Parho

Class 9 Urdu · Chapter 12

محنت کی برکات: questions and answers

Every short question, long question and MCQ on this chapter's free papers, each with its answer. Try one yourself first, then check.

49short questions
17long questions
0MCQs

Short questions with answers

  1. Q1 · 2 marks

    انسان کو فضیلت، عزت اور فرماں روائی کب ملتی ہے؟

    Answer

    انسان کو محنت اور مشقت کی بدولت ہی فضیلت، عزت اور فرماں روائی ملتی ہے۔

  2. Q2 · 2 marks

    اگر مخفی جوہر کی خبر نہ لی تو کیا ہونے کا امکان ہے؟

    Answer

    اللہ تعالیٰ نے اپنی نعمتوں میں سے ایک عظیم نعمت بندوں کو مخفی جوہر یعنی چھپی ہوئی صلاحیتیں عطا کی ہیں۔ اگر ہم ان مخفی جوہروں کو تلاش نہ کر پائے تو یہ مٹی میں مل کر مٹی ہو جائیں گے۔

  3. Q3 · 2 marks

    اگر دور دراز کا سفر درپیش ہو تو گھڑ سوار پر کیا لازم آتا ہے؟

    Answer

    اگر دور دراز کا سفر درپیش ہو تو مسافر یعنی اس گھڑ سوار پر لازم ہے کہ وہ اپنے گھوڑے کو تیز تر دوڑائے تاکہ منزل پر بروقت پہنچ سکے۔

  4. Q4 · 2 marks

    بشر کے لیے سب سے بڑا سہارا کس کا ہے؟

    Answer

    بشر کے لیے بے شک سب سے بڑا سہارا اس کے پیدا کرنے والے خدا کا سہارا ہے۔

  5. Q5 · 2 marks

    ہمت کا حامی کون ہے؟

    Answer

    ہمت سے کام لینے والوں کا حامی و ناصر خدا ہے۔

  6. Q6 · 2 marks

    درج ذیل محاورات کو اپنے جملوں میں اس طرح استعمال کریں کہ ان کا مفہوم واضح ہو جائے۔ خبر لینا، مٹی ہو جانا، ہاتھ آنا، زور آزمانا، ہمت ہارنا، سامان کرنا، دائیں بائیں جھانکنا

    Answer

    خبر لینا: ٹھہرو ذرا! میں ابھی تمھاری خبر لیتا ہوں۔ مٹی ہو جانا: آصف نے نئے کاروبار میں محنت تو بہت کی مگر سارا پیسہ مٹی ہو گیا۔ ہاتھ آنا: اکبر کو کامیابی کا ہاتھ آنا بہت مشکل لگ رہا ہے۔ زور آزمانا: پہلوان نے اکھاڑے میں زور آزما کر آخر کار بازی جیت لی۔ ہمت ہارنا: مشکلات سے گھبرا کر ہمت ہارنا دانش مندی نہیں۔ سامان کرنا: منزل تک پہنچنے کے لیے خود ہی سامان کرنا ہوگا۔ دائیں بائیں جھانکنا: دائیں بائیں جھانکنے سے کبھی کچھ نہیں ملتا بلکہ ہمت کرنے سے ملتا ہے۔

  7. Q7 · 2 marks

    درج ذیل الفاظ کا درست تلفظ اعراب لگا کر واضح کریں۔ مشقت، ودیعت، مبادا، تلف، ہمت، درماں

    Answer

    مَشَقّت۔ وَدِیعَت۔ مَبادا۔ تَلَف۔ ہِمّت۔ دَرماں۔

  8. Q8 · 2 marks

    درج ذیل ذومعنی الفاظ کے معنی لکھیں۔ جست، غریب، کل، مانگ، لہر، سنگ، کف، لگن، مالٹا، محل

    Answer

    جست: چھلانگ، ایک دھات۔ غریب: نادار، بے چارہ۔ کل: مشین، آرام۔ مانگ: بالوں کی پٹی، مانگنا۔ لہر: موج، امنگ۔ سنگ: ساتھ، پتھر۔ کف: ہتھیلی، جھاگ۔ لگن: شوق، برتن۔ مالٹا: ایک پھل، ایک ملک۔ محل: شان دار عمارت، موقع۔

