Parho

Class 9 Urdu · Chapter 18

غم ہے یا خوشی ہے تو: questions and answers

Every short question, long question and MCQ on this chapter's free papers, each with its answer. Try one yourself first, then check.

27short questions
9long questions
0MCQs

Short questions with answers

  1. Q1 · 2 marks

    «غم ہے یا خوشی» شاعر نے ہر حال میں زندگی کو کیسے قرار دیا ہے؟

    Answer

    شاعر نے ہر حال میں اپنے محبوب ہی کو اپنی زندگی قرار دیا ہے۔ چاہے زندگی میں خوشی ہو یا غم وہ اپنے محبوب کو ہی خوشی سمجھتا ہے۔

  2. Q2 · 2 marks

    شاعر نے آفتوں کے دور میں چین کی گھڑی کسے کہا ہے؟

    Answer

    شاعر نے اپنے محبوب کو ہی آفتوں اور مصیبتوں کے پر ہجوم دور میں چین اور سکھ کی گھڑی قرار دیا ہے۔

  3. Q3 · 2 marks

    شاعر نے اپنے آپ کو خزاں کی شام کیوں کہا ہے؟

    Answer

    شاعر نے اپنی زندگی کی تنہائی کو خزاں کی شام سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی زندگی میں بھی صرف تنہائی اور اداسی ہے۔

  4. Q4 · 2 marks

    شاعر نے اپنے محبوب کو دوستوں کے درمیان وجہ دوستی کیوں قرار دیا ہے؟

    Answer

    شاعر چوں کہ اپنے محبوب کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے اس کی گلیوں کے پھیرے لگاتا تھا اس لیے وہاں اس نے لوگوں سے دوستی کر لی اس لیے وہ اپنے محبوب کو اس دوستی کی وجہ قرار دیتا ہے۔

  5. Q5 · 2 marks

    شاعر نے اس دیار میں اپنے آپ کو اجنبی کیوں کہا ہے؟

    Answer

    شاعر نے محبوب سے جدائی اور بے وفائی کی وجہ سے اپنے آپ کو اس شہر میں اجنبی قرار دیا ہے۔ اس کو لگتا ہے کہ اب اس شہر میں وہ تنہا ہو گیا ہے۔

