Class 9 Urdu · Chapter 1
حمد: questions and answers
Every short question, long question and MCQ on this chapter's free papers, each with its answer. Try one yourself first, then check.
Short questions with answers
Q1 · 2 marks
شاعر کے نزدیک ہر سحر کس رنگ میں پھوٹتی ہے؟
Answer
شاعر کے نزدیک ہر سحر ایک نئے ہی رنگ میں پھوٹتی ہے۔ ہر روشن صبح ایک نئے رنگ اور ڈھنگ سے طلوع ہوتی ہے۔ یہ اللہ تعالیٰ کی صناعی کی نشانی ہے۔
Q2 · 2 marks
یہ جہاں ہر دم کس کے آہنگ سے گونجتا ہے؟
Answer
یہ جہاں ہر دم اللہ کے آہنگ سے گونجتا ہے۔ شاعر کا مطلب ہے کہ اس دنیا میں ہر کام اللہ کے حکم اور ارادے سے طے پاتا ہے۔
Q3 · 2 marks
حیوانات و جمادات کس کی حمد و ثنا کرتے ہیں؟
Answer
اس دنیا میں موجود ہر شے حتیٰ کہ حیوانات و جمادات تک اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا کرتے ہیں۔
Q4 · 2 marks
اللہ تعالیٰ نے اپنی خلافت کا منصب کسے عطا کیا ہے؟
Answer
اللہ تعالیٰ نے اپنی خلافت کا منصب انسان کو عطا کیا ہے۔
Q5 · 2 marks
شاعر باری تعالیٰ سے شوق سجدہ کا طلب گار کیوں ہے؟
Answer
شاعر کہتا ہے کہ آدمیت کا منصب عطا کر کے مجھے خلیفہ تو بنا دیا اب مجھے شوق سجدہ بھی عطا کر تا کہ میں اپنے فرض میں سر خرو ہو سکوں۔
Q6 · 2 marks
“حمد” کے متن سے متعلق کالم (الف) میں دیے گئے الفاظ کو کالم (ب) کے متعلقہ الفاظ سے ملائیں۔ کالم (الف): سینۂ، زمیں، سبزہ و، چاند، منصب، شوق۔ کالم (ب): گل، سنگ، فلک، آدمیت، سجدہ، سورج۔
Answer
سینۂ — سنگ؛ زمیں — فلک؛ سبزہ و — گل؛ چاند — سورج؛ منصب — آدمیت؛ شوق — سجدہ۔
Q7 · 2 marks
اعراب لگا کر درست تلفظ واضح کریں۔ فلک، سحر، جستجو، خلافت، آدمیت، منصب، شوق سجدہ، سبزہ و گل
Answer
فَلَک، سَحَر، جُسْتُجُو، خِلافَت، آدَمِیَّت، مَنْصَب، شَوْقِ سَجْدَہ، سَبْزَہ و گُل۔
Q8 · 2 marks
کتاب میں شامل حمد کی روشنی میں حمد اور مناجات میں فرق واضح کریں۔
Answer
حمد ایسی نظم ہے جس میں اللہ تعالیٰ کی تعریف اور توصیف بیان کی جائے۔ مناجات دعاؤں کو کہتے ہیں یعنی ایسی نظم جس میں اللہ تعالیٰ کی تعریف کے ساتھ ساتھ اپنی دعائیں بھی مانگی جائیں۔
Q9 · 2 marks
سکول لائبریری سے مظفر وارثی کی کلیات حاصل کر کے یا انٹرنیٹ کی مدد سے مظفر وارثی کی کوئی اور حمد لیں اور اس کا مطالعہ کر کے مرکزی خیال لکھیں۔
Answer
حمد کو غور سے پڑھ کر دیکھیں کہ شاعر اللہ تعالیٰ کی کن صفات کا ذکر کرتا ہے اور بندے کی طرف سے کیا عرض کرتا ہے۔ پھر نظم کا لب لباب اپنے الفاظ میں تین چار سطروں میں لکھیں۔ یہی نظم کا مرکزی خیال ہے۔
Q10 · 2 marks
مظفر وارثی کا اصل نام کیا تھا؟
Answer
مظفر وارثی کا اصل نام محمد مظفر الدین صدیقی تھا۔ مظفر وارثی ان کا قلمی نام ہے۔
Q11 · 2 marks
مظفر وارثی کب اور کہاں پیدا ہوئے؟
Answer
مظفر وارثی ۱۹۳۳ء میں میرٹھ میں پیدا ہوئے۔
Q12 · 2 marks
مظفر وارثی کا ادبی ذوق کس طرح پروان چڑھا؟
