Class 9 Urdu · Chapter 8
کتبہ: questions and answers
Every short question, long question and MCQ on this chapter's free papers, each with its answer. Try one yourself first, then check.
Short questions with answers
Q1 · 2 marks
شریف حسین اپنے دفتر میں کس حیثیت سے ملازم تھا؟
Answer
شریف حسین اپنے دفتر میں درجہ دوم کے کلرک کی حیثیت سے ملازم تھا۔
Q2 · 2 marks
کلرکوں کی ٹولیوں میں کس طرح کے لوگ شامل تھے؟
Answer
کلرکوں کی ٹولیوں میں ٹائپسٹ، ریکارڈ کیپر، ڈسپیچر، اکاؤنٹنٹ، ہیڈ کلرک، سپرنٹنڈنٹ غرض ادنیٰ اعلیٰ ہر درجہ اور حیثیت کے کلرک شامل تھے۔
Q3 · 2 marks
شریف حسین نے سنگ مرمر کے نفیس ٹکڑے کا کیا استعمال سوچا تھا؟
Answer
شریف حسین نے سنگ مرمر کے نفیس ٹکڑے کا ایک مصرف یہ سوچا کہ جب وہ ترقی کر کے ہیڈ کلرک بن جائے گا تو کوئی چھوٹا سا اپنا مکان لے گا اور اس کے دروازے کے باہر اس مرمر کے ٹکڑے پر اپنا نام کندہ کرائے گا۔
Q4 · 2 marks
شریف حسین کی موت کن حالات میں ہوئی؟
Answer
شریف حسین ریٹائرمنٹ کے تین سال بعد جاڑے کی ایک رات کسی کام سے بستر سے اُٹھا۔ گرم گرم لحاف سے نکلا تھا۔ پچھلے پہر کی سرد اور تند ہوا تیر کی طرح اس کے سینے میں لگی اور اسے نمونیا ہو گیا۔ بیٹوں نے بہت علاج کروائے مگر افاقہ نہ ہوا۔ کوئی چار دن بستر پر پڑے رہنے کے بعد وہ مر گیا۔
Q5 · 2 marks
شریف حسین کی موت کے بعد اس کا بڑا بیٹا سنگ مرمر کے ٹکڑے کو کس مصرف میں لایا؟
Answer
شریف حسین کی موت کے بعد ایک دن اس کے بڑے بیٹے کو باپ کے پرانے سامان میں سے ایک کتبہ ملا۔ کتبے پر باپ کا نام دیکھ کر اس کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔ اس کی خطاطی اور نقش و نگار بہترین تھے۔ اس نے کتبے کی عبارت میں تھوڑی سی ترمیم کروا کر اسی شام اسے باپ کی قبر پر نصب کر دیا۔
Q6 · 2 marks
غلام عباس کب اور کہاں پیدا ہوئے؟
Answer
غلام عباس ۱۹۰۹ء میں ہندوستان کے شہر امرتسر میں پیدا ہوئے۔
Q7 · 2 marks
غلام عباس کی شہرت کی وجہ کیا ہے؟
Answer
غلام عباس کی وجہ شہرت افسانہ نگاری ہے۔
Q8 · 2 marks
غلام عباس نے کون سے سکول سے میٹرک کیا تھا؟
Answer
غلام عباس نے دیال سنگھ ہائی سکول لاہور سے میٹرک کیا۔
Q9 · 2 marks
کیا غلام عباس کو بچپن سے لکھنے کا شوق تھا؟
Answer
جی ہاں! غلام عباس کو لکھنے لکھانے کا شوق بچپن سے تھا۔
Q10 · 2 marks
غلام عباس آل انڈیا ریڈیو سے کب منسلک ہوئے؟
Answer
غلام عباس آل انڈیا ریڈیو سے ۱۹۳۸ء میں منسلک ہوئے۔
Q11 · 2 marks
غلام عباس نے کن رسالوں کی ادارت کی؟
Answer
غلام عباس کو بچوں کے رسالے «پھول» اور خواتین کے رسالے «تہذیب نسواں» کی ادارت کا موقع ملا۔
Q12 · 2 marks
غلام عباس کی تحریر کی نمایاں خصوصیات بیان کریں۔
