کو بارگاہ رسالت میں حاضری کے وقت سکھائے گئے آداب میں سے کوئی سے دو لکھیں۔
Answer
اللہ تعالیٰ نے سورۃ الحجرات میں آداب سکھائے کہ اپنی آوازوں کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی آواز سے بلند نہ کرو، اور نبی کو اس طرح نہ پکارو جیسے تم آپس میں ایک دوسرے کو پکارتے ہو۔
Q28 · 2 marks
عام الوفود کا مفہوم لکھیں۔
Answer
عام کا معنی سال ہے اور وفود جمع ہے وفد کی، جس کا معنی لوگوں کی جماعت ہے۔ عام الوفود سے مراد وفود کا سال ہے۔ 9 ہجری میں پورے عرب سے وفود نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے اس لیے اس سال کا نام عام الوفود پڑ گیا۔
Q29 · 3 marks
وفد بنو تمیم کی آمد کا واقعہ مختصراً لکھیں۔
Answer
بنو تمیم کا وفد 9 ہجری کے آغاز میں اقرع بن حابس کی قیادت میں مدینہ منورہ حاضر ہوا۔ آپ قیلولہ فرما رہے تھے، انھوں نے گھر کے باہر سے آوازیں دیں۔ اللہ نے سورۃ الحجرات نازل فرمائی۔ انھوں نے خطیب اور شاعر کا مقابلہ کیا، حضرت ثابت بن قیس اور حضرت حسان بن ثابت نے جواب دیے، اقرع بن حابس متاثر ہو کر وفد سمیت مسلمان ہو گئے۔
Q30 · 3 marks
وفد نجران کے بارے میں مختصر نوٹ لکھیں۔
Answer
نجران کے نصاریٰ کا ساٹھ افراد پر مشتمل وفد مدینہ آیا جس میں چودہ بڑے سردار شامل تھے۔ آپ نے ان کا پرتپاک استقبال فرمایا، مسجد نبوی میں ٹھہرایا اور اپنے طریقے سے عبادت کی اجازت دی۔
Q31 · 3 marks
مباہلہ کیا ہے اور وفد نجران نے مباہلے سے کیوں انکار کیا؟
Answer
اللہ تعالیٰ کے حکم پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم حضرت علی، حضرت فاطمہ، حضرت حسن اور حضرت حسین کے ساتھ مباہلے کے لیے تشریف لائے۔ نجران کے پادریوں نے ان روشن چہروں کو دیکھ کر کہا کہ اگر ان سے مباہلہ کیا تو تمھارا نام و نشان تک مٹ جائے گا، چناں چہ انھوں نے مباہلے سے انکار کر دیا اور جزیہ ادا کرنے کے لیے تیار ہو گئے۔
Q32 · 3 marks
وفد عبدالقیس کے بارے میں مختصر نوٹ لکھیں۔
Answer
اس وفد میں بیس آدمی تھے، سردار کا نام منذر بن عائذ اور لقب اشج تھا۔ آمد سے پہلے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابہ کو خبر دی کہ مشرق سے کچھ سوار آ رہے ہیں جو اسلام قبول کریں گے۔ آپ نے ان کا استقبال فرمایا۔
Q33 · 2 marks
اشج میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کون سی دو خوبیاں پسند فرمائیں؟
Answer
آپ نے فرمایا کہ تم میں دو خوبیاں ایسی ہیں جو اللہ کو بہت محبوب ہیں: ایک حلم یعنی جلد بازی نہ کرنا اور امور و معاملات میں غور و فکر کرنا اور دوسری وقار۔
Q34 · 3 marks
وفد عبدالقیس کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے کیا تعلیم دی؟
Answer
آپ نے حرمت والے مہینوں ذوالقعدہ، ذوالحجہ، محرم اور رجب کے بارے میں انھیں آگاہ کیا، نماز، روزہ، زکوٰۃ اور دیگر احکام کی تعلیم دی اور ان کے لیے دعا فرمائی۔ یہ وفد دس دن بارگاہ میں رہا، قرآن مجید اور احکام شریعت سیکھے، آپ نے تحائف دیے اور واپس جانے کی اجازت دی۔
Q35 · 2 marks
اس سبق سے ہمیں کون سے اسباق ملتے ہیں؟
Answer
ہمیں دوسروں کے گھروں میں داخل ہونے سے پہلے اجازت طلب کرنی چاہیے، معاملات میں جلد بازی نہیں کرنی چاہیے، امور و معاملات کی انجام دہی میں غور و فکر کرنا چاہیے اور اپنی ذاتی زندگی میں وقار و احترام کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے۔
Q36 · 3 marks
وفد بنو تمیم نے اپنے ساتھ کون سے لوگ لائے اور ان کا نتیجہ کیا نکلا؟
Answer
وہ اپنے ساتھ بڑے فصیح و بلیغ شاعر اور خطیب لے کر آئے تھے۔ نبی کریم نے حضرت ثابت بن قیس کو خطیب کے طور پر اور حضرت حسان بن ثابت کو شاعر کے طور پر جواب دینے کا حکم دیا۔ انھوں نے تسلیم کر لیا کہ آپ کے خطیب اور شاعر ہمارے خطیب اور شاعر سے برتر ہیں۔
Q37 · 2 marks
غزوۂ تبوک کب اور کہاں ہوا؟
Answer
غزوۂ تبوک (9) ہجری میں ہوا۔ تبوک ایک مشہور مقام ہے جو مدینہ منورہ سے دمشق کے راستے پر واقع ہے۔ اس علاقے میں موجود پانی کے ایک چشمے کا نام بھی تبوک تھا، اسی مناسبت سے اس غزوے کا نام غزوۂ تبوک پڑ گیا۔
Q38 · 3 marks
غزوۂ تبوک کا پس منظر بیان کریں۔
Answer
معرکۂ موتہ کے بعد رومی سلطنت نے مسلمانوں پر حملہ کرنے کا ارادہ کیا۔ غسانی قبائل جو شام میں رومیوں کے زیر اثر اور عیسائی مذہب سے تعلق رکھتے تھے، انھیں قیصر روم ہرقل نے اس لڑائی کے لیے ابھارا۔ شام کے تاجروں نے مدینہ منورہ میں خبر دی کہ رومیوں نے ایک بہت بڑا لشکر تیار کیا ہے جسے ہرقل کی حمایت حاصل ہے۔
Q39 · 3 marks
غزوۂ تبوک کے موقع پر حالات کیسے تھے؟
Answer
یہ سخت تنگی، قحط سالی اور شدید گرمی کے دن تھے۔ پھلوں کے پکنے کا موسم تھا جس کی وجہ سے گھروں سے نکلنا بہت دشوار تھا۔ ان تمام ناسازگار حالات کے باوجود صحابہ کرام نے بڑے جوش و خروش سے تیاری شروع کر دی۔
Q40 · 3 marks
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے غزوۂ تبوک کی تیاری کے لیے کیا اقدامات فرمائے؟
Answer
آپ کو اطلاع ملی تو آپ نے رومیوں سے جنگ کی تیاری کا حکم دیا۔ آپ نے اس مہم میں ہر اس شخص کی شرکت لازمی قرار دی جو صحت مند ہو اور اس کے پاس سواری کا جانور موجود ہو۔ آپ نے مال و اسباب اکٹھے کرنے شروع کیے۔
Q41 · 3 marks
غزوۂ تبوک کے موقع پر حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی قربانی بیان کریں۔
Answer
نبی کریم کے حکم پر صحابہ کرام نے اپنا مال و دولت آپ کے قدموں میں نچھاور کر دیا۔ حضرت ابوبکر صدیق نے اپنے گھر کا سارا مال نبی کریم کی خدمت میں پیش کر دیا۔ آپ نے دریافت فرمایا کہ گھر والوں کے لیے کیا چھوڑا؟ تو عرض کیا کہ میں ان کے لیے اللہ اور اس کے رسول کی محبت اور الفت کو چھوڑ کر آیا ہوں۔
Q42 · 2 marks
غسانی قبائل کون تھے؟
Answer
غسانی قبائل جوش شام میں رہنے والے وہ قبائل تھے جو رومیوں کے زیر اثر تھے اور عیسائی مذہب سے تعلق رکھتے تھے۔ ان کو قیصر روم ہرقل نے مسلمانوں کے خلاف لڑائی کے لیے ابھارا۔
Q43 · 2 marks
غدیر خم کے حوالے سے حضرت علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ کی فضیلت بیان کریں۔
Answer