  6. Q6 · 2 marks

    «چین کی گھڑی» کو اپنے جملے میں اس طرح استعمال کریں کہ اس کا مفہوم واضح ہو جائے۔

    Answer

    زندگی میں چین کی گھڑی قسمت والوں کو ہی ملتی ہے۔

  7. Q7 · 2 marks

    «خزاں» کو اپنے جملے میں اس طرح استعمال کریں کہ اس کا مفہوم واضح ہو جائے۔

    Answer

    خزاں کے بعد بہار کا موسم آتا ہے۔

  8. Q8 · 2 marks

    «رت» کو اپنے جملے میں اس طرح استعمال کریں کہ اس کا مفہوم واضح ہو جائے۔

    Answer

    ہم کیا گئے کہ اس شہر کی رت ہی بدل گئی۔

  9. Q9 · 2 marks

    «وجۂ دوستی» کو اپنے جملے میں اس طرح استعمال کریں کہ اس کا مفہوم واضح ہو جائے۔

    Answer

    ایک جیسے شوق ان دونوں کی وجۂ دوستی تھے۔

  10. Q10 · 2 marks

    «دیار» کو اپنے جملے میں اس طرح استعمال کریں کہ اس کا مفہوم واضح ہو جائے۔

    Answer

    دیار غیر میں اس کا جی نہ لگا۔

  11. Q11 · 2 marks

    «اجنبی» کو اپنے جملے میں اس طرح استعمال کریں کہ اس کا مفہوم واضح ہو جائے۔

    Answer

    اجنبی لوگوں سے میل جول اچھا نہیں ہوتا۔

  12. Q12 · 2 marks

    شاعر نے اپنی غزل کے مطلع میں کون سی صنعت استعمال کی ہے، نشان دہی کریں۔

    Answer

    شاعر نے اپنی غزل کے مطلع میں صنعت تضاد استعمال کی ہے: خوشی یا غم۔

  13. Q13 · 2 marks

    ناصر کاظمی کی جائے پیدائش کہاں کی ہے؟

    Answer

    ناصر کاظمی کی جائے پیدائش انبالہ شہر (مشرقی پنجاب، انڈیا) کی ہے۔

  14. Q14 · 2 marks

    ناصر کاظمی کی والدہ کیا کرتی تھیں؟

    Answer

    ناصر کاظمی کی والدہ مشن گرلز ہائی سکول انبالہ میں سکول ٹیچر تھیں۔

  15. Q15 · 2 marks

    ناصر کاظمی نے پرائمری اور بعد کی تعلیم کہاں سے حاصل کی؟

    Answer

    ناصر کاظمی نے پرائمری تک تعلیم اپنی والدہ کے سکول سے حاصل کی۔ میٹرک مسلم ہائی سکول انبالہ سے کیا۔

  16. Q16 · 2 marks

    ناصر کاظمی نے اپنی تعلیم بیچ ہی میں کیوں ادھوری چھوڑ دی؟

    Answer

    ناصر کاظمی نے ایف اے اسلامیہ کالج ریلوے روڈ سے کیا اور بی اے کے لیے گورنمنٹ کالج لاہور میں داخلہ لیا مگر ناسازگار حالات کی وجہ سے تعلیم ادھوری چھوڑنی پڑی۔

  17. Q17 · 2 marks

    ناصر کاظمی کے والد گرامی کس شعبے سے منسلک تھے؟

    Answer

    ان کے والد گرامی سید محمد سلطان کاظمی رائل انڈین آرمی میں صوبے دار میجر تھے۔

  18. Q18 · 2 marks

    انبالہ سے لاہور آنے کے بعد وہ اپنے والدین کے ساتھ کہاں مقیم ہوئے؟

    Answer

    انبالہ سے ہجرت کر کے لاہور آنے کے بعد وہ کرشن نگر میں مقیم ہوئے۔

  19. Q19 · 2 marks

    ان کی شاعری میں کس طرح کی اداسی نظر آتی ہے؟

    Answer

    ناصر کاظمی کی شاعری میں میر کی سی اداسی نظر آتی ہے۔

  20. Q20 · 2 marks

    کیا کیا چیزیں ناصر کاظمی کی شاعری کے خاص موضوعات ہیں؟

    Answer

    شہر، رات اور مختلف سفر وغیرہ ان کی شاعری کے خاص موضوعات ہیں۔ اس کے علاوہ انھوں نے اپنے گرد و پیش سے علامتیں اور استعارے اخذ کیے ہیں۔

  21. Q21 · 2 marks

    شاعر نے کسے اپنی زندگی قرار دیا ہے؟

    Answer

    شاعر نے اپنے محبوب کو اپنی زندگی قرار دیا ہے۔

  22. Q22 · 2 marks

    تمام عمر شاعر نے کسی کی کمی محسوس کی ہے؟

    Answer

    تمام عمر شاعر نے اپنے محبوب ہی کی کمی محسوس کی ہے۔

  23. Q23 · 2 marks

    شاعر نے اس غزل میں بیک وقت کس کو بہار اور خزاں کہا ہے؟

    Answer

    شاعر نے اس غزل میں بیک وقت اپنے آپ کو ہی بہار بھی کہا اور خزاں بھی کہا ہے۔

  24. Q24 · 2 marks

    شاعری میں سہل ممتنع کسے کہتے ہیں؟

    Answer

    شاعری میں سہل ممتنع کا مطلب ہے کہ آسان اور سادہ زبان میں کہے گئے اشعار جن کے معنوں میں گہرائی ہو۔