Answer
غلام عباس کی تحریر میں حقیقت نگاری، نفسیاتی تجزیہ اور طنز و مزاح کا امتزاج ملتا ہے۔
Q13 · 2 marks
«کتبہ» میں کن حالات کی عکاسی کی گئی ہے؟
Answer
کتبہ میں انسانی زندگی کی پیچیدگیوں اور جذبات کی عکاسی کی گئی ہے۔ انسان کس طرح اپنی خواہشات کو مار کر بچوں کی ضروریات پوری کرتا رہتا ہے حتیٰ کہ زندگی کی شام ہو جاتی ہے۔
Q14 · 2 marks
«کتبہ» میں کس موسم کا ذکر کیا گیا ہے؟
Answer
کتبہ میں گرمی کے موسم کا ذکر کیا گیا ہے۔
Q15 · 2 marks
شریف حسین پیشے کے لحاظ سے کیا تھا؟
Answer
شریف حسین پیشے کے لحاظ سے درجہ دوم کا کلرک تھا۔
Q16 · 2 marks
مہینے کے ابتدائی دنوں میں شریف حسین کو کیا لطف نصیب ہوتا تھا؟
Answer
مہینے کے ابتدائی چار پانچ دنوں تک شریف حسین کو آدھے راستے تک تانگے پر سواری کرنے کا لطف نصیب ہوتا تھا۔
Q17 · 2 marks
کلرک غیر زبان میں باتیں کیوں کر رہے تھے؟
Answer
کیوں کہ کلرکوں کو سارا دن اپنے افسروں سے اسی غیر زبان میں بات کرنا ہوتی تھی۔ اس لیے وہ اس کی مشق کی غرض سے آپس میں وہی زبان بول رہے تھے۔
Q18 · 2 marks
غلام عباس کے مطابق ہر شخص کس بات پر نالاں تھا؟
Answer
غلام عباس کے مطابق ہر شخص افسروں کے چڑچڑے پن یا ماتحتوں کی نالائقی پر نالاں تھا۔
Q19 · 2 marks
شریف حسین کو سنگ مرمر کا ٹکڑا کیوں پسند آیا؟
Answer
سنگ مرمر کا وہ ٹکڑا انتہائی نفاست سے تراشا گیا تھا۔ وہ شان دار نقش دار ٹکڑا تھا اس لیے شریف حسین کو پسند آ گیا۔
Q20 · 2 marks
شریف حسین جامع مسجد کی جانب کیوں چل پڑا؟
Answer
جامع مسجد کے اردگرد پرانی اور سستی چیزیں بیچنے والے دکانیں سجاتے تھے۔ وہاں خریداروں کا میلا سا لگا رہتا تھا۔ اس لیے شریف حسین بھی اسی طرف چل پڑا۔
Q21 · 2 marks
شریف حسین کے ذہن میں سنگ مرمر کے ٹکڑے کا کیا مصرف آیا؟
Answer
شریف حسین کے ذہن میں آیا کہ اگر وہ ترقی کر گیا تو اس کی تنخواہ بڑھ جائے گی اور وہ الگ گھر بنوا کر یہ کتبہ اس کے دروازے پر لگائے گا۔
Q22 · 2 marks
ملازمت کے ابتدائی دنوں میں شریف حسین کا رویہ کیسا تھا؟
Answer
ملازمت کے ابتدائی دنوں میں شریف حسین کا جوش و خروش اور ترقی کا ولولہ انتہا کو پہنچا ہوا تھا۔
Q23 · 2 marks
تنخواہ ملنے پر شریف حسین نے سب سے پہلا کام کیا کیا؟
Answer
تنخواہ ملنے پر شریف حسین نے اس سنگ مرمر کے ٹکڑے پر اپنا نام کندہ کروایا اور اس پر بیل بوٹے بنوائے۔
Q24 · 2 marks
شریف حسین کا مکان کیسا تھا؟
Answer
شریف حسین کا مکان انتہائی مختصر تھا۔ اس میں دو کوٹھڑیاں، ایک غسل خانہ اور ایک باورچی خانہ تھا۔
Q25 · 2 marks
شریف حسین کے مطابق ترقی کیسے ملتی ہے؟
Answer
شریف حسین کو دفتروں کے رنگ ڈھنگ سے یہ یقین ہو گیا تھا کہ ترقی لطیفۂ غیبی سے ملتی ہے۔
Q26 · 2 marks
