Class 9 Urdu · Chapter 3
اخلاقِ حسنہ: questions and answers
Every short question, long question and MCQ on this chapter's free papers, each with its answer. Try one yourself first, then check.
Short questions with answers
Q1 · 2 marks
کس سے پوچھا گیا کہ حضور انور ﷺ کے اخلاق کیسے تھے؟
Answer
ام المومنین حضرت عائشہؓ سے پوچھا گیا کہ حضور انور ﷺ کے اخلاق کیسے تھے۔ انھوں نے فرمایا کہ جو کچھ قرآن میں ہے وہ آپ ﷺ کے اخلاق تھے۔
Q2 · 2 marks
آپ ﷺ گھر کے کس نوعیت کے کام کاج کرنے کو عار نہیں سمجھتے تھے؟
Answer
آپ ﷺ گھر کے تمام کام کر لیتے۔ پھٹے کپڑے سی لیتے، جوتے گانٹھ لیتے اور بکریوں کا دودھ اپنے ہاتھوں سے دوہ لیتے۔
Q3 · 2 marks
خندق کھودتے وقت آپ ﷺ نے کیا کام انجام دیا؟
Answer
خندق کھودتے وقت آپ ﷺ نے سب مزدوروں کے ساتھ مل کر برابر کا کام کیا۔
Q4 · 2 marks
اگر کسی ایسے شخص کا انتقال ہوتا جس کے ذمے قرض ہوتا اور اس کے بارے میں آپ ﷺ کا کیا ارشاد تھا؟
Answer
جب کسی ایسے شخص کا انتقال ہوتا جس کے ذمے قرض ہوتا تو آپ ﷺ اس کا قرض ادا کر دیتے مگر اس کے ترکے میں اس کے رشتے داروں کا حق ہوتا۔
Q5 · 2 marks
آپ ﷺ کا پڑوسیوں کے بارے میں کیسا سلوک روا رکھنے کا فرمان ہے؟
Answer
آپ ﷺ نے پڑوسیوں کے بارے میں نیک سلوک روا رکھنے کا حکم فرمایا۔ یہاں تک کہا کہ جس کے پڑوسی اس کی شرارت سے محفوظ نہ ہوں خدا کی قسم وہ مومن نہ ہوگا۔
Q6 · 2 marks
نیچے دی ہوئی تراکیب کے معانی لکھیں اور انھیں اپنے جملوں میں استعمال کریں۔ حضور انور، حسن اخلاق، داد و دہش، مسجد نبوی، چہرۂ مبارک، عزم و استقلال
Answer
حضور انور: سراپا نور حضور۔ جملہ: حضور انور ﷺ تمام عالمین کے لیے رحمت بنا کر بھیجے گئے۔ حسن اخلاق: اچھی عادات۔ جملہ: ہمیں زندگی کے ہر شعبے میں حسن اخلاق سے کام لینا چاہیے۔ داد و دہش: سخاوت، فیاضی۔ جملہ: آپ ﷺ نے ہر موقع پر داد و دہش سے کام لیا۔ مسجد نبوی: نبی ﷺ کی مسجد۔ جملہ: آپ ﷺ نے مسجد نبوی کی تعمیر میں خود آگے بڑھ کر سب کے ساتھ کام کیا۔ چہرۂ مبارک: جو چہرہ مبارک ہو اور جسے دیکھ کر دوست خوش ہوں۔ جملہ: بچپن کے دوست کو بہت دیر بعد دیکھ کر کہا یہ چہرۂ مبارک کہاں سے نکل آیا۔ عزم و استقلال: مضبوط ارادہ۔ جملہ: قائد اعظم نے اپنے عزم و استقلال کی وجہ سے ہمارے لیے ایک الگ ملک بنا لیا۔
Q7 · 2 marks
دیے ہوئے واحد الفاظ کے جمع لکھیں۔ اخلاق، معجزہ، فرمان، ریس، مسکین، سفارش، جاں نثار، باغ، اعلان
Answer
اخلاق: اخلاقیات۔ معجزہ: معجزے۔ فرمان: فرامین۔ ریس: رؤسا۔ مسکین: مساکین۔ سفارش: سفارشیں۔ جاں نثار: جاں نثاروں۔ باغ: باغات۔ اعلان: اعلانات۔
Q8 · 2 marks
دیے ہوئے جمع الفاظ کے واحد لکھیں۔ ہچکیاں، گناہ گاروں، صحابہ، ازواج، وارثوں، مسائل، کنگھیاں، کھجوروں
Answer
ہچکیاں: ہچکی۔ گناہ گاروں: گناہ گار۔ صحابہ: صحابی۔ ازواج: زوجہ۔ وارثوں: وارث۔ مسائل: مسئلہ۔ کنگھیاں: کنگھی۔ کھجوروں: کھجور۔
Q9 · 2 marks
“آپ ﷺ کا بچوں کے ساتھ حسن سلوک” پر ایک پیراگراف لکھیں۔
Answer
