Parho

Class 9 Urdu · Chapter 5

کلیم اور مرزا ظاہر دار بیگ: questions and answers

Every short question, long question and MCQ on this chapter's free papers, each with its answer. Try one yourself first, then check.

34short questions
5long questions
0MCQs

Short questions with answers

  1. Q1 · 2 marks

    سبق “کلیم اور مرزا ظاہر دار بیگ” ڈپٹی نذیر احمد کے کس ناول سے مستعار ہے؟

    Answer

    سبق “کلیم اور مرزا ظاہر دار بیگ” ڈپٹی نذیر احمد کے مشہور ناول “توبۃ النصوح” سے مستعار ہے۔

  2. Q2 · 2 marks

    مرزا ظاہر دار بیگ کا مکان کہاں واقع تھا اور کیسا تھا؟

    Answer

    مرزا ظاہر دار بیگ کا مکان چھوٹا اور کچا سا تھا اور جمعدار کی محل سرائے کے عین بچھواڑے اپلوں کی ٹال کے برابر میں تھا۔

  3. Q3 · 2 marks

    مرزا ظاہر دار بیگ نے کلیم کو ایک رات کے لیے کس جگہ ٹھہرایا؟

    Answer

    مرزا ظاہر دار بیگ نے کلیم کو رات کے لیے مسجد ضرار جو مدینہ میں منافقین نے بنائی تھی اور ویران تھی اسی طرح کی اُجاڑ اور وحشت ناک سی مسجد میں ٹھہرایا۔

  4. Q4 · 2 marks

    مرزا ظاہر دار بیگ نے کلیم کو رات کا کھانا کس طور پر کھلایا؟

    Answer

    مرزا ظاہر دار بیگ نے رات کے کھانے کے طور پر فقط مٹھی بھر بھنے ہوئے چنے کھلائے اور اس کی تعریف میں زمین و آسمان کے قلابے ملائے۔

  5. Q5 · 2 marks

    مرزا ظاہر دار بیگ نے کلیم کو اپنے بارے میں کیا بتایا تھا اور وہ کیا نکلا؟

    Answer

    مرزا ظاہر دار بیگ نے اپنے آپ کو جمعدار صاحب کے بیٹے کے طور پر بتایا تھا جس کی بہت سی محل سرائیں، دیوان خانے اور دکانیں ہیں۔ لیکن اصل حقیقت میں وہ کنگلا نکلا جس کے پلے کچھ بھی نہیں تھا۔

  6. Q6 · 2 marks

    جب مرزا زبردست بیگ کلیم کے پیچھے بھاگا تو کلیم کس حلیے میں تھا؟

    Answer

    جب مرزا زبردست بیگ کلیم کے پیچھے بھاگا تو اس کی حالت کچھ ایسی تھی: رات بھر ویران مسجد کے صحن میں پڑا رہنے سے چمگادڑوں کی بیٹ اور ڈھیروں گرد اس کے بدن پر پڑی تھی جس کی وجہ سے وہ انسان کی بجائے بھتنا لگ رہا تھا۔

  7. Q7 · 2 marks

    اِعراب کی مدد سے ان الفاظ کا درست تلفظ واضح کریں۔ اپلوں سوندھی شمہ متصرف تنفس خفقان حشمت معترض اشتداد سخن سازی

    Answer

    اُپلوں، سَوندھی، شَمّہ، مُتَصَرِّف، تَنَفُّس، خَفَقان، حَشْمَت، مُعْتَرِض، اِشْتِداد، سُخَن سازی

  8. Q8 · 2 marks

    درج ذیل محاوروں کو اپنے جملوں میں اس طرح استعمال کریں کہ ان کا مفہوم واضح ہو جائے۔ واویلا مچانا، آنکھ لگنا، چکرا جانا، استغفار کرنا، تنبیہ پکڑنا، چمپت ہونا، دھوم ہونا، آنتوں کا قل ہو اللہ پڑھنا

    Answer

    واویلا مچانا: بھوک کے مارے چھوٹے بچے نے واویلا مچا دیا۔ آنکھ لگنا: میں بس ذرا دیر کو بیٹھی ہی تھی کہ آنکھ لگ گئی۔ چکرا جانا: اونچائی دیکھ کر اس کا سر چکرا گیا۔ استغفار کرنا: ہمیں اپنی کوتاہیوں پر استغفار کرنا چاہیے۔ تنبیہ پکڑنا: افسوس! تم نے اپنے غلط کاموں سے کوئی تنبیہ نہ پکڑی۔ چمپت ہونا: چور میری سائیکل لے کر چمپت ہو گیا۔ دھوم ہونا: شہر میں نئے ڈاکٹر کی بڑی دھوم ہے۔ آنتوں کا قل ہو اللہ پڑھنا: بھوک سے میری آنتیں قل ہو اللہ پڑھ رہی تھیں۔

