Parho

Class 9 Urdu · Chapter 16

فقیرانہ آئے صدا کر چلے: questions and answers

Every short question, long question and MCQ on this chapter's free papers, each with its answer. Try one yourself first, then check.

34short questions
8long questions
0MCQs

Short questions with answers

  1. Q1 · 2 marks

    شاعر نے فقیرانہ انداز میں کن لفظوں میں دعا کی ہے؟

    Answer

    شاعر نے فقیرانہ انداز میں سب کو خوش رہنے کی دعا کی ہے۔

  2. Q2 · 2 marks

    شاعر نے اپنے کس عہد کو وفا کہا ہے؟

    Answer

    شاعر نے اپنے محبوب کے بغیر زندہ نہ رہنے کا عہد کیا تھا اور اسے ہی وفا کرنا یعنی نبھانے کا کہہ رہا ہے۔

  3. Q3 · 2 marks

    شاعر کو مقدور تک دوا کرنے کے باوجود شفا کیوں نہ ملی؟

    Answer

    شاعر نے مقدور تک اپنے مرض کی دوا کی مگر اسے کہیں سے بھی شفا نہ ملی تب تھک ہار کر اس نے کہا لگتا ہے اس کے مقدر میں شفا ہی نہیں۔

  4. Q4 · 2 marks

    شاعر کے نزدیک حق بندگی کس طرح ادا ہوتا ہے؟

    Answer

    شاعر کے نزدیک خدا کا حق بندگی تو ادا ہو ہی نہیں سکتا کیوں کہ رب کی رحمتیں اور نعمتیں بیش بہا ہیں۔ پھر بھی اسے لگتا ہے کہ لمبے لمبے سجدوں سے حق بندگی ادا ہوتا ہے۔

  5. Q5 · 2 marks

    شاعر نے کس بات کا شکر ادا کیا ہے؟

    Answer

    شاعر نے اپنی اس غزل میں اس بات کا شکر ادا کیا ہے کہ اسے اپنے دوستوں کے کسی طرح کے دکھ اور غم دیکھنے نہیں پڑے۔

  6. Q6 · 2 marks

    مطلع اور مقطع کسے کہتے ہیں؟ میر کی اس غزل سے مثالیں دیں۔

    Answer

    مطلع: غزل کا پہلا شعر مطلع کہلاتا ہے اور مطلع کے دونوں مصرعے ہم قافیہ ہوتے ہیں۔ جیسے میر کی شامل کتاب غزل کا پہلا شعر: فقیرانہ آئے صدا کر چلے میاں خوش رہو ہم دعا کر چلے مقطع: غزل کے آخری شعر کو مقطع کہتے ہیں جو حاصل غزل کہلاتا ہے۔ شاعر اس میں اپنا تخلص استعمال کرتا ہے۔ جیسے کہ میر کی شامل کتاب غزل کا آخری شعر: کہیں کیا جو پوچھے کوئی ہم سے میر جہاں میں تم آئے تھے کیا کر چلے

  7. Q7 · 2 marks

    قافیہ کسے کہتے ہیں اور ردیف کیا ہوتی ہے؟ اس غزل میں قافیے اور ردیف کی نشان دہی کریں۔

    Answer

    قافیہ: ہم آواز الفاظ کو قافیہ کہتے ہیں۔ (مثلاً: دعا، صدا، جدا، ادا، دوا، دکھا، کیا) ردیف: غزل کے ہر شعر کے آخر میں دہرائے جانے والے الفاظ کو ردیف کہتے ہیں۔ مثلاً: کر چلے۔

  8. Q8 · 2 marks

    لفظ «صدا» کو اپنے جملے میں اس طرح استعمال کریں کہ اس کی تذکیر و تانیث واضح ہو جائے۔

    Answer

    فقیر گلی میں صدا لگا رہا تھا۔

  9. Q9 · 2 marks

    لفظ «عہد» کو اپنے جملے میں اس طرح استعمال کریں کہ اس کی تذکیر و تانیث واضح ہو جائے۔

    Answer

    اکبر بادشاہ کا عہد بہت شان دار تھا۔

  10. Q10 · 2 marks

    لفظ «تقدیر» کو اپنے جملے میں اس طرح استعمال کریں کہ اس کی تذکیر و تانیث واضح ہو جائے۔