آپ ﷺ بچوں سے بہت محبت کرتے تھے۔ فصل کا نیا میوہ محفل میں موجود سب سے کم عمر بچے کو پہلے دیتے تھے۔ راستے میں بچے ملتے تو انھیں سب سے پہلے خود سلام کرتے۔ یوں آپ ﷺ نے ہمیں بچوں سے شفقت اور محبت کا درس دیا۔
Q10 · 2 marks
سید سلیمان ندوی کب اور کہاں پیدا ہوئے؟
Answer
سید سلیمان ندوی ۱۸۸۴ء کو ہندوستان کے ضلع پٹنہ کے گاؤں دینہ میں پیدا ہوئے۔
Q11 · 2 marks
سید سلیمان ندوی کے والد محترم کا کیا نام تھا؟
Answer
سید سلیمان ندوی کے والد محترم کا نام سید ابو الحسن تھا۔
Q12 · 2 marks
سید سلیمان ندوی دینی تعلیم حاصل کرنے کہاں گئے؟
Answer
سید سلیمان ندوی دینی تعلیم دار العلوم ندوۃ العلما اعظم گڑھ سے حاصل کرنے گئے۔
Q13 · 2 marks
سید سلیمان ندوی کے استاد گرامی کون تھے؟
Answer
سید سلیمان ندوی نے علامہ شبلی نعمانی کی شاگردی میں رہ کر علم کی معراج حاصل کی۔
Q14 · 2 marks
سید سلیمان ندوی نے اپنے استاد کے کس کام کو مکمل کیا؟
Answer
سید سلیمان ندوی نے علامہ شبلی نعمانی کی تصنیف “سیرت النبی ﷺ” کو بہت عقیدت سے مکمل کیا۔
Q15 · 2 marks
سید سلیمان ندوی نے “سیرت النبی” کی کتنی جلدیں ترتیب دیں؟
Answer
علامہ شبلی نعمانی “سیرت النبی” کی دو جلدیں لکھ کر کوچ کر گئے تو سید سلیمان ندوی نے اس کی باقی چار جلدیں مکمل کیں۔
Q16 · 2 marks
سید سلیمان ندوی کے خاص موضوعات کون سے تھے؟
Answer
سید سلیمان ندوی کے خاص موضوعات تاریخ، ادب، سیرت نگاری، سوانح نگاری اور عالم اسلام کی تاریخ تھے۔
Q17 · 2 marks
سید سلیمان ندوی افغانستان کس کے ساتھ گئے؟
Answer
سید سلیمان ندوی افغانستان علامہ اقبال اور سر راس مسعود کے ساتھ گئے۔
Q18 · 2 marks
سید سلیمان ندوی پاکستان آنے کے بعد کہاں مقیم ہوئے؟
Answer
سید سلیمان ندوی پاکستان آنے کے بعد کراچی میں مقیم ہوئے۔
Q19 · 2 marks
سید سلیمان ندوی کا انتقال کب اور کہاں ہوا؟
Answer
سید سلیمان ندوی کا انتقال ۱۹۵۳ء کو کراچی میں ہوا۔
Q20 · 2 marks
سید سلیمان ندوی کی تدفین کے وقت شام کے سفیر نے کیا کہا تھا؟
Answer
شام کے سفیر نے کہا تھا: “ہم آج سید سلیمان ندوی کو دفن نہیں کر رہے بلکہ انسائیکلو پیڈیا آف اسلام کو دفن کر رہے ہیں۔”
Q21 · 2 marks
سید سلیمان ندوی کو حکومت پاکستان کی طرف سے کون سا اعزاز دیا گیا؟
Answer
سید سلیمان ندوی کو حکومت پاکستان کی طرف سے “نشان سپاس” دیا گیا۔
Q22 · 2 marks
حضور ﷺ نے صحابیؓ کے ولیمے کے لیے کیا انتظام فرمایا؟
Answer
حضور ﷺ نے صحابیؓ کو حضرت عائشہؓ کے پاس بھیجا تا کہ وہ اپنے ولیمے کے لیے آٹے کی ٹوکری لے آئے۔
Q23 · 2 marks
پڑوسی سے حسن سلوک کے بارے میں حضور ﷺ کا کیا فرمان ہے؟
Answer
حضور ﷺ نے فرمایا: “خدا کی قسم وہ مومن نہ ہوگا جس کا پڑوسی اس کی شرارتوں سے تنگ ہوگا۔”
Q24 · 2 marks
حضور ﷺ کا جانوروں کے ساتھ کیسا سلوک تھا؟
Answer
حضور ﷺ جانوروں پر بھی رحم فرماتے تھے۔
Q25 · 2 marks
حضور ﷺ نے حضرت اسامہؓ کے سفارش کرنے پر کیا فرمایا؟
Answer