سفر حج سے واپسی پر غدیر خم کے مقام پر نبی کریم ﷺ نے صحابہ کرام کے سامنے خطبہ ارشاد فرمایا جس میں حضرت علی کی فضیلت بیان کی۔ آپ ﷺ نے فرمایا: «مَنْ کُنْتُ مَوْلَاہُ فَعَلِیٌّ مَوْلَاہُ»، ترجمہ: میں جس کا دوست ہوں، علی بھی اس کا دوست ہے۔ اے اللہ جو علی سے دوستی رکھے تو اس سے دوستی رکھ اور جو علی سے عداوت رکھے تو اس سے عداوت رکھ (مسند احمد: 12306)۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ حضرت علی اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے محبوب اور مقرب ہیں، ان سے محبت ایمان کا تقاضا ہے اور بغض یا کدورت ایمان کے منافی ہے۔
Q44 · 2 marks
نبی کریم ﷺ نے حجۃ الوداع کے موقع پر مساوات کے حوالے سے کیا ارشاد فرمایا؟
Answer
نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ تم سب آدم کی اولاد ہو اور آدم مٹی سے بنے تھے۔ کسی عربی کو عجمی پر، کسی عجمی کو عربی پر، کسی گورے کو کالے پر اور کسی کالے کو گورے پر کوئی فضیلت نہیں سوائے تقویٰ کے۔
Q45 · 2 marks
نبی کریم ﷺ نے ہدایت اور راہ نمائی کے لیے کن دو چیزوں کو مضبوطی سے پکڑنے کا حکم دیا؟
Answer
نبی کریم ﷺ نے فرمایا: میں تمھارے درمیان ایسی دو چیزیں چھوڑے جا رہا ہوں کہ اگر تم انھیں مضبوطی سے پکڑے رکھو گے تو کبھی گمراہ نہ ہو گے، وہ اللہ تعالیٰ کی کتاب اور میری سنت ہے۔
Q46 · 2 marks
حجۃ الوداع کسے کہتے ہیں؟
Answer
رسول اللہ ﷺ نے اپنے وصال سے قبل جو حج ادا فرمایا اسے حجۃ الوداع کہتے ہیں۔ یہ حج آپ ﷺ نے 10 ہجری میں اسلام کی دعوت و تبلیغ کی ذمہ داری کی تکمیل کے بعد ادا فرمایا۔
Q47 · 2 marks
حج قران کسے کہتے ہیں؟
Answer
حج اور عمرہ دونوں کے لیے ایک ساتھ احرام باندھنے کو حج قران کہتے ہیں۔ نبی کریم ﷺ نے ذوالحلیفہ میں حج اور عمرے کا اکٹھا احرام باندھا اور تلبیہ پڑھا۔
Q48 · 1 mark
ہدی کسے کہتے ہیں؟
Answer
ہدی سے مراد قربانی کا جانور ہے۔ نبی کریم ﷺ ہدی ساتھ لائے تھے، اسی وجہ سے آپ ﷺ نے احرام برقرار رکھا۔
Q49 · 2 marks
نبی کریم ﷺ مدینہ منورہ سے کب روانہ ہوئے اور پہلا پڑاؤ کہاں کیا؟
Answer
نبی کریم ﷺ ہفتہ 26 ذوالقعدہ 10 ہجری کو ظہر کی نماز کے بعد مدینہ منورہ سے روانہ ہوئے۔ عصر سے پہلے ذوالحلیفہ پہنچے، وہاں عصر کی نماز قصر یعنی دو رکعت پڑھی اور رات وہیں گزاری۔
Q50 · 2 marks
ذوالحلیفہ میں احرام باندھنے سے پہلے نبی کریم ﷺ نے کیا اہتمام فرمایا؟
Answer
اگلے دن ظہر کی نماز سے پہلے آپ ﷺ نے غسل کیا، سر اور بدن میں خوشبو لگائی، تہبند باندھا اور چادر اوڑھی۔ دو رکعت ظہر پڑھی اور مصلے ہی پر حج اور عمرے کا اکٹھا احرام باندھا، پھر اونٹنی پر سوار ہو کر تلبیہ پڑھا۔
Q51 · 2 marks
ذی طویٰ میں نبی کریم ﷺ نے کیا کیا؟
Answer
ایک ہفتے کے سفر کے بعد مکہ مکرمہ کے قریب ذی طویٰ پہنچ کر آپ ﷺ نے رات گزاری، وہیں فجر کی نماز پڑھی اور غسل فرمایا، پھر مسجد حرام میں داخل ہوئے۔
Q52 · 2 marks
مسجد حرام میں داخل ہو کر نبی کریم ﷺ نے کون سے اعمال ادا کیے؟
Answer
آپ ﷺ نے بیت اللہ کا طواف فرمایا اور صفا و مروہ کی سعی کی، پھر بالائی مکہ میں «حجون» کے پاس قیام فرمایا اور دوبارہ طواف نہیں کیا۔
Q53 · 2 marks
نبی کریم ﷺ نے طواف و سعی کے بعد احرام کیوں برقرار رکھا؟
Answer
آپ ﷺ نے حج اور عمرے کا احرام اکٹھا باندھا تھا اور اس کی وجہ یہ تھی کہ آپ ﷺ ہدی (قربانی کا جانور) ساتھ لائے تھے، اس لیے احرام برقرار رکھا۔
Q54 · 2 marks
منیٰ میں نبی کریم ﷺ نے کتنی نمازیں ادا کیں؟
Answer
8 ذوالحجہ کو نبی کریم ﷺ منیٰ تشریف لے گئے۔ وہاں آپ ﷺ نے ظہر، عصر، مغرب، عشاء اور اگلے دن 9 ذوالحجہ کی فجر تک پانچ نمازیں ادا کیں۔
Q55 · 2 marks
9 ذوالحجہ کو نبی کریم ﷺ عرفات میں کہاں ٹھہرے اور خطبہ کب اور کہاں دیا؟
Answer
9 ذوالحجہ کو سورج طلوع ہونے کے بعد آپ ﷺ منیٰ سے عرفات تشریف لائے اور وادی نمرہ میں خیمے میں آرام فرمایا۔ سورج ڈھلنے پر قصواء اونٹنی پر سوار ہو کر وادی عرنہ میں تشریف لائے اور لوگوں کے درمیان کھڑے ہو کر خطبہ دیا۔
Q56 · 2 marks
خطبہ حجۃ الوداع کا آغاز نبی کریم ﷺ نے کس طرح کیا اور سب سے پہلے کس بات کی تاکید فرمائی؟
Answer
آپ ﷺ نے اللہ کی حمد و ثنا کی، شہادت کے کلمات کہے، اللہ سے ڈرنے کی وصیت کی اور حقوق اللہ کے تحفظ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد کی ادائی کی خصوصی تاکید فرمائی۔
Q57 · 2 marks
نبی کریم ﷺ نے جان، مال اور عزت کے تحفظ کے بارے میں کیا فرمایا؟
Answer
آپ ﷺ نے ایک دوسرے کی جان، مال اور عزت کے تحفظ پر خاص زور دیا۔
Q58 · 2 marks
نبی کریم ﷺ نے زمانہ جاہلیت کی رسومات کے خاتمے کا اعلان کس طرح فرمایا؟
Answer
آپ ﷺ نے فرمایا: سن لو! جاہلیت کی ہر چیز میرے پاؤں تلے روند دی گئی ہے۔ سب سے پہلے اپنے چچا حضرت عباس بن عبدالمطلب کا وہ سود معاف فرمایا جو لوگوں کے ذمے تھا۔
Q59 · 2 marks
خطبہ حجۃ الوداع میں عورتوں اور پس ماندہ طبقوں کے بارے میں کیا تاکید کی گئی؟
Answer
آپ ﷺ نے فرمایا کہ عورتوں کے بارے میں اللہ سے ڈرو اور ان کے حقوق ادا کرو۔ نیز معاشرے کے پس ماندہ طبقوں اور ماتحتوں کے ساتھ حسن سلوک کی تاکید فرمائی۔
Q60 · 2 marks
صحابہ کرام نے خطبہ حجۃ الوداع میں کس بات کی گواہی دی؟
Answer
آپ ﷺ نے پوچھا کہ قیامت میں میرے بارے میں سوال ہوگا تو تم کیا کہو گے؟ صحابہ نے عرض کیا کہ ہم گواہی دیتے ہیں کہ آپ ﷺ نے اللہ کا پیغام پہنچایا، رسالت کا حق ادا کیا اور امت کی خیر خواہی کی۔ آپ ﷺ نے شہادت کی انگلی آسمان کی طرف اٹھا کر تین مرتبہ فرمایا: اے اللہ گواہ رہنا۔
Q61 · 2 marks
وقوف عرفہ کے دوران کون سی آیت نازل ہوئی؟ اس کا ترجمہ لکھیں۔
Answer
وقوف عرفہ کے دوران سورۃ المائدہ کی آیت 3 نازل ہوئی۔ ترجمہ: آج کے دن میں نے تمھارے لیے تمھارا دین مکمل کر دیا اور تم پر اپنی نعمت پوری کر دی اور تمھارے لیے اسلام بطور دین پسند کر لیا۔
Q62 · 2 marks
نبی کریم ﷺ نے حضرت علی کو یمن کیوں روانہ فرمایا اور کب؟
Answer
نبی کریم ﷺ یمن کی اصلاح احوال کے لیے وقتاً فوقتاً صحابہ کرام کو بھیجتے رہتے تھے۔ حجۃ الوداع سے پہلے رمضان المبارک 10 ہجری میں آپ ﷺ نے حضرت علی کو تین سو (300) سواروں کے ساتھ یمن روانہ فرمایا۔