    Answer

    تقدیر لکھنے والا صرف اللہ تعالیٰ ہے۔

  11. Q11 · 2 marks

    لفظ «شفا» کو اپنے جملے میں اس طرح استعمال کریں کہ اس کی تذکیر و تانیث واضح ہو جائے۔

    Answer

    شفا تو صرف اللہ تعالیٰ کی طرف سے آتی ہے۔

  12. Q12 · 2 marks

    لفظ «جبیں» کو اپنے جملے میں اس طرح استعمال کریں کہ اس کی تذکیر و تانیث واضح ہو جائے۔

    Answer

    مہ جبیں کتنا خوب صورت نام ہے۔

  13. Q13 · 2 marks

    لفظ «سجدہ» کو اپنے جملے میں اس طرح استعمال کریں کہ اس کی تذکیر و تانیث واضح ہو جائے۔

    Answer

    ہم صرف رب کے حضور سجدہ ریز ہوتے ہیں۔

  14. Q14 · 2 marks

    لفظ «غم دوستاں» کو اپنے جملے میں اس طرح استعمال کریں کہ اس کی تذکیر و تانیث واضح ہو جائے۔

    Answer

    ہر انسان میں غم دوستاں سہنے کا حوصلہ نہیں ہوتا۔

  15. Q15 · 2 marks

    لفظ «داغ» کو اپنے جملے میں اس طرح استعمال کریں کہ اس کی تذکیر و تانیث واضح ہو جائے۔

    Answer

    میرے دل پر دکھ کے بے شمار داغ ہیں۔

  16. Q16 · 2 marks

    میر تقی میر کا اصل نام کیا تھا؟

    Answer

    میر تقی میر کا اصل نام میر محمد تقی تھا۔ وہ میر تخلص کرتے تھے۔

  17. Q17 · 2 marks

    میر تقی میر کے والد کس قسم کے انسان تھے؟

    Answer

    میر تقی میر کے والد میر علی متقی ایک درویش منش، عاشق صالح اور شب بیدار صوفی تھے۔

  18. Q18 · 2 marks

    میر تقی میر کے والد نے ان سے کیا کہا تھا؟

    Answer

    ان کے والد نے کہا تھا: «اے بیٹے! عشق اختیار کر کیوں کہ بے عشق زندگی وبال ہے۔ دنیا میں سب کچھ عشق کا مظہر ہے۔ دنیا فقط ایک ہنگامہ ہے اس کا عاشق بن جس کا یہ آئینہ ہے۔»

  19. Q19 · 2 marks

    میر کی ساری عمر کس سے عبارت ہے؟

    Answer

    میر کی ساری عمر عشق سے عبارت ہے اور عشق میں درد و غم اور ہجر سے واسطہ پڑتا ہے۔

  20. Q20 · 2 marks

    کس چیز کی فکر میر کو آگرے سے دلی لے آئی؟

    Answer

    تلاش معاش یعنی غم روزگار کے لیے میر آگرے سے اٹھ کر دلی آ گئے۔

  21. Q21 · 2 marks

    میر کا کلام کس طرح کا ہے؟

    Answer

    میر کا کلام درد و سوز سے بھرا ہوا ہے۔

  22. Q22 · 2 marks

    غزل کا بادشاہ کسے کہتے ہیں؟

    Answer

    میر تقی میر ہی غزل کے بادشاہ کہلائے جاتے ہیں۔

  23. Q23 · 2 marks

    میر کی شاعری کی زبان کس طرح کی ہے؟

    Answer

    میر کی شاعری کی زبان شستہ، سادہ اور پاکیزہ ہے۔

  24. Q24 · 2 marks

    میر کے بیانیہ کے انداز میں کس چیز کی بہتات ملتی ہے؟

    Answer

    میر کے بیانیہ کے انداز میں عاشقانہ مضامین اور سوز و گداز کی بہتات ملتی ہے۔

  25. Q25 · 2 marks

    میر کی شاعری میں اور کس قسم کے مضامین ملتے ہیں؟

    Answer

    میر کی شاعری میں تصوف کے مضامین بھی ملتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کے عہد کی سیاسی اور معاشرتی حالات کی عکاسی بھی پائی جاتی ہے۔

  26. Q26 · 2 marks

    میر تقی میر نے اس غزل میں کس کو اور کیا دعا دی ہے؟

    Answer

    میر تقی میر نے اس غزل میں سب کو ہی سدا خوش رہنے کی دعا دی ہے۔

  27. Q27 · 2 marks

    میر نے عہد وفا کس کو کہا ہے؟

    Answer

    میر نے عہد وفا، وفاداری کو پورا کرنے کو کہا ہے۔

  28. Q28 · 2 marks

    میر تقی میر کی زندگی کیا چیز نہیں تھی؟

    Answer

    میر تقی میر خود کو بے بس محسوس کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ان کی زندگی میں یا تقدیر میں شفا شاید ہے ہی نہیں۔

