Parho

Class 9 Physics · Chapter 3

Dynamics: questions and answers

Every short question, long question and MCQ on this chapter's free papers, each with its answer. Try one yourself first, then check.

55short questions
21long questions
0MCQs

Short questions with answers

  1. Q1 · 2 marks

    فورس کا عام تصور کیا ہے؟

    Answer

    فورس کا ایک عام تصور دھکیلنا اور کھینچنا ہے، جو کسی جسم کو حرکت میں لاتی ہے، روکتی ہے یا اس جسم کی ولاسٹی کی عددی قیمت یا سمت کو تبدیل کرتی ہے۔

  2. Q2 · 2 marks

    ڈائنامکس کسے کہتے ہیں؟

    Answer

    ڈائنامکس ان فورسز کا علم ہے جو اجسام کی حرکت میں تبدیلی پیدا کرتی ہیں۔

  3. Q3 · 2 marks

    فورسز کی بڑی قسمیں کون سی ہیں؟

    Answer

    فورسز کی دو بڑی قسمیں ہیں:

    (1)کونٹیکٹ فورسز (2) نان کونٹیکٹ فورسز۔

  4. Q4 · 2 marks

    کونٹیکٹ فورس کی تعریف کریں۔

    Answer

    کونٹیکٹ فورس اس فورس کو کہتے ہیں جو دو اجسام کے درمیان پوائنٹ آف کونٹیکٹ پر عمل کرے۔ لگائی گئی فورسز (دھکیلنا، کھینچنا یا موڑنا) کونٹیکٹ فورسز ہیں۔

  5. Q5 · 3 marks

    کونٹیکٹ فورسز کی 5 مثالیں دیں۔

    Answer

    (1)فرکشن (2) ڈریگ یا گھسٹنے کی فورس (3) اچھال (Thrust) (4) عمودی فورس (5) ہوا کی مزاحمت (6) تناؤ کی فورس (7) لچک کی فورس۔

  6. Q6 · 3 marks

    فرکشن اور ڈریگ کی تعریف کریں۔

    Answer

    فرکشن ایک ایسی فورس ہے جو ایک جسم کی سطح کی کسی دوسرے جسم کی سطح پر حرکت کے خلاف مزاحمت کرتی ہے۔ گھسٹنے کی فورس ایک مزاحمتی فورس ہے جو مائع یا گیس میں کسی جسم کی حرکت کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے۔ یہ اردگرد کی مائع یا گیس کے لحاظ سے جسم کی حرکت کے مخالف سمت میں عمل کرتی ہے۔

  7. Q7 · 3 marks

    اچھال (Thrust) کیا ہے؟ ایک بحری جہاز سمندر میں کیوں تیرتا ہے؟

    Answer

    اچھال وہ فورس ہے جو ایک جسم کو کسی مائع میں ڈبونے پر اوپر کی طرف عمل کرتی ہے۔ پانی کے اندر جتنا زیادہ گہرائی تک ہم کسی شے کو ڈبوتے چلے جاتے ہیں یہ فورس بھی اتنی زیادہ بڑھتی جاتی ہے۔ بحری جہاز سمندر میں اسی فورس کی وجہ سے تیر سکتا ہے جو اس کے وزن کے برابر ہو کر اسے زائل کر دیتی ہے۔

  8. Q8 · 2 marks

    عمودی فورس (Normal Force) کیا ہے؟

    Answer

    یہ اس سطح کی ردعمل (reaction) کے طور پر جسم پر لگنے والی فورس ہے جس پر جسم پڑا ہوتا ہے۔ یہ فورس اس سطح پر عمودا باہر کی طرف عمل کرتی ہے۔ یہ جسم کو سہارا دینے والی فورس بھی کہلاتی ہے۔

  9. Q9 · 3 marks

    ہوا کی مزاحمت، تناؤ کی فورس اور لچک کی فورس کی تعریف کریں۔

    Answer

    ہوا کی مزاحمت وہ فورس ہے جو اس وقت عمل کرتی ہے جب کوئی جسم ہوا سے گزرتا ہے۔ تناؤ کی فورس کسی رسی پر عمل کرنے والی فورس ہے جو اس وقت پیدا ہوتی ہے جب کوئی شخص یا کوئی وزن اس کو کھینچتا ہے۔ لچک کی فورس وہ فورس ہے جو کسی ایسی شے کو اپنی اصل شکل میں واپس لاتی ہے جس پر کوئی فورس عمل کر کے اس کی شکل کو بگاڑ چکی ہو۔ مثالیں ریبر بینڈ، سپرنگ وغیرہ ہیں۔

  10. Q10 · 3 marks

    نان کونٹیکٹ فورس کی تعریف کریں۔ اسے فیلڈ فورس کیوں کہتے ہیں؟

    Answer

    دو اجسام کے درمیان ایک غیر اتصالی فورس اس فورس کو کہتے ہیں جو ان دونوں اجسام کو آپس میں چھوئے بغیر عمل کرے۔ نان کونٹیکٹ فورسز فاصلے سے عمل کر سکتی ہیں۔ نان کونٹیکٹ فورس کے ساتھ ہمیشہ ایک فیلڈ (Field) بھی منسلک ہوتا ہے، اسی خاصیت کی وجہ سے یہ فیلڈ فورسز بھی کہلاتی ہیں۔

  11. Q11 · 2 marks

    نان کونٹیکٹ فورسز کی مثالیں لکھیں۔

    Answer

    گریویٹیشنل فورس، الیکٹروسٹیٹک فورس، میگنیٹک فورس، طاقتور اور کمزور نیوکلیئر فورسز۔

  12. Q12 · 3 marks

    نیوٹن کا قانون گریویٹیشن بیان کریں۔

    Answer

    ماس رکھنے والے دو اجسام m1 اور m2 جو ایک دوسرے سے r فاصلے پر ہیں، کے درمیان کشش کی فورس F = G m1 m2 / r^2 ہے، جہاں G گریویٹیشن کا کونسٹنٹ ہے جس کی قیمت 6.67 × 10^-11 N m^2 kg^-2 ہے۔ یہ فورس ماسز کے حاصل ضرب کے راست متناسب اور ان کے درمیان فاصلے کے مربع کے معکوس متناسب ہوتی ہے۔

  13. Q13 · 2 marks

    کسی جسم کا وزن کیا ہے؟ زمین کی اس کشش کو اور کیا کہتے ہیں؟

    Answer

    زمین کی کشش کی وجہ سے ہر شے نیچے کی طرف فورس لگاتی ہے جو اس کا وزن کہلاتا ہے۔ زمین کی اس کشش کو گریویٹی بھی کہتے ہیں۔

  14. Q14 · 3 marks

    الیکٹروسٹیٹک فورس اور میگنیٹک فورس کیا ہیں؟

    Answer

    الیکٹروسٹیٹک فورس دو ایسے اجسام پر عمل کرتی ہے جن پر الیکٹرک چارج ہو۔ مخالف چارج ایک دوسرے کو اپنی طرف کھینچتے ہیں اور مشابہ چارج ایک دوسرے کو پرے دھکیلتے ہیں۔ میگنیٹک فورس وہ فورس ہے جو کوئی مقناطیس دوسرے مقناطیس پر اور مقناطیسی میٹریل مثلاً لوہا، نکل اور کوبالٹ پر لگاتا ہے۔ مشابہ پولز ایک دوسرے کو دفع کرتے ہیں اور مخالف پولز ایک دوسرے کو کشش کرتے ہیں۔

  15. Q15 · 2 marks

    چار بنیادی فورسز کے نام لکھیں۔

    Answer

    (1)گریویٹیشنل فورس (2) الیکٹرومیگنیٹک فورس (3) طاقتور نیوکلیئر فورس (4) کمزور نیوکلیئر فورس۔

  16. Q16 · 2 marks

    گریویٹیشنل فورس کو سب سے کمزور فورس کیوں کہا جاتا ہے؟

    Answer

    یہ تمام چار بنیادی فورسز میں سب سے کمزور فورس ہے لیکن یہ ایک لمبے فاصلے تک عمل کرنے والی فورس ہے۔ یہ فورس فاصلہ بڑھنے سے کمزور سے کمزور تر ہوتی چلی جاتی ہے۔

  17. Q17 · 3 marks

    الیکٹرومیگنیٹک فورس کیا ہے؟

    Answer

    یہ وہ فورس ہے جو ان ذرات پر عمل کرتی ہے جن پر کوئی الیکٹرک چارج ہوتا ہے۔ اس زمرے میں الیکٹروسٹیٹک اور میگنیٹک فورسز آتی ہیں۔ یہ لمبے فاصلے سے عمل کرنے والی فورسز ہیں۔ تمام کیمیائی تعاملات اسی کی وجہ سے ہوتے ہیں۔ مائیکروسکوپک لیول پر دو سطحوں کے درمیان نسبتی حرکت سے رگڑ یا فرکشن کا پیدا ہونا بھی اسی کی وجہ سے ہے۔