  9. Q9 · 2 marks

    شامل کتاب نظم «محنت کی برکات» صنف کے اعتبار سے کیا کہلائے گی؟

    Answer

    شامل کتاب نظم «محنت کی برکات» صنف کے اعتبار سے مسدس ہے۔

  10. Q10 · 2 marks

    نظم «محنت کی برکات» کا مرکزی خیال لکھیں جو تین چار سطروں سے زیادہ نہ ہو۔

    Answer

    مولانا الطاف حسین حالی کی نصاب میں شامل اس نظم کا مرکزی خیال یہ ہے کہ دنیا کی تمام رونقیں اور برکتیں محنت ہی میں شمار ہیں۔ محنت کی بدولت ہی انسانوں اور قوموں کو عظمت اور فضیلت حاصل ہوتی ہے۔ دنیا کے تمام بڑے اور نامور لوگوں نے محنت ہی کی بدولت اپنا مقام حاصل کیا۔ ہم بھی محنت سے کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔

  11. Q11 · 2 marks

    جانوروں کا تحفظ ہمارے ماحول کے لیے کیوں ضروری ہے؟

    Answer

    جانوروں کا تحفظ ہمارے ماحولیاتی نظام کی بقا اور تنوع کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

  12. Q12 · 2 marks

    وہ کون سی انسانی سرگرمیاں ہیں جو جانوروں کو خطرے سے دوچار کر سکتی ہیں؟

    Answer

    انسانی سرگرمیوں جیسا کہ جنگلات کی کٹائی، غیر قانونی شکار اور ماحولیاتی آلودگی نے بہت سے جانوروں کی نسلوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

  13. Q13 · 2 marks

    جانوروں کی نایاب انواع و اقسام کو کس طرح بچایا جا سکتا ہے؟

    Answer

    جانوروں کی نایاب انواع و اقسام کو بچانے کے لیے ان کے تحفظ کے اقدامات کے ذریعے انھیں بچایا جا سکتا ہے۔ نیز قدرتی پائیدار ماحول کی فراہمی بھی ہماری ذمہ داری ہے۔

  14. Q14 · 2 marks

    عبارت کو موزوں عنوان تجویز کریں۔

    Answer

    جانوروں کا تحفظ اور ماحول۔

  15. Q15 · 2 marks

    خواجہ الطاف حسین حالی کب اور کہاں پیدا ہوئے؟

    Answer

    خواجہ الطاف حسین حالی 1837ء کو پانی پت میں پیدا ہوئے۔

  16. Q16 · 2 marks

    خواجہ الطاف حسین کیا تخلص استعمال کرتے تھے؟

    Answer

    خواجہ الطاف حسین حالی تخلص استعمال کرتے تھے۔

  17. Q17 · 2 marks

    مولانا حالی نے کون سے استادوں سے فیض حاصل کیا؟

    Answer

    مولانا الطاف حسین حالی نے نواب مصطفی خان شیفتہ اور مرزا غالب سے فیض حاصل کیا۔

  18. Q18 · 2 marks

    مولانا حالی لاہور کب اور کیوں آئے؟

    Answer

    مولانا الطاف حسین حالی 1857ء کو لاہور آئے تھے۔ یہاں آ کر انھوں نے محمد حسین آزاد کے ساتھ مل کر نظم لکھنے کا آغاز کیا۔

  19. Q19 · 2 marks

    اردو ادب میں مولانا حالی کا کیا مقام ہے؟

    Answer

    اردو ادب میں مولانا حالی بہت بلند مقام رکھتے ہیں۔ وہ اردو کے پہلے سوانح نگار اور نقاد مانے جاتے ہیں۔

  20. Q20 · 2 marks

    اردو شاعری میں مولانا حالی کا بڑا کارنامہ کون سا ہے؟

    Answer

    اردو شاعری میں حالی کا سب سے بڑا کارنامہ ان کی طویل نظم «مد و جزر اسلام» ہے جو «مسدس حالی» کے نام سے مشہور ہے۔

  21. Q21 · 2 marks

    سر سید احمد خان نے مسدس حالی کے بارے میں کیا کہا تھا؟

    Answer

    سر سید احمد خان نے فرمایا: «جب خدا مجھ سے پوچھے گا کہ دنیا سے کیا لائے ہو تو میں کہوں گا کہ حالی سے مسدس لکھوا کر لایا ہوں اور کچھ نہیں۔»