  9. Q9 · 2 marks

    ڈپٹی نذیر احمد کب اور کہاں پیدا ہوئے؟

    Answer

    ڈپٹی نذیر احمد ۱۸۳۶ء کو بجنور کے ایک چھوٹے سے گاؤں “ریہڑ” میں پیدا ہوئے۔

  10. Q10 · 2 marks

    ڈپٹی نذیر احمد تعلیم کے بعد کس شعبے سے وابستہ ہوئے؟

    Answer

    ڈپٹی نذیر احمد تعلیم مکمل کر کے گجرات کے سکول میں مدرس بھرتی ہوئے اور پھر ڈپٹی انسپکٹر مدارس مقرر ہو گئے۔

  11. Q11 · 2 marks

    ڈپٹی نذیر احمد کو تحصیل دار کس وجہ سے بنایا گیا تھا؟

    Answer

    ڈپٹی نذیر احمد کو انڈین پینل کوڈ کے ترجمے کی وجہ سے تحصیل دار مقرر کیا گیا، بعد میں افسر بندوبست بن گئے۔

  12. Q12 · 2 marks

    ڈپٹی نذیر احمد نے زندگی کے آخری ایام کہاں گزارے؟

    Answer

    ڈپٹی نذیر احمد نے زندگی کے آخری ایام دہلی میں گزارے۔

  13. Q13 · 2 marks

    ڈپٹی نذیر احمد کے ناولوں کی خاص بات کیا تھی؟

    Answer

    ڈپٹی نذیر احمد کے ناولوں کی خاص بات ان کا وہ اصلاحی انداز ہے جس سے انھوں نے مشرقی، دینی اور معاشرتی اصلاح کا کام لیا۔

  14. Q14 · 2 marks

    ڈپٹی نذیر احمد کی تحریروں کی زبان کیسی تھی؟

    Answer

    ڈپٹی نذیر احمد کی تحریروں کی زبان عوامی ہونے کے ساتھ ساتھ علمی بھی تھی انھیں عورتوں کے مخصوص محاورات پر خاص دسترس حاصل تھی۔

  15. Q15 · 2 marks

    اردو کے پہلے ناول نگار کا نام کیا ہے؟

    Answer

    اردو کے پہلے ناول نگار ڈپٹی نذیر احمد ہیں۔

  16. Q16 · 2 marks

    ڈپٹی نذیر احمد کے چند مشہور ناولوں کے نام بتائیں۔

    Answer

    ڈپٹی نذیر احمد کے مشہور ناولوں میں “مراۃ العروس، بنات النعش، توبۃ النصوح، فسانۂ مبتلا اور ابن الوقت” شامل ہیں۔

  17. Q17 · 2 marks

    کلیم اور مرزا ظاہر دار بیگ میں دوستی کیسے ہوئی؟

    Answer

    کلیم اور مرزا ظاہر دار بیگ ایک مشاعرے میں ملاقات کے بعد مرزا صاحب کلیم کے مکان پر باقاعدہ آنے لگے۔ اس طرح ان کے درمیان گہری دوستی ہو گئی۔

  18. Q18 · 2 marks

    مرزا ظاہر دار بیگ نے اپنے بارے میں کلیم کو کیا بتایا تھا؟

    Answer

    مرزا ظاہر دار بیگ نے اپنے بارے میں بتایا تھا کہ وہ جمعدار کا وارث اور مختار ہے۔ اس لیے اس کے پاس محل سرا، دیوان خانے اور نوکر چاکر سب موجود ہیں۔

  19. Q19 · 2 marks

    کلیم گھر سے نکل کر سیدھا مرزا ظاہر دار بیگ کی طرف کیوں گیا؟

    Answer

    کلیم کو غلط فہمی تھی کہ وہ محل سرا اور دیوان خانوں کا مالک ہے، لہٰذا وہ اس کے گھر رہنے چلا گیا۔