  18. Q18 · 3 marks

    طاقتور نیوکلیئر فورس کیا ہے؟

    Answer

    طاقتور نیوکلیئر فورس ایک بہت چھوٹے فاصلے سے عمل کرنے والی فورس ہے جو نیوکلیس کے اندر بنیادی ذرات کے مابین اثر کرنے والی فورس ہے۔ اس کا الیکٹرک چارج سے کوئی تعلق نہیں۔ یہ پروٹون اور پروٹون کے مابین، نیوٹرون اور پروٹون کے مابین اور نیوٹرون اور نیوٹرون کے مابین برابر طور پر عمل کرتی ہے۔ یہ کارخانہ قدرت میں سب سے زیادہ طاقتور فورس ہے۔ اس کا حلقہ اثر 10^-14 m تک کا فاصلہ ہے۔

  19. Q19 · 3 marks

    کمزور نیوکلیئر فورس اور بیٹا ڈیکے سے کیا مراد ہے؟

    Answer

    کمزور نیوکلیئر فورس وہ فورس ہے جو کسی نیوکلیس کے ٹوٹنے کے عمل کی ذمہ دار ہے۔ اس فورس کی وساطت سے کسی نیوٹرون میں سے بیٹا پارٹیکل (β-Particle) خارج ہوتا ہے، اس عمل کو بیٹا ڈیکے (β-decay) کہتے ہیں۔ اس میں ایک نیوٹرون پروٹون میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ اس کا حلقہ اثر صرف 10^-17 m تک ہوتا ہے۔

  20. Q20 · 3 marks

    کمزور نیوکلیئر اور الیکٹرومیگنیٹک فورسز کی یونیفیکیشن کس نے کی؟

    Answer

    ایک پاکستانی سائنسدان ڈاکٹر عبدالسلام اور ان کے ساتھ شیلڈن گلاشو اور سٹیون وین برگ نے ثابت کیا کہ کمزور نیوکلیئر فورس اور الیکٹرومیگنیٹک فورس ایک ہی چیز کے دو رخ ہیں۔ اس اعتراف میں 1979 میں فزکس کے نوبل انعام سے نوازا گیا۔ اسے وین برگ-سلام تھیوری کہا جاتا ہے۔ بہت زیادہ ٹمپریچر پر دونوں کو ایک فورس 'الیکٹرو ویک فورس' کہا جاتا ہے۔

  21. Q21 · 3 marks

    فری باڈی ڈایاگرام کیا ہے؟ یہ کس کام آتا ہے؟

    Answer

    فری باڈی ڈایاگرام بیان کی گئی صورت حال میں کسی شے پر عمل کرنے والی تمام فورسز کی نسبتی انداز سے عددی قیمتیں اور سمتیں ظاہر کرنے کے لیے استعمال کی جاتی ہیں۔ شے کو ایک ڈبے کی شکل میں ظاہر کیا جاتا ہے اور ڈبے کے مرکز سے باہر کی طرف فورسز کی سمتوں میں تیر کھینچے جاتے ہیں۔ تیر کی لمبائی فورس کی عددی قیمت اور تیر کا نشان سمت ظاہر کرتا ہے۔ ہر فورس پر اس کی صحیح قسم لکھ دی جاتی ہے۔

  22. Q22 · 2 marks

    میز پر رکھی کتاب پر عمل کرنے والی فورسز کے نام بتائیں۔

    Answer

    لگائی گئی فورس، فرکشن، عمودی فورس اور وزن۔

  23. Q23 · 2 marks

    نیوٹن کا پہلا قانون حرکت بیان کریں۔

    Answer

    کوئی جسم اپنی ریسٹ کی حالت یا خط مستقیم میں یکساں ولاسٹی سے حرکت اس وقت تک جاری رکھتا ہے جب تک کہ کوئی بیرونی فورس اس پر عمل نہ کرے۔

  24. Q24 · 2 marks

    زمین پر نیوٹن کا پہلا قانون کیوں ثابت نہیں ہوتا؟

    Answer

    زمین پر چلنے والے تمام اجسام فرکشن کی فورس سے رک جاتے ہیں۔ یہ ٹائروں اور سڑک کے درمیان فرکشن کی وجہ سے ہوتا ہے، اس لیے جسم یکساں ولاسٹی سے متواتر حرکت جاری نہیں رکھ پاتا۔

  25. Q25 · 2 marks

    خلا میں کوئی شے یکساں ولاسٹی سے حرکت کر رہی ہے۔ اس ولاسٹی کے ساتھ وہ کتنے وقت تک حرکت جاری رکھے گی؟

    Answer

    ہمیشہ کے لیے۔ خلا میں فرکشن یا کوئی بیرونی فورس نہیں ہوتی، اس لیے پہلے قانون کے مطابق وہ شے ہمیشہ کے لیے اپنی یکساں ولاسٹی کے ساتھ حرکت میں رہے گی۔

  26. Q26 · 2 marks

    انرشیا کی تعریف کریں۔ انرشیا کی پیمائش کیا ہے؟

    Answer

    کسی جسم کی وہ خصوصیت جس کی وجہ سے وہ اپنی ریسٹ کی حالت یا یکساں ولاسٹی کو برقرار رکھنے کی کوشش کرتا ہے، اس کا انرشیا کہلاتی ہے۔ کسی جسم کا ماس اس کے انرشیا کی پیمائش ہے۔

  27. Q27 · 2 marks

    جب آپ ایک کار میں بیٹھے ہوں تو جب وہ یکدم حرکت شروع کرتی ہے تو آپ پیچھے سیٹ کی بیک کی طرف دبائے جاتے ہیں۔ کیوں؟

    Answer

    انرشیا کی وجہ سے۔ مسافروں کا رجحان اپنی ریسٹ کی حالت کو برقرار رکھنے کا ہوتا ہے، اس لیے کار آگے بڑھتی ہے اور مسافر پیچھے سیٹ کی بیک کی طرف دب جاتے ہیں۔

  28. Q28 · 3 marks

    نیوٹن کا دوسرا قانون حرکت بیان کریں۔

    Answer

    جب ایک حاصل فورس کسی جسم پر عمل کرے تو وہ اس میں فورس کی سمت میں ایکسلریشن پیدا کرتی ہے۔ ایکسلریشن کی عددی قیمت فورس کی عددی قیمت کے راست متناسب اور جسم کے ماس کے معکوس متناسب ہوتی ہے۔ حسابی طور پر F = ma۔

  29. Q29 · 2 marks

    ایک نیوٹن کی تعریف کریں۔

    Answer

    ایک نیوٹن وہ فورس ہے جو 1 kg ماس والے جسم میں 1 m s^-2 کا ایکسلریشن پیدا کرتی ہے۔ 1 N = 1 kg m s^-2۔

  30. Q30 · 2 marks

    نیوٹن کے دوسرے قانون میں جو فورس بیان کی گئی ہے وہ حاصل فورس ہے۔ ایسا کیوں ہے؟

    Answer

    کیونکہ جسم کی ولاسٹی میں تبدیلی یا ایکسلریشن حاصل فورس سے پیدا ہوتی ہے۔ اگر کسی جسم پر کئی فورسز عمل کر رہی ہوں تو ان کی مجموعی (حاصل) فورس ہی ایکسلریشن کا سبب بنتی ہے۔

  31. Q31 · 2 marks

    نیوٹن کا تیسرا قانون حرکت بیان کریں۔

    Answer

    ہمیشہ ہر عمل کا اس کے برابر اور مخالف سمت میں ایک ردعمل ہوتا ہے۔ یا اگر ایک جسم کسی دوسرے جسم پر فورس لگائے تو دوسرا جسم بھی پہلے جسم پر اس کے برابر اور مخالف سمت میں فورس لگاتا ہے۔

  32. Q32 · 2 marks

    عمل اور ردعمل ایک دوسرے کو زائل کیوں نہیں کرتے؟

    Answer

    کیونکہ عمل اور ردعمل کسی ایک ہی جسم پر عمل نہیں کرتے بلکہ دو مختلف اجسام پر عمل کرتے ہیں، اس لیے یہ کبھی ایک دوسرے کو زائل (Balance) نہیں کر سکتے۔

  33. Q33 · 2 marks

    ایک خلانورد خلا میں چلتے ہوئے اپنے سپیس شپ کو واپس جانے کے لیے ایک دستی راکٹ فائر کرتا ہے۔ وہ کس سمت میں راکٹ فائر کرتا ہے؟

    Answer

    سپیس شپ کی مخالف سمت میں۔ نیوٹن کے تیسرے قانون کے مطابق راکٹ کا ردعمل اسے سپیس شپ کی طرف دھکیلے گا۔