حضور ﷺ نے فرمایا: “تم سے پہلے کی قومیں اس لیے برباد ہو گئیں کہ جب کوئی بڑا آدمی جرم کرتا تو اسے چھوڑ دیتے اور جب کوئی معمولی آدمی جرم کرتا تو سزا پاتا۔ خدا کی قسم اگر میری بیٹی فاطمہ بھی چوری کرتی تو اس کا بھی ہاتھ کاٹ دیا جاتا۔”
Q26 · 2 marks
تکالیف کی شکایت کرنے والے صحابیؓ کو نبی کریم ﷺ نے جواب میں کیا فرمایا؟
Answer
حضور ﷺ نے فرمایا کہ تم سے پہلے جو لوگ گزر چکے ہیں انھیں آرے سے چیرا گیا۔ ان کے بدن پر لوہے کی کنگھیاں چلائی گئیں جن سے گوشت پوست سب کٹ جاتا لیکن یہ تکلیفیں بھی انھیں حق سے باز نہ رکھ سکیں۔
Q27 · 2 marks
بھوک کی حالت میں حضور ﷺ کس صحابیؓ کے گھر تشریف لے گئے؟
Answer
بھوک کی حالت میں حضور ﷺ صحابی حضرت ابو ایوب انصاریؓ کے گھر تشریف لے گئے۔
Q28 · 2 marks
حضرت ابو ایوب انصاریؓ نے حضور ﷺ کی خدمت میں کیا غذا پیش کی؟
Answer
حضرت ابو ایوب انصاریؓ حضور ﷺ کے لیے کھجور کا خوشہ لائے اور بکری ذبح کر کے کھانا تیار کروایا۔
Q29 · 2 marks
کسی شخص کو میلے کپڑوں میں دیکھ کر حضور ﷺ نے کیا فرمایا؟
Answer
حضور ﷺ نے فرمایا کہ کیا اس سے اتنا نہیں ہوتا کہ کپڑے دھو لیا کرے۔
Q30 · 2 marks
حضور ﷺ کی دنیا سے لا تعلقی کا کیا عالم تھا؟
Answer
دنیا سے لا تعلقی کا حضور ﷺ کا یہ عالم تھا کہ گھر میں جو بھی چیز آتی اسے فوراً خیرات کر دیتے۔
Q31 · 2 marks
حضور ﷺ مہمانوں کے ساتھ کیا برتاؤ کرتے تھے؟
Answer
حضور ﷺ بہت مہمان نواز تھے۔ جو کچھ گھر میں ہوتا وہ ان کے سامنے پیش کر دیتے تھے۔
Q32 · 2 marks
حضور ﷺ کا گھر میں کیا معمول ہوتا تھا؟
Answer
حضور ﷺ گھر کے کاموں میں ہاتھ بٹاتے۔ اپنے پھٹے کپڑے سی لیتے، اپنے جوتے خود گانٹھ لیتے اور بکریوں کا دودھ تک دوہ لیتے تھے۔
Q33 · 2 marks
حضور ﷺ نے کن موقعوں پر مزدوروں کے ساتھ مل کر برابر کا کام کیا؟
Answer
حضور ﷺ نے مسجد نبوی کی تعمیر اور خندق کی کھدائی کے موقع پر مزدوروں کے ساتھ مل کر برابر کا کام کیا۔
Q34 · 2 marks
حضور ﷺ کا بیماروں کے ساتھ کیسا رویہ تھا؟
Answer
حضور ﷺ بیماروں کی تیمار داری کو تشریف لے جاتے۔ اس میں کافر یا مسلمان کی تفریق نہیں فرماتے تھے۔
Q35 · 2 marks
حضرت عائشہؓ نے حضور ﷺ کے اخلاق کے بارے میں کیا فرمایا؟
Answer
حضرت عائشہؓ نے فرمایا کہ کیا تم نے قرآن نہیں پڑھا۔ جو کچھ قرآن میں ہے وہ آپ ﷺ کے اخلاق تھے۔ یعنی آپ ﷺ کی زندگی قرآن مجید کا عملی نمونہ تھی۔
Q36 · 2 marks
سید سلیمان ندوی کی تصانیف کے نام لکھیں۔
Answer
سید سلیمان ندوی کی تصانیف میں خطبات مدراس، عرب و ہند کے تعلقات، عربوں کی جہاز رانی، سیرت عائشہؓ، حیات شبلی، نقوش سلیمانی اور رحمت عالم شامل ہیں۔
Q37 · 2 marks
آپ ﷺ کی مہمان نوازی بیان کریں۔
Answer
آپ ﷺ بہت مہمان نواز تھے۔ مہمان نوازی میں مذہب یا فرقے کی تفریق نہ کرتے۔ راتوں کو اٹھ کر مہمانوں کی دیکھ بھال فرماتے کہ انھیں کوئی تکلیف تو نہیں۔ کبھی گھر میں جو کچھ ہوتا مہمانوں کو کھلا دیا جاتا اور پورا گھر فاقہ کرتا۔
Q38 · 2 marks
آپ ﷺ نے عورتوں کے ساتھ کیسا سلوک کیا؟
Answer