  29. Q29 · 2 marks

    کیا چیز میر تقی میر نے نہیں دیکھی؟

    Answer

    میر نے اپنے دوستوں کا کوئی دکھ اور غم نہیں دیکھا۔

  30. Q30 · 2 marks

    شاعر کس عہد کو پورا کر کے جا رہا ہے؟

    Answer

    شاعر نے اپنے محبوب کے بغیر نہ جینے کا وعدہ کیا تھا۔ جب محبوب ہی اسے نہیں ملا تو وہ اس دنیا سے جا رہا ہے۔

  31. Q31 · 2 marks

    شاعر خود سے کیسے جدا ہو گیا؟

    Answer

    اپنے محبوب کو دیکھنے کے بعد وہ اس کے حسن کی تاب نہ لا سکا اور اپنے آپ سے ہی جدا ہو گیا۔

  32. Q32 · 2 marks

    آخری شعر میں میر تقی میر نے کیا کہا ہے؟

    Answer

    آخری شعر میں میر تقی میر نے اپنے ہی بارے میں کہا ہے کہ وہ اس دنیا میں کوئی خاص کام نہیں کر سکے اور یوں ہی خالی واپس جا رہے ہیں۔

  33. Q33 · 2 marks

    غزل کے پہلے شعر کو کیا کہتے ہیں؟

    Answer

    غزل کے پہلے شعر کو مطلع کہتے ہیں۔

  34. Q34 · 2 marks

    غزل کے آخری شعر کو کیا کہتے ہیں؟

    Answer

    غزل کے آخری شعر کو مقطع کہتے ہیں۔

Long questions with answers

  1. Q1 · 5 marks

    میر تقی میر کا تعارف لکھیں۔

    Answer

    میر تقی میر (۱۷۲۳ء۔۱۸۱۰ء): اصل نام میر محمد تقی تھا اور میر تخلص کرتے تھے۔ جائے ولادت اکبر آباد (آگرہ، انڈیا) ہے۔ والد گرامی کا نام میر علی متقی تھا جو ایک درویش منش، عاشق صالح اور شب بیدار صوفی تھے۔ اگرچہ والد کا سایہ اس وقت ہی سر سے اٹھ گیا تھا جب میر کی عمر فقط گیارہ سال تھی مگر ان کی باتیں عمر بھر دل پر نقش رہیں۔ میر اپنی خودنوشت «ذکر میر» میں ایک جگہ لکھتے ہیں کہ ایک دن انھوں نے مجھ سے مخاطب ہو کر فرمایا: «اے بیٹے! عشق اختیار کر کیوں کہ بے عشق زندگی وبال ہے۔ کائنات کی سب چیزیں عشق میں گرداں ہیں۔ دنیا میں جو کچھ ہے، عشق کا مظہر ہے۔ دنیا ایک ہنگامے سے کچھ زیادہ نہیں۔ کسی ایسے کا عاشق بن، جس کا یہ دنیا آئینہ ہے۔» چناں چہ میر کی ساری عمر عشق سے عبارت ہے اور عشق میں درد و غم اور ہجر و فراق سے واسطہ پڑنا ایک لازمی امر ہے۔ والد کے انتقال کے ساتھ ہی میر کی پریشانیوں کا آغاز ہو گیا۔ تلاش معاش کی فکر انھیں آگرے سے دلی لے آئی۔ پہلے ایک نواب کے ہاں ملازم ہوئے، پھر اپنے ماموں سراج الدین علی خان آرزو کے زیر دست رہے اور ان کی بدسلوکی کی وجہ سے دل برداشت ہو گئے۔ یہ وہ زمانہ ہے جب نادر شاہ، احمد شاہ ابدالی، مرہٹوں اور سکھوں کے تابڑ توڑ حملوں نے دلی کو تہ و بالا کر کے رکھ دیا تھا اور لوگ ترک سکونت اور ہجرت کرنے پر مجبور ہو گئے تھے۔ چناں چہ میر تقی میر بھی عاجز آ کر ساٹھ سال کی عمر میں لکھنؤ چلے گئے اور زندگی کے باقی ایام وہیں گزار کر عازم ملک عدم ہوئے۔ چناں چہ ان حالات کے زیر اثر میر کا کلام بھی درد و سوز سے لبریز ہے۔ میر کو غزل کا بادشاہ کہا جاتا ہے اور غزل کی شناخت ان سے ہے۔ انھوں نے غزل میں سادہ بیانی کو شعار بنایا اور اس میں وہ تاثر پیدا کیا کہ اردو کے عظیم شاعروں ذوق، غالب، حسرت، مجروح اور اکبر الٰہ آبادی جیسے نام ور شاعروں نے ان کی عظمت کو سلام اور انھیں اپنا استاد تسلیم کیا۔ میر کی زبان شستہ، سادہ اور پاکیزہ تھی۔ ان کے بیان میں عاشقانہ مضامین اور سوز و گداز کی بہتات ہے۔ تصوف کے مضامین بھی موجود ہیں جو ان کے عہد کی سیاسی و معاشرتی حالات کی عکاسی کرتے ہیں۔ شامل کتاب غزل ان میں سے ایک ہے۔