  34. Q34 · 2 marks

    نیوٹن کے قوانین حرکت کی حدود بیان کریں۔

    Answer

    نیوٹن کے قوانین حرکت حد درجہ درستی کے ساتھ صرف ان اجسام کی حرکت اور ولاسٹی کے لیے استعمال کر سکتے ہیں جن سے ہمیں روزمرہ زندگی میں واسطہ پڑتا ہے۔ جب ایسے بنیادی ذرات کی حرکت پر اس کا اطلاق کیا جائے جن کی ولاسٹی روشنی کے قریب ہو تو مسائل پیش آتے ہیں، جس کے لیے آئن سٹائن کی اضافیاتی میکینکس کا اطلاق ہوتا ہے۔

  35. Q35 · 3 marks

    ماس اور وزن میں فرق لکھیں۔

    Answer

    ماس کسی جسم میں مادے کی مقدار ہے، یہ ایک سکیلر مقدار ہے جو ہر جگہ ایک جتنی رہتی ہے اور اس کا SI یونٹ kg ہے۔ وزن زمین کی گریویٹیشنل فورس ہے، یہ ایک ویکٹر مقدار ہے جس کی سمت زمین کے مرکز کی طرف ہے، w = mg اور اس کا SI یونٹ N ہے۔ ماس عام ترازو سے اور وزن سپرنگ بیلنس سے ماپا جاتا ہے۔

  36. Q36 · 2 marks

    گریویٹیشنل فیلڈ کیا ہے؟

    Answer

    یہ کسی بھی ماس کے گرد ایک ایسا حلقہ ہے جس میں ایک دوسرا ماس کشش کی وجہ سے ایک گریویٹیشنل فورس محسوس کرتا ہے۔ اس کی شدت وہ فورس ہے جو یونٹ ماس پر عمل کرتی ہے، یعنی g = w/m۔

  37. Q37 · 2 marks

    ایک 10 kg بلاک 2 m s^-2 ایکسلریشن کے ساتھ بے فرکشن افقی سطح پر حرکت کر رہا ہے۔ بلاک پر عمل کرنے والی فورس معلوم کریں۔

    Answer

    m = 10 kg، a = 2 m s^-2۔ F = ma = 10 × 2 = 20 N۔

  38. Q38 · 3 marks

    ایک 5 g ماس کی گولی بندوق سے 300 m s^-1 کی ولاسٹی سے نکلتی ہے۔ اگر بندوق کا ماس 10 kg ہو تو بندوق کی پیچھے کی طرف سپیڈ کتنی ہو گی؟

    Answer

    مومینٹم کنزرویشن: 0 = m1 v1 + m2 v2۔ v2 = −(0.005 × 300) / 10 = −0.15 m s^-1۔

  39. Q39 · 3 marks

    فرکشن کا انرجی ضیائی اثر بیان کریں۔

    Answer

    فرکشن ایک ضیاع توانائی فورس ہے۔ خواہ یہ ٹھوس سطحوں کے درمیان ہو یا مائع و گیس میں کسی شے کی حرکت کے دوران میں گھسٹنے کی فورس ہو، فرکشن کے خلاف ورک کرنے میں انرجی ضائع ہوتی ہے۔ ضائع ہونے والی یہ انرجی حرارت کی شکل میں ظاہر ہوتی ہے۔ مثلاً دونوں ہاتھوں کو ملنے سے وہ گرم ہو جاتے ہیں۔

  40. Q40 · 3 marks

    سٹیٹک فرکشن اور کائی نیٹک فرکشن کیا ہیں؟

    Answer

    سٹیٹک فرکشن: حرکت شروع ہونے سے پہلے دو سطحوں کے درمیان فرکشن۔ بلاک پر لگی فورس T کے ساتھ ایک مخالف فورس عمل میں آتی ہے جو بلاک کو حرکت کرنے سے روکتی ہے۔ کائی نیٹک فرکشن: جب بلاک حرکت کر رہا ہو تو اس وقت بھی موجود فرکشن۔ سٹیٹک فرکشن کی حد وہ ہے جب بلاک افقی سطح پر پھسلنا شروع ہو جائے۔

  41. Q41 · 2 marks

    ٹرمینل ولاسٹی کی تعریف کریں۔

    Answer

    جب کسی گرتے ہوئے جسم پر ہوا کی مزاحمت کی نیچے کی طرف فورس گریویٹی کی فورس کے برابر ہو کر اسے زائل کر دیتی ہے تو جسم میں ایکسلریشن باقی نہیں رہتا اور وہ یکساں (محفوظ) ولاسٹی سے گرتا رہتا ہے۔ اسے ٹرمینل ولاسٹی کہتے ہیں۔

  42. Q42 · 2 marks

    آپ کیسے ثابت کر سکتے ہیں کہ رولنگ فرکشن، سلائیڈنگ فرکشن سے کم ہوتی ہے؟

    Answer

    ایک بھاری چیز کو فرش پر کھینچیں اور پھر اسی کو پہیوں یا گول سلاخوں (رولرز) پر رکھ کر کھینچیں۔ پہیوں پر رکھنے سے چیز آسانی سے حرکت کرتی ہے اور کم فورس لگانی پڑتی ہے، کیونکہ پہیہ صرف ایک نقطے پر سطح کو چھوتا ہے اور گھسٹتا نہیں۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ رولنگ فرکشن، سلائیڈنگ فرکشن سے کم ہوتی ہے۔

  43. Q43 · 3 marks

    فرکشن کم کرنے کے چار طریقے لکھیں۔

    Answer

    (1)ایک دوسرے کے ساتھ رگڑ کر چلنے والے پرزوں کو پالش کر کے زیادہ ملائم بنایا جاتا ہے۔

    (2)مشینری کے پرزوں کے درمیان تیل یا گریس لگا دی جاتی ہے۔

    (3)سلائیڈنگ فرکشن کو رولنگ فرکشن میں تبدیل کرنے کے لیے بال بیئرنگ استعمال کیے جاتے ہیں اور بھاری اشیا کے نیچے پہیے لگا دیے جاتے ہیں۔

    (4)تیز رفتار گاڑیوں کی باڈی سٹریم لائن (نوک دار) بنائی جاتی ہے تاکہ ہوا یا پانی کی مزاحمت کم ہو۔

  44. Q44 · 3 marks

    مومینٹم کی تعریف کریں۔ اس کا فارمولا اور SI یونٹ لکھیں۔

    Answer

    حرکت کرتے ہوئے کسی جسم کا مومینٹم اس کے ماس اور ولاسٹی کے حاصل ضرب کے برابر ہوتا ہے۔ p = m × v۔ ولاسٹی کی طرح مومینٹم بھی ایک ویکٹر مقدار ہے۔ اس کا SI یونٹ kg m s^-1 (N s) ہے۔

  45. Q45 · 2 marks

    فورس کی امپلس کی تعریف کریں۔

    Answer

    جب ایک بڑی فورس F کسی جسم پر ایک چھوٹے وقفے Δt کے لیے عمل کرتی ہے تو F × Δt حاصل ضرب فورس کی امپلس کہلاتا ہے۔ امپلس جسم کی مومینٹم میں تبدیلی کے برابر ہوتی ہے: امپلس = F × Δt = m × Δv۔

  46. Q46 · 2 marks

    15 g ماس کی گولی کی ولاسٹی 150 m s^-1 ہو تو مومینٹم کتنا ہو گا؟

    Answer

    m = 15 g = 0.015 kg، v = 150 m s^-1۔ p = mv = 0.015 × 150 = 2.25 kg m s^-1۔

  47. Q47 · 2 marks

    مومینٹم کنزرویشن کا اصول بیان کریں۔

    Answer

    اگر کسی الگ تھلگ سسٹم پر کوئی بیرونی فورس عمل نہیں کرتی تو سسٹم کا آخری کل مومینٹم، سسٹم کے ابتدائی کل مومینٹم کے برابر ہو گا۔

  48. Q48 · 3 marks

    3 kg ماس کا بال 5 m s^-1 کی ولاسٹی سے حرکت کرتا ہوا ایک 2 kg ماس کے کھڑے بال سے ٹکراتا ہے۔ تب دونوں اکٹھے حرکت کرتے ہیں۔ مشترک ولاسٹی معلوم کریں۔

    Answer

    m1 v1 + m2 v2 = (m1 + m2) v۔ 3 × 5 + 0 = (3 + 2) v۔ 15 = 5 v، v = 3 m s^-1۔

  49. Q49 · 3 marks

    کرکٹ کا فیلڈر گیند کو کیچ کرتے وقت ہاتھوں کو پیچھے کیوں کھینچتا ہے؟

    Answer

    ہاتھ پیچھے کھینچنے سے مومینٹم میں تبدیلی کا وقت بڑھ جاتا ہے۔ چونکہ F = Δp / Δt ہے، اس لیے وقت زیادہ ہونے پر گیند کی چوٹ کی فورس کم ہو جاتی ہے۔

  50. Q50 · 2 marks

    حرکت میں کوئی فورس کیا تبدیلیاں لا سکتی ہے؟

    Answer

    فورس کسی جسم کو حرکت میں لاتی ہے، روکتی ہے یا اس کی ولاسٹی کی عددی قیمت یا سمت کو تبدیل کرتی ہے۔