  20. Q20 · 2 marks

    مرزا ظاہر دار بیگ کا مکان کیسا تھا؟

    Answer

    مرزا ظاہر دار بیگ کا مکان اپلوں کے ٹال کے برابر چھوٹا سا اور نہایت خستہ تھا۔

  21. Q21 · 2 marks

    ظاہر دار کس حلیے میں گھر سے باہر آیا؟

    Answer

    کلیم کے آواز دینے پر ظاہر دار رنگ دھڑنگ جانگیا پہنے باہر آیا۔

  22. Q22 · 2 marks

    کلیم جس مسجد میں سویا اس کی کیا حالت تھی؟

    Answer

    کلیم جس مسجد میں سویا وہ ایک چھوٹی اور پرانی سی مسجد تھی۔ نہ کوئی ملا تھا اور نہ ہی کوئی طالب علم یا مسافر۔ ہر طرف چمگادڑیں اڑ رہی تھیں۔

  23. Q23 · 2 marks

    مسجد میں کلیم کی طبیعت کس وجہ سے گھبرا رہی تھی؟

    Answer

    اندھیرے کی وجہ سے کلیم کی طبیعت گھبرا رہی تھی۔ اس لیے اس نے ظاہر دار سے کہا کہ چراغ بھیج دینا۔

  24. Q24 · 2 marks

    چراغ لانے کی بجائے ظاہر دار نے کلیم سے کیا کہا؟

    Answer

    ظاہر دار نے کہا کہ اگر چراغ جلایا تو اس پر پروانے اور ابابیلیں آئیں گی۔ لہٰذا چراغ رہنے دیجیے ابھی کچھ ہی دیر میں چاند نکل آئے گا۔

  25. Q25 · 2 marks

    کلیم نے بے غیرت بن کر ظاہر دار سے کیا کہا؟

    Answer

    کلیم چونکہ بھوکا تھا اور ظاہر دار بیگ نے کھانے کے بارے میں نہیں پوچھا لہٰذا کلیم نے بے غیرت بن کر خود ہی اسے کھانے کا کہہ دیا۔

  26. Q26 · 2 marks

    ظاہر دار کلیم کے کھانے کے لیے کیا لایا؟

    Answer

    ظاہر دار کلیم کے کھانے کے لیے چھدامی بھڑ بھونجے سے چنے بھنوا لایا اور لگا چنوں کی تعریف کے پل باندھنے۔

  27. Q27 · 2 marks

    کلیم کو چنے زیادہ مزے دار کیوں لگے؟

    Answer

    کلیم بہت بھوکا تھا، اس لیے اسے چنے زیادہ مزے دار معلوم ہوئے۔

  28. Q28 · 2 marks

    مرزا ظاہر دار نے کلیم کے لیے کیسا بستر بھیجا؟

    Answer

    مرزا نے کلیم کے لیے ایک میلی سی دری اور ایک کثیف سا تکیہ بھیجا۔

  29. Q29 · 2 marks

    کلیم مرزا کے گھر سے کیا لینا چاہتا تھا؟

    Answer

    کلیم چاہتا تھا کہ منہ ہاتھ دھونے کے لیے پانی مل جائے اور کوئی پرانی جوتی اور ٹوپی تاکہ گلی میں چلنے کے قابل ہو سکے۔

  30. Q30 · 2 marks

    مرزا کے گھر والوں نے کلیم سے کیا کہا؟

    Answer

    مرزا کے گھر والوں نے کہا کہ مرزا تو قطب صاحب چلے گئے ہیں۔ انھوں نے دری اور تکیے کا پوچھا اور ساتھ ہی زبردست بیگ سے کہا کہ اسے پکڑ لو کہیں بھاگ نہ جائے۔

  31. Q31 · 2 marks

    زبردست بیگ کلیم کو پکڑ کر کہاں لے گیا؟

    Answer

    زبردست بیگ کلیم کو پکڑ کر سیدھا کوتوالی لے گیا۔

  32. Q32 · 2 marks

    کوتوال کلیم کی بات پر یقین کیوں نہیں کر رہا تھا؟

    Answer

    کلیم کی ظاہری حالت اتنی مخدوش تھی کہ کسی کو بھی اس کی بات پر یقین نہ تھا کہ وہ نصوح کا بیٹا ہے۔

  33. Q33 · 2 marks

    کوتوال نے سپاہیوں کو کیا نصیحت کی؟

    Answer

    کوتوال نے کہا کہ جا کر میاں نصوح سے پوچھیں۔ اگر وہ کلیم کو اپنا بیٹا مانیں تو اسے چھوڑ آنا ورنہ لا کر حوالات میں بند کر دینا۔

  34. Q34 · 2 marks

    کلیم پولیس کے پنجے سے کیسے چھٹا اور اسے نجات کیسے ملی؟

    Answer

    کلیم مرزا کو زبردست بیگ نے پکڑ کر کوتوالی کے حوالے کر دیا۔ سپاہی اسے میاں نصوح کے پاس لے گئے یوں باپ کی شناخت پر اسے نجات ملی۔