Q63 · 2 marks
حضرت علی کو یمن روانہ کرتے ہوئے نبی کریم ﷺ نے کیا ہدایات دیں؟
Answer
آپ ﷺ نے ان کے سر پر دستار باندھی، علم عطا فرمایا اور ہدایات دیں کہ اگر وہ اطاعت کر لیں تو نماز اور زکوٰۃ کا حکم دینا اور بتانا کہ روزہ ہر سال فرض ہے اور حج زندگی میں صرف ایک مرتبہ فرض ہے۔
Q64 · 2 marks
نبی کریم ﷺ نے حضرت علی کے لیے روانگی کے وقت کیا دعا فرمائی اور اس کا نتیجہ کیا نکلا؟
Answer
آپ ﷺ نے فرمایا: یقیناً اللہ تعالیٰ تمھارے دل کو ہدایت دے گا اور تمھاری زبان کو ثابت رکھے گا (سنن ابی داؤد: 3582)۔ نتیجتاً بہت سے لوگوں نے اسلام کی دعوت قبول کی حتیٰ کہ پورا قبیلہ ہمدان دائرہ اسلام میں داخل ہوا۔ اطلاع ملنے پر نبی کریم ﷺ بہت خوش ہوئے۔
Q65 · 2 marks
غدیر خم کا خطبہ کن حالات میں ارشاد فرمایا گیا؟
Answer
حضرت علی یمن سے واپس آ کر مکہ میں نبی کریم ﷺ سے ملے اور حج ادا کیا۔ اس موقع پر کچھ لوگوں نے ان کے بعض انتظامی فیصلوں پر شکوہ کیا۔ چنانچہ سفر حج سے واپسی پر غدیر خم میں، جہاں حجاج اپنے علاقوں کی راہ لیتے ہیں، آپ ﷺ نے صحابہ کے سامنے خطبہ دے کر حضرت علی کی فضیلت بیان فرمائی۔
Q66 · 3 marks
نبی کریم ﷺ کی زندگی کے آخری لمحات اپنے الفاظ میں بیان کریں۔
Answer
جب آخری لمحات کا آغاز ہوا تو نبی کریم ﷺ کا سر مبارک سیدہ عائشہ صدیقہ کی گود میں تھا۔ ان کے بھائی حضرت عبدالرحمن بن ابی بکر ہاتھ میں مسواک لے کر آئے۔ سیدہ عائشہ نے مسواک کو نرم کیا تو آپ ﷺ نے چھت کی طرف دیکھا اور آخری الفاظ تین مرتبہ فرمائے: اللھم بالرفیق الاعلی، یعنی اے اللہ مجھے بلند مرتبہ رفیق سے ملا دے۔ پھر آپ ﷺ کا ہاتھ مبارک جھک گیا اور آپ ﷺ چاشت کے وقت اس دنیا سے تشریف لے گئے۔
Q67 · 2 marks
نبی کریم ﷺ کی لحد مبارک کس نے تیار کی اور آپ ﷺ کو قبر میں کس نے اتارا؟
Answer
نبی کریم ﷺ کی لحد (بغلی قبر) حضرت ابوطلحہ نے تیار کی۔ لحد میں اتارنے کا شرف حضرت علی، حضرت عباس، حضرت قثم بن عباس اور حضرت فضل بن عباس کو حاصل ہوا۔
Q68 · 3 marks
نبی کریم ﷺ نے وصال سے قبل حضرت فاطمہ کے کان میں کیا ارشاد فرمایا جس سے وہ پہلے غم گین اور پھر خوش ہوئیں؟
Answer
فجر کی نماز کے بعد آپ ﷺ نے حضرت فاطمہ کو بلایا اور کان میں دو مرتبہ کچھ فرمایا۔ پہلی بار فرمایا کہ اس بیماری میں میرا وصال ہو گا تو وہ رونے لگیں۔ پھر فرمایا: مت رو، میرے اہل بیت میں تم ہی سب سے پہلے مجھے ملو گی، اس پر وہ مسکرانے لگیں (صحیح بخاری: 4434)۔
Q69 · 2 marks
نبی کریم ﷺ نے وصال سے چند لمحے پہلے حسنین کریمین سے کس طرح اپنی محبت کا اظہار فرمایا اور ان کے بارے میں کیا وصیت فرمائی؟
Answer
نبی کریم ﷺ نے وفات سے چند لمحے قبل حضرت حسن اور حضرت حسین کو بلا کر چوما اور ان کے ساتھ حسن سلوک کی وصیت فرمائی۔
Q70 · 2 marks
نبی کریم ﷺ پر درود و سلام پڑھنے کی فضیلت بیان کریں۔
Answer
نبی کریم ﷺ کا ارشاد ہے: قیامت کے دن لوگوں میں سب سے زیادہ میرے قریب وہ لوگ ہوں گے جو مجھ پر کثرت سے درود پڑھتے ہوں گے (جامع ترمذی: 484)۔ ہمیں چاہیے کہ آپ ﷺ کی ذات اقدس پر کثرت سے درود و سلام کے نذرانے پیش کریں تاکہ ہمارے قلوب آپ ﷺ کی محبت سے روشن و منور ہوں۔
Q71 · 2 marks
نبی کریم ﷺ کی بیماری کا آغاز کب اور کیسے ہوا؟
Answer
نبی کریم ﷺ نے 10 ہجری میں حج ادا فرمایا۔ ماہ صفر کے آخری ایام میں بقیع الغرقد سے واپسی پر آپ ﷺ کی طبیعت ناساز ہو گئی۔
Q72 · 2 marks
بیماری میں نبی کریم ﷺ کہاں مقیم رہے؟
Answer
بیماری کے ایام میں آپ ﷺ ازواج مطہرات کے گھروں میں تشریف لے جاتے رہے۔ سیدہ میمونہ کے گھر آپ ﷺ کی تکلیف بہت بڑھ گئی تو ازواج کی اجازت سے سیدہ عائشہ صدیقہ کے گھر مستقل منتقل ہو گئے (صحیح بخاری: 4450)۔
Q73 · 2 marks
نبی کریم ﷺ نے مرض شدت اختیار کرنے پر امامت کے بارے میں کیا حکم دیا؟
Answer
وصال سے چار دن قبل آپ ﷺ نے مغرب کی نماز پڑھائی لیکن عشاء کے وقت مرض شدت اختیار کر گیا تو آپ ﷺ مسجد نہ آ سکے اور حضرت ابوبکر صدیق کو نماز پڑھانے کا حکم دیا۔ انھوں نے امامت کے فرائض ادا کیے۔
Q74 · 2 marks
وصال سے ایک یا دو دن قبل نبی کریم ﷺ مسجد میں کس طرح تشریف لائے؟
Answer
وصال سے ایک یا دو دن قبل آپ ﷺ حضرت عباس اور حضرت علی کا سہارا لے کر گھر سے باہر تشریف لائے اور صحابہ کرام کو نماز کے بارے میں کچھ نصیحتیں فرمائیں۔
Q75 · 2 marks
وصال سے ایک دن پہلے نبی کریم ﷺ نے کون سے اعمال کیے؟
Answer
آپ ﷺ نے تمام غلام آزاد فرما دیے اور آپ ﷺ کے پاس جو چند دینار تھے وہ صدقہ کر دیے اور فرمایا کہ محمد ﷺ کے گھر والوں کے پاس دینار شکل میں تقسیم نہ ہوں گے۔ فرمایا: میں نے اپنی بیویوں کے خرچ اور اپنے عاملوں کی اجرت کے بعد جو کچھ چھوڑا ہے وہ سب صدقہ ہے (صحیح بخاری: 6729)۔
Q76 · 2 marks
جنگی ساز و سامان کے بارے میں نبی کریم ﷺ نے کیا فرمایا؟
Answer
نبی کریم ﷺ نے جنگی ساز و سامان وغیرہ مسلمانوں کو ہبہ فرما دیا۔ خلفا ان چیزوں کو بطور تبرک استعمال کرتے رہے اور یہ چیزیں ایک سے دوسرے تک منتقل ہوتی گئیں۔
Q77 · 2 marks
وصال کے دن فجر کی نماز کے وقت کیا واقعہ پیش آیا؟
Answer
وصال کے دن صبح کی نماز کے وقت سیدہ عائشہ صدیقہ نے اچانک حجرے سے پردہ اٹھایا تو صحابہ کو نماز پڑھتے دیکھ کر نبی کریم ﷺ مسکرائے۔ حضرت ابوبکر صدیق امامت کرا رہے تھے، آپ ﷺ کو دیکھ کر پیچھے ہٹنے لگے تو آپ ﷺ نے دست مبارک سے اشارہ فرما کر نماز جاری رکھوائی اور پردہ گرا دیا (صحیح بخاری: 4448)۔
Q78 · 2 marks
موت کی سختی کے وقت نبی کریم ﷺ کا عمل کیا تھا؟
Answer
آپ ﷺ کے سامنے لکڑی یا چمڑے کا پانی سے بھرا برتن تھا۔ آپ ﷺ بار بار اپنا دست مبارک پانی میں ڈال کر چہرے پر ملتے اور فرماتے: لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ، بلاشبہ موت کی بڑی سختیاں ہیں (صحیح بخاری: 4449)۔
Q79 · 2 marks
حضرت فاطمہ نے غم و درد کا اظہار کس طرح کیا اور نبی کریم ﷺ نے کیا جواب دیا؟
Answer
حضرت فاطمہ نے کہا: ہائے! میرے بابا کی تکلیفیں۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: آج کے بعد تمھارے بابا کو کوئی تکلیف نہ ہوگی۔