اسلام سے پہلے عورتیں ذلیل سمجھی جاتی تھیں مگر آپ ﷺ نے ان کے حقوق مقرر فرمائے اور انھیں عزت اور ہمدردی کے لائق قرار دیا۔ عورتیں بے تکلفی سے اپنے مسائل پوچھتیں تو آپ ﷺ برا نہ مانتے اور ان کی خاطر داری کا خیال رکھتے۔
Q39 · 2 marks
غزوۂ احد میں آپ ﷺ کی شجاعت کی مثال بیان کریں۔
Answer
غزوۂ احد کے میدان میں جب ہر طرف سے آپ ﷺ پر پتھروں، تیروں اور تلواروں کی بارش ہو رہی تھی تو آپ ﷺ چٹان کی مانند ڈٹے رہے۔
Q40 · 2 marks
قبیلہ مخزوم کی عورت کے واقعے سے ہمیں کیا سبق ملتا ہے؟
Answer
آپ ﷺ کی نظر میں امیر و غریب سب برابر تھے۔ قبیلہ مخزوم کی عورت کی چوری پر سفارش آئی تو آپ ﷺ نے فرمایا کہ پہلی قومیں اسی لیے برباد ہوئیں کہ بڑوں کو چھوڑ دیتیں اور چھوٹوں کو سزا دیتیں۔ ہمیں بھی انصاف میں سب کو برابر سمجھنا چاہیے۔
Q41 · 2 marks
آپ ﷺ کی سادگی اور صفائی پسندی کے بارے میں لکھیں۔
Answer
آپ ﷺ سادہ مزاج اور انتہائی صفائی پسند تھے۔ ایک شخص کو میلے کپڑوں میں دیکھا تو فرمایا کہ کپڑے دھو لیا کرے۔ آپ ﷺ بلا ضرورت گفتگو نہ فرماتے اور تن پروری اور عیش و عشرت کو نہ اپنے لیے پسند فرمایا نہ عام مسلمانوں کے لیے۔
Q42 · 2 marks
آپ ﷺ نے قبر کے کنارے بیٹھ کر کیا فرمایا؟
Answer
ایک بار قبر کھودی جا رہی تھی۔ آپ ﷺ قبر کے کنارے بیٹھ گئے اور اتنا روئے کہ زمین تر ہو گئی۔ پھر فرمایا: “بھائیو! اس دن کے لیے سامان کر رکھو۔”
Q43 · 2 marks
آپ ﷺ کے عزم و استقلال کی مثال دیں۔
Answer
دین حق کی تبلیغ کے لیے آپ ﷺ طویل آزمائشوں اور متواتر ناکامیوں کے باوجود عزم و استقلال سے ڈٹے رہے اور فرمایا: “خدا کی قسم دین اسلام اپنے کمال کے مرتبے پر پہنچ کر رہے گا۔”
Long questions with answers
Q1 · 5 marks
سبق “اخلاق حسنہ” کا خلاصہ لکھیں۔
Answer
سید سلیمان ندوی نے اس سبق میں نبی کریم ﷺ کے اخلاق حسنہ بیان کیے ہیں۔ جب حضرت عائشہؓ سے آپ ﷺ کے اخلاق کے بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے فرمایا کہ جو کچھ قرآن میں ہے وہ آپ ﷺ کے اخلاق ہیں۔ آپ ﷺ ملن سار، شفیق، رحم دل، سخی اور بہت بڑے منصف تھے۔ کسی سوالی کو انکار نہ کرتے اور خود بھوکے رہ کر دوسروں کو کھلاتے۔ مہمان نواز تھے اور مسلمان یا کافر کی تفریق نہ کرتے۔ گھر کے کام کاج میں ہاتھ بٹاتے، مسجد نبوی اور خندق کی کھدائی میں مزدوروں کے ساتھ مل کر کام کیا۔ مظلوموں پر رحم کرتے، بے کسوں کا سہارا بنتے اور مقروضوں کا قرض ادا کرتے۔ بچوں سے محبت کرتے، انھیں پہلے سلام کرتے اور نیا میوہ انھیں دیتے۔ عورتوں کو عزت دی اور ان کے مسائل حل کیے۔ غزوۂ احد میں چٹان کی طرح ڈٹے رہے۔ انصاف میں امیر غریب برابر تھے۔ سادہ مزاج اور صفائی پسند تھے اور آخرت کی فکر میں روتے تھے۔ دین کی تبلیغ میں عزم و استقلال سے ڈٹے رہے۔
Q2 · 10 marks
درج ذیل نثر پارے کی تشریح کریں:اسلام سے پہلے عورتیں ہمیشہ ذلیل رہی ہیں لیکن ہمارے حضور ﷺ نے ان پر بہت احسان فرمایا۔ ان کے حقوق مقرر فرمائے اور اپنے برتاؤ سے ظاہر فرمایا کہ یہ طبقہ حقیر نہیں بلکہ عزت اور ہمدردی کے لائق ہے۔ آپ ﷺ کے پاس ہر وقت مردوں کا مجمع رہتا تھا۔ عورتیں دلیری اور بے تکلفی سے آپ ﷺ سے مسائل پوچھتیں لیکن آپ ﷺ برا نہ مانتے، ان کی خاطر داری کا خیال رکھتے۔