ترقی ملنے پر شریف حسین کے دل کی کیفیت کیا تھی؟
Answer
ترقی ملنے پر شریف حسین اتنا خوش تھا کہ وہ تانگے کا انتظار کیے بغیر تیزی سے گھر چل دیا کہ جلدی سے اپنی بیوی کو یہ خوش خبری سنائے۔
Q27 · 2 marks
نوکری کے بیس سال گزرنے پر شریف حسین کو کن فکروں نے گھیر رکھا تھا؟
Answer
بیٹیوں کی شادی، لڑکوں کی تعلیم اور روز بروز بڑھتے ہوئے اخراجات کی فکر نے شریف حسین کو گھیر رکھا تھا۔
Q28 · 2 marks
پنشن لینے کے بعد شریف حسین کی مالی حالت میں کیا تبدیلی آئی؟
Answer
پنشن لینے کے بعد شریف حسین کی مالی حالت اتنی بہتر ہوئی کہ سفید پوشی کی زندگی گزرنے لگی۔ اس کے بیٹوں کی تنخواہ کے ساتھ ملا کر ڈیڑھ سو روپے ماہوار بن جاتے تھے۔
Q29 · 2 marks
شریف حسین کی بیوی کیسی تھی؟
Answer
شریف حسین کی بیوی بہت کفایت شعار اور سلیقہ مند عورت تھی۔ جس وجہ سے اس نے بچوں کی شادیوں کے لیے جمع جوڑ کر رکھا تھا۔
Q30 · 2 marks
شریف حسین بیمار ہوا تو گھر والوں کا کیا سلوک تھا؟
Answer
شریف حسین کے بیٹوں نے اس کے بہت علاج کرائے۔ اس کی بیوی اور بہو اس کی پٹی سے لگی بیٹھی رہیں۔
Long questions with answers
Q1 · 10 marks
درج ذیل پیراگراف کی تشریح کریں۔ چھٹی کے وقت دفتروں سے کلرکوں کی ٹولیاں نکلنا شروع ہوئیں۔ ان میں ٹائپسٹ، ریکارڈ کیپر، ڈسپیچر، اکاؤنٹنٹ، ہیڈ کلرک، سپرنٹنڈنٹ غرض ادنیٰ اعلیٰ ہر درجہ اور حیثیت کے کلرک شامل تھے۔ ان کی وضع قطع بھی ایک دوسرے سے جدا تھی۔ سائیکل سوار آدھی آستینوں کی قمیص، خاکی زین کے نیکر اور چپل پہنے، سر پر چھجے دار ٹوپ باندھے، رنگ دار چشمہ لگائے، بڑی بڑی توندوں والے بابو چھاتا کھولے، منہ میں بیڑی، بغلوں میں فائلوں کے گٹھے دبائے۔ ان فائلوں کو وہ قریب قریب ہر روز اس امید میں ساتھ لے جاتے کہ جو گتھیاں وہ دفتر کے غل غپاڑے میں نہیں سلجھا سکے ممکن ہے گھر کی یکسوئی میں ان کا کوئی حل سوجھ جائے مگر گھر پہنچتے ہی وہ گرہستی کے کاموں میں ایسے الجھ جاتے کہ انہیں دیکھنے تک کا موقع نہ ملتا اور اگلے روز انہیں یہ مفت کا بوجھ جوں کا توں واپس لے آنا پڑتا۔
Answer
سبق کا عنوان: کتبہ مصنف کا نام: غلام عباس خط کشیدہ الفاظ کے معانی: ٹولیاں: گروہ۔ وضع قطع: ظاہری لباس۔ خاکی زین: پتلون کا موٹا کپڑا۔ بیڑی: پتلا سگریٹ۔ گتھیاں: مسئلے۔ غل غپاڑے: شور شرابا۔ تشریح: اس پیراگراف میں مصنف نے چھٹی کے وقت دفتروں سے نکلنے والے کلرکوں کا نقشہ کھینچا ہے۔ ان میں ٹائپسٹ سے لے کر سپرنٹنڈنٹ تک ہر عہدے کے لوگ تھے اور ان کے لباس اور انداز ایک دوسرے سے مختلف تھے۔ کوئی سائیکل پر تھا کوئی پیدل چھاتا کھولے منہ میں بیڑی دبائے چل رہا تھا۔ سب کی بغلوں میں فائلوں کے گٹھے تھے جو وہ اس امید پر گھر لے جاتے کہ دفتر میں جو کام شور شرابے کی وجہ سے نہ ہو سکا وہ گھر کے سکون میں نمٹا لیں گے۔ مگر گھر پہنچتے ہی بیوی بچوں اور گھریلو کاموں میں الجھ جاتے اور فائلیں کھول بھی نہ پاتے۔ اگلے دن وہی فائلیں بغیر دیکھے واپس لے آتے۔ مصنف یہ بتانا چاہتا ہے کہ کلرک دفتر اور گھر کی ذمہ داریوں کے درمیان پس رہے ہوتے ہیں۔ جیسے ہمارے ہاں بہت سے لوگ دفتر کا کام گھر لے جاتے ہیں مگر وقت نہ ملنے پر وہ کام ادھورا ہی رہتا ہے۔
Q2 · 10 marks
درج ذیل پیراگراف کی تشریح کریں۔ شروع شروع میں جب وہ ملازم ہوا تھا تو اس کا کام کرنے کا جوش اور ترقی کا ولولہ انتہا کو پہنچا ہوا تھا۔ مگر دو سال کی سعی لاحاصل کے بعد رفتہ رفتہ اس کا یہ جوش ٹھنڈا پڑ گیا اور مزاج میں سکون آ چلا۔ مگر سنگ مرمر کے ٹکڑے نے پھر اس کے خیالوں میں ہلچل ڈال دی۔ مستقبل کے متعلق طرح طرح کے خوش آیند خیالات ہر روز اس کے دماغ میں چکر لگانے لگے۔ اٹھتے بیٹھتے، سوتے جاگتے، دفتر جاتے آتے، کوٹھیوں کے باہر لوگوں کے نام دیکھ کر۔ یہاں تک کہ جب مہینہ ختم ہوا اور اسے تنخواہ ملی تو اس نے سب سے پہلا کام یہ کیا کہ سنگ مرمر کے ٹکڑے کو شہر کے ایک مشہور سنگ تراش کے پاس لے گیا جس نے بہت چابک دستی سے اس پر اس کا نام کندہ کر کے کونوں میں چھوٹی چھوٹی خوش نما بیلیں بنا دیں۔ سنگ مرمر کے ٹکڑے پر اپنا نام کھدا ہوا دیکھ کر اسے ایک عجیب سی خوشی ہوئی۔ زندگی میں شاید یہ پہلا موقع تھا کہ اس نے اپنا نام اس قدر جلی حروف میں لکھا ہوا دیکھا تھا۔
Answer
سبق کا عنوان: کتبہ مصنف کا نام: غلام عباس خط کشیدہ الفاظ کے معانی: ولولہ: جوش اور امنگ۔ سعی لاحاصل: فضول کوشش۔ جلی حروف: موٹے اور نمایاں حروف۔ تشریح: جب شریف حسین نیا نیا نوکری پر لگا تو اس کے کام کرنے کے جوش اور ترقی کے خواب نے اس کے خون میں دوڑ رکھی تھی۔ مگر جب محنت اور دیانت داری کے باوجود اسے کوئی صلہ نہ ملا تو آہستہ آہستہ اس کا جذبہ ٹھنڈا پڑ گیا اور مزاج میں ٹھہراؤ آ گیا۔ سنگ مرمر کا ٹکڑا ملا تو اس کے دل میں پھر مستقبل کے خواب جاگ اٹھے۔ وہ اٹھتے بیٹھتے سوتے جاگتے اپنے مکان کے خواب دیکھتا اور کوٹھیوں کے باہر نام دیکھ کر اسے اپنا نام کھدوانے کا خیال آتا۔ تنخواہ ملتے ہی اس نے سنگ تراش سے نام کندہ کروا لیا۔ مصنف یہ بتاتا ہے کہ انسان مایوسی کے بعد بھی خواب دیکھنا نہیں چھوڑتا۔ زندگی میں ہم بھی چھوٹی سی کامیابی پر بہت خوش ہو جاتے ہیں جیسے شریف حسین اپنا نام پتھر پر دیکھ کر خوش ہوا۔
Q3 · 2 marks
«آنکس» کے معانی لکھیں اور اسے اپنے جملے میں استعمال کریں۔
Answer
معانی: کاہلی، سستی۔ جملہ: ثریا جبیں آنکس کی ماری ہلتی تک نہ تھی۔
Q4 · 2 marks
«ترمیم» کے معانی لکھیں اور اسے اپنے جملے میں استعمال کریں۔
Answer
معانی: تبدیلی یا اصلاح۔ جملہ: میرے استاد جی نے میری غزل میں بہترین ترمیم کی۔