Q80 · 2 marks
انصار کے بارے میں نبی کریم ﷺ نے کیا وصیت فرمائی؟
Answer
آپ ﷺ نے فرمایا کہ انصار نے میرے ساتھ بہت قریب کا سلوک کیا، انھوں نے اپنی ذمہ داری پوری کی اور ان کے حقوق رہ گئے ہیں، اس لیے ان کے ساتھ حسن سلوک کیا جائے۔
Q81 · 3 marks
وفات سے قبل نبی کریم ﷺ نے کیا ارشاد فرمایا اور حضرت ابوبکر صدیق کا ردعمل کیا تھا؟
Answer
آپ ﷺ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ نے اپنے ایک بندے کو دنیا اور اس کی رونقیں دکھائیں لیکن اس نے اپنے لیے آخرت کو پسند کیا۔ حضرت ابوبکر صدیق یہ بات سمجھ گئے کہ وہ بندہ خود رسول اللہ ﷺ ہیں، اس لیے رونے لگے۔ لوگ حیران ہو کر ان کی طرف دیکھنے لگے کیونکہ وہ اس جملے کی گہرائی نہ سمجھ سکے تھے۔
Q82 · 3 marks
نبی کریم ﷺ کو غسل کس نے دیا؟
Answer
نبی کریم ﷺ کی وصیت کے مطابق مدینہ کے کنوئیں سے پانی لایا گیا اور بیری کے پتے ڈال کر گرم کیا گیا۔ حضرت علی، حضرت عباس، حضرت فضل بن عباس، حضرت قثم بن عباس، حضرت اسامہ بن زید اور آپ ﷺ کے غلام حضرت شقران نے آپ ﷺ کو غسل دیا۔
Q83 · 2 marks
نبی کریم ﷺ کی نماز جنازہ کس طرح ادا کی گئی؟
Answer
آپ ﷺ کا جنازہ باقاعدہ جماعت کی شکل میں ادا نہیں کیا گیا بلکہ لوگ گروہ در گروہ حاضر ہوتے رہے اور اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا، نبی کریم ﷺ پر درود و سلام اور دعا کرتے رہے۔ اہل بیت اور صحابہ کرام نے بارگاہ رسالت میں ہدیہ درود و سلام پیش کیا۔
Q84 · 1 mark
تدفین کے بعد حضرت بلال نے کیا کیا؟
Answer
تدفین کے بعد حضرت بلال نے نبی کریم ﷺ کی قبر مبارک پر سرہانے کی طرف پانی چھڑکا۔
Q85 · 2 marks
نبی کریم ﷺ کو کہاں مدفون ہونے کا شرف حاصل ہوا اور وہاں آنے والے حجاج کیا کرتے ہیں؟
Answer
حضرت عائشہ صدیقہ کے حجرے کو آپ ﷺ کا مدفن بننے کا شرف حاصل ہوا۔ دنیا بھر سے حج و عمرہ کی غرض سے آنے والے حجاج کرام روضہ رسول ﷺ پر حاضری دے کر درود و سلام کا نذرانہ پیش کرتے ہیں اور قبر انور کی زیارت سے مستفیض ہو کر شفاعت کے حق دار ٹھہرتے ہیں۔
Q86 · 2 marks
قبر مبارک کی زیارت کی فضیلت بیان کرنے والی حدیث کا ترجمہ لکھیں۔
Answer
حدیث: «مَنْ زَارَ قَبْرِیْ وَجَبَتْ لَہٗ شَفَاعَتِیْ» (سنن دارقطنی: 2669)۔ ترجمہ: جس نے میری قبر کی زیارت کی اس پر میری شفاعت واجب ہو گئی۔
Q87 · 2 marks
وصال نبوی کا صحابہ کرام پر کیا اثر ہوا؟
Answer
صحابہ کرام کے لیے مدینہ منورہ میں رسول اللہ ﷺ کی آمد سے زیادہ خوش گوار دن کوئی نہ تھا اور ان کے لیے رسول اللہ ﷺ کی رحلت سے زیادہ تکلیف دہ خبر کوئی نہ تھی۔ وصال نبوی سے حضرت جبریل علیہ السلام کے وحی لانے کا سلسلہ ہمیشہ کے لیے منقطع ہو گیا۔
Q88 · 2 marks
ہمیں وصال نبوی سے کیا سبق ملتا ہے؟
Answer
ہمیں چاہیے کہ عقیدہ ختم نبوت پر پختہ یقین رکھتے ہوئے کثرت سے نبی کریم ﷺ کی ذات اقدس پر درود و سلام کے نذرانے پیش کریں تاکہ ہمارے قلوب آپ ﷺ کی محبت سے روشن و منور ہوں اور ہم دنیا و آخرت میں کامیاب ہو سکیں۔
Long questions with answers
Q1 · 8 marks
فتح مکہ پر تفصیلی نوٹ تحریر کریں۔
Answer
پس منظر: 6 ہجری میں صلح حدیبیہ کے موقع پر بنو خزاعہ مسلمانوں کے حلیف اور بنو بکر قریش کے حلیف بنے۔ فریقین نے دس سال تک جنگ نہ کرنے کا معاہدہ کیا۔ اٹھارہ ماہ بعد بنو بکر نے اچانک معاہدہ توڑ کر بنو خزاعہ پر حملہ کر دیا۔ بنو خزاعہ نے مسلمانوں سے مدد مانگی۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے قریش کو تین شرائط بھیجیں: دیت ادا کریں، یا بنو بکر کی مدد سے دست بردار ہوں، یا معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کریں۔ قریش نے جنگ کرنا قبول کیا۔ لشکر کی روانگی: آخر 8 ہجری 10 رمضان المبارک کو دس ہزار کا لشکر مرالظہران پہنچا۔ حضرت خالد بن ولید میمنہ، حضرت زبیر میسرہ اور حضرت ابوعبیدہ پیدل لشکر کے امیر مقرر ہوئے۔ آپ نے فرمایا کہ آج اللہ تعالیٰ کعبہ مقدسہ کو خصوصی عظمت بخشے گا اور آج کعبہ کو نیا غلاف پہنایا جائے گا۔ مکہ میں داخلہ: ابوسفیان، بدیل بن ورقاء اور حکیم بن حزام نے اسلام قبول کیا۔ آپ نے ہدایت کی کہ جو پناہ طلب کرے اسے پناہ دی جائے، عورتوں اور بچوں پر تلوار نہ اٹھائی جائے، جو ابوسفیان کے گھر پناہ لے اور جو ہتھیار ڈال دے یا گھر کا دروازہ بند کر لے اسے امان ہے۔ آپ انتہائی عجز و انکسار سے اونٹنی قصوا پر سوار تھے۔ عام معافی: آپ نے اہل مکہ سے فرمایا کہ آج تم سب آزاد ہو۔ بتوں کا خاتمہ: آپ نے خانہ کعبہ کو تین سو ساٹھ بتوں سے پاک فرمایا اور جَآءَ الْحَقُّ وَ زَهَقَ الْبَاطِلُ تلاوت فرماتے رہے۔ حضرت علی نے بھی اس میں شرکت کی۔ بیت اللہ میں دو رکعت نماز پڑھی، چابی حضرت عثمان بن طلحہ کو دی، حجر اسود کو بوسہ دیا اور حضرت بلال نے اذان دی۔ نتائج: قریش کے تمام قبائل نے اسلام قبول کرنے میں پہل کی، صرف دس دن میں دو ہزار لوگ اسلام میں داخل ہوئے، اسلام کو غلبہ اور عظمت حاصل ہوئی، دشمنان اسلام کی سازشیں دم توڑ گئیں۔ حضرت عتاب بن اسید مکہ کے امیر مقرر ہوئے اور بت خانوں کے خاتمے کے لیے دستے روانہ ہوئے۔
Q2 · 5 marks
فتح مکہ کے اسباب اور پس منظر بیان کریں۔
Answer
6 ہجری میں صلح حدیبیہ کے موقع پر بنو خزاعہ مسلمانوں کے حلیف بنے اور بنو بکر نے قریش مکہ کا ساتھ دیا۔ فریقین نے دس سال تک جنگ نہ کرنے کا معاہدہ کیا۔ اٹھارہ ماہ بعد بنو بکر نے صلح کا معاہدہ توڑ کر بنو خزاعہ پر حملہ کیا۔ بنو خزاعہ نے مسلمانوں سے مدد مانگی۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے قریش کو تین شرائط بھیجیں: بنو خزاعہ کے مقتولین کی دیت ادا کریں، یا بنو بکر کی مدد سے دست بردار ہوں، یا معاہدہ حدیبیہ ختم کرنے کا اعلان کریں۔ قریش نے جنگ کرنا قبول کیا، یہی فتح مکہ کا سبب بنا۔
Q3 · 6 marks
فتح مکہ کے موقع پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے عفو و درگزر کا واقعہ اور فتح مکہ کے نتائج تحریر کریں۔
Answer