Answer
مظفر وارثی کا تعلق علمی اور ادبی گھرانے سے تھا۔ خاندانی ماحول کی وجہ سے ان کا ادبی ذوق پروان چڑھا۔
Q13 · 2 marks
مظفر وارثی نے اپنی ادبی زندگی کا آغاز کس صنف سے کیا؟
Answer
مظفر وارثی نے اپنی ادبی زندگی کا آغاز غزل سے کیا۔
Q14 · 2 marks
مظفر وارثی کی شاعری میں ہمیں کون اہم موضوعات ملتے ہیں؟
Answer
مظفر وارثی کی شاعری کے اہم موضوعات میں رومانویت، سماج اور مذہب شامل ہیں۔
Q15 · 2 marks
مظفر وارثی نے کس صنف میں سب سے زیادہ لکھا؟
Answer
مظفر وارثی نے سب سے زیادہ توجہ حمد و نعت پر مرکوز رکھی۔
Q16 · 2 marks
مظفر وارثی کو حکومتی سطح پر کون سا اعزاز دیا گیا؟
Answer
مظفر وارثی کی ادبی خدمات پر حکومتی سطح پر انھیں ۱۹۸۸ء میں تمغائے حسن کارکردگی (پرائیڈ آف پرفارمنس) دیا گیا۔
Q17 · 2 marks
اللہ تعالیٰ کن لوگوں کو ملتا ہے؟
Answer
جو اللہ تعالیٰ کی جستجو کرتا ہے اسے اللہ تعالیٰ مل جاتا ہے۔
Q18 · 2 marks
شاعر نے حمد میں کیا التجا کی ہے؟
Answer
شاعر نے حمد میں التجا کی ہے کہ اس کا سر اللہ تعالیٰ کی دہلیز پر جھکا رہے۔
Q19 · 2 marks
اللہ تعالیٰ نے اپنی خلافت کسے عطا کی ہے؟
Answer
اللہ تعالیٰ نے بشر کو اپنی خلافت عطا کی ہے۔
Q20 · 2 marks
شامل نصاب “حمد” کس کتاب سے لی گئی ہے؟
Answer
شامل نصاب “حمد” مظفر وارثی کی کتاب “باب حرم” سے لی گئی ہے۔
Q21 · 2 marks
حمد کس نظم کو کہتے ہیں؟
Answer
ایسی نظم جس میں اللہ تعالیٰ کی تعریف بیان کی جائے اسے حمد کہتے ہیں۔
Q22 · 2 marks
پورا جہاں کس سے گونجتا ہے؟
Answer
پورا جہاں اللہ تعالیٰ کے آہنگ سے گونجتا ہے۔
Q23 · 2 marks
زمین و آسمان اور پوری کائنات میں کس کی جھلک دکھائی دیتی ہے؟
Answer
زمین و آسمان اور پوری کائنات میں اللہ تعالیٰ کی جھلک دکھائی دیتی ہے۔
Q24 · 2 marks
اللہ تعالیٰ نے انسان کو اپنا خلیفہ کیوں بنایا؟
Answer
اللہ تعالیٰ نے انسان کو اپنا خلیفہ اس لیے بنایا کہ انسان اشرف المخلوقات ہے اور اسے منصب آدمیت عطا کیا گیا ہے۔
Q25 · 2 marks
نعت اور منقبت کسے کہتے ہیں؟
Answer
شعری اصطلاح میں رسول اکرم ﷺ کی تعریف و توصیف کو نعت کہتے ہیں۔ منقبت ایسی نظم ہے جس میں صحابہ کرام، ائمہ معصومین، اولیا اور بزرگان دین کے اوصاف بیان کیے جائیں۔
Q26 · 2 marks
نظم کا مرکزی خیال کسے کہتے ہیں؟
Answer
کسی بھی نظم کے لب لباب کو اس کا مرکزی خیال کہتے ہیں۔ مرکزی خیال عموماً تین چار سطروں پر مشتمل ہوتا ہے۔
Q27 · 2 marks
مظفر وارثی کے شعری مجموعوں کے نام لکھیں۔
Answer
مظفر وارثی کے مجموعوں میں باب حرم، لہجہ، نور ازل، الحمد، کعبۂ عشق، لاشریک، دل سے در نبی تک اور میرے اچھے رسول شامل ہیں۔ ان کی تمام شاعری کلیات مظفر وارثی کی صورت میں بھی شائع ہو چکی ہے۔
Q28 · 2 marks
مظفر وارثی کو اردو شاعری میں کیا مقام حاصل ہے؟
Answer
مظفر وارثی کو اردو کی موضوعاتی شاعری میں ایک اہم مقام حاصل ہے۔ انھوں نے بالخصوص اردو حمد و نعت کو ایک نئی جہت دی۔