Q5 · 2 marks
«خس و خاشاک» کے معانی لکھیں اور اسے اپنے جملے میں استعمال کریں۔
Answer
معانی: گھاس پھونس، تنکے۔ جملہ: خوف ناک طوفان میں کئی مکان خس و خاشاک کی طرح بہہ گئے۔
Q6 · 2 marks
«کنگلا» کے معانی لکھیں اور اسے اپنے جملے میں استعمال کریں۔
Answer
معانی: مفلس، خالی ہاتھ۔ جملہ: بظاہر امیر نظر آنے والا تو بالکل کنگلا نکلا۔
Q7 · 2 marks
«کواڑ» کے معانی لکھیں اور اسے اپنے جملے میں استعمال کریں۔
Answer
معانی: دروازہ۔ جملہ: میرے کپڑوں کی الماری کے کواڑ ٹوٹ گئے۔
Q8 · 2 marks
«نقش و نگار» کے معانی لکھیں اور اسے اپنے جملے میں استعمال کریں۔
Answer
معانی: بیل بوٹے، سجاوٹ۔ جملہ: منی ایچر مصوری میں شان دار نقش و نگار بنے ہوتے ہیں۔
Q9 · 2 marks
سبق «کتبہ» کے حوالے سے درج ذیل جملے کی وضاحت کریں: «وہ لہجہ بگاڑ بگاڑ کر غیر زبان میں باتیں کرتے ہوئے نکل رہے تھے۔»
Answer
کلرک غیر زبان میں لہجہ بگاڑ بگاڑ کر اس لیے باتیں کرتے تھے کہ افسروں سے بھی ایسے ہی بولتے تھے۔
Q10 · 2 marks
سبق «کتبہ» کے حوالے سے درج ذیل جملے کی وضاحت کریں: «دنیا بھر کی چیزیں اور ہر وضع اور ہر قماش کے لوگ ملتے ہیں۔»
Answer
جامع مسجد کے پاس ایک بازار میں کباڑیوں کی دکانوں پر دنیا بھر کی چیزیں اور ہر قماش کے لوگ ملتے ہیں۔
Q11 · 2 marks
سبق «کتبہ» کے حوالے سے درج ذیل جملے کی وضاحت کریں: «اس نے محض اپنے شوقِ تحقیق کو پورا کرنے کے لیے قیمت پوچھی۔»
Answer
وہ سنگ مرمر خریدنا نہیں چاہتا تھا مگر تجسس کے مارے قیمت پوچھ لی۔
Q12 · 2 marks
سبق «کتبہ» کے حوالے سے درج ذیل جملے کی وضاحت کریں: «وہ بڑا غفور الرحیم ہے کیا عجب اس کے دن پھر جائیں۔»
Answer
اللہ بہت رحیم اور کریم ہے کیا پتا حالات پھر جائیں اور اچھے دن آ جائیں۔
Q13 · 3 marks
درج ذیل لفظوں پر اعراب لگائیں تاکہ ان کا درست تلفظ واضح ہو سکے: طمانیت، گھتیاں، حجاب، مسلط، مشقت، مژدہ۔
Answer
طُمَانِیَت، گُتھِّیاں، حِجَاب، مُسَلَّط، مَشَقَّت، مُژْدَہ
Q14 · 5 marks
درج ذیل نثر پارے کی تشریح کیجیے۔ تشریح سے پہلے مصنف کا نام اور سبق کا عنوان بھی دیجیے۔ ان میں زیادہ تر کلرکوں کی مادری زبان ایک ہی تھی مگر وہ لہجہ بگاڑ بگاڑ کر غیر زبان میں بات کر رہے تھے۔ اس کی وجہ وہ طمانیت نہ تھی جو کسی غیر زبان پر قدرت حاصل ہونے پر ہوتی ہے بلکہ یہ کہ انہیں دفتر میں دن بھر اپنے افسروں سے اسی غیر زبان میں بولنا پڑتا تھا اور اس وقت وہ باہم بات چیت کر کے اس کی مشق بہم پہنچا رہے تھے۔
Answer