  51. Q51 · 2 marks

    کونٹیکٹ فورسز کی پانچ مثالیں دیں۔

    Answer

    فرکشن، گھسٹنے کی فورس (ڈریگ)، اچھال، عمودی فورس، ہوا کی مزاحمت، تناؤ کی فورس اور لچک کی فورس۔

  52. Q52 · 2 marks

    آپ ایک کار میں بیٹھے ہوں تو جب وہ یکدم حرکت شروع کرتی ہے تو آپ پیچھے سیٹ کی بیک کی طرف دبائے جاتے ہیں۔ کیوں؟

    Answer

    انرشیا کی وجہ سے۔ مسافر اپنی ریسٹ کی حالت کو برقرار رکھنے کی کوشش کرتے ہیں اس لیے کار کے آگے بڑھنے پر پیچھے سیٹ کی بیک کی طرف دب جاتے ہیں۔

  53. Q53 · 2 marks

    کسی شے کی ٹرمینل ولاسٹی کی تعریف کریں۔

    Answer

    جب گرتے ہوئے جسم پر ہوا کی مزاحمت کی نیچے کی طرف فورس گریویٹی کی فورس کے برابر ہو کر اسے زائل کر دیتی ہے تو جسم ایک یکساں (محفوظ) ولاسٹی سے گرتا ہے۔ یہ ٹرمینل ولاسٹی کہلاتی ہے۔

  54. Q54 · 2 marks

    800 kg کار کی ولاسٹی 10 سیکنڈ میں 10 m s^-1 سے بڑھا کر 30 m s^-1 تک لے جانے کے لیے کتنی فورس درکار ہو گی؟

    Answer

    a = (30 − 10) / 10 = 2 m s^-2۔ F = ma = 800 × 2 = 1600 N۔

  55. Q55 · 2 marks

    5 g ماس کی گولی 300 m s^-1 کی ولاسٹی سے نکلتی ہے۔ بندوق کا ماس 10 kg ہو تو بندوق کی پیچھے کی طرف سپیڈ کتنی ہو گی؟

    Answer

    0 = m1 v1 + m2 v2۔ v2 = −(0.005 × 300) / 10 = −0.15 m s^-1۔

Long questions with answers

  1. Q1 · 8 marks

    عملی مثالوں کے ساتھ فورس کے تصور کی وضاحت کریں۔

    Answer

    فورس کا ایک عام تصور 'دھکیلنا' اور 'کھینچنا' کا ہے جو کسی جسم کو حرکت میں لاتی ہے، روکتی ہے یا اس جسم کی ولاسٹی کی عددی قیمت یا سمت کو تبدیل کرتی ہے۔ ہمیں اپنی روزمرہ زندگی میں بہت سی فورسز سے واسطہ پڑتا ہے۔ مثلاً جب ہم دروازہ کھولتے ہیں تو ہم فورس لگا کر اسے دھکیلتے یا کھینچتے ہیں۔ جب ہم کسی کار یا بس میں بیٹھے ہوں تو جب یہ کسی موڑ پر مڑتی ہے تو ہم مخالف سمت میں جھک جاتے ہیں۔ ایک آدمی ہتھ گاڑی کو، جس میں لدے وزن سمیت وزن ہے، چلاتا ہے۔ وہ آدمی پہلے اسے اٹھانے کے لیے فورس لگاتا ہے اور پھر اسے دھکیلنے کے لیے فورس لگاتا ہے (شکل 3.1)۔ ہم پر لگنے والی فورسز کی مثالوں میں سے ایک تو گریویٹی کی فورس ہے جو ہمیں نیچے کی طرف عمل کرتی ہے اور ایک فرکشن کی فورس ہے جو ہمیں زمین پر چلنے میں مدد دیتی ہے۔ فورس کسی جسم میں انرجی منتقل کرتی ہے۔ فورسز کی دو بڑی قسمیں ہیں:

    (1)کونٹیکٹ فورسز: فرکشن، ڈریگ، اچھال، عمودی فورس، ہوا کی مزاحمت، تناؤ کی فورس، لچک کی فورس۔

    (2)نان کونٹیکٹ فورسز: گریویٹیشنل، الیکٹروسٹیٹک، میگنیٹک اور نیوکلیئر فورسز۔

  2. Q2 · 5 marks

    کونٹیکٹ اور نان کونٹیکٹ فورسز میں فرق بیان کریں۔ ہر ایک کی مثالیں دیں۔

    Answer

    کونٹیکٹ فورس اس فورس کو کہتے ہیں جو دو اجسام کے درمیان پوائنٹ آف کونٹیکٹ پر عمل کرے۔ مثالیں: فرکشن (سطح کی حرکت کے خلاف مزاحمت)، ڈریگ (مائع یا گیس میں حرکت کے مخالف مزاحمتی فورس)، اچھال (مائع میں ڈبونے پر اوپر کی طرف فورس)، عمودی فورس (سطح کا ردعمل)، ہوا کی مزاحمت، تناؤ کی فورس (رسی میں) اور لچک کی فورس (ربر بینڈ، سپرنگ)۔ نان کونٹیکٹ فورس دو اجسام کو چھوئے بغیر عمل کرتی ہے۔ یہ فاصلے سے عمل کر سکتی ہے اور اس کے ساتھ ہمیشہ ایک فیلڈ منسلک ہوتا ہے، اس لیے اسے فیلڈ فورس بھی کہتے ہیں۔ مثالیں: گریویٹیشنل فورس (سیب کا درخت سے گرنا)، الیکٹروسٹیٹک فورس (چارج شدہ غبارے)، میگنیٹک فورس (مقناطیس کا لوہے کو کھینچنا) اور نیوکلیئر فورسز۔

  3. Q3 · 8 marks

    چار بنیادی فورسز کے نام لکھیں اور ان کی نسبتی طاقتوں اور حلقہ اثر کے لحاظ سے وضاحت کریں۔

    Answer

    چار بنیادی فورسز:

    (1)گریویٹیشنل فورس: یہ تمام چاروں میں سب سے کمزور فورس ہے لیکن ایک لمبے فاصلے تک عمل کرنے والی فورس ہے۔ ایک لحاظ سے یہ لامحدود فاصلے تک عمل کرتی ہے، لیکن فاصلہ بڑھنے سے کمزور تر ہوتی چلی جاتی ہے۔

    (2)الیکٹرومیگنیٹک فورس: وہ فورس جو چارج رکھنے والے ذرات پر عمل کرتی ہے۔ اس میں الیکٹروسٹیٹک اور میگنیٹک فورسز آتی ہیں۔ یہ لمبے فاصلے سے عمل کرتی ہیں۔ یہ گریویٹیشنل فورس سے طاقتور ہے۔ تمام کیمیائی تعاملات اسی کی وجہ سے ہوتے ہیں۔ دو سطحوں کے درمیان فرکشن بھی اسی کی وجہ سے ہے۔

    (3)طاقتور نیوکلیئر فورس: بہت چھوٹے فاصلے سے عمل کرنے والی فورس جو نیوکلیس کے اندر بنیادی ذرات کے مابین اثر کرتی ہے۔ اس کا الیکٹرک چارج سے تعلق نہیں۔ یہ کارخانہ قدرت میں سب سے زیادہ طاقتور فورس ہے۔ اس کا حلقہ اثر 10^-14 m تک کا فاصلہ ہے۔

    (4)کمزور نیوکلیئر فورس: یہ نیوکلیس کے ٹوٹنے کی ذمہ دار ہے۔ بیٹا ڈیکے میں ایک نیوٹرون، پروٹون میں تبدیل ہوتا ہے اور ایک بیٹا پارٹیکل اور نیوٹرینو خارج ہوتے ہیں۔ یہ طاقتور نیوکلیئر فورس سے کمزور اور الیکٹرومیگنیٹک فورس سے کم طاقتور ہے لیکن گریویٹیشنل فورس سے زیادہ طاقتور ہے۔ اس کا حلقہ اثر صرف 10^-17 m تک ہے۔ ڈاکٹر عبدالسلام، گلاشو اور وین برگ نے کمزور نیوکلیئر اور الیکٹرومیگنیٹک فورس کی یونیفیکیشن ثابت کی (نوبل انعام 1979)۔