فتح مکہ کے موقع پر آپ پر انتہائی عجز و انکسار اور جذبہ شکر کا غلبہ تھا۔ آپ نے عام معافی کا اعلان فرمایا اور اہل مکہ کو مخاطب کر کے فرمایا کہ آج تم سب آزاد ہو، آج تم سے کوئی باز پرس نہیں ہوگی۔ اہل مکہ آپ کے اس حسن سلوک اور عفو و درگزر سے بے حد متاثر ہوئے اور جوق در جوق مسلمان ہونے لگے۔ یہ بدترین دشمنوں کو معاف کر دینے کی شان دار مثال ہے۔ نتائج: قریش کے تمام قبائل نے قبول اسلام میں پہل کی، صرف دس دن میں دو ہزار لوگ دائرہ اسلام میں داخل ہوئے، دین اسلام کو غلبہ حاصل ہوا، اسلام اور اہل اسلام کو عظمت و شان حاصل ہوئی، دشمنان اسلام کی سازشیں دم توڑ گئیں، آپ مکہ میں چند دن قیام پذیر رہے اور بت خانوں کو ختم کرنے کے لیے دستے روانہ فرمائے۔
Q4 · 8 marks
غزوۂ حنین پر تفصیلی روشنی ڈالیں۔
Answer
پس منظر: مکہ مکرمہ سے چالیس کلومیٹر کے فاصلے پر وادی حنین میں بنو ہوازن اور بنو ثقیف کے قبائل آباد تھے جنھیں اپنی طاقت پر بڑا گھمنڈ تھا۔ انھوں نے آس پاس کے قبائل کو مسلمانوں کی مخالفت پر اکسا کر ساتھ ملا لیا اور مکہ مکرمہ پر حملے کی منصوبہ بندی کی۔ روانگی: فتح مکہ کے بعد انیس دن قیام کر کے شوال 8 ہجری کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم بارہ ہزار کے لشکر کے ساتھ حنین روانہ ہوئے۔ لشکر کی تعداد دیکھ کر بعض مسلمانوں کے ذہن میں خیال آیا کہ آج کوئی طاقت ہمیں شکست نہیں دے سکتی، ان کا یوں اپنی ظاہری طاقت و کثرت پر اترانا اللہ تعالیٰ کو پسند نہ آیا۔ جنگ: دشمن مسلمانوں سے پہلے میدان میں پہنچ کر جنگی تدابیر اختیار کر چکے تھے۔ مسلمانوں کے میدان میں اترتے ہی کفار نے اچانک تیروں کی بارش کر دی۔ مسلمان اس شدید حملے سے بوکھلا گئے اور عارضی طور پر ان کے پاؤں اکھڑنے لگے۔ آپ کی ثابت قدمی: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم بے مثال جرأت و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے میدان میں ڈٹے رہے۔ آپ خچر پر سوار تھے جس کی رکاب حضرت ابوسفیان اور لگام حضرت عباس نے پکڑ رکھی تھی۔ آپ خچر سے اتر کر یہ فرماتے ہوئے دشمن کی طرف چل پڑے: میں نبی ہوں اس میں کوئی جھوٹ نہیں، میں عبدالمطلب کی اولاد ہوں (صحیح بخاری: 4315)۔ آپ نے حضرت عباس سے فرمایا کہ مجاہدین کو پکاریں تو انھوں نے کہا بیعت رضوان والو! کہاں ہو؟ آواز سن کر مسلمان واپس مڑے اور جلد ہی دشمن کے پاؤں اکھڑ گئے۔ معجزات: آپ نے مٹھی بھر خاک کفار کی طرف پھینکی جو دشمن کے ہر شخص کی آنکھ میں چلی گئی، ان کی صفیں بکھر گئیں اور وہ بھاگ گئے۔ اللہ تعالیٰ نے فرشتوں کے ذریعے مدد فرمائی۔ حضرت ابوطلحہ انصاری نے تیس مشرکوں کو قتل کیا اور چار مسلمان شہید ہوئے۔ نتائج: مال غنیمت میں چھ ہزار قیدی، چوبیس ہزار اونٹ، چالیس ہزار سے زائد بکریاں اور چار ہزار اوقیہ چاندی ملی۔ آپ نے دو ہفتے سے زائد انتظار فرمایا کہ بنو ہوازن اسلام قبول کر لیں، پھر مال غنیمت تقسیم فرما دیا۔ متعدد قبائل اسلام میں داخل ہوئے اور اسلام دور دراز کے علاقوں تک پھیل گیا۔ سبق: کثرت پر بھروسا نہیں بلکہ اللہ پر توکل اور عجز و انکسار اپنانا چاہیے۔
Q5 · 6 marks
غزوۂ حنین کے اسباب، واقعات اور نتائج بیان کریں۔
Answer
اسباب: بنو ہوازن اور بنو ثقیف کو اپنی طاقت پر گھمنڈ تھا، وہ مسلمانوں کی طاقت تسلیم کرنے پر راضی نہ تھے، فتح مکہ کے بعد انھوں نے اردگرد کے قبائل کو ساتھ ملا کر مکہ مکرمہ پر حملے کی منصوبہ بندی کی۔ واقعات: آپ بارہ ہزار کے لشکر کے ساتھ حنین گئے، کفار نے تیروں کی بارش سے اچانک حملہ کیا، مسلمانوں کے پاؤں اکھڑے مگر آپ ڈٹے رہے، حضرت عباس کی آواز پر مجاہدین واپس آئے، آپ نے مٹھی بھر خاک پھینکی، فرشتوں کی مدد آئی، دشمن بھاگ گیا۔ نتائج: بے شمار مال غنیمت ملا، متعدد قبائل دائرہ اسلام میں داخل ہوئے اور اسلام دور دراز علاقوں تک پھیل گیا، مسلمانوں کو سبق ملا کہ اپنی تعداد پر بھروسا نہ کریں بلکہ اللہ تعالیٰ پر توکل کریں۔
Q6 · 6 marks
غزوۂ حنین میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شجاعت، استقامت اور ثابت قدمی بیان کرتے ہوئے اس سے حاصل ہونے والے اسباق لکھیں۔
Answer
جب کفار نے اچانک تیروں کی بارش کی تو مسلمانوں کے پاؤں عارضی طور پر اکھڑ گئے، مگر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم بے مثال جرأت و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے میدان میں ڈٹے رہے۔ آپ خچر سے اتر کر یہ کلمات ادا کرتے ہوئے دشمن کی طرف چل پڑے: میں نبی ہوں اس میں کوئی جھوٹ نہیں، میں عبدالمطلب کی اولاد ہوں۔ آپ کو اللہ تعالیٰ کی ذات پر بھروسا اور یقین کامل تھا کہ اللہ ہماری ضرور مدد فرمائے گا اور دین اسلام کو غلبہ حاصل ہوگا۔ اسباق: اپنی تعداد اور فراوانی پر بھروسا نہیں کرنا چاہیے، ہمیشہ اللہ تعالیٰ کی نصرت اور مدد پر یقین رکھنا چاہیے، ظاہری مال و اسباب کے بجائے اللہ پر کامل بھروسا اور اس سے نصرت و مدد کی دعا کرنی چاہیے، مشکل حالات میں ثابت قدم رہنا چاہیے اور عجز و انکسار کی روش اپنانی چاہیے۔
Q7 · 8 marks
وفد نجران کے بارگاہ رسالت میں حاضری کا احوال بیان کریں۔
Answer
نجران کے نصاریٰ کا ساٹھ (60) افراد پر مشتمل وفد مدینہ طیبہ آیا جس میں چودہ بڑے سردار شامل تھے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس وفد کا پرتپاک استقبال فرمایا، انھیں مسجد نبوی میں ٹھہرایا اور اپنے طریقے کے مطابق عبادت کرنے کی اجازت دی۔ ان کی بہت خاطر تواضع کی۔ یہ وفد حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نبوت کی خبر سن کر آپ سے مناظرہ کرنے آیا تھا اور انھوں نے اپنے عقائد پر دلائل دینا شروع کر دیے۔ نبی کریم نے ان کی اصلاح کی بہت کوشش فرمائی لیکن وہ اپنی ضد پر اڑے رہے۔ پھر جب انھوں نے روانگی کے لیے مدینہ منورہ کے باہر پڑاؤ ڈالا تو اللہ تعالیٰ نے نبی کریم کو ان سے مباہلہ کرنے کا حکم دیا۔ حکم نازل ہونے کے بعد نبی کریم حضرت علی، حضرت فاطمہ، حضرت حسن اور حضرت حسین کو لے کر نجران کے وفد کے پاس مباہلے کے لیے تشریف لائے۔ جب ان کے پادریوں نے ان روشن چہرے دیکھے تو کہا کہ اگر تم نے ان سے مباہلہ کیا تو یاد رکھو دنیا سے تمھارا نام و نشان تک مٹ جائے گا۔ چناں چہ انھوں نے مباہلے سے انکار کر دیا اور جزیہ ادا کرنے کے لیے تیار ہو گئے۔ آپ نے فرمایا کہ قسم ہے اس ذات کی جس کے قبضے میں میری جان ہے! اللہ کا عذاب اہل نجران کے نزدیک آ چکا تھا اور اگر یہ مباہلہ کرتے تو انھیں جانور بنا دیا جاتا، ان کی وادی میں آگ بھڑکتی رہتی اور انھیں ملیامیٹ کر دیا جاتا، یہاں تک کہ درختوں پر پرندے بھی ہلاک ہو جاتے اور سال ختم ہونے سے پہلے سارے نصاریٰ فنا کے گھاٹ اتر جاتے۔