  25. Q25 · 2 marks

    شاعر نے بہار کی رت کسے کہا ہے؟

    Answer

    شاعر نے بہار کی رت اپنے محبوب کو کہا ہے۔

  26. Q26 · 2 marks

    شاعر نے اپنے دوستوں سے دوستی کی وجہ کسے کہا ہے؟

    Answer

    شاعر نے اپنے محبوب کو ہی اپنے دوستوں سے دوستی کی وجہ کہا ہے۔

  27. Q27 · 2 marks

    شاعر کی پوری عمر میں کس چیز کی کمی ہے؟

    Answer

    شاعر کی پوری عمر میں بس صرف ایک اس کے محبوب ہی کی کمی ہے۔

Long questions with answers

  1. Q1 · 5 marks

    ناصر کاظمی کا تعارف لکھیں۔

    Answer

    ناصر کاظمی (۱۹۲۵ء۔۱۹۷۲ء): سید ناصر رضا کاظمی المعروف بہ ناصر کاظمی کی جائے ولادت انبالہ (مشرقی پنجاب، انڈیا) ہے۔ ان کے والد گرامی سید محمد سلطان کاظمی رائل انڈین آرمی میں صوبے دار میجر کے عہدے پر فائز تھے۔ والدہ کا تعلق علم و کتاب سے تھا اور وہ انبالہ کے مشن گرلز ہائی سکول میں ٹیچر تھیں۔ شاید یہی وجہ ہے کہ ناصر کاظمی نے پرائمری تک کی تعلیم اپنی والدہ کے سکول سے اور میٹرک مسلم ہائی سکول انبالہ سے کیا اور مزید تعلیم حاصل کرنے کے لیے لاہور آ گئے اور اسلامیہ کالج ریلوے روڈ میں داخلہ لے لیا، جہاں سے ایف اے پاس کیا۔ اس کے بعد بی اے کرنے کے لیے گورنمنٹ کالج لاہور میں داخلہ لیا مگر ناسازگار حالات کی وجہ سے بی اے کیے بغیر ہی تعلیم ترک کر دی۔ ناصر کاظمی قیام پاکستان کے بعد اپنے خاندان کے ہم راہ انبالہ سے ہجرت کر کے کرشن نگر لاہور میں آ گئے اور جب ان کے والدین کا سایہ سر سے جلدی اٹھ گیا تو انھوں نے ملازمت کرنے کی ٹھانی۔ ملازمت کے سلسلے میں پہلے تقریباً دو سال تک مجلہ «اوراق نو» کے مدیر رہے، پھر پانچ سال تک ماہنامہ «ہمایوں» کے مدیر کے فرائض انجام دیے اور بعد ازاں ایک سال تک ماہنامہ «خیال» کے مدیر و ناشر رہے۔ ازاں بعد ۱۹۶۴ء میں بطور سٹاف آرٹسٹ ریڈیو پاکستان لاہور کے ساتھ منسلک ہوئے اور یہ وابستگی تا دم واپسیں رہی۔ ناصر کاظمی کی شاعری کا آغاز زمانۂ طالب علمی سے ہی ہو چکا تھا۔ ان کی پہلی غزل ۱۹۴۵ء میں شائع ہوئی اور پھر وہ تواتر کے ساتھ رسائل و جرائد میں چھپتے رہے۔ ناصر کاظمی کی شاعری میں میر کی سی اداسی نظر آتی ہے۔ شہر، رات، سفر وغیرہ ان کے خاص موضوعات ہیں۔ انھوں نے روایت سے بغاوت کیے بغیر غزل میں نئی راہیں تلاش کیں۔ اردو شاعری میں ناصر کاظمی کا کمال یہ ہے کہ جو کچھ وہ اپنے گرد و پیش میں دیکھتے ہیں، وہیں سے علامتیں اور استعارے اخذ کرتے ہیں اور یہ ان کی انفرادیت ہے جسے انھوں نے بڑی سادگی اور درد مندی سے بیان کر دیا ہے۔ ان کی شاعری کے مجموعوں میں: «برگ نے، سر کی چھایا، نشاط خواب، دیوان اور پہلی بارش» شامل ہیں جب کہ ان کا تمام کلام «کلیات ناصر کاظمی» کی صورت میں شائع ہو چکا ہے۔

  2. Q2 · 2 marks

    غم ہے یا خوشی ہے تو میری زندگی ہے تو

    Answer

    غزل: غم ہے یا خوشی ہے تو — شاعر: ناصر کاظمی ناصر کاظمی چھوٹی بحر میں شاعری کرتے ہیں۔ ان کی شاعری میں اداسی، تنہائی، ہجر اور محرومیوں کی داستانیں ملتی ہیں۔ اس شعر میں شاعر کہتا ہے کہ اے میرے محبوب! مجھے نہیں معلوم کہ تم غم ہو یا خوشی ہو لیکن میری زندگی تم ہو۔ شاعر کہتا ہے کہ میری زندگی میں شامل ہر خوشی اور غم تمھاری ذات سے ہی جڑا ہوا ہے۔ اگر تم خوش ہو تو میں بھی خوش ہوتا ہوں۔ اگر تم دکھی ہو جاؤ تو میں بھی دکھی ہو جاتا ہوں۔ میری زندگی میں جتنی بھی رونقیں ہیں سب تمھاری وجہ سے ہیں اور اگر کوئی غم ہے تو وہ بھی تمھاری ہی بدولت ہے۔ شاعر محبوب کو زندگی قرار دیتا ہے۔