سبق کا نام: کتبہ مصنف کا نام: غلام عباس تشریح: ان کلرکوں کی مادری زبان تو ایک ہی تھی مگر وہ لہجہ بگاڑ بگاڑ کر کسی اور غیر زبان میں آپس میں باتیں کر رہے تھے۔ یہ زبان بولنے میں انہیں کوئی سکون نہیں ملتا تھا کیوں کہ انہیں اس غیر زبان میں کوئی کمال حاصل نہیں تھا کیوں کہ ان کی مادری زبان کوئی اور ہی تھی۔ نہ ہی وہ زبان انہیں اسے بولنے پر مجبور کر رہی تھی بلکہ انہیں دن بھر اپنے افسروں سے اسی غیر زبان میں بات چیت کرنا پڑتی تھی۔ لیکن اس وقت آپس میں اسی غیر زبان میں بات چیت کر کے اپنی مشق کر رہے تھے۔
Q15 · 5 marks
درج ذیل پیراگراف توجہ سے پڑھیں اور آخر میں دیے گئے سوالوں کے جواب تحریر کریں۔ اہم علاقائی اور قومی تہوار کسی بھی ملک کی ثقافت اور روایات کا اہم حصہ ہوتے ہیں۔ یہ تہوار لوگوں کو آپس میں جوڑنے، محبت، بھائی چارے اور یک جہتی کے جذبات کو فروغ دینے کا ذریعہ بنتے ہیں۔ پاکستان میں عیدالفطر، عیدالاضحیٰ، یوم آزادی، یوم دفاع اور یوم تکبیر جیسے تہوار قومی سطح پر بھرپور جوش و خروش سے منائے جاتے ہیں۔ علاوہ ازیں علاقائی تہوار مختلف صوبوں میں اپنی روایتی رنگینیوں کے ساتھ منعقد ہوتے ہیں۔ ان تہواروں کے ذریعے نہ صرف مذہبی اور ثقافتی اقدار کو اجاگر کیا جاتا ہے بلکہ یہ سماجی میل جول اور محبت کے پیغام کو بھی فروغ دیتے ہیں جس سے معاشرے میں مثبت تبدیلیاں آتی ہیں۔ (الف) کسی بھی ملک یا علاقے کی ثقافت اور روایات کا حصہ کسے قرار دیا گیا ہے؟ (ب) مذہبی تہوار کون کون سے ہیں؟ (ج) قومی اور علاقائی تہواروں کے دو فائدے لکھیں۔ (د) پاکستان کے قومی تہواروں کے نام لکھیں۔ (و) مندرجہ بالا عبارت کا موزوں عنوان تجویز کریں۔
Answer
(الف)کسی بھی ملک یا علاقے کی ثقافت اور روایات کا حصہ اہم علاقائی اور قومی تہواروں کو قرار دیا گیا ہے۔
(ب)مذہبی تہواروں میں عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ شامل ہیں۔
(ج)1۔ یہ کسی بھی ملک کی ثقافت اور روایات کا اہم حصہ ہوتے ہیں۔ 2۔ یہ لوگوں کو آپس میں جوڑتے ہیں اور محبت، بھائی چارے اور یک جہتی کو فروغ دیتے ہیں۔
(د)پاکستان کے قومی تہواروں میں یوم آزادی، یوم دفاع اور یوم تکبیر شامل ہیں۔
(و) عنوان: پاکستان کے قومی، علاقائی اور مذہبی تہوار
Q16 · 5 marks
درج ذیل الفاظ کے معانی لکھیں:تکوے جھلس جانا، بڑے پھاٹک، خلافِ معمول، بے فکری، کلرکوں کی ٹولیاں، اکاؤنٹنٹ، وضع قطع، سولا ہیٹ، بیڑی، غل غپاڑے، نئے رنگروٹ، نکٹائی، طمانیت، عمر رسیدہ۔
Answer
تکوے جھلس جانا: گرمی سے جوتے گرم ہونا۔ بڑے پھاٹک: بڑا دروازہ۔ خلافِ معمول: روٹین کے خلاف۔ بے فکری: لاپروائی۔ کلرکوں کی ٹولیاں: کلرک گروہ۔ اکاؤنٹنٹ: حساب لکھنے والا۔ وضع قطع: ظاہری لباس۔ سولا ہیٹ: چھجے دار ٹوپے۔ بیڑی: پتلا سگریٹ۔ غل غپاڑے: شور شرابا۔ نئے رنگروٹ: نئے بھرتی ہونے والے۔ نکٹائی: گلے کا پتلا سا کپڑا۔ طمانیت: اطمینان۔ عمر رسیدہ: بڑی عمر کے لوگ۔
Q17 · 5 marks