Answer
سبق کا عنوان (1): اخلاق حسنہ مصنف کا نام (1): سید سلیمان ندوی خط کشیدہ الفاظ کے معانی (3):| ذلیل: رسوا| ، بدنام۔ حقیر: معمولی۔ مجمع: ہجوم۔ بے تکلفی: بغیر کسی تکلف کے۔ خاطر داری: لحاظ، پاس داری۔ تشریح (5): اسلام سے پہلے معاشرے میں عورتوں کو ذلیل اور معمولی سمجھا جاتا تھا۔ ان کی نہ کوئی عزت تھی نہ مقام یہاں تک کہ بیٹیاں پیدا ہوتے ہی زندہ دفن کر دی جاتی تھیں۔ حضور ﷺ نے اس مظلوم طبقے پر رحم فرمایا، ان کے حقوق مقرر کیے اور اپنے برتاؤ سے ثابت کیا کہ یہ طبقہ عزت اور ہمدردی کے لائق ہے۔ آپ ﷺ نے عورتوں کے مسائل سننے کے لیے ہفتے میں ایک دن مقرر کیا۔ عورتیں بلا جھجک اپنی مشکلات لے کر آتیں تو آپ ﷺ انھیں تسلی دیتے، ان کی پاس داری کا خیال رکھتے اور مسئلے حل کرواتے۔ ہمیں بھی عورتوں کی عزت کرنی چاہیے۔
Q3 · 10 marks
درج ذیل نثر پارے کی تشریح کریں:غریبوں کے ساتھ آپ ﷺ کا برتاؤ ایسا ہوتا کہ ان کو اپنی غریبی محسوس نہ ہوتی۔ ان کی مدد فرماتے اور ان کی دل جوئی کرتے۔ اکثر دعا مانگتے تھے کہ خداوند! مجھے مسکین زندہ رکھ، مسکین اٹھا اور مسکینوں کے ساتھ میرا حشر کر۔ آپ ﷺ مظلوموں کی فریاد سنتے، بے کسوں کا سہارا بنتے، مقروضوں کا قرض ادا کرتے۔ حکم تھا کہ جو مسلمان مر جائے اور اپنے ذمے قرض چھوڑ جائے تو مجھے اطلاع دو، میں اس کو ادا کر دوں گا اور وہ جو ترکہ چھوڑ جائے وہ وارثوں کا حق ہے، مجھے اس سے کوئی مطلب نہیں ہے۔ دشمن، دوست اور مومن و کافر کی اس میں کوئی قید نہ تھی۔ گناہ گاروں کو معاف کر دیتے، دشمنوں کے حق میں دعائے خیر فرماتے۔
Answer
سبق کا عنوان (1): اخلاق حسنہ مصنف کا نام (1): سید سلیمان ندوی خط کشیدہ الفاظ کے معانی (3): دل جوئی: تسلی دینا۔ مسکین: محتاج۔ مظلوموں: جن پر ظلم کیا جائے۔ بے کسوں: بے سہارا لوگوں۔ ترکہ: جائیداد۔ تشریح (5): آپ ﷺ غریبوں اور مسکینوں کے والی تھے۔ آپ ﷺ ان کی دل جوئی فرماتے اور ان کے ساتھ ایسا برتاؤ کرتے کہ انھیں اپنی غریبی محسوس نہ ہوتی۔ آپ ﷺ کی دعا تھی کہ مجھے مسکین زندہ رکھ اور مسکینوں کے ساتھ میرا حشر کر۔ آپ ﷺ مظلوموں کی فریاد سنتے اور بے کسوں کا سہارا بنتے۔ جو مسلمان قرض چھوڑ کر مر جاتا اس کا قرض ادا کرتے اور اس کا ترکہ اس کے وارثوں کا حق قرار دیتے۔ دوست، دشمن، مومن اور کافر کی کوئی قید نہ تھی۔ آپ ﷺ گناہ گاروں کو معاف کرتے اور دشمنوں کے حق میں بھی دعائے خیر فرماتے۔
Q4 · 10 marks
درج ذیل نثر پارے کی تشریح کریں:حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے دس برس آپ ﷺ کی خدمت میں گزارے مگر آپ ﷺ نے نہ کبھی ڈانٹا، نہ مارا، نہ یہ پوچھا کہ تم نے یہ کام کیوں کیا اور یہ کیوں نہ کیا۔ آپ ﷺ نے تمام عمر کبھی کسی کو نہیں مارا اور یہ کیا عجیب بات ہے کہ آپ ﷺ ایک فوج کے جرنیل تھے جس نے مسلسل نو برس لڑائیوں میں گزارے اور جس نے کبھی لڑائی کے میدان سے منہ نہ موڑا، اپنے دشمن پر کبھی تلوار نہیں اٹھائی اور نہ اپنے ہاتھ سے کسی کو قتل کیا۔ احد کے میدان میں جب ہر طرف سے آپ ﷺ پر پتھروں، تیروں اور تلواروں کی بارش ہو رہی تھی، آپ ﷺ اپنی جگہ ڈٹے کھڑے تھے اور جاں نثار دائیں بائیں کٹ کٹ کر گر رہے تھے۔