Q8 · 8 marks
عام الوفود کی اہمیت اور وفد بنو تمیم کا حال تفصیل سے لکھیں۔
Answer
عام الوفود: عام کا معنی سال اور وفود وفد کی جمع ہے، 9 ہجری میں پورے عرب سے وفود اتنی کثرت سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت اقدس میں حاضر ہوئے کہ اس سال کا نام عام الوفود پڑ گیا۔ آپ تمام وفود کے ساتھ ایسے حسن سلوک اور شفقت سے پیش آئے کہ وہ متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے۔ جن لوگوں کو قبول اسلام کی سعادت نصیب ہوئی انھوں نے اخلاص سے تبلیغ کی کہ پورے کے پورے قبائل دائرہ اسلام میں داخل ہو گئے، یہاں تک کہ حجۃ الوداع کے موقع پر مسلمانوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ وفود کو آپ مسجد نبوی میں ٹھہراتے، ان کا استقبال اور قیام و طعام کا انتظام کرتے جو آپ کے حسن انتظام اور کریمانہ اخلاق کی عمدہ مثالیں ہیں۔ وفد بنو تمیم: 9 ہجری کے آغاز میں اقرع بن حابس کی قیادت میں مدینہ منورہ حاضر ہوا۔ آپ ظہر سے پہلے قیلولہ فرما رہے تھے، وفد نے آپ کو گھر کے باہر سے آوازیں دے کر بے آرام کیا۔ اللہ نے سورۃ الحجرات نازل فرمائی جس میں حاضری کے آداب سکھائے گئے کہ اپنی آوازوں کو نبی کریم کی آواز سے بلند نہ کرو اور نبی کو ایک دوسرے کی طرح نہ پکارو۔ یہ لوگ بڑے فصیح و بلیغ شاعر اور خطیب بھی ساتھ لائے تھے۔ آپ نے حضرت ثابت بن قیس کو بطور خطیب اور حضرت حسان بن ثابت کو بطور شاعر جواب دینے کا حکم دیا۔ انھوں نے تسلیم کیا کہ آپ کے خطیب اور شاعر برتر ہیں۔ اقرع بن حابس آپ کے حسن اخلاق سے اتنا متاثر ہوا کہ اپنے آبائی دین کو الوداع کہا اور وفد سمیت اسلام قبول کر لیا۔
Q9 · 6 marks
وفد عبدالقیس کا حال بیان کریں اور اس سبق سے ملنے والے اسباق لکھیں۔
Answer
وفد عبدالقیس: اس وفد میں بیس آدمی تھے، سردار منذر بن عائذ تھا اور لقب اشج تھا۔ آمد سے پہلے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابہ کو خبر دی کہ مشرق سے کچھ سوار آ رہے ہیں جو اسلام قبول کریں گے۔ جب وہ حاضر ہوئے تو آپ نے ان کا استقبال فرمایا۔ انھوں نے آپ کے چہرۂ انور کی خوب صورتی کو دیکھ کر محبت و عقیدت کا اظہار کیا، ہاتھوں اور پاؤں مبارک کو چوما۔ سردار نے حاضری سے پہلے غسل کیا، عمدہ اور پاکیزہ کپڑے پہنے اور حلم و وقار کے ساتھ بارگاہ رسالت میں حاضر ہوا۔ آپ نے اس کی وضع اور آداب کو پسند فرمایا اور فرمایا کہ تم میں دو خوبیاں ایسی ہیں جو اللہ تعالیٰ کو بہت محبوب ہیں: ایک حلم یعنی جلد بازی نہ کرنا اور امور و معاملات میں غور و فکر کرنا اور دوسری وقار۔ آپ نے ان کو حرمت والے مہینوں سے آگاہ کیا، نماز، روزہ، زکوٰۃ اور دیگر احکام کی تعلیم دی اور ان کے لیے دعا فرمائی۔ یہ وفد دس دن آپ کی بارگاہ میں رہا، قرآن مجید اور احکام شریعت سیکھے۔ آپ نے ان کو تحائف دیے، اشج کو بہت زیادہ مال عطا فرمایا اور واپس جانے کی اجازت مرحمت فرمائی۔ اسباق: دوسروں کے گھروں میں داخل ہونے سے پہلے اجازت طلب کرنی چاہیے، معاملات میں جلد بازی نہیں کرنی چاہیے، امور و معاملات کی انجام دہی میں غور و فکر کرنا چاہیے اور اپنی ذاتی زندگی میں وقار و احترام کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے۔
Q10 · 6 marks
غزوۂ تبوک کے اسباب، وجوہات اور پس منظر بیان کریں۔
Answer
غزوۂ تبوک (9) ہجری میں ہوا۔ تبوک ایک مشہور مقام ہے جو مدینہ منورہ سے دمشق کے راستے پر واقع ہے۔ اس علاقے میں موجود پانی کے ایک چشمے کا نام بھی تبوک تھا، اسی مناسبت سے اس غزوے کا نام غزوۂ تبوک پڑ گیا۔ معرکۂ موتہ کے بعد رومی سلطنت نے مسلمانوں پر حملہ کرنے کا ارادہ کیا۔ غسانی قبائل جو شام میں رومیوں کے زیر اثر اور عیسائی مذہب سے تعلق رکھتے تھے، انھیں قیصر روم ہرقل نے لڑائی کے لیے ابھارا۔ شام کے تاجروں نے مدینہ منورہ میں یہ خبر دی کہ رومیوں نے مسلمانوں کے مقابلے کے لیے شام میں ایک بہت بڑا لشکر تیار کیا ہے جسے ہرقل کی حمایت حاصل ہے۔
Q11 · 6 marks
غزوۂ تبوک کی تیاری اور صحابہ کرام کی قربانیاں تحریر کریں۔
Answer
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو جب رومیوں کے لشکر کی اطلاع ملی تو آپ نے ان سے جنگ کی تیاری کا حکم دیا۔ یہ سخت تنگی، قحط سالی اور شدید گرمی کے دن تھے، پھلوں کے پکنے کا موسم تھا جس کی وجہ سے گھروں سے نکلنا بہت دشوار تھا۔ ان تمام ناسازگار حالات کے باوجود جب آپ نے غزوۂ تبوک کا اعلان فرمایا تو صحابہ کرام نے بڑے جوش و خروش سے تیاری شروع کر دی۔ آپ نے اس مہم میں ہر اس شخص کی شرکت لازمی قرار دی جو صحت مند ہو اور اس کے پاس سواری کا جانور موجود ہو۔ آپ نے غزوۂ تبوک کی تیاری کے لیے مال و اسباب اکٹھے کرنے شروع کر دیے۔ آپ کے حکم پر صحابہ کرام نے اپنا مال و دولت آپ کے قدموں میں نچھاور کر دیا۔ حضرت ابوبکر صدیق نے اپنے گھر کا سارا مال نبی کریم کی خدمت میں پیش کر دیا۔ رسول اللہ نے ان سے دریافت فرمایا: تم نے اپنے گھر والوں کے لیے کیا چھوڑا؟ حضرت ابوبکر صدیق نے عرض کیا: میں ان کے لیے اللہ اور اس کے رسول کی محبت اور الفت کو چھوڑ کر آیا ہوں۔
Q12 · 8 marks
حجۃ الوداع پر جامع نوٹ لکھیں۔
Answer
تعارف: رسول اللہ ﷺ نے اپنے وصال سے قبل جو حج ادا فرمایا اسے حجۃ الوداع کہتے ہیں۔ اسلام کی دعوت و تبلیغ کی ذمہ داری کی تکمیل کے بعد آپ ﷺ نے حج کا اعلان فرمایا اور ہر طرف سے مسلمان اکٹھے ہو گئے۔
روانگی اور ذوالحلیفہ: ہفتہ 26 ذوالقعدہ 10 ہجری کو ظہر کے بعد آپ ﷺ مدینہ منورہ سے روانہ ہوئے، عصر سے پہلے ذوالحلیفہ پہنچے، عصر کی دو رکعت قصر پڑھی اور رات وہیں گزاری۔ اگلے دن غسل کیا، خوشبو لگائی، تہبند اور چادر اوڑھی، دو رکعت ظہر پڑھی، حج اور عمرے کا اکٹھا احرام (حج قران) باندھا اور تلبیہ پڑھا۔