  2. Q2 · 2 marks

    فقیرانہ آئے صدا کر چلے میاں خوش رہو ہم دعا کر چلے

    Answer

    غزل: فقیرانہ آئے، صدا کر چلے — شاعر: میر تقی میر میر تقی میر کی شاعری میں سوز و گداز اور درد کی بہتات ہے۔ ان کی شاعری میں ان کے عہد کی سیاسی اور معاشرتی حالات کی عکاسی ملتی ہے۔ تصوف کا رنگ بھی جھلکتا ہے۔ اس شعر میں میر کہتے ہیں کہ ہم اس دنیا میں فقیروں کی طرح آئے۔ تیرے در پر آ کر صدا لگائی۔ کیا کسی نے یہاں سے جھولی میں کچھ ڈال دیا؟ نہیں! تو ہم نے سب کو دعا دی۔ فقیر کا کام ہی سب کو دعا دینا ہوتا ہے۔ میر کہتے ہیں کہ کسی نے ہماری حاجت پوری کی اور کسی نے نہیں کی۔ کسی قدر دان نے احسان سلوک کیا اور کسی نے دھتکار دیا مگر ہم نے بد دعا نہیں دی کیوں کہ فقیرانہ مزاج کے لوگ ہر لالچ سے بے نیاز ہوتے ہیں۔ میر اپنے بارے میں کہتے ہیں کہ میں دنیاوی ہر لالچ جس میں عہدہ اور مقام و مرتبہ وغیرہ ہو کسی چیز کی طلب نہیں رکھتا۔ میں نے محتاجی اور فاقہ مستی میں بھی صبر سے کام لیا۔ میں نے اپنے رب کی خوش نودی کے لیے ہر ایک کو دعائیں دی کہ مجھے اللہ کا قرب حاصل ہو سکے۔

  3. Q3 · 2 marks

    جو تجھ بن نہ جینے کو کہتے تھے ہم سو اس عہد کو اب وفا کر چلے

    Answer

    غزل: فقیرانہ آئے، صدا کر چلے — شاعر: میر تقی میر اس شعر میں میر تقی میر اپنے محبوب سے وفاداری کا اظہار کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ اے میرے محبوب! میں نے تم سے محبت کی تھی اور تمھارے وصل کی خواہش میرے سینے میں موجزن تھی۔ میں نے عہد کیا تھا کہ ہمیشہ تمھارے ساتھ جیوں گا اور تمھارے بغیر زندہ نہیں رہوں گا۔ میری شدید محبت کے باوجود تم نے بے وفائی کر کے مجھ سے تعلق توڑ دیا۔ ہم نے تمھارے وصل کی بہت سی کوششیں کیں مگر تمھارا وصل حاصل نہ ہو سکا۔ میں نے تو تم ہی کو چاہا تھا اور کہا تھا کہ تمھارے بغیر میں زندہ نہیں رہوں گا۔ تم نے میرے اس جذبے کو سراہنے کی پروا تک نہ کی۔ اب تمھارے بغیر میری زندگی بے رونق اور اداس ہے۔ میں تمھارے بغیر جی بھی نہیں سکتا اس لیے میں اس دنیا سے جا رہا ہوں کہ اب میرے زندہ رہنے کا کوئی جواز نہیں۔ میں اپنے عہد کو پورا کر کے اپنی وفا کا ثبوت چھوڑے جا رہا ہوں۔