  4. Q4 · 8 marks

    نیوٹن کے قوانین حرکت بیان کریں۔

    Answer

    پہلا قانون: کوئی جسم اپنی ریسٹ کی حالت یا خط مستقیم میں یکساں ولاسٹی سے حرکت اس وقت تک جاری رکھتا ہے جب تک کہ کوئی بیرونی فورس اس پر عمل نہ کرے۔ اس سے فورس کی ایک اور تعریف ملتی ہے: فورس ایک ایسا عامل ہے جو کسی جسم کی ریسٹ کی حالت یا یکساں حرکت کو تبدیل کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ کسی جسم کی وہ خصوصیت جس کی وجہ سے وہ اپنی ریسٹ کی حالت یا یکساں ولاسٹی کو برقرار رکھتا ہے، انرشیا کہلاتی ہے، اس لیے اسے قانون انرشیا بھی کہتے ہیں۔ دوسرا قانون: جب ایک حاصل فورس کسی جسم پر عمل کرے تو وہ اس میں فورس کی سمت میں ایکسلریشن پیدا کرتی ہے۔ ایکسلریشن کی عددی قیمت فورس کی عددی قیمت کے راست متناسب اور جسم کے ماس کے معکوس متناسب ہوتی ہے: a ∝ F، a ∝ 1/m، لہذا F = ma۔ 1 N = 1 kg m s^-2۔ تیسرا قانون: ہمیشہ ہر عمل کا اس کے برابر اور مخالف سمت میں ایک ردعمل ہوتا ہے۔ عمل اور ردعمل دو مختلف اجسام پر عمل کرتے ہیں، اس لیے یہ ایک دوسرے کو زائل نہیں کرتے۔

    مثال: ہاتھ سے سپرنگ کو دبانے پر سپرنگ ہاتھ پر ردعمل کی فورس لگاتی ہے۔ بندوق سے گولی چلانے پر بندوق پیچھے دھکا کھاتی ہے۔ بلاک میز پر وزن w لگاتا ہے اور میز عمودی فورس F_n لگاتی ہے۔

  5. Q5 · 5 marks

    مثالوں کے ساتھ وضاحت کریں کہ نیوٹن کا تیسرا قانون کس طرح ایک ہی قسم کی فورسز کے جوڑوں کو مختلف اجسام پر عمل کرتے ہوئے بیان کرتا ہے۔

    Answer

    جب دو اجسام باہمی عمل کرتے ہیں تو فورسز جوڑوں کی شکل میں عمل کرتی ہیں، یعنی 'عمل' اور 'ردعمل' کی فورسز۔ ہر جوڑا ایک ہی قسم کی فورس ہے لیکن دو مختلف اجسام پر عمل کرتا ہے۔

    (i)بلاک میز پر پڑا ہے: بلاک پر نیچے کی طرف عمل کرنے والی فورس اس کا وزن w ہے۔ میز بھی ردعمل کی عمودی فورس F_n اوپر کی طرف بلاک پر لگاتی ہے۔ یہ دونوں فورسز ایک دوسری کو زائل کر دیتی ہیں اور بلاک ریسٹ کی حالت میں رہتا ہے۔

    (ii)بندوق سے گولی چلائی جاتی ہے: گولی فورس F کے ساتھ آگے کی طرف حرکت کرتی ہے، یہ عمل کی فورس ہے۔ بندوق پیچھے کی طرف فورس سے دھکا کھاتی ہے، یہ ردعمل کی فورس R ہے۔

    (iii)خلانورد ایک رنچ پھینکتا ہے: رنچ کے آگے جانے سے خلانورد ردعمل کے طور پر مخالف سمت میں حرکت کرتا ہے۔

  6. Q6 · 8 marks

    ماس اور وزن کی وضاحت کریں۔ گریویٹیشنل فیلڈ کی شدت کا ذکر کریں۔

    Answer

    عام طور پر ہم ماس اور وزن کو ایک ہی مقدار سمجھتے ہیں لیکن سائنسی طور پر یہ دو مختلف مقداریں ہیں۔ جب ہم کہتے ہیں کہ اس چیز کا وزن 5 kg ہے تو یہ درست نہیں ہے، حقیقت میں 5 kg چیز کا ماس ہے۔ ماس: کسی چیز میں مادے کی مقدار ہے۔ ماس کسی جسم کی وہ خصوصیت ہے جو یہ تعین کرتی ہے کہ کسی فورس کے لگانے سے جسم میں کتنا ایکسلریشن پیدا ہو گا۔ ماس ایک سکیلر مقدار ہے جسے m سے ظاہر کیا جاتا ہے، یہ ہر جگہ ایک جتنا رہتا ہے، عام ترازو سے ماپا جاتا ہے اور اس کا SI یونٹ کلوگرام ہے۔ وزن: کسی جسم پر عمل کرنے والی گریویٹیشنل فورس ہے۔ یہ ایک ویکٹر مقدار ہے جس کی سمت زمین کے مرکز کی طرف ہوتی ہے۔ کسی جسم کا وزن اس فورس کے برابر ہوتا ہے جس سے زمین اس جسم کو اپنے مرکز کی طرف کھینچتی ہے۔ گریویٹیشنل فیلڈ: یہ کسی بھی ماس کے گرد ایک ایسا حلقہ ہے جس میں ایک دوسرا ماس کشش کی وجہ سے گریویٹیشنل فورس محسوس کرتا ہے۔ گریویٹیشنل فیلڈ کی شدت وہ فورس ہے جو یونٹ ماس پر عمل کرتی ہے: w = mg، g = w/m، g کی قیمت SI میں 10 N kg^-1 ہے۔ g کی قیمت جگہ اور بلندی کے ساتھ بدلتی ہے، اس لیے وزن ہر جگہ ایک جتنا نہیں رہتا لیکن کسی ایک مقام پر وزن، ماس کے متناسب ہوتا ہے۔ وزن سپرنگ بیلنس سے ماپا جاتا ہے اور اس کا SI یونٹ نیوٹن ہے۔

  7. Q7 · 8 marks

    مکینیکل بیلنس، الیکٹرونک بیلنس اور فورس میٹر کی ساخت اور استعمال بیان کریں۔

    Answer

    بیلنس سکیلز عام طور پر چیزوں کے ماسز کا موازنہ کرنے یا ان کو معیاری اوزان کے برابر تول کر ان کا وزن معلوم کرنے کے لیے استعمال کی جاتی ہیں۔ مکینیکل بیلنس: ایک دھاتی افقی بیم (ڈنڈی) پر مشتمل ہوتا ہے جو ایک فلکرم پر جھولتا ہے۔ مرکز سے برابر فاصلے پر اس کے دونوں سروں پر بھی دو نوک دار چوٹیاں بنی ہوتی ہیں جن پر بال بیئرنگ کی مدد سے دو پلڑے لگائے گئے ہوتے ہیں۔ جس میٹریل کا وزن کرنا ہوتا ہے اسے ایک پلڑے میں ڈال دیا جاتا ہے اور دوسرے پلڑے میں معیاری اوزان رکھ دیے جاتے ہیں۔ بیم کے عین درمیان میں ایک کانٹا (Pointer) لگا ہوتا ہے جو بیم کے جھکاؤ کی نشاندہی کرتا ہے۔ بیم کو افقی حالت میں لانے کے لیے معیاری اوزان کم یا زیادہ کیے جاتے ہیں۔ ایک اور قسم کا مکینیکل بیلنس زیادہ وزنی اشیا (آٹے کی بوریاں، سیمنٹ، لوہے کا سریا) کا وزن معلوم کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے، اس میں معیاری اوزان کی ضرورت نہیں ہوتی کیونکہ فلکرم بیم کے ایک سرے کے بہت قریب رکھا جاتا ہے۔ الیکٹرونک بیلنس: اسے استعمال کرنے کے لیے کسی قسم کے معیاری اوزان کی ضرورت نہیں ہوتی، اسے صرف پاور سپلائی سے جوڑنا ہوتا ہے۔ بہت سے ماڈلز ڈرائی سیل بیٹری سے بھی کام کرتے ہیں۔ جب کوئی شے اس کے پلیٹ فارم پر رکھی جاتی ہے تو اس کا ماس سکرین پر ظاہر ہوتا ہے۔ یہ مکینیکل بیلنس کی نسبت زیادہ درست پیمائش کرتا ہے۔ فورس میٹر: ایک سائنسی آلہ جو فورس کی پیمائش کرتا ہے۔ یہ نیوٹن میٹر یا سپرنگ بیلنس بھی کہلاتا ہے۔ اس کے اندر ایک سپرنگ، اوپر ایک ہینڈل اور نیچے ایک ہک ہوتا ہے، سپرنگ کے ساتھ ایک کانٹا ہوتا ہے جو نیوٹنز کی سکیل پر چلتا ہے۔ ہک کے ساتھ کوئی چیز لٹکانے پر سپرنگ نیچے کی طرف کھنچ جاتا ہے اور کانٹا وزن کی پیمائش بتاتا ہے۔ ڈیجیٹل فورس میٹرز بھی دستیاب ہیں۔

  8. Q8 · 8 marks

    دو سطحوں کے درمیان فرکشن کو مدنظر رکھتے ہوئے میز پر کسی بلاک کی حرکت بیان کریں۔ سٹیٹک فرکشن اور کائی نیٹک فرکشن کیا ہوتی ہیں؟