  3. Q3 · 2 marks

    آفتوں کے دور میں چین کی گھڑی ہے تو

    Answer

    غزل: غم ہے یا خوشی ہے تو — شاعر: ناصر کاظمی اس شعر میں شاعر کہتا ہے کہ ہر مشکل اور آفت یعنی مصیبت کے دور میں جب بھی میں تمھارے بارے میں سوچتا ہوں تو تم میرے لیے باعث سکون بن جاتے ہو۔ شاعر کہتا ہے کہ جب بھی مشکل یا پریشانی میں ہوتا ہوں تو اپنا حال دل اس کے گوش گزار کرتا ہوں تو میری پریشانیاں دور ہو جاتی ہیں۔ شاعر کہتے ہیں کہ میرے محبوب کا ساتھ میرے لیے سکون و مسرت کا باعث ہے۔ اس کی قربت میں دنیا کے سب حالات میرے لیے خوشی میں بدل جاتے ہیں۔

  4. Q4 · 2 marks

    میری رات کا چراغ میری نیند بھی ہے تو

    Answer

    غزل: غم ہے یا خوشی ہے تو — شاعر: ناصر کاظمی اس شعر میں شاعر اپنے دل کی کیفیت کا اظہار کرتے ہوئے کہتا ہے کہ میری سیاہ راتوں کا چراغ یعنی روشنی بھی تم ہی ہو۔ تمھیں یاد کرتے ہوئے جب تمھارے تصور میں کھو جاتا ہوں تب مجھے نیند آتی ہے۔ اے محبوب! تم میری زندگی کے ہر پہلو میں موجود ہو۔ خوشی، غمی، اندھیرے سے لے کر اجالے تک، نیند سے لے کر بیدار ہونے تک۔ بے چینی و بے قراری سے لے کر خوشی اور راحت تک بس تم ہی میری امیدوں کا محور و مرکز ہو۔

  5. Q5 · 2 marks

    میں خزاں کی شام ہوں رُت بہار کی ہے تو

    Answer

    غزل: غم ہے یا خوشی ہے تو — شاعر: ناصر کاظمی شام کو ایک عجیب سی تنہائی اور یاسیت فضا میں بس جاتی ہے۔ خزاں کے موسم میں جنگلوں اور باغوں میں درختوں کے پتے شاخوں سے جھڑ جاتے ہیں۔ درخت خالی خالی سوکھی ٹہنیوں کی وجہ سے بے رنگ نظر آتے ہیں۔ شام کی خاموشی اور تنہائی اس منظر کو اور اداس کر دیتی ہے۔ کچھ ایسا ہی حال اس شعر میں ناصر کاظمی نے اپنا بیان کیا ہے۔ شاعر کہتا ہے کہ اے محبوب! میری حالت بھی اس موسم خزاں کی اداس شام جیسی ہو جاتی ہے۔ جب کہ تمھیں دیکھ کر میرا دل کھل اٹھتا ہے اور تم بالکل بہار کی رُت کی طرح ہو۔ جیسے بہار میں ہر طرف پھول کھلتے ہیں اس طرح تم کو دیکھ کر میرے اندر بھی زندگی کی بہار کا موسم پیدا ہو جاتا ہے۔