  4. Q4 · 2 marks

    شفا اپنی تقدیر ہی میں نہ تھی کہ مقدور تک تو دوا کر چلے

    Answer

    غزل: فقیرانہ آئے، صدا کر چلے — شاعر: میر تقی میر اس شعر میں میر اپنی بیماری کا ذکر کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ مریض عشق ہوں میرا کسی چیز میں جی نہیں لگتا۔ نہ کچھ کھانے کو جی کرتا ہے اور نہ کچھ پینے کو۔ نہ کہیں جانا اچھا لگتا ہے اور نہ کسی سے ملنا۔ بس ہر وقت محبوب کے تصور میں کھویا سا رہتا ہوں۔ میرے دوستوں نے میرے علاج کے لیے بہتیرے ہاتھ پاؤں مارے مگر کچھ افاقہ نہ ہوا۔ میں نے خود بھی اپنے اس مرض سے چھٹکارا پانے کے لیے بہت سی کوششیں کیں مگر لگتا ہے شفا ہمارے نصیب میں ہی نہیں۔ میں نے تمھارے عشق میں کیا کچھ نہیں کیا مگر جواب میں تمھاری محبت نہ ملی۔ میں نے حتی الامکان اس مرض کے علاج کے لیے ہر طور لاکھوں جتن کیے مگر اب تو ایسا نظر آتا ہے کہ میرے مقدر میں شفا ہی نہیں ہے۔ اب دیکھیں آگے کیا ہوتا ہے۔

  5. Q5 · 2 marks

    دکھائی دیے یوں کہ بے خود کیا ہمیں آپ سے بھی جدا کر چلے

    Answer

    غزل: فقیرانہ آئے، صدا کر چلے — شاعر: میر تقی میر اس شعر میں میر کہتے ہیں کہ اپنے محبوب کی ایک جھلک دیکھنے کو ہم بے تاب و بے قرار تھے اور جیسے ہی محبوب کا دیدار ہوا تو ہم اس کے حسن و جمال کی تاب نہ لا سکے۔ ہم اس کی ہستی کے آگے بے خود ہو کر خود اپنے آپ سے بھی جدا ہو گئے۔ غور کیا جائے تو اس شعر میں ایک حقیقی رنگ بھی نظر آتا ہے۔ جب شاعر کو اللہ کی معرفت حاصل ہوئی تو عشق حقیقی کے رنگ میں ایسا ڈوبا کہ دنیا و مافیہا سے بے خبر ہو گیا۔ اللہ ہی اس کائنات کا خالق ہے اور محور و مرکز بھی ہے اور مصور بھی۔ جب اللہ کا دیدار ہو جائے تو کسی کو بھی خبر نہیں رہتی۔ اللہ کے نور سے ہوش و حواس بھک سے اڑ جاتے ہیں۔ یہاں تک کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام کو جب کوہ طور پر اللہ کی تجلی نظر آئی تو وہ اس کی تاب نہ لا سکے اور بے ہوش ہو گئے۔ ان کی اپنی ذات بھی اپنی نہ رہی رب تعالیٰ کی ہو گئی۔

  6. Q6 · 2 marks

    جبیں سجدہ کرتے ہی کرتے گئی حق بندگی ہم ادا کر چلے

    Answer

    غزل: فقیرانہ آئے، صدا کر چلے — شاعر: میر تقی میر میر تقی میر کا یہ رنگ خالص اللہ کی محبت میں ڈوبا ہوا ہے۔ میر کہتے ہیں کہ اللہ نے انسان کو بے پایاں نعمتیں عطا کی ہیں۔ سب سے خوب صورت چیز عقل عطا کی ہے اور بے انتہا عنایتوں کی بارش کی ہے۔ اب ان نعمتوں اور مہربانیوں کا تقاضا ہے کہ انسان اللہ تعالیٰ کا ہر لمحہ شکر بجا لائے۔ اس کا شکر گزار بندہ ہے۔ میر کہتے ہیں کہ مجھ پر جو تیری عنایتیں ہیں میں ان کے شکرانے کے لیے تیرے حضور سجدہ ریز ہوتا ہوں۔ تیری نعمتیں مجھ پر اس قدر زیادہ ہیں کہ میری جبیں بس تجھے سجدہ کرتے ہی کرتے جاتی ہے اور مجھے لگتا ہے کہ میں حق بندگی ادا کر چکا ہوں۔ مگر انسان میں کہاں اتنی سکت کہ وہ تیری بندگی کا حق ادا کر سکے۔ کیوں کہ رب کریم تو سراپا عطا ہی عطا ہے۔ وہ تو اپنے منکروں تک کو اپنی نعمتوں سے نوازتا ہے۔ ہم تو تیرے نام لیوا ہیں مگر ہم عبادت کے باوجود تیری بندگی کا حق ادا نہیں کر سکتے۔ پھر بھی شاعر کے دل میں اللہ کی محبت اتنی زیادہ ہے کہ اسے لگتا ہے شاید وہ حق ادا ہو جائے گا۔