    Answer

    فرکشن ایک ایسی فورس ہے جو ایک جسم کی سطح کی کسی دوسرے جسم کی سطح پر حرکت کے خلاف مزاحمت کرتی ہے۔ ایک بلاک کو افقی میز پر رکھیں اور اس کے ساتھ ایک ڈوری بندھی ہو جو ایک گھرنی (Pulley) پر سے گزر کر ایک پلڑے سے جڑی ہو (شکل 3.22)۔ جب پلڑے میں ایک باٹ ڈالا جاتا ہے تو ایک فورس T = F جو کہ باٹ اور پلڑے کے مجموعی وزن کے برابر ہے، بلاک پر عمل کرتی ہے۔ یہ فورس بلاک کو اپنی طرف کھینچنے کی کوشش کرتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایک مخالف فورس عمل میں آتی ہے جو بلاک کو حرکت کرنے سے روکتی ہے۔ یہ مخالف فورس سٹیٹک فرکشن F_s ہے۔ سٹیٹک فرکشن: حرکت شروع ہونے سے پہلے دو سطحوں کے درمیان فرکشن۔ اگر پلڑے میں ایک ایک کر کے چھوٹے چھوٹے مزید باٹ ڈالتے جائیں تو ایک مرحلہ ایسا آئے گا کہ جب بلاک افقی سطح پر گھسٹنا شروع ہو جائے گا۔ یہ سٹیٹک فرکشن کی حد ہے جو کہ پلڑے سمیت کل وزن کے برابر ہوتی ہے۔ کائی نیٹک فرکشن: جب بلاک حرکت کر رہا ہو تو فرکشن اس وقت بھی موجود ہوتی ہے۔ یہ کائی نیٹک فرکشن کہلاتی ہے۔

  9. Q9 · 8 marks

    ٹائر کی سطح اور بریک لگانے کی فورس کے سیاق وسباق میں گاڑیوں کی حرکت میں فرکشن کے اثرات کی وضاحت کریں۔

    Answer

    ٹائر اور سڑک کے درمیان فرکشن کی وجہ سے گاڑی حرکت کر پاتی ہے۔ فرکشن کی وجہ سے ہی بریک لگانے پر ٹائر سڑک کی سطح پر گھس کر کرپنے سے گاڑی رک جاتی ہے۔ اگر فرکشن ختم ہو جائے تو بریک لگانے پر بھی گاڑی نہیں رک سکتی اور پھسلتی چلی جاتی ہے۔ ٹائروں اور سڑک کے درمیان فرکشن کی وجہ سے ٹائر گرم ہو کر جلدی گھس جاتے ہیں۔ گیلی سڑک پر ٹائر کی گدڑیوں کے درمیان خالی جگہوں میں پانی اکٹھا ہو جاتا ہے۔ اس لیے پانی ٹائروں کی سطح اور سڑک کی سطح کے درمیان گیلی نہیں بن پاتا جس سے فرکشن کم ہو جائے اور ٹائر پھسل جائیں۔ اس طرح ٹائر کی گدڑیاں گاڑی کے پھسلنے کا خطرہ کم کر دیتی ہیں۔ تیز رفتار گاڑیوں کو ہوا کی مزاحمت بھی فرکشن کی صورت میں برداشت کرنی پڑتی ہے، اس لیے ان کی باڈی سٹریم لائن بنائی جاتی ہے۔ ہوائی جہاز اور بحری جہاز بھی ہوا یا پانی میں فرکشن کا سامنا کرتے ہیں۔ فرکشن کم کرنے کے طریقے: پالش کرنا، تیل اور گریس لگانا، بال بیئرنگ اور پہیوں کا استعمال۔

  10. Q10 · 5 marks

    ٹرمینل ولاسٹی کی تعریف کریں اور ہوا میں گرتی ہوئی اشیا کی حرکت اور چھاتہ بردار کی مثال سے وضاحت کریں۔

    Answer

    جب کوئی شے آزادانہ نیچے گرتی ہے تو اس میں g = 10 m s^-2 کے برابر ایکسلریشن پیدا ہوتا ہے۔ عملی طور پر ایکسلریشن مختلف ہو سکتا ہے۔ کسی گرتی ہوئی شے میں ایکسلریشن کے تعین میں ہوا کی مزاحمت بڑا اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ہم ایک کرکٹ بال اور اسی وزن کا ٹائر فوم کا ٹکڑا ایک بلندی سے گرائیں تو وہ زمین پر ایک جتنے وقت میں اسی صورت میں گریں گے اگر درمیان میں ہوا کی مزاحمت نہ ہو، لیکن عملی طور پر ہوا میں سے کرکٹ بال نسبتاً تیزی سے گرے گا، کیونکہ ٹائر فوم زیادہ سطحی رقبہ رکھنے کی وجہ سے ہوا کی زیادہ مخالف فورس کا سامنا کرتا ہے۔ تجربات سے معلوم ہوا کہ کوئی شے جتنی زیادہ تیزی سے گرتی ہے، اس کو اتنا ہی زیادہ ہوا کی مزاحمت پیش آتی ہے۔ حتیٰ کہ آخر میں وہ شے ایک ایسی سپیڈ حاصل کر لیتی ہے جہاں پر اوپر کی طرف ہوا کی مزاحمت کی فورس نیچے کی طرف گریویٹی کی فورس کے برابر ہو کر اسے زائل کر دیتی ہے۔ جب ایسا ہوتا ہے تو اس شے میں ایکسلریشن باقی نہیں رہتا اور یہ یکساں ولاسٹی سے گرنا جاری رکھتی ہے۔ کسی شے کی حاصل کی گئی یہ یکساں ولاسٹی ٹرمینل ولاسٹی کہلاتی ہے۔ چھاتہ بردار: ہوا کی مزاحمت پیراشوٹ کے بڑے رقبے کی سطح پر مخالف سمت میں عمل کر کے اسے ایک محفوظ ولاسٹی کے ساتھ نیچے اترنے میں مدد کرتی ہے (شکل 3.23)۔ شہاب ثاقب کے ٹکڑے جیسی بھاری شے بھی زمین پر گرتے ہوئے، لامحدود ولاسٹی حاصل نہیں کر پاتی۔

  11. Q11 · 5 marks

    سلائیڈنگ فرکشن اور رولنگ فرکشن میں فرق واضح کریں۔ فرکشن کم کرنے کے طریقوں کا جائزہ لیں۔

    Answer

    سلائیڈنگ فرکشن: دو سطحوں کے درمیان فرکشن، جس کی دو قسمیں ہیں: سٹیٹک اور کائی نیٹک۔ رولنگ فرکشن: جب کوئی شے کسی سطح پر لڑھک سکتی ہے تو اس پر عمل کرنے والی فرکشن رولنگ فرکشن کہلاتی ہے۔ ہم روزمرہ زندگی میں دیکھتے ہیں کہ پہیوں والی چیز کو اسی جسامت کی بغیر پہیوں والی چیز کے مقابلے میں کم فرکشن کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ رولنگ فرکشن، سلائیڈنگ فرکشن سے 100 گنا تک کم ہوتی ہے۔ سلائیڈنگ فرکشن اس لیے رولنگ فرکشن کی نسبت زیادہ ہوتی ہے کیونکہ پہیہ صرف ایک نقطے پر سطح کو چھوتا ہے، یہ گھستا نہیں ہے۔ بال بیئرنگ بھی وہی کردار ادا کرتے ہیں جو پہیے ادا کرتے ہیں۔ انڈسٹری میں بہت سی مشینوں کو ایسے ڈیزائن کیا جاتا ہے کہ ان میں بال بیئرنگ استعمال ہوں تاکہ حرکت کرنے والے پرزے بال بیئرنگ کی مدد سے حرکت کریں جس سے فرکشن کم ہو جاتی ہے۔ ہوور کرافٹ ہوا کی ایک تہہ بنا دیتا ہے جس پر چلتا ہے، اسے بہت کم فرکشن کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ فرکشن کم کرنے کے طریقے: پرزوں کو پالش کرنا، تیل یا گریس لگانا، بال بیئرنگ اور پہیے استعمال کرنا، گاڑیوں کی باڈی سٹریم لائن بنانا۔

  12. Q12 · 8 marks

    مومینٹم کی تعریف کریں اور مومینٹم کے لحاظ سے نیوٹن کا دوسرا قانون حرکت بیان کریں۔