درج ذیل الفاظ کے معانی لکھیں:گدی، بے مصرف، نالاں، کوچوان، مول تول، تعویذ گنڈے، کباڑی، ظروف، گراموفون، چھڑکاؤ گاڑی، لپک کر، کفایت شعاری، ڈسپیچر، ٹائپسٹ۔
Answer
گدی: گردن کا پچھلا حصہ۔ بے مصرف: بے کار۔ نالاں: ناراض۔ کوچوان: تانگہ چلانے والا۔ مول تول: بھاؤ تاؤ۔ تعویذ گنڈے: جادو ٹونے۔ کباڑی: پرانا سامان بیچنے والا۔ ظروف: چینی کے برتن۔ گراموفون: گانے بجانے کا آلہ۔ چھڑکاؤ گاڑی: پانی دینے والی گاڑی۔ لپک کر: تیزی سے۔ کفایت شعاری: کم خرچی۔ ڈسپیچر: ڈاک بھیجنے والا۔ ٹائپسٹ: ٹائپ کرنے والا۔
Q18 · 5 marks
درج ذیل الفاظ کے معانی لکھیں:ہیڈ کلرک، سائیکل سوار، بخارات، مادری زبان، رنگ ڈھنگ، رکھوالی کرنا، ریکارڈ کیپر، سپرنٹنڈنٹ، خاکی زین، چھاتا کھولے، گتھیاں، خم، خراماں خراماں، مسیں پوری نہیں بھیگی۔
Answer
ہیڈ کلرک: بڑا کلرک۔ سائیکل سوار: سائیکل چلانے والا۔ بخارات: بھاپ۔ مادری زبان: ماں بولی۔ رنگ ڈھنگ: طور طریقہ۔ رکھوالی کرنا: چوکیداری کرنا۔ ریکارڈ کیپر: ریکارڈ رکھنے والا۔ سپرنٹنڈنٹ: بڑا افسر۔ خاکی زین: پتلون کا موٹا کپڑا۔ چھاتا کھولے: چھتری کھولے ہوئے۔ گتھیاں: مسئلے۔ خم: جھک جانا۔ خراماں خراماں: دھیرے دھیرے۔ مسیں پوری نہیں بھیگی: آغاز جوانی۔
Q19 · 5 marks
درج ذیل الفاظ کے معانی لکھیں:گھاگ، متواتر، ماتحت، ہیجان، ہر قماش کے لوگ، چوکٹھے، فونٹین پین، انکشاف، جہاں دیدہ، چڑچڑا پن، جراحی کے آلات، مسخ ہونا، قیمت، حرص۔
Answer
گھاگ: بوڑھے چالاک۔ متواتر: مسلسل۔ ماتحت: ملازم۔ ہیجان: چہل پہل۔ ہر قماش کے لوگ: ہر طرح کے لوگ۔ چوکٹھے: فریم۔ فونٹین پین: سیاہی والا قلم۔ انکشاف: ظاہر ہونا۔ جہاں دیدہ: زمانے کی پہچان والا۔ چڑچڑا پن: بدمزاجی۔ جراحی کے آلات: سرجری کے آلات۔ مسخ ہونا: خراب ہو جانا۔ قیمت: دام۔ حرص: لالچ۔
Q20 · 5 marks
درج ذیل الفاظ کے معانی لکھیں:دل بجھنا، افاقہ، سعی لاحاصل، آنکس، سرد اور تند، نقش و نگار، شوق تحقیق، پنشن، منسوخ کرنا، کاٹھ، فارغ البالی، بھانپ جانا، بے کواڑ، مژدہ، اخراجات، نگاہِ لطف و کرم، قفل، مشقت۔
Answer
دل بجھنا: دل اداس ہونا۔ افاقہ: حالات بہتر ہونا۔ سعی لاحاصل: فضول کوشش۔ آنکس: کاہلی، سستی۔ سرد اور تند: ٹھنڈی اور تیز۔ نقش و نگار: پھولوں کی سجاوٹ۔ شوق تحقیق: تلاش کا شوق۔ پنشن: ریٹائرمنٹ کے بعد ملنے والا وظیفہ۔ منسوخ کرنا: ختم کرنا۔ کاٹھ: لکڑی۔ فارغ البالی: آزادی، بے فکری۔ بھانپ جانا: فوراً جان لینا۔ بے کواڑ: دروازے کے بغیر۔ مژدہ: خوش خبری۔ اخراجات: خرچے۔ نگاہِ لطف و کرم: مہربانی۔ قفل: تالا۔ مشقت: سخت محنت۔
Q21 · 5 marks
داستان کسے کہتے ہیں؟ اردو میں داستان گوئی کی روایت بیان کریں۔
Answer