Answer
سبق کا عنوان (1): اخلاق حسنہ مصنف کا نام (1): سید سلیمان ندوی خط کشیدہ الفاظ کے معانی (3): جرنیل: فوج کا سردار۔ مسلسل: لگاتار۔ جاں نثار: جان قربان کرنے والے۔ تشریح (5): حضرت انسؓ نے دس برس آپ ﷺ کی خدمت میں گزارے مگر آپ ﷺ نے انھیں کبھی ڈانٹا نہ مارا نہ یہ پوچھا کہ فلاں کام کیوں کیا۔ کوئی ان کے بارے میں پوچھتا تو فرماتے: انس ابھی بچہ ہے سکھ جائے گا۔ آپ ﷺ نے تمام عمر کسی کو نہیں مارا۔ حیرت کی بات ہے کہ آپ ﷺ ایک ایسی فوج کے جرنیل تھے جس نے نو برس مختلف غزوات میں گزارے مگر آپ ﷺ نے حق کی خاطر لڑائی سے منہ نہ موڑا اور نہ اپنے دشمن پر تلوار اٹھائی۔ جنگ احد میں جب دشمن چاروں طرف سے تیروں، پتھروں اور تلواروں سے حملہ آور تھے تب بھی آپ ﷺ چٹان کی طرح ڈٹ کر کھڑے رہے۔
Q5 · 10 marks
نیچے دیے ہوئے نثر پارے کی تشریح کریں۔ تشریح سے پہلے مصنف کا نام، سبق کا عنوان اور خط کشیدہ الفاظ کے معنی بھی لکھیں۔ “مزاج مبارک میں سادگی بہت تھی۔ کھانے پینے، اٹھنے بیٹھنے، کسی چیز میں تکلف پسند نہ تھا۔ پہننے کے لیے موٹا جھوٹا جو مل جاتا، اس کو پہن لیتے۔ زمین پر، چٹائی پر، فرش پر، جہاں جگہ ملتی بیٹھ جاتے۔ خدا کی نعمتوں سے جائز طور پر فائدہ اٹھانے کی اجازت آپ ﷺ نے ضرور دی لیکن تن پروری اور عیش نہ اپنے لیے پسند فرمائی نہ عام مسلمانوں کے لیے۔”
Answer
سبق کا عنوان (1): اخلاق حسنہ مصنف کا نام (1): سید سلیمان ندوی خط کشیدہ الفاظ کے معانی (3): مزاج مبارک: بابرکت طبیعت۔ تکلف: ظاہر داری، بناوٹ۔ نعمتوں: اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ چیزوں۔ تن پروری: بدن کو پالنا، آرام طلبی۔ تشریح (5): اس نثر پارے میں مصنف رسول پاک ﷺ کی طبیعت کے طور طریقے بیان کرتے ہیں۔ آپ ﷺ کی طبیعت میں سادگی بہت تھی اور آپ ﷺ ہر کام میں سادگی پسند کرتے تھے۔ اٹھنے بیٹھنے، کھانے پینے اور لباس میں آپ ﷺ نے کبھی آرام طلبی کو اپنے نزدیک آنے نہ دیا۔ جو کچھ کھانے پینے کو سامنے آ جاتا خوش دلی سے کھا پی لیتے اور جو لباس مل جاتا خوشی خوشی پہن لیتے۔ بیٹھنا ہوتا تو جہاں جگہ ملتی بیٹھ جاتے۔ آپ ﷺ نے لوگوں کو اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ چیزوں کو جائز طریقے سے استعمال کرنے کی اجازت دی لیکن ان سے نہ خود ناجائز فائدہ اٹھایا نہ مسلمانوں کو اس کی اجازت دی۔
Q6 · 10 marks