Long questions with answers

  1. Q1 · 5 marks

    سبق “کلیم اور مرزا ظاہر دار بیگ” کا خلاصہ تحریر کریں۔

    Answer

    خلاصہ کلیم نصوح کا بڑا بیٹا ہے، جس میں بہت سی برائیاں موجود ہیں۔ کلیم دہلی کے ایک نامور رئیس کا بیٹا ہے۔ گھر کے لاڈ پیار اور بری صحبت نے اس میں بہت سی بُرائیاں پیدا کر دیں۔ اسے شعر و شاعری اور کھیل تماشوں کا شوق ہے۔ کام کاج کی ذمہ داریوں سے وہ جی چراتا ہے۔ اس کے باپ کی دولت کی وجہ سے خود غرض لوگ اس کے دوست بن گئے۔ نصوح کی شدید خواہش تھی کہ وہ اپنی اولاد کی تربیت بہترین دینی احکام کے مطابق کرے لیکن کلیم اپنے بُرے طور طریقوں کو چھوڑنے پر ہرگز تیار نہیں ہوتا۔ کئی مرتبہ باپ نے بڑے بیٹے کو سمجھانے کی کوشش کی مگر بے سود۔ ایک دن باپ نے کلیم کو اپنے پاس نصیحت کے لیے بلایا تو اس نے نافرمانی کی۔ تب ماں نے زیادہ اصرار کیا تو وہ آنکھیں دکھا کر بگڑ کر گھر سے نکل کھڑا ہوا۔ گھر سے وہ سیدھا اپنے ایک دوست مرزا ظاہر دار بیگ کے گھر ہو لیا۔ یوں تو مرزا ظاہر دار بیگ غریب آدمی تھا مگر اپنے آپ کو بہت امیر ظاہر کیا کرتا تھا۔ ہر وقت رئیس زادوں کی طرح بنا ٹھنا رہتا تھا۔ کلیم اور مرزا ظاہر دار بیگ گہرے دوست تھے۔ اس نے اپنے گہرے دوست کلیم کو بتا رکھا تھا کہ وہ بے حد امیر ہے اور اس کے بہت سارے دیوان خانے اور محل سرائیں ہیں۔ کلیم اسی خیال کو ذہن میں لیے جمعدار صاحب کی محل سرا میں پہنچا۔ لونڈی نے بتایا کہ مرزا تو اپلوں کی ٹال کے برابر ایک کچے مکان میں رہتا ہے۔ لہٰذا اسے یوں معلوم پڑتا ہے کہ وہ کوئی رئیس زادہ نہیں بلکہ ایک کنگال شخص ہے۔ مرزا ننگ دھڑنگ گھر سے باہر آیا اور کلیم کو دیکھ کر شرمندہ ہو گیا۔ کلیم نے بتایا کہ وہ وہیں اس کے پاس رات ٹھہرے گا۔ مرزا اس کو ایک پرانی چھوٹی سی مسجد میں ٹھہرانے لے گیا۔ مسجد ضرار کی طرح ویران اور وحشت ناک۔ کلیم حیرت زدہ رہ گیا کہ مرزا کی عمارت کہاں گئی۔ کلیم نے باپ کی طلب، بھائی کی التجا، ماں کا اصرار اور اپنے انکار کا ماجرا سنایا۔ مرزا نے بتایا کہ جمعدار مرحوم نے مجھے اپنا جانشین مقرر کیا مگر لوگوں نے رخنہ ڈالا۔ اب آپ آرام فرمائیے، میں گھر سے بچھونا بھجواتا ہوں۔ کلیم نے کہا پہلے ایک چراغ تو بھجوا دیں کہ تاریکی ہے۔ مرزا نے کہا ابھی چاند نکلنے والا ہے، روشنی ہو جائے گی۔ کلیم چوں کہ بھوکا تھا، آخر اس نے خود ہی بے غیرت بن کر کھانے کا تقاضا کیا۔ مرزا نے کہا کہ اب تو سب دکانیں بند ہو گئیں اور گھر میں کچھ نہیں۔ چلو میں چھدامی بھڑ بھونجے سے گرم گرم چنے بھنوا لاتا ہوں۔ دھیلے کے چنے لا کر مرزا چنوں کی خوب تعریفیں کرنے لگا۔ کلیم چوں کہ بھوکا تھا، چنے اسے پہلے کبھی نہ دیکھے ہوئے مزے دار معلوم ہوئے۔ مرزا نے گھر جا کر ایک میلی سی دری اور گندا تکیہ بھیج دیا۔ اگلی صبح دن چڑھے جاگا تو کیا دیکھتا ہے کہ مسجد کے فرش پر پڑا ہے اور کوئی عیار اس کی ٹوپی، جوتی، رومال، چھڑی، تکیہ، دری سب لے کر چمپت ہوا۔ مسجد ویران تھی اور پانی تک نہ تھا۔ کلیم صبر سے بیٹھا مرزا کا انتظار کرتا رہا مگر مرزا اس کو نہ آنا تھا نہ آیا۔ دوپہر کو کوئی لڑکا کھیلتا ہوا آ نکلا، کلیم نے پکارا تو خوف زدہ ہو کر بھاگ نکلا۔ ناچار کلیم نے وہ دن فاقے سے گزارا۔ رات ہوئی تو کلیم مرزا کے مکان پر گیا، پتا چلا کہ وہ سویرے ہی قطب صاحب چلا گیا ہے۔ کلیم نے سوچا کہ منہ ہاتھ دھونے کو پانی مانگ لوں اور مرزا کی پرانی جوتی اور ٹوپی مانگ لوں تو کہا کہ مرزا ظاہر دار بیگ میرا دوست ہے، اسی کی وجہ سے میں نے رات مسجد میں کاٹی۔ گھر سے آواز آئی: مرزا زبردست بیگ! دیکھنا یہ مردوا کہیں چل نہ دے، دوڑ کر تکیہ اور دری تو اس سے لے لو۔ یہ سن کر کلیم تیزی سے بھاگا تو زبردست بیگ نے فوراً پیچھا کرتے ہوئے گلی کی نکڑ پر “چور چور” کہہ کر پکڑ لیا اور کوتوالی لے گیا۔ کلیم نے اپنا حسب نسب بتایا تو کوتوال نے کہا کہ نصوح کا بڑا بیٹا کلیم تو شاعر ہے اور اس کی شاعری کی دھوم ہے، تمھاری یہ حیثیت کہ ننگے سر، ننگے پاؤں! کلیم نے کہا کہ میں ہی وہ بدنصیب ہوں، کل شب مسجد اور مرزا کی شان میں جو کہا سنا۔ کلام سن کر کوتوال نے اتنی رعایت دی کہ دو سپاہی کلیم کے ہمراہ بھیجے کہ نصوح اگر اسے اپنا بیٹا بتائیں تو چھوڑ دینا ورنہ واپس حوالات میں رکھنا۔ سپاہی نے جب نصوح کے پاس جا کر کلیم کے متعلق پوچھا تو اس نے آنکھیں نیچی کر کے کہا کہ جب حضرت نوح علیہ السلام نے اپنے بیٹے کو ڈوبتے دم تک بیٹا ہی کہا تھا تو میں اس کے فرزند ہونے سے کیسے انکار کر سکتا ہوں۔