داستان کا مطلب قصہ یا حکایت ہے۔ یہ کہانی کی قدیم ترین قسم ہے۔ کسی زمانے میں قصہ خوانی یا داستان گوئی باضابطہ ایک فن ہوا کرتا تھا جو عربی اور فارسی سے اردو میں منتقل ہوا۔ داستان سنانے کے لیے باقاعدہ جگہیں اور وقت مقرر ہوا کرتے تھے جہاں لوگ کشاں کشاں آتے اور بڑے انہماک سے داستان سنتے تھے۔ کچھ قدیم شہروں خصوصاً حیدر آباد (دکن)، دہلی، لکھنؤ اور لاہور وغیرہ میں ایسی جگہوں کی نشان دہی آج بھی با آسانی کی جا سکتی ہے اور پشاور کا قصہ خوانی بازار اسی زمانے کی یادگار ہے۔ اردو میں داستان نویسی اور داستان گوئی کا سکہ تقریباً ایک صدی تک قائم رہا مگر انگریزی زبان و ادب کے فروغ نے ہمیں داستان سے بیگانہ کر دیا اور ایک نئی صنف نثر کو متعارف کروایا جسے ناول کہتے ہیں۔
Q22 · 5 marks
ناول کسے کہتے ہیں؟ اردو کا پہلا ناول نگار کون تسلیم کیا جاتا ہے؟
Answer
ناول (Novel) انگریزی زبان کا لفظ ہے۔ ناول کے معنی «نیا»، «انوکھا» یا «اچھوتا» کے ہیں۔ ادب کی اصطلاح میں ناول سے مراد وہ قصہ ہے جس میں واقعات خلاف قیاس نہ ہوں۔ داستان کے برعکس ناول کی بنیاد حقیقت اور فطرت پر اٹھائی جاتی ہے نہ کہ فرضی، خیالی اور مافوق الفطرت باتوں پر۔ ناول کا موضوع انسان اور آج کا انسان ہے جن حالات و واقعات سے دوچار ہے۔ تقریباً سبھی نقادانِ ادب ڈپٹی نذیر احمد کو اردو کا پہلا ناول نگار تسلیم کرتے ہیں۔
Q23 · 5 marks
افسانہ کسے کہتے ہیں؟ اردو میں افسانے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟
Answer
افسانہ جسے انگریزی زبان میں (Short Story) کہا جاتا ہے ایسی مختصر تحریر کا نام ہے جس میں کسی واقعے، کردار یا لمحے کی جھلک دکھائی جاتی ہے۔ اردو زبان میں افسانہ انگریزی ادب کے اثر سے آیا۔ پہلے طویل قصے کہانیاں لکھنے کا رواج تھا مگر جوں جوں انسان عدیم الفرصت ہوتا گیا تو ایسی صنف ادب کی ضرورت محسوس ہوئی جو کم وقت میں پڑھنے والے کو مسرت و تسکین کے لمحات میسر کر سکے۔ چناں چہ افسانہ لکھا جانے لگا۔ شاملِ کتاب میں غلام عباس کی تحریر «کتبہ» بھی ایک افسانہ ہے۔
Q24 · 5 marks
ڈراما کسے کہتے ہیں؟ ڈرامے کی کتنی قسمیں ہیں؟
Answer
ڈراما (Drama) انگریزی زبان کا لفظ ہے جس کے لغوی معنی عمل کر کے دکھانا ہیں۔ ڈراما ادب کی وہ نثری صنف ہے جس میں ایک عمل کہانی ہوتی ہے اور اسے کرداروں کی حرکات و سکنات اور کلاموں کے ذریعے سٹیج پر پیش کیا جاتا ہے۔ عام طور پر ڈرامے دو طرح کے ہوتے ہیں: الیہ اور طربیہ۔ الیہ ڈراموں میں غم ناک صورت حال جب کہ طربیہ ڈراموں میں خوش گوار ماحول دکھایا جاتا ہے۔ اردو ڈرامے کی تاریخ میں آغا حشر کاشمیری کا نام سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
Test yourself on this chapter
Timed chapter tests, marked the moment you finish.
Practise with a free account
Save your scores, see which chapters need work, and keep a notebook of every question you got wrong.