  22. Q22 · 2 marks

    نظم «محنت کی برکات» کون سی طویل نظم سے لی گئی ہے؟

    Answer

    نظم «محنت کی برکات» طویل ترین نظم «مسدس حالی» سے لی گئی ہے۔

  23. Q23 · 2 marks

    «محنت کی برکات» کس ہیئت میں لکھی گئی ہے؟

    Answer

    «محنت کی برکات» نظم مسدس کی ہیئت میں لکھی گئی ہے۔

  24. Q24 · 2 marks

    مسدس کس نظم کو کہتے ہیں؟

    Answer

    ایسی نظم جس کے ہر بند میں چھ مصرعے ہوں ایسی نظم کو مسدس کہتے ہیں۔

  25. Q25 · 2 marks

    مشقت اور محنت کرنے والے لوگوں کو کیا حاصل ہوتا ہے؟

    Answer

    مشقت اور محنت کرنے والے لوگوں کو فضیلت، عزت اور فرماں روائی حاصل ہوتی ہے۔

  26. Q26 · 2 marks

    نہال کس طرح کے پودے کو کہتے ہیں؟

    Answer

    نہال سے مراد چھوٹے پودے ہیں۔

  27. Q27 · 2 marks

    الطاف حسین حالی نے جوہر سے کیا مراد لیا ہے؟

    Answer

    الطاف حسین حالی نے جوہر سے مراد وہ عظیم صلاحیتیں لی ہیں جو قدرت نے ہمیں دی ہیں۔

  28. Q28 · 2 marks

    اگر ہم نے زندگی میں جوہر کی قدر نہ کی تو کیا ہوگا؟

    Answer

    اگر ہم نے زندگی میں جوہر کی قدر نہ کی تو پھر وہ مٹی میں مٹی ہو جائیں گے اور ہم اللہ تعالیٰ کی نعمت سے محروم ہو جائیں گے۔

  29. Q29 · 2 marks

    شاعر نے اللہ تعالیٰ کی نعمت کن چیزوں کو کہا ہے؟

    Answer

    الطاف حسین حالی نے اللہ کی وہ صلاحیتیں جو اللہ تعالیٰ نے بندوں کو امانت کے طور پر عطا کی ہیں ان کو نعمتیں کہا ہے۔

  30. Q30 · 2 marks

    دنیا میں ہمارے لیے سب سے طاقت ور آسرا کون سا ہے؟

    Answer

    دنیا میں ہمارے لیے سب سے طاقت ور آسرا اللہ تعالیٰ کا ہے۔

  31. Q31 · 2 marks

    مولانا الطاف حسین حالی نے دنیا کے سہاروں کو کمزور کیوں کہا ہے؟

    Answer

    مولانا حالی نے دنیا کے سہاروں کو کمزور اور عارضی اس لیے کہا ہے کہ وقت آنے پر سب دنیاوی سہارے منہ موڑ لیتے ہیں۔

  32. Q32 · 2 marks

    جو لوگ محنت و مشقت کی ذلت اٹھاتے ہیں انھیں قدرت کی طرف سے کیا انعام ملتا ہے؟

    Answer

    جو لوگ محنت و مشقت کی ذلت اٹھاتے ہیں انھیں پروردگار کی طرف سے دنیا و آخرت میں بڑائی اور عزت ملتی ہے۔

  33. Q33 · 2 marks

    حالی کے نزدیک اپنی مشکلوں کو کیسے آسان کیا جا سکتا ہے؟

    Answer

    حالی کے نزدیک صرف اور صرف اللہ کی مدد اور اپنی محنت و مشقت سے اپنی زندگی کو آسان بنایا جا سکتا ہے۔

  34. Q34 · 2 marks

    «چھپا دست ہمت میں زور قضا ہے» اس مصرعے کا کیا مطلب ہے؟

    Answer

    اس مصرعے کا مطلب ہے کہ ہمت اور محنت کرنے والے ہاتھوں میں ہی تقدیر لکھی ہوتی ہے۔

  35. Q35 · 2 marks

    اڑے وقت کے بارے میں مولانا حالی کیا کہتے ہیں؟

    Answer

    مولانا حالی کہتے ہیں کہ ہماری ہمت بندھائے ہوئے اگر مشکل وقت آ جائے تو ہمت نہ ہارو بلکہ اپنی گاڑی کو ہانکتے چلے جاؤ۔

  36. Q36 · 2 marks

    شاعر کے نزدیک ہمت کا حامی کون ہوتا ہے؟

    Answer

    شاعر کے نزدیک ہمت کا حامی خدا ہوتا ہے۔ مثل مشہور ہے «ہمت مرداں مدد خدا»۔

  37. Q37 · 2 marks

    ہم خدا کی کس امانت کے امین ہیں؟

    Answer

    خدا نے اپنے بندوں کو مختلف قسم کی صلاحیتیں عطا کی ہیں۔ مولانا حالی نے ان صلاحیتوں کو چھپے ہوئے جوہر کہا ہے۔ ہم اسی امانت کے امین ہیں۔