  2. Q2 · 5 marks

    سبق “کلیم اور مرزا ظاہر دار بیگ” کا مرکزی خیال تحریر کریں۔

    Answer

    مرکزی خیال “توبۃ النصوح” ڈپٹی نذیر احمد کا ایک معاشرتی ناول ہے۔ اس ناول سے ہمیں یہ معلوم ہوتا ہے کہ ایک باپ کی ناراضگی اللہ تعالیٰ کی ناراضگی کے مترادف ہے۔ بچوں کو اپنے والدین کا حکم ماننا چاہیے۔ اگر وہ نافرمانی کریں گے تو اذیت و رسوائی کے سوا کچھ بھی حاصل نہیں کریں گے۔ کلیم شاعری کے میدان میں بلند مقام رکھتا ہے لیکن معمولی سی بات پر باپ سے ناراض ہو کر گھر سے نکل جاتا ہے اور اس کا قریبی دوست مرزا ظاہر دار بیگ بھی اس کی کوئی مدد نہیں کرتا اور وہ رسوا ہو کر گھر کو لوٹتا ہے۔

  3. Q3 · 10 marks

    درج ذیل پیراگراف کی تشریح کریں۔ کلیم نے جو مسجد میں آ کر دیکھا تو معلوم ہوا کہ نہایت پرانی چھوٹی سی مسجد ہے، مسجد ضرار کی طرح ویران و وحشت ناک۔ نہ کوئی حافظ ہے، نہ طالب علم، نہ مسافر۔ ہزار ہا چمگادڑیں اس میں رہتی ہیں کہ ان کی تسبیح بے ہنگام سے کان کے پردے پھٹے جاتے ہیں۔ فرش پر اس قدر بیٹ پڑی ہے کہ بجائے خود کھڑنجے کا فرش بن گیا ہے۔ مرزا کے انتظار میں چار و ناچار اسی مسجد میں ٹھہرنا پڑا۔ مرزا آئے بھی تو اتنی دیر کے بعد کہ کلیم مایوس ہو چکا تھا۔ قبل اس کے کہ کلیم شکایت کرتا، مرزا صاحب بطور دفع دخل مقدر فرمانے لگے کہ بندے کے گھر میں کئی دن سے طبیعت علیل ہے۔ خفقان کا عارضہ، اختلاج قلب کا روگ ہے۔ اب جو میں آپ کے پاس آیا تو غشی میں پایا۔ اسی وجہ سے دیر ہوئی۔ پہلے تو یہ فرمائیے کہ اس وقت بندہ نوازی فرمانے کی کیا وجہ ہے؟ کلیم نے باپ کی طلب، اپنا انکار، بھائی کی التجا، ماں کا اصرار تمام ماجرا کہہ سنایا۔

    Answer

    سبق کا عنوان (1): کلیم اور مرزا ظاہر دار بیگ مصنف کا نام (1): ڈپٹی نذیر احمد خط کشیدہ الفاظ کے معانی (3): ویران: اُجاڑ وحشت ناک: خوف ناک چمگادڑ: ایک کالے رنگ کا بدنما سا پرندہ جو رات کو نظر آتا ہے تسبیح بے ہنگام: بے وقت کا شور کھڑنجے کا فرش: کھڑی اینٹ کا فرش چار و ناچار: مجبوراً دفع دخل: پیش بندی علیل: بیمار خفقان کا عارضہ / اختلاج قلب: دل کی بیماری، دل کی دھڑکن غشی: بے ہوشی تشریح (5): مرزا ظاہر دار بیگ کلیم کو ایک پرانی سی مسجد میں چھوڑ گیا جو مسجد ضرار کی طرح لگتی تھی جسے مدینہ کے منافقین نے اسلام کو زک پہنچانے کے لیے بنایا تھا۔ مگر نہ تو وہاں کوئی حافظ قرآن تھا، نہ مولوی اور نہ ہی طالب علم۔ کلیم کو لگا کہ وہ مسجد بھی اسی طرح کی تھی جہاں ہزاروں چمگادڑوں نے ڈیرے ڈال رکھے تھے جن کے شور سے کان پھٹے جاتے تھے۔ فرش پر پرندوں کی اتنی بیٹیں تھیں کہ وہ کھڑی اینٹ کا فرش معلوم ہوتا تھا۔ کلیم مجبوراً مرزا کے انتظار میں بیٹھا رہا۔ بہت دیر بعد جب مرزا آیا تو قبل اس کے کہ کلیم شکوہ کرتا مرزا فوراً گویا ہوا کہ میری بیوی کئی دنوں سے بیمار ہے، اسے دل کے بہت تیزی سے دھڑکنے کی بیماری ہے۔ یہاں سے اب جو میں گھر گیا تو وہ بے ہوش پڑی ملی۔ اسی لیے مجھے دیر ہوئی۔ ہاں! تو اب فرمائیے، اس وقت مجھے عزت دینے کی کیوں تکلیف فرمائی۔ جواب میں کلیم نے اپنے باپ کی خواہش، ماں اور بھائی کی التجا کی کہانی کہہ سنائی۔ مصنف کا نکتہ: جھوٹا آدمی بہانہ پہلے بنا لیتا ہے تاکہ شکایت سے بچ سکے۔ زندگی سے مثال: جیسے کوئی دوست دیر سے آئے اور آتے ہی مصروفیت کا بہانہ بنا دے۔