Q29 · 2 marks
شامل کتاب حمد ہر پڑھے لکھے شخص کی زبان پر کیوں جاری ہے؟
Answer
اس حمد میں شاعر نے باری تعالیٰ کی ذات کے ایک ایک پہلو اور کائنات کی تخلیق میں اللہ کی ذات و صفات کو ثابت کیا ہے۔ معروف گلوکاروں نے اسے اپنی دل آویز آواز میں پیش کیا۔ اس وجہ سے یہ حمد ہر پڑھے لکھے شخص کی زبان پر جاری ہے۔
Q30 · 2 marks
“جس نے کی جستجو، مل گیا اس کو تو” کا مفہوم واضح کریں۔
Answer
اس مصرعے کا مفہوم یہ ہے کہ جو انسان اللہ تعالیٰ کی تلاش میں نکلتا ہے اور اسے پانے کی خواہش رکھتا ہے اسے اللہ تعالیٰ مل جاتا ہے۔ بھولے بھٹکے اور گناہ گار ہر انسان کا راہ نما وہی ہے۔
Q31 · 2 marks
ستارے اور سیارے میں کیا فرق ہے؟
Answer
سورج ایک ستارہ ہے اور زمین ایک سیارہ ہے۔ اس نظام کا خالق اللہ تعالیٰ ہے۔
Long questions with answers
Q1 · 5 marks
حمد کا خلاصہ لکھیں۔
Answer
اے خدا! زمین و آسمان بلکہ ان سے آگے بھی جتنی دنیائیں ہیں سب میں تیری ہی جھلک ہے مگر تو سب سے جدا ہے۔ ہر صبح ایک نئے رنگ سے طلوع ہوتی ہے اور پتھر کے سینے سے سبزہ اور پھول پھوٹتے ہیں۔ جس نے تیری جستجو کی اس نے تجھے پا لیا۔ ہر ستارے میں ایک جہان آباد ہے اور چاند سورج تیری روشنی کے نشان ہیں۔ تو نے پتھروں کو بھی زبان دی ہے اور آدمی اور جانور سب تیری حمد و ثنا کر رہے ہیں۔ آخر میں شاعر عرض کرتا ہے کہ تو نے مجھے آدمیت کا منصب اور خلافت دی ہے اب شوق سجدہ بھی دے کہ میرا سر تیری دہلیز پر جھکا رہے۔
Q2 · 5 marks
شامل کتاب “حمد” کا مرکزی خیال لکھیں۔
Answer
شاعر مظفر وارثی اللہ تعالیٰ سے مخاطب ہو کر کہتے ہیں کہ اے خدا! چاہے زمین ہو یا آسمان تو ہر جگہ اور ہر لمحہ موجود ہے۔ چاند ستاروں سے بھی آگے بہت سے جہان ہیں جہاں تیرا ہی حکم چلتا ہے۔ جو شخص خلوص دل سے تجھے ڈھونڈتا ہے وہ تجھے پا لیتا ہے۔ اس کائنات کی ہر شے اپنی زبان حال سے تیری حمد و ثنا کر رہی ہے۔ میری التجا ہے کہ جس نے مجھے انسان بنا کر اپنی خلافت عطا کی ہے وہی مجھے شوق سجدہ بھی عطا کرے اور میرا سر اپنی چوکھٹ پر جھکا رکھے۔
Q3 · 2 marks
اشعار کی تشریح... یہ زمیں ، یہ فلک ، ان سے آگے تلک جتنی دنیائیں ہیں، سب میں تیری جھلک سب سے لیکن جدا، اے خدا!، اے خدا!
Answer
یہ بند مظفر وارثی کی حمد کا پہلا بند ہے۔ فلک کا مطلب آسمان ہے اور جھلک سے مراد تجلی، نور اور جلوہ ہے۔ شاعر کہتا ہے کہ اے خدا! یہ زمین اور آسمان بلکہ ان سے آگے بھی جتنے جہان ہیں ان سب میں تیرا نور الگ ہی انداز میں جھلک رہا ہے۔ تو صرف اس زمین اور آسمان کا ہی مالک نہیں بلکہ ان سب ان دیکھی دنیاؤں کا بھی خدا ہے۔ دوسری دنیاؤں کی ساخت ہمیں معلوم نہیں مگر ان میں بھی تیرا ہی حکم چلتا ہے۔ اے خدا! تو سب سے جدا ہے اور ہر چیز پر قادر ہے۔
Q4 · 2 marks
اشعار کی تشریح... ہر سحر پھوٹتی ہے نئے رنگ سے سبزہ و گل کھلیں سینۂ سنگ سے گونجتا ہے جہاں تیرے آہنگ سے جس نے کی جستجو، مل گیا اس کو تو سب کا تو رہ نما، اے خدا!، اے خدا!