  38. Q38 · 2 marks

    حالی کے والد کا کیا نام تھا؟

    Answer

    حالی کے والد کا نام خواجہ ایزد بخش تھا۔

  39. Q39 · 2 marks

    حالی نے انجمن پنجاب لاہور کے پلیٹ فارم سے کون سی نظمیں پیش کیں؟

    Answer

    حالی نے اپنی چار طویل نظمیں «برکھا رت»، «نشاط امید»، «حب وطن» اور «مناظرہ رحم و انصاف» انجمن پنجاب لاہور کے پلیٹ فارم سے پیش کیں۔

  40. Q40 · 2 marks

    حالی نے لاہور میں آ کر کہاں ملازمت اختیار کی؟

    Answer

    حالی نے لاہور میں گورنمنٹ بک ڈپو میں ملازمت اختیار کی۔

  41. Q41 · 2 marks

    قصیدہ کسے کہتے ہیں؟ اس کے کتنے حصے ہوتے ہیں؟

    Answer

    قصیدہ وہ صنف نظم ہے جو ارادی طور پر وجود میں آتی ہے اور شاعر ارادتاً کسی کی مدح و ستائش کرتا ہے۔ اس کے چار حصے ہوتے ہیں: تشبیب، گریز، مدح اور دعا۔

  42. Q42 · 2 marks

    غزل کے لغوی معنی کیا ہیں؟ غزل میں کن باتوں کا ذکر ہوتا ہے؟

    Answer

    غزل کے لغوی معنی عورتوں سے باتیں کرنا یا عورتوں کے حسن و جمال کی تعریف کرنا ہیں۔ غزل میں عشق و محبت کا ذکر ہوتا ہے اور شاعر اپنے فکر و خیال کا اظہار اشارے کنائے کی زبان میں نہایت لطیف پیرائے میں کرتا ہے۔

  43. Q43 · 2 marks

    مرثیہ کسے کہتے ہیں؟ مرثیے کے اجزائے ترکیبی لکھیں۔

    Answer

    مرثیے کے لغوی معنی غم و الم کے انداز میں کسی مرنے والے کا ذکر کرنا اور اس کے اوصاف بیان کرنے کے ہیں۔ مرثیے کے اجزائے ترکیبی یہ ہیں: چہرہ، سراپا، رخصت، آمد، رجز، رزم اور جنگ، شہادت اور بین۔

  44. Q44 · 2 marks

    مثنوی کسے کہتے ہیں؟

    Answer

    مثنوی اردو کی ایک مقبول صنف نظم ہے۔ اس میں ہر شعر کے دونوں مصرعے آپس میں ہم قافیہ اور ہم ردیف ہوتے ہیں اور تمام شعر ایک دوسرے سے جدا گانہ قافیہ اور ردیف رکھتے ہیں۔

  45. Q45 · 2 marks

    رباعی کسے کہتے ہیں؟

    Answer

    رباعی ایسی صنف شاعری ہے جس کے کل چار مصرعے ہوتے ہیں۔ پہلا دوسرا اور چوتھا مصرع ہم قافیہ اور ہم ردیف ہوتا ہے۔ ان چار مصرعوں میں ایک مکمل مضمون بیان کیا جاتا ہے۔

  46. Q46 · 2 marks

    قطعہ کسے کہتے ہیں؟

    Answer

    اصطلاح شعر میں دو یا دو سے زیادہ شعروں کو جو موضوع کے لحاظ سے ایک دوسرے سے متعلق ہوں قطعہ کہتے ہیں۔ قطعے میں بالعموم مطلع نہیں ہوتا اور یہ دو شعروں سے کم کا نہیں ہوتا۔

  47. Q47 · 2 marks

    مخمس کسے کہتے ہیں؟ ایک مثال دیں۔

    Answer

    اصطلاح میں مخمس ایسی نظم کو کہتے ہیں جس کا ہر بند پانچ مصرعوں پر مشتمل ہو۔ مثال کے طور پر نظیر اکبر آبادی کی نظم «برسات کی بہاریں» مخمس ہے۔