مکہ مکرمہ: ایک ہفتے بعد ذی طویٰ میں رات گزاری، فجر پڑھ کر غسل کیا اور مسجد حرام میں داخل ہوئے۔ بیت اللہ کا طواف اور صفا و مروہ کی سعی کی، حجون کے پاس قیام فرمایا اور احرام برقرار رکھا کیونکہ حج و عمرے کا اکٹھا احرام باندھا تھا اور ہدی ساتھ تھی۔
منیٰ اور عرفات: 8 ذوالحجہ کو منیٰ میں ظہر، عصر، مغرب، عشاء اور اگلے دن فجر (پانچ نمازیں) ادا کیں۔ 9 ذوالحجہ کو وادی نمرہ میں آرام فرمایا، سورج ڈھلنے پر قصواء اونٹنی پر وادی عرنہ میں تشریف لائے اور خطبہ دیا۔
خطبے کی اہم تعلیمات: حقوق اللہ کے ساتھ حقوق العباد، مساوات اور تقویٰ کا معیار، جان مال اور عزت کا تحفظ، جاہلیت کی رسومات اور سود کا خاتمہ، عورتوں اور پس ماندہ طبقوں سے حسن سلوک، قرآن و سنت کو مضبوطی سے پکڑنا۔ صحابہ نے رسالت کا حق ادا کرنے کی گواہی دی اور آپ ﷺ نے تین مرتبہ فرمایا: اے اللہ گواہ رہنا۔ پیغام حاضرین کو غائب لوگوں تک پہنچانے کی تلقین کی۔
آیت کا نزول: وقوف عرفہ کے دوران سورۃ المائدہ کی آیت 3 نازل ہوئی: آج کے دن میں نے تمھارے لیے تمھارا دین مکمل کر دیا اور تم پر اپنی نعمت پوری کر دی اور تمھارے لیے اسلام بطور دین پسند کر لیا۔
واپسی: حج سے واپسی پر غدیر خم میں حضرت علی کی فضیلت بیان فرمائی۔
Q13 · 8 marks
خطبہ حجۃ الوداع کی تعلیمات تفصیل سے بیان کریں۔
Answer
تعارف: 9 ذوالحجہ 10 ہجری کو نبی کریم ﷺ نے وادی عرنہ میں لوگوں کے درمیان کھڑے ہو کر خطبہ دیا۔ آپ ﷺ نے اللہ کی حمد و ثنا کی، شہادت کے کلمات کہے اور اللہ سے ڈرنے کی وصیت فرمائی۔
1۔ حقوق اللہ اور حقوق العباد: حقوق اللہ کے تحفظ کے ساتھ حقوق العباد کی ادائی کی خصوصی تاکید فرمائی۔
2۔ مساوات: فرمایا کہ تم سب آدم کی اولاد ہو اور آدم مٹی سے بنے تھے۔ کسی عربی کو عجمی پر اور کسی عجمی کو عربی پر، کسی گورے کو کالے پر اور کسی کالے کو گورے پر کوئی فضیلت نہیں سوائے تقویٰ کے۔
3۔ جان، مال اور عزت کا تحفظ: ایک دوسرے کی جان، مال اور عزت کے تحفظ پر خاص زور دیا۔
4۔ جاہلیت کی رسومات کا خاتمہ: فرمایا کہ جاہلیت کی ہر چیز میرے پاؤں تلے روند دی گئی ہے۔ سب سے پہلے اپنے چچا حضرت عباس بن عبدالمطلب کا سود معاف فرمایا جو لوگوں کے ذمے تھا اور ان کے حقوق ادا کرنے کا حکم دیا۔
5۔ عورتوں اور پس ماندہ طبقوں سے حسن سلوک: عورتوں کے بارے میں اللہ سے ڈرنے اور معاشرے کے پس ماندہ طبقوں اور ماتحتوں کے ساتھ حسن سلوک کی تاکید فرمائی۔
6۔ قرآن و سنت: فرمایا کہ میں تمھارے درمیان دو چیزیں چھوڑے جا رہا ہوں، اگر انھیں مضبوطی سے پکڑے رکھو گے تو کبھی گمراہ نہ ہو گے: اللہ تعالیٰ کی کتاب اور میری سنت۔
7۔ رسالت کی گواہی: صحابہ نے گواہی دی کہ آپ ﷺ نے پیغام پہنچایا، رسالت کا حق ادا کیا اور امت کی خیر خواہی کی۔ آپ ﷺ نے شہادت کی انگلی آسمان کی طرف اٹھا کر تین بار فرمایا: اے اللہ گواہ رہنا۔ پھر حاضرین کو یہ پیغام دوسرے مسلمانوں تک پہنچانے کی تلقین کی۔
8۔ تکمیل دین: وقوف عرفہ کے دوران سورۃ المائدہ کی آیت 3 نازل ہوئی جس میں دین کی تکمیل اور نعمت کے مکمل ہونے کا اعلان ہے۔
عملی زندگی میں اپنانا: ہمیں چاہیے کہ مساوات، حقوق العباد کی ادائی، جان مال اور عزت کی حفاظت اور قرآن و سنت کی پیروی کو اپنی عملی زندگی میں اپنائیں۔
Q14 · 5 marks
حجۃ الوداع سے پہلے حضرت علی المرتضیٰ کی یمن روانگی کے واقعے کو تفصیل سے بیان کریں۔
Answer
پس منظر: نبی کریم ﷺ یمن کی اصلاح احوال کے لیے وقتاً فوقتاً صحابہ کرام کو بھیجتے رہتے تھے۔
روانگی: حجۃ الوداع سے پہلے رمضان المبارک 10 ہجری میں آپ ﷺ نے حضرت علی المرتضیٰ کو تین سو (300) سواروں کے ساتھ یمن روانہ فرمایا۔ ان کے سر پر دستار باندھی اور علم عطا فرمایا۔
ہدایات: آپ ﷺ نے ہدایت فرمائی کہ اگر وہ اطاعت کر لیں تو نماز کا حکم دینا اور زکوٰۃ کا حکم دینا اور بتانا کہ روزہ ہر سال فرض ہے اور حج زندگی میں صرف ایک مرتبہ فرض ہے۔
دعا: روانگی کے وقت آپ ﷺ نے دعا فرمائی: یقیناً اللہ تعالیٰ تمھارے دل کو ہدایت دے گا اور تمھاری زبان کو ثابت رکھے گا (سنن ابی داؤد: 3582)۔
نتیجہ: وہاں کے لوگوں نے دعوت دین دی گئی تو بہت سوں نے اسلام قبول کیا حتیٰ کہ پورا قبیلہ ہمدان دائرہ اسلام میں داخل ہوا۔ نبی کریم ﷺ کو اطلاع ملی تو بہت خوش ہوئے۔ اس کے بعد حضرت علی یمن سے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مکہ مکرمہ آ کر حضور ﷺ کے ساتھ ملے اور حج ادا کیا۔
Q15 · 5 marks
غدیر خم کے واقعے اور حضرت علی المرتضیٰ کی فضیلت پر نوٹ لکھیں۔
Answer
پس منظر: حجۃ الوداع کے موقع پر کچھ لوگوں نے حضرت علی المرتضیٰ کے بعض انتظامی فیصلوں پر نبی کریم ﷺ سے شکوہ کیا۔ مقام: سفر حج سے واپسی پر غدیر خم کے مقام پر، جہاں حجاج کرام اپنے اپنے علاقوں کی راہ لیتے ہیں، آپ ﷺ نے صحابہ کرام کے سامنے خطبہ ارشاد فرمایا۔ حدیث: «فَمَنْ کُنْتُ مَوْلَاہُ فَعَلِیٌّ مَوْلَاہُ، اَللّٰھُمَّ وَالِ مَنْ وَالَاہُ وَعَادِ مَنْ عَادَاہُ» (مسند احمد: 12306)۔ ترجمہ: میں جس کا دوست ہوں، علی بھی اس کا دوست ہے۔ اے اللہ! تو اس آدمی کو دوست رکھ جو علی کو دوست رکھتا ہے اور جو اس سے عداوت رکھے تو بھی اس سے عداوت رکھ۔ حاصل: اس سے معلوم ہوتا ہے کہ حضرت علی المرتضیٰ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ کے محبوب اور مقرب ہیں۔ ان سے تعلق اور محبت رکھنا ایمان کا تقاضا ہے اور ان سے بغض یا کدورت رکھنا ایمان کے منافی ہے۔
Q16 · 8 marks
وصالِ نبوی ﷺ پر جامع نوٹ تحریر کریں۔
Answer