  4. Q4 · 10 marks

    درج ذیل پیراگراف کی تشریح کریں۔ ابھی کلیم کچھ کہنے بھی نہیں پایا تھا کہ مرزا جلدی سے اٹھ باہر گئے اور چشم زدن میں چنے بھنوا لائے۔ کہا تو دھیلے کا تھا مگر شاید اس کے پاس پیسے نہ تھے، لہٰذا دو تین مٹھی برابر تھے۔ مرزا فرمانے لگے کہ یار، تم بہت خوش قسمت ہو کہ اس وقت بھاڑ سے گرم گرم چنے مل گئے۔ والله ذرا ہاتھ تو لگا کر دیکھو کیسے بھلس رہے ہیں، گرم گرم ہیں۔ ان چنوں کی سوندھی سوندھی خوش بو بھی عجب دل فریب ہے کہ بس بیان نہیں ہو سکتا۔ تعجب ہے کہ لوگوں نے خس اور مٹی کا عطر تو نکالا مگر بھنے ہوئے چنوں کی طرف کسی کا ذہن منتقل نہیں ہوا۔ دیکھیے، اتنی تو رات گئی ہے مگر چھدامی کی دکان پر بھیڑ لگی ہوئی ہے۔ آپ ذرا غور سے دیکھیے، کیا کمال کرتا ہے کہ بھننے میں چنوں کو سڈول بنا دیتا ہے۔ ایسے خوب صورت، خوش قطع، سڈول چنے تم نے پہلے بھی کبھی دیکھے تھے؟ دال بنانے میں اس کو یہ کمال حاصل ہے کہ کسی دانے پر خراش تک نہیں آتی۔ یوں تو ہماری زمین سینکڑوں قسم کے غلے اگاتی ہے لیکن جو چنوں کا ذائقہ اور مزہ ہے وہ کسی اور میں کہاں!

    Answer

    سبق کا عنوان (1): کلیم اور مرزا ظاہر دار بیگ مصنف کا نام (1): ڈپٹی نذیر احمد خط کشیدہ الفاظ کے معانی (3): چشم زدن: آنکھ جھپکتے ہی دھیلے: آدھے پیسے مٹھی: مٹھی بھر بھاڑ: چنے بھوننے کی بھٹی والله: خدا کی قسم بھلس رہے ہیں: گرم گرم ہیں سوندھی سوندھی: دھیمی خوش بو تعجب: حیرانی چھدامی: بھڑ بھونجے کا نام سڈول: خوب صورت خوش قطع: عمدہ تراشے ہوئے خراش: نشان، لکیر تشریح (5): کلیم مزید کچھ کہتا کہ مرزا احمد جلدی سے اٹھ گئے اور پلک جھپکتے ہی چنے بھنوا کر لے آئے۔ کہا تو دھیلے کا تھا مگر شاید اس کے پاس پیسے نہ تھے، لہٰذا دو تین مٹھی برابر تھے۔ مرزا فرمانے لگے کہ یار تم بہت خوش قسمت ہو کہ اس وقت بھی بھنے ہوئے چنے گرم گرم مل گئے۔ والله ذرا ہاتھ تو لگا کر دیکھو کتنے گرم اور خستہ ہیں۔ ان چنوں کی سوندھی سوندھی خوش بو بھی کتنی مزے دار ہے کہ منہ میں پانی آیا چاہتا ہے۔ بلکہ مجھے تو حیرت ہے کہ عطار لوگوں نے خس اور مٹی کا عرق تو نکالا مگر بھنے چنوں کی خوش بو کی طرف کیوں دھیان نہیں دیا۔ اگر اس کا عطر بنایا جائے تو کمال کی خوش بو ہو۔ اس وقت کافی رات بیت چکی ہے مگر حضور والا چھدامی کی دکان پر بھیڑ لگی ہوئی ہے۔ آپ ذرا غور سے دیکھیے، یہ کیا کمال کرتا ہے کہ بھننے میں چنوں کو سڈول بنا دیتا ہے۔ بھلا ایسے خوش نما اور صاف تراشے ہوئے چنے تم نے کبھی دیکھے تھے؟ اور ہاں! دال بنانے میں اس کو یہ کمال حاصل ہے کہ کسی دانے پر خراش تک نہیں آتی۔ یوں تو ہماری زمین سینکڑوں قسم کے غلے اگاتی ہے مگر جو چنوں کا ذائقہ اور مزہ ہے وہ کسی اور میں کہاں! مصنف کا نکتہ: مرزا چنوں کی تعریف کے پل باندھ کر اپنی غریبی اور بے مروتی چھپاتا ہے۔ زندگی سے مثال: جیسے کوئی مہمان کو معمولی کھانا کھلا کر اسی کی بڑھا چڑھا کر تعریف کرنے لگے۔