  48. Q48 · 2 marks

    مسدس کی تعریف کریں اور اس ہیئت میں لکھی گئی ایک مثال دیں۔

    Answer

    مسدس ایسی نظم ہے جس کا ہر بند چھ مصرعوں پر مشتمل ہو۔ اس کے پہلے چار مصرعے ہم قافیہ و ہم ردیف ہوتے ہیں اور پانچواں اور چھٹا مصرع الگ قافیے کا حامل ہوتا ہے۔ مولانا حالی کی «مسدس مد و جزر اسلام» اس کی مثال ہے۔

  49. Q49 · 2 marks

    ذومعنی الفاظ کسے کہتے ہیں؟ دو مثالیں دیں۔

    Answer

    وہ الفاظ جن کے دو یا دو سے زیادہ معنی ہوں ذومعنی یا ذومعنین الفاظ کہلاتے ہیں۔ مثلاً آب کے معنی پانی اور چمک ہیں اور بار کے معنی بوجھ اور باری ہیں۔

Long questions with answers

  1. Q1 · 5 marks

    نظم «محنت کی برکات» کا خلاصہ تحریر کریں۔

    Answer

    اس نظم میں حالی نے محنت کی برکات بیان کی ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ جنھوں نے مشقت کی ذلت اٹھائی انھیں آخر کار بڑائی ملی اور بغیر محنت کے کسی کو فضیلت، عزت اور حکمرانی نہیں ملی۔ ہم سب میں چھپی ہوئی صلاحیتیں اللہ کی امانت ہیں۔ اگر ہم نے ان کی خبر نہ لی تو یہ مٹی میں مل جائیں گی۔ شکار ہاتھ نہ آئے تو گھوڑے کو تیز دوڑانا پڑتا ہے۔ اسی طرح منزل کے لیے زیادہ محنت ضروری ہے۔ انسان کو ہمت نہیں ہارنی چاہیے اور اپنے کام خود کرنے چاہییں۔ اللہ کے سوا باقی سہارے عارضی ہیں۔ آخر میں شاعر کہتا ہے کہ اپنی مشکل خود حل کرو کیوں کہ ہمت کا حامی خدا ہے۔

  2. Q2 · 5 marks

    نظم «محنت کی برکات» کا مرکزی خیال تحریر کریں۔

    Answer

    اس نظم کا مرکزی خیال یہ ہے کہ دنیا کی تمام رونقیں اور برکتیں محنت ہی کے دم سے ہیں۔ محنت کی بدولت ہی انسانوں اور قوموں کو عظمت اور فضیلت حاصل ہوتی ہے۔ دنیا کے تمام بڑے اور نامور لوگوں نے محنت ہی کی بدولت اپنا مقام بنایا۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں جو صلاحیتیں دی ہیں انھیں پہچاننا اور استعمال کرنا ہمارا فرض ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہمت نہ ہاریں، اپنے کام خود کریں اور صرف اللہ پر بھروسا رکھیں۔ ہم بھی محنت سے کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔

  3. Q3 · 2 marks

    مشقت کی ذلت جنھوں نے اٹھائی جہاں میں ملی ان کو آخر بڑائی

    Answer

    نظم: محنت کی برکات۔ شاعر: خواجہ الطاف حسین حالی۔ تشریح: حالی کہتے ہیں کہ دنیا میں جن لوگوں نے مشقت یعنی سخت محنت کی ذلت یعنی رسوائی اور تکلیف برداشت کی انھیں آخر کار بڑائی یعنی عظمت اور برتری ملی۔ ابتدا میں محنت کرنے والے کو لوگ معمولی سمجھتے ہیں مگر وہ ہار نہیں مانتا۔ صبر اور لگن سے کام کرنے والا ایک دن کامیاب ہو جاتا ہے۔ بڑی عزت کسی کو بغیر محنت کے نہیں ملتی۔ شاعر ہمیں سخت محنت کی ترغیب دیتا ہے۔ جیسے طالب علم دن رات پڑھ کر ہی اعلیٰ مقام پاتا ہے۔

  4. Q4 · 2 marks

    کسی نے بغیر اس کے ہرگز نہ پائی فضیلت نہ عزت نہ فرماں روائی

    Answer

    نظم: محنت کی برکات۔ شاعر: خواجہ الطاف حسین حالی۔ تشریح: شاعر کہتا ہے کہ محنت کے بغیر کسی نے بھی فضیلت یعنی برتری، عزت اور فرماں روائی یعنی حکومت نہیں پائی۔ دنیا میں جو بھی بڑا مقام رکھتا ہے وہ محنت ہی سے وہاں پہنچا ہے۔ عزت، علم اور حکمرانی سب محنت کے پھل ہیں۔ آرام پسند آدمی کو یہ چیزیں کبھی حاصل نہیں ہوتیں۔ اس لیے شاعر محنت کو کامیابی کی شرط قرار دیتا ہے۔ ہمیں بھی محنت کو اپنی عادت بنانا چاہیے۔