مندرجہ بالا نثر پارے کی تشریح کی روشنی میں درج ذیل نثر پارے کی تشریح کریں اور مصنف کا نام اور سبق کا عنوان بھی دیں۔ حضور ﷺ بڑے مہمان نواز تھے۔ آپ ﷺ کے یہاں مسلمان، مشرک اور کافر سب ہی مہمان ہوتے۔ آپ ﷺ سب کی خاطر کرتے اور خود ہی سب کی خدمت کرتے۔ کبھی ایسا ہوتا کہ مہمان آ جاتے اور گھر میں جو کچھ موجود ہوتا وہ ان کو کھلا پلا دیا جاتا اور پورا گھر فاقہ کرتا۔ راتوں کو اٹھ کر مہمانوں کی دیکھ بھال فرماتے کہ ان کو کوئی تکلیف تو نہیں ہے۔ گھر میں رہتے تو گھر کے کام کاج اپنے ہاتھوں سے کرتے۔ اپنے پھٹے کپڑے آپ سی لیتے، اپنے پھٹے جوتے کو خود گانٹھ لیتے، بکریوں کا دودھ اپنے ہاتھوں سے دوہتے۔ مجمع میں بیٹھتے تو سب کے برابر ہو کر بیٹھتے۔ مسجد نبوی کے بنانے اور خندق کھودنے میں سب مزدوروں کے ساتھ مل کر آپ ﷺ نے بھی کام کیا۔
Answer
سبق کا عنوان (1): اخلاق حسنہ مصنف کا نام (1): سید سلیمان ندوی خط کشیدہ الفاظ کے معانی (3): مشرک: ایمان نہ لانے والا۔ فاقہ: بھوکا رہنا۔ گانٹھ لینا: سی لینا۔ مجمع: ہجوم۔ تشریح (5): اس نثر پارے میں مصنف آپ ﷺ کی مہمان نوازی اور عاجزی بیان کرتے ہیں۔ آپ ﷺ کے یہاں مسلمان، مشرک اور کافر سب مہمان ہوتے اور آپ ﷺ سب کی خدمت خود کرتے۔ کبھی گھر کا سارا کھانا مہمانوں کو کھلا دیا جاتا اور پورا گھر بھوکا رہتا۔ آپ ﷺ راتوں کو اٹھ کر مہمانوں کی دیکھ بھال کرتے کہ انھیں کوئی تکلیف نہ ہو۔ گھر کے کام کاج بھی خود کرتے، کپڑے سی لیتے، جوتے گانٹھ لیتے اور بکریوں کا دودھ دوہ لیتے۔ مجمع میں سب کے برابر بیٹھتے۔ مسجد نبوی اور خندق کی کھدائی میں مزدوروں کے ساتھ مل کر کام کیا۔ یوں آپ ﷺ نے ہمیں مہمان نوازی اور عاجزی کا سبق دیا۔
Q7 · 10 marks
درج ذیل نثر پارے کی تشریح کریں:ایک مرتبہ فدک کے رئیس نے چار اونٹ غلے کے بھر کر بھیجے۔ اس کو بیچ کر آپ ﷺ نے قرض ادا کیا اور پھر بھی غلہ بچ رہا تو وہ رات مسجد میں بسر کی کہ جب تک پورا غلہ تقسیم نہیں ہو گا گھر نہیں جاؤں گا۔ اگلے دن غلہ تقسیم ہوا تو گھر تشریف لے گئے۔
Answer
سبق کا عنوان (1): اخلاق حسنہ مصنف کا نام (1): سید سلیمان ندوی خط کشیدہ الفاظ کے معانی (3): رئیس: سردار، امیر آدمی۔ غلہ: اناج۔ قرض: ادھار لی ہوئی رقم۔ تشریح (5): اس نثر پارے میں مصنف آپ ﷺ کی سخاوت اور ضرورت مندوں کی فکر کا واقعہ بیان کرتے ہیں۔ فدک کے رئیس نے چار اونٹ غلہ بھیجا تو آپ ﷺ نے اسے بیچ کر قرض ادا کیا۔ پھر بھی غلہ بچ گیا تو آپ ﷺ نے مسجد میں رات گزاری اور فرمایا کہ جب تک پورا غلہ تقسیم نہیں ہو گا گھر نہیں جاؤں گا۔ اگلے دن غلہ ضرورت مندوں میں تقسیم ہو گیا تو گھر تشریف لے گئے۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ ﷺ سخی اور فیاض تھے اور اپنی آرام کی نہیں بلکہ دوسروں کی ضرورت کی فکر کرتے تھے۔ ہمیں بھی غریبوں کی مدد میں دیر نہیں کرنی چاہیے۔
Q8 · 10 marks
درج ذیل نثر پارے کی تشریح کریں:آپ ﷺ کی نظر میں امیر و غریب سب برابر تھے۔ قبیلہ مخزوم کی ایک عورت نے ایک مرتبہ چوری کی تو سرداروں نے سفارش کرائی تو آپ ﷺ نے فرمایا: “تم سے پہلے کی قومیں اس لیے برباد ہو گئیں کہ جب کوئی بڑا آدمی جرم کرتا تو اسے چھوڑ دیتے اور معمولی آدمی جرم کرتا تو سزا پاتا۔ خدا کی قسم اگر محمد ﷺ کی بیٹی فاطمہ بھی چوری کرتی تو اس کا بھی ہاتھ کاٹ دیا جاتا۔”
Answer