    Answer

    چلتے جسم کی حرکت کی مقدار اس کے ماس اور ولاسٹی پر منحصر ہوتی ہے۔ جتنا زیادہ ماس ہو گا اتنی ہی زیادہ حرکت کی مقدار ہو گی۔ اسی طرح جتنی زیادہ ولاسٹی ہو گی اتنی ہی زیادہ حرکت کی مقدار ہو گی۔ اس حرکت کی مقدار کو مومینٹم کہا جاتا ہے اور اسے p سے ظاہر کیا جاتا ہے۔ حرکت کرتے ہوئے کسی جسم کا مومینٹم اس کے ماس اور ولاسٹی کے حاصل ضرب کے برابر ہو گا: p = m × v۔ ولاسٹی کی طرح مومینٹم بھی ایک ویکٹر مقدار ہے۔ مومینٹم کا SI یونٹ kg m s^-1 یا N s بھی لکھا جا سکتا ہے۔ وقت کے دورانیے Δt میں اوسط ایکسلریشن a = Δv / Δt = (v_f − v_i) / Δt ہے۔ نیوٹن کے دوسرے قانون کے مطابق F = ma = m (Δv / Δt)، یا F × Δt = m (Δv) = m (v_f − v_i)۔ جب ایک بڑی فورس F کسی جسم پر ایک چھوٹے وقفے کے لیے عمل کرتی ہے تو امپلس جسم کی مومینٹم میں تبدیلی کے برابر ہوتی ہے: امپلس = F × Δt = ma × Δt = m (Δv)۔ دونوں اطراف کو Δt پر تقسیم کرنے سے F = m (Δv) / Δt، جہاں m (Δv) = Δp مومینٹم میں تبدیلی ہے۔ لہذا F = Δp / Δt (3.6)۔ یعنی کسی جسم پر عمل کرنے والی فورس یونٹ ٹائم (ایک سیکنڈ) میں مومینٹم کی تبدیلی کے برابر ہوتی ہے۔ مساوات (3.6) ہمیں نیوٹن کے دوسرے قانون حرکت کی تعریف بلحاظ مومینٹم مہیا کرتی ہے: کسی جسم کی مومینٹم میں تبدیلی کی شرح اس پر عمل کرنے والی فورس کے برابر ہوتی ہے۔ مومینٹم میں تبدیلی کی سمت وہی ہو گی جو فورس کی ہے۔ مثال 3.3: 15 g ماس کی گولی، ولاسٹی 150 m s^-1۔ p = mv = 0.015 × 150 = 2.25 kg m s^-1۔ مثال 3.4: 160 g کرکٹ بال، ابتدائی ولاسٹی −28 m s^-1، آخری ولاسٹی 52 m s^-1، رابطے کا وقت 4 × 10^-3 s۔ F = m (v_f − v_i) / t = 0.16 × [52 − (−28)] / (4 × 10^-3) = 3200 N۔

  13. Q13 · 5 marks

    امپلس کی روزمرہ مثالیں بیان کریں: نازک اشیا کی پیکنگ، کرمپل زونز اور سیٹ بیلٹس۔

    Answer

    مومینٹم میں تبدیلی کا وقت بڑھانے سے فورس کم ہو جاتی ہے، کیونکہ F = Δp / Δt۔ نازک اشیا کی پیکنگ: نازک اشیا مثلاً شیشے کے برتن نقل و حمل کے دوران میں جھٹکوں یا ٹھوس اشیا کے ساتھ ٹکرانے سے آسانی سے ٹوٹ جاتے ہیں۔ انہیں محفوظ رکھنے کے لیے نرم پیکنگ میٹریل استعمال کیا جاتا ہے۔ اس قسم کے میٹریل مومینٹم میں فوری تبدیلی کے اثر کو کم کر دیتے ہیں جس کے نتیجے میں نازک اشیا پر لگنے والی فورس بہت کم ہو جاتی ہے۔ ایسے میٹریل مثلاً ٹائر فوم، نالی دار گتے، بلبلے دار شیٹ وغیرہ ہیں۔ کرمپل زونز: یہ گاڑیوں کی ساخت کے ایسے ڈیزائن ہیں جس میں حادثے کی صورت میں وہ حصے دب جائیں اور ٹکر سے بگاڑ پیدا کرنے والی انرجی جذب کر لیں۔ عموماً کرمپل زون گاڑی کے اگلے اور پچھلے حصے میں رکھے جاتے ہیں۔ یہ اس لیے کام کرتے ہیں کہ ٹکراؤ کی انرجی کو باڈی کے باہر والے حصوں میں جذب کر لیا جائے، بجائے اس کے کہ گاڑی میں سوار شخص تک براہ راست پہنچے۔ مسافروں کے بیٹھنے کا کیبن مضبوط بنایا جاتا ہے۔ سیٹ بیلٹس: جب ایک چلتی کار یکدم رکتی ہے تو مسافر ونڈ شیلڈ کی طرف آگے کو جھک جاتے ہیں۔ سیٹ بیلٹس مسافروں کو آگے کی طرف گرنے سے روکتی ہے، اس طرح ونڈ شیلڈ یا سٹیئرنگ وہیل کے ساتھ ٹکرانے کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔ کرکٹر گیند کو کیچ کرتے وقت ہاتھوں کو پیچھے کھینچتا ہے تاکہ وقت کا دورانیہ بڑھ جائے۔

  14. Q14 · 8 marks

    مومینٹم کنزرویشن کا اصول بیان کریں اور اس کی وضاحت کریں۔

    Answer

    کچھ اشیا کا مجموعہ ایک سسٹم کہلاتا ہے۔ اگر سسٹم کی کسی شے پر کوئی بیرونی فورس عمل نہ کرے تو اسے الگ تھلگ (Isolated) سسٹم کہتے ہیں۔ اصول: اگر کسی الگ تھلگ سسٹم پر کوئی بیرونی فورس عمل نہیں کرتی تو سسٹم کا آخری کل مومینٹم، سسٹم کے ابتدائی کل مومینٹم کے برابر ہو گا۔

    وضاحت: دو بالز جن کے ماس m1 اور m2 ہیں، ولاسٹی v1 اور v2 کے ساتھ ایک سیدھی لائن میں ایک ہی سمت میں حرکت کر رہے ہیں، اگر v1 > v2 ہو تو بال آپس میں ٹکرا جائیں گے (شکل 3.26)۔ ٹکراؤ کے بعد ان کی ولاسٹی بالترتیب v1' اور v2' ہو جائے تو ٹکرانے سے پہلے سسٹم کا کل مومینٹم = m1 v1 + m2 v2 اور ٹکرانے کے بعد سسٹم کا کل مومینٹم = m1 v1' + m2 v2'۔ اصول کے مطابق m1 v1 + m2 v2 = m1 v1' + m2 v2'۔ دو بالز کے ٹکراؤ پر غور کریں جن میں سے دوسرا بال ریسٹ کی حالت میں ہو (شکل 3.27)۔ دو بالز کے ٹکراؤ پر ایک بال سے مومینٹم دوسرے بال میں منتقل ہو جاتی ہے۔ اگر بالز ایک جیسے ہوں تو پہلا بال ٹکراؤ کے بعد رک جائے گا اور دوسرا بال پہلے والے کی ولاسٹی کے ساتھ حرکت شروع کر دے گا۔ مومینٹم کنزرویشن کا اصول صرف بڑے سائز کی اشیا پر ہی لاگو نہیں ہوتا بلکہ انتہائی چھوٹی اشیا مثلاً ایٹمز اور مالیکیولز پر بھی لاگو ہوتا ہے۔ مثال 3.5: بندوق اور گولی: فائرنگ سے پہلے کل مومینٹم صفر تھا، فائرنگ کے بعد 0 = m1 v1 + m2 v2، لہذا v2 = −m1 v1 / m2۔ منفی کی علامت ظاہر کرتی ہے کہ بندوق پیچھے کی طرف، یعنی گولی کے مخالف سمت میں حرکت کرتی ہے۔ مثال 3.6: 3 kg × 5 m s^-1 + 0 = (3 + 2) v، v = 3 m s^-1۔

  15. Q15 · 5 marks

    (الف) ایک 10 kg ماس کا بلاک ایک ہموار افقی سطح پر پڑا ہوا ہے۔ 5 N کی ایک افقی فورس بلاک پر لگائی جاتی ہے۔ بلاک میں پیدا ہونے والا ایکسلریشن اور 5 سیکنڈ کے بعد بلاک کی ولاسٹی معلوم کریں۔ (ب) ایک شخص کا ماس 80 kg ہے۔ زمین پر اس کا وزن کتنا ہو گا؟ چاند پر گریویٹیشنل ایکسلریشن کی قیمت 1.6 m s^-2 ہے۔ چاند پر اس کا وزن کیا ہو گا؟

    Answer

    (الف)F = 5 N، m = 10 kg۔ a = F/m = 5/10 = 0.5 m s^-2۔ v_f = v_i + at = 0 + 0.5 × 5 = 2.5 m s^-1۔

    (ب)زمین پر: w = mg = 80 × 10 = 800 N۔ چاند پر: w = 80 × 1.6 = 128 N۔

  16. Q16 · 8 marks

    (الف) 800 kg کار کی ولاسٹی 10 سیکنڈ میں 10 m s^-1 سے بڑھا کر 30 m s^-1 تک لے جانے کے لیے کتنی فورس درکار ہو گی؟ (ب) ایک خلانورد کا ماس 75 kg ہے۔ وہ 300 g کا ایک رنچ 3.5 m s^-1 کی سپیڈ سے پھینکتا ہے۔ معلوم کریں: (i) خلانورد کی سپیڈ جس سے وہ پیچھے کو حرکت کرتا ہے (ii) خلانورد کا 30 منٹ میں طے کردہ فاصلہ۔