  5. Q5 · 2 marks

    نہال اس گلستاں میں جتنے بڑھے ہیں ہمیشہ وہ نیچے سے اوپر چڑھے ہیں

    Answer

    نظم: محنت کی برکات۔ شاعر: خواجہ الطاف حسین حالی۔ تشریح: شاعر دنیا کو گلستان یعنی باغ کہتا ہے اور نہال یعنی چھوٹے پودوں کی مثال دیتا ہے۔ جس طرح پودے آہستہ آہستہ نیچے سے اوپر بڑھ کر بڑے درخت بنتے ہیں اسی طرح انسان بھی ترقی کرتے ہیں۔ ہر بڑا آدمی پہلے چھوٹا ہوتا ہے مگر محنت اسے بلند کر دیتی ہے۔ ترقی ایک دن میں نہیں ہوتی بلکہ مسلسل کوشش سے ملتی ہے۔ شاعر کا پیغام ہے کہ محنت ہی اوپر چڑھنے کی سیڑھی ہے۔

  6. Q6 · 2 marks

    بہت ہم میں اور تم میں جوہر ہیں مخفی خبر کچھ نہ ہم کو نہ تم کو ہے جن کی

    Answer

    نظم: محنت کی برکات۔ شاعر: خواجہ الطاف حسین حالی۔ تشریح: حالی کہتے ہیں کہ ہم سب میں بہت سے جوہر یعنی خوبیاں اور صلاحیتیں مخفی یعنی چھپی ہوئی ہیں۔ افسوس یہ ہے کہ نہ ہمیں اور نہ تمھیں ان کی کوئی خبر ہے۔ بہت سے لوگ اپنی صلاحیتوں کو پہچانے بغیر زندگی گزار دیتے ہیں۔ جب تک ہم خود کو نہ پہچانیں ان خوبیوں سے فائدہ نہیں اٹھا سکتے۔ شاعر ہمیں اپنے اندر جھانکنے کا مشورہ دیتا ہے۔ جیسے کوئی بچہ اچھا کھلاڑی ہو مگر اسے خود معلوم نہ ہو۔

  7. Q7 · 2 marks

    اگر جیتے جی کچھ نہ ان کی خبر لی تو ہو جائیں گے مل کے مٹی میں مٹی

    Answer

    نظم: محنت کی برکات۔ شاعر: خواجہ الطاف حسین حالی۔ تشریح: شاعر کہتا ہے کہ اگر ہم نے جیتے جی یعنی زندگی ہی میں اپنے جوہروں کی خبر نہ لی تو یہ صلاحیتیں مٹی میں مل کر مٹی ہو جائیں گی۔ جیسے قیمتی چیز مٹی میں دب کر بے قدر ہو جاتی ہے۔ زندگی میں موقع محدود ہے اس لیے وقت پر صلاحیتوں کو پہچاننا ضروری ہے۔ جو لوگ ان کی قدر نہیں کرتے وہ پچھتاتے ہیں۔ شاعر ہمیں خبردار کرتا ہے۔ ہمیں آج ہی اپنی خوبیوں کو نکھارنا چاہیے۔

  8. Q8 · 2 marks

    یہ جوہر ہیں ہم میں امانت خدا کی مبادا تلف ہو ودیعت خدا کی

    Answer

    نظم: محنت کی برکات۔ شاعر: خواجہ الطاف حسین حالی۔ تشریح: حالی کہتے ہیں کہ ہم میں جو جوہر یعنی صلاحیتیں ہیں وہ خدا کی امانت ہیں۔ مبادا کا مطلب ہے کہ ایسا نہ ہو۔ ودیعت اس چیز کو کہتے ہیں جو دی گئی ہو۔ اگر ہم ان صلاحیتوں کو ضائع کر دیں گے تو اللہ کی دی ہوئی امانت میں خیانت ہوگی۔ ہمیں قیامت کے دن اس کا حساب دینا ہوگا۔ اس لیے ہمیں اپنی صلاحیتیں اچھے کاموں میں لگانی چاہییں۔ جیسے کسی کی دی ہوئی چیز کی ہم حفاظت کرتے ہیں۔