Answer
یہ بند مظفر وارثی کی حمد کا دوسرا بند ہے۔ اس بند میں شاعر اللہ کی صناعی بیان کرتا ہے۔ سحر پھوٹنا کا مطلب صبح کا طلوع ہونا ہے، یعنی ہر صبح نئے رنگ اور نئے ڈھنگ سے طلوع ہوتی ہے۔ سینۂ سنگ پتھر کا سینہ ہے۔ پتھر کے سینے سے صرف سبزہ یا گھاس ہی نہیں بلکہ پھول بھی کھلتے ہیں۔ آہنگ کا مطلب آواز ہے، یعنی تیرے حکم سے پورا جہاں گونجتا ہے۔ شاعر یہاں دراصل موذن کی اذان کا ذکر کرتا ہے کہ دن میں پانچ مرتبہ اللہ کے حکم کی آواز گونجتی ہے۔ جستجو کا مطلب کوشش کرنا ہے۔ جو بھی تیری تلاش میں نکلتا ہے اور تجھے پانے کی خواہش رکھتا ہے اسے تو مل جاتا ہے۔ بھولے بھٹکے اور گناہ گار ہر انسان کا بس تو ہی راہ نما یعنی راہ دکھانے والا ہے اے خدا!
Q5 · 2 marks
اشعار کی تشریح... ہر ستارے میں آباد ہے اک جہاں چاند سورج تیری روشنی کے نشاں پتھروں کو بھی تو نے عطا کی زباں جانور، آدمی کر رہے ہیں سبھی تیری حمد و ثنا، اے خدا!، اے خدا!
Answer
یہ بند مظفر وارثی کی حمد کا تیسرا بند ہے۔ اس بند میں شاعر اللہ کی مختلف تخلیقات کے بارے میں بات کرتا ہے۔ آباد کا مطلب پر رونق جگہ ہے۔ ستارے ہمیں دور سے چھوٹے چھوٹے دکھائی دیتے ہیں مگر ان کے اندر بھی ایک منفرد جہاں آباد ہے۔ اس دنیا میں پھیلے چاند اور سورج بھی تیری روشنی کے نشان ہیں جن میں تیری تجلی دکھائی دیتی ہے۔ اجرام فلکی سے بھی میرے خدا تیری ہی تجلی کا پتہ ملتا ہے۔ عطا کا مطلب انعام اور بخشش ہے۔ پتھروں تک کو بھی تو نے زبان عطا کی ہے۔ حمد و ثنا کا مطلب اللہ کی تعریف ہے۔ کیا آدمی اور کیا جانور سب ہی تیری تعریف میں مگن اور مصروف ہیں اے خدا!
Q6 · 2 marks
اشعار کی تشریح... سونپ کر منصب آدمیت مجھے تو نے بخشی ہے اپنی خلافت مجھے شوق سجدہ بھی کر اب عنایت مجھے خم رہے میرا سر، تیری دہلیز پر ہے یہی التجا، اے خدا!، اے خدا!
Answer
یہ بند مظفر وارثی کی حمد کا چوتھا بند ہے۔ سونپ کر کا مطلب حوالے کرنا اور منصب آدمیت کا مطلب آدمی ہونے کا مرتبہ ہے۔ شاعر کہتا ہے کہ اے خدا! تو نے مجھے آدمی ہونے کا منصب عطا کر کے اپنا خلیفہ بنا کر بھیجا تا کہ میں تیرے حکم کی پیروی کر سکوں۔ خلافت کا مطلب جانشینی اور عنایت کا مطلب مہربانی ہے۔ تو نے مجھے اتنی رحمتوں سے نوازا ہے ایک اور عنایت بھی فرما۔ وہ عنایت شوق سجدہ ہے یعنی اللہ کو سجدہ کرنے کی تڑپ۔ دہلیز کا مطلب چوکھٹ اور خم رہنا کا مطلب جھکے رہنا ہے۔ میری یہی تمنا ہے کہ ہر وقت تیری دہلیز پر سجدہ ریز رہوں۔ التجا کا مطلب گزارش ہے۔ اے خدا! میں اپنی ہر تمنا پوری کرنے کے لیے تیری چوکھٹ پر ہی سر جھکاؤں اور تیرے ہر حکم کو احسن طریقے سے بجا لاؤں۔
Test yourself on this chapter
Timed chapter tests, marked the moment you finish.
Practise with a free account
Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.