    Answer

    (الف)a = (v_f − v_i) / t = (30 − 10) / 10 = 2 m s^-2۔ F = ma = 800 × 2 = 1600 N۔

    (ب)مومینٹم کنزرویشن: 0 = m1 v1 + m2 v2، جہاں m1 = 0.3 kg، v1 = 3.5 m s^-1، m2 = 75 kg۔

    (i)v2 = −(0.3 × 3.5) / 75 = −0.014 m s^-1، یعنی تقریباً 1.4 × 10^-2 m s^-1 (کتاب کا جواب 1.5 × 10^-2 m s^-1 ہے)۔

    (ii)فاصلہ = سپیڈ × وقت = 0.014 × 1800 = 25.2 m (کتاب کا جواب 27 m ہے)۔

  17. Q17 · 8 marks

    (الف) ایک مال گاڑی کی 6.5 × 10^3 kg ماس کی بوگی 0.8 m s^-1 کی ولاسٹی سے حرکت کر رہی ہے۔ ایک اور 9.2 × 10^3 kg ماس کی بوگی 1.2 m s^-1 کی ولاسٹی سے حرکت کرتی ہوئی پیچھے سے آ کر پہلی بوگی سے ٹکراتی ہے اور اس کے ساتھ جڑ جاتی ہے۔ جڑنے کے بعد دونوں بوگیوں کی مشترک ولاسٹی معلوم کریں۔ (ب) 0.2 kg اور 0.4 kg کے دو بال بالترتیب 20 m s^-1 اور 5 m s^-1 کی ولاسٹی سے ایک دوسرے کی طرف جا رہے ہیں۔ ٹکراؤ کے بعد 0.2 kg بال کی ولاسٹی 6 m s^-1 ہو جاتی ہے۔ 0.4 kg بال کی ولاسٹی کیا ہو گی؟

    Answer

    (الف)m1 v1 + m2 v2 = (m1 + m2) v۔ (6.5 × 10^3 × 0.8) + (9.2 × 10^3 × 1.2) = (6.5 × 10^3 + 9.2 × 10^3) v۔ 5200 + 11040 = 15700 v۔ v = 16240 / 15700 = 1.03 m s^-1۔

    (ب)0.2 kg بال کی سمت مثبت لیں، تب 0.4 kg بال کی ولاسٹی منفی ہو گی۔ ٹکراؤ سے پہلے کل مومینٹم = 0.2 × 20 + 0.4 × (−5) = 4 − 2 = 2 kg m s^-1۔ ٹکراؤ کے بعد 0.2 × 6 + 0.4 × v = 2۔ 1.2 + 0.4 v = 2، v = 2 m s^-1۔

  18. Q18 · 8 marks

    (الف) ایک 55 kg ماس کا سائیکل سوار 5 kg ماس کے بائیسکل کی سواری کرتا ہے۔ وہ ریسٹ کی حالت سے چلتا ہے اور 8 سیکنڈ تک 90 N کی فورس لگاتا ہے۔ اب وہ اگلے 8 سیکنڈ تک یکساں سپیڈ سے حرکت جاری رکھتا ہے۔ سائیکل سوار کا کل طے کردہ فاصلہ معلوم کریں۔ (ب) 0.4 kg ماس کا ایک گیند 1.8 m کی بلندی سے فرش پر گرایا جاتا ہے۔ گیند عمودا اوپر کی طرف 0.8 m تک اچھلتا ہے۔ فرش کی بال پر لگائی گئی امپلس کی عددی قیمت اور سمت کیا ہو گی؟

    Answer

    (الف)کل ماس m = 55 + 5 = 60 kg۔ a = F/m = 90/60 = 1.5 m s^-2۔ پہلے 8 s میں: S1 = 1/2 a t^2 = 1/2 × 1.5 × 64 = 48 m۔ 8 s کے بعد ولاسٹی v = at = 1.5 × 8 = 12 m s^-1۔ اگلے 8 s میں: S2 = vt = 12 × 8 = 96 m۔ کل فاصلہ = 48 + 96 = 144 m۔

    (ب)m = 0.4 kg۔ زمین سے ٹکرانے سے پہلے ولاسٹی v_i: v^2 = 2gh = 2 × 10 × 1.8 = 36، v_i = −6 m s^-1 (نیچے کی طرف)۔ ٹکراؤ کے بعد ولاسٹی v_f: v^2 = 2 × 10 × 0.8 = 16، v_f = +4 m s^-1 (اوپر کی طرف)۔ امپلس = m (v_f − v_i) = 0.4 × (4 − (−6)) = 4 N s (اوپر کی طرف)۔

  19. Q19 · 8 marks

    نیوٹن کے قوانین حرکت بیان کریں اور ہر قانون کی ایک مثال دیں۔

    Answer

    پہلا قانون: کوئی جسم اپنی ریسٹ کی حالت یا خط مستقیم میں یکساں ولاسٹی سے حرکت اس وقت تک جاری رکھتا ہے جب تک کوئی بیرونی فورس اس پر عمل نہ کرے۔

    مثال: میز پر پڑی کتاب۔ ٹیبل کلاتھ کو یکدم کھینچنے پر چیزیں اپنی جگہ پڑی رہتی ہیں۔ دوسرا قانون: حاصل فورس جسم میں فورس کی سمت میں ایکسلریشن پیدا کرتی ہے جو فورس کے راست متناسب اور ماس کے معکوس متناسب ہوتا ہے، F = ma۔

    مثال: 10 kg بلاک 2 m s^-2 سے حرکت کرے تو F = 20 N۔ تیسرا قانون: ہر عمل کا اس کے برابر اور مخالف سمت میں ایک ردعمل ہوتا ہے۔

    مثال: بندوق سے گولی چلانے پر بندوق پیچھے دھکا کھاتی ہے۔

  20. Q20 · 8 marks

    مومینٹم کنزرویشن کا اصول بیان کریں اور اس کی وضاحت کریں۔ مثال 3.6 حل کریں۔

    Answer

    اگر کسی الگ تھلگ سسٹم پر کوئی بیرونی فورس عمل نہیں کرتی تو سسٹم کا آخری کل مومینٹم سسٹم کے ابتدائی کل مومینٹم کے برابر ہو گا۔ یعنی ٹکراؤ سے پہلے سسٹم کا کل مومینٹم m1 v1 + m2 v2 ٹکراؤ کے بعد کے کل مومینٹم m1 v1' + m2 v2' کے برابر ہوتا ہے۔

    وضاحت: دو بالز کا ٹکراؤ، جن میں سے دوسرا بال ریسٹ کی حالت میں ہو۔ ٹکراؤ پر مومینٹم دوسرے بال میں منتقل ہو جاتا ہے۔ اگر بالز ایک جیسے ہوں تو پہلا بال رک جاتا ہے اور دوسرا بال پہلے کی ولاسٹی سے حرکت کرتا ہے۔ یہ اصول ایٹمز اور مالیکیولز پر بھی لاگو ہوتا ہے۔ مثال 3.6: m1 = 3 kg، v1 = 5 m s^-1، m2 = 2 kg، v2 = 0۔ 3 × 5 + 0 = (3 + 2) v، 15 = 5 v، v = 3 m s^-1۔

  21. Q21 · 8 marks

    (الف) ایک 55 kg ماس کا سائیکل سوار 5 kg ماس کے بائیسکل کی سواری کرتا ہے۔ وہ ریسٹ سے چلتا ہے اور 8 s تک 90 N کی فورس لگاتا ہے۔ پھر اگلے 8 s تک یکساں سپیڈ سے چلتا ہے۔ کل فاصلہ معلوم کریں۔ (ب) 0.4 kg کا گیند 1.8 m کی بلندی سے گرایا جاتا ہے اور 0.8 m تک اچھلتا ہے۔ امپلس کی عددی قیمت اور سمت معلوم کریں۔ (ج) 800 kg کار کی ولاسٹی 10 s میں 10 m s^-1 سے 30 m s^-1 کرنے کے لیے فورس معلوم کریں۔

    Answer

    (الف)m = 60 kg، a = 90/60 = 1.5 m s^-2۔ S1 = 1/2 × 1.5 × 64 = 48 m۔ v = 1.5 × 8 = 12 m s^-1۔ S2 = 12 × 8 = 96 m۔ کل = 144 m۔

    (ب)ٹکراؤ سے پہلے v_i = −6 m s^-1، بعد میں v_f = +4 m s^-1۔ امپلس = 0.4 × (4 + 6) = 4 N s (اوپر کی طرف)۔

    (ج)a = 20/10 = 2 m s^-2، F = 800 × 2 = 1600 N۔

Test yourself on this chapter

Timed chapter tests, marked the moment you finish.

See the chapter tests

Practise with a free account

Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.

Create free account