  9. Q9 · 2 marks

    نہیں سہل گر صید کا ہاتھ آنا تو لازم ہے گھوڑوں کو سرپٹ بھگانا

    Answer

    نظم: محنت کی برکات۔ شاعر: خواجہ الطاف حسین حالی۔ تشریح: شاعر کہتا ہے کہ اگر صید یعنی شکار کا ہاتھ آنا سہل یعنی آسان نہ ہو تو گھوڑوں کو سرپٹ یعنی بہت تیز بھگانا لازم ہے۔ یہاں شکار سے مراد مقصد یا منزل ہے۔ جب مقصد مشکل ہو تو آرام سے کام نہیں چلتا بلکہ زیادہ تیز کوشش کرنی پڑتی ہے۔ سست رفتاری سے مقصد ہاتھ سے نکل جاتا ہے۔ شاعر مشکل مقصد کے لیے زیادہ محنت کی تلقین کرتا ہے۔ جیسے مشکل امتحان کے لیے زیادہ تیاری کی جاتی ہے۔

  10. Q10 · 2 marks

    نہ بیٹھو جو ہے بوجھ بھاری اٹھانا ذرا تیز ہانکو جو ہے دور جانا

    Answer

    نظم: محنت کی برکات۔ شاعر: خواجہ الطاف حسین حالی۔ تشریح: حالی کہتے ہیں کہ اگر بھاری بوجھ اٹھانا ہو تو بیٹھے نہ رہو بلکہ کام شروع کرو۔ اور اگر دور جانا ہو تو سواری کو ذرا تیز ہانکو یعنی چلاؤ۔ بوجھ سے مراد بڑی ذمہ داریاں ہیں اور دور جانے سے مراد بڑی منزل ہے۔ بڑا مقصد پانے کے لیے سستی چھوڑ کر تیزی دکھانی پڑتی ہے۔ وقت ضائع کرنے سے منزل دور ہو جاتی ہے۔ شاعر ہمیں چست اور محنتی بننے کا سبق دیتا ہے۔

  11. Q11 · 2 marks

    زمانہ اگر ہم سے زور آزما ہے تو وقت اے عزیزو! یہی زور کا ہے

    Answer

    نظم: محنت کی برکات۔ شاعر: خواجہ الطاف حسین حالی۔ تشریح: شاعر کہتا ہے کہ زمانہ ہم سے زور آزما ہے یعنی ہم سے مقابلہ کر رہا ہے۔ ایسے میں اے عزیزو! یہی وقت زور لگانے کا ہے۔ ہمارے حریف ہم سے زیادہ طاقت ور ہوں تو ہمیں اپنے کام میں اور زیادہ محنت کرنی چاہیے۔ سستی کرنے والی قومیں پیچھے رہ جاتی ہیں۔ شاعر مقابلے کے دور میں پوری طاقت سے آگے بڑھنے کا مشورہ دیتا ہے۔ یہی بات علامہ اقبال نے بھی اپنے انداز میں کہی ہے۔

  12. Q12 · 2 marks

    بشر کو ہے لازم کہ ہمت نہ ہارے جہاں تک ہو کام آپ اپنے سنوارے

    Answer

    نظم: محنت کی برکات۔ شاعر: خواجہ الطاف حسین حالی۔ تشریح: حالی کہتے ہیں کہ بشر یعنی انسان پر لازم ہے کہ وہ ہمت نہ ہارے۔ جہاں تک ہو سکے اپنے کام آپ سنوارے یعنی خود درست کرے۔ مشکلات سے گھبرا کر بیٹھ جانا کم زوری ہے۔ جو شخص اپنا کام خود کرتا ہے وہ دوسروں کا محتاج نہیں رہتا۔ اللہ نے انسان کو ہمت اور طاقت دے کر مشکلات سے ٹکرانے کے قابل بنایا ہے۔ مثل مشہور ہے کہ ہمت مرداں مدد خدا۔