  6. Q6 · 2 marks

    دوستوں کے درمیاں وجۂ دوستی ہے تو

    Answer

    غزل: غم ہے یا خوشی ہے تو — شاعر: ناصر کاظمی اس شعر میں شاعر کہتا ہے کہ جب سے میری تم سے شناسائی ہوئی ہے تب سے میری ان لوگوں سے بھی دوستی ہو گئی ہے جو تمھارے حلقۂ احباب میں موجود ہیں۔ ان سے بھی دوستی ہو گئی ہے جن کی آنکھیں تمھارے حسن کے جلوؤں کی چکا چوند سے خیرہ ہو جاتی ہیں۔ تمھارے حسن اور سیرت کی وجہ سے مجھے ان سب لوگوں سے بھی ملنا پڑتا ہے جن سے میں پہلے واقف نہیں تھا۔ لیکن میرا مقصد تو صرف اور صرف تم سے دوستی کرنا ہے۔ تم تک پہنچنے کے لیے مجھے اوروں سے بھی اچھے تعلقات رکھنا پڑتے ہیں۔ جب کہ میں ایک تنہائی پسند اور گوشہ نشین تھا لیکن اب میں صرف تمھارے کوچے میں تمھیں دیکھنے اور تم سے بات کرنے کے لیے آتا ہوں یوں ان لوگوں کے درمیان تم دوستی کی وجہ بھی ہو۔

  7. Q7 · 2 marks

    میری ساری عمر میں ایک ہی کمی ہے تو

    Answer

    غزل: غم ہے یا خوشی ہے تو — شاعر: ناصر کاظمی شاعر کہتا ہے کہ یوں تو مجھے زندگی کی ہر چیز ہی میسر ہے۔ میری زندگی میں شاید سوائے تمھارے اور کسی چیز کی کمی نہیں۔ دراصل یہ بھی انسانی فطرت ہے کہ کسی کو چاہنا اور پھر چاہے جانے کا خوب صورت احساس دنیا کی ہر چیز سے زیادہ قیمتی ہے۔ مجھے بھی اب یہی لگتا ہے کہ اگر تم بھی میری زندگی میں داخل ہو جاؤ تو ہر کمی پوری ہو جائے گی۔ اگر تمھاری توجہ اور التفات کی نظر مجھے حاصل ہو جائے تو میری بے رنگ زندگی میں بہاروں کے رنگ شامل ہو جائیں گے۔ اب تو صرف تمھاری ہی ایک کمی ہے۔ اس کے علاوہ میرے پاس سب کچھ ہے۔

  8. Q8 · 2 marks

    میں تو وہ نہیں رہا ہاں مگر وہی ہے تو

    Answer

    غزل: غم ہے یا خوشی ہے تو — شاعر: ناصر کاظمی اس شعر میں شاعر محبوب سے شکوہ کرتے ہوئے کہتا ہے کہ میں تو اب وہ نہیں رہا۔ زندگی نے مجھے بہت سے غموں اور تکلیفوں سے گہنا دیا ہے مگر تم ابھی تک وہی ہو، بہتر، تازہ اور خوش باش۔ غم دوراں اور غم جاناں دونوں نے مل کر میری شخصیت اور جذبات کو سرد کر دیا ہے۔ میرا دل جیسے بجھ سا گیا ہے۔ جس شخص سے زیادہ وفا کی ہوتی ہے اسی کو دکھ بھی زیادہ ہوتا ہے۔ مگر تم تو ویسے ہی ہو بے وفا اس لیے تمھیں کوئی پریشانی نہیں۔

  9. Q9 · 2 marks

    ناصر اس دیار میں کتنا اجنبی ہے تو

    Answer

    غزل: غم ہے یا خوشی ہے تو — شاعر: ناصر کاظمی اس آخری شعر میں ناصر کاظمی اپنے آپ سے خود ہی مخاطب ہو کر کہتے ہیں کہ ناصر اس شہر میں تو کتنا اجنبی ہے۔ اپنے محبوب کی بے وفائی کے بعد تو خود کو کتنا تنہا سا محسوس کرنے لگا ہے۔ جب سے میں اپنے محبوب سے جدا ہوا ہوں مجھے پورا شہر بیگانہ لگنے لگا ہے۔ شہر تو اسی طرح رونقوں اور رنگوں سے بھرا ہوا ہے لیکن میں اپنے بھرے پرے شہر میں بھی اپنے آپ کو اجنبی محسوس کرنے لگا ہوں۔ اب مجھے لگتا ہے سارا شہر بھائیں بھائیں کرتا ہے۔ محبت اور محبوب کتنی عجیب چیزیں ہیں۔ انسان کو خود سے ہی بیگانہ کر دیتی ہیں۔

Test yourself on this chapter

Timed chapter tests, marked the moment you finish.

See the chapter tests

Practise with a free account

Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.

Create free account