  7. Q7 · 2 marks

    نہ دیکھا غم دوستاں شکر ہے ہمیں داغ اپنا دکھا کر چلے

    Answer

    غزل: فقیرانہ آئے، صدا کر چلے — شاعر: میر تقی میر اس شعر میں میر کہتے ہیں کہ ہم نے اپنے دوستوں کا کوئی غم نہیں دیکھا۔ ہم نے اپنے دکھ درد انھیں سنائے۔ میر چوں کہ رنج و الم کے شاعر بھی کہلاتے ہیں۔ ان کی شاعری میں ہمیں رنج و الم اور غم جاناں کے رنگ دکھائی دیتے ہیں۔ میر نے ملک کی سیاسی ابتری کے حالات بھی دیکھے اور خانہ جنگی بھی۔ ان کے گھریلو حالات بھی تنگ دستی کا شکار رہے۔ سوتیلے بھائیوں کا ناروا سلوک، جوان بیٹی کی موت الغرض بہت سے دکھ اٹھائے۔ مگر پھر بھی وہ کہتے ہیں کہ میں نے تو رنج و الم اور دکھ درد اٹھائے ہیں مگر میں خوش ہوں کہ میرے دوستوں نے ایسے دن نہیں دیکھے۔ میرے دوست ایک اچھی اور آسودہ زندگی بسر کرتے رہے۔ شاید اگر میرے دوستوں میں سے کسی کو اتنے دکھ جھیلنے پڑتے تو مجھ سے برداشت نہ ہوتا۔ میں نے اپنی جان پر پڑے دکھوں اور مشکلوں کو تو کاٹ لیا مگر میں ان کے دکھ سن بھی نہ سکتا۔

  8. Q8 · 2 marks

    کہیں کیا جو پوچھے کوئی ہم سے میر جہاں میں تم آئے تھے کیا کر چلے

    Answer

    غزل: فقیرانہ آئے، صدا کر چلے — شاعر: میر تقی میر میر اس شعر میں زندگی کا نچوڑ بتاتے ہوئے درس دے رہے ہیں کہ اللہ نے انسان کو دنیا میں خلیفہ بنا کر بھیجا ہے۔ اللہ نے اپنے بندوں کو بے پایاں صلاحیتوں سے نوازا ہے۔ اب انسان کو چاہیے کہ اپنا مقصد حیات تلاش کرے۔ دراصل وہ یہ کہنا چاہتے ہیں کہ انسان زندگی میں آرام و آسائش پا کر اپنے جینے کا مقصد سرے سے بھلا بیٹھتا ہے۔ وہ دنیا کی رونقوں اور رنگینیوں میں کھو جاتا ہے۔ بہت سا وقت بے کار باتوں میں گزار دیتا ہے۔ اس شعر میں میر اپنے آپ سے مخاطب ہیں۔ کہتے ہیں اے میر! تو دنیا میں آ کر کیا کیا؟ کیا کمایا؟ پوری زندگی تم نے اپنا کوئی ڈھنگ کا مقصد نہ بنایا۔ اپنے فرائض احسن طریقے سے پورے نہ کیے۔ عیش و عشرت اور شعر و شاعری میں پڑے رہے اور اب تمھاری عمر کی نقدی ختم ہونے کو ہے تو تم کف افسوس مل رہے ہو۔ جب رب تعالیٰ تم سے پوچھے گا کہ تم نے دنیا میں کیا کمایا؟ کون سے نیک اعمال کیے تب تم سے کوئی جواب نہ بن پڑے گا۔ ابھی بھی وقت ہے کچھ اچھے کام کر لو تاکہ خدا کو منہ دکھا سکو۔

Test yourself on this chapter

Timed chapter tests, marked the moment you finish.

See the chapter tests

Practise with a free account

Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.

Create free account