  13. Q13 · 2 marks

    خدا کے سوا چھوڑ دے سب سہارے کہ ہیں عارضی زور کمزور سارے

    Answer

    نظم: محنت کی برکات۔ شاعر: خواجہ الطاف حسین حالی۔ تشریح: شاعر کہتا ہے کہ خدا کے سوا سب سہارے چھوڑ دو کیوں کہ دنیا کے سارے زور عارضی یعنی تھوڑی دیر کے اور کمزور ہیں۔ دنیاوی سہارے وقت پڑنے پر ساتھ چھوڑ دیتے ہیں۔ حقیقی طاقت صرف اللہ تعالیٰ کی ہے۔ انسان کو چاہیے کہ پورا بھروسا اسی کی ذات پر رکھے۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ محنت چھوڑ دے بلکہ محنت کے ساتھ بھروسا خدا پر ہو۔ جو اللہ پر یقین رکھتا ہے اسے کوئی خوف نہیں رہتا۔

  14. Q14 · 2 marks

    اڑے وقت تم دائیں بائیں نہ جھانکو سدا اپنی گاڑی کو تم آپ ہانکو

    Answer

    نظم: محنت کی برکات۔ شاعر: خواجہ الطاف حسین حالی۔ تشریح: حالی کہتے ہیں کہ اڑے وقت یعنی مشکل وقت میں تم دائیں بائیں نہ جھانکو یعنی دوسروں کی مدد کی طرف نہ دیکھو۔ سدا اپنی گاڑی کو خود ہانکو یعنی اپنے کام خود کرو۔ مشکل میں دوسروں کی راہ دیکھنے سے وقت ضائع ہوتا ہے۔ جو آدمی اپنی گاڑی خود چلاتا ہے وہ منزل پر پہنچ جاتا ہے۔ شاعر ہمت اور خود انحصاری کا سبق دیتا ہے۔ جیسے طالب علم خود محنت کرے تو کام یاب ہوتا ہے۔

  15. Q15 · 2 marks

    تمھیں اپنی مشکل کو آساں کرو گے تمھیں درد کا اپنے درماں کرو گے

    Answer

    نظم: محنت کی برکات۔ شاعر: خواجہ الطاف حسین حالی۔ تشریح: حالی کہتے ہیں کہ اپنی مشکل کو تم ہی آسان کرو گے اور اپنے درد کا درماں یعنی علاج بھی تم ہی کرو گے۔ کوئی دوسرا تمھاری تکلیف دور کرنے نہیں آئے گا۔ اس لیے مدد کا انتظار کرنے کے بجائے خود کوشش کرنی چاہیے۔ حالات سے لڑنے والا ہی آخر کار مشکل پر قابو پاتا ہے۔ شاعر ہمیں اپنی طاقت پر بھروسا کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ جیسے مریض خود پرہیز کرے تو جلد صحت پاتا ہے۔

  16. Q16 · 2 marks

    تمھیں اپنی منزل کا ساماں کرو گے کرو گے تمھیں کچھ اگر یاں کرو گے

    Answer

    نظم: محنت کی برکات۔ شاعر: خواجہ الطاف حسین حالی۔ تشریح: شاعر کہتا ہے کہ اپنی منزل تک پہنچنے کا ساماں یعنی انتظام تم خود کرو گے۔ اگر یاں یعنی اس دنیا میں کچھ کرو گے تو تم ہی کرو گے۔ دوسرے لوگ تمھاری جگہ کام نہیں کر سکتے۔ کامیابی کے وسائل خود پیدا کرنے پڑتے ہیں۔ جو ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھا رہے وہ کچھ حاصل نہیں کرتا۔ شاعر ہمیں عمل کی طرف بلاتا ہے۔ جیسے سفر کے لیے مسافر خود تیاری کرتا ہے۔

  17. Q17 · 2 marks

    چھپا دست ہمت میں زور قضا ہے مثل ہے کہ ہمت کا حامی خدا ہے

    Answer

    نظم: محنت کی برکات۔ شاعر: خواجہ الطاف حسین حالی۔ تشریح: حالی کہتے ہیں کہ ہمت والے ہاتھوں یعنی دست ہمت میں قضا یعنی تقدیر کا زور چھپا ہوا ہے۔ مطلب یہ ہے کہ ہمت اور محنت کرنے والوں کی تقدیر ان کے اپنے ہاتھوں میں ہوتی ہے۔ مثل مشہور ہے کہ ہمت کرنے والے کا حامی یعنی مددگار خدا ہے۔ جو انسان کوشش کرتا ہے اللہ اس کی مدد کرتا ہے۔ ہمت ہارنے والے کو کبھی کامیابی نہیں ملتی۔ یوں پوری نظم کا خلاصہ ہمت اور محنت کی برکت ہے۔

Test yourself on this chapter

Timed chapter tests, marked the moment you finish.

See the chapter tests

Practise with a free account

Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.

Create free account