سبق کا عنوان (1): اخلاق حسنہ مصنف کا نام (1): سید سلیمان ندوی خط کشیدہ الفاظ کے معانی (3): سفارش: کسی کے حق میں بات کرنا۔ برباد: تباہ۔ جرم: گناہ، قانون کی خلاف ورزی۔ تشریح (5): اس نثر پارے میں مصنف آپ ﷺ کے عدل و انصاف کا ذکر کرتے ہیں۔ آپ ﷺ کی نظر میں امیر و غریب سب برابر تھے۔ قبیلہ مخزوم کی ایک عورت نے چوری کی تو سرداروں نے سزا سے بچانے کی سفارش کرائی۔ آپ ﷺ نے فرمایا کہ پہلی قومیں اسی لیے تباہ ہوئیں کہ بڑا آدمی جرم کرتا تو چھوڑ دیتے اور معمولی آدمی کو سزا دیتے۔ پھر فرمایا کہ اگر میری بیٹی فاطمہ بھی چوری کرتی تو اس کا بھی ہاتھ کاٹ دیا جاتا۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ اسلام میں قانون سب کے لیے برابر ہے۔ ہمیں بھی انصاف میں کسی سے رعایت نہیں کرنی چاہیے۔
Q9 · 10 marks
درج ذیل نثر پارے کی تشریح کریں:پڑوسیوں کی ضرورت میں مدد فرماتے، بچوں سے بہت محبت کرتے۔ فصل کا نیا میوہ محفل میں موجود سب سے کم عمر بچے کو پہلے دیتے۔ راستے میں بچے ملتے تو ان کو سب سے پہلے سلام خود کرتے۔
Answer
سبق کا عنوان (1): اخلاق حسنہ مصنف کا نام (1): سید سلیمان ندوی خط کشیدہ الفاظ کے معانی (3): میوہ: پھل۔ محفل: مجلس۔ کم عمر: چھوٹی عمر والا۔ تشریح (5): اس نثر پارے میں مصنف آپ ﷺ کی بچوں سے شفقت اور پڑوسیوں سے ہمدردی بیان کرتے ہیں۔ آپ ﷺ پڑوسیوں کی ضرورت میں ان کی مدد فرماتے اور بچوں سے بہت محبت کرتے۔ جب فصل کا نیا پھل آتا تو محفل میں موجود سب سے چھوٹے بچے کو پہلے دیتے، حالانکہ بڑے بھی موجود ہوتے تھے۔ راستے میں بچے ملتے تو انھیں سلام کرنے میں پہل کرتے۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ ﷺ چھوٹوں پر شفقت اور ان کی عزت کو اہم سمجھتے تھے۔ ہمیں بھی بچوں سے شفقت اور اپنے پڑوسیوں سے ہمدردی کرنی چاہیے۔
Q10 · 10 marks
درج ذیل نثر پارے کی تشریح کریں:دین حق کی تبلیغ کے لیے آپ ﷺ طویل آزمائشوں اور متواتر ناکامیوں کے باوجود عزم و استقلال سے ڈٹے رہے اور فرمایا: “خدا کی قسم دین اسلام اپنے کمال کے مرتبے پر پہنچ کر رہے گا۔”
Answer
سبق کا عنوان (1): اخلاق حسنہ مصنف کا نام (1): سید سلیمان ندوی خط کشیدہ الفاظ کے معانی (3): آزمائشوں: امتحانوں، مشکلوں۔ متواتر: لگاتار۔ ناکامیوں: نامرادیوں۔ عزم و استقلال: مضبوط ارادہ اور کسی بات پر جمے رہنا۔ تشریح (5): اس نثر پارے میں مصنف آپ ﷺ کے عزم و استقلال کا ذکر کرتے ہیں۔ دین حق کی تبلیغ میں آپ ﷺ کو طویل آزمائشوں اور لگاتار ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ان مشکلوں کے باوجود آپ ﷺ نے نہ ہمت ہاری نہ اپنے ارادے سے ہٹے۔ آپ ﷺ نے پورے یقین سے فرمایا کہ دین اسلام اپنے کمال کے مرتبے پر پہنچ کر رہے گا۔ تاریخ گواہ ہے کہ آپ ﷺ کا یہ فرمان پورا ہوا۔ اس سے ہمیں سبق ملتا ہے کہ مضبوط ارادے اور ثابت قدمی سے ہر مشکل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
Test yourself on this chapter
Timed chapter tests, marked the moment you finish.
Practise with a free account
Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.