  5. Q5 · 10 marks

    درج ذیل پیراگراف کی تشریح کریں۔ تکیہ اور دری کا نام سن کر تو کلیم بہت چکرایا اور ابھی جواب دینے میں متامل تھا کہ اندر سے آواز آئی: “مرزا زبردست بیگ! دیکھنا یہ مردوا کہیں چل نہ دے، دوڑ کر تکیہ دری تو اس سے لے لو۔” کلیم یہ سن کر بھاگا۔ ابھی گلی کی نکڑ تک نہیں پہنچا تھا کہ زبردست نے “چور چور” کر کے جا لیا۔ ہر چند کلیم نے مرزا ظاہر دار بیگ کے ساتھ حقوق معرفت ثابت کیے مگر زبردست بیگ نے ایک نہ مانی اور پکڑ کر کوتوالی لے گیا۔ کوتوال نے سرسری طور پر دونوں کا بیان سنا اور کلیم سے اس کا حسب نسب پوچھا۔ کلیم اپنا پتا بتانے میں جھجکتا تھا مگر چار و ناچار اس کو بتانا پڑا۔ لیکن اس کی ظاہری حالت ایسی ابتر ہو رہی تھی کہ اس کا سچ بھی جھوٹ معلوم ہوتا تھا۔ کوتوال نے کہا: “میاں نصوح جن کو تم اپنا والد بتاتے ہو، میں ان کو خوب جانتا ہوں اور یہ بھی مجھے معلوم ہے کہ ان کے بڑے بیٹے کا بھی وہی نام ہے جو تم نے اپنا بیان کیا ہے۔ محلے کا پتا اور گھر کا نشان بھی جو تم نے کہا، سب ٹھیک ہے۔ مگر کلیم تو ایک مشہور و معروف آدمی ہے۔ آج شہر میں اس کی شاعری کی دھوم ہے۔ تمھاری یہ حیثیت کہ ننگے سر، ننگے پاؤں، بدن پر کیچڑ تھپی ہوئی۔ مجھ کو باور نہیں ہوتا۔ ان کو حوالات میں رکھو۔ صبح ہو تو میں ان کے والد کو بلوا کر پوچھوں گا، اگر ان کے بیان کی تصدیق ہو تو چھوڑ دینا۔”

    Answer

    سبق کا عنوان (1): کلیم اور مرزا ظاہر دار بیگ مصنف کا نام (1): ڈپٹی نذیر احمد خط کشیدہ الفاظ کے معانی (3): متامل: جھجک مردوا: بھلا مانس ہر چند: بہر طور، کتنا ہی حقوق معرفت: جان پہچان کا حق کوتوالی: پولیس اسٹیشن کوتوال: بڑا افسر حسب نسب: خاندانی سلسلہ چار و ناچار: جب کوئی اور حل نہ ہو باور: اعتماد، بھروسہ تشریح (5): مرزا کے گھر پہنچ کر جب کلیم نے مرزا کے بارے میں پوچھا تو اندر سے تکیہ اور دری کے بارے میں پوچھا گیا۔ کلیم ابھی جواب دینے میں جھجک ہی رہا تھا کہ آواز آئی: “مرزا زبردست بیگ! ذرا دیکھنا یہ مردوا کہیں بھاگ نہ جائے، اس سے تکیہ اور دری لے لو۔” یہ سنتے ہی کلیم بگٹٹ بھاگا لیکن گلی کی نکڑ تک بھی نہیں پہنچا تھا کہ زبردست نے “چور چور” کہہ کر اسے پکڑ لیا۔ کلیم نے ہر چند اپنی دوستی کا بتایا مگر اس نے ایک نہ سنی اور پکڑ کر پولیس اسٹیشن لے گیا۔ بڑے افسر نے دونوں کا بیان سنا اور کلیم سے اس کے خاندانی سلسلے کا پوچھا۔ کلیم نے شرمندہ شرمندہ ہو کر بتایا لیکن اس کی ظاہری بُری حالت دیکھ کر افسر نے کہا: “میاں جن کو تم والد بتا رہے ہو انھیں میں خوب جانتا ہوں اور ان کے بڑے بیٹے کا نام بھی کلیم ہی ہے مگر وہ تو ایک نامور شاعر ہے۔ شہر میں اس کی شاعری کی دھوم مچی ہے، مگر تمھارے ننگے سر، ننگے پاؤں دیکھ کر مجھے بھروسہ نہیں ہوتا۔” یہ کہہ کر اس نے سپاہی سے کہا: “ان کو حوالات میں رکھو، صبح میں ان کے والد کو بلوا کر پوچھوں گا، اگر ان کے بیان کی تصدیق ہو تو چھوڑ دینا۔” مصنف کا نکتہ: نافرمانی اور بُری صحبت انسان کو ایسی ذلت تک پہنچا دیتی ہے کہ اپنی پہچان بھی ثابت کرنا مشکل ہو جاتی ہے۔ زندگی سے مثال: جیسے گھر سے ناراض ہو کر نکلنے والا بچہ مصیبت میں پڑے تو اسے اپنے ہی گھر والوں کے پاس لوٹنا پڑتا ہے۔

Test yourself on this chapter

Timed chapter tests, marked the moment you finish.

See the chapter tests

Practise with a free account

Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.

Create free account