بیماری کا آغاز: نبی کریم ﷺ نے 10 ہجری کو فریضہ حج ادا فرمایا۔ ماہ صفر کے آخری ایام میں بقیع الغرقد سے واپسی پر طبیعت ناساز ہو گئی۔ ازواج مطہرات کے گھروں میں آتے جاتے رہے اور سیدہ میمونہ کے گھر تکلیف بہت بڑھنے پر ازواج کی اجازت سے سیدہ عائشہ صدیقہ کے گھر مستقل منتقل ہو گئے (صحیح بخاری: 4450)۔ امامت: وصال سے چار دن قبل مغرب کی نماز پڑھائی۔ عشاء کے وقت مرض کی شدت کی وجہ سے مسجد تشریف نہ لا سکے اور حضرت ابوبکر صدیق کو امامت کا حکم دیا۔ وصال سے ایک یا دو دن قبل حضرت عباس اور حضرت علی کے سہارے باہر آ کر نماز کے بارے میں نصیحتیں فرمائیں۔ آخری وصیتیں: وصال سے ایک دن قبل تمام غلام آزاد کیے، چند دینار صدقہ کیے اور فرمایا کہ جو کچھ ازواج کے خرچ اور عاملوں کی اجرت کے بعد بچے وہ سب صدقہ ہے (صحیح بخاری: 6729)۔ جنگی ساز و سامان مسلمانوں کو ہبہ فرمایا۔ بیماری کے ایام میں صحابہ کو متعدد وصیتیں فرمائیں، انصار سے حسن سلوک، حسنین کریمین سے حسن سلوک، نماز کی حفاظت اور زیر دست افراد سے حسن سلوک کی تاکید کی۔ وصال کا دن: فجر میں سیدہ عائشہ نے پردہ اٹھایا تو آپ ﷺ صحابہ کو نماز پڑھتے دیکھ کر مسکرائے (صحیح بخاری: 4448)۔ نماز کے بعد حضرت فاطمہ کو بلا کر کان میں فرمایا، وہ پہلے روئیں اور پھر مسکرائیں (صحیح بخاری: 4434)۔ موت کی سختی کے وقت پانی میں ہاتھ ڈال کر چہرے پر ملتے اور فرماتے: لا الہ الا اللہ، بلاشبہ موت کی بڑی سختیاں ہیں (صحیح بخاری: 4449)۔ آخری الفاظ: اللھم بالرفیق الاعلی۔ آپ ﷺ چاشت کے وقت اس دنیا سے تشریف لے گئے۔ غسل، نماز جنازہ اور تدفین: مدینہ کے کنوئیں کے پانی کو بیری کے پتے ڈال کر گرم کر کے حضرت علی، عباس، فضل بن عباس، قثم بن عباس، اسامہ بن زید اور شقران نے غسل دیا۔ جنازہ باقاعدہ جماعت کی شکل میں نہیں بلکہ گروہ در گروہ حاضر ہو کر درود و سلام اور دعا سے ادا ہوا۔ حضرت ابوطلحہ نے لحد تیار کی۔ حضرت علی، عباس، قثم بن عباس اور فضل بن عباس نے لحد میں اتارا۔ حضرت بلال نے سرہانے پانی چھڑکا۔ سیدہ عائشہ صدیقہ کے حجرے کو مدفن بننے کا شرف حاصل ہوا۔ روضہ مبارک اور درود: حجاج روضہ مبارک پر درود و سلام پیش کرتے اور زیارت سے مستفیض ہوتے ہیں۔ حدیث: مَنْ زَارَ قَبْرِیْ وَجَبَتْ لَہٗ شَفَاعَتِیْ (سنن دارقطنی: 2669)۔ قیامت کے دن آپ ﷺ کے سب سے زیادہ قریب وہ ہوں گے جو کثرت سے درود پڑھتے ہوں گے (جامع ترمذی: 484)۔ وحی کا سلسلہ ہمیشہ کے لیے منقطع ہو گیا، ہمیں عقیدہ ختم نبوت پر پختہ یقین رکھنا چاہیے۔
Q17 · 8 marks
نبی کریم ﷺ کی آخری ایام کی وصیتوں اور ہدایات کا تفصیلی بیان کریں۔
Answer
تعارف: بیماری کے ان ایام میں نبی کریم ﷺ نے متعدد بار صحابہ کرام کو مخاطب کر کے مختلف وصیتیں فرمائیں۔
1۔ نماز: وصال سے ایک یا دو دن قبل حضرت عباس اور حضرت علی کے سہارے مسجد میں تشریف لا کر صحابہ کو نماز کے بارے میں نصیحتیں فرمائیں۔ نماز کی امامت کے لیے حضرت ابوبکر صدیق کو مقرر فرمایا۔
2۔ غلاموں کی آزادی: وصال سے ایک دن قبل تمام غلام آزاد فرما دیے۔
3۔ صدقہ: چند دینار صدقہ کروا دیے اور فرمایا کہ محمد ﷺ کے گھر والوں کے پاس دینار تقسیم نہ ہوں گے، نیز ازواج کے خرچ اور عاملوں کی اجرت کے بعد جو کچھ چھوڑا ہے وہ سب صدقہ ہے (صحیح بخاری: 6729)۔
4۔ جنگی ساز و سامان: مسلمانوں کو ہبہ فرما دیا جسے خلفا بطور تبرک استعمال کرتے رہے۔
5۔ انصار کے ساتھ حسن سلوک: فرمایا کہ انھوں نے اپنی ذمہ داری پوری کی اور ان کے حقوق رہ گئے ہیں۔
6۔ اہل بیت: حضرت حسن اور حضرت حسین کو بلا کر چوما اور ان کے ساتھ حسن سلوک کی وصیت فرمائی۔
7۔ زیر دست افراد اور نماز: وفات سے چند لمحے قبل صحابہ کرام کو نماز کی حفاظت اور زیر دست افراد کے ساتھ حسن سلوک کی وصیت فرمائی۔
8۔ دنیا و آخرت کا اختیار: فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے ایک بندے کو دنیا اور اس کی رونقیں دکھائیں لیکن اس نے آخرت کو پسند کیا۔ حضرت ابوبکر صدیق سمجھ گئے کہ مراد خود رسول اللہ ﷺ ہیں اور رونے لگے۔
حاصل: ہمیں چاہیے کہ ان وصیتوں کو اپنی عملی زندگی میں اپنائیں۔
Q18 · 5 marks
نبی کریم ﷺ کے غسل، نماز جنازہ اور تدفین کے واقعات بیان کریں۔
Answer
غسل: رسول اللہ ﷺ کی وصیت کے مطابق تجہیز و تکفین کا مرحلہ آیا تو مدینہ منورہ کے کنوئیں سے پانی لایا گیا اور بیری کے پتے ڈال کر گرم کیا گیا۔ حضرت علی، حضرت عباس، حضرت فضل بن عباس، حضرت قثم بن عباس، حضرت اسامہ بن زید اور آپ ﷺ کے غلام حضرت شقران نے آپ ﷺ کو غسل دیا۔ نماز جنازہ: آپ ﷺ کا جنازہ باقاعدہ جماعت کی شکل میں ادا نہیں کیا گیا بلکہ لوگ گروہ در گروہ حاضر ہوتے رہے اور اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا، آپ ﷺ پر درود و سلام اور دعا کرتے رہے۔ جب اہل بیت اور صحابہ کرام نے بارگاہ رسالت میں ہدیہ درود و سلام پیش کر لیا تو تدفین کا مرحلہ آیا۔ لحد اور تدفین: حضرت ابوطلحہ نے لحد والی (بغلی) قبر تیار کی۔ لحد میں اتارنے کا شرف حضرت علی، حضرت عباس، حضرت قثم بن عباس اور حضرت فضل بن عباس کو حاصل ہوا۔ تدفین کے بعد حضرت بلال نے قبر مبارک پر سرہانے کی طرف پانی چھڑکا۔ مدفن: حضرت عائشہ صدیقہ کے حجرے کو آپ ﷺ کا مدفن بننے کا شرف حاصل ہوا۔
Q19 · 5 marks
روضہ مبارک پر حاضری اور درود و سلام کی فضیلت پر نوٹ لکھیں۔
Answer
روضہ مبارک پر حاضری: حضرت عائشہ صدیقہ کے حجرے کو نبی کریم ﷺ کا مدفن بننے کا شرف حاصل ہوا۔ دنیا بھر سے حج و عمرہ کی غرض سے آنے والے حجاج کرام روضہ رسول ﷺ پر حاضری دے کر درود و سلام کا نذرانہ پیش کرتے ہیں اور قبر انور کی زیارت سے مستفیض ہو کر شفاعت کے حق دار ٹھہرتے ہیں۔ حدیث زیارت: «مَنْ زَارَ قَبْرِیْ وَجَبَتْ لَہٗ شَفَاعَتِیْ» (سنن دارقطنی: 2669)۔ ترجمہ: جس نے میری قبر کی زیارت کی اس پر میری شفاعت واجب ہو گئی۔ درود و سلام کی فضیلت: ارشاد نبوی ہے کہ قیامت کے دن لوگوں میں سب سے زیادہ میرے قریب وہ ہوں گے جو مجھ پر کثرت سے درود پڑھتے ہوں گے (جامع ترمذی: 484)۔ وصال کا اثر اور عقیدہ: صحابہ کرام کے لیے رسول اللہ ﷺ کی مدینہ آمد سے زیادہ خوش گوار دن کوئی نہ تھا اور آپ ﷺ کی رحلت سے زیادہ تکلیف دہ خبر کوئی نہ تھی۔ حضرت جبریل علیہ السلام کے وحی لانے کا سلسلہ ہمیشہ کے لیے منقطع ہو گیا۔ عملی نتیجہ: ہمیں چاہیے کہ عقیدہ ختم نبوت پر پختہ یقین رکھتے ہوئے نبی کریم ﷺ کی ذات اقدس پر کثرت سے درود و سلام کے نذرانے پیش کریں تاکہ ہمارے قلوب آپ ﷺ کی محبت سے روشن و منور ہوں اور ہم دنیا و آخرت میں کامیاب ہو سکیں۔
Test yourself on this chapter
Timed chapter tests, marked the moment you finish.
Practise